Author: بابر ملک

  • روالپنڈی، بدفعلی کا نشانہ بننے والا 16 سالہ نوجوان دم توڑ گیا

    روالپنڈی، بدفعلی کا نشانہ بننے والا 16 سالہ نوجوان دم توڑ گیا

    راولپنڈی : روالپنڈی کے ضلع کوٹلی ستیاں کے علاقے موڑی میں بدفعلی کا نشانہ بننے والا کمسن بچہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق روالپنڈی کے ضلع کوٹلی ستیاں سے تعلق رکھنے والے 16 سالہ بچے کو پانچ روز قبل اوباش نوجوانوں نے زیادتی سے انکار پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اُس کے ساتھ بدفعلی کی۔

    نوجوان کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال روالپنڈی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُس کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا۔

    میڈیکل لیگو آفیسر اور پولیس کے مطابق متاثرہ بچہ دو روز تک اسپتال میں زیر علاج رہا اور وہ اتوار کی شام زندگی کی بازی ہار گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کے دوست اُسے تفریحی کے لیے اپنے ساتھ لے گئے تھے،  جب وہ رات گئے تک گھر واپس نہیں آیا تو اہل خانہ نے گمشدگی سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا۔

    تھانہ کوٹلی ستیاں پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ بچے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اُس کے ساتھ بدفعلی  بھی کی گئی ہے۔ مقتول کی شناخت احسن علی کے نام سے ہوئی ہے۔

    ڈاکٹرز نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا جبکہ پولیس نے مقدمہ کے اندراج کے لیے اہل خانہ سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔

  • راولپنڈی پولیس کی حراست اغواء برائے تاوان کے دو ملزمان فرار

    راولپنڈی پولیس کی حراست اغواء برائے تاوان کے دو ملزمان فرار

    راولپنڈی : پنڈی پولیس کی حراست سے اغوا برائے تاوان کے دو ملزمان فرار ہوگئے، ملزمان جسمانی ریمانڈ پر تھانہ ایئرپورٹ کے حوالات میں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اغواء برائے تاوان کے ملزمان کے فرار ہونے کا واقعہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پیش آیا جہاں پولیس کی حراست سے دو ملزمان فرار ہوگئے تاہم ملزمان کے دو ساتھی زخمی ہونے کی وجہ سے فرار نہیں ہوسکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آر پی او نے اغواکاروں کے فرار ہونے پر سی پی او سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان جسمانی ریمانڈ پر تھانہ ایئرپورٹ کے حوالات میں تھے، فرار ملزمان اب تک پچاس کروڑ سے زائد تاوان وصول کرچکے ہیں۔

    میڈیا ذرائع کے مطابق اغواکاروں کی گرفتاری پر سی پی او احسن یونس نے نیوز کانفرنس کرنا تھی۔ آئی جی پنجاب نے بھی ملزمان کے فرار ہونے پر نوٹس لےلیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کا کہنا ہے کہ اغوا برائے تاوان کے ملزمان کے فرار ہونے سے گواہوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے جبکہ جو ملزمان فرار نہیں ہوپائے ان کی جانوں کو بھی خطرہ ہے۔

    راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی، پانچ رکنی گینگ گرفتار

    خیال رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی معہ قتل، قتل اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے مسروقہ رقم 2لاکھ 32ہزار روپے، طلائی زیورات، مسروقہ موٹرسائیکل، اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ 05پستول 30بور معہ 26روند برآمد کیے تھے۔

  • خوشی کی تقریبات پر پابندی، خواجہ سراؤں کو گھر کی دہلیز پر راشن فراہم

    خوشی کی تقریبات پر پابندی، خواجہ سراؤں کو گھر کی دہلیز پر راشن فراہم

    راولپنڈی: ملک بھر میں لاک ڈاؤن اور شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی کی وجہ سے خواجہ سرا بھی مشکل میں آ گئے ہیں، تاہم راولپنڈی پولیس نے اس سلسلے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے گھروں کی دہلیز پر انھیں راشن فراہم کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی پولیس خواجہ سراؤں کو راشن پیکج پہنچانے ان کی دہلیز پر پہنچ گئی، گزشتہ روز آئی جی پنجاب اور سی پی او احسن یونس کی ہدایات پر مستحق خواجہ سراؤں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اے ایس پی سول لائنز بینش فاطمہ اور پولیس کے دیگر افسران اور جوانوں نے راشن خواجہ سراؤں کے گھروں تک پہنچایا، اے ایس پی بینش فاطمہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مستحق افراد تک راشن پہنچانے کا فریضہ انجام دینا باعث فخر ہے۔

