Author: اعجاز الامین

  • ممتازشاعررئیس امروہوی کو ہم سے بچھڑے اٹھا ئیس برس بیت گئے

    ممتازشاعررئیس امروہوی کو ہم سے بچھڑے اٹھا ئیس برس بیت گئے

    کراچی : اردو کے نامور شاعر اور ادیب رئیس امروہوی کو اپنے مداحوں بچھڑے اٹھا ئیس برس بیت گئے،ان کے دلوں کو چھولینے والے اشعار آج بھی دنیا بھرمیں پسندیدگی کی انتہاء پر ہیں، معروف شاعر ،ادیب، کالم نگار رئیس امروہوی کی آج اٹھائیسویں برسی منائی جارہی ہے۔

    صُبحِ ازل سے شامِ ابد تک ہے ایک دِن
    یہ دِن تڑپ تڑپ کے بسر کر رہے ہیں ہم

    ہم اپنی زندگی تو بَسر کر چُکے رئیس
    یہ کِس کی زیست ہے جو بَسرکررہے ہیں ہم

    رئیس امروہوی کا اصل نام سید محمد مہدی تھا اور وہ 12 ستمبر 1914ء کو امروہہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد علامہ سید شفیق حسن ایلیا بھی ایک خوش گو شاعر اور عالم انسان تھے۔ رئیس امروہوی کی عملی زندگی کا آغاز صحافت سے ہوا۔ قیام پاکستان سے قبل وہ امروہہ اور مراد آباد سے نکلنے والے کئی رسالوں سے وابستہ رہے۔

    Books

    ممتاز شاعر، دانشور، کالم نگارکی بات کی جائے قطعہ نگاری یا پھر ہو وہ مقام اعلیٰ نثر نگاری کا رئیس امروہوی نے ملکی اور غیر ملکی سطح پر بے پناہ پذیرائی حاصل کی جو ان کی شہرت کی وجہ بنی۔ شاعری کے علاوہ نثر نگاری میں بھی انہوں نے اپنا نام پیدا کیا۔ رئیس امروہی نے مختلف موضوعات پر بھی کئی کتابیں تصنیف کیں۔

    rais-890x395

    رئیس امروہوی کے شعری مجموعوں میں الف، پس غبار، حکایت نے، لالہ صحرا، ملبوس بہار، آثار اور قطعات کے سات مجموعے شامل ہیں جبکہ نفسیات اور مابعدالطبیعات کے موضوعات پر ان کی نثری تصانیف کی تعداد ایک درجن سے زیادہ ہے۔

    اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے
    کیوں جان حزیں خطرہ موہوم سے نکلے
    کیوں نالہ حسرت دل مغموم سے نکلے
    آنسو نہ کسی دیدہ مظلوم سے نکلے
    کہہ دو کہ نہ شکوہ لب مغموم سے نکلے
    اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے

    قیام پاکستان کے بعد انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی اور مقامی روزنامہ کراچی سے بطور قطعہ نگار اور کالم نگار وابستہ ہوگئے، اس ادارے سے ان کی یہ وابستگی تا عمر جاری رہی۔

    رئیس امروہوی کے چھوٹے بھائی سید محمد تقی اور جون ایلیا بھی اردو ادب کی معروف شخصیات میں شامل ہیں۔

    بائیس ستمبر 1988ء کو اردو کے نامور شاعر اور ادیب رئیس امروہوی کراچی میں ایک نامعلوم قاتل کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ اورکراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔

    ملک الموت سے ٹکرا کے رئیس
    دیکھنا ہے کہ کہا ں گرتے ہیں
    ہم کہ اس شہر کے بازاروں میں
    سر ہتھیلی پر لئے پھرتے ہیں

     

  • متحدہ رہنما فیصل سبزواری وطن واپس پہنچ گئے، خواجہ اظہارنے استقبال کیا

    متحدہ رہنما فیصل سبزواری وطن واپس پہنچ گئے، خواجہ اظہارنے استقبال کیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری کراچی پہنچ گئے ہیں۔  وہ چھ ماہ سے امریکا میں مقیم تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے سابق وزیر برائے امورِنوجوانان اور ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فیصل سبزواری جو کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے بعد سے منظرِ عام سے غائب تھے۔

    آج چھ ماہ امریکا میں قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، کراچی ائیر پورٹ پر ان کا استقبال خواجہ اظہار الحسن اوردیگرمتحدہ رہنماؤں نے کیا،

    ذرائع کے مطابق فیصل سبزواری پہلے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی رہائش گاہ پرجا کر ان سے ملاقات کریں گے۔

    کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو پر برا وقت ہے اسی لئے واپس آیا ہوں، متحدہ قومی موومنٹ اپنے ارتقا کے عمل سے گزر رہی ہے،

    انہوں نے کہا کہ اپنے مسائل حل کرکے پہلی فرصت میں وطن واپس آیا ہوں، ہمارا کام ہے کہ اپنی پارٹی کو مضبوط بنا کر شہر کے مسائل حل کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کڑے وقت میں کارکنان کا ساتھ دینے آیا ہوں، ایک صحافی نے ان سوال کیا کہ آپ کو منزل چاہیئے یا رہنما جس پر انہوں نے برجستہ کہا کہ فی الحال گاڑی اورکھانا چاہیئے۔

    ایک سوال کے جواب میں فیصل سبزواری نے کہا کہ سیاست کرنا سب کا حق ہے، مصطفیٰ کمال سے میرا کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ ایم کیو ایم میں تھا اور ایم کیو ایم میں ہی رہوں گا، کیونکہ شہر کراچی کی نمائندگی ایم کیو ایم کو ہی کرنی ہے۔ ایم کیو ایم کا مستقبل روشن ہے۔

    یاد رہے کہ فیصل سبزواری کے متعلق میڈیا میں افواہات گردش کررہی تھیں کہ انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اختلافات کی بنا پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی تاہم فیصل سبزواری کی جانب سے ایساکوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

    ایم کیوایم کے منظرعام سے غائب رہنما فیصل سبزواری کا دو ہفتے میں وطن آنے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بانی ایم کیو ایم نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے فروغ نسیم، فیصل سبزواری اور رؤف صدیقی کو دھوکے باز قرار دیا تھا۔

    بعد ازاں ایم پی اے فیصل سبزواری نے صوبائی اسمبلی کی نششت سے مستعفی ہوتے ہوئے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی کی جانب سے فیصل سبزواری کا استعفیٰ منظور نہیں کیا گیا تھا اور یہ امکان بھی ظاہرکیا گیا کہ ان کا استعفیٰ منظورنہ کرتے ہوئے معافی دے دی جائے گی۔

     

  • متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں، عمران خان

    متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں، عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں اختلافات کے باوجود میں ایم کیو ایم پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں۔

    ایم کیو ایم میں محب وطن اور پڑھے لکھے لوگ آج بھی ہیں، لہٰذا ایسے لوگوں کو بھی آگے آنا چاہئیے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔


    پی ایس پی سے مستقبل میں اتحاد ہوسکتا ہے

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کی آمد خوش آئند ہے، مستقبل میں پی ایس پی سے اتحاد ہو سکتا ہے، متحدہ قومی موومنٹ دہشت گرد اور نواز لیگ معاشی دہشت گرد جماعت ہے۔

    فاروق ستار اورالطاف حسین کا میچ فکس ہے

    ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار اورالطاف حسین کا معاملہ میچ فکسنگ لگتا ہے، فاروق ستار اپنے قائد کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ لیکن وہ مجبور بھی ہیں۔ عمران خان نے دعویٰٰ کیا کہ کراچی تو تحریک انصاف کا ہی شہر ہے۔

     پی ٹی وی پر حملہ ہم نے نہیں کروایا

    انہوں نے کہا کہ بیس سال میں کبھی توڑ پھوڑ کی سیاست نہیں کی، پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ ہم نے نہیں کرایا، سرکاری ٹی وی پر حملہ ہوا تو کنٹینر پر کھڑے ہوکر کہا تھا کہ واپس آجاؤ۔ مجھے شک ہے کہ یہ حملہ حکومت نے خود کروایا تھا۔

    فیصل واوڈا پر حملے کا الزام فی الحال کسی پر نہیں لگا سکتے

    پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی گاڑی پر حملے کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ حملے کا الزام بغیر کسی ثبوت کے کسی پر نہیں لگا سکتے، ان پر حملہ ہم کو ڈرانے کی کوشش ہے۔

    فیصل واوڈا نیب کے دفتر میں کچھ ثبوت دینے کیلئے گئے تھے، ہوسکتا ہے حملے کے محرکات پانامہ لیکس کے حوالے سے ہوں یا پھر وہ عناصر جو شہر میں امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس پر کچھ واضح طور پر نہیں کہا جاسکتا۔


