Author: اعجاز الامین

  • میاں صاحب قومیں موٹروے سے نہیں تعلیم سے بنتی ہیں، عمران خان

    میاں صاحب قومیں موٹروے سے نہیں تعلیم سے بنتی ہیں، عمران خان

    سوات : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میاں صاحب جہاں جاتے ہیں موٹر وے بنانے کی بات کرتے ہیں، میں میاں صاحب کو بتانا چاہتا ہوں کہ قومیں موٹر وے بنانے سے نہیں تعلیم سے بنتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ میں جلسے میں عوام کی اتنی بڑی تعداد میں آنے پرعوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    آپ کی آمد وزیر اعظم نواز شریف کیلئے پیغام ہے،انہوں نے کہا کہ میں نے پہلا الیکشن سوات سے ہی جیتا تھا، سوات کے لوگوں نے جو عزت دی وہ کبھی نہیں بھول سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کونیا خیبرپختونخواہ نظرنہیں آئےگا کیوں کہ نیا پاکستان اسکولوں میں بنے گا۔جہاں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہ جاتے ہوں وہاں ملک موٹر وے سے نہیں بنتا۔


    Mian Sahib will be sent to jail if PTI makes… by arynews

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو ہیلی کاپٹر سے خیبر پختونخواہ میں تبدیلی نظر نہیں آرہی تو میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے خیبر پختونخواہ میں اداروں کو مضبوط کیا ہے۔

    نیا پختونخواہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں بنے گا ۔سب سے زیادہ پیسہ ہمارے صوبے میں تعلیم پر خرچ کیا گیا اور اس کے بعد ہسپتالوں میں پیسہ خرچ کیا گیا ۔

    پولیس ہماری سب سے بہتر ہے اور کرپشن ہمارے صوبے میں سب سے کم ہے ،لیکن جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی تو صوبے میں سب سے زیادہ کرپشن تھی ۔

    خیبر پختون خواہ کو ماڈل صوبہ بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے سوات اور ڈی آئی خان میں بھی ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کر دیاہے۔ میاں صاحب آپ اتنی دیر رہیں گے تو ایئرپورٹ بنے گا ،آپ تیسری دفعہ وزارت عظمیٰ پر ہیں لیکن ابھی تک آپ نے باری پوری نہیں کی۔

    کے پی کے پولیس میں سیاسی بھرتیاں نہیں کی گئیں، میرٹ پر نوکریاں دی گئیں ہیں، گزشتہ تین سالوں میں پانچ ہزار کرپٹ پولیس اہلکاروں کو نوکریوں سے بر طرف کیا گیا۔

    ہمیں کے پی کے کی پولیس پر فخر ہے، اس نے ایک دن میں سردار سورن سنگھ کے قاتلوں کو گرفتارکرلیا۔

    انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں اور نیا پاکستان آپ نے ہی بنانا ہے، جو قومیں اپنے بچوں کو تعلیم نہیں دیتیں وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف تیس سال سے حکومت کر رہے ہیں پنجاب میں آپ نے کوئی ادارہ ٹھیک نہیں کیا ،عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس سے چھوٹو گینگ نہیں سنبھل رہا، کے پی کے کی پولیس طالبان سے لڑ رہی ہے،ہم پولیس کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کریں گے، ادارے تباہ کرنے والے ادارے ٹھیک نہیں کر سکتے۔

    ان کا  کہنا تھا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والا آٹھواں ملک ہے ، ہم نے خیبر پختونخواہ میں ایک ارب درخت لگا نے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاناما لیکس کے حوالے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو کرپشن کا جواب دینا پڑے گا، دوسروں پر الزام لگانے سے آپ بچ نہیں سکتے، اگر ہم کرپٹ ہیں تو آپ نے پکڑا کیوں نہیں ؟ ہماری حکومت آئی تو کرپشن کا پوچھیں گے نہیں بلکہ سیدھا جیل میں ڈالیں گے۔

    وزیراعظم کے جلسوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان انہیں نہیں بچا سکتے۔ کپتان نے دعویٰ کیا کہ ہم اگر تنہا بھی رہ گئے تو پاناما کے معاملے پر آخری حد تک جائیں گے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ ہم نے اس ملک کے طاقت ور ڈاکوﺅں کا احتساب کرنا ہے ،دو سو ارب ڈالر پاکستانیوں کا پاکستان سے باہر پڑا ہواہے اگر وہ پیسہ پاکستان میں واپس آ جاتاہے تو ہمارے سارے قرضے اتر جائیں گے ۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ پیسہ لانے کیلئے ایسی لیڈر شپ چاہئیے جو کرپٹ نہ ہو ،نوازشریف کا اپنا پیسہ باہر پڑا ہے وہ کیسے چوری کا پیسہ پاکستان لائیں گے ،بیرون ملک میں پڑا پیسہ تحریک انصاف ملک میں واپس لائے گی۔

     

  • ہمارا دامن صاف ہے، احتساب کیلئے تیار ہیں، نوازشریف کا قومی اسمبلی میں خطاب

    ہمارا دامن صاف ہے، احتساب کیلئے تیار ہیں، نوازشریف کا قومی اسمبلی میں خطاب

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اہم اجلاس سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا، اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ ، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، شیخ رشید ، چوہدری پرویز الٰہی، سراج الحق دیگر موجود تھے۔

    اسپیکر ایاز صادق نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اسمبلی سے سب سے پہلا خطاب وزیراعظم نواز شریف کریں گے جبکہ دوسرا خطاب اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور اس کے بعد پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان خطاب کریں گے.

