Author: اعجاز الامین

  • دانتوں کی صفائی کب اور کیسے کرنی چاہیے؟ ڈینٹل سرجن نے نیا طریقہ بتا دیا

    دانتوں کی صفائی کب اور کیسے کرنی چاہیے؟ ڈینٹل سرجن نے نیا طریقہ بتا دیا

    صاف ستھرے اور چمکدار دانت انسان کی شخصیت کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، دانتوں کی صفائی اور ان کی صحت پر توجہ دینا انتہائی ضروری ہے۔

    ماہرین دن میں کم از کم دو بار دانتوں کو برش کرنا بےحد ضروری قرار دیتے ہیں تاکہ وہ صاف اور چمکدار نظر آئیں اس کے باوجود بھی قدرتی سفیدی واپس نہ آئے تو کسی ماہر دندان ساز سے فوری رجوع کرنا چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈینٹل سرجن ڈاکٹر قادر بلوچ نے ناظرین کو دانتوں کی صفائی سے متعلق اہم معلومات اور طریقہ بیان کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ عام طور پر دانتوں کو جس طریقے سے صاف کیا جاتا ہے وہ طریقہ درست نہیں، برش کو دانتوں کو کراس میں رگڑنے بجائے اس کو اوپر سے نیچے کی جانب حرکت دیں تاکہ ان کے اندر پھنسے ہوئے ذرات باآسانی نکل سکیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اسی برش کو دانتوں کے بعد زبان پر بھی رگڑنا چاہیے تاکہ زبان پر لگی پیلاہٹ بھی صاف ہوسکے۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر قادر بلوچ کا کہنا تھا کہ برش کرنے کے علاوہ دانتوں کی فلاسنگ بھی ضروری ہے اس کے کیلیے ایک مخصوص قسم کا دھاگہ استعمال کیا جاتا ہے جسے دونوں ہاتھ کی انگلیوں سے پکڑ کر دانتوں کی صفائی کرنی چاہیے۔

    دانتوں کی صفائی کے لیے اچھے اور معیاری ٹوتھ پیسٹ اور ٹوتھ برش کا استعمال بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اگر آپ کے دانتوں پر دھبے ہیں تو آپ ہارڈ ٹوتھ برش کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ وائٹننگ ٹوتھ پیسٹ کا انتخاب بھی بہت اہم ہے۔

  • کمبھ کے میلے میں بھگدڑ مچ گئی، 30 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    کمبھ کے میلے میں بھگدڑ مچ گئی، 30 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    ممبئی : بھارت میں کمبھ کے کمبھ کے میلے مچنے سے کم سے کم 30افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہرپریاگ راج میں جاری کمبھ میلے میں مونی اماوسیا، کا دن سب سے مقدس ماناجاتا ہے، جس روز کنگا اور جمنا کے سنگم میں ڈبکی لگانے کے لیے لاکھوں لوگ جمع ہوتے ہیں۔

    آج صبح بھگدڑ مچنے کی وجہ سے کم سے کم 30افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ میلے میں اس سے قبل بھی بھگڈر مچنے کے خطرناک واقعات پیش آچکے ہیں۔

    مقامی حکومتی عہدیدار آکنکشا رانا نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ بھگدڑ اس وقت شروع ہوئی جب ہجوم نے رکاوٹیں توڑکر آگے بڑھنے کی کوشش کی ۔ دریا میں نہانے کے لیے جانیوالے لوگوں نے اچانک دھکا دینا شروع کردیا جس سے بہت سے لوگ کچلے گئے اور دم گھٹنے کے باعث متعدد بے ہو ش ہوگئے۔

    جائے وقوعہ کے ویڈیوز اور تصاویر میں دریا کے گھاٹ پر ایک افراتفری کا عالم تھا لوگوں کا سامان، کپڑے، جوتے، کمبل اور بیگ چاروں طرف بکھرے پڑے تھے، جس کے درمیان لوگوں کی لاشیں پڑی تھیں۔

    مقامی صحافیوں نے بڑی تعداد میں زخمیوں کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ سال 1954میں ایک ہی دن کمبھ میلے کے دوران 400 سے زیادہ افراد کچل کر یا ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے۔

  • اے آر وائی نیوز کے شو ’ہوشیاریاں‘ نے مقبولیت میں تمام چینلز کو پیچھے چھوڑ دیا

    اے آر وائی نیوز کے شو ’ہوشیاریاں‘ نے مقبولیت میں تمام چینلز کو پیچھے چھوڑ دیا

    لاہور : اے آر وائی نیوز کا کامیڈی شو ’ہوشیاریاں‘ ملک بھر کے تمام چینلز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ریٹنگ میں سرفہرست آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے کامیڈی شو ’ہوشیاریاں‘ نے سال 2024 میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان بھر کے ٹی وی چینلز کی ریٹنگ میں نمایاں مقام حاصل کرکے ٹاپ کرلیا ہے۔

    اس موقع پر میزبان ہارون رفیق نے پروگرام کی کامیابی کی خوشی میں شو کے تمام شرکاء کے ہمراہ ایک چھوٹی کی تقریب میں کیک کاٹا۔

    اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ہارون رفیق نے اس شاندار کامیابی کا کریڈٹ اپنے تمام ساتھیوں بشمول پروگرام کے ایگزیکٹو پروڈیوسر حسنین نافع اور دیگر فنکاروں سمیت کیمرے کے پیچھے موجود تمام کارکنان کو بھی دیا۔