    بارہ مئی کا ذمہ دار وسیم اختر نہیں الطاف حسین اور مشرف ہیں 

    ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ سانحہ بارہ مئی کا مقدمہ وسیم اختر پر نہیں بلکہ الطاف حسین اور اس وقت کے صدر پرویزمشرف پر قائم کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نےکہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور حکومت کو چاہیئے کہ پاکستان میں شر انگیزی پھیلانے جرم میں ان کو جیل میں ڈلوائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارن پالیسی نہ ہونے کے برابر ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضلع غربی کے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد پر افسوس ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں جرائم کی شرح دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم ہے، اگر رینجرز کو ضرورت ہے تو وہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف ضرور آپریشن کرے۔

     

     

  • کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی

    کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی

    کراچی : عید قرباں کے قریب آتے ہی کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ لوگ قربانی کیلئے اپنی پسند کا جانور خریدنے جوق در جوق آ رہے ہیں۔

    COW POST 1

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ ملک بھر سے قربانی کے جانور منڈی پہنچا دیئے گئے۔

    COW POST 2

    گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر سات سو ایکڑ سے زائد رقبے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگائی جاتی ہے۔

    منڈی میں مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے ہر نسل کے تقریباً تین لاکھ سے زائد جانور بیچنے کے لیے لائے جاتے ہیں، جن میں ایک لاکھ 75ہزار بڑے جانور اور تقریباً ایک لاکھ 25ہزار چھوٹے جانور ہوتے ہیں۔

     

    مویشی منڈی میں لوگ جانوروں کی قیمتیں سن کر کانوں کو ہاتھ لگا رہے ہیں لیکن پھر بھی پسند کا جانور بھاؤ تاؤ کے بعد خرید رہے ہیں۔

    بچوں کی تو موج ہی ہو گئی وہ جانوروں کے ساتھ خوب تفریح بھی کررہے ہیں، کوئی بھیڑ کی سواری کررہا ہے تو کوئی اونٹ کے ساتھ تصویریں بنوا رہا ہے۔ کسی کا بیل اس کی جان بن گیا ہے تو کوئی بکرے سے پیار کررہا ہے۔

    عید قرباں کے رنگ ملک بھر میں چھائے ہوئے ہیں اور کراچی سمیت ملک بھر میں مویشی منڈیوں میں رش لگا ہوا ہے۔ عید قربان جذبہ ایثار کا نام ہے اسی لیے ہر کوئی قربانی کیلئے خوبصورت اور صحت مند جانور کی تلاش میں ہے۔

    عید قربان کے آتے ہی سب کی خواہش اور کوشش ہے کہ خوب سے خوب ترجانور قربان کیا جائے، مویشیوں کے بیوپاری بھی اپنے جانوروں کی صفائی ستھرائی میں مصروف ہیں۔

     

  • بھارت وضاحت کرے پاکستان کو کیا سبق دینا چاہتا ہے ، وزیر داخلہ

    بھارت وضاحت کرے پاکستان کو کیا سبق دینا چاہتا ہے ، وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ بھارت دھمکیاں دیتا ہے اور مذاکرات کی بات کرتا ہے ساتھ ہی کشمیریوں پر ظلم بھی کرتا ہے،دنیا کے کسی بھی حصے میں ہماری تضحیک کی گئی تو جواب دوں گا، کشمیر میں ظلم پر بھارت کے خلاف میرے موقف کی تمام سیاسی جماعتوں نے تعریف کی مگر ایک سیاسی جماعت کو سانپ سونگھ گیا۔