    اجلاس میں معمول کے مطابق وقفہ سوالات کا سلسلہ جاری تھا کہ اس دوران وزیراعظم نواز شریف ایوان میں پہنچ گئے اس موقع پراراکین اسمبلی نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا جبکہ لیگی اراکین نے وزیر اعظم کے حق میں نعرے بازی کی۔

    وزیر اعظم کا قومی اسمبلی سے خطاب 

    وزیر اعظم میاں نواز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس میں میرے بیٹوں کا ذکرآیا ہے میرا نہیں ،مجھے خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن پھر بھی میں نے اپوزیشن کے مطالبے پر چیف جسٹس کی سربراہی میں تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس کے باوجود اپوزیشن نے اس کے ٹی او آرز ماننے سے انکار کردیا، میری رائے کو مثبت لینے کی بجائے اس پر تنقید کی گئی۔

    حکومتی ٹی او آرز کے جواب میں اپوزیشن نے جو ٹی آر اوز پیش کئے وہ صرف ایک فرد کے گرد گھومتے ہیں، جس کا نام پانامہ لیکس میں کہیں موجود نہیں، حد تو یہ ہے کہ کمشین سے پہلے ہی مجھ پر فرد جرم تک عائد کردی گئی۔

    513607-pm-1463405241-298-640x480

    وزیراعظم نے اسپیکر سے درخواست کی کہ وہ اپوزیشن لیڈر اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈران کی مشاورت سے پاناما لیکس کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائیں جو اتفاق رائے سے ٹرم آف ریفرنس اور دیگر معاملات کو حتمی شکل دے تاکہ بدعنوانی کرنے والوں کا محاسبہ کیا جاسکے۔


    انہوں نے کہا کہ ہم کسی بات کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہتے، حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی اور قوم کا مفاد چاہتی ہے۔

    اللہ کا کرم ہے کہ ہمارا دامن صاف ہے، سیاست میں آکر بنایا کچھ نہیں البتہ گنوایا ضرور ہے، میرے پاس چھپانے کو نہ آج ہے اور نہ پہلے تھا۔

    وزیر اعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت پانامہ پیپرز معاملہ کی جلد تحقیقات چاہتی ہے، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی کابینہ کے ساتھی ہر قسم کے احتساب کے لئے تیار ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ میں ایوان میں وضاحت دوں لیکن یہ معاملہ اب یوں ختم نہیں ہوسکتا اور نہ ہی اسے ایسا ہونا چاہیے، بات نکل ہی گئی ہے تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ضرور ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دل میں پارلیمنٹ کی بہت عزت ہے، یہ ایوان قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی علامت ہے۔

    وزیر اعظم نے اپنے ٹیکس گوشواروں کی تفصیل ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر تین کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کا ٹیکس دیا، جبکہ میرے خاندان نے 23 سال میں دس ارب روپے کا ٹیکس دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کمیشن کے قیام کے بارے میں محترم چیف جسٹس کا صاحب کا خط ہمیں موصول ہوگیا ہے اور ہمارے قانونی ماہرین اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    چیف جسٹس کے خط کی روشنی میں ہمیں اپوزیشن کے ساتھ مل کر کوئی دائرہ اختیار بنانے میں کوئی حرج نہیں لیکن سب کو ایک ہی معیار میں تولنا ہوگا، اس کے الگ الگ معیار نہیں ہوسکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خدا خدا کرکے ہمارے شہروں کا امن واپس آرہا ہے، قومی سطح پر ہمارے وقار میں اضافہ ہوا اور ہر کوئی تسلیم کرتا ہے کہ آج کا پاکستان 3 سال قبل کے پاکستان سے زیادہ روشن توانا اور مستحکم ہے، 2018 کا پاکستان اس سے بھی زیادہ مستحکم ہوگا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس چوری اور قرضے معاف کرانے والوں کی بھی چھان بین ہونی چاہیئے، قیمتی جہازوں اور بڑے محلات میں رہنے والوں کی کہانی بھی سامنے آنی چاہیئے۔

    وزیراعظم نے کہا کیچڑ اچھالنے والوں کو بتانا دینا چاہتا ہوں کہ میں نے بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب بہت سے رفاعی اداروں کو مفت زمینیں اور مالی گرانٹس اور مشینری کی درآمد میں ٹیکس کی چھوٹ دی ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ ہمارے خاندان کے زیر انتظام چلنے والے فلاحی اداروں کے لیے ایک انچ سرکاری زمین دی گئی نہ ہی کوئی گرانٹ دی گئی،انہوں نے سوال کیا کہ کیا کرپشن کرنے والوں کا طرزعمل ایسا ہی ہوتا ہے۔

    نواز شریف نے پیسہ کہاں آیا اور کیسے باہر گیا کے جواب میں کہا کہ جدہ فیکٹری فروخت کرکے لندن کا فلیٹ خریدا، انہوں نے کہا کہ جدہ فیکٹری ہو یا لندن فلیٹ پاکستان سے ایک روپیہ بھی باہر نہیں گیا۔

    سید خورشید شاہ کا انتہائی مختصر خطاب 

    وزیر اعظم کے خطاب کے بعد اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے انتہائی مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے سات سوالوں کے جواب دینے کے بجائے دبئی اور جدہ کے لیکس بھی بتا دیئے اب سات نہیں 70 سوال ہوں گے ، ہم نے جو سوالات کیے تھے ان کا جواب نہیں ملا ، یہ کہہ کر وہ اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔

    بعد ازاں اسپیکر ایاز صادق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو خطاب کی دعوت دی۔

    اپوزیشن نے وزیراعظم نوازشریف کی تقریر کے بعد قومی اسمبلی سے واک آﺅٹ کر دیا، عمران خان نے بھی اسمبلی میں خطاب کے بجائے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا ۔

     

  • ایم کیو ایم کے ایم پی اے اشفاق منگی پاک سر زمین پارٹی میں شامل

    ایم کیو ایم کے ایم پی اے اشفاق منگی پاک سر زمین پارٹی میں شامل

    کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے ایم کیو ایم کی ایک اور پتنگ کاٹ لی.

