Author: بابر ملک

  • موٹروے پر مسافر کوچ کے ڈرائیور کو دل کا دورہ

    موٹروے پر مسافر کوچ کے ڈرائیور کو دل کا دورہ

    کراچی میں موٹروے پر مسافر کوچ کے ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑ گیا تاہم بس بڑے حادثے سے بچ ‏گئی۔

    ترجمان موٹروے پولیس ساوتھ زون کے مطابق ڈی ایچ اے سٹی کے قریب گاڑی چلاتے وقت ‏ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑا جس کی فوری اطلاع مسافروں نے موٹروے پولیس کو دی۔

    مسافروں نے موٹر وے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر کال کرکے مدد طلب کی اور اطلاع ملنے پر ‏پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کوچ ڈرائیور کی موٹر وے پولیس نے فوری طبی امداد دے کر جان بچا لی۔ ‏ڈرائیور پریل بھٹو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    ڈرائیور نے فوری طبی امداد دیے جانے پر موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‏بروقت طبی امداد دے کر جان بچانے پر وہ پولیس کے مشکور ہیں۔

  • ریسٹورنٹس میں ڈائیننگ کھولنے کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

    ریسٹورنٹس میں ڈائیننگ کھولنے کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آل راولپنڈی ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ریسٹورنٹس میں ڈائیننگ کھلوانے کے لئے وزیراعظم سے آج بات کروں گا، ریسٹورنٹس کے ملازمین کو بے روزگار نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے آل راولپنڈی ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں چیئرمین ممتاز احمد نے بتایا کہ اس وقت عملا کرونا کے نام پر صرف ایک شعبے ریسٹورنٹس پر پابندی ہے۔

    صدر سائیں ملک اعجاز نے کہا بہتر حالات کے بعد سکول کھولے گئے اب ایس او پی کے ساتھ ریسٹورنٹس کو بھی کام کرنے دیا جائے، سیکریٹری محمد فاروق چودھری نے بتایا کہ پہلے لاک ڈاؤن میں پچاس ہزار سے زائد ورکرز بیروزگار اور ہزاروں ریسٹورنٹس بند ہوئے۔

    شیخ رشید نے یقین دہانی کرائی کہ ریسٹورنٹس میں ڈائیننگ کھلوانے کے لئے وزیراعظم سے آج بات کروں گا، ہماری حکومت کا کام لوگوں کو روزگار فراہم کرنا ہے اس کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ، ریسٹورنٹس کے ملازمین کو بےروزگار نہیں ہونے دیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم عوامی نمائیدے ہیں اور عوام کے مسائل کو سمجھتے ہیں، گیس پریشر اور ٹریف میں کرونا سے متاثر ریسٹورنٹس کے لیے پیکج دیں گے۔

  • سال 2020 : ملک بھر میں سائبرکرائم کی شرح میں 5 گنا اضافہ ریکارڈ

    سال 2020 : ملک بھر میں سائبرکرائم کی شرح میں 5 گنا اضافہ ریکارڈ

    اسلام آباد : سائبرکرائم ونگ نے سال 2020کو سائبر کرائم سے متعلق مشکل ترین سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال ملک بھر میں سائبرکرائم کی شرح میں 5گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سائبرکرائم ونگ نے2020کی رپورٹ جاری کردی، جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں سائبرکرائم کی شرح میں 5گنا اضافہ ہوا ، اس دوران ملک بھر سے سائبرکرائم کی 94ہزار227 شکایت موصول ہوئیں، جس میں خواتین کوبدنام کرنے، جنسی ہراسگی سے متعلق، چائلڈپورنوگرافی،مالی دھوکادہی کے حوالے سے شکایات شامل ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ شکایات موصول ہوئی، جس میں سے 9037 شکایات کا ازالہ کیا گیا اور چائلڈ پونو گرافی کے خلاف 24 مقدمات درج کر کے 26ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    حکام نے بتایا کہ 22گینگز کے 661ملزمان کوگرفتارکرکے 2لاکھ الیکٹرونکس آلات برآمدکئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کےنام پردھوکادینےوالے22ملزمان کو گرفتار کر کے 40لاکھ روپے برآمد کئے گئے۔

    ترجمان نے سال 2020 کو سائبر کرائم سے متعلق مشکل ترین سال قرار دیتے ہوئے کہا شکایات کے فوری ازالے کیلئےخصوصی حکمت عملی اختیار کر لی گئی ہے اور بچوں کےاستحصال کےخلاف خصوصی ونگ نے کام شروع کردیا ہے۔

