Author: اعجاز الامین

  • ہتھیار ڈالنے والوں کو خوش آمدید کہا جائے گا، جنرل راحیل شریف

    ہتھیار ڈالنے والوں کو خوش آمدید کہا جائے گا، جنرل راحیل شریف

    کوئٹہ : پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ تشدد کا راستہ ترک کرنے اور ہتھیار ڈالنے والوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ کوئٹہ کے دورے کے موقع پر کہی۔

    اس موقع پر آرمی چیف کو بلوچستان میں سیکورٹی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ توانائی اور تجارت کے علاقائی مرکز کے طور پر بلوچستان کی مکمل صلاحیتوں سے سول اور ملٹری مشترکہ کوششوں سے ہی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ علیحدگی پسند آہستہ آہستہ قومی دھارے میں واپس آرہے ہیں۔ ان افراد کو بسانے اور معاشرے میں مقام دلانے کے لئے مکمل تعاون کیا جائے گا۔

    بریفنگ میں چیف سیکریٹری بلوچستان ، آئی جی ایف سی اورڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلی سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔

  • چوہدری نثار کراچی کی عوام کے زخموں پر نمک نہ چھڑکیں، مصطفیٰ عزیز آبادی

    چوہدری نثار کراچی کی عوام کے زخموں پر نمک نہ چھڑکیں، مصطفیٰ عزیز آبادی

    لندن : ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفیٰ عزیز آبادی نے کہا ہے وزیرداخلہ چوہدری نثار کراچی کی عوام کے زخموں پر نمک نہ چھڑکیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی پریس کانفرنس پر رد عمل میں لندن سے جاری ایک بیان میں ایم کیوایم کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی پریس کانفرنس پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثاربتائیں کس قانون میں لکھاہے کہ کسی رجسٹرڈ فلاحی ادارے کیلئے زکوٰة فطرے کے عطیات جمع کرنے والے کارکنوں کوگرفتارکیاجائے ؟

    اس کی فلاحی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں۔ایم کیوایم کے یونٹ اورسیکٹرانچارجزکوگرفتارکرنے کا اعلان اوراندھادھندگرفتاریاں کیا اس بات کاثبوت نہیں کہ رینجرزایسے غیرآئینی وغیرقانونی اقدامات کرکے آئین وقانون کی دھجیاں بکھیررہی ہے؟

  • کراچی: سانحہ صفورا کے2 ملزمان کا مزید ریمانڈ دیدیا گیا

    کراچی: سانحہ صفورا کے2 ملزمان کا مزید ریمانڈ دیدیا گیا

    کراچی : سانحہ صفورا کے دو ملزمان کو مزید سات روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کےحوالے کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نےسانحہ صفورا کے ملزمان کوانسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔

    اس موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، پولیس نےجج سےاستدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوسکی ہے تاہم دونوں ملزمان کامزید ریمانڈ دیا جائے۔

    دلائل سننے کےبعد  انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سعدعزیز اوراسدالرحمان کو مزید سات دن کیلئے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب مسلح افراد نے اسماعیلی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بس میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔

    عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے ٹوٹی پھوٹی سڑک پر بس کو روکا، اندر گھس کر ڈرائیور پر گولی چلائی اور پھر مسافروں  پر گولیوں کی بارش کردی  بس میں خواتین سمیت ساٹھ افراد سوارتھےجن میں سےتمام افراد کوگولیاں لگیں جن میں سے خواتین سمیت تینتالیس افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • کراچی: برما میں مسلمانوں پر مظا لم کے خلاف احتجاجی مظاہرے

    کراچی: برما میں مسلمانوں پر مظا لم کے خلاف احتجاجی مظاہرے

    کراچی : برما میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے کراچی میں احتجاجی مظاہرے کئے۔

    برما میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر جمعیت علما اسلام ،پاکستان سنی تحریک سمیت دیگر جماعتوں اور ہندو ،سکھ براداری نے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ،او آئی سی ،مسلم امہ اور عالمی براداری کی خاموشی حیران کن ہے۔

    جماعت اسلامی نے برما میں مسلمانوں کے قتل عام،اقوام متحدہ اور مسلم حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف سی بریز تک احتجاجی مارچ کیا۔

    مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا اقوام متحدہ مشرقی تیمور کی طرح برما میں بھی رائے شماری کرائے ۔

  • عوام پانی کی نعمت سے تاحال محروم، پیاسوں کی حکومت کو بد دعائیں

    عوام پانی کی نعمت سے تاحال محروم، پیاسوں کی حکومت کو بد دعائیں

    کراچی : شہرمیں پانی کا بحران شدت اختیارکرگیا ہے۔ عوام پانی کی بوند بوند کوترس گئے ہیں اور اپنے طورپر بندوبست کرکےگزارا کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا تقریباً ہرشہری پانی کی قلت کی دہائی دیتا نظرآتا ہے۔پانی سے محرومی نے عوام خصوصا خواتین کو احتجاج کرنے اوربدعائیں دینے پرمجبورکردیا ہے۔

