Author: بابر ملک

  • پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ گرفتار، ویمن تھانے منتقل

    پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ گرفتار، ویمن تھانے منتقل

    راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما عالیہ حمزہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا جنہیں ویمن تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول لائن پولیس نے پی ٹی آئی کے 2 کارکنان کو گرفتار کیا تھا، جس کو چھڑوانے کیلیے عالیہ حمزہ تھانے آئی تھیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق عالیہ حمزہ ایئر پورٹ تھانے کی حدود میں کل ہونے والے ورکرز کنونشن کے سلسلے میں گئی تھیں اس موقع پر پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم کارکنان سے سخت مزاحمت کی۔

    تاہم مزاحمت کو روکنے کیلیے عالیہ حمزہ نے پولیس کو خود گرفتاری دی ان کے ساتھ پی ٹی آئی کے 6 کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    پی ٹی آئی کی خاتون رہنما سیمابیہ طاہر  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عالیہ حمزہ سمیت 6 کارکنوں کو ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار رہنما اور کارکنان کو پہلے تھانہ سول لائن منتقل کیا
    ان سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 5 کارکنوں کو سول لائن سے واپس تھانہ ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا۔

    تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں آج ہمارا یوتھ کنونشن تھا جہاں سے عالیہ حمزہ کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا یا کنونشن کرنا ہمارا آئینی حق ہے، ہم نے قانون کے خلاف کوئی کام نہیں کیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں پاکستان تحریک انصاف نے سینیئر پارٹی رہنما عالیہ حمزہ کو پنجاب کا چیف آرگنائزر مقرر کیا تھا۔

    بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ان کی بحیثیت چیف آرگنائزر پنجاب کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

    گزشتہ سال اگست میں فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے پی ٹی آئی کی رہنما عالیہ حمزہ کی 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی تھی۔

    مزید پڑھیں : عدالت نے پولیس کو عالیہ حمزہ کی گرفتاری سے روک دیا

    عالیہ حمزہ کا شمار پی ٹی آئی کے نظریاتی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ 9 مئی 2023 کے واقعات میں ملوث ہونے پر وہ ایک سال سے زیادہ عرصہ تک جیل میں قید رہی ہیں۔

  • بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا

    بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا

    پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی تینوں بہنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    اڈیالہ روڈ پر پلازہ میں موجود پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف پولیس نے کارروائی کی اور اس دوران عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لیا گیا۔

    اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، نیاز اللہ نیازی، احمد بچھر، حامد رضا، زرتاج گل کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

    عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو قیدی وین میں منتقل کردیا گیا ہے، پی ٹی آئی کی قیادت اڈیالہ روڈ پر زیر تعمیر پلازہ میں موجود تھی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل بھی عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لیا گیا تھا اور کچھ دیر کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔

  • شہرت پانے والے ارشد چائے والا  کی پاکستانی شہریت پر سوال اٹھ گئے

    شہرت پانے والے ارشد چائے والا کی پاکستانی شہریت پر سوال اٹھ گئے

    لاہور: ارشد چائے والا کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیا گیا ، جس کے بعد شہرت پانے والے ارشد خان کی پاکستانی شہریت پر سوال اٹھ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ارشد خان چائے والا نے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ سے رجوع کرلیا۔

    ارشد خان نے نادرا اور پاسپورٹ امیگریشن حکام کے خلاف درخواست دائر کردی ، عمر اعجاز گیلانی ایڈووکیٹ کے زریعے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں درخواست دائر کی گئی۔

    درخواست گزار نے عدالت کوبتایا نادرا اور پاسپورٹ حکام نے شہریت کے شواہد پیش نہ کرنے پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردئیے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نادرا حکام کی جانب سے 1978 سے قبل کے رہائشی شواہد مانگے جارہے، ارشد خان نے 17برس کی عمر میں اسلام آباد میں چائے بیچتے شہرت حاصل کی تھی۔

    ارشد کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی تاہم شہرت پانے والے ارشد کی پاکستانی شہریت پر سوال اٹھ گئے۔

    لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ریکارڈ سمیت17اپریل کو طلب کرلیا۔

  • بانی پی ٹی آئی کی بہنیں دوبارہ اڈیالہ جیل ملاقات کے لیے جانے پر بضد

    بانی پی ٹی آئی کی بہنیں دوبارہ اڈیالہ جیل ملاقات کے لیے جانے پر بضد

    راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی بہنیں دوبارہ اڈیالہ جیل ملاقات کے لیے جانے پر بضد ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عمران خان کی بہنوں سمیت 11 کارکنان نے خود گرفتاری دے دی، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں اور کارکنان شادی ہال کے لان میں بیٹھ گئے۔