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 کراچی 34 سے 2013 کے انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے اشفاق احمد منگی نے ایم کیو ایم کو خیر باد کہہ کر پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے، اشفاق منگی نے پاکستان ہاؤس پہنچ کر اپنی شمولیت کا اعلان کیا،

    کمال ہاؤس پہنچنے پر اشفاق منگی کا شانداراستقبال کیا گیا، پی ایس پی کے رہنماؤں مصطفی کمال ۔ انیس قائم خانی  رضا ہارون ، ڈاکٹر صغیراحمد، وسیم آفتاب ، انیس ایڈووکیٹ ودیگر نے ان کو گلے سے لگا کر خوش آمدید کہا۔

    پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ کارکنوں نے ان پر گل پاشی کی ۔ شہنائیوں کی گونج میں اشفاق منگی کو کمال ہاؤس لایا گیا۔

    اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے اشفاق منگی کو پارٹی میں شمولیت پر خوش امدید کہتے ہوئے وطن پرستی کے قافلے کا حصہ بننے پر مبارکباد ہپیش کی۔

    مصطفیٰ کمال نے قائد ایم کیو ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے کارکنان سے سچ بولیں، انہوں نے کہا کہ جو بیانات آپ نے اسکارٹ لینڈ یارڈ کو دیئے، وہ بات آپ اپنے کارکنان اور قوم سے نہ چھپائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے پاور چھیننے نہیں آئے، اور نہ ہی لوگوں کو ٹارگٹ کلر بنانے آئے ہیں ، ہم صرف پیار محبت کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں،

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے قافلے میں پاکسان بھر سے لوگ جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں، اور بے شمار لوگ رابطے میں ہیں،

    انہوں نے کہا کہ میں کس کس کا نام لوں کہ کون کون رابطے میں ہے انہوں نے اشارتاً کہا کہ جو جو لوگ زیادہ تیز آواز میں ہمارے خلاف بول رہے ہیں، سمجھ لیں کہ وہی لوگ ہم سے رابطے میں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے والوں کی بہت ساری باتوں کا جواب نہیں دیتے کیونکہ ٹائم نہیں ہے، اور اگر لوگ جھوٹ بولتے ہیں تو اس کے جواب میں تھوڑا بہت سچ بولنا پڑتا ہے جس کے بعد وہ کچھ روز کیلئے کومہ میں چلے جاتے ہیں۔

    اشفاق منگی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے بھی استعفی دے دیا ہے۔ مصطفیٰ کمال کا ساتھ نہ دیتا تو سندھ دھرتی کبھی معاف نہ کرتی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم جس مقصد کیلئے متحدہ میں شامل ہوئے تھے وہ پورا نہیں ہوا۔ سندھ کے غریب عوام کیلئے کئے جو وعدے کئے وہ پورے نہیں کئے گئے، ان کا کہنا تھا کہ ہم ملیر کے عوام کی خدمت نہیں کرسکے جس کیلئے ہم قوم سے شرمندہ ہیں،

     

  • اےآروائی فلمزکی پیشکش فلم جانان کا ٹیزرریلیز

    اےآروائی فلمزکی پیشکش فلم جانان کا ٹیزرریلیز

    کراچی : اے آر وائی فلز کے بینر تلے بننے والی فلم جانان کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق آئی آر کے فلمز ایم ایچ پروڈکشن اور اے آروائی فلمز کی مشترکہ پیشکش فلم جانان کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے۔

    فلم کا ٹریزر دیکھنے کیلئے یہاں کلک کریں

     

    Janaan- Teaser- Releasing on Eid ul AzhaThe Teaser of the much awaited film JanaanSit back, relax and enjoy our exclusive surprise only for the online fans of Janaan. After a widespread anticipation, we are thrilled to unveil the first official teaser of the film Janaan. Janaan starers Armeena Rana Khan, Bilal Ashraf and Ali Rehman Khan in the lead roles, and is presented by IRK Films, MH Productions(Pepe's Piri Piri Group) and ARY Films. Written by Osman Khalid Butt. Cinematography by Rana Kamran. Edited by Mitesh Soni. Directed by Azfar Jafri. Produced by Reham Khan, Hareem Farooq, Munir Hussain and Imran Raza Kazmi.Have a look and let us know what you think by simply dropping a comment below. #Janaan@Armeena Rana Khan, Bilal Ashraf, Ali Rehman Khan, Mishi Khan, Ajab Gul, Nayyer Ejaz, Hania Aamir, Usman Mukhtar, Shafqat Khan.IRK FILMS, MH Productions UK & ARY FILMS PresentsCast: Bilal Ashraf, Armeena Rana Khan, Ali Rehman KhanReleasing on Eid ul Azha 2016 in Cinemas by ARY Films#aryfilms #irkfilmsWatch in HDLike, share and comment :-) Posted by Janaan on Friday, March 18, 2016
      آئی آر کے فلمز ایم ایچ پروڈکشن اور اے آروائی فلمز کی جانب سے نئی فلم جانان 13 ستمبر کو ملک بھر کے سینماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جا رہی ہے۔ فلم میں ارمینہ رانا خان بلال اشرف اور علی رحمان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کے ہدایت کاراظفر جعفری ہیں, ۔فلم جانان رواں سال عید الاضحیٰ کے موقع پر اے آر وائی فلمز کے بینر تلے ریلیز کی جارہی ہے۔  

  • چارسدہ : شب قدر کی عدالت میں خود کش حملہ، 9 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    چارسدہ : شب قدر کی عدالت میں خود کش حملہ، 9 افراد جاں بحق متعدد زخمی

    چارسدہ : خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کا ایک اور واقعہ رونما ہوگیا، زور دار خود کش دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد جاں بحق جبکہ دو لیڈی کانسٹیبل اور وکلاء سمیت تئیس افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ کی تحصیل شب قدر میں کچہری میں زور دار بم دھماکہ ہوا،