    Nisar responds to Indian minister’s allegations by arynews
    اسلام آباد میں طویل پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کاکہنا تھا کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے دورہ پاکستان سے واپسی پر راجیہ سبھا میں میری بات کا جواب دیا اور کہا کہ پاکستان سبق سیکھنے کے لیے تیار نہیں،بھارت کشمیر میں تسلط اور اجارہ داری کا سبق دینا چاہتا ہے؟ کاش وہ وضاحت کردیتے کہ کون ساسبق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی  وزیر داخلہ کی یہاں آمد پر کئی سیاسی جماعتوں نے مظاہرے کیے مگر وہ تہذیب کے دائرے میں تھے لیکن بھارتی میں لوگوں کا منہ کالا کردیا جاتا ہے، غلام علی، شہریار خان اور خورشید قصوری کا کیا قصور تھا؟ ان کی مثالیں سب کے سامنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کون کشمیر میں ظلم کررہا ہے، کون دھمکیاں بھی دے رہا ہے اور مذاکرات کے دروازے بند کررہا ہے، بھارتی میڈیا خود دیکھ لے، راج ناتھ مجھ سے ملنا نہیں چاہتے تھے تو میں بھی ان سے ملنے کے لیے بے تاب نہیں تھا، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں،میرا احتجاج مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کے خلاف تھا اور مہذب احتجاج تھا، راج ناتھ کی راجیہ سبھا میں تقریر کا جواب فوج سے نہیں پارلیمنٹ سے ہی آنا چاہیے تھا کچھ لوگ مجھ پر تنقید کرنے کی کوشش نہ کریں اور ہیرو نہ بنیں۔

    انہوں  نے کہا کہ کشمیر میں مظالم پر بھارت کے خلاف بات کی، تسلی ہے جو کچھ کیا وہ ملکی مفاد میں کیا ،مجھ پر تنقید کرنے والی سیاسی جماعت کچھ عرصہ قبل خود بھارت کے خلاف نعرے لگواتی تھی اور اب مجھ پر تنقید کی جارہی ہے، بھارتی وزیرداخلہ کے رویے پر ایک سیاسی جماعت نے خاموشی اختیار کیے رکھی،میں نے کسی کا نام لیے بغیر دہشت گردی کے خلاف اعدادو شمار پیش کیے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے پہلے چار نکات وزارت داخلہ اور بقیہ صوبائی اور دیگر وزارتوں سے متعلق ہیں،مجھ سے قبل کیس نے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کیوں نہیں کیے؟اصل میں ایک جماعت نے مجھے ٹارگٹ کرلیا ہے،ایک ٹولہ کسی بھی واقعے کے بعد ہم پر تنقید کرتا ہے، کچھ لوگوں کو بھارت کے مفادات بہت عزیز ہیں، بھارت کے مفاد کا دفاع بھی یہی ٹولہ کرتا ہے۔

    میتھیو بیریٹ پر جاسوسی کا الزام نہیں تھا

    امریکی شہری میتھیو بیریٹ کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ میتھیو سال 2011 میں پاکستان سے ڈی پورٹ ہوا، عدالتی حکم پر اسے جیل سے نکال کر ملک بدر کیا گیا، اس پر جاسوسی کا الزام نہیں تھا سیکیورٹی علاقے میں پایا گیا تھا۔

    پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ امریکی شہری کا ویزا فارم منگوایا ہے میتھیو نے پانچ سال بعد پھر ویزے کے لیے درخواست دی تھی،اسے ویزا دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی،غلطی کی نشاندہی کرنے والے کو ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں امریکی شہری کو ڈی پورٹ کیا جائے گا اور جس نے امریکی شہری کو چھوڑا وہ حراست میں ہے۔

    3کروڑ 12لاکھ شناختی کارڈز کی تصدیق کی

    شناختی کارڈز کی تصدیق کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں 3 کروڑ 12 لاکھ شناختی کارڈز کی تصدیق کی گئی، نادرا کی جانب سے لوگوں کے موبائل فون پر 48 لاکھ ایس ایم ایس  بھیجے، 33 لاکھ لوگوں نے نادرا سے خود رابطہ کیا، 30 ہزار لوگوں کی تصدیق نہیں ہوئی ان کے شناختی کارڈ ز بلاک کردیئے گئے ہیں اور تصدیق نہ ہونے والے لوگوں کے خلاف رواں ماہ کے آخر میں کارروائی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 14 غیر ملکیوں نے خود فون کر کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹ واپس کیے۔

    پاکستان میں کوئی بھی کرپشن کے خلاف سنجیدہ نہیں

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں میری ریلی کرپشن کے خلاف ہے، پاکستان میں کرپشن کے خلاف کوئی بھی سنجیدہ نہیں، یہ صرف ایک ہتھیار ہے مخالفین کے خلاف ، بلاول کو کنٹینر پر چڑھانے سے قبل پوچھ لینا چاہیے تھا کہ بیٹا دبئی کے محلات کے لیے رقم کہاں سے آئی؟ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ایک میٹر ریڈر اس مقام تک کیسے پہنچا؟پی پی منع کردے کہ سرے محل آپ کا نہیں؟سوئس بینکوں میں پیسہ کس نے رکھا؟ایل پی جی کوٹا کس نے اپنے نام کرایا؟

