Author: بابر ملک

  • ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بزرگ خاتون کو گولی مار دی

    ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بزرگ خاتون کو گولی مار دی

    راولپنڈی: پنجاب کے شہر پنڈی میں ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بزرگ خاتون کو گولی مار دی، جس سے وہ جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر لوٹ مار کی، مزاحمت پر انھوں نے 70 سالہ بزرگ خاتون کو قتل کر دیا اور گھر میں لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔

    ایک رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ راولپنڈی میں ڈکیتیوں، کار اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، شہر اور مضافات میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ وارداتیں اندرون شہر اور گرد و نواح، ٹیکسلا واہ، رواث گوجر خان، صدر بیرونی سرکل میں ہوئیں، شہریوں نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

    ادھر ضلع سیالکوٹ کے شہر ڈسکہ میں گھر والوں کی پسند سے شادی سے انکار پر ماں کے ہاتھوں مطلقہ بیٹی قتل ہو گئی، یہ واقعہ علاقہ آڈھا میں پیش آیا، مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں ماں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ نے پسند کی شادی کی تھی لیکن ماں نے دباؤ ڈال کر طلاق دلوائی، اس کے بعد ملزمہ اپنی بیٹی کی مرضی کے خلاف دوسری شادی کرانا چاہتی تھی لیکن بیٹی نے انکار کر دیا تھا۔

  • لاہور: ڈیفنس سے 20 سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد

    لاہور: ڈیفنس سے 20 سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈیفنس کے علاقے سے 20 سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس سے 20 سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ گھریلو ملازمہ عالیہ کوثر نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ زیادتی سمیت دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش جاری ہے،لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

    اس سے قبل 9 جولائی کو لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن سے گھریلو تشدد کی شکار 8 سالہ ملازمہ کو بازیاب کرایا گیا تھا۔بازیاب کرائی گئی بچی کے ہاتھ،پاؤں، بازو، گردن اور کمر پر زخموں کے نشانات تھے۔

    بعدازاں چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ستو کتلہ کے علاقے میں آٹھ سالہ گھریلو ملازمہ ثناء پر تشدد کا مقدمہ ملزم حماد کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال یکم جنوری کو لاہور میں چوہنگ کے علاقے میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں 15 سالہ گھریلو ملازمہ ثناء کو تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔پولیس نے ملازمہ پر تشدد اور قتل کے الزام میں میاں بیوی کو حراست میں لیا تھا۔

  • مری میں خوں خوار چیتے نے موٹر سائیکل سواروں پر حملہ  کر دیا، زخمیوں کی شدید مزاحمت

    مری میں خوں خوار چیتے نے موٹر سائیکل سواروں پر حملہ کر دیا، زخمیوں کی شدید مزاحمت

    راولپنڈی: مری کے علاقے میں ایک خوں خوار چیتے نے اچانک موٹر سائیکل سواروں پر حملہ کر کے انھیں شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں کلڈنہ کے نواحی علاقے سندھیاں روڈ پر گزشتہ روز چیتے نے 2 افراد پر حملہ کر دیا، چیتے کے حملے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔

    زخمی ہونے والے افراد کی شناخت مراد علی اور مدثر عباسی کے ناموں سے ہوئی ہے، مراد علی کا تعلق گاؤں سندھیاں سے جب کہ مدثر عباسی کا تعلق سترہ میل سے ہے۔

    رپورٹس کے مطابق چیتے کے حملے کے بعد دونوں افراد نے شدید مزاحمت کی، جس کے باعث ان کی جانیں بچ گئیں اور چیتے کو انھیں زخمی حالت میں چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔

    ذرایع کے مطابق سندھیاں روڈ پر دو افراد موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ ایک چیتے نے اچانک ان پر حملہ کر دیا، اچانک حملے سے انھیں سنبھلنے کا موقع بھی نہ مل سکا جس کے باعث چیتے نے انھیں زخمی کر دیا، تاہم مزاحمت کی وجہ سے چیتے کو بھاگنا پڑا۔

