Author: بابر ملک

  • ماں اور بیٹے کو قتل کرنے والے سفاک ملزم نے گرفتاری دے دی

    ماں اور بیٹے کو قتل کرنے والے سفاک ملزم نے گرفتاری دے دی

    راولپنڈی: تھانہ چونترہ کی حدود میں خاتون اور اس کے چودہ ماہ کے بچے کو سفاکانہ طریقے سے قتل کرنے والے ملزم نے گرفتاری دے دی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق خاتون اور اس کے چودہ ماہ کے بچے کو قتل کرنے والے ملزم واجد علی نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا، ملزم نے دو روز قبل تھانہ چونترہ کی حدود میں خاتون اور اس کے ننھے بیٹے کو تشدد کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے خاتون کو ملنے کیلئے مہوٹہ موہڑہ میں بلایا، خاتون مہوٹہ موہڑہ گئی تو ملزم نے نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کے کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واجد علی مہوٹہ موہڑہ کا رہائشی ہے اور فرنیچر کا کام کرتا ہے۔

    Image

    خاتون کی بے بسی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج کل دم توڑ گئی تھی، انسانیت سوز واقعے پر سوشل میڈیا کے زریعے شدید تنقید کی جارہی تھی، صارفین کی جانب سے ملزم کو فوری گرفتار کرنے اور اسے عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا تھا۔

    راولپنڈی پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لئے فیس بک پر بھی پوسٹ شائع کی گئی تھی، جس میں ملزم کی معلومات رکھنے والے شخص کو فوری طور پر مقامی پولیس کو آگاہ کرنے کا کہا گیا تھا۔

  • راولپنڈی: دن دیہاڑے لڑکی کا اغوا

    راولپنڈی: دن دیہاڑے لڑکی کا اغوا

    راولپنڈی: راولپنڈی میں ملزمان بے لگام ہوگئے، دن دیہاڑے تیرہ سالہ لڑکی کو اغوا کرکے لئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ تھانہ کھنہ کی حدود میں پیش آیا، مبینہ طور پر اغوا ہونے والی لڑکی کی والدہ شہناز اختر نے تھانے میں درخواست دی ہے، درخواست میں موقف اپنایا کہ لڑکی بھائی کے ہمراہ نانی کے گھر سےواپس پیدل آرہی تھی۔

    اسی دوران نامعلوم ملزمان نے میری بیٹی کو اس کے دس سالہ بھائی کے سامنے اغوا کیااور اپنے ساتھ لے گئے، اعلیٰ حکام اور پولیس سے گزارش ہے کہ میری بیٹی کو فوری بازیاب کرایا جائے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

    گذشتہ روز راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کی حدود میں ماں اور 14 ماہ کے بچے پر تیز دھار آلے قتل کردیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں تشدد کا واقعہ: کمسن بیٹے کے بعد ماں بھی چل بسی

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز واجد نامی ملزم نے خاتون اور بچے پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا تھا تشدد کے بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوا تھا جبکہ ماں کو طبی امداد کے لے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جو کل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

    یاد رہے کہ عید کی رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف سیون سے ایک سربریدہ لاش ملی تھی، جسے سابق سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کے نام سے شناخت کیا گیا۔

    نور مقدم کے بہیمانہ قتل پر پاکستان میں سول سوسائٹی سمیت متعدد مکتبہ فکر کے افراد سراپا احتجاج ہیں اور گرفتار ملزم کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر بھی نور مقدم کے قتل کی گونج سنائی دی جارہی ہے اور ٹوئٹر پر “جسٹ فار نور ” کا ٹرینڈ جاری ہے۔

  • راولپنڈی: ماں اور بچے پر بدترین تشدد، 14 ماہ کا بچہ جاں بحق

    راولپنڈی: ماں اور بچے پر بدترین تشدد، 14 ماہ کا بچہ جاں بحق

    راولپنڈی میں خاتون اور بچے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 14 ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کی حدود میں واجد نامی ملزم نے خاتون اور بچے پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا، 14 ماہ بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ ماں شدید زخمی ہوگئی۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے خاتون کو مہوٹہ موہڑہ کے قریب بلایا تھا، بچے کی لاش اور زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے لیکن پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے۔