    پروگرام ’ہوشیاریاں‘ کے میزبان ہارون رفیق نے پروگرام کی تیاری میں اپنا کردار ادا کرنے والے وہ تمام لوگ جو کیمرے کے پیچھے رہ کر جانفشانی سے کام کرتے ہیں، باری باری ان سب کا تعارف کروایا اور ان کے ہاتھوں اس تقریب کا کیک بھی کٹوایا۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کے کامیڈی شو ’ہوشیاریاں‘ کے نمایاں شرکاء اور فنکاروں میں میزبان ہارون رفیق کے علاوہ ارزا خان، آغا ماجد، سلیم البیلا، گوگا پسروری، عابدعلی ، آرزو فاطمہ، عابد چارلی، عظیم وکی اور دیگر شامل ہیں۔

  • ویڈیو : ٹرین کو دیکھ کر میاں بیوی نے گہری کھائی میں چھلانگ لگادی

    ویڈیو : ٹرین کو دیکھ کر میاں بیوی نے گہری کھائی میں چھلانگ لگادی

    ویڈیوز بنانے اور فوٹو شوٹ کرانے کے شوق میں اکثر لوگ نتائج کی پرواہ نہیں کرتے اور نقصان اٹھاتے ہیں، ایسے ہی ایک جوڑ ے نے ٹرین آنے پر ریلوے پل سے چھلانگ لگادی۔

    سوشل میڈیا پر ایک چونکا دینے والی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریلوے پل پر فوٹو شوٹ کرانے والے میاں بیوی نے ٹرین کو آتا دیکھ کر 90 فٹ گہری کھائی میں چھلانگ لگائی۔

    واقعہ بھارتی ریاست راجستھان میں گورم گھاٹ ریلوے لائن پر پیش آیا، جہاں سیر و تفریح کیلئے آنے والے میاں بیوی نے اپنی زندگی داؤ پر لگائی۔

    پولس کے مطابق گورم گھاٹ آنے والے 22 سالہ راہول میواڑا اور اس کی بیوی 20 سالہ جھانوی ریلوے لائن پر ٹہل رہے تھے اسی دوران ایک مسافر ٹرین آگئی، حالانکہ ٹرین کی رفتار سست تھی ڈرائیور نے دونوں کو دیکھ کر بریک بھی لگادی تھی لیکن تب تک جوڑے نے گھبراہٹ میں پل سے نیچے 90 فٹ گہری کھائی میں چھلانگ لگا دی اور بری طرح زخمی ہوگئے۔

    ان کے دیگر رشتہ دار بھی ذرا فاصلے پر سائیڈ میں ہی موجود تھے جو ان کی فوٹو شوٹ اور ویڈیو بنا رہے تھے۔ پل سے چھلانگ لگانے والے جوڑے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔ واقعہ کے وقت یہ ویڈیو رشتہ دار کے موبائل فون میں ریکارڈ ہوگئی۔

    بعد ازاں ٹرین ڈرائیور اور گارڈ نے پل سے اتر کر زخمی جوڑے کو ریلوے اسٹیشن پہنچایا اور انہیں ایمبولینس کی مدد سے اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

  • ایک اور صحافی کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا گیا

    ایک اور صحافی کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا گیا

    نوشہرہ : ایک اور صحافی کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا گیا، نوشہرہ میں سینئر صحافی حسن زیب کو گولیاں مار دی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوشہرہ میں اکبر پورہ کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آور صحافی حسن زیب کو قتل کرنے کے بعد آسانی سے فرار ہوگئے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صحافی کے قتل کا نوٹس لے لیا اور پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی، علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، جلد پکڑے جائیں گے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

    صحافی قتل

    چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے حسن زیب کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتارکرنے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ پیپلزپارٹی حسن زیب کے اہلخانہ کے دکھ میں برابرکی شریک ہے، لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

    حسن زیب کے بہیمانہ قتل کےخلاف خیبر یونین آف جرنلسٹس نے آج احتجاج کی کال دے دی ہے، اعلامیے میں کہا گیا ہے دوپہر ڈیڑھ بجے پشاور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا جائے گا، قاتلوں کو فوری گرفتارکرنے،صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

  • اس پہیلی کا جواب صرف ذہین لوگ ہی دے سکتے ہیں

    اس پہیلی کا جواب صرف ذہین لوگ ہی دے سکتے ہیں

    ویسے تو انٹرنیٹ پر روز ہی پہلیاں شیئر ہوتی ہیں، جن میں سے چند ایک کو منتخب کرکے ہم انہیں آپ کے سامنے پیش کرتے ہیں اور درست جواب تلاش کرنے کا چیلنج دیتے ہیں۔

    اگر آپ خود کو ذہین سمجھتے ہیں تو اس تصویر میں ایک چھوٹا سا فرق تلاش کریں اور اپنی ذہانت کا اندازہ لگائیں کیونکہ ذہین افراد کی خاصیت ہوتی ہے کہ وہ ایک نظر میں دیکھ کر اندازہ لگا لیتے ہیں۔

    آج جو پہیلی یا چیلنج آپ کے سامنے پیش کررہے ہیں وہ بظاہر بہت خاص اور دلچسپ ہے، جس کا جواب یقیناً مشکل ہے کیوں کہ یہ آپ کی بصارت کا امتحان ہے۔

    درج ذیل پہیلی میں نظر آنے والی تصویر میں بہت ساری فٹبالز نظر آرہی ہیں جو بظاہر ایک جیسی ہیں لیکن ایسا نہیں ان میں ایک فٹبال دیگر سے بالکل علیحدہ ہے۔

    Football

    کیا آپ فرق تلاش کر سکے؟ اگر نہیں تو تصویر کو دوبارہ دیکھیں اور اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ صرف ایک ہی جگہ فرق ہے۔