    ایبٹ آباد میں چیتے کا حملہ، 8 سالہ بچہ جاں بحق

    مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر دونوں زخمی افراد کو تعلقہ ہیڈ کوارٹر اسپتال مری منتقل کر دیا، جہاں انھیں طبی امداد دے رخصت کر دیا گیا۔

    واضح رہے کہ مری میں اس سے قبل بھی چیتے مقامی لوگوں پر متعدد بار حملے کر چکے ہیں، جن میں کئی افراد زخمی ہوئے۔

    گزشتہ برس مارچ میں ایک جنگلی چیتے نے خیبر پختون خواہ کے ہزارہ ڈویژن میں حملے کر کے 8 سالہ سفیان نامی بچے کی جان لی تھی، ایبٹ آباد کے نواحی پہاڑی علاقے نملی میرا کا رہائشی 8 سالہ سفیان گھر کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک اُس پر جنگلی چیتے نے حملہ کیا۔

  • لاہور میں ڈکیتی کے دوران 20 سالہ لڑکی سے گینگ ریپ

    لاہور میں ڈکیتی کے دوران 20 سالہ لڑکی سے گینگ ریپ

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں ڈکیتی کے دوران 20 سال کی لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا، پولیس نے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ڈکیتی کے دوران 20 سال کی لڑکی کو ڈاکوؤں نے جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا، پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے واردات کے دوران کمپاؤنڈر سے زیادتی کی۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق کلینک بند کرکے گھر جاتے ہوئے 4 ڈاکوؤں نے لڑکی کو روکا، ملزمان کمپاؤنڈر کو کھیتوں میں لے گئے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    متاثرہ لڑکی نے ایف آئی آر میں بتایا کہ ڈاکو 10 ہزار روپے، موبائل فون اور سونے کی بالیاں بھی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    سی سی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے، ، مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کرارہے ہیں واردات میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

  • معصوم بچے کے اندھے قتل اور ڈکیتی کا معمہ حل، مدعی قاتل نکلا

    معصوم بچے کے اندھے قتل اور ڈکیتی کا معمہ حل، مدعی قاتل نکلا

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں معصوم بچے کے اندھے قتل اور ڈکیتی کا معمہ حل کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور ایس پی ماڈل ٹاؤن انویسٹی گیشن اسد مظفر کی سربراہی میں لیاقت آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ہفتے قبل 14 سالہ معصوم بچے کے اندھے قتل و ڈکیتی کی واردات کا معمہ حل کرلیا، مدعی مقدمہ سگا خالو ہی قاتل نکلا۔

    ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق بچے نبیل کے قتل کی واردات میں ملوث تین ملزمان سگا خالو عبدالقیوم اور قریبی رشتے دار طبیب اور سلمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ملزم عبدالقیوم نے 2 مرلے کا گھر ہتھیانے کے لیے اپنی سالی کے بیٹے نبیل کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا، ملزم عبدالقیوم نے لالچ دے کر اپنے دو قریبی رشتے دار ساتھیوں طیب اور سلمان کو بھی ساتھ ملا لیا۔

    مقتول نبیل کا والد مالی اور والدہ گھروں میں کام کرتی ہے اور بچے دن بھر گھر میں اکیلے ہوتے تھے، ملزمان طوطے خریدنے کے بہانے مقتول نبیل کے گھر آئے اور اس کی 8 سالہ بہن نور فاطمہ کو چیز لینے باہر بھیج دیا۔

    ملزمان نے بچے کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا اور اسے ڈکیتی کا رنگ دینے کے لیے گھر میں لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔

    بعدازاں عبدالقیوم چالاکی سے خود ہی مقدمہ کا مدعی بن گیا اور پولیس سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتا رہا، ملزمان کی نشاندہی پر آلہ قتل چھری، پسٹل اور مسروقہ 2 لاکھ روپے نقدی، چیک بک، پاسپورٹ، شناختی کارڈ و پیج کس برآمد کرلیے گئے۔

    ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق انویسٹی گیشن لیاقت آباد نے ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا۔