    صاحبزادہ حامد رضا، عالیہ حمزہ، شفقت اعوان بھی ساتھ موجود ہیں، نیاز اللہ نیازی، راجہ یاسر حسنین، حامد خان بھی عمران خان کی بہنوں کے ساتھ موجود ہیں۔

    ایس ایچ او صدر بیرونی اعزاز عظیم نے علیمہ خانم اور دیگر بہنوں کو گھر جانے کی پیشکش کی ہے تاہم علیمہ خان بضد ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ ہماری بھائی سے ملاقات کروائی جائے نہیں تو ادھ رہی رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی ہال کے گیٹ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے عمران خان کی بہنوں سمیت کسی خاتون کو گرفتار نہیں کیا، علیمہ خانم ودیگر نے پولیس گاڑی سے ’آن لائن کار سروس‘ حاصل کی، وہ اور ہمنوا خود ہی پولیس وین میں بیٹھیں اور خواجہ سروس اسٹیشن پر اتر گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ فوٹیج سے اس ڈرامہ بازی کی اصلیت دکھائی دے رہی ہے، عمران خان سے جھوٹی ہمدردیاں دکھانے کے لیے فلاپ شو کیا گیا ہے۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان شاہی انداز میں جیل کاٹ رہے ہیں، بشریٰ بی بی جیل میں بی کلاس ملنے کے باوجود بہترین سہولیات مانگ رہی ہیں۔

  • بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کو حراست میں لے لیا گیا

    بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں کو حراست میں لے لیا گیا

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی تینوں بہنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں، پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور شفقت اعوان کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    نیاز اللہ نیازی، راجہ یاسر حسنین، حامد خان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما، کارکنان اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے۔

    پولیس کی جانب سے اڈیالہ جیل کی جانب جانے والے راستے پولیس کی جانب سے سیل کیے گئے ہیں، پولیس کی جانب سے انہیں وارننگ دی گئی کہ وہاں سے ہٹ جائیں، وہاں کسی قسم کے احتجاج اور دھرنے کی اجازت نہیں ہے۔

    گورکھپور ناکہ کے قریب سے چار پی ٹی آئی کارکنان کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

    اس سے قبل علیمہ خانم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دیں گے تو ہم یہیں بیٹھیں گے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی مذمت

    چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علیمہ خانم کو حراست میں لینے کی مذمت کرتا ہوں، عدالتی حکم ہے کہ عمران خان سے فیملی کی ملاقات ہونی چاہییے۔

    انہوں نے کہا عمران خان کی بہنوں کو حراست میں لینا غیرقانونی اور غیر آئینی ہے، جیل انتظامیہ کی شرائط پر ملاقات کا کوئی آرڈر نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے کوئی پتھراؤ نہیں کیا گیا، ہم نے دھرنے کی کوئی کال نہیں دی، ہم صرف عمران خان کی بہنوں کی حمایت میں یہاں آئے تھے۔

     

  • مرغی کی قیمت کو پَر لگ گئے، ملک بھر میں نرخ میں ہوشربا اضافہ

    مرغی کی قیمت کو پَر لگ گئے، ملک بھر میں نرخ میں ہوشربا اضافہ

    برائلر مرغی کی قیمتوں کو پَر لگ گئے، پنجاب، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک مختلف شہروں کی ہول سیل منڈیوں میں برائلر مرغی 19600 روپے من میں فروخت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق برائلر مرغی کی قیمتوں میں پنجاب سمیت ملک بھر میں پھر اضافہ ہوا ہے، مرغی کا گوشت ہزار روپے فی کلو سے تجاوز کر گیا، راولپنڈی اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں برائلر مرغی کی قیمتی19600 روپے من آج ہول سیل منڈیوں میں فروخت کی گئی۔

    زندہ برائلر مرغی 590 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے، پولٹری فارم ایسوسی ایشنز کے گٹھ جوڑ رمضان المبارک میں فارمز مالکان نے غریب عوام کی جیبوں سے کروڑوں نکلوا لئے۔

    رمضان المبارک سے قبل مافیا نے 12 ہزار روپے فی من میں فروخت مرغی کو 19600 روپے تک پہنچا دیا، چینی مافیا کے بعد مرغی فارمز بڑا مافیا بن گیا اگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے موجودگی قیمتوں کو کنکر کے کنٹرول کے اقدامات نہ کئے تو عید الفطر پر مرغی ڈبل ریٹ پر ملے گی۔

    بی ایف اے برائلر فارم ایسوسی ایشن نے عید پر مرغی مزید مہنگی کرنے کے پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا، مرغی کی پیداوار کم کر دی گئی انڈے کی قیمتوں میں اضافے کے پلان پر بھی عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔

  • مرغی کا گوشت کتنے روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے؟

    مرغی کا گوشت کتنے روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے؟

    راولپنڈی: مرغی کا گوشت جڑواں شہروں سمیت پنجاب اور ملک بھر میں 850 سے بڑھ کر 950 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔

    حکومتی اقدامات کے برعکس قیمتیں کم ہونے کی بجائے آج برائلر مرغی کی قیمتوں میں 1200 روپے فی من مزید اضافہ ہو گیا ہے، وفاقی اور پنجاب حکومت کے اقدامات بھی بے اثر ثابت ہو گئے، اور برائلر مافیا سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر مرغی ہول سیل منڈی میں آج 19000 روپے فی من میں فروخت کی جا رہی ہے، بازاروں اور مارکیٹوں میں زندہ برائلر فی کلو 505 سے تجاوز کر گئی۔

    پولٹری فارم ایسوسی ایشن کے باہمی گٹھ جوڑ کے باعث مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے، مصنوعی قلت کے باعث مرغی کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ جاری ہے۔

    رمضان المبارک : 200 روپے کلو ملنے والا لیموں 400 روپے کلو فروخت ہونے لگا

    رمضان المبارک سے قبل مرغی 14 ہزار روپے من تک فروخت ہو رہی تھی، تین ماہ قبل 9 ہزار سے 12 ہزار روپے فی من میں بھی فروخت ہوئی ہے، عام دنوں میں برائلر گوشت کا فی کلو 450 اور زندہ برائلر مرغی 270 سے 300 روپے کلو دستیاب رہتی تھی۔

  • کراچی سے سوات جانے والی بس حادثے کا شکار،  5 افراد جاں بحق

    کراچی سے سوات جانے والی بس حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق

    راولپنڈی : موٹر وے پر کراچی سے سوات جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی ، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 18 افراد زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں موٹروے ایم ٹو نیلہ دولہ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی۔

    حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہوگئے ، جس میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہیں۔

    موٹر وے پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کےمطابق حادثہ ڈرائیورکی غفلت سے پیش آیا، کراچی سے سوات جانے والی بس میں 43 افراد سوار تھے۔

    یاد رہے راولپنڈی میں صبح سویرے افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں تھانہ روات کے علاقہ چیک بیلی روڈ کوٹلہ موڑ کے قریب ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم ہوا تھا اور حادثے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جانبحق ہوگئے تھے۔

    پولیس زرائع نے بتایا تھا کہ جانبحق افراد کی شناخت جنید احمد، صباء، مس وقار اور محمد جنید کے نام سے کی گئی تاہم ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق حادثہ مبینہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ، جس میں ٹرک اور کار آمنے سامنے سے ٹکرا گئے۔

  • راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے داخلی راستے سے مشکوک شخص گرفتار

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے داخلی راستے سے مشکوک شخص گرفتار

    راولپنڈی: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے داخلی راستے سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے داخلی راستے سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک شخص کی شناخت راجہ عزران کے نام سے ہوئی ہے۔

    مشکوک شخص ملک فیصل مشتاق نامی شخص کے کارڈ پر کرکٹ اسٹیڈیم میں داخل ہو رہا تھا جب اسے حراست میں لیا گیا، پولیس حکام کے مطابق مشکوک شخص کو متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے مشکوک شخص کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    واضح رہے کہ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان اور بنگلادیش کا آخری میچ ہو رہا ہے، پنڈی میں بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں نے اب تک کوئی میچ نہیں جیتا۔ دونوں ٹیموں نے دو دو میچ کھیلے، دونوں میں شکست ہوئی۔

    راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ رک گیا ہے، پچ سے کوورز ہٹانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا، امپائرز آؤٹ فیلڈ کا معائنہ کر رہے ہیں۔

  • بانی پی ٹی آئی  کی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کی ہدایت

    بانی پی ٹی آئی کی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کی ہدایت

    راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان نے غیر ضروری بیانات کے باعث شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق شیر افضل مروت کے غیر ضروری بیانات کے باعث پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی ہے کہ شیر افضل کو پی ٹی آئی سے فارغ کیے جانے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

    صوابی جلسے کے حوالے سے کی جانے والی تقریر اور بیانات پر عمران خان نے انھیں پپارٹی سے نکالا۔

    بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل کے سعودی عرب سے متعلق دیا گیا بیان کا سختی نوٹس لیا اور بیرسٹر علی ظفر ، شبلی فراز اور عمر ایوب کو شیر افضل سے متعلق ہدایت جاری کی۔

    ذرائع کے مطابق پارٹی رہنما جلد شیر افضل  کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے، بنیادی رکنیت ختم ہونے پران سے بطور رکن قومی اسمبلی استعفی بھی طلب کیا جائے گا۔