      شہر میں پانی کی بوند بوند کوترستے عوام اپنی مدد آپ کے تحت پانی کا بندوبست کررہے ہیں۔ ستم تو یہ ہے کہ کراچی واٹربورڈ بھی عوام کی تکلیف پرکان دھرنے کوتیار نہیں۔

    پانی فراہم کرنے کے صرف دعوے اور کچھ نہیں۔ حکام کی بے حسی کا شکوہ کرتے عوام کہتے ہیں کہ بورنگ سے بھی پانی نہیں مل رہا۔ ہم آخر جائیں تو جائیں کہاں؟

      عوام کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پانی کی قلت فوری دور کرے ورنہ عوامی احتجاج شدت بھی اختیارکرسکتا ہے۔

  • اداکارہ میرا اپنی 39 ویں سالگرہ آج منائیں گی

    اداکارہ میرا اپنی 39 ویں سالگرہ آج منائیں گی

    لاہور: پاکستان کی نامور فلم اسٹار اوراسکینڈل کوئین آج اپنی 39 ویں سالگرہ جوش و خروش سے منائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا نے زندگی کی انتالیس بہاریں دیکھ لیں، اپنی انتالیسوں سالگرہ آج جرمنی میں اہل خانہ کے ساتھ منائیں گی۔

    پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے درجنوں فلموں میں بطور ہیروئین اپنے فن کے جوہر دکھانے والی اداکارہ میراانتالیس برس کی ہو گئیں وہ ان دنوں یورپ کے دورے پرہونے کی وجہ سے سالگرہ جرمنی میں ہی منائیں گی۔

    اپنے کیرئیر کے آغاز ہی سے مختلف اسکینڈلز کی زد میں رہنے والی اداکارہ میرا کچھ عرصہ بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار مہیش بھٹ کے کیمپ میں طبع آزمائی کے بعد اب پھر لالی وڈ میں جگہ بنانے کیلئے ذاتی پروڈکشنزکر رہی ہیں۔

    اپنی انتالیس سالہ زندگی میں کبھی تو میرانے خود پتی کی تلاش کی توکبھی اچانک سے اکثر لوگوں نے خود کو میرا کا پتی کہنا شروع کردیا۔

    البتہ میرااگلی سالگرہ سے قبل باضابطہ دلہن بنتی ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ آنے والاوقت ہی کرے گا۔

    واضح رہے کہ اداکارہ میرا ان دنوں اپنے رفاعی اسپتال کی تعمیر کے سلسلے میں فنڈ ریزنگ میں دن رات مصروف ہیں اس کے علاوہ  اُن کی اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

  • رحیم یار خان : ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ

    رحیم یار خان : ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ

    رحیم یار خان : سندھ اور پنجاب پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے رحیم یار خان میں گن شپ ہیلی کاپٹروں سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی اوررحیم یارخان کے درمیان واقع کچے کے علاقے میں ڈاکو سلطو شر اور چھوٹو بھکرانی کیخلاف سندھ اور پنجاب پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔

    آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر سے شیلنگ بھی کی گئی۔ ہیلی کاپٹر سے شیلنگ کی خصوصی فوٹیج اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، ہیلی کاپٹروں سے کچے کے علاقے رو نتی میں شیلنگ کی گئی۔

    شیلنگ سے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ ہوئے۔ آپریشن کے دوران کچے کے داخلی و خارجی راستے بند کردیئے گئے ہیں۔

  • سانحہ12مئی : پاکستان بارکونسل کل یوم سیاہ منائے گی

    سانحہ12مئی : پاکستان بارکونسل کل یوم سیاہ منائے گی

    کراچی : سانحہ بارہ مئی کے خلاف پاکستان بار کونسل نے کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔ کراچی میں پانچ سال پہلے وکلاء کے قتل عام کیخلاف کل ملک گیر یوم سیاہ منایا جائے گا۔

    ملک بھرکی بارکونسلز کی عمارتوں پرکالے جھنڈے لہرائے جائیں گے، بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی جبکہ وکلاء عدالتوں کی کارروائی کابائیکاٹ کرینگے۔

    وکلاء رہنماؤں نے چیف جسٹس سےبارہ مئی دوہزارسات کو وکلاء کے قتل عام کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    پاکستان بار کونسل کے اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ پانچ سال بعد بھی سانحہ بارہ مئی کا کوئی مجرم گرفتارہوا اورنہ ہی کوئی مقدمہ چلایا گیا ہے۔

  • آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےایئر ڈیفنس فائرنگ رینج کا دورہ کیا

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےایئر ڈیفنس فائرنگ رینج کا دورہ کیا

    کراچی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کراچی کے قریب ایئر ڈیفنس فائرنگ رینج کا دورہ ایف ایم 90 کروز میزائل سمیت ہر ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکتاہےْ

    آئی ایس پی آر کی جانب سے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے ایف ایم 90ایئرڈ یفنس میزائل سسٹم سے فائرنگ کا مشاہدہ کیا ہےْ