    ڈی پی او چارسدہ کا کہنا ہے کہ دھماکہ خود کش ہے، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جائے وقوعہ پر پولیس موقع پر پہنچ گئیں امدادی ٹیمیں بھی روانہ کردی گئیں۔

    ڈی پی او چارسدہ نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار گیٹ پر ڈیوٹی دے رہے تھے اور دہشت گرد کچہری کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے۔

    اُنہوں نے خود کش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تو اسی دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ کچہری میں خواتین بچے اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    عدالت کے باہر دھماکے کے بعد سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے جبکہ وہاں موجود دیگر گاڑیوں کو بھی آگ لگ گئی،

    سانحے میں نو افراد جاں بحق اور چودہ سے زائد لوگ زخمی ہوگئے ، زخمیوں طبی امداد کیلئے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں دو لیڈی پولیس کانسٹیبلز بھی شامل ہیں۔

    زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیاجارہاہے۔

    ڈی آئی جی شبقدر نے کہا ہے کہ کچہری کی سیکیورٹی کے لئے اٹھارہ پولیس اہلکار تعینات تھے، ڈی آئی جی کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ کورٹ رومز تھا لیکن پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی اور بہادری نے اس کو گیٹ پر ہی روک دیا۔

     ڈی پی او سہیل خالد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے دھماکے سے قبل فائرنگ بھی کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ خود کش حملہ آور کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان تھی،

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

  • بھارت نے ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کا فائنل جیت لیا،بنگلہ دیش کو شکست

    بھارت نے ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کا فائنل جیت لیا،بنگلہ دیش کو شکست

    میر پور : بھارت نے بنگلہ دیش کو بارش سے متاثرہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔

    بھارت چھٹی مرتبہ ایشیائی چیمپیئن بن گیا۔ بنگلہ دیش نے بھارت کو جیت کیلئے 121 رنز کا ہدف دیا تھا۔ایشیائی کرکٹ پر بھارت نے چھٹی بار قبضہ جمالیا۔

    شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم بارش سے متاثر رہا، ٹی ٹوئنٹی میچ پندرہ اوورز تک مختصر کردیاگیا۔ بنگلہ دیش نے بیٹنگ کی اور پانچ وکٹ پر ایک سو بیس رنز بنائے۔ محموداللہ تینتیس،صابر رحمان بتیس اور شکیب الحسن نے اکیس رنز کی اننگز کھیلی۔

    بنگال ٹیم کو جلد ہی روہت شرما کی وکٹ مل گئی، لیکن پھر شیکھر دھوان اور ویرات کوہلی نے تیزی سے بھارت کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔

    کپتان دھونی نے ال امین حسین کی گیند پر چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو ایشیا کپ کا چیمپین بنادیا۔

    ٹی ٹوینٹی ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بارش کی وجہ سے 15،15اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

    بنگلہ دیش نے فائنل میچ کیلئے ابو حیدر اور ناصر حسین کو ٹیم میں شامل کیا ۔

    بنگلا دیش الیون: تمیم اقبال، سومیا سرکار، صابرالرحمن، محموداللہ، شکیب الحسن، مشفق الرحیم، مشرف مرتضی (کپتان)، ناصر حسین، الامین حسین، ابو حیدر اور تسکین احمد.

    انڈیا الیون : روہت شرما، شیکھر دھون، ویرات کوہلی، ایم ایس دھونی (کپتان)، سریش رائنا، یوراج سنگھ، ہرڈیک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، روی ایشون، جسپریت بومرا اور اشیش نہرا.

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    بھارت اننگز

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    مجموعی اسکور : اوور :  13.5 ۔۔۔ 122/2

    اور اس طرح بھارت نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ ٹی ٹوینٹی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا 

     اوور نمبر 14 : پانچویں بال پر دھونی کے دو شاندار چھکوں کے ساتھ شاندار بیس رنز، اسکور 122 رنز دو کھلاڑی آؤٹ

    اوور نمبر 13 : پانچ رنز کے اضافے سے اسکور 102 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر

    دوسری وکٹ : شیکھر دھون 60 رنز بنا کر تسکین احمد کی بال پر سومیا سرکار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

    اوور نمبر 12 : تین شاندار چوکوں کے ساتھ پندرہ رنز کا اضافہ، اسکور 97 ایک وکٹ پر

    اوور نمبر 11 : دو چوکوں کے ساتھ گیارہ رنز کا اضافہ، اسکور 82 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر

    اوور نمبر 10 : صرف تین رنز کا اضافہ اسکور 71 رنز 

    اوور نمبر 09 : ایک چھکے کے ساتھ نو رنز کا اضافہ، اسکور 68 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ

    اوور نمبر 08 : چار رنز کے اضافے سے اسکور 59 رنز ہوگیا

    اوور نمبر 07 : ساتویں اوور میں سات رنز کا اضافہ ، اسکور 55 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر

    اوور نمبر 06 : پندرہ رنز کا شاندار اضافہ ، تین چوکے بھی شامل ہیں ، اسکور 48 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ

    اوور نمبر 05 : تین چوکوں کے ساتھ چودہ رنز کا شاندار اضافہ، اسکور 33 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر

    اوور نمبر 04 : ایک چوکے کے ساتھ چار رنز کا اضافہ ، اسکور 19 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر

    اوور نمبر 03 : چار رنز کے اضافے سے اسکور 11 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ

    اوور نمبر 02 : اسکور میں تین رنز کا اضافہ 8 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر

    پہلی وکٹ : روہت شرما صرف ایک رن بنا کر الامین حسین کی بال پر سومیا سرکار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے

    اوور نمبر 01 : بھارت کی جانب سے روہت شرما، شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا، پانچ رنز بغیر کسی نقصان کے