    دوسری جانب آئی جی پنجاب نے راولپنڈی میں 14 ماہ کے بچے کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔

    آئی جی پنجاب نے ملزمان کو جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ والدین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

  • راولپنڈی: خاتون پر مبینہ تشدد کی وائرل ویڈیو کا ڈراپ سین

    راولپنڈی: خاتون پر مبینہ تشدد کی وائرل ویڈیو کا ڈراپ سین

    راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں خاتون پر مبینہ تشدد کرنے والے ملزم کو عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں خاتون پر مبینہ تشدد کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مبینہ تشدد ویڈیو کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی عدالت نے ضمانت منظور کر کے اُسے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    ملزم نے عدالت میں دائر  کی جانے والی درخواست ضمانت میں مؤقف اختیار کیا کہ ’ویڈیو میں خاتون پر تشدد کرنے والا کوئی شخص سامنے نہیں آیا، خاتون انعم ابرار جسے اپنا شوہر بتاتی ہے وہ اسکا شوہر نہیں ہے‘۔

    درخواست گزار نے کہا کہ ’عدالت خاتون کا نکاح نامہ طلب کرے، تمام حالات مشکوک ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: عثمان مرزا کیس: ملزم پر تعزیرات پاکستان کے تحت کون کون سی دفعات عائد ہوتی ہیں؟

    ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے وائرل ویڈیو کی بنیاد پر تحقیقات کے بغیر مقدمہ درج کیا اور گرفتار کیا۔ سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ سردار عمر حسن خان نے ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

  • راولپنڈی رنگ روڈ کیس میں اہم پیشرفت، بڑی گرفتاری

    راولپنڈی رنگ روڈ کیس میں اہم پیشرفت، بڑی گرفتاری

    راولپنڈی: راولپنڈی رنگ روڈ کیس میں اینٹی کرپشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابق کمشنرراولپنڈی کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق رنگ روڈ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، آج اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سابق کمشنر راولپنڈی کیپٹن(ر)محمد محمود کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سابق کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود راولپنڈی رنگ روڈ کیس کی تحقیقات کرنے والی انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش بھی ہوئے تھے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی، انکوائری ٹیم میں قانونی، تکنیکی اور معاشی ماہرین پر شامل ہیں۔

    بعد ازاں اینٹی کرپشن نےچیئرمین لینڈ ایکوزیشن وسیم تابش کو بھی گرفتارکرلیا۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان پہلے ہی راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ اسکینڈل کی مکمل تحقیقات کا حکم دے چکے ہیں۔

    یاد رہے راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا تھا، انکوائری میں بتایا گیا کہ سابق کمشنر محمد محمود نے رنگ روڈ کی سمت میں غیر قانونی تبدیلی کرائی اور کنسلٹنٹس کی ملی بھگت کے ساتھ رنگ روڈ کی سمت تبدیلی کے لیے غیر قانونی طور پر بولیوں کا اشتہار دیا ، محمد محمود، سابق ایل اے سی وسیم تابش، سابق افسر عبداللہ بے قاعدگیوں میں ملوث پائے گئے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ تینوں مجاز افسران نے اختیارات سے تجاوز کیا اور فنڈز میں خوردبرد کی، رنگ روڈ میں بے قاعدگیوں کا مقصد رینٹل سنڈیکیٹ کو فائدہ پہنچانا تھا، تینوں افسران نے رینٹل کا اپنا سنڈیکیٹ بھی بنا رکھا تھا، ملزمان نے رنگ روڈ منصوبے کی آڑ میں رئیل اسٹیٹ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرایا جبکہ ملزمان کے ساتھ موجودہ اور سابق سرکاری افسران بھی ملوث نکلے۔

    یہ بھی پڑھیں: رنگ روڈ‌ تحقیقات، زلفی بخاری نے عہدہ چھوڑ‌ دیا، جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ

    ذرائع کے مطابق کہ تینوں افسران کے خلاف کارروائی کے لیے کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھیج دیا گیا ہے، نیب منصوبے میں 2 ارب 30 کروڑ کے گھپلوں کی انکوائری کرے گا۔

    وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی اور ترقی برائے انسانی وسائل زلفی بخاری نے رنگ روڈ اسکینڈل میں‌ نام آنے پر سرکاری عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ’رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہونےتک ازخود عہدے سے علیحدہ ہو رہا ہوں‘۔ انہوں نے معاملےکی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

    زلفی بخاری نے تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں ہر قسم کی تحقیقات کےلیے تیار ہوں اور پاکستان میں ہی رہوں گے، وزیراعظم عمران خان کے نظریے اور وژن کے ساتھ آئندہ بھی کھڑا رہوں گا۔

  • اسلام آباد میں ایک اور خاتون پر تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی

    اسلام آباد میں ایک اور خاتون پر تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ایک اور خاتون پر مبینہ تشدد کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد کے واقعے کے بعد ایک اور خاتون پر مبینہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اورخاتون روتی ہوئی ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہی ہیں۔

    ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اسلام آباد میں رونما ہوا ہے۔

    سی پی او راولپنڈی نے واقعے کی تحقیقات کے لیے احکامات جاری کردیے، سی پی او کا کہنا ہے کہ ذمہ دار جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل سوشل میڈیا پر لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان مرزا سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

    اسلام آباد پولیس نے آج کارروائی کرتے ہوئے پانچویں ملزم بلاول مروت کو بھی گرفتار کرلیا۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آئی جی اسلام آباد کو ہر پہلو سے تشدد کیس کی تفتیش آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

  • راولپنڈی: خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش

    راولپنڈی: خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش

    راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں خاتون نے بیک وقت چار بچوں کو جنم دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں خاتون کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جس میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون کا تعلق چکوال کی تحصیل تلہ گنگ سے ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچوں کی پیدائش آپریشن کے ذریعے ہوئی ہے، والدہ اور تمام بچے صحت مند ہیں۔

    مزید پڑھیں: پشاور میں خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش

    خاتون آمنہ بی بی کے شوہر امیر سلطان کا کہنا ہے کہ اب میری چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہوگیا، چار بچوں کی پیدائش پر بہت خوش ہوں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پشاور کے لیڈی ریڈںگ اسپتال (ایل آر ایچ) میں خاتون نے پانچ بچوں کو جنم دیا تھا۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ خاتون کے ہاں پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی جس میں پانچوں لڑکے شامل ہیں، ماں اور بچے صحت مند ہیں۔

    خاتون کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت سے تھا۔

  • راولپنڈی: کرشنگ کے دوران مزدوروں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    راولپنڈی: کرشنگ کے دوران مزدوروں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    راولپنڈی: خانپور میں کرشنگ کے دوران پہاڑ کا حصہ مزدوروں پر جاگرا، دلخراش واقعے کے باعث متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں مزدور اپنے کام میں مصروف تھے کہ اچانک پہاڑ کا ایک حصہ ان پر آگرا ، جس کے نتیجے میں متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد جائے حادثے پر پہنچے اور انہوں نے امدادی ٹیموں کو واقعے کی اطلاع دینے کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے مزدوروں کو نکالنا شروع کیا۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے سے ایک مزدور کی لاش کو نکال لیا گیا ہے جبکہ ملبے تلے دبے دیگر مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    پولیس حکام کا موقف ہے کہ کافی عرصے سے یہاں کرشنگ پلانٹ کے لئے بلاسٹنگ کرکے پہاڑ سے پتھر نکالے جارہے تھے اور بلاسٹنگ کے باعث پہاڑ کھوکھلا ہو چکا تھا جو صبح اچانک سرک گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

  • راولپنڈی، گاڑیاں چھیننے والے گروہ کی پولیس پر فائرنگ، دو زخمی

    راولپنڈی، گاڑیاں چھیننے والے گروہ کی پولیس پر فائرنگ، دو زخمی

    راولپنڈی: گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ نے پولیس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق روالپنڈی میں واقع  سکستھ روڈ پر  گروہ نے ایک گاڑی چوری کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس اہلکار وہاں پہنچے۔

    پولیس کو دیکھتے ہی گروہ میں شامل مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کی زد میں راہگیر خاتون اور ایک مرد آیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ سے خاتون سمیت 2افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان  اپنی گاڑی چھوڑ کر فرار ہوئے، جس کو قبضے میں لے کر تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: راولپنڈی میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید، حملہ آور ہلاک

    ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان نے اسلام آباد کے علاقے سے ایک اور گاڑی بھی چھینی تھی ، جسے وہ جنگل میں چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں۔

    پولیس ترجمان کے مطابق اے ایس پی نیوٹاؤن کی سربراہی میں پولیس ملزمان کا تعاقب کر رہی ہے اور جنگل میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

  • رنگ روڈ اسکینڈل، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مکمل، پبلک کرنے کی منظوری

    رنگ روڈ اسکینڈل، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مکمل، پبلک کرنے کی منظوری

    لاہور: رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مکمل ہو گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رنگ روڈ اسکینڈل کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کی منظوری دے دی ہے، وزیر اعلیٰ کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے متن میں موجود سفارشات پر من و عن عمل درآمد کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، کمیٹی کی جانب سے سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود اور لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر وسیم علی تابش کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں محمد محمود اور وسیم علی تابش کا کیس نیب بھجوانے کی سفارشات پیش کی گئی ہیں، دونوں افسران نے غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن پر 2.3 ارب روپے تقسیم کیے، اتنی بڑی رقم کی ادائیگی اٹک لوپ کے رینٹ سینڈیکیٹ کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق وسیم علی تابش نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ضلع اٹک میں 2 ارب سے زائد کی رقم خرچ کی، رینٹل سینڈیکیٹ میں ملوث تمام لوگوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی، جس میں فائدہ اٹھانے والے بے نامی حصہ دار بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

    راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری میں بے قاعدگیوں کا انکشاف

    رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن قواعد و ضوابط اور انتظامی قوانین کی دھجیاں اڑانے پر محمد محمود کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لے، محمد محمود کے بھائی کا مکہ سٹی کے ساتھ تعلق کا بھی انکشاف ہوا ہے، سابق کمشنر نے اپنے بھائی کو فائدہ پہنچانے کے لیے یا اس کے ذریعے بے نامی طریقے سے خود کو فائدہ پہنچانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

    رپورٹ کے مطابق توقیر شاہ اور نیسپاک کے چند افسران کو بھی ان بے ضابطگیوں میں ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، سفارش کی گئی ہے کہ میسرز Zeeruk کو پی اینڈ ڈی پنجاب کی جانب سے بلیک لسٹ کیا جائے، اور ممبر پی اینڈ ڈی فرخ نوید کو عہدے سے ہٹایا جائے اور ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔

    یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ ایف بی آر اور ایف آئی اے کو 12 مختلف ہاؤسنگ سوسائیٹیز اور پراپرٹیز کے حوالے سے چھان بین کی ذمہ داری دی جائے، اور ان میں موجودہ یا ریٹائرڈ افسران کے بے نامی حصہ دار ہونے کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں۔

    سفارش کی گئی ہے کہ بورڈ آف ریوینیو پنجاب تشہیر کی گئی الائنمنٹ کے حوالے سے ریوینیو اسٹیٹس کے ڈی سی ریٹس کی موجودہ مارکیٹ ریٹس کے ساتھ تصدیق کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دے، اور ایف آئی اے کا سائبر ونگ غیر منظور شدہ سوسائیٹیر کی آن لائن اور دیگر تشہیر اور نووا سٹی کی جانب سے منظور شدہ ایریا سے زائد سیلز کے حوالے سے تحقیقات کرے۔