    ایف ایم 90ایئرڈ یفنس میزائل سسٹم کو حال ہی میں فوج میں شامل کیا گیا ہے، ایف ایم 90 ایئرڈیفنس سسٹم، ڈرونز اور گائیڈڈ میزائل سمیت کئی اہداف کو نشانہ بنا سکتاہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کےساتھ ہی نئے میزائل دفاعی سسٹم کی تربیت مکمل ہوگئی۔

  • سمندر کے کنارے آباد شہر قائد میں پانی کا بحران آخر کب تک؟

    سمندر کے کنارے آباد شہر قائد میں پانی کا بحران آخر کب تک؟

    کراچی : شہر قائد بوند بوند کو ترس گیا۔ اور لگتا ہے سندھ کے سائیں سرکارخواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ شہر میں زیر زمین پانی کی لائنیں خشک مگر واٹر ٹینکرزسڑکوں پر دندناتے پھر رہے ہیں۔ غریب عوام کی امیدیں اور حکومتی اعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے۔

    زمینی حقائق یہ ہیں کہ اہلیان کراچی قلت آب کا شکار ہیں۔ پانی کے سنگین بحران کے باجود واٹر ہائیڈرنٹس پر دھڑلے سے ٹینکر بھر بھر کے بیچےجارہےہیں۔پانی کےترسےشہریوں کاکہناہےکہ دومہینے ہوگئے لیکن پانی نہیں آیا۔ ہیوی ڈیوٹی سکشن پمپ لگائے گئے لیکن نتیجہ صفر رہا۔

    پانی کی تلاش میں دربدرشہریوں نےشکوہ کیا ہےکہ ٹینکر مافیا صورتحال سےفائدہ اٹھاتےہوئے مجبوروں کو دونوں ہاتھوں سے لُوٹ رہی ہے۔ کمشنر کراچی نے قلت آب سے متاثرہ علاقوں میں واٹر ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی کا دعویٰ کردیا ہے۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ کمشنر کراچی کے دعوے حقیقت کا روپ دھارتے ہیں یا ماضی کی طرح یہ باتیں صرف اخبارات یا میڈیا کی زینت ہی بنیں گی؟  پانی کے بحران پر انتظامیہ کے تازہ ترین دعوے عملی حقیقت میں نہیں بدلے تو جلد شہرقائد کی فضاؤں میں ۔چلو بھر پانی میں۔۔۔۔۔۔۔ کے نعرے لگیں گے۔

    کراچی کی عوام پانی کی تلاش میں سرگرداں ہے اور ارباب اختیار کی بے حسی کم ہونے میں نہیں آرہی۔۔جس کے باعث ٹینکر مافیا شہر پرراج کرنے لگی۔ معاشی حب کہلانے والا شہرکو جہاں بہت ساری بنیادی مسائل نے جکڑا ہوا ہے شہریوں کو صاف اور میٹھے پانی کا حصول بھی مشکل ہوگیاہے۔

    شہری بجلی اور بھی پانی پر احتجاج کرتے نظر آتے ہیں مگر مسائل حل ہوتے نظر نہیںآ رہے پانی کی شدید قلت کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، واٹر بورڈ کی ملی بھگت سے ٹینکر مافیا کی جانب سے مہنگے داموں مضر صحت پانی کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کا سوال ہے کہ شہریوں کو پانی میسر نہیں تو ہائیڈرنٹس کو پانی کہاں سے مل رہا ہے؟

    ۔مختلف علاقے نارتھ ناظم آباد ، نارتھ کراچی،اورنگی ٹاون،بلدیہ ٹاون، کورنگی اور لانڈھی سمیت دیگر علاقوں کے مکین بھی پانی کی عدم فراہمی پر سراپا احتجاج ہیں پانی کی قلت کو واٹر بورڈکی غفلت قرار دیتے ہوئے مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔

    دوسری جانب بلبلاتے عوام نے بارش کیلئے نماز استسقاادا کرنا شروع کر دی ہے۔ کراچی میں بڑھتے ہوئے پانی کے بحران نے شہریوں کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔

    لوگ متبادل  ذرائع کی تلاش میں ہیں۔ کوئی واٹر ٹینکرز مافیا کی منت سماجت کر رہا ہے۔ تو کوئی کئی سو فٹ گہری بورنگ کروا کے پانی کی تلاش میں ہے۔ لیکن پانی ہے کہ ملتا ہی نہیں۔ پانی خریدنے کی سکت نہ رکھنے والے غریبوں نے تو اپنی نگاہیں آسمان پر لگا دی ہیں۔ کہ بادل ہی برس پڑیں۔

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بلبلاتے شہریوں نے کڑی دھوپ میں نماز استسقاء ادا کرڈالی۔ بڑی تعداد میں شریک لوگوں کی ایک ہی دعا تھی۔اے اللہ بارش برسا دے۔

    پانی کی قلت کے خلاف اب جگہ جگہ مظاہرے ہورہے ہیں۔ ستم یہ ہے کہ سمندر کنارے آباد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے۔