Author: بابر ملک

  • وجیہہ سواتی قتل: مقتولہ کی لاش کیسے منتقل کی ؟ ہولناک انکشاف

    وجیہہ سواتی قتل: مقتولہ کی لاش کیسے منتقل کی ؟ ہولناک انکشاف

    اسلام آباد: پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی قتل کیس میں گرفتار ملزم رضوان حبیب نے دوران تحقیقات مزید انکشافات کیے ہیں۔

    پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کے قتل کیس میں گرفتار ملزم رضوان حبیب نے دوران تفتیش مزید انکشافات کئے ہیں، ملزم نے بتایا کہ والد نے کہا تھا کہ وجیہہ کو قتل کرنے میں صرف 50 ہزار لگیں گے، سابقہ اہلیہ وجہیہ کو تیز دھار آلے سے قتل کیا اور لاش گاڑی کی ڈگی میں ڈال کر منتقل کی۔

    ملزم نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ وجیہہ کی لاش کو گاڑی میں مہارت کے ساتھ چھپا کر خیبرپختونخوا میں ایک قریبی رشتہ دار کے گھر لےگیا اور ان کے کمرے میں تدفین کی۔ملزم نے پولیس کو بتایا کہ قتل کے بعد پولینڈ جاکر پناہ اور شہریت لینےکا منصوبہ بنایا تھا جس کے لیے پاسپورٹ بھی حاصل کرلیا تھا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق عدالت سے ملزم رضوان حبیب کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

    دوسری جانب سابق شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی وجہیہ سواتی کی تدفین امریکا میں کی جائے گی یا پاکستان میں؟ اہل خانہ کی جانب سے فیصلہ ہونے تک میت سرد خانے میں رکھی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملزم نے جائیداد اور بینک بیلنس ہتھیانے کی خاطر بیوی وجیہہ سواتی کو اغواء اور پھر قتل کیا، نئی تشکیل کردہ ٹیم نے ماہرانہ طریقے سے واردات کا سراغ لگایا تھا۔

  • یونیورسٹی طالبہ کے اغوا اور زیادتی کی کوشش، دو ملزمان گرفتار

    یونیورسٹی طالبہ کے اغوا اور زیادتی کی کوشش، دو ملزمان گرفتار

    لاہور : پنجاب یونیورسٹی کی طالبہ سے جنسی زیادتی اور ویڈیو بنانے کے واقعے کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا۔

    آج پھر صوبہ پنجاب سے طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کا واقعہ رپورٹ ہوا، صوبے میں جنسی ہوس کے واقعات رونما ہونا معمول بن چکا ہے۔

    حالیہ واقعہ لاہور کی پنجاب یونیورسٹی کی طالبہ کیساتھ پیش آیا، جسے ملزمان نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم متاثرہ طالبہ کے شور مچانے پر دو ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے.

    رپورٹ کے مطابق ملزمان نے طالبہ کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم ہیں۔

    پنجاب پولیس نے یونیورسٹی طالبہ کو اغوا کرکے مبینہ زیادتی کی کوشش کرنے والے دونوں ملزمان کو واقعہ رپورٹ ہونے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرلیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز محمد عابد خان کا کہنا ہے کہ خواتین کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، گرفتار ملزمان کو تفتیش کےلیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کی تھی اور ملزمان کے کلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔

    وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، متاثرہ طالبہ کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے گاؤں 49 ٹو ایل میں چار سال کی بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی گئی تھی جس کے الزام میں پولیس نے رفیق نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

  • مقتول مینیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والا تنہا شخص کون تھا؟ ویڈیو سامنے آگئی

    مقتول مینیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والا تنہا شخص کون تھا؟ ویڈیو سامنے آگئی

    لاہور : سیالکوٹ واقعے میں سری لنکن مینجر کو بہیمانہ تشدد سے قتل کرکے جلانے والے مشتعل ہجوم میں ایک بچانے والا بھی موجود تھا، غیرملکی شہری کو بچانے والا تنہا شخص کون تھا؟ ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے سیالکوٹ میں پیش آئے افسوس ناک واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جس میں ایک غیرملکی شہری کو توہین مذہب کے مبینہ الزام میں مشتعل ہجوم نے سرعام قتل کیا اور لاش کو آگ لگادی۔

    جنرل مینجر کو مارنے والے ہجوم میں ایک شخص بچانے والا بھی موجود تھا جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر ہجوم کو روکنے کی کوشش کررہا تھا۔

    جنرل مینجر کو بچانے والے تنہا شخص کی ویڈیو سامنے آگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ فیکٹری کی چھت پر درجنوں ورکر نے مقتول مینیجر کو گھیر رکھا ہے اور نعرے لگاتے ہوئے اس پر حملہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    سرخ سوئٹر پہنا شخص مقتول مینیجر کی ڈھال بنا ہوا ہے لیکن وہ اکیلا ہے جب کہ حملہ آور درجنوں میں ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تو یہ شخص فیکٹری کا پروڈکشن مینیجر ملک عدنان تھا جس نے مقتول سری لنکن کو چھت پر چڑھا کر دروازہ بند کردیا تھا لیکن حملہ آور درجنوں تھے جو دروازہ توڑ کر پریانتھا کمارا پر حملہ آور ہوگئے اور وہ انہیں روکتا رہ کہ اگر جنرل مینجر نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں پولیس کے حوالے کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ مشتعل ہجوم غیرملکی شہری کو بچانے کی کوشش میں پروڈکشن مینیجر کو زدو کوب کیا اور مذہبی نعرے لگاتے رہے کہ ‘آج اسے (غیر ملکی جنرل مینجر) کو نہیں چھوڑنا’ جس کے بعد پریانتھا کمارا کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک عدنان گزشتہ 15 برس سے نجی فیکٹری میں نوکری کررہا ہے۔

    سیالکوٹ واقعے ذمہ داروں کے گرد گھیرا تنگ ، تمام مرکزی ملزمان گرفتار

    رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹے میں 200 چھاپے مارے گئے اور 118 افراد کو حراست میں لیا گیا جس میں سیالکوٹ واقعے کے 13 مرکزی ملزمان بھی شامل ہیں۔

  • گھر میں کھدائی کے دوران انسانی ڈھانچا برآمد

    گھر میں کھدائی کے دوران انسانی ڈھانچا برآمد

    راولپنڈی: ایک گھر میں کھدائی کے دوران 5 سال قبل قتل ہونے والے شہری کا ڈھانچا برآمد ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان کے علاقے جاتلی میں قتل کی سفاکانہ واردات ہوئی تھی، پولیس نے پانچ سال بعد ایک اغوا شدہ شخص کا کیس سلجھا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شناخت علی نے 2017 میں اپنے بھائی عاشق علی کے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا، اس مقدمے میں ندیم نامی شخص کو نامزد کیا گیا تھا۔

    معلوم ہوا کہ پانچ سال قبل اغوا ہونے والا عاشق علی گونگا اور بہرا تھا، جسے بعد میں بد قسمتی سے قتل کر دیا گیا تھا۔

    محکمہ پولیس کے مطابق اس کیس میں پانچ سال بعد پولیس نے مقدمے میں نامزد شخص ندیم کے گھر میں کھدائی کی تو زمین میں دفن عاشق علی کی لاش برآمد ہو گئی، جو اَب محض ڈھانچے کی صورت میں ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول کے بھائی شناخت علی نے انگوٹھی اور ایک مصنوعی دانت سے اپنے بھائی عاشق علی کی لاش شناخت کی۔

    لاش برآمد ہونے کے بعد مقدمے میں نامزد شخص ندیم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جب کہ برآمد ہونے والے انسانی ڈھانچے کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

  • ایس ایچ او کے بھتیجے سے جھگڑا بچوں کو مہنگا پڑ گیا

    ایس ایچ او کے بھتیجے سے جھگڑا بچوں کو مہنگا پڑ گیا

    راولپنڈی: اختیارات کا بے دریغ استعمال، ایس ایچ او پیر ودہائی کے بھتیجے کے ساتھ جھگڑا بچوں کو مہنگا پڑ ‏گیا۔

    ایس ایچ او تھانہ پیر ودہائی کی ایما پر کمسن بچوں خلاف مقدمہ درج کرنے کر لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ ‏سیشن جج مسعود اختر کیانی نے کمسن بچوں کی ضمانت منظور کر لی۔ ‏