  • راولپنڈی : شادی کے 5 ماہ بعد ہی  نوجوان لڑکی شوہر کے ہاتھوں  قتل

    راولپنڈی : شادی کے 5 ماہ بعد ہی نوجوان لڑکی شوہر کے ہاتھوں قتل

    راولپنڈی : تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں نوجوان لڑکی قتل کو قتل کردیا گیا ، پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں شوہر نے اپنی بیوی کو قتل کردیا ، مقتولہ حمیرا کے والد کا کہنا ہے کہ 18 سالہ حمیرا نیاز کو مبینہ طور پر گھر پر قتل کیا گیا،حمیرا کی شادی کو پانچ ماہ ہوئے تھے۔ والد حمیرا

    والد مقتولہ نے بتایا کہ حمیرا کا اسکے شوہر عدنان سے اکثر جھگڑا رہتا تھا، ہمارے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے ہمیں انصاف چاہیے ، میری معصوم بیٹی کو سفاکیت سے قتل کیا گیا ملزم کو پھانسی دی جائے۔

    پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرنے کی کاروائی شروع کر دی ہے۔

    یاد رہے لاہور کے علاقے کاہنہ میں اغوا کے بعد قتل کی جانے والی دو بہنوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں بہنوں کو گلا کاٹ کر قتل کیا کیا۔

    آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • سائبر کرائم ایکٹ میں پہلی سزا

    سائبر کرائم ایکٹ میں پہلی سزا

    اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی (ایف آئی اے کی خصوصی عدالت) راجہ غضنفر علی خان نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے اور خواتین کو بلیک میل کرنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو7سال قید سخت اور90ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

    ایف آئی اے سائنر کرائم ونگ گزشتہ سال24جون کو جواں سال خاتون کے والد کی درخواست پر” پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ“(پی ای سی اے)2016کی دفعہ 20،21اور24کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ109کے تحت مقدمہ نمبر 32درج کر کے افضال احمد نصیر نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

    ملزم مذکورہ خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز فیس بک، میسنجر اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرکے بلیک میل کرتا تھا۔

    ایف آئی اے نے ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کا موبائل فون اور فیس بک اکاؤنٹ ضبط کرنے کے اوراس کافرانزک تجزیہ کروانے کے بعد الزام ثابت ہونے پر عدالت میں پیش کیا تھا جہاں عدالت نے ملزم کو29جون کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا تھااس دوران سول اور سیشن عدالت کے علاوہ ہائی کورٹ نے بھی ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

    ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو 7سال قید سخت اور90ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

  • مولانا طارق جمیل کی طبیعت میں بہتری، تصویر سامنے آگئی

    مولانا طارق جمیل کی طبیعت میں بہتری، تصویر سامنے آگئی

    کورونا میں مبتلا ممتاز عالم دین و مبلغ مولانا طارق جمیل روبہ صحت ہیں اور انہیں معمول کی ادویات دی جارہی ہیں۔

    مولانا طارق جمیل کورونا کے باعث راولپنڈی کے سی ایم ایچ میں زیرِ علاج ہیں جہاں ان کی طبیعت میں بہتری آئی ہے۔
    مولانا طارق جمیل کا سی ایم ایچ اسپتال میں آج تیسرا روز ہے اور کل دوبارہ کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا طارق جمیل کو معمول کی ادویات دی جارہی ہیں ساتھ ہی خوراک اور پھل دیے جارہے ہیں۔

    معروف عالم دین ٹوئٹر پر جاری بیان میں اطلاع دی تھی کہ ان کی گزشتہ کچھ ایام سے طبیعت ناساز تھی جس کے باعث انہوں نے کورونا ٹیسٹ کرایا جس کا نتیجہ مثبت آگیا ، اطبّاء کے مشورے سے اسپتال میں داخل ہو گیا ہوں، تمام محبین سے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل کی کروناسےجلدصحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مولاناطارق جمیل کی جلد اور مکمل صحتیابی کیلئےدعاگو ہوں۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، دو خواتین گرفتار

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، دو خواتین گرفتار

    اسلام آباد : انسداد منشیات فورس نے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے نشہ آور ادویات اسمگل کرنے والی دو خواتین کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بھاری تعداد میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بیرون اسمگل کی جانے والی نشہ آور ادوایات برآمد کرلیں۔

    ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر موجود اہلکاروں نے بیگ سے نشہ آور ممنوعہ گولیوں کے 9 پیکٹ برآمد ہونے پر جدہ جانے والی دونوں خواتین کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار خواتین سے برآمد کی گئی نشہ آور ممنوعہ گولیوں کا وزن 8 کلو گرام سے زائد ہے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشتبہ شخص‌ گرفتار، 21 کلو سے زائد ہیروئن برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں مشکوک شخص کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد کی تھی۔