    صرف انتہائی تیز والی آنکھوں والے لوگ ہی اس تصویر میں موجود مختلف ایک فٹ بال کو 4 سیکنڈ میں تلاش کرسکتے ہیں۔ کیا آپ بھی ان میں سے ایک ہیں؟ اس کا فیصلہ خود کریں۔

    کیا آپ اس تصویر میں فرق کو پہچان سکے ہیں؟ اور اگر آپ اس پہیلی کا جواب اب تک نہیں ڈھونڈ پائے ہیں تو ہم آپ کی یہ مشکل آسان کیے دیتے ہیں، تو جواب جاننے کیلئے نیچے اسکرول کریں۔

    صحیح جواب یہ ہے۔

    پہیلی

    نوٹ : اگر آپ مقررہ 4 سیکنڈ میں تصویری پہیلی کا جواب دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں تو کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

  • غصہ ہماری موت کا سبب بھی بن سکتا ہے؟

    غصہ ہماری موت کا سبب بھی بن سکتا ہے؟

    غصہ ایک انسانی عمل ہے جو ہم سب کو آتا ہے لیکن جب یہ ضرورت سے زیادہ بڑھ جائے تو یہ ہماری اپنی جان کو نقصان پہچانے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

    غصے کی عموماً دو وجوہات ہوتی ہیں جن کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ جس میں بیرونی اور داخلی اسباب شامل ہیں۔

    عموماً غصہ بیرونی اسباب کے نتیجے میں ہوتا ہے جیسے کام کی جگہ آفس وغیرہ میں کوئی مسئلہ ہو جائے یا کسی بندے سے اختلاف رائے ہونے کے نتیجے میں آتا ہے۔

    اس کے علاوہ جبکہ غصے کا سبب داخلی اسباب بھی ہو سکتے ہیں جیسے بے چینی، یا طویل انتظار۔ کیونکہ اس قسم کے احساسات غصے کا سبب بنتے ہیں۔

    تاہم یہ بات یاد رکھیں کہ غصہ کسی بھی وجہ سے آئے صحت کیلئے کسی طرح بھی بہتر نہیں کیونکہ تحقیق کے مطابق یہ غصہ آپ کی زندگی کے دورانیے کو کم بھی کرسکتا ہے۔

    امریکا میں ہونے والی تحقیق میں محققین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ لوگوں کو جب کسی بھی بات پر غصہ آتا ہے تو ان کے خون کی شریانوں کی اندرونی سطح کے خلیات ٹھیک طرح سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

    stroke risk

    اس کے علاوہ اگر کوئی بھی شخص ہر وقت غصے میں رہتا ہے تو ایسی صورت میں اس کی خون کی شریانوں کو دائمی نقصان پہچ رہا ہے۔

    نیویارک میں کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق خلیوں کو پہنچنے والا نقصان خون کے بہاؤ میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے، جس سے دل پر دباؤ بڑھتا ہے اس طرح دل کا دورہ پڑنے یا فالج کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اور یہ حالت اگر طویل عرصے تک قائم رہے تو یہ امراض قلب کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔

    جرنل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں محققین کا کہنا ہے کہ بے چینی اور اداسی صحت کو غصے کی طرح نقصان نہیں پہنچاتی۔

    اس تحقیق کے مصنف پروفیسر ڈائیچی شمبو کے مطابق بہت سے مطالعات سے بات سامنے آئی ہے کہ منفی جذبات کے احساسات اور امرض قلب کے درمیان تعلق موجود ہے۔

    غصے اور دل کے درمیان تعلق کو جاننے کے لیے ایک تحقیق کی گئی جس میں 280 شرکاء کو آٹھ منٹ کی ذاتی نوعیت کی گفتگو یا کچھ پڑھنے میں مشغول ہونے کو کہا گیا جس سے ان شرکاء میں مختلف جذباتی کیفیتیں پیدا ہوئی جیسے غصہ، اداسی، اضطراب یا شرکاء کسی بھی طرح کے جذباتی احساسات سے عاری رہے۔ سائنسدانوں نے ہر کام کے بعد شرکاء کی خون کی شریانوں میں موجود خلیات کا تجزیہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان جذباتی کاموں کا ان پر کیا اثر ہوا۔

    محققین نے نوٹ کیا کہ غصے کی وجہ سے ان کی خون کی نالیوں کے پھیلاؤ میں 40 منٹ تک خلل پیدا ہوا۔یہ خلل ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ ان نتائج کے مطابق ذہنی تندرستی قلبی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔

  • یوٹیوبر کی 85 فٹ سے گرنے کی ویڈیو نے دل دہلا دیے

    یوٹیوبر کی 85 فٹ سے گرنے کی ویڈیو نے دل دہلا دیے

    ٹیکساس : امریکی یو ٹیوبر کی پیرا موٹر کے ذریعے پرواز کرتے ہوئے اچانک زمین پر گرنے کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیئے اس کی گردن اور کمر میں فریکچر ہوگیا۔

    امریکی یو ٹیوبر 92 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑتے ہوئے ٹیکساس کے صحرا میں گلائیڈر گرنے کے بعد معجزانہ طور پر موت سے محفوظ رہا، پیرا موٹر کیمروں نے اونچائی سے اس کے گرنے کا خوفناک منظر ریکارڈ کرلیا۔

    youtuber

    33سالہ پیرا شوٹر انٹونی ویلا نے اس ہولناک واقعے کی ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کی گئی ہے، جس کا عنوان ’پیراموٹر کریش، آل موسٹ مائی لائف‘ہے اس نے انکشاف کیا کہ وہ 85فٹ کی بلندی سے اس وقت گرا جب اس نے پیرا موٹر کا کنٹرول کھو دیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق سر پر نصب کیمرے کے ایک ویڈیو کلپ نے اس ہولناک لمحے کو محفوظ کر لیا واقعے کے وقت وہ 50میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اُڑ رہا تھا اور تقریباً 30 میٹر کی بلندی سے اچانک زمین پر گر گیا۔

