Author: بابر ملک

  • پولیس نے سابق ایم این اے جمشید دستی کو گرفتار کرلیا

    پولیس نے سابق ایم این اے جمشید دستی کو گرفتار کرلیا

    راولپنڈی پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو گرفتار کرلیا ہے ان پر مظفر گڑھ میں خیانت مجرمانہ کا مقدمہ درج ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتاری کے قبل جمشید دستی نے ہوٹل میں چیک ان کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جمشید دستی کی گرفتاری مظر گڑھ میں درج خیانت مقدمہ میں عمل میں لائی گئی ہے جس میں انکے خلاف 38 لاکھ روپے خورد برد کا الزام ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق ایم این کے خلاف مقدمہ ٹرک ڈرائیورز ایسوسی ایشن کی جانب سے درج کرایا گیا تھا، جمشید دستی کو ابتدائی طور پر نیو ٹاؤن پولیس کے حوالے کیا گیا ہے، بعد ازاں انہیں مظفر گڑھ پولیس کے حوالے کیا جائےگا۔

  • شیخ رشید کو دھمکی آمیز فون کال موصول ہونے کا انکشاف

    شیخ رشید کو دھمکی آمیز فون کال موصول ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی ، جس کے بعد انھوں نے متعلقہ حکام کوآگاہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی۔

    شیخ رشید نے کہا اس حوالے سے متعلقہ حکام کوآگاہ کردیا ، تھانے میں بھی درخواست دے رہا ہوں۔

    سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے فون پرملنے والی دھمکیوں کیخلاف تھانہ کوہسار میں درخواست دے دی۔

    شیخ رشید نے درخواست میں دھمکی آمیز کال کا نمبر بھی دے دیا اور کہا لال حویلی کے لینڈ لائن نمبر پر دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔

    یاد رہے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، فرانس سےبغل گیر اوراسرائیل میں وفد بھیجنا سوالیہ نشان ہے۔

    آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے انھوں نے کہا تھا کہ غریب کو آٹا نہیں مل رہا یہ امریکا کے 7 اسٹار ہوٹلوں میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں۔

  • عمران خان  اور فواد چوہدری کو بڑا ریلیف مل گیا

    عمران خان اور فواد چوہدری کو بڑا ریلیف مل گیا

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس معطل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس جواد حسن نے عمران خان اور فواد چوہدری کی الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

    دونوں رہنماوں کی طرف سے بابراعوان اورفیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

    عدالت نے توہین الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس معطل کردیئے، عدالت نے کہا کہ عمران خان اورفواد چوہدری سے متعلق شوکاز نوٹس کے معاملے پر لارجر بینچ سماعت کرے گا۔

    دونوں رہنماؤں کی درخواستوں پر  29 ستمبر کو سماعت ہوگی۔

    یاد رہے عمران خان اور فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کئے تھے۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ توہین عدالت کا اختیار الیکشن کمیشن کو نہیں ہے، شوکاز نوٹس معطل کیے جائیں۔

    بعد ازاں وکیل فیصل چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے الیکشن کمیشن کے شوکاز معطل کردیئے۔

    عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سے پیش ہوا ، درخواست میں موقف اختیار کیا توہین عدالت کا اختیار الیکشن کمیشن کو نہیں۔

  • کیا وہ واقعی خون پی رہی تھیں؟ ڈاکٹر فیک نیوز کا ہدف بن گئیں

    کیا وہ واقعی خون پی رہی تھیں؟ ڈاکٹر فیک نیوز کا ہدف بن گئیں

    گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر خاتون ڈاکٹر کے مریضوں کا خون پینے کی جعلی خبر نے مذکورہ ڈاکٹر کو شدید ذہنی دباؤ کی حالت سے دوچار کردیا ہے۔

    گزشتہ دنوں سوشل میڈیا اور ایک اخبار میں راولپنڈی کے ایک نجی اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کے مریضوں کا خون پینے کی جھوٹی خبر وائرل ہونے پر نہ صرف مذکورہ ڈاکٹر بلکہ پورا گھرانہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے جب کہ ڈاکٹر یسریٰ ثاقب اس کے بعد سے صدمے کی حالت میں ہیں، اے آر وائی نیوز عوام کو حقیقت سے آگاہ کرنے کے لیے سامنے آیا اور تمام صورتحال سے متعلق مذکورہ ڈاکٹر کے والد سے بھی بات چیت کی۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ خبر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعلقہ اسپتال کا بھی دو ٹوک موقف سامنے آیا جنہوں نے تمام معاملے کی تحقیق کرکے واضح طور پر اس کو جھوٹی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یسریٰ ثاقب اسپتال میں ہاؤس جاب کرتی ہیں اور ان کا تمام معاملے سے کوئی تعلق نہیں، اس حوالے سے نہ کوئی شکایت ہے نہ ثبوت صرف ہوا میں تیر چلا کر جھوٹی افواہ پر مبنی خبر ملک بھر میں پھیلا کر خوف وہراس پھیلایا گیا۔

    یہ جھوٹی خبر کے پھیلنے کے بعد نہ صرف اسپتال انتظامیہ بلکہ ڈاکٹرز کمیونٹی، شہری بھی اس پر سخت اسٹینڈ لے چکے ہیں اور وہ حکومت سے اس خبر کے پیچھے چھپی کالی بھیڑوں کو سامنے لانے اور کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سے ڈاکٹر یسریٰ شدید ذہنی دباؤ اور ٹراما کی حالت میں ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز بابر ملک کے مطابق مذکورہ جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر چلانے والے ایک سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے معافی بھی مانگ لی ہے تاہم اس کے خلاف حکومت اور متعلقہ اداروں سے کارروائی کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

    سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے معافی مانگی اس سے تسلی تشفی نہیں ہوگی، حکومت اور متعلقہ اداروں کو کارروائی کرنی چاہیے۔

    ڈاکٹر یسریٰ کے والد ثاقب حفیظ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ہماری پہلی ترجیح اپنی اکلوتی بیٹی کی زندگی اور صحت ہے، وہ شدید ذہنی دباؤ میں ہے اس صورتحال سے باہر نارمل زندگی کی طرف آئے تو پھر کچھ سوچیں گے لیکن ابھی تو صرف اپنی بیٹی کی زندگی کے لیے فکر مند ہیں اس وقت اس کی حالت ایسی ہے کہ ہم کہیں گے کہ اللہ تعالیٰ کسی دشمن کو بھی اس صورتحال سے دوچار نہ کرے۔

    خاتون ڈٓاکٹر کے والد نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کا ہمارے ساتھ رویہ بہت اچھا ہے، اس صورتحال میں وہ مارے ساتھ کھڑی ہے اور حقیقت عوام کے سامنے الائی ہے۔

     

    ثاقب حفیظ جو خود بھی اس صورتحال کے باعث شدید تکلیف محسوس کر رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری بیٹی کی حالت یہ ہے کہ اس کو ہماری ساری ساری رات گود میں لیے بیٹھے رہتے ہیں، اب اے آر وائی سمیت دیگر دوست اور معاشرہ ہمارے ساتھ کھڑا ہو رہا ہے تو بتدریج اس کی حالت میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے۔

    انہوں نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ وہ بغیر تحقیق کے سوشل میڈیا پر چلنے والی کسی بھی خبر پر نہ یقین کریں اور نہ ہی اسے بغیر تصدیق کے آگے پھیلائیں۔

  • اشرف راہی کے قتل میں رشتے دار کے ملوث ہونے کا انکشاف

    اشرف راہی کے قتل میں رشتے دار کے ملوث ہونے کا انکشاف

    لاہور: پنجاب بار کونسل کے سیکریٹری اشرف راہی کے قتل میں رشتے دار کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے سیکریٹری پنجاب بار کونسل اشرف راہی کے قتل میں ملوث ایک قریبی رشتے دار کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نے رشتہ دار بلال کے زیورات لاکر میں رکھوائے تھے، لیکن پھر اس نے زیورات نکلوا کر غائب کر دیے اور رشتہ دار کو جعلی زیورات دے دیے۔

    پولیس حکام کے مطابق دھوکا کرنے اور جعلی زیورات دینے پر رشتہ دار بلال نے کرائے کے قاتلوں کی مدد سے اشرف راہی کو قتل کیا۔

    سیکریٹری پنجاب بار کونسل کو قتل کر دیا گیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے بادامی باغ کے علاقے میں پنجاب بار کونسل کے سیکریٹری کو قتل کر دیا گیا تھا، وہ اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ ان پر دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے وہ موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے۔

  • خاتون اغوا کار سے تین ماہ کا بچہ بازیاب

    خاتون اغوا کار سے تین ماہ کا بچہ بازیاب

    راولپنڈی: بے نظیر بھٹو اسپتال سے اغوا ہونے والے شیر خوار بچے کو پولیس نے چوبیس گھنٹوں‌ کے اندر بازیاب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے 3 ماہ کا بچہ محمد موسیٰ بازیاب کر کے روبینہ نامی خاتون کو گرفتار کر لیا، خاتون نے بچے کو گزشتہ روز بے نظیر بھٹو اسپتال سے اغوا کیا تھا۔

    پولیس نے وومن تھانے میں بچہ والدین کے حوالے کر دیا، ذرائع نے بتایا کہ بچے کو شکایت ملنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے حساس اداروں کی مدد سے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر بازیاب کیا۔

    روبینہ نامی اغواکار خاتون اور بازیاب بچہ محمد موسیٰ

    بچے محمد موسیٰ کے اغوا میں ملوث روبینہ نامی اغوا کار خاتون کراچی میں بھی بچوں کے اغوا کی متعدد وارداتیں کر چکی ہے، سی پی او شہزاد ندیم بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ روبینہ بچوں کے اغوا کے مقدمے میں جیل بھی کاٹ چکی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ملزمہ کراچی سے جیل کاٹ کر راولپنڈی پہنچی اور یہاں بھی واردات کر لی، بچے کی بازیابی کے لیے پولیس نے دن رات ایک کیا، ملزمہ کی گرفتاری اور بچے کی بازیابی پر دلی سکون ملا ہے۔

  • پنجاب میں حکومت کی تبدیلی، اسحٰق ڈار کی پاکستان واپسی موخر

    پنجاب میں حکومت کی تبدیلی، اسحٰق ڈار کی پاکستان واپسی موخر

    ن لیگ کے رہنما اسحٰق ڈار جنہیں رواں ہفتے پاکستان آنا تھا تاہم پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے بعد ان کی وطن واپسی موخر ہوگئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی نے ن لیگی رہنما اسحٰق ڈار کی واپسی موخر ہوگئی ہے۔ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار جنہیں رواں ہفتے لندن سے اسلام آباد آنا تھا اب وہ وطن واپس نہیں آرہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسحٰق ڈار نے سپریم کورٹ سے نظر ثانی اپیل پر فیصلہ آنے تک اپنی پاکستان واپسی کو موخر کردیا ہے۔ سابق وزیر خزانہ کو ان کے ڈاکٹرز پہلے سفر کے لئے فٹ قرار دے چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2017 سے لندن میں مقیم اسحٰق ڈار نے پاکستان واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ جولائی میں پاکستان واپس جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار  کی آئندہ ماہ برطانیہ سے پاکستان واپسی کی تصدیق

    مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے سحاق ڈار وطن واپسی پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کا فیصلہ پارٹی سطح پر نہیں ہوا، وطن واپسی سے متعلق اسحاق ڈار کا اپنا فیصلہ ہے وہ جب بھی وطن واپسی کا فیصلہ کریں یہ ان کا فیصلہ ہوگا۔

  • پی پی 7 ضمنی الیکشن، دوبارہ گنتی ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائیگا

    پی پی 7 ضمنی الیکشن، دوبارہ گنتی ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائیگا

    راولپنڈی سے حلقہ پی پی 7 کہوٹہ کلرسیداں سے پی ٹی آئی کی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو کچھ دیر میں سنایا جائیگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 17 جولائی کو پنجاب کے ضمنی الیکشن میں راولپنڈی سے حلقہ پی پی 7 کے نتائج کو گزشتہ روز پی ٹی آئی امیدوار شبیر اعوان کی جانب سے چیلنج کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جس پر آر او نے منگل کے روز طلب کیا تھا تاہم آج ریٹرننگ افسر نے حلقے کے تمام 266 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ گنتی سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ پورے حلقے میں دوبارہ گنتی ممکن نہیں 15 سے 20 پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ گنتی کرائی جاسکتی ہے جس کے بعد آر او نے کچھ دیر کا وقفہ دیتے ہوئے تمام امیدواروں کی قانونی ٹیموں کو مشاورت کا وقت دیا۔ جب کہ آر او نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست پر مذکورہ حلقے سے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیاب لیگی امیدوار راجا صغیر احمد نے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر اعتراض اٹھا دیا ہے اور کہا ہے کہ دوبارہ گنتی کی درخواست منظور نہ کی جائے اور نہ ہی مسترد شدہ ووٹوں کو دوبارہ گنا جائے۔

