Author: اعجاز الامین

  • شارجہ ٹیسٹ : اسٹورٹ براڈ کی بال ٹمپرنگ پر کئی سوالیہ نشان اٹھ گئے

    شارجہ ٹیسٹ : اسٹورٹ براڈ کی بال ٹمپرنگ پر کئی سوالیہ نشان اٹھ گئے

    شارجہ: شارجہ ٹیسٹ میں انگلش بولر اسٹورٹ براڈ کی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کسی آفیشل کو ناگوار نہ گزری۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے دہرے معیار کی شدت بڑھتی جارہی ہے۔ شارجہ ٹیسٹ میں انگلش بولر اسٹورٹ براڈ نے گیند سے اپنے ناخن کے ذریعے چھیڑ چھاڑ کی ۔

    شکست سامنے دیکھ کر براڈ تمام قانون بھول گئے۔ سوئنگ کرانے کے لئے انگلش بولر نے غیرقانونی طریقہ اپنایا ،سوئنگ کرنے کے لئے براڈ نے گیند پر ناخن سے خوب رگڑ لگائی۔

    کیمرے کی انکھ سب دیکھتی رہی۔ لیکن اس وقت آئی سی سی اور امپائرز کی آنکھیں شاید بند تھیں۔ اسٹورٹ براڈ نے تباہ کن سوئنگ سے کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق کو آؤٹ کیا۔

    ایسی سوئنگ دیکھ کر تو ماہرین بھی حیران تھے کہ براڈ نے کوئی جادو سیکھ لیا ہے۔ سوائے آئی سی سی کے کرتا دھرتا اور فیلڈ امپائرز کے سب حیران تھے۔

    براڈ جیسی حرکت کسی پاکستانی کھلاڑی نے کی ہوتی تو اب تک بے ایمانی کے الزامات کے ساتھ طوفان مچ گیا ہوتا۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا آئی سی سی براڈ کیخلاف کوئی ایکشن لے گا؟

  • ڈھائی سال کے دوران ترقی کے اہم اہداف حاصل کرلئے ، نواز شریف

    ڈھائی سال کے دوران ترقی کے اہم اہداف حاصل کرلئے ، نواز شریف

    اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور معیشت کی بحالی کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ڈھائی سال کے دوران ترقی کے اہم اہداف حاصل کرلئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان سرمایہ کاری کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

    کانفرنس میں 600 ملکی اورغیرملکی مندوبین نے بھی شرکت کی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دوسری سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح میرے لئے باعث مسرت ہے۔

    کانفرنس کا مقصد پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے عالمی برادری کو آگاہ کرنا ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل سے مشکل فیصلے لیتے ہوئے معیشت کی بہتری کیلئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف کارروائی شروع کی۔

    ان کا کہناتھا کہ ہماری حکومت کے چار بنیادی نکات توانائی، دہشت گردی کا خاتمہ، معیشت کی بحالی تعلیم و صحت اور امن و امان کی بحالی اہم اہداف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، حکومت دہشتگردی کے خاتمےاور معیشت کی بحالی کی پالیسی پر گامزن ہے تیل اور گیس کے منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

    بلدیاتی انتخابات میں عوام نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں اہم اہداف حاصل کئے ہیں اور شفافیت کے ساتھ منصوبوں کو آگے بڑھارہی ہے۔

  • عوامی توقعات ہماری کارکردگی کو جانچنے کا پیمانہ ہیں، جسٹس انورظہیرجمالی

    عوامی توقعات ہماری کارکردگی کو جانچنے کا پیمانہ ہیں، جسٹس انورظہیرجمالی

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ عوام کی توقعات ہی ہماری کارکردگی کو جانچنے کے پیمانے ہیں۔ سینیٹ کا دورہ اداروں کی اہمیت کیلئے اقدامات کے سلسلے کی کڑی ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بحیثیت چیف جسٹس سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے سفارشات پیش کی ہیں کیونکہ آئین میں ریاست کے خدوخال کی تشریح کی گئی ہے اور آئینی ڈھانچے میں اختیارات کو عوام میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ منتخب نمائندے عوام کو جوابدہ ہیں لیکن افسوس ہے کہ ہم مینڈیٹ کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ آئین میں حاکمیت اعلیٰ صرف اللہ کو حاصل ہے اور سیاسی حاکمیت کے مالک عوام ہیں جو منتخب نمائندوں کے ذریعے عوام کو حاصل ہے ،یہ آئین ریاست کو ترقی کا وہ راستہ چننے کا اختیار دیتا ہے جس میں عوام کا معیارِ زندگی بلند ہو اور اس مقصد کیلئے تمام اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے تعاون کریں گے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ اگر نہایت سادہ انداز میں یہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کہ ہم سب کسی فرد کے نہیں بلکہ قانون کے تابع ہیں۔