    زرداری اور ایان علی میں کیا تعلق ہے؟

    انہوں نے پی پی اور آصف زرداری پر تنقید کی اور کہا کہ آخر ایان علی اور آصف زرداری میں کیا تعلق ہے؟ اس کے دفاع کے لیے مفت میں کیس لڑا جارہا ہے اور غریب آدمی کے دفاع میں یہ لوگ کھال کھینچ لیتے ہیں،بلاول اور ایان علی کے ایئرٹکٹس ایک ہی اکائونٹ سے جاتے ہیں۔

    پی پی سے صلح ایان علی و ڈاکٹر عاصم کی رہائی سے مشروط

    انہوں نے کہا کہ میری اور پی پی کی صلح کے لیے ایک ذمہ دار شخص آیا اور کہا کہ آپ کی اور پی پی میں صلح ہوسکتی ہے لیکن اس نے ایان علی کو بری کرنے اور ڈاکٹر عاصم کی رہائی کی شرط عائد کی۔

    رینجرز کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری غلط تھی

    میں نے رینجرز کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کو گرفتار کرنے کی مذمت کی اور کہاکہ یہ رینجرز کا اختیار نہیں اور اسی لیے اب ڈاکٹرعاصم نیب کے پاس ہیں،احتساب کرنا میرا کام نہیں، اس کے لیے نیب موجود ہے۔

    دہشت گرد فون پر کہتے ہیں کوئی پٹاخہ تو چھوڑو

    انہوں نے کہا کہ کوششوں کا نتیجہ ہے کہ دہشت گردی کم ہوگئی،دو برس میں 20 ہزار سے زائد آپریشن کیے، ملک میں دہشت گردی میں کمی آئی، یہ میں نہیں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا بیان ہے،میرا کام انٹیلی جنس شیئرنگ کرنا ہے ، دہشت گرد آسان اہداف کی تلاش میں لگے رہتے ہیں اور فون کالز پر ایک دوسرے سے کہتے ہیں کہ ایک پٹاخہ تو چھوڑو، کچھ تو کرو،ہمارے دشمن سرحد پار چلے گئے ہیں، کم ضرور ہوئے لیکن ختم نہیں ہوئے۔

    ایک میٹر ریڈر اپوزیشن لیڈر کیسے بن گیا

    انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ دو اشخاص نے دھرنے کے دوران بد ترین بدتمیزی کی میں جواب دینا چاہتا تھا مگر وزیراعظم بیچ میں آگئے تو خاموش رہا، دونوں افراد سے کہتا ہوں کہ بیان بازی سے گریز کریں، مجھ پر الزامات لگانے والوں کو چیلنج کرتا ہوں۔بعدازاں انہوں نے اعتزاز احسن اور خورشید شاہ کو مذاکرے کا چیلنج دے دیا اور کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ ایک میٹر ریڈر اپوزیشن لیڈر کیسے بن گیا؟ میڈیا میں بیان بازی سے گریز کرناچاہیے، ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کاسلسلہ ختم کیا جائے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ورنہ مزید پریس کانفرنسز کروں گا۔

  • کراچی، سکھراورحیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

    کراچی، سکھراورحیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

    کراچی: سکھر حیدر آباد اور کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر تین روز کی پابندی عائد کردی گئی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر اور سندھ میں یوم علی رضی اللہ عنہ  پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعدد سیکیورٹی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    ان اقدامات میں سب سے اہم اور آزمودہ اقدام موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ سندھ نے کراچی، حیدر آباد اور سکھر ڈویژن موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    پابندی کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا اور یہ 28 جون تک نافذ رہے گی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پابندی پولیس حکام کی درخواست پر محکمہ داخلہ سندھ نے لگائی ہے۔

    واضح رہے کہ نوٹی فکیشن کے مطابق صحافی، بزرگ، خواتین،معذور افراد اور 12سال سے کم عمر لڑکوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، وہ اس قانون سے مستثنیٰ ہیں۔