  • شیخ رشید نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی

    شیخ رشید نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی

    راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید ملٹری اسپتال راولپنڈی سے ڈسچارج ہو کر گھر منتقل ہو گئے ہیں، شیخ رشید احمد 11 جون سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    7 جون کو شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وہ آئیسولیشن میں چلے گئے تھے، تاہم طبیعت خراب ہونے پر وہ ملٹری اسپتال منتقل ہو گئے تھے، شیخ رشید کا گزشتہ روز کرونا ٹیسٹ دوبارہ کیا گیا، منفی آنے پر انھیں اسپتال سے آج ڈسچارج کر دیا گیا۔

    اسپتال رخصتی سے قبل شیخ رشید نے اسپتال کے عملے کا شکریہ ادا کیا، کرونا کے مریضوں کا علاج کرنے اور ان کو حوصلہ دینے پر عملے کی تعریف کی۔ وزیر ریلوے کو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بھی صحت یاب ہونے پر گل دستے پیش کیے۔

    ڈاکٹرز نے شیخ رشید کو چند روز تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ شیخ رشید صحت یاب ہو گئے، قوم کی دعاؤں اور محبتوں کے شکر گزار ہیں، بہت جلد وفاقی وزیر معمول کی سرگرمیوں میں مشغول ہوں گے۔

    گزشتہ روز شیخ رشید نے اسپتال سے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے میری صحت یابی کے لیے دعا کی، وزیر اعظم اور آرمی چیف کا خصوصی طور پر مشکور ہوں جب کہ صدر مملکت، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کا بھی مشکور ہوں، یہ تمام شخصیات میرے علاج سے متعلق معلوم کرتی رہیں۔

  • ایکٹیمرا انجیکشن بلیک میں فروخت کرنے والے گروہ کا اہم رکن گرفتار

    ایکٹیمرا انجیکشن بلیک میں فروخت کرنے والے گروہ کا اہم رکن گرفتار

    راولپنڈی: کرونا وائرس انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال کیا جانے والا ایکٹیمرا انجیکشن بلیک میں فروخت کرنے والے گروہ کا ایک اہم رکن گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیشل برانچ راولپنڈی نے ایک کارروائی میں Actemra انجیکشن کی بلیک میں فروخت کرنے والے گروہ کا اہم رکن گرفتار کر لیا، گروہ سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ یہ پورے پاکستان میں پھیلا ہوا ہے۔

    ڈی ایس پی اسپیشل برانچ طاہر انیس نے بتایا کہ عوامی شکایات کے اندراج کے بعد ٹیکنیکل آلات کی مدد سے گروہ کے رکن کو ٹریس کیا گیا، یہ گروہ Actemra انجیکشن بلیک مارکیٹ میں حکومت کی طرف سے مقرر کردہ قیمت سے 6 سے 8 گنا زیادہ داموں پر بیچ رہا تھا۔

    ‘پلازمہ اور ڈیکسا میتھاسون اور ایکٹیمرا کرونا کا علاج نہیں’

    خیال رہے کہ منافع خور مافیا جوڑوں کے درد کے ضرورت مند مریضوں اور کرونا کے تشویش ناک مریضوں کی مجبوریوں کا مسلسل فائدہ اٹھا رہا ہے، طبی ماہرین کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آنے کے بعد کہ ٹوسیلو زومیب انجیکشن کرونا کے مریضوں کے لیے مفید ہے، پاکستان میں اس مافیا نے مارکیٹ سے اس انجیکشن ہی کو غائب کر دیا تھا، اور اب اسے نہایت مہنگے داموں بیچا جا رہا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ مذکورہ گروہ راولپنڈی، پشاور اور کراچی میں پھیلا ہوا ہے، آج اسپیشل برانچ راولپنڈی کی نشان دہی پر راولپنڈی پولیس اور محکمہ صحت نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پر اس گروہ کے ایک رکن کو پکڑا۔

    پولیس نے مذکورہ مافیا رکن کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • کالعدم جماعت کے 4 رہنماؤں کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے جرم میں سزا