    پیرا شوٹ پر نصب کمیروں نے اس منظر کو تین اطراف سے ریکارڈ کیا، کہ کیسے پیرا شوٹ کی ایک رسی ٹوٹی اور وہ زمین پر گرا پھر آدھے گھنٹے تک درد سے کراہتا اور روتا رہا۔

    پیرا گلائیڈر انٹونی ویلا نے ایپل ڈیوائسز پر ریسکیو ادارے سے 911 پر کال کرکے طبی امداد طلب کی اور کہا کہ "براہ کرم میری مدد کریں، میری فلائنگ مشین خراب ہو گئی ہے جسے کچھ ہی دیر میں اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق یو ٹیوبر انٹونی ویلا کو کئی سخت چوٹیں آئی ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق اس کی گردن، کمر اور دائیں بازو میں فریکچر کا انکشاف ہوا ہے اور ان سب کی سرجری کی ضرورت ہے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : این اے 234 کورنگی کا معرکہ کون سر کرے گا؟

    الیکشن 2024 پاکستان : این اے 234 کورنگی کا معرکہ کون سر کرے گا؟

    پاکستان بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں، مختلف جماعتوں کے امیدواران ووٹروں کا دل جیتنے اور ان کی حمایت حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف عمل ہیں۔

    اس حوالے سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی انتخابات کی گہما گہمی جاری ہے، شہر قائد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 234 میں عوام کو کیا مسائل درپیش ہیں؟ اور قوم کا درد رکھنے والے ان امیداواران کے پاس ان کے حل کیلئے کیا پلان ہے؟ اس رپورٹ میں اس کا ایک مختصر سا احاطہ کیا گیا ہے۔

    کراچی کے ضلع کورنگی میں قومی اسمبلی کی کُل 3 نشستیں ہیں، جن میں سے ایک این اے 234ہے۔ یہ حلقہ گزشتہ انتخابات میں این اے 241 تھا اس حلقے کی مجموعی آبادی 10 لاکھ 14 ہزار 114ہے جبکہ کل ووٹرز 3 لاکھ 69 ہزار 230 ہیں۔

    حلقے کے اہم علاقوں میں کورنگی ڈیڑھ نمبر، ناصر کالونی، چکرا گوٹھ، ضیاءکالونی، قیوم آباد، بھٹائی کالونی، پی این ٹی سوسائٹی اور لکھنؤ سوسائٹی شامل ہے۔

    ماضی میں ان علاقوں سے ایم کیو ایم کامیاب ہوتی رہی ہے لیکن 2018ء کے الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار فہیم خان 26 ہزار سے زائد ووٹ لے کر فاتح رہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے معین عامر 23 ہزار سے زائد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

    اس بار تحریک انصاف کے حمایت یافتہ فہیم خان بوتل کے نشان کے ساتھ میدان میں ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے معین عامر، پیپلز پارٹی سے محمد علی راشد، جماعت اسلامی سے اختر حسین اور ٹی ایل پی سے عبدالستار مد مقابل ہیں۔

    گزشتہ انتخابات میں پانچ بڑی سیاسی پارٹیاں میدان میں تھیں ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے الحاق کے بعد اب صرف چار بڑی پارٹیاں میدان میں ہیں، جن میں متحدہ قومی موومنٹ، پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی شامل ہیں۔

    کراچی کے حلقہ این اے 234میں جہاں سے 2018 کےعام انتخابات میں تحریک انصاف کے اکرم چیمہ کامیاب ہوئے تھے ان کے استعفی دینے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین یہاں سے منتخب ہوئے تھے۔

    ان علاقوں کے مسائل کی بات کی جائے تو ملک کے دیگر شہروں کے عوام کی طرح یہاں کے لوگوں کو بھی بجلی، پانی، گیس، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور سیوریج کے بنیادی مسائل کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ کھیلوں کے میدانوں کا فقدان اور بچوں کیلئے تفریحی اور تعلیمی سہولیات کی عدم دستیابی بھی ان ہی مسائل میں شامل ہیں۔

    300یونٹ فری بجلی کی فراہمی مشکل ہے ناممکن نہیں : علی راشد

    rashid

    کورنگی کے اس حلقے سے پیپلزپارٹی کے امیدوار علی راشد اپنی کامیابی کے حوالے سے کافی پرامید دکھائی دیتے ہیں، نمائندہ اے آر وائی ویب سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی پی اس حلقے میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔ یہاں سے ماضی میں کامیاب ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے دو اراکین اسمبلی اور تقریباً 3ہزار سے زائد کارکنان نے پی پی میں شمولیت اختیار کی۔

    انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنایا، لوگ ہم پر اعتبار کرکے اپنے مسائل لے کر آتے ہیں جسے ہمارے نمائندے بخوبی حل بھی کرتے ہیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے ایک جلسے میں عوام کو 300یونٹ فری بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں علی راشد نے کہا کہ یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے معاشی پلان بھی دیا ہے اور ہمارا تھنک ٹینک اس مسئلے پر غور و فکر کے بعد لائحہ عمل ترتیب دے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے عوام میں جا کر یہ کہنے میں شرم محسوس ہوتی ہے کہ میں ان سے بنیادی مسائل کے حل کی بات کروں کیونکہ وہ ان کا حق اور میری ذمہ داری ہے۔ اگر میں اپنی یہ ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کرلوں گا تو میں خود کو کامیاب سمجھوں گا۔
    ایم کیو ایم کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے کیونکہ ہمارے پاس اختیارات بھی ہیں اور وسائل بھی۔ اسی لیے عوام ہم پر اعتماد کررہے ہیں۔

    بنیادی مسائل حل کرنے کے اختیارات ضلعی حکومتوں کو ملنے چاہئیں : عامر معین

    aamir

     

    کورنگی کے اس حلقے کے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار عامر معین نے اپنی جیت اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی سے متعلق کہا کہ یہ جماعت کبھی یہاں سے کامیاب نہیں ہوئی بڑے بڑے ہورڈنگز لگا کر یا پیسے کی چمک دکھا کر ووٹ نہیں لیے جاسکتے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے آئین میں ترمیم کیلئے 3 تجاویز پیش کی ہیں جس کا مقصد یہی ہے کہ عوام کے تمام بنیادی مسائل کا حل اس کو پورا کرنے کی ذمہ داری ضلعی حکومتوں کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایم کیو ایم نے صفائی ستھرائی اور پانی کی فراہمی کا مسئلہ کافی حد تک حل کردیا تھا جس کے بعد میں آنے والوں ان کاموں کو تسلسل سے نہیں کیا۔

    عامر معین نے کہا کہ ہم اپنے حلقے کے نوجوانوں کو مفت کمپیوٹر کورسز کروانے کا ادارہ رکھتے ہیں اور اس سے پہلے بھی ہم نے کورنگی 5 میں ایک ایسا ہی مرکز قائم کیا تھا جو آج بھی تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

    متحدہ امیدوار نے بتایا کہ ہماری انتخابی مہم کامیابی سے جاری ہے اور عوام کی جانب سے مثبت رد عمل اور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے ہاتھ مظبوط کیے جائیں۔

    بلے کا نشان نہ چھنتا تو مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجاتیں : فہیم خان

    faheem

    پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فہیم خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ انشاءاللہ آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے اور اگر بات کی جائے شکست کی تو اگر بلا کا نشان چھینا نہیں گیا ہوتا تو مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجاتیں پر اب بھی الحمداللہ بوتل کے نشان پر عمران خان صاحب کا ووٹر ان سب کو تاریخی شکست سے دوچار کرے گا اور بہت بڑے مارجن سے اس حلقہ این اے 234 میں جیت عمران خان کی ہوگی۔

    عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق سوال کے جواب میں فہیم خان نے کہا کہ ہم نے پچھلی بار بھی عوام سے کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کیا تھا اور اپنے حلقہ کیلئے 1 ارب 75 کروڑ روپے کا فنڈ منظور کرواکر کام کروائے۔

    سڑکیں گلیاں سیوریج کا نظام اور پانی کی لائنیں اور پمپس لگوائے گئے یہاں تک کہ دو علاقوں میں تو سرے سے سیوریج کا نظام موجود ہی نہیں تھا اور بچے سیوریج کے کنوؤں میں گر کر مرجاتے تھے وہاں نئے سرے سے سیوریج کا نظام ڈالا گیا اور گراؤنڈز اور پارکس تعمیر کروائے گئے اب جیتنے کے بعد مزید بھی کام کروائیں گے۔

    ہم نے اپنی حیثیت سے بڑھ کر کراچی کیلئے کام کیا، اختر حسین قریشی

    akhtar

    حلقہ 234 سے جماعت اسلامی کے امیدوار اختر حسین قریشی نے بتایا کہ حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں کارکنان نے جس طرح گراؤنڈ پر کراچی کی گلیوں اور شاہراہوں میں جو کام کیا وہ کسی سے ڈھکا سے چھپا نہیں۔ اور اے آر وائی نیوز کے تازہ سروے میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ جماعت اسلامی کے کاموں اور اس کی کاوشوں کو عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

    گیس اور بجلی کی عدم دستیابی اور زائد بلنگ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اپنی استطاعت سے بڑھ کر اس مسئلے کے حل کیلئے کام کیا اور ہم منتخب ہونے کے بعد کے الیکٹرک اور ایسی ایس جی سی کے حوالے سے مؤثر اقدامات کریں گے۔

    Hussain

    جہاں تک سیوریج اور پانی کی فراہمی کا معاملہ ہے تو جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں نے شہر میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ 60فیصد تک حل کردیا ہے اور ساتھ ہی سیوریج کے مسائل بھی حل کیے جارہے ہیں کیونکہ سارا نظام پمپنگ سے ہٹا کر نالوں پر منتقل کردیا گیا ہے جو قانوناً جرم بھی ہے۔

    انتخابی مہم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس حلقے کے تمام علاقوں میں کارکنان بھر پور مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اور عوامی پذیرائی دیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ جماعت اسلامی یہاں سے تمام جماعتوں کو شکست دے کر کامیابی کا جھنڈا گاڑے گی۔

    دوسری جانب حلقے کے عوام کا اے آر وائی ویب سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں اس حلقے کے مسائل حل نہیں کیے گئے، سیوریج کا نظام تباہ ہے سڑکیں ٹھوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور علاقے میں پینے کا پانی بھی نایاب ہے، اب دیکھتے ہیں کہ نیا آنے والا نمائندہ ہمیشہ کی طرح عوام کو محض دلاسے اور امیدیں دے گا یا کوئی عملی اقدامات کرکے ہمارے مسائل حل کرے گا۔

  • سال 2023 میں عالمی سطح  پر معاشی حالات کیا رہے؟

    سال 2023 میں عالمی سطح پر معاشی حالات کیا رہے؟

    سال 2023 دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے علاوہ سیاسی اور معاشی غیریقینی کی صورتحال میں اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، یہ سال بھی گزشتہ سال 2022کی طرح دنیا بھر میں کاروباری لحاظ سے مایوس کن رہا۔

    2023سال اب اپنی تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، اس سال کاروباری معاملات میں مختلف شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں وقوع پذیر ہوئیں جس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    روس کی جانب سے پاکستان کو خام تیل کی فراہمی

    پاک روس

    سال 2023 کے پہلے ماہ جنوری میں روس نے پاکستان کو خام تیل کی فراہمی کا تاریخی معاہدہ کیا۔ اسلام آباد میں پاک روس مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے تین معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ روس، آئندہ مارچ کے آخر تک پاکستان کو خام تیل کی سپلائی شروع کردے گا جس کی ادائیگی دوست ممالک کی کرنسیوں میں کی جاسکے۔

    روس نے مغربی ممالک کی کمپنیوں کا اربوں ڈالر کا منافع روک دیا

    امریکا ہمیں لیکچر مت دے، روس

    گزشتہ سال فروری میں جب روس یوکرین جنگ شروع ہوئی تو روس میں تجارت کرنے والی متعدد مغربی کمپنیاں روس میں ہی رہیں۔رپورٹ کے مطابق جنگ میں روس کا ساتھ نہ دینے والے ممالک کی تقریباً 700 کمپنیوں نے سال 2022 میں 20,375 ملین امریکی ڈالر کے قریب منافع حاصل کیا جو کہ یوکرین پر روسی حملے سے پہلے حاصل کیے گئے منافع سے کہیں زیادہ ہے لیکن روس نے ان کے فنڈز بلاک کر دیے۔ کے ایس ای کے اعداد و شمار کے مطابق منافع کی وجہ سے پھنسنے والی زیادہ تر کمپنیاں امریکہ، جرمنی، آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ کی ہیں جن میں دس سرفہرست ہیں۔

    امریکا کا ’سیلیکون ویلی بینک‘ دیوالیہ ہوگیا

    bank

    امریکا کا سیلیکون ویلی بینک مطلوبہ سرمایہ جمع کرنے میں ناکامی کے بعد ڈیفالٹ کرگیا، شرح سود میں مسلسل اضافہ بینک کے دیوالیہ ہونے کی وجہ بنا۔
    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بینک کا کنٹرول امریکی فیڈرل ڈپازٹ انشورنس کارپوریشن کو دے دیا گیا، سانٹا کلارا بینک ہیڈ کوارٹرز کو بینکنگ ریگولیٹرز نے مکمل بند کردیا ہے۔’فیڈ‘ کی جانب سے شرح سود میں مسلسل اضافہ بینک کے دیوالیہ ہونے کی وجہ بنا۔

    ہزاروں امازون ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ

    ایما زون

    امریکا کی ای کامرس کمپنی امازون نے رواں سال مارچ میں اپنے الگ الگ شعبہ جات سے تقریباً 9ہزار ملازمین کی چھانٹی کا منصوبہ بنا یا، جن میں امازون ویب سروسز، پیپل، ایکسپیرینس، ایڈورٹائزنگ اور ٹی سوئچ شامل ہیں۔
    امیزون کے چیف ایگزیکٹو افسر اینڈی جیسی نے ملازمین کو ایک ای میل بھیجی جس میں چھانٹی سے متعلق بتایا گیا تھا ان کا مؤقف تھا کہ مستقبل میں کمپنی کی کامیابی کے لیے یہ عمل بہت ضروری ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے سال ہی نومبر میں الگ الگ ڈپارٹمنٹس سے تقریباً 18 ہزار ملازمین کی چھانٹی کی جاچکی تھی۔

    ٹوئٹر ملازمین کو برطرف کردیا گیا

    ٹوئٹر

    اس کے علاوہ سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ایکس سابقہ (ٹوئٹر) نے رواں سال جنوری میں پلیٹ فارم پر نشر ہونے والے نفرت انگیز مواد پر نظر رکھنے والی ٹیم میں کمی کرتے ہوئے مزید افراد کو برطرف کردیا تھا۔
    ٹوئٹر نے مزید کم از کم 12 ملازمین کو برطرف کیا جو پلیٹ فارم پر نشر ہونے والے نفرت انگیز یا ہراسگی سے متعلق مواد پر نظر رکھتے تھے۔ خیال رہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد نومبر 2022میں تقریباً تین ہزار 700 ملازمین کو نکالا تھا جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں مزید ملازمین مستعفی ہوگئے تھے۔

    ہزاروں فیس بک ملازمین نوکریوں سے فارغ

    میٹا

    رواں سال مارچ میں فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے معاشی دباؤ کے سبب مزید دس ہزار ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے اپنے ملازمین کے نام ای میل میں کہا تھا کہ میٹا کمپنی اگلے چند مہینوں میں 10 ہزار ملازمتیں ختم کردے گی۔ واضح رہے کہ میٹا کمپنی نے گزشتہ سال نومبر 2022میں بھی گیارہ ہزار ملازمین کی کٹوتیوں کا اعلان کیا تھا۔