  • وزیر خزانہ کی گھڑی کے بیس لاکھ روپے لگ چکے ہیں، جمشید دستی

    وزیر خزانہ کی گھڑی کے بیس لاکھ روپے لگ چکے ہیں، جمشید دستی

    کراچی : رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کی گھڑی کے بیس لاکھ روپے لگ چکے ہیں، گھڑی یقینا 50لاکھ کی ہی ہے، اس بات کا انکشاف انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام الیوتھ آور میں وسیم بادامی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    جمشید دستی نے بتایا کہ مذکورہ گھڑی اسپیکر کے پاس ہے امید ہے وہ امانت میں خیانت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم سب عوامی نمائندے ہیں اورعوام کو جواب دہ ہیں، یہ بات مجھے نواز لیگ کے ایک ایم این اے کے ذریعے معلوم ہوئی کہ وزیر خزانہ کے پاس آٹھ کروڑ کی گاڑی ہے، قیمتی بنگلے ہیں اور وہ پچاس لاکھ کی گھڑی باندھتے ہیں۔


    Dasti claims PML-N legislator offered Rs3 lac… by arynews

    انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی غلط بات نہیں کی تھی وزیر خزانہ نے غصے میں کر وہ گھڑی ہاتھ سے اتار دی، یہ گھڑی نہ میں نے باندھی اور نہ مجھے اس کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ایک مقروض ملک میں رہتے ہیں پاکستان قرضوں میں پھنسا ہوا ہے ہمیں سادگی اپنانی چاہیئے، انہوں نے کہا کہ یہ گھڑی قوم کی امانت ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں شراب کی ایک ہزار بوتلوں کے موقف پر اب بھی قائم ہوں ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ وزیر داخلہ اس کا نوٹس لیتے الٹا میرے خلاف ہی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی گئی۔

    نون لیگ میں گروپ بندی کے حوالے سے سوال پر جمشید دستی نے کہا کہ میں یہ سچ کہہ رہا ہوں کہ نواز لیگ میں فارورڈ بلاک بن رہا ہے، شہباز شریف اور چوہدرری نثار ایک لائن میں ہیں اور خواجہ گروپ اور میاں صاحب الگ گروپ ہیں۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ حمزہ شہباز تین سے چار کروڑ روپے ڈی سی اوز سے بھتہ لیتا ہے، میں نے اسمبلی میں کہا ہے کہ یہ گروہپ بندی پورہی ہے چوہدری نثار شہباز شریف کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار ہیں اور وہی پروٹوکول مانگنا چاہتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پارٹی پاکستان عوامی راج کے نام سے رجسٹر کرائی ہے، اور ہم اس میں کسی لٹیرے یا لوٹے کو شامل نہیں کریں گے۔

    عمران کان کے حوالے سے جمشید دستی نے کہا کہ عمران کان نے عوام کو دھوکہ دیا، جس زرداری کو وہ لٹیرا اور چور کہتے تھے اب وہ مردہ پیپلز پارٹی کو زندہ کرنے کیلئےان ہی کے نمائندوں کے پیچھے کھڑے ہیں۔

     

  • روزہ انسان کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط کرتا ہے

    روزہ انسان کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط کرتا ہے

    ہمارے کریم رب نے ماہ رمضان جیسی نعمت عطا کرکے اپنے کرم کی انتہا کر دی کہ اپنی رحمت، مغفرت سے اپنے گناہ گار بندوں کو بیماریوں سے بچانے کا ذریعہ یکجا کر دیا ھے۔

    روزے کا مقصد تقویٰ کی صفت پیدا کرنا ھے اور یہ تقویٰ قرآنِ پاک سے ہدایت حاصل کرنے کے لیے بھی ضروری ھے. اللہ رب العزت سے زیادہ کون اس ضرورت اور حقیقت سے واقف ہے۔

    اُس رب تعالیٰ نے اتنا پیارا بندوبست کیا ہے کہ رمضان اور قرآن کو ایک اہم رشتے میں پرو دیا۔ جس رات قرآنِ مجید نازل کیا. اُسی رات رمضان کا بھی نزول فرمایا۔

    روزے کے حیرت انگیز طبی فوائد:

    ہفتے میں سولہ گھنٹے کے ایک روزے سے انسانی جسم کو حیرت انگیز طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ بلا شبہ روزہ ایک مقدس عبادت ہے اور اس کا اجرو ثواب صرف پروردگار ہی دے سکتا ہے مگر روزے کے نتیجے میں انسان کو ایسے حیرت انگیز طبی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں جن کا عام لوگ تصور بھی نہیں کر سکتے۔

    روزہ بڑھاپے کے اثرات کم کرنے میں مدد دیتا ہے:

    ایک ہفتے میں 16 گھنٹوں کا روزہ بڑھاپے کے اثرات کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تاثر درست نہیں کہ روزہ انسان کو کمزور کر دیتا ہے۔ روزہ رکھنے سے انسان بڑھاپے کو روکنے کی کامیاب کوشش کر رہا ہوتا ہے۔ روزے کی حالت میں انسانی جسم میں موجود ایسے ہارمونز حرکت میں آجاتے ہیں جو بڑھاپے کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔روزہ کینسر، امراض قلب اور شریانوں کی بیماریوں کے آگے بھی ڈھال ہے۔

    روزہ جلد کی تازگی کو برقرار رکھتا ہے:

    ماہرین کا کہنا ہے کہ روزہ انسان کی ظاہری خوبصورتی، جلد کی تازگی، بالوں حتیٰ کہ ناخنوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ روزے سے انسانی جلد مضبوط ہوتی اور اس میں جھریاں کم ہوتی ہیں۔ گرمی کے موسم میں آنے والے ماہ صیام میں انسانی جسم کو روزے کے عالم میں پانی کی زیادہ ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ سخت گرمی میں جلد جھلس جاتی ہے۔ لہٰذا افطاری کے بعد اور سحری کے اوقات میں پانی کا بکثرت استعمال کیا جائے۔ اس سے جلد کو تازہ رکھا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیںگلیسرین کے استعمال سے بھی جلد کو تازہ کیا جا سکتا ہے۔

     ناخنوں اور بالوں کی صحت پر روزے کے مثبت اثرات:

    انسانی جلد اور ناخنوں پر بھی روزے کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ناخن، سرکے بالوں کی نشوونما اور ان کی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے۔ انسانی اور چہرے کی رنگت پر مرتب ہونے والے اثرات ناخنوں پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ روزے کی حالت میں جسم ان ہارمونز کو پھیلاتا جو جلد کی خوبصورتی اور ناخنوں کی چمک اوربالوں کی مضبوطی کا موجب بنتے ہیں  یہاں تک کہ روزے سے انفیکشن ،بیکٹیریا کی روک تھام اور بڑھاپے کے خلاف مزاحمت پیداہوتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزے کی وجہ سے زیادہ بھوک اور پیاس انسان کو طبی ضرورت سے زیادہ کھانے پینے پرمجبور کرسکتی ہے مگر سحری اور افطاری میں کھانے پینے میں اعتدال کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

  • آج شہنشاہ غزل مہدی حسن خان کا چوتھا یومِ وفات ہے

    آج شہنشاہ غزل مہدی حسن خان کا چوتھا یومِ وفات ہے

    کراچی : شہنشاہ غزل مہدی حسن کو ہم سے بچھڑے آج چار برس بیت گئے ، مگر اُن کا فن آج بھی زندہ ہے، برصغیر پاک و ہند میں مہدی حسن کا نام اور ان کی آواز کسی تعارف کی محتاج نہیں۔

    مہدی حسن کی گائیگی بھارت اور پاکستان میں یکساں مقبول ہے۔ مہدی حسن ایک سادہ طبیعت انسان تھے اور بعض اوقات بات سیدھی منہ پر کردیا کرتے تھے ۔

    فلمی موسیقی کے زرخیز دور میں مہدی حسن کو احمد رشدی کے بعد دوسرے پسندیدہ گلوکار کا درجہ حاصل رہا۔ مہدی حسن 1927ء میں راجستھان کے ایک گاؤں لُونا میں پیدا ہوئے۔ اُن کے والد اور چچا دُھرپد گائیکی کے ماہر تھے اور مہدی حسن کی ابتدائی تربیت گھر ہی میں ہوئی۔

    خود اُن کے بقول وہ کلاونت گھرانے کی سولھویں پیڑھی سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد استاد عظیم خان اور اپنے چچا استاد اسماعیل خان سے حاصل کی، جو کلاسیکل موسیقار تھے۔

    مہدی حسن نے کلاسیکی موسیقی میں اپنے آپ کو متعارف کروایا، جب آٹھ سال کے تھے۔اور پچپن سے ہی گلوکاری کے اسرار و رموُز سے آشنا ہیں مگر اس سفر کا باقاعدہ آغاز 1952ء میں ریڈیو پاکستان کے کراچی اسٹوڈیو سے ہوا اس وقت سے لے کرآج تک وہ پچیس ہزار سے زیادہ فلمی غیر فلمی گیت اور غزلیں گا چکے ہیں۔