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

     بنگلہ دیش اننگز

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

     مجموعی اسکور : اوور : 15 ۔۔۔ 120/5

    اس طرح بنگلہ دیش نے بھارت کو جیت کیلئے 121 رنز کا ہدف دیا ہے

    اوور نمبر 15 : سات رنز کے اضافہ سے اسکور 120رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر

    اوور نمبر 14 : دو چھکوں اور ایک چوکے کے ساتھ اسکور میں اکیس رنز کا شاندار اضافہ ، اسکور 113 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ ہے

    اوور نمبر 13 : دو چوکوں کے ساتھ اسکور میں چودہ رنز کا اضافہ، اسکور 92 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر

    اوور نمبر 12 : سات رنز کے اضافے سے اسکور 78 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر

    پانچویں وکٹ : مشرفی مرتضیٰ بغیر کوئی رن بنائے رویندر جڈیجہ، کی بال پر کوہلیویرات کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے

    چوتھی وکٹ : مشفق الرحیم صرف چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے

    اوور نمبر 11 : اسکور میں تین رنز کے اضافے سے اسکور 71 ہوگیا

    اوور نمبر 10 : چار رنز کے اضافے سے اسکور 68 رنز تین کھلاڑی آؤٹ

    تیسری وکٹ : شکیب الحسن 21 رنز بنا کر روی ایشون کی بال پرجسپریت بومرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے

    اوور نمبر 09 : چھ رنز کے اضافے سے اسکور 64 رنز دو کھلاڑی آؤٹ

    اوور نمبر 08 : دو چوکوں کے ساتھ اسکور میں گیارہ رنز کا اضافہ دو کھلاڑی آؤٹ

    اوور نمبر 07 : بارہ رنز کا شاندار اضافہ، اسکور 47 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر

    اوور نمبر 06 : پانچ رنز کے اضافے سے اسکور 35 رنز دو کھلاڑی آؤٹ

    اوور نمبر 05 : تین رنز کے اضافے سے اسکور 30 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر

    دوسری وکٹ : تمیم اقبال 13 رنز بنا کر جسپریت بومرا کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے

    اوور نمبر 04 : اسکور میں تیرہ رنز کا شاندار اضافہ ، اسکور 27 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر

    پہلی وکٹ : سومیا سرکار 14 رنز بنا کر اشیش نہرا کی بال پر ہرڈیک پانڈیا کے ہاتھون کیچ آؤٹ ہوگئے۔

    اوور نمبر 03 : تیسرے اووور میں صرف تین رنز بن سکے اسکور 14 رنز کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں

    اوور نمبر 02 : چھ رنز کے اضافے سے اسکور 11 رنز بغیر کسی نقصان کے

    اوور نمبر 01 : بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنرز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے کھیل کا آغاز کیا، پہلے اوور میں ایک چوکے کے ساتھ پانچ رنز بنے۔

     

  • پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد

    پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد

    دبئی : پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ ایونٹ کا پہلا میچ کل اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈئٹر کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے پہلے ایڈیشن کی چمچماتی ٹرافی کا حقدارکون ہوگا۔ اس کا فیصلہ تئیس فروری کو ہوجائے گا۔ ٹرافی کی رونمائی دبئی میں ایک رنگ رنگا تقریب میں کی گئی۔

    تقریب کے دوران چاروں ٹیموں کے کپتانوں نے تقریب رورنمائی میں شرکت کی، لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق ہوٹل سے اسٹیڈیم آتے ہوئے ٹریفک جام میں پھنس گئے جس کے باعث وہ تقریب رونمائی میں نہ پہنچ سکے اوران کی نمائندگی وسیم اکرم نے کی۔

    تقریب میں پی ایس ایل کے چئیرمین نجم سیٹھی، کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے بانی اور سی ای او سلمان اقبال، کپتان شعیب ملک اور دیگر ٹیموں کے کپتان وسیم اکرم اوردیگرآفیشلز بھی موجود تھے۔

    آفیشلز نے پی ایس ایل کی ٹرافی کے ساتھ یادگار تصاویر بنوائیں۔ اس موقع پرکراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کرکٹ کو ہوگا۔

    پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی اوردیگر نے کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کو اچھی کرکٹ اور نیا ٹیلنٹ ملے گا۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ بیس دن تک انٹرٹینمنٹ اور کھیل دونوں ایک ساتھ ہونگے۔ جس کو شائقین بھرپور انجوائے کریں گے۔

    اس موقع پر تمام کپتانوں نے ایونٹ کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

    علاوہ ازیں کراچی کنگزکے اہم رکن روی بوپارا نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں شائقین کو کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔

    اےر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ٹیم متوازن ہے جیت کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کراچی کی ٹیم متوازن ہے فاسٹ اور اسپن بولنگ کا بہترین کامبینیشن بنا ہوا ہے۔ جس سے ٹیم کی کارکردگی سب سے نمایاں ہوگی۔

  • امریکی حکومت سندھیوں کا معیارِزندگی بہتربنانے کیلئے کوشاں ہے، قونصل جنرل

    امریکی حکومت سندھیوں کا معیارِزندگی بہتربنانے کیلئے کوشاں ہے، قونصل جنرل

    کراچی : امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نےسندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا (ایس اے این اے ) کےزیراہتمام کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایس اے این اے کی سیکریٹری جنرل نورالنساء گھانگرواورانسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن آئی بی اے کےڈائریکٹرڈاکٹرعشرت حسین بھی موجودتھے۔

    کانفرنس کےافتتاحی اجلاس سےخطاب کرتےہوئےقونصل جنرل برائن ہیتھ نےکہاکہ امریکی حکومت سندھ میں بسنےوالےافرادکامعیارِزندگی بہتربنانے کی کوششوں میں تعاون فراہم کررہی ہے۔

    ان کاکہنا تھاکہ امریکی ادارہ برائےبین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ سندھ میں تعلیم،صحت اورتوانائی کےشعبوں میں بےشمارمنصوبوں پرکام کررہاہے۔

    سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کےتحت سندھ کے پچاس ہزاربچوں کو 106نئےتعمیرہونےوالےاسکولوں میں تعلیم حاصل کرنےکاموقع ملےگا۔

    اس کےعلاوہ ایک کروڑ 80لاکھ ڈالرکی مالیت سےجیکب آباد میں 133بستروں پرمشتمل جدیداسپتال بھی تعمیرکیاگیاہے،جس سےجیکب آباداوراردگردکےشہروں کےدولاکھ افرادفائدہ اٹھائیں گے۔

    توانائی کےشعبےمیں جاری منصوبوں کےبارےمیں بات کرتےہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ نےکہاکہ معاشی ترقی کیلئےتوانائی کی مسلسل فراہمی انتہائی ضرو ری ہے۔امریکی حکومت کےتین کروڑ 90لاکھ ڈالرکےمنصوبےکےذریعےگدواورجامشوروپاورپلانٹس کی مرمت اوربحالی کامنصوبہ مکمل کیاگیاہے۔

    اس منصوبےکےذریعےدونوں پاورپلانٹس کی پیداوارمیں 270میگاواٹ کااضافہ ہواہے جس سےچھ لاکھ خاندان فائدہ اٹھارہےہیں۔

    برائن ہیتھ نےبتایاکہ 2010کےسیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں بحالی کیلئے یو ایس ایڈ نےایک ملین ڈالرکی امدادفراہم کی، ان کاکہناتھا کہ امریکی قونصل خانہ کراچی سندھی ثقافت کی ترویج میں اہم کرداراداکررہاہے،جس کےتحت سندھی ثقافتی دن منانےکےساتھ ساتھ قونصل خانےکی سندھی ویب سائٹ کابھی اجراکیاگیاہے۔

  • سال 2015 : پاکستان میں ہونے والے اہم واقعات و خبروں پر ایک نظر

    سال 2015 : پاکستان میں ہونے والے اہم واقعات و خبروں پر ایک نظر

    کراچی : ہر سال کئی اتار چڑھاؤ کے ساتھ گزر جاتا ہے،تاہم اس سال کو سیاسی تنازعات کا سال قرار دیا جا سکتاہے، سال دوہزار پندرہ میں پاکستان میں ہو نے والے اہم واقعات میں سے چند واقعات اور خبروں کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق اس سال سیاسی اتار چڑہاؤ دیکھنے میں آیا۔

    رینجرز کا ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ

    کراچی کے علاقے عزیزآباد میں رینجرز نے گیارہ مارچ کو سرچ آپریشن کیا اور متحدہ قومی موومنٹ کے سیاسی مرکز نائن زیرو اوراس سے ملحقہ علاقے کے راستے بند کرکے تلاشی لی گئی،آپریشن کے دوران کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔

    آپریشن کے دوران متحدہ کے اہم رہنما عامرخان سمیت کئی کارکنوں کوتحویل میں لے لیا گیا جبکہ وہاں سے غیرملکی اسلحہ بھی برآمد ہوا، ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ آپریشن مکمل معلومات کی بنیاد پرکیا گیا۔ نائن زیرو کے اردگرد بیریئر لگا کراکیس گلیاں بند کی گئی تھیں۔

    کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی گرفتاری

    مارچ کی 14 تاریخ کو اسلام آباد بینظیرانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ملک کی نامور ماڈل آیان علی کو گرفتار کر کے 5 لاکھ امریکی ڈالربرآمد کرلئے گئے۔

    ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق ماڈل آیان علی کو نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جاتے ہوئے بے نظیرانٹرنشنل ائیرپورٹ پر منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    سامان کی تلاشی کے دوران بیگ کے خفیہ خانوں سے پانچ لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم برآمد کی گئی تھی۔ کسٹم حکام نے ملزمہ کو حراست میں لے کر اسے کسٹم ہاؤس منتقل کردیا تھا

    ڈاکٹر عاصم حسین کرپشن کے الزام میں گرفتار

    چیئرمین سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن اور پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر و سابق سینیٹر ڈاکٹر عاصم حسین کو کرپشن کے الزام میں 26 اگست کو کراچی سے سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لیا۔

    ڈاکٹر عاصم حسین کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے دفتر میں وائس چانسلرز کیلئے انٹرویوز کر رہے تھے۔

    ڈاکٹر عاصم حسین نجی یونیورسٹیز اوراسپتالوں کے مالک ہیں اور سابق صدرآصف علی زرداری کے قریبی ساتھی تصور کئے جاتے ہیں۔

    سابق حکومت میں وہ وفاقی وزیر پیٹرولیم تھے۔ بعد ازاں رینجرز نے عدالت سے ان کا 90 روزہ ریمانڈ حاصل کیا،دوران تفتیش ڈاکٹر عاصم حسین نے کئی اہم انکشافات کئے۔

    تا ہم اب وہ نیب کی حراست میں ہیں۔ اور ان کے خلاف مقدمات زیر سماعت ہیں۔

    قتل کے مجرم صولت مرزا کو پھانسی دے دی گئی

    کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہد حامد قتل کیس کا مرکزی مجرم صولت مرزا 12 مئی کو اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا

    ،مچھ جیل میں صولت مرزا کو پھانسی دے دی گئی، سولہ سال سے سزائے موت کے منتظر قیدی صولت مرزا کی رحم کی تمام اپیلیں مسترد ہونے کے بعد علی الصبح مچھ جیل میں پھانسی دی گئی۔

    عدالت نے صولت مرزا کو انیس سو ستانوے میں سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہدحامد کے قتل کے جرم میں موت کی سزا سنائی تھی۔

