Author: بابر ملک

  • راولپنڈی میں لاک ڈاؤن کا دوسرا روز، ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں

    راولپنڈی میں لاک ڈاؤن کا دوسرا روز، ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں

    راولپنڈی میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوسرے روز ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں لاک ڈاؤن کے دوسرے روز پولیس اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی دیکھنے میں آئی، لاک ڈاؤن اور کورونا ایس او پیز کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق تاجر دکانوں کے آدھے شٹر کھول کر کاروبار کرنے میں مصروف ہیں اور پولیس کی جانب سے غریب ریڑھی بانوں کو تنگ کیا جارہا ہے۔

    راولپنڈی پولیس کی مبینہ غفلت و لاپرواہی سے بڑے بڑے شاپنگ مال پر عید شاپنگ جاری ہے، تاجروں نے دکانوں کے باہر ڈیرے ڈال لیے، پولیس اور انتظامیہ لاک ڈاؤن کرانے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔

    واضح رہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے تحت ملک بھر میں 8 سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا پرقابو پانے کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل شہریوں کے مفاد میں ہے، لاک ڈاؤن کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے لاک ڈاؤن کررہے ہیں۔

    عثمان بزدار نےشہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر ضروری اقدام کریں گے، عوام ماسک پہنیں، گھروں میں رہیں اورسماجی فاصلہ اختیار کریں۔

  • راولپنڈی: مظاہرین نے لال حویلی کا گھیراؤ کرلیا

    راولپنڈی: مظاہرین نے لال حویلی کا گھیراؤ کرلیا

    راولپنڈی: راولپنڈی میں حالات کشیدہ ہوگئے، کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان نے لال حویلی کا گھیرا ؤ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی کے سینکڑوں مشتعل کارکنان لال حویلی کے باہر پہنچے اور انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور لال حویلی کا گھیراؤ کرلیا۔

    کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے مشتعل کارکنان کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائشگاہ کا گھیراؤ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی لال حویلی پہنچ گئی ہے اور انہوں نے حفاظتی اقدامات کرنا شروع کردئیے ہیں۔

    اس موقع پر پولیس اور رینجزر کے اعلیٰ حکام نے مشتعل مظاہرین سے مذاکرات کئے، کامیاب مذاکرات کے بعد ریلی کے شرکا لال حویلی سے روانہ ہوگئے ہیں۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ہونیوالے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ وزیراعظم کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی ہے، وزیراعظم آج قوم سے تاریخی خطاب کریں گے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ناموس رسالتﷺ پر ہم ساتھ ہیں،کسی ایسے کام میں شامل نہیں جس سےپاکستان کو نقصان پہنچے، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج کچھ دیر میں تحریک لبیک والوں سے مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں معاملات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

    اس سے قبل آج وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انھوں نے ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات شروع ہونے کی اطلاع دی، انھوں نے کہا ٹی ایل پی سے مذاکرات کا پہلا دور ہو چکا ہے، مذاکرات کا دوسرا دور بھی آج صبح ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: مفتی منیب کا آج ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

    شیخ رشید نے کہا کہ مظاہرین نے 11 یرغمال پولیس اہل کار چھوڑ دیے ہیں، بات چیت کا پہلا دور کافی بہتری سے مکمل ہوا، اور ٹی ایل پی کے لوگ مسجد رحمت اللعالمین میں چلے گئے ہیں، پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا پنجاب حکومت کی پہلی میٹنگ کامیابی سے ہم کنار ہوئی ہے، دوسرے راؤنڈ میں باقی معاملات بھی طے پا جائیں گے، اللہ سے امید ہے ٹی ایل پی سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔

  • پاکستان کے پہلے مقامی چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح

    پاکستان کے پہلے مقامی چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح

    اسلام آباد: پاکستان میں پہلی بار بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فاسٹ چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق چیمبر آف کامرس کے صدر یاسر الیس نے نجی کمپنی کی جانب سے فاسٹ چارجنگ اسٹیشن تعمیر کیا گیا ہے۔

    کمپنی کے سی ای او نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے یہ یونٹ پاکستان میں ہی تیار کیے گئے ہیں،  کمپنی ان اسٹیشنز کو گیس اور پیڑول پمپس کی طرح لگانے جا رہی ہے، ابتدائی طور پر پاکستان کے 8 بڑے شہروں میں 60-120 یونٹ تعمیر کیے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ یونٹ سولر انرجی پر بھی تبدیل ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    اس یونٹ پر پچیس منٹ میں گاڑی کی بیٹری کو فل چارج کیا جائے گا،  یہ پیٹرول اور گیس کے مقابلے میں کم قیمت اس لیے ہوگی کہ سولر کے ذریعے بجلی حاصل کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اُن ترقی یافتہ ملک کی صف میں کھڑا ہو گیا جہاں توانائی کے ذرائع شامل ہو جائیں گے، یہ یونٹس ماحول دوست ہیں،  شہری ایک مہینے بعد یہاں سے گاڑیاں چارج کرسکیں گے‘۔

    چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کا کہنا تھا کہ ’چین اور بھارت کے بعد پاکستان میں یہ ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے، اگر یہ اسٹیشن لگ جائیں تو ملک میں الیکٹریکل گاڑیاں خود بہ خود چلنا شروع ہوجائیں گے کیونکہ دو سے ڈھائی ہزار میں گاڑی چارج ہو گی جو تین سو کلو میٹر چلے گی‘۔

    چارجنگ یونٹ یا اسٹیشن میں  30 کلو واٹ، 60 کلو واٹ، 120 کلو واٹ کے چارجرز لگائے گئے ہیں، ہر چارجر اپنی طاقت کے اعتبار سے اتنی جلدی گاڑی چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جیسے 120 کلو واٹ کا چارجر 30 منٹ میں گاڑی چارج کرسکے گا۔

    اس موقع پر اسلام آباد چیمبرآف کامرس کے صدر سردار الیاس کا  کہنا تھا کہ ’پاکستان کا مستقبل الیکٹرک وہیکلز کا ہے، آنے والے دنوں میں الیکٹرک گاڑیاں مزید سستی ہوں گی، گاڑیاں مقامی سطح پر بننے سے انڈسٹری کو فروغ ملے گا، اگلے ماہ لاہور، ملتان اور کھاریاں میں چارجنگ اسٹیشنز کا افتتاح کیا جائے گا‘۔ انہوں نے بتایا کہ ’پچاس روپے فی کلو وواٹ کے حساب سے گاڑی چارج کی جائے گی‘۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر کورونا ایس اوپیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر کورونا ایس اوپیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں

    اسلام آباد: پی آئی اے کی پرواز تاخیر کا شکار ہونے پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے پی آئی اے کی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی تو ایئرپورٹ پر بورڈنگ کے منتظر مسافروں کی قطاریں لگ گئیں۔

    ذرائع کے مطابق پی کے 9757 نے دن ایک بجے اڑان بھرنا تھی، پرواز تاحال روانہ نہ ہوسکی جس کے باعث مسافروں کا رش بڑھ گیا اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے خصوصی پروازیں چلائی ہیں۔

    اس سے قبل معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب ‏سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ سات خصوصی پروازیں اسلام آباد سے لندن اور مانچسٹر ‏جائیں گی۔

    زلفی بخاری نے کہا کہ فلائٹ آپریشن دو اپریل سے آٹھ اپریل تک ہوگا، انہوں نے لکھا کہ برطانوی ‏نژاد پاکستانیوں کے لیے خصوصی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لندن اور مانچسٹر سے آنے والی پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا شیڈول بھی ‏شیئر کیا۔

  • راولپنڈی؛ خاتون نے جج کو پرس دے مارا

    راولپنڈی؛ خاتون نے جج کو پرس دے مارا

    راولپنڈی کی مقامی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران خاتون نے جج کو پرس دے مارا۔