    سن انیس سو ساٹھ اور ستر کی دہائی میں ان کا شمار عوام کے پسندیدہ ترین فلمی گلوکاروں میں ہوتا تھا۔اور سنتوش کمار، درپن، وحید مراد اور محمد علی سے لیکر ندیم اور شاہد تک ہر ہیرو نے مہدی حسن کے گائے ہوئے گیتوں پر لب ہلائے۔

    مہدی حسن نے کل 441 فلموں کے لیے گانے گائے اور گیتوں کی تعداد 626 ہے ۔ فلموں میں سے اردو فلموں کی تعداد 366 جن میں 541 گیت گائے۔ جب کہ 74 پنجابی فلموں میں 82 گیت گائے ۔

    انہوں نے 1962 سے 1989 تک 28 تک مسلسل فلموں کے لیے گائیکی کی تھی ۔ ان کی پہلی غزل جو ریڈیو پر مشہور ہوئی وہ کلاسک شاعر میر تقی میر کی مشہور زمانہ غزل تھی ۔ دیکھ تو دل کہ جان سے اٹھتا ہے۔

    کافی عرصہ علالت میں گزارنے کے بعد آخر کار 13 جون 2012 کو کراچی کے ایک نجی اسپتال میں اس دار فانی سے رخصت ہوئے۔

     

  • پانچ جون: ماحولیات کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

    پانچ جون: ماحولیات کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

    کراچی : اقوام متحدہ کی اہم سرگرمی ہونے کے ناطے ماحولیات کا عالمی دن دنیا بھر میں ہر سال 5جون کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصدماحولیات کی اہمیت کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانا اور ماحولیات کی بہتری کے لیے سیاسی سطح پر توجہ دلانا اور اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کو مزید فعال بناناہے۔

    اس سال عالمی یوم ماحولیات کا موضوع ہے

    ” Go Wild for the life” (جنگلی حیات کا تحفظ ہر قیمت پر) 

    اس موضوع کے انتخاب کا مقصد جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کی روک تھام اور ان جانوروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے جن کی نسل ختم ہوجانے کا اندیشہ ہے مثلا ہاتھی، گینڈا، چیتا، وھیل مچھلی اور کچھوے وغیرہ ۔

    World4

    مزید برآں ، ہرسال 8 جون کو سمندروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد عوام الناس میں سمندروں اور ان میں پائے جانے والے قدرتی وسائل کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور انہیں آلودگی اور وسائل کے بے دریغ استعمال سے محفو ظ رکھنا ہے۔ اس دن کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے جو موضوع منتخب کیا گیا ہے وہ ہے

    صحت مند سمندر، صحت مند کرہ ارض

    سمندر زمین پرموجو د حیاتیاتی نظام (ایکو سسٹم) کا اہم ترین حصہ ہیں اور آلودگی سے پاک سمندر کرہ ارض پر صحت مند ماحول کو برقرار رکھنے میں اہم کردار کے حامل ہیں۔

    World2

    ماحولیا ت کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہونے کے باعث پاک بحریہ ماحول اور سمندر وں کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لئے دونوں عالمی ایام کو باقاعدگی سے مناتی ہے ۔

    اس سال ماہِ صیام کے آغاز سے قبل پاک بحریہ میں یہ دونوں ایام مشترکہ طور پر 3جون کو منائے گئے ۔ عوام الناس اور متعلقہ ایجنسیوں اور محکموں میں ماحول اور سمندروں کی اہمیت سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں ساحلوں کی صفائی کی مہم اور سیمینار اور لیکچرز شامل ہیں۔

    اس سلسلے میں پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں معلوماتی مقابلے اور پاکستان میری ٹائم میوزیم میں رنگا رنگ میلے کا انعقاد بھی شامل ہیں۔

    اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سمندروں کو مختلف نوعیت کے خطرات سے تحفظ فراہم کرنے اور ماحولیات بالخصوص سمندری ماحول کی بہتری کے لیے پاک بحریہ ہر ممکن کوشش کرے گی۔

    انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کی خاطر سمندر اور ماحول کے تحفظ کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