    واضح رہے کہ صولت مرزا کی پھانسی اس سےقبل دو بار موخر ہوئی، صولت مرزا کو پہلی بار انیس مارچ کو پھانسی دی جانی تھی،جو اسی شب جیل سےصولت مرزا کے سنسنی خیز انکشافات پر مؤخرکردی گئی تھی۔

    آصف علی زرداری کا پاک فوج کیخلاف بیان

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے 16 جون کو پشاور میں پیپلزپارٹی کے پی کے عہدیداروں کی تقریب میں پاک فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کردار کشی مت کرو، سرحدوں پر آپ کو للکارا جا رہا ہے۔ ہم آپ کا ساتھ دینا چاہتے ہیں، تنگ کیا گیا تو جرنیلوں کا کچا چٹھا کھول دوں گا۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں بھی جنگ لڑنا آتی ہے ، آپ کوتین سال رہنا ہے ، ہمیں ہمیشہ یہاں رہنا ہے ، ہمیں تنگ کرنے کی کوشش کی تو ہم بھی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگرہم کھڑے ہوئے تو فاٹا سے کراچی تک بند ہوگا، جب تک چاہیں گے ملک بند رہےگا۔ آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کمزورنہیں لیکن ابھی ہماراوقت نہیں آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک اشارے پرلوگوں کی جان لےلی جاتی ہے، ہمارےپاس ایسے لوگ ہیں جوکبھی بکے ہیں نہ کبھی بکیں گے،ہم نے جسے وکٹ دی ہوئی ہےاسےکھیلنے تودو،اسے ملک کی معیشت ٹھیک کرنےد و۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہوکہ بعد میں وہ موقع نہ ملنےکاگلہ کریں۔

    قصور میں بچوں کے ساتھ ذیادتی کی ویڈیو کا شرمناک واقعہ

    پنجاب کے شہر قصور میں حسین خان والا دیہات میں ایک مقامی گروہ کے ملزمان دوسو چھیاسی کمسن بچوں اور بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا نےکے بعد ان کی وڈیو بناکر بلیک میلنگ کررہے تھے۔

    یہ سلسلہ دو ہزار نو سے جاری تھا، یہ واقعہ ملکی تاریخ میں بچوں کے ساتھ زیادتی کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے۔ وڈیو کلپس کے سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزمان کیخلاف کارروائی کی ۔

     کارروائی کے دوران چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جن کو بعد ازاں گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر انتہائی کمزور کیس بناکر عدلیہ میں پیش کرنے سے ملزمان کو با آسانی ضمانتیں مل گئیں تھیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کمیٹی قائم کردی تھی۔اور بعد ازاں قصور ویڈیو اسکینڈل کی جوڈیشل انکوائری کا اعلان کیا تھا۔

    معروف سماجی رہنما سبین محمود کا قتل

    ممتاز سماجی رہنما اور معروف این جی او کی ڈائریکٹر سبین محمود کو مورخہ 24 اپریل کو کراچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

    این جی او دی سیکنڈ فلور (ٹی ٹو ایف) کی ڈائریکٹر سبین محمود اپنی والدہ کے ساتھ رات نو بجے ڈیفنس فیز ٹومیں اپنے دفتر سے گھر جانے کے لئے نکلی تھیں کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔

    سبین محمود کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا جا رہا تھا تاہم انہوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔

    فائرنگ کے واقعے میں سبین کی والدہ بھی زخمی ہوئی تھیں، پولیس نے سبین محمود قتل کیس میں اہم ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کیخلاف مقدمات زیر سماعت ہیں۔

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی رپورٹ

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن کوئی حادثہ نہیں بلکہ منظم دہشت گردی تھی، فیکٹری کو آگ بھتہ نہ دینے پر لگائی گئی۔ یہ رپورٹ سات فروری کو منظر عام پرآئی۔

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ یہ اتفاقی حادثہ نہیں بلکہ منظم دہشت گردی تھی، گرفتارملزم نے دورانِ تفتیش اس بات کا انکشاف کیا کہ سیاسی جماعت کے اعلیٰ عہدیدار نے فیکٹری مالکان سے بیس کروڑ بھتہ مانگا تھا۔

    فیکٹری مالکان بات کرنے گئے تو اعلیٰ عہدیدار نے لاتعلقی ظاہر کی، تلخ کلامی کے بعد اس سے پارٹی کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں اور بھتہ نہ ملنے پر کیمیکل پھینک کر علی انٹرپرائزز کو آگ لگادی۔

    رپورٹ کے مطابق اس وقت کے ایک وزیر نے فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرایا، سابق وزیراعظم نے مالکان کی ضمانت کرائی، تاہم دباؤ پر پیچھے ہٹ گئے۔

    فرنٹ مین نے کیس ختم کرانے کیلئے فیکٹری مالکان سے پندرہ کروڑ روپے لئے۔ جی آئی ٹی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کےایم سی کا سینیٹری ورکر اور سیاسی جماعت کا کارکن ہے۔

    عدالت نے رینجرز کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنالیا

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی اچانک پاکستان آمد

    مورخہ 25 دسمبر کو بھارتی وزیراعظم افغانستان کے دورے پر تھے اور انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو فون پرسالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔

    مودی نے اپنے ٹویٹرپیغام میں خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ وزیراعظم میاں نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ لاہور پہنچنے پر وزیر اعظم نواز شریف نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔

    بعد ازاں وہ وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ جاتی امراء پہنچے اور وزیر اعظم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کو نواز شریف کی نواسی کی شادی کی مبارکباد دی۔

     بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی وزیراعظم نوازشریف سے مختصر ملاقات کے بعد وطن واپسی کیلئے جاتی امراء سے ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہو گئے۔

    سیکیریٹری خارجہ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم کے دورے کو خیرسگالی کا دورہ قراردیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے نوازشریف سے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر وزیراعظم نوازشریف نے انہیں خوش دلی کے ساتھ خوش آمدید کہا۔

    مردان میں خود کش دھماکہ، 26 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

    مردان میں مورخہ 29 دسمبر کو نادرا کے دفتر میں خود کش دھماکہ ہوا ، جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 50سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    مردان میں نادرا کے دفتر کے گیٹ پر ہونے والا دھماکہ اتنا شدید تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے میں آٹھ سے دس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا.

    دھماکے سے نادرا کی عمارت کی دیوارگر گئی اور دروازہ تباہ ہوگیا جبکہ ارد گرد کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

  • سردار ایاز صادق 268 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب

    سردار ایاز صادق 268 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب میں نواز لیگ کے سردار ایاز صادق 268 ووٹ لے کر اسپیکر منتخب ہو گئے، ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے امیدوار شفقت محمود نے 31 ووٹ حاصل کئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے بیسویں اسپیکرکاانتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا گیا۔

    مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے شفقت محمود کے درمیان مقابلہ ہوا، قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کامیاب ہونے والے سردار ایاز صادق سے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کا حلف لیا۔

    اناسی روزبعدایک بار پھر مسلم لیگ ن کے نومنتخب رکن اسمبلی سردارایازصادق ایوان زیریں کے نظم و نسق کیلئےچن لئے گئے ن لیگ کےامیدوار ایازصادق کولیگی ارکان سمیت مزید دوسواڑسٹھ نمائندوں نے ووٹ دیا۔

    جبکہ مد مقابل تحریک انصاف کے امیدوارشفقت محمودایوان کے صرف اکتیس امیدواروں کا اعتماد حاصل کرسکے۔

    ہم سب مل کر آئین اور جموریت کا دفاع کریں گے۔اسپیکر ایاز صادق

    بعد ازاں نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نےقومی اسمبلی کا نظم و نسق سنبھالنے کے بعدایوان سے خطاب میں کہا کہ میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے دوبارہ عزت بخشی۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سیمت تمام جماعتوں کا حمایت کرنے پر شکر گزار ہوں، اور پی ٹی آئی اراکین کا اپنے ضمیر کے فیصلے کے مطابق ووٹ دینے پر بھی ان کا شکر گزار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ کسی سے کوئی شکوہ نہیں سب دوست ہیں مل کر کام کریں گے ، ایک ہی اسمبلی سے 2 بار منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا دوتہائی ووٹ ملنا ایوان کے اعتماد کا مظہر ہے،

    آل پارٹیز کانفرنس پارلیمنٹ کا متبادل نہیں ہو سکتی، شفقت محمود

    پی ٹی آئی کے امیدوار شفقت محمود نےایازصادق کو منصب سبنھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اسپیکر کا منصب سیاست سے بالا تر ہوتا ہے۔

    آل پارٹیز کانفرنس پارلیمنٹ کا متبادل نہیں ہو سکتی، پارلیمنٹ آئین میں سب سے اونچا ادارہ ہے، انہوں نے اسپیکر کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ کیا ہم نے اسمبلی میں بیٹھ کر گزشتہ ڈھائی سالوں میں جو کام کیا کیا وہ صحیح تھا؟

    انہوں نے کہاکہ بہت سارے مسائل ہم نے ہاؤس میں ڈسکس ہی نہیں کئے، نیشنل ایکشن پلان پارلیمنٹ میں بننا چاہیئے تھا،کیا ایل این جی کے معاملے پر اسمبلی میں بات کی گئی؟

    پوائنٹ آف آرڈر کو بہت پیچھے دھکیل دیا گیا، کئی اہم اشوز پر بات ہی نہیں کی گئی، فوجی عدالتوں کا معاملہ بھی زیر بحث آنا چاہیئے تھا۔

    انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایم این اے صرف اپنے حلقے کا سیاستدان ہوتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس پارلیمنٹ کا متبادل نہیں ہو سکتی۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی امید کرتی ہے کہ آپ سب کیلئے متوازن کردار ادا کریں گے کیونکہ پارلیمینٹ کو فعال بنانا بہت بڑا چیلنج ہے۔

    ایاز صادق کی کامیابی پارلیمانی جمہوریت کی فتح ہے، سید خورشید شاہ

    قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بھی اسیکر ایاز صادق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایازصادق کا دوبارہ اسپیکر منتخب ہونا پارلیمانی جمہوریت کی فتح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کی بقاء اور سلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج کا دن تاریخی ہے،پی ٹی آئی کے امیدوار شفقت محمود کی بھی کامیابی ہے کہ انہوں نے انتخاب میں حصہ لیا اور باعزت طریقے سے اپنی شکست کو تسلیم کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ریفارمز کی بھی بہت بڑی اہمیت ہے اس پر جلد ازجلد کام کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آگے حکومت پر سخت تنقید ہوگی، اسپیکر کیلئے کٹھن وقت ہوگا، کیونکہ حکومت نے اب تک کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دیا۔

    متحدہ اور اسپیکر ایاز صادق کی کیفیت ملتی جلتی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    ایم کیو ایم کے رکن ڈاکٹرفاروق ستار نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو مبارکباد دی ،انہوں نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر ایاز صادق اور متحدہ کی کیفیت بہت حد تک ملتی جلتی ہے۔

    ان کو جب اسمبلی سے رخصت کیا گیا تو اس کے بعد ہم بھی چلے گئے تھے، اور آج جب وہ آئے ہیں تو ہم بھی اسمبلی میں موجود ہیں.

    انہوں نے بتایا کہ قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے ایم کیو ایم کے رکن عبدالرشید گوڈیل بھی روبصحت ہیں.

    انہوں نے ایاز صادق کو اپنی جماعت کی جانب سے مبارکباد دی۔ ڈاکٹرفاروق ستار کا کہناتھا کہ آج نو نومبر کے دن ہمیں سوچنا ہے کہ یہ قائداعظم اور علاامہ اقبال کا پاکستان ہے یا نہیں۔