    عدالت میں جج پر حملہ آور ہونے والی خاتون پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ خاتون ملزم کی ‏ضمانت کا سن کر آپے سے باہر ہوگئی اور علاقہ مجسٹریٹ پر پرس دے مارا۔

    خاتون نے کہا کہ میرے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے والے تم کون ہوتے ہو مجھے جانتے نہیں؟

    خاتون نے مجسٹریٹ سردار عمر حسن کے چیمبر میں داخل ہونے کی کوشش اور دھمکیاں دیں۔ ‏خاتون کے خلاف تھانہ سول لائن میں عدالت کے ریڈر کامران اکبر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ‏ہے۔

    مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ ملزمہ کو گرفتار کرکے ویمن ‏پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔

  • راولپنڈی کے اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی

    راولپنڈی کے اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی

    راولپنڈی: راولپنڈی کے قدیم اردو بازار میں خوفناک آتشزدگی کے باعث متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں واقع اردو بازار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    اردو بازار میں آگ کی اطلاع ملتے ہی دکاندار اور مقامی افراد بڑی تعداد میں وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لینا شروع کردیا،اسی اثنا میں واسا ٹیمیں بھی متاثرہ جگہ پہنچی اور آگ پر قابو کے لئے کوششوں کا آغاز کیا۔

    امدادی ٹیموں کے مطابق آگ اردو بازار کی تین منزلہ عمارت میں لگی، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق خوفناک آتشزدگی کے باعث کم وبیش بیس دکانیں جل کر خاکستر ہوچکی ہیں جبکہ متعدد دکانیں ابھی بھی آگ کی لپیٹ میں ہیں، واسا کے دس سے زائد واٹر ٹینکر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    ریسکیو ٹیموں نے آگ کی شدت کے پیش نظر متعدد دکانوں کو خالی کرالیا ہے اور لوگوں کی آمدورفت کو بھی محدود کردیا ہے، تاحال آتشزدگی کے باعث ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    واضح رہے کہ اردو بازار سے متصل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی بھی ہے، تاہم آتشزدگی کے باعث عمارت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

    دوسری جانب خوفناک آتشزدگی کے باعث پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے بھی جائے حادثے پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بھی اردو بازار پہنچ گئے ہیں۔

    یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ آگ کے باعث دو عمارتیں گر گئیں ہیں جبکہ متعدد عمارتوں کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اردو بازار میں لگی خوفناک آتشزدگی کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں، وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ نے بڑے پیمانے پر دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

  • پلاٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام ، منشاء بم کے تین بیٹے گرفتار

    پلاٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام ، منشاء بم کے تین بیٹے گرفتار

    لاہور : پولیس نے پلاٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بدنام زمانہ قبضہ مافیا منشاءبم کے تین بیٹوں کو گرفتار کرکے قبضہ سے جدید آٹو میٹک گنز اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر پولیس کی جانب سے قبضہ گروپوں کے خلاف ایکشن جاری ہے۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشاء بم قبضہ گروپ کے تین بیٹے عامر منشاء، عاصم منشاء اور طارق منشاء کو گرفتار کر لیا۔

    ایس پی صدر حفیظ الرحمن بگٹی نے کہا ملزمان نے گزشتہ رات سفیان نامی شہری کے پلاٹ پر اسلحہ لیس ہو کر قبضہ کی کوشش کی اور شہری سے گن پوائنٹ پر سونے کی چین اور نقدی وغیرہ بھی چھین لی۔

    حفیظ الرحمن بگٹی کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضہ سے جدید آٹو میٹک گنز اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا اور ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    شہری سفیاں نے وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

    سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جمع پونجی کسی صورت ہتھیانے نہیں دی جائے گی، شہریوں کو قبضہ گروپوں اور بدمعاشوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، لاہور پولیس ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے ہوئے ہیں۔