    ن لیگی امیدوار راجا صغیر کا کہنا ہے کہ انہیں 20 پولنگ اسٹیشن پر بھی دوبارہ گنتی پر اعتراض ہے۔

    بعد ازاں پی ٹی آئی کے وکیل شوکت رؤف صدیقی نے مذکورہ معاملے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے درخواست دی ہے کہ 1516 مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور چھان بین سمیت ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے اور اس درخواست پر آر نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    شوکت رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ آر آو ہماری درخواست پر شام ساڑھے 6 بجے فیصلہ سنائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے پی پی 7 راولپنڈی میں ضمنی الیکشن کا نتیجہ چیلنج کردیا

    دوسری جانب درخواست گزار پی ٹی آئی امیدوار شبیر اعوان نے الزام عائد کیا کہ 17 جولائی کو الیکشن کمیشن کے عملے نے جان بوجھ کر مہریں لگائیں اور ہمارے ووٹ مسترد کیے۔

  • راولپنڈی بارش: نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجادئیے گئے

    راولپنڈی بارش: نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجادئیے گئے

    اسلام آباد: جڑواں شہروں میں جاری موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجادئیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں نالہ لئی میں پانی کی سطح تیرہ فٹ تک بلند ہوچکی ہے ۔

    ذرائع کے مطابق بارش کی وجہ سے ڈھوک کالا خان، ڈھوک جمعہ ، شکریال، صادق آباد اور ندیم کالونی کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں
    ضلعی انتظامیہ نے سیلابی پانی میں پھنسے خواتین بچوں اور بزرگوں کو ریسکیو کرنا شروع کردیا ہے۔

    موسلا دھار بارشوں کے باعث راولپنڈی :چکلالہ اسکیم تھری کے رہائشی علاقے میں پانی داخل ہوگیا ہے، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، شہری اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق چکلالہ کے علاقے میں 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

    ادھر راولپنڈی میں شدید بارشوں پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن سے رابطہ کیا اور انہیں نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کےلیےتمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

    حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ لعی انتظامیہ،ریسکیو1122، واسا اورمتعلقہ ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں اور نکاسی آب کے کام کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔

  • جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش ، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ، نشیبی علاقے ڈوب گئے

    جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش ، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ، نشیبی علاقے ڈوب گئے

    راولپنڈی: جڑواں شہروں میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر الرٹ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئی اور نشیبی علاقوں میں پانی گلیوں میں داخل ہوگیا۔

    راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ستاون ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آباد کے سیکٹرایچ تیرہ میں تیزبارش سے نالے کی دیواریں ٹوٹ گئیں۔

    منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد تنویر نے کہا کہ بارش شروع ہوتے ہی واسا راولپنڈی ہائی الرٹ کردیا ہے اور نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی۔

    ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ پر نظر رکھے ہوئےہیں جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیلڈ میں موجود ہیں۔

    راولپنڈی میں تیز بارش سے لیاقت باغ، کمیٹی چوک اور مریڑچوک پر ٹریفک جام ہوگیا ، پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    ٹریفک جام کے باعث کئی ایمبولینسز پانی میں پھنس گئیں ، ایمبولینس مریض کو لے جا رہی تھی، مقامی افراد نے اپنی مددآپ کے تحت ایمبولینس کو پانی سے نکالا۔

    واسا کی  ہیوی مشینری نے نکاسی آب کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    بارشوں کےپیش نظرریسکیو راولپنڈی کوالرٹ کردیاگیا اور  ریسکیواہلکار نالہ لئی کےاطراف پرتعینات کردیےگئے، ریسکیو اہلکاروں کو کٹاریاں، گوالمنڈی، سواں پل اور دیگر نشیبی علاقوں میں تعینات کیا گیا۔