    اسپاٹی فائی نے ڈیڑھ ہزار ملازمین کو نکال دیا

    اسپوٹی فائی

    امریکا کی میوزک اسٹریمنگ ملٹی نیشنل کمپنی ’اسپاٹی فائی‘ نے رواں سال دسمبر میں دنیا بھر سے اپنے 1500ملازمین کو فوری ملازمت سے نکالنے کا اعلان کیا جو اگلے 5 ماہ تک ’سرونس پے‘ کے تحت تنخواہ، ہیلتھ انشورنس اور اپنی رہ جانے والی تمام چھٹیوں کا معاوضہ بھی حاصل کرسکیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملازمین کو نکالنے کا مرحلہ وار آغاز جنوری 2024 سے ہو جائے گا۔

    ٹیلی کام کمپنی ’ایریکسن‘ کے ہزراوں ملازمین برطرف

    ایریکسن

    فروری 2023 میں عالمی سطح پر ٹیلی کام کا ساز و سامان بنانے والی کمپنی ایریکسن نے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کم کرنے کی ایک حکمت عملی کے تحت سوئیڈن آفس میں تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ کمپنی کے دنیا بھر میں قائم دفاتر میں 1لاکھ 5ہزار سے زائد ملازمین کام کررہے ہیں۔

    گوگل کے سینکڑوں ملازمین نوکریوں سے فارغ

    گوگل

    گوگل کی اپنی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ نے عالمی سطح پر سیکڑوں ملازمین کو فارغ کردیا، روئٹرز کی
    رپورٹ کے مطابق الفابیٹ نے اپنی عالمی ٹیم سے ملازمین کو نکالنے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چند سو ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ وسیع پیمانے پر برطرفی کا حصہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ گوگل نے رواں سال جنوری میں 12 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کے اپنے فیصلے کا اعلان کیا تھا اور اس خبر نے انڈسٹری میں کافی ہلچل مچا دی تھی۔

    روس نے جوہری ایندھن بنگلا دیش کو فراہم کردیا

    روس نے ماہ اکتوبر میں باضابطہ طور پر بنگلا دیش کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کے لیے ایندھن کی پہلی کھیپ فراہم کردی۔ بنگلا دیش بھی ایٹمی توانائی کااستعمال کرنے والے ایلیٹ کلب میں شامل ہو گیا ہے۔ روسی جوہری توانائی کی کمپنی کی جانب سے بنگلا دیشی حکام کو یورینیم فراہم کیا گیا ہے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور بنگلا دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے مغربی ضلع پبنا میں واقع بنگلادیش کے پہلے جوہری پاور پلانٹ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی۔

    سعودی عرب جدید ٹیکنالوجی میں ایک قدم اور آگے 

    ٹرین

    سعودی ریلویز (ایس اے آر) نے ماہ اکتوبر میں فرانسیسی کمپنی ’السٹوم‘کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کے بعد سعودی عرب میں ہائیڈروجن ٹرین کے تجربات شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کیا اس موقع پر سعودی ریلوے اور فرانسیسی کمپنی نے معاہدے پر دستخط کیے۔

    لنکڈ ان کا سیکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    لنکڈ ان

    ملازمت کی تلاش کے لیے مددگار مائیکرو سافٹ کا ملکیتی ادارہ سوشل میڈیا نیٹ ورک ’’لنکڈ ان‘‘ان دنوں خود اپنے ملازمین کو برطرف کررہا ہے جس کی وجہ خدمات کی مانگ اور ریونیو میں کمی بتائی جارہی ہے۔
    لنکڈ ان نے چھ سو سے زائد ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کیا، میڈیا نیٹ ورک نے اس سال دوسری بار بڑی تعداد میں ملازمین کو فارغ کیا ہے۔

    سعودی عرب میں عرب ممالک اور چین کی دسویں تجارتی کانفرنس

    سعودی

    سعودی عرب میں عرب ممالک اور چین کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کے حوالے سے دو روزہ کانفرنس ماہ جون میں منعقد ہوئی جس میں 23 عرب ممالک کے مختلف وفود نے شرکت کی یہ کانفرنس چین کے ون روڈ، ون بیلٹ منصوبے کا حصہ تھی۔ کانفرنس میں مختلف سرمایہ کاری کے علاوہ چین اور عرب ممالک کے درمیان تجارت اور باہمی اقتصادی تعاون کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    بھارت نے چاول کی برآمدات پر پابندی عائد کردی

    چاول

    دنیا کے سب سے بڑے چاول کے برآمد کنندہ ملک بھارت نے جولائی 2023 میں اناج کی بیرون ملک فروخت پر پابندی عائد کی تھی، بھارت کے اس اقدام سے بین الاقوامی مارکیٹ میں اناج کی قیمتوں پر بھی اثر پڑا جس کے سبب بین الاقوامی منڈیوں میں قیمتیں دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

    جنگ کے بعد متعدد عالمی کمپنیاں روس کو خیرباد کہہ گئیں

    میکڈونلڈز

    24فروری 2022 کو روس کے ٹینکوں کے یوکرین میں داخل ہونے کے بعد سے ماسکو پر متعدد ممالک کی جانب سے اقتصادی پابندیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ بہت سے بڑے ناموں نے 24 فروری 2022کے حملے کے فوراً بعد اپنے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا جبکہ مکڈونلڈز اور کوکا کولا جیسے دوسرے بڑے کاروبار کو بالآخر روس سے نکلنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس کے باوجود جو بیرونی کمپنیاں روس میں اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے تھیں انہیں یورپی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