    آئینی تقاضوں کے بارے میں اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 5-25 کا ذکر کرنا چاہوں گا جس کے مطابق قانون کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں اور یکساں قانونی تحفظ کے حقدار ہیں، ہر شہری کا یہ ناقابل تنسیخ حق ہے کہ اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔

    انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست کی پالیسیاں عوام کی امنگوں سے ہم آہنگ ہونی چاہیئں ۔ قانون کی بالادستی کو ممکن بنانا ہو گا اور حکومت ایسا ماحول مہیا کرے جس میں قانون کی بالادستی قائم ہو سکے۔

    قانون کی بالادستی ایک ناگزیر ضرورت ہے، معاشرے کے تمام طبقات کو قانون کی رسائی یکساں حاصل ہونی چاہئیں۔ہم سب قانون کی بالادستی کے لئے متفق ہیں۔

  • سانحہ کارسازکو گزرے آٹھ سال مکمل ہوگئے

    سانحہ کارسازکو گزرے آٹھ سال مکمل ہوگئے

    کراچی : سانحہ کارسازکو کو آٹھ سال مکمل ہوگئے۔سانحہ کارسازاس وقت رونما ہوا جب محترمہ بے نظیر بھٹو کے جلوس پر خود کش حملہ کیا گیا۔

    پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کا اعزازپانے والی محترمہ بے نظیر بھٹو آٹھ سال کی جلاوطنی ختم کرکے اٹھارہ اکتوبر دو ہزار سات کو کراچی ائیر پورٹ پہنچیں تو ان کا فقید المثال استقبال ہو ا۔

    عوام کا ایک جم غفیرمحترمہ کے استقبال کےلئے موجود تھا، بے نظیر بھٹو کو پلان کے تحت کراچی ائیرپورٹ سے بلاول ہاؤس جانا تھا لیکن جیالوں کے ٹھاٹھے مارتے ہوا سمندرنے مختصر سے فاصلے کو انتہائی طویل بنا دیا۔

    کارکن اپنے محبوب قائد کو اپنے درمیان دیکھ کر انتہائی خوش اور پرجوش تھے ۔ اوررات 12 بجے کے بعد بے نظیر بھٹو کا قافلہ جب شاہراہ فیصل پر واقع کارساز کے مقام پر پہنچا تو یکے بعد دیگر ہونے والے دو بم دھماکوں نے اپنے قائد کی آمد کا جشن مناتے کارکنوں کو خون میں نہلادیا۔

    دھماکوں میں ایک سو ستر سے زائد افراد شہید اورساڑھے پانچ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ دہشت گردی کے اس حملے میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی تو جان بچ گئی مگر انہیں اپنے سیکڑوں کارکنوں کی شہادت کا غم اٹھانا پڑا۔

    سانحہ کی تحقیقات کےلئے اس وقت کے وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کے حکم پر ڈاکٹرغوث محمد کی سربراہی میں ایک رکنی ٹریبونل تشکیل دیا جس نے فوری طور پر کارروائی کرتےہوئے سانحہ میں زخمی ہونے والےافراد کے بیانات قلمبند کرنا شروع کئے۔

    خطروں میں گھری اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کااعزاز پانے والی اس بہادر رہنما کو ستائیس دسمبر کو پھر دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس بار دشمن کامیاب رہا، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کردی گئیں۔

  • خصوصی بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،غلام حیدر جمالی

    خصوصی بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،غلام حیدر جمالی

    کراچی : آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ اسپیشل بچے بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں،ہمیں ان کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہیئں کیونکہ خصوصی بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں شاہ اعظم ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اسپیشل بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر میونسپل کمشنر کراچی سمیع الدین صدیقی، ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل احمد،ایس پی شہلا قریشی، آل کراچی تاجر اتحاد کے رہنماءسید محمد سعید، مصنفہ حیا انجم، اور دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

    آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے مزید کہا کہ شاہ اعظم ویلفیئر آرگنائزیشن موجودہ دور میں بہت بڑی نیکی کا کام کر رہی ہے۔

    شاہ اعظم صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم گزشتہ پندرہ سال سے جیلوں میں غریب ونادار قیدیوں اور اسپیشل بچوں کو سچی خوشیاں فراہم کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔

    آرگنائزیشن کی نائب صدر مسز حنا صدیقی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ویلفیئر کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔

    تقریب کے دوران اسپیشل بچوں نے ملی نغمات پر ٹیبلوز پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا، اس موقع پر نامور گلوکاروں نے اپنے فن کا بھی مظاہرہ کیا۔

  • صحافی چاند نواب پر ریلوے پولیس اور افسران کا بہیمانہ تشدد

    صحافی چاند نواب پر ریلوے پولیس اور افسران کا بہیمانہ تشدد

    کراچی : بھارتی فلم بجرنگی بھائی جان سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی صحافی چاند نواب پرریلوے افسران نے لاتوں گھونسوں اور تھپڑوں کی بارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی ٹی وی چینل سےوابستہ صحافی چاند نواب رپورٹنگ کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشن پر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے کہ کراچی کے کینٹ اسٹیشن کی ریلوے پولیس نے کوریج کے دوران سینئر صحافی چاندنواب کوبدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    chand-post

    اطلاعات کے مطابق چاند نواب جب ریلوے اسٹیشن پہنچے تواسٹیشن پر موجود لوگوں نے چاند نواب کے سامنے ریلوے انتظامیہ کی نااہلی اور بلیک میلنگ کی شکایت کرنا شروع کردی۔

    جس پر وہ لوگوں کے تاثرات ریکارڈ کرنے لگے تواسٹیشن ماسٹر اور ریلوے پولیس نے چاند نواب پر تشدد شروع کردیا،جس کی زد میں چاندنواب کے ساتھ موجود کیمرہ مین اور ڈی ایس این جی انجینئربھی آگئے۔

    ذرائع کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر چھ سو روپے کا ٹکٹ 24 سو روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، اس راز کے فاش ہونے پر چاند نواب اور ان کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    چاند نواب اور ان کی ٹیم پر تشدد کی خبر کا صحافتی تنظیموں اور دیگر سماجی حلقوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف سحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    Chand Nawab from Azhar Khan on Vimeo.

  • رئیس امروہوی کومداحوں سےبچھڑے27 برس بیت گئے

    رئیس امروہوی کومداحوں سےبچھڑے27 برس بیت گئے

    کراچی : اردو کے نامور شاعر اور ادیب رئیس امروہوی کو اپنے مداحوں بچھڑے ستا ئیس برس بیت گئے،ان کے دلوں کو چھولینے والے اشعار آج بھی دنیا بھرمیں پسندیدگی کی انتہاء پر ہیں، معروف شاعر ،ادیب، کالم نگار رئیس امروہوی کی آج ستائیسویں برسی منائی جارہی ہے۔

    صُبحِ ازل سے شامِ ابد تک ہے ایک دِن
    یہ دِن تڑپ تڑپ کے بسر کر رہے ہیں ہم

    ہم اپنی زندگی تو بَسر کر چُکے رئیس
    یہ کِس کی زیست ہے جو بَسرکررہے ہیں ہم

    ادب سےمحبت کرنیوالےاردو کے اس عظیم سرمایہ کوبائیس ستمبر انیس سو اٹھاسی کو نامعلوم افراد نے قتل کرکے ابدی نیند سلا دیا۔

    ملک الموت سے ٹکرا کے رئیس
    دیکھنا ہے کہ کہا ں  گرتے ہیں
    ہم کہ اس شہر کے بازاروں میں
    سر ہتھیلی پر لئے پھرتے ہیں

    ممتاز شاعر، دانشور،کالم نگار، بات کی جائےقطعہ نگاری یا پھر ہو وہ مقام اعلیٰ نثر نگاری کا رئیس امروہوی نے ملکی اور غیر ملکی سطح پر بے پناہ پذیرائی حاصل کی جو ان کی شہرت کی وجہ بنی۔ شاعری کے علاوہ نثر نگاری میں بھی انہوں نے اپنا نام پیدا کیا۔ رئیس امروہی نے مختلف موضوعات پر بھی کئی کتابیں تصنیف کیں۔


    عظیم شاعر امروہہ کے معروف ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے، آپ کے والد علامہ سید شفیق بھی شاعر اور عالم تھے، رئیس امروہوی کا اصل نام سید محمد مہدی تھا، کراچی آنے کے بعد اپنی عملی زندگی کا آغاز صحافت سے کیا اور ہمیشہ کیلئے کراچی میں ہی رچ بس گئے۔

    اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے
    کیوں جان حزیں خطرہ موہوم سے نکلے
    کیوں نالہ حسرت دل مغموم سے نکلے
    آنسو نہ کسی دیدہ مظلوم سے نکلے
    کہہ دو کہ نہ شکوہ لب مغموم سے نکلے
    اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے

    رئیس امروہوی کے شعری مجموعوں میں الف، پسِ غبار، لالہِ صحرا، ملبوسِ بہار،حکایات، آثار اور قطعات کے چار مجموعے شامل ہیں۔جبکہ مراقبے اور پیرا سائیکالوجی کے موضوعات پربھی ان کی تصانیف موجود ہیں۔ ان کا تعلق برصغیر کے ایک علمی ادبی گھرانے سے تھا۔ ان کے ایک بھائی جون ایلیا بھی صاحب طرز شاعر تھے۔

  • لاہورہائیکورٹ : ایم ڈی سوئی گیس عارف حمید اپنے عہدے پر بحال

    لاہورہائیکورٹ : ایم ڈی سوئی گیس عارف حمید اپنے عہدے پر بحال

    لاہور : عدالت نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ایم ڈی عارف حمید کی برطرفی کا حکم معطل کردیا ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے سوئی ناردرن کے ایم ڈی عارف حمید کو عہدے سے ہٹائے جانے کا فیصلہ کالعدم کرتے ہوئے انہیں بحال کردیا۔

    وفاقی حکومت،وزارتِ پٹرولیم اورفریقین کو سترہ ستمبر کو جواب کیلئےطلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیئے، وزارت پیٹرولیم نے دو روز قبل ایم ڈی سوئی نادرن کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

    انہوں نے اپنی برطرفی کولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیاتھا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ معاہدے کے مطابق ان کے عہدے کی معیاد ابھی مکمل نہیں ہوئی لیکن انہیں پہلے ہی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

    لہٰذا ان کی برطرفی کے احکامات کالعدم قرار دیکر عہدے پر بحال کیا جائے، عدالت نے ابتدائی سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کا اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے درخواست گزار عارف حمید کے موقف کو درست قرار دیا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ان کوعہدے سے نہیں ہٹا سکتی۔انہیں صرف کمپنی آرڈیننس کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔ عدالت نے ایم ڈی سوئی گیس عارف حمید کو دوبارہ ان کے عہدے پر بحال کردیا ہے۔

  • سکھر : نامور قانون دان حفیظ پیرزادہ کوسپرد خاک کردیاگیا

    سکھر : نامور قانون دان حفیظ پیرزادہ کوسپرد خاک کردیاگیا

    سکھر : ممتاز قانون دان اور آئینی ماہرعبدالحفیظ پیرزادہ کو ان کے آبائی جئے شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، عبدالحفیظ پیرزادہ نے سوگواران میں ایک بیوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالحفیظ پیرزادہ کی میت بذریعہ ایئر ایمبولینس کراچی سے سکھر لائی گئی جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

      نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی ،جہانگیر ترین ،سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی ،میر ہزار بجارانی ممتاز بھٹو، نادر لغاری ،سیدناصر شاہ اور سینیٹر اسلام الدین شیخ سمیت قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران ججز وکلاء سماجی اور مذہبی رہنماﺅں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    بعد ازاں انہیں ان کےآبائی جئے شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، واضح رہے کہ عبدالحفیظ پیرزادہ یکم ستمبرکو لندن میں پچھترسال کی عمرمیں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔

    انہوں نے انیس سو تہتر کےآئین کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ عبدالحفیظ پیرزادہ کا شمار پیپلزپارٹی کے بانی اراکین میں سے تھا، جنہوں نے تیس نومبر انیس سو سڑسٹھ میں ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔

    وہ ذوالفقار علی بھٹوکے قریبی ساتھی اور قانونی مشیر بھی رہے اور کئی وزارتوں کا قلم دان سنبھالا۔

  • چھ ستمبر کو بھارتی فوج کی بزدلی کے ثبوت کی تصاویر جاری

    چھ ستمبر کو بھارتی فوج کی بزدلی کے ثبوت کی تصاویر جاری

    راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرنے انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بھارتی سورمائوں کی بزدلی اور ہتھیار چھوڑکر بھاگنےکی تصاویرجاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ کی جنگ اور بھارتی فوجیوں کی بز دلی اورجان بچا کر بھاگنےکے حوالے سے آئی ایس پی آر نے تصاویرجاری کردیں۔

    تصاویرمیں بھارتی سورماؤں کو ہتھیار چھوڑکر بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ پاک افواج کے دلیر جوانوں نے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کھٹے کر دیئے اور دنیا پر اپنی دھاک بٹھا دی۔

    جنگ میں عوام نے بھی جذبہ شہادت سے سرشار ہوکر پاک افواج کا بھرپور ساتھ دیا اور دشمن کو منہ کی کھانا پڑی، سترہ روز جاری رہنے والی اس جنگ نے قوم کے حوصلوں کو بلند کر دیا۔

    اسی حوالے سے آئی ایس پی آر نے ان قیمتی لمحات کو تصاویر میں بدل کر پیش کیا ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح پاک فوج کے دلیر جوان دشمن کے ٹینکوں اور گولہ بارود کو اپنے قبضے میں لے کر اسے بے بس کررہے ہیں۔

    اس موقع پر پاکستانی قوم ملی جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن گئی تھی۔