    پنجاب میں 25 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع، نوٹیفکیشن جاری

    اس موقع پر خواجہ سراؤں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی کی وجہ سے وہ بھوک اور افلاس کا شکار ہوئے، وہ کئی دن سے گھروں میں بند تھے اور بھوکے بیٹھے تھے، آئی جی پنجاب اور سی پی او راولپنڈی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے ہمارا خیال رکھا، اس مشکل وقت میں پولیس کا مثبت چہرہ اور کردار سامنے آیا ہے۔

    سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگاری کے شکار تمام طبقات کی مدد کے لیے راولپنڈی پولیس ہر وقت تیار ہے، آئی جی پنجاب کے حکم پر اب تک 1700 سے زائد مستحق افراد کو گھر کی دہلیز تک راشن فراہم کیا جا چکا ہے، راولپنڈی پولیس جرائم اور کرونا کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ شہریوں کی خدمت کا فریضہ بھی انجام دیتی رہے گی۔

  • شادی کے لیے درخت کاٹنے والا دولھا درخت کے نیچے دب کر جاں بحق

    شادی کے لیے درخت کاٹنے والا دولھا درخت کے نیچے دب کر جاں بحق

    بھمبر: آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں اپنی شادی کے لیے درخت کاٹنے والا دولھا درخت کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھمبر کی تحصیل سماہنی میں شادی کے لیے تیاریاں کرنے والے نوجوان کی افسوس ناک موت واقع ہو گئی، شادی کا گھرماتم کدہ بن گیا، نوجوان درخت کاٹتے ہوئے درخت تلے ہی آ کر جاں بحق ہو گیا۔

    نوجوان پس ماندہ علاقے رعل میں اپنی شادی کی تقریب کے لیے ایندھن جمع کر رہا تھا، اس مقصد کے لیے وہ درخت کاٹنے لگا، لیکن چیل کا درخت نوجوان کے اوپر ہی آ گرا جس سے وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    بھمبر کی تحصیل سماہنی میں وہ جنگل جہاں لکڑی کے حصول کے لیے درخت کاٹا جا رہا تھا

    خیال رہے کہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں جب دولھا عین اپنی شادی کے دن کسی ناگہانی حادثے کا شکار ہو کر دنیا سے رخصت ہوا، یا قتل کیا گیا۔ ایسا ہی ایک واقعہ 28 دسمبر کو پشاور کے مضافاتی علاقے سردار گڑھی میں بھی پیش آیا تھا۔

    پشاور : شادی کی تقریب میں جھگڑا، فائرنگ سے دولہا جاں بحق

    شادی کی تقریب جاری تھی، تصاویر اور ویڈیو بنائی جا رہی تھی، جب گھر میں اسی بات پر جھگڑا شروع ہو گیا کہ خواتین کی تصاویر اور ویڈیو نہیں بنائی جائے گی، جھگڑا اتنا بڑھا کہ اسلحہ نکل آیا اور فائرنگ شروع ہو گئی جس میں بد قسمت دولھا عابد زخمی ہو گیا، بعد ازاں اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ فائرنگ کرنے والے ملزمان میں دولھے کا بہنوئی بھی شامل تھا۔

  • ناصر بٹ کو قتل کے الزام میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

    ناصر بٹ کو قتل کے الزام میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

    راولپنڈی: عدالت نے 24 سال پرانے تہرے قتل کے کیس میں جج بلیک میلنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ناصر بٹ کے خلاف تہرے قتل کیس میں وارنٹ گرفتاری بغیر تعمیل واپس کر دیا گیا، صادق آباد تھانے کے سب انسپکٹر راشد نے وارنٹ سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے کہا کہ ناصر بٹ کی گرفتاری کے لیے عدالتی حکم پر ریکارڈ میں درج ایڈریس پر گیا، لیکن دستیاب پتے پر ناصر بٹ موجود نہیں تھا۔

    عدالت نے سب انسپکٹر کی رپورٹ پر ملزم ناصر بٹ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا، ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت ملزم کے خلاف نوٹس اشتہار بھی جاری کر دیا گیا جو عدالت، گھر، عوامی مقامات، ایئرپورٹ اور متعلقہ تھانے کی دیوار پر چسپاں ہوگا۔

    جج ویڈیو اسکینڈل: اسلام آباد ہائی کورٹ میں ناصر بٹ کی درخواست مسترد

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 30 یوم کی مدت کے اندر اگر ملزم نے خود کو عدالت کے روبرو پیش نہ کیا تو اسے اشتہاری قرار دیا جائے گا، نوٹس اشتہار جاری کرنے کے بعد عدالت نے سماعت 11 اپریل تک ملتوی کر دی۔

    خیال رہے کہ 24 سال پرانا کیس ناصر بٹ و دیگر کے خلاف حال ہی میں ری اوپن ہوا تھا، 1996 میں چاندنی چوک پر فائرنگ کے نتیجے میں پجارو میں سوار 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے، مقتولین میں 2 سگے بھائی انوار الحق اور اکرام الحق اور ڈرائیور گلفراز عباسی شامل تھے۔

    ناصر بٹ اس مقدمے میں اشتہاری رہا، حال ہی میں سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت کے بعد شامل تفتیش ہوا تھا، علاقہ مجسٹریٹ نے پولیس کی جانب سے ناصر بٹ کو بے گناہ قرار دے کر ڈسچارج کرنے کی درخواست اور ریکارڈ سیشن جج کو بھجوائے تھے۔

  • پولیس اہلکاروں کے قاتل کو 6 بار سزائے موت

    پولیس اہلکاروں کے قاتل کو 6 بار سزائے موت

    راولپنڈی :پولیس سب انسپکٹر سمیت 3پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کرنے والے مجرم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 6مرتبہ سزائے موت اورمجموعی طور پر74سزا قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 6 مرتبہ سزائے موت و 74سال قید کی سزا پانے والے مجرم عبدالقدیر نے گزشتہ سال فائرنگ کر کے سب انسپکٹر محمد اکرم،کانسٹیبل محمد زعفران اور ساجد محمود کو شہید کر دیا تھا۔

    شہید ہونے والے پولیس اہلکار صادق آباد کے علاقہ میں پولیس ناکہ پر کھڑے تھے تو اہلکاروں نے مجرم عبد القدیر کو روکا تو اس نے فائرنگ کر دی۔

    پولیس نے یکسوئی کے ساتھ تفتیش کی اور ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ ملزم کو عدالت میں چالان کیا، پولیس کی مربوط اور مکمل تفتیش و ٹھوس شواہد کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے مجرم کو سزا سنا دی۔

  • گوجر خان میں ٹریفک حادثہ، تین سگے بھائیوں سمیت 4 جاں بحق

    گوجر خان میں ٹریفک حادثہ، تین سگے بھائیوں سمیت 4 جاں بحق

    راولپنڈی: گوجر خان جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں 3 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرایع نے کہا ہے کہ گوجر خان جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس سے کار میں سوار چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ملک ارشد، ملک اظہر، ثاقب امجد اور حسن محمود شامل ہیں، جن میں سے تین سگے بھائی تھے، جاں بحق افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجر خان منتقل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تیز رفتار کار کھڑے ٹرک سے ٹکرا کر اس کے پیچھلے حصے کے نیچے گھس کر پچک گئی تھی، جس کے باعث کار سوار افراد جاں بحق ہوئے، ریسکیو اہل کاروں نے کار کی باڈی کاٹ کر لاشیں نکالیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور جانے والی وین میں آگ لگنے سے 11 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ سرگودھا میں بھیرہ کے قریب موٹر وے پر پیش آیا تھا، جس کی زد میں آ کر خواتین سمیت گیارہ مسافر جان کی بازی ہار گئے جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

    19 نومبر 2019 کو صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں تیز رفتار بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ 7 افراد زخمی تھے، حادثے کی شکار بس قصور سے ملتان جا رہی تھی۔ نومبر ہی میں سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر خوف ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، دو گاڑیوں کے درمیان خوف ناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے ، متوفی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

  • بے نظیر بھٹو اسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں لرزہ خیز واردات، نرسز خوف و ہراس کا شکار

    بے نظیر بھٹو اسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں لرزہ خیز واردات، نرسز خوف و ہراس کا شکار

    راولپنڈی: پنڈی میں واقع بے نظیر بھٹو اسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں لرزہ خیز واردات کے باعث نرسز خوف و ہراس کا شکار ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو اسپتال میں گزشتہ رات ایک شخص نرسنگ ہاسٹل کے گیٹ کی جالیاں اسٹیل کٹر سے کاٹ کر اندر جا گھسا تھا اور ایک مڈ وائف کو اغوا کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزم جس کا نام حماد بتایا گیا ہے، رات کے وقت بے نظیر بھٹو اسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں داخل ہوا اور نرسز کے رومز میں پھرتا رہا، کمروں کے دروازے کھٹکھٹائے، اور پھر سعدیہ نامی مڈ وائف کو اغوا کرنے کی کوشش کی لیکن مزاحمت پر اس کی کلائی کاٹ کر اسے شدید زخمی کر دیا۔

    بعد ازاں، ‏گارڈز نے نرسنگ ہاسٹل میں گھسنے والے ملزم حماد کو پکڑ کر پولیس حوالے کر دیا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ذہنی مریض ہو سکتا ہے، تاہم ہاسٹل کی نرسز کا کہنا تھا کہ ملزم ذہنی مریض نہیں ہو سکتا بلکہ کسی منظم گینگ کا حصہ لگتا ہے، وہ رات کی تاریکی میں سیکورٹی کو چکمہ دے کر نرسز کے رومز میں گھسا تھا اور تمام لڑکیوں کے کمروں کو کھٹکھٹاتا رہا تھا۔

    اس واقعے کے بعد ‏ہاسٹل میں قیام پذیر نرسز میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، ‏سیکریٹری ہیلتھ نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • پولیس ٹریننگ اسکول کے پرنسپل حسین نیکوکارہ کی نماز جنازہ ادا

    پولیس ٹریننگ اسکول کے پرنسپل حسین نیکوکارہ کی نماز جنازہ ادا

    راولپنڈی: پولیس ٹریننگ اسکول روات کے پرنسپل ایس ایس پی ابرار حسین نیکوکارہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس ٹریننگ اسکول کے پرنسپل نیکوکارہ کی نماز جنازہ میں پولیس آر پی او، سی پی او اور سینٹر پولیس افسران اور اہل کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    ترجمان پولیس کے مطابق راولپنڈی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی، ایس ایس پی ابرار حسین نیکوکارہ کے جسد خاکی کو مکمل اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے آبائی علاقہ کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

     

    پرنسپل ابرار حسین نیکوکارہ نے گزشتہ روز اپنے کمرے میں خود کشی کر لی تھی، پولیس حکام نے ان کی خود کشی اور تحریری رقعہ ملنے کی بھی تصدیق کی تھی۔ ابرار نیکوکارہ سی ٹی او فیصل آباد بھی تعینات رہے، وہ چنیوٹ کے علاقے ہرسہ شیخ کے رہایشی تھے۔

    ٹریننگ کالج روات کے پرنسپل نے خودکشی کر لی

    سی پی او راولپنڈی کا واقعے کے بعد کہنا تھا کہ کرائم سین کو پراسیس کر لیا گیا ہے، بہ ظاہر خود کشی پستول کے ذریعے کی گئی ہے، خود کشی کا نوٹ بھی جائے وقوعہ سے ملا ہے، تاہم پوسٹ مارٹم کروایا جا رہا ہے جس کی رپورٹ کے بعد مزید تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔

     

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ابرار نیکوکارہ ڈپریشن کا شکار تھے اور ایک ماہر نفسیات سے علاج بھی کروا رہے تھے، ان کی رہایش فیملی کے ساتھ سرکاری رہایش گاہ میں تھی، وہ انتہائی ملن سار اور خوش اخلاق طبیعت کے مالک سمجھے جاتے تھے، ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ انھیں قابلیت کے برعکس اب تک کوئی اہم پوسٹ پر تعینات نہیں کیا گیا تھا۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس حکام خود کشی کے نوٹ کو واضع کریں گے۔

  • سبز الائچی والا قہوہ پینا ناممکن، قیمت ناقابل یقین حد تک بڑھ گئی

    سبز الائچی والا قہوہ پینا ناممکن، قیمت ناقابل یقین حد تک بڑھ گئی

    راولپنڈی: قہوے والی سبز الائچی کو آگ لگ گئی، الائچی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق سبز الائچی والا قہوہ پینا عام شہری کے بس میں نہیں رہا، 3500 روپے کلو میں فروخت ہونے والی سبز الائچی 9000 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

    مارکیٹ ذرایع کے مطابق دوسرے درجے کی الائچی بھی 8500 روپے کلو فروخت ہونے لگی ہے۔

    خیال رہے کہ سردی شروع ہوتے ہی ملک بھر میں قہوے کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے، سردی سے ٹھٹھرتے جسم کے لیے گرما گرم قہوے کا استعمال بہت مفید رہتا ہے، قہوے کا استعمال تمام جسمانی افعال کو بھی متحرک رکھنے میں مددگار ہے۔

    شدید سردی کے باعث دیگر شہروں کے ساتھ راولپنڈی میں بھی قہوہ خانے آباد ہو گئے ہیں، تاہم طلب میں اضافے کو دیکھتے ہوئے قہوے میں ڈالی جانے والی سبز الائچی کی قیمتوں میں کئی سو گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    الائچی پاک و ہند سمیت ایشیائی ممالک میں گھروں میں عام مستعمل ہے اور اس کے بے شمار فوائد ہیں، انسان کے نظام انہضام پر اس کے بہترین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