    مقدمے میں نامزد چاروں کمسن بچوں کی ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔ کمسن بچوں کے خلاف ایس ایچ او چوہدری اویس اکرام کی ایما پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں ابراہیم، ‏عبدالرحمن، حسین اور نعمان تھے۔

    کمسن بچوں کی لڑائی ایس ایچ او پیرودہائی کے بھائی چوہدری جواد کے بیٹے کے ساتھ ہوئی تھی۔ کمسن بچوں ‏کے خلاف 23 اکتوبر کو تھانہ ائیر پورٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

    عدالت نے چاروں کمسن بچوں کو 5 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

  • کالعدم تنظیم کا احتجاج، جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات

    کالعدم تنظیم کا احتجاج، جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات

    اسلام آباد: کالعدم تنظیم کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے، راولپنڈی میں مرکزی شاہراہوں کو بند کردیا گیا ہے، چاندنی چوک سےفیض آباد تک مری روڈ کو مکمل سیل کردیاگیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی سڑک پر جگہ جگہ رکاوٹیں بھی کھڑی کردی گئیں ہیں جس کے باعث شہریوں کو سخت اذیت کا سامنا ہے، علی الصبح اسکول جانے والے طلبا بھی سڑکوں کی بندش کے باعث واپس گھروں کو لوٹ گئے۔

    اس کے علاوہ اسپتال جانے والے مریض بھی راستوں کی بندش کے باعث رُل گئے، جگہ جگہ رکاوٹوں اور بندش کے باعث مریضوں کی اسپتالوں تک رسائی مشکل ہوگئی ہے۔دوسری جانب کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب کالعدم ٹی ایل پی کے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ نے دریائے جہلم پر تینوں پلوں کو آمدورفت کے لئے مکمل طور پر بند کردیا ہے ، جسکے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پر رہا ہے۔

    دونوں نئے پلوں کے اطراف بنائی گئی حفاظتی دیواروں کو توڑ کر ان میں کینٹینرز رکھے گئے ہیں، جی ٹی روڈ پر واقع تمام تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ اسکولوں میں آئے طلباء وطالبات کو گھروں میں بھیج دیا گیا ہے۔

  • مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو کچل ڈالا، 2 شہید، تازہ ترین صورتحال

    مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو کچل ڈالا، 2 شہید، تازہ ترین صورتحال

    لاہور میں کالعدم تنظیم کی جانب سے احتجاج کے دوران مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کو کچل ڈالا جس کے ‏نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کالعدم تنظیم کے کارکنوں کو اسلام آباد کی جانب مارچ سے روکنے کے لیے ‏پولیس اور مظاہرین کے درمیان سے صبح سے ہی تصادم کے واقعات پیش آئے ہیں۔

    جگہ جگہ کنٹینر لگا کر راستے کو بند کیا گیا اور مظاہرین کی پیش قدمی پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی ‏اس دروان ناکوں پر موجود پولیس اہلکاروں پر مظاہرین نے گاڑی چڑھا دی۔

    مظاہرین نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو گاڑی تلے روند ڈالا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے جن میں 2 ‏کانسٹیبل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔

    عثمان بزدار نے تحریک لبیک سے مذاکرات کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

    پولیس سے تصادم میں مظاہرین بھی زخمی ہوئے ہیں، کارکنوں کو روکنے کے لیے پولیس نے بڑے آپریشن کی ‏تیاری کر لی ہے اس حوالے سے اعلیٰ افسران سڑکوں پر موجود ہیں اور حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔ ‏

    پولیس نے کالعدم تنظیم کے ہیڈکوارٹر کے باہر موجود مظاہرین کو بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے بھرپور ‏کارروائی کی جائے گی۔ کنٹیرز کے ذریعے بلاک کیے گئے راستوں سے دن بھر شہر میں ٹریفک جام رہا اور ‏شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق میٹرو اور اورنج لائن سروس معطل کیے جانے کے بعد اب لاہور سے اسلام آباد کے ‏لیے موٹروے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

    لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کو بیریئرز لگا کر بند کیا گیا ہے اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد سیکورٹی پر ‏مامور ہے۔

  • اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں  گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ، موسم سرد ہوگیا

    اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ، موسم سرد ہوگیا

    راولپنڈی : اسلام آباد اورراولپنڈی اور گردونواح کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم سرد ہوگیا، جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کے دوران واسا  نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اورراولپنڈی اور گردونواح کے علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک شمس آ باد کے مقام پر سب سے زیادہ 115 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ چکلالہ 67، پی ایم ڈی 65، بوکڑہ 29 اور سیدپور کے مقام پر 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    جڑواں شہروں میں موسلا دھاربارش کے دوران واسا نے الرٹ جاری کردیا ، جس کے بعد واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں پہنچ گیا۔

    منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود کا کہنا ہے کہ موسلادھاربارش سےپیدا ہونے والی صورتحال پرگہری نظر رکھے ہوئے ہیں، نشیبی علاقوں میں واسا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ موجود ہے، نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اب تک کٹاریاں کے مقام پر 9فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پانی کی سطح 8فٹ تک ہے۔

    ایم ڈی واسا نے کہا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، ائیر پورٹ روڈ، کمیٹی چوک نڈر پاس، لیا قت باغ، جاوید کالونی، ڈھوک کھبہ، صادق آباد، سیٹلائٹ ٹاؤن , جامع مسجد روڈ اور مری روڈ پر ٹیمیں موجود ہیں۔

    دوسری جانب بارش کے باعث بجلی فراہم کرنے والے متعدد فیڈرز ٹرپنگ اور فالٹ کی باعث بند ہے ، ترجمان آئیسکو نے بتایا ہے آپریشن ٹیمیں الرٹ ہیں ،موسم بہترہوتے ہی بحالی کاکام شروع کردیا گیا ہے۔

    آئیسکوچیف نے لائن اسٹاف کوکام کےدوران احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

  • 3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز گرفتار

    3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز گرفتار

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کارروائیاں کر کے غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف انٹیلیجنس نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر کارروائیاں کر کے 595 کلوگرام ہیروئن اور 5.033 کلوگرام کوکین برآمد کر لی۔

    ان کارروائیوں کے دوران 10 اسمگلرز گرفتار کیے گئے ہیں، جن میں 3 ویسٹ افریقن باشندے شامل ہیں، اور ان میں ایک عورت بھی ہے۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر ایتھوپیا سے آنے والی مغربی افریقی خاتون سے جب 1.393 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی، تو اس کیس کے تعاقب میں اے این ایف نے فیصل آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا۔

    فیصل آباد ایئر پورٹ پر بحرین سے آنے والے 2 ویسٹ افریقی باشندوں کے قبضے سے 3.640 کلوگرام کوکین برآمد کی گئی۔

    اے این ایف انٹیلیجنس کی سری لنکن سیکیورٹی حکام کو فراہم کی جانے والی خفیہ معلومات کے نتیجے میں کھلے سمندر میں ایک کارروائی کی گئی، جس کے دوران 2 کشتیوں سے مجموعی طور پر 595 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

    اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں پاکستانی و غیر ملکی باشندے شامل ہیں۔ ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • ایڈیشنل آئی جی پر فائرنگ میں ملوث افراد گرفتار، ویڈیو سامنے آگئی

    ایڈیشنل آئی جی پر فائرنگ میں ملوث افراد گرفتار، ویڈیو سامنے آگئی

    راولپنڈی میں ایڈیشنل آئی جی کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والی گاڑی پکڑی گئی، کار میں سوار 4 مسلح افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں ایڈیشنل آئی جی موٹر وے سجاد افضل آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والی گاڑی پکڑی گئی، کار میں سوار 4 مسلح افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس کی فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ایس ایس پی آپریشن کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ تھانہ نصیر آباد کی حدود میں مسلح افراد نے ایڈیشنل آئی موٹر وے کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی موٹروےسجاد افضل آفریدی زخمی اور ‏ان کے بھائی نعمان افضل جاں بحق ہوگئے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

    مزید پڑھیں: راولپنڈی میں ایڈیشنل آئی جی موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ

    عثمان بزدار نے ایڈیشنل آئی جی کے بھائی کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدرد کا اظہار کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور زخمی ایڈیشنل آئی جی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