  • ہراسگی، تشدد اور زیادتی کے واقعات، خواتین کے لیے اچھی خبر

    ہراسگی، تشدد اور زیادتی کے واقعات، خواتین کے لیے اچھی خبر

    راولپنڈی: پولیس نے خواتین کو ہراسگی، گھریلو تشدد اور زیادتی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے خصوصی یونٹ قائم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کی جانب سے قائم کردہ اپنی طرز کے پہلے یونٹ کا نام ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ ہے، جہاں خواتین جنسی زیادتی، گھریلو تشدد یا کام کی جگہ پر ہراسگی کی شکایات رپورٹ کر سکیں گی۔

    ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ خواتین کی شکایات پر ان کی دہلیز پر پہنچ کر سہولیات فراہم کرے گا، شکایت رپورٹ ہونے پر یونٹ خاتون افسر کی سربراہی میں شکایت کنندہ خاتون کے گھر پہنچ کر قانونی کاروائی کا آغاز کریں گی۔

    ترجمان پولیس کے مطابق شکایت رپورٹ کرنے والی خاتون کو کسی بھی مرحلے پر تھانے آنے کی ضرورت نہیں ہوگی، خاتون اگر اپنا نام ظاہر نہ کرنا چاہے تو مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا جاۓ گا۔

    شکایات راولپنڈی پولیس کے یونی ورسل ایکسس نمبر 111CPORWP 111276797 پر کسی بھی وقت نوٹ کروائی جا سکیں گی، ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ کی انچارج خاتون افسر ہوں گی، جب کہ سینئر افسران براہ راست مانیٹرنگ کریں گے۔

    سی پی او محمد احسن یونس کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد، زیادتی اور ہراسگی کے معاملے میں راولپنڈی پولیس زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہراسمنٹ رپورٹنگ یونٹ کا قیام اس کا عملی مظاہرہ ہے، یہ یونٹ خواتین کو معاشرے میں اپنے تمام فرائض سرانجام دینے میں مدد دے گا۔

  • راولپنڈی: رکشے میں دھماکا، 1 شخص جاں بحق، 7 افراد زخمی

    راولپنڈی: رکشے میں دھماکا، 1 شخص جاں بحق، 7 افراد زخمی

    راولپنڈی: پنجاب میں پیرو دھائی بس اڈے کے قریب رکشے میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق اور 7افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پیرو دھائی بس اڈے کے قریب پیش آیا، رکشے میں اچانک دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے، دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    زخمیوں اور جاں بحق شخص کی شناخت کی جا رہی ہے، واقعہ کی اطلاع پر سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس، سینئر پولیس افسران اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی موقع پر موجود ہیں۔

    ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے، دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، تحقیقات کے بعد دھماکا کی نوعیت کے بارے میں حتمی راۓ دی جا سکے گی۔

  • بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    روالپنڈی: مرغزار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا روانہ کر دیاگیا ہے، فضائی حدود استعمال کے معاملے پر بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں 10 گھنٹے تاخیر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے تنہا ترین سمجھے جانے والے ہاتھی کاوان کو آخر کار 35 سال بعد تکلیف دہ صورت حال سے نجات مل گئی، اور اسے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کمبوڈیا روانہ کر دیا گیا۔

    کاوان کو دیگر ہاتھیوں کے ساتھ کمبوڈیا میں قدرتی مسکن جنگل میں رکھا جائے گا، 2012 میں ساتھی ہتھنی کے مر جانے کے بعد سے کاوان تنہا زندگی گزار رہا تھا۔

    چڑیا گھر میں کاوان ہاتھی کا احاطہ، جو پینتیس سال بعد ہاتھی کے جانے کے بعد خالی ہو گیا ہے

    روس کا خصوصی کارگو طیارہ کاوان کو کنٹینر میں لے کر روانہ ہوا، گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ ہاتھی کو بے ہوش کر کے منتقل کیا جائے گا، 2 غیر ملکی ڈاکٹرز اور 8 رکنی ٹیکنیکل ٹیم بھی ساتھ روانہ ہوئی ہے۔

    کاوان کو الوداعی پارٹی بھی دی گئی

    کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)

    ہاتھی کاوان کی کمبوڈیا منتقلی جانوروں کے حقوق کی تنظیم فورپا کی کوششوں سے عمل میں آئی ہے، 9 من وزنی کنٹینر کی منتقلی کے لیے این ایل سی نے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔

    یاد رہے کہ کاوان ہاتھی 35 سال قبل سری لنکا کی جانب سے تحفے میں دیاگیا تھا، کاوان کو گزشتہ روز طیارے میں کمبوڈیا روانہ کیا جانا تھا لیکن بھارت نے فضائی حدود کا جھگڑا کھڑا کر دیا جس کی وجہ سے دس گھنٹے کی تاخیر ہو گئی۔