  • لاہور میں ٹک ٹاک کے جنون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

    لاہور میں ٹک ٹاک کے جنون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں ٹک ٹاک کے شوق نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ کا رہائشی نوجوان آصف ٹک ٹاک بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔

    لاہور سے نارروال جانے والی ٹرین حادثے کے بعد روک لی گئی جبکہ نوجوان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی نوجوان ٹک ٹاک بناتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عدالتی فیصلے کے بعد مختصر ویڈیو ایپلیکیشن ٹاک ٹاک بند کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں۔

    مزید پڑھیں: ٹک ٹاک بندش، عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی اے بھی میدان میں‌ آگیا

    پشاور ہائی کورٹ نے شہری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ٹک ٹاک بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے تھے کہ ’ٹک ٹاک ویڈیوز کی وجہ سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے، ایسی ویڈیوز ہمارے معاشرے کے لیے قابل قبول نہیں ہیں‘۔

    سماعت کے دوران پی ٹی اے افسر نے استفسار پر بتایا تھا کہ انہوں نے ٹک ٹاک سے رابطہ کیا مگر ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں آیا۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ جب ٹک ٹاک تعاون نہ کرے اُس وقت تک سروس کو بند رکھا جائے۔

  • ایس ایچ او میاں عمران عباس کے قتل کا مقدمہ  درج

    ایس ایچ او میاں عمران عباس کے قتل کا مقدمہ درج

    راولپنڈی: ایس ایچ اومیاں عمران عباس کے قتل کا مقدمہ ایس ایچ اوتھانہ کینٹ اعزاز عظیم کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ، مقدمے میں دہشت گردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ایس ایچ اومیاں عمران عباس کےقتل کامقدمہ تھانہ سول لائن میں درج کرلیا گیا ، مقدمہ ایس ایچ اوتھانہ کینٹ اعزاز عظیم کی مدعیت میں درج کیاگیا جبکہ دہشت گردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہے۔

    مدعی مقدمہ میں بتایا گیا ہے کہ شام ساڑھے 4 بجےمیاں عمران عباس سے رابطہ ہوا، وہ اہلیہ وبچوں کےہمراہ مری روڈآئےتھے، میاں عمران ریسٹورنٹ سے نکلے تو میں 2 اہلکاروں کے ہمراہ پیچھے تھا۔

    مدعی مقدمہ نے کہا کہ جمخانہ کےقریب2موٹرسائیکل سوارمیاں عمران کی گاڑی کےقریب آئے ، پیچھےبیٹھےموٹرسائیکل سوار نےپستول سے میاں عمران پرفائرکیا، جس سے میاں عمران عباس زخمی ہوگئے اور گاڑی بےقابوہوکرفٹ پاتھ سےٹکرائی۔

    مدعی کا کہنا تھا کہ دیگرساتھیوں کےساتھ ملزمان کا پیچھاکیامگروہ رش کافائدہ اٹھاکرفرارہوگئے، میاں عمران عباس کی گردن پر گولی لگی اسپتال منتقل کیامگرجانبرنہ ہوسکے، مقدمہ

    میاں عمران عباس سنگین نوعیت کےمقدمات کی تفتیش کررہےتھے، ملزمان کو سامنے آنے پر ان کی شناخت کرسکتےہیں، دونوں ملزمان کی عمریں 30 سے 35 سال،بھاری جسم،گندمی رنگ تھا۔

  • راولپنڈی میں فائرنگ سے ایس ایچ او شہید

    راولپنڈی میں فائرنگ سے ایس ایچ او شہید

    راولپنڈی میں کچہری کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ ریس کورس میاں عمران شہید ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ریس کورس میاں عمران اپنے گھر سے گاڑی میں نکلے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان ایس ایچ او پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق شہید ایس ایچ او میاں عمران کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او راولپنڈی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ شہید ایس ایچ او میاں عمران کے والد بھی پولیس مقابلے کے دوران شرپسند عناصر کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق شہید ایس ایچ او میاں عمران نے بھی شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی تھی اور انہیں دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