    کالعدم جماعت کے 4 رہنماؤں کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے جرم میں سزا

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعت کے 4 رہنماؤں کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے جرم میں سزا سنادی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دہشت گردی کی مالی معاونت کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر کالعدم جماعت الدعوۃ سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان کو سزا سنادی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مجرم کو ایک اور 5، 5 سال کی سزائیں سنائی گئی ہیں، ظفر اقبال اور یحیٰی عزیز کو 5، 5 سال، عبدالرحمان مکی، عبدالسلام کو ایک سال کی سزا دی گئی۔

    اے ٹی سی نے ملزمان کی جائیدادیں بھی قرق کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم پروفیسر ظفر اقبال پر 50 ہزار جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، عدالت نے یحییٰ مجاہد کو سزا کے ساتھ 50 ہزار جرمانہ کی سزا دی۔

    ملزم پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی کو ایک سال قید، 20 ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی، اسی طرح ملزم حافظ عبدالسلام بن محمد کو ایک سال قید، 20 ہزار جرمانے کی سزا دی گئی۔

    واضح رہے کہ ملزمان کو دہشت گردی کی مالی معاونت کا جرم ثابت ہونے پر سزائیں دی گئی ہیں۔

  • لاہور، کبوتر بازی کے دوران لڑائی، 13 سالہ لڑکے کو کزن نے قتل کردیا

    لاہور، کبوتر بازی کے دوران لڑائی، 13 سالہ لڑکے کو کزن نے قتل کردیا

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں کبوتر بازی کے دوران لڑائی میں 13 سالہ لڑکے کو کزن نے قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے لیاقت آباد پنڈی اسٹاپ میں کبوتر بازی کے دوران لڑائی میں 13 سالہ لڑکے کو کزن نے ہی چھریوں کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق 13 سالہ نبیل چھت پر کبوتر بازی کررہا تھا اس دوران خالہ زاد بھائی سلیمان نے مقتول سے طوطے مانگے، نبیل نے طوطے دینے سے انکار کیا تو دونوں میں لڑائی ہوئی اور سلیمان نے چھری کے وار کرکے اپنے کزن کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو مردہ خانے منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: لاہور، بھائی نے بھائی کو قتل کردیا

    واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے جنوبی چھاؤنی میں ملزم شکیل نے گھریلو جھگڑے پر اپنے 40 سالہ بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

    اس سے قبل لاہور کے علاقے شفیق آباد میں تیس سالہ شہزاد نذیر کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول شہزاد کو اس کے بھائی امتیاز نے مبینہ طور پر قتل کیا ہے، 30 سالہ شہزاد نذیر گھر کی چھت پر سویا ہوا تھا کہ امتیاز نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔

  • راولپنڈی میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

    راولپنڈی میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے علاقے صدر بڑا بازار کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی صدر بڑا بازار کوئلہ سینٹر کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد الیکٹرک پول کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔

    دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عارفین کے نام سے ہوئی ہے، مقتول سبزی اور فروٹ کی ریڑھی لگاتا تھا۔

    دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

    زخمیوں میں 3 بچوں عباس، سفیان، ولی سمیت عمران ولد اقبال، شمریز ولد یعقوب، ناصر ولد افسر، شاہد ولد علی محمد، خدا بخش ولد فیض بخش، حماد ولد بلال، احمد دین ولد نور دین شامل ہیں۔

    ایس ایس پی آپریشنز طارق ولایت کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت سے متعلق بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر ماہرین تحقیقات کررہے ہیں۔

    دوسری جانب سی ٹی ڈی نے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی، ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کسی قسم کے بال بیرنگ استعمال نہیں ہوئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں پھلوں کا ٹھیلا اور 2 موٹر سائیکلیں تباہ ہوئیں، دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لوکل ڈیوائس سے دھماکا خیز مواد تیار کیا گیا، دھماکے میں استعمال دیگر مواد سے متعلق لیب رپورٹ آنےکے بعد پتا چلے گا۔