    Russia

    جولائی 2023 میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کارلسبرگ اور دہی بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈینون کی ملکیت کے روسی اثاثے ضبط کرلیے تھے بعد ازاں روس میں ’ڈومینوز پیزا فرنچائز‘ کے مالک ڈی پی یوریشیا نے کہا کہ چیلنجنگ ماحول کی وجہ سے وہ اپنے روسی اسٹورز کو بند کردیں گے اور کاروبار کے دیوالیہ ہونے کا اعلان کردیں گے۔

    اب تک روسی سرزمین کو خیرآباد کہنے والی کمپنیوں میں برطانوی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی بی ٹی گروپ اور فرانسیسی لگژری اسپورٹس ویئر برانڈ لاکوسٹے جیسی نامور کمپنیاں شامل ہیں۔

    معروف ڈچ کمپنی نے صرف ایک یورو میں سات فیکٹریاں فروخت کیں

    Heineken

    روس یوکرین جنگ کے بعد ماسکو میں قائم شراب بنانے والی معروف بین الاقوامی کمپنی ہینیکن کی روس میں سات فیکٹریاں تھیں جن میں تقریباً 18سو سے زائد ملازمین کام کرتے تھے۔ روس میں اتنا بڑا کاروبار ہونے کے باوجود مذکورہ ڈچ کمپنی نے اپنا سب کچھ ایک یورو میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
    ینیکن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسے روس میں اپنے ڈویژن کو فروخت کرنے پر 300 ملین یورو کا نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم وہ اپنی کمپنی کو ایروسول کین بنانے والی روسی کمپنی آرنیسٹ کو منتقل کررہی ہے۔

    یورپی یونین نے روس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کردیں

    روس

    دنیا بھر کے ممالک روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو یوکرین میں جنگ جاری رکھنے سے روکنے کی خاطر ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے 30سے زائد ممالک نے روس پر سخت پابندیوں اور برآمدی کنٹرول کا اعلان کیا تھا ان ممالک میں امریکہ، آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ اور یورپی کمیشن شامل ہیں جنہوں نے روسی بنکوں، کاروباری اداروں، امراء اور پوٹن کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔

    روس کے خلاف جوابی حملوں میں یوکرین کے شکست کھانے کے بعد رواں سال جون میں یورپی یونین نے ماسکو کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے پر اتفاق کیا اور مزید 71 افراد اور33 اداروں کو ان پابندیوں کی فہرست میں شامل کردیا گیا۔

    جاپان نے استعمال شدہ کاروں کی تجارت پر پابندی عائد کردی

    جاپان

    جاپان نے ماہ اکتوبر میں روس میں جاپانی گاڑیوں کی بہت زیادہ طلب ہونے کے باوجود روس کو استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی تھی۔ جاپانی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق جاپان کی جانب سے روس کو سب سے زیادہ استعمال شدہ کاروں کی فروخت پر پابندی لگانے کے اقدام نے سالانہ 2 بلین ڈالر کی تجارت پر بریک لگا دی جو یوکرین پر پابندیوں کے سبب بڑھی تھی۔

    عراق کا امریکی ڈالر میں تجارت بند کرنے کا اعلان

    عراق نے ماہ اکتوبر معاشی خود انحصاری کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے امریکی ڈالر میں تجارت بند کرنے کا اعلان کیا۔عراقی حکومت کا کہنا تھا کہ بینک یکم جنوری 2024 سے نقد امریکی ڈالر میں لین دین بند کردیں گے تمام بینکس عوام کو صرف عراقی کرنسی میں ہی ادائیگی کریں گے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے 50 فیصد غیرقانونی ڈالر ٹریڈ کو روکا جاسکے گا۔

    سعودی عرب اور ایران کے درمیان اقتصادی تعلقات کا فروغ

    سعودی عرب ایران

    ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد جولائی 2023 میں اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے اہم پیشرفت سامنے آئی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اس سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ بات چیت کافی مثبت رہی جس میں دو طرفہ تعلقات میں استحکام پر اتفاق کیا گیا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے چین کی ثالثی میں رواں برس مارچ میں سات سال سے منقطع سفارتی تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔

    بھارت مشرق وسطیٰ یورپ اکنامک کوریڈور کا اعلان

    Economic Corridor

    رواں سال ستمبر میں بھارت میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران امریکہ، سعودی عرب اور یورپی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ ’انڈیا۔ مشرق وسطیٰ۔ یورپ اکنامک کوریڈور‘ کا اعلان کیا گیا جسے ایک تاریخی معاہدہ قرار دیا جارہا ہے۔ اس پراجیکٹ کا مقصد انڈیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کو ریل اور بندرگاہوں کے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑا جائے گا جس کے بعد وہ سمندری راستے سے انڈیا سے منسلک ہوں گے۔

    برکس میں مزید 6 ممالک کو شمولیت کی دعوت

    برکس

    رواں سال اگست میں ترقی پذیر ممالک کے قائدین پر مشتمل گروپ ’’برکس‘‘ میں سعودی عرب، ایران، ایتھوپیا، مصر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور ارجنٹائن کو شمولیت کی دعوت دی گئی۔ واضح رہے کہ برکس کے موجودہ اراکین میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ ممکنہ توسیع کے بعد متعدد ترقی پذیر ممالک کے لیے برکس میں شمولیت کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

    یو اے ای اور بھارت کے درمیان تجارت مقامی کرنسیوں میں کرنے پر اتفاق

    یو اے ای

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے رواں سال جولائی میں متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر بھارت کے مرکزی بینک (ریزرو بینک آف انڈیا) اور متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (سی بی یو اے ای) نے مقامی کرنسیوں میں لین دین سے متعلق دو سمجھوتوں پر دستخط کیے۔