Author: اعجاز الامین

  • پنجاب میں ترقیاتی منصوبےجاری، کراچی کھنڈرات میں تبدیل

    پنجاب میں ترقیاتی منصوبےجاری، کراچی کھنڈرات میں تبدیل

    کراچی : پنجاب میں توبےشمارترقیاتی منصوبےبن رہے ہیں، لیکن سندھ اوردوسرے صوبے ان پروجیکٹ سے محروم ہیں۔ وزیراعلٰی پجناب شہبازشریف کےمقابلےمیں سندھ کےسائیں کی کارکردگی پرسوال اٹھ رہےہیں۔

    شمسی بجلی گھر، میٹرو بس سروس، دانش اسکول پروگرام، آشیانہ اسکیم، پندرہ ارب لاگت سے دیہی روڈز پروگرام اور بے شمار تعمیراتی کام پنجاب میں جاری ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے ڈھیر لگادیے۔ دوسری جانب سید قائم علی شاہ سات سال سے وزیراعلیٰ سندھ کی کرسی پر ڈیرہ جمائے بیٹھے ہیں۔

    اس کے باوجود سب سے زیادہ ریونیو دینے والا کراچی کھنڈر بنتا جا رہا ہے۔ سڑکیں، پُل، انڈر پاسز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

    تو دوسری جانب تھر میں کوئلے سے بجلی بنانے کا منصوبہ، ہو یا پورٹ قاسم پربجلی پراجیکٹ یا کوئی اور سندھ حکومت کا کوئی منصوبہ بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکاہے۔ اندرون سندھ کے شہری بھی تباہ حالی کا شکار ہیں۔

  • حلقہ این اے125 کا تفصیلی فیصلہ جاری، سعد رفیق بے گناہ قرار

    حلقہ این اے125 کا تفصیلی فیصلہ جاری، سعد رفیق بے گناہ قرار

    اسلام آباد : جوڈیشل کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے ایک سو پچیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، اسّی صفحات کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ این اے ایک سو پچیس میں کوتاہیوں کاعمل ہر مرحلے پرموجود تھا۔

    فیصلےمیں کہا گیا ہےکہ این اےایک سو پچیس کے بیشترپولنگ اسٹیشنزکی کاونٹرز فائل اور ووٹر لسٹیں غائب تھیں، ایک ہزار تین سو باون ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے تصدیق کروائی گئی جس میں سےایک ہزار دو سو چون کی تصدیق ہوئی۔

    چوراسی ووٹوں سے متعلق انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نہ ہوسکی جبکہ چودہ کاؤنٹرز فائلز پر انگوٹھوں کےنشانات جعلی نکلے۔

    پولنگ اسٹیشن نمبر ایک سو پچانوےکے بیلٹ پیپرز اور کاونٹرفائلزکا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔ خواجہ سعد رفیق اور الیکشن کے عملے کے خلاف این اےایک سو پچیس میں سازش، دھوکہ دہی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

  • پشاور:بلدیاتی امیدواروں کوعجیب وغریب انتخابی نشانات الاٹ

    پشاور:بلدیاتی امیدواروں کوعجیب وغریب انتخابی نشانات الاٹ

    پشاور : بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں کو عجیب وغریب انتخابی نشانات الاٹ کردیئے گئے۔غیرمناسب نشانات پر امیدواروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نشانات تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاورمیں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔ الیکشن کمیشن نےامیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے تو خود امیدوارحیران رہ گئے۔

    کسی کے حصے میں گاجر آئی۔ کسی کو مولی ملی اورالیکشن کمیشن کو کچھ نہ ملا تو ایک امیدوار کو فیڈر ہی پکڑا دی۔ اس کے علاہ مونچھ، پاجامہ ، دل، بالیاں، مگرمچھ، کیلےکا چھلکا جو دل چاہا انتخابی نشان دے ڈالا۔

    عجیب و غریب نشانات ملنے پر امیدواروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غیرمناسب نشانات فوری طور پر تبدیل کئے جائے۔

    ادھر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں سیکیو رٹی کے لئے مختلف کمیٹیاں قائم کردی ہے جوایڈیشنل ڈی سی کی سربرا ہی میں اپنی ذمہ داری سرانجام دے گی۔ پولنگ اسٹشین عملے کو سامان کی ترسیل کے لئے ایک ہزار گا ڑیاں دی جا ئے گی۔

  • چیف جسٹس آف پاکستان بدین صورتحال کا نوٹس  لیں،  فہمیدہ مرزا

    چیف جسٹس آف پاکستان بدین صورتحال کا نوٹس لیں، فہمیدہ مرزا

    کراچی : سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیرداخلہ ڈاکٹرذوالفقار مرزاکی اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ڈاکٹرذوالفقار مرزا پر اگر کوئی کیس ہے تو کیا انہیں عدالت جانے کا کوئی حق نہیں ؟

    ضمانت کے باوجود سترہ اٹھارہ پولیس موبائلیں گھر کے باہر کھڑی ہیں۔ بدین میں مرزا فارم ہائوس پر آپریشن کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

    ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فہمیدہ مرزا اپنے شوہر کےدفاع کیلئے میدان میں آگئیں، ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں۔

    عدالتی حکم کے باوجود پولیس سے فائرنگ کروائی گئی۔ آئی جی سندھ بتائیں کے عدالتی حکم کے باوجود مرزا فارم ہائوس پر پولیس کیوں تعینات کی گئی ہے۔

    گزشتہ تین روز سے آپریشن کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔ ذوالفقار مرزا کی سیکیورٹی پر تشویش ہے۔ پولیس میں سیاسی مداخلت واضح نظر آر ہی ہے۔ ایسے پولیس افسران بدین بھیجیں جو سیاست میں ملوث نہ ہوں۔

    میری چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں، ان کا کہناتھا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں ہیں، گھر کے باہر موبائلیں کھڑی کرکے آپریشن کا تاثر دیا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور کارکنان پر دہشت گردی کے مقدمات قائم کردئیے گئے،یہ کہاں کا انصاف ہے؟ انہوں نے کہا کہ وفاق مضبوط آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری تعینات کرے۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا پر کیس ہے تو کیا انھیں عدالت میں جانے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکام کی جانب سے مرزا فارم ہائوس پر کھانے اور پینے کی اشیاء لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ہماری طاقت غریب بدین کے عوام تھے۔ ذوالفقار مرزا طویل عرصے سے پارٹی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ بدین میں چھاپوں کی مذمت کرتی ہوں۔

  • حیدر آباد : ذوالفقارمرزا کیخلاف مظاہرہ، آصف زرداری کے حق میں نعرے

    حیدر آباد : ذوالفقارمرزا کیخلاف مظاہرہ، آصف زرداری کے حق میں نعرے

    حیدرآباد : پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے خلاف حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کئے گئے احتجاجی مظاہرے کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکنان ہاتھوں میں بینرز اٹھائے شریک چیئرمین آصف زرداری کے حق میں جبکہ ذوالفقار مرزا کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔.

    اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار مرزا نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر نازیبا اور بے بنیاد الزامات لگاکر احسان فراموشی کا ثبوت دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنی قیادت کے خلاف ایسے نازیبا الفاظ برداشت نہیں کریں گے، ذوالفقار مرزا اپنی زبان کو لگام دیں بصورت دیگر پیپلز پارٹی کے کارکنان ملک بھر میں ذوالفقار مرزا کے خلاف احتجاج کریں گے۔

  • زمبابوے کرکٹ بورڈ کی سیکورٹی ٹیم5مئی کو لاہور آئے گی

    زمبابوے کرکٹ بورڈ کی سیکورٹی ٹیم5مئی کو لاہور آئے گی

    لاہور : زمبابوے کرکٹ بورڈ کی سیکیورٹی ٹیم انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پانچ مئی کو لاہور پہنچے گی۔

    پی سی بی ذرائع کے مطابق زمبابوے کرکٹ بورڈ کی سیکیورٹی ٹیم کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹھہرایا جائے گا۔ پی سی بی نے اکیڈمی کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا ہے۔

    پی سی بی اور حکومت پنجاب کے آفیشلز سیکیورٹی ٹیم کو چھ مئی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہی بریفنگ دیں گے۔ سیکیورٹی ٹیم بریفنگ لینے کے بعد اپنی رپورٹ زمبابوے کرکٹ بورڈ کو جمع کرائے گی۔

    زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔

  • ایم کیو ایم کی صفوں میں قاتل چھپے بیٹھے ہیں، عابد شیرعلی

    ایم کیو ایم کی صفوں میں قاتل چھپے بیٹھے ہیں، عابد شیرعلی

    فیصل آباد : وزیرمملکت عابدشیرعلی نے الزام لگایا ہےکہ ایم کیوایم کی صفوں میں قاتل چھپے بیٹھےہیں،ایم کیوایم نےصولت مرزاکی پھانسی رکوانےکے لیے وزیراعظم نوازشریف سےرابطہ کیا تھا۔

    بجلی وپانی کےوزیرعابدشیرعلی نےایم کیوایم کےخلاف آتش بیانی کردی۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک غیر ملکی لندن میں بیٹھ کر فوج کو للکار رہا ہے۔

    ایم کیو ایم کی صفوں میں قاتل چھپے بیٹھے ہیں،سو سوافراد کے قاتل نائن زیرو سے پکڑے جارہے ہیں،اس طرح کے مزید نائن زیرو بھی ختم کرنا پڑے تو کریں گے۔

    عابد شیرعلی نےکہا کہ ایم کیوایم قتل کرکے فوج پرالزام لگاتی ہے،فوج پر تنقید کرنے والی ہر زبان کاٹ دیں گے، انہوں نے دعوٰی کیا کہ ایم کیوایم نےصولت مرزاکی پھانسی رکوانےکےلیےوزیراعظم نوازشریف سےرابطہ کیا تھا۔

    عابد شیرعلی نےکہاکہ عمران خان حکومت کی کوشش سےہونےوالے امن کی وجہ سے کراچی میں جلسے کرسکے،انہوں نے نویدسنائی کہ دوہزارسترہ لوڈشیڈنگ خاتمےکاسال ہوگا۔

  • متحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس، مذمتی قراردادوں کی شدید مذمت

    متحدہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس، مذمتی قراردادوں کی شدید مذمت

    کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کی تقریر پر مختلف سیاسی رہنماؤں کے بیانات اور اسمبلیوں میں مذمتی قراردادوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے ارکان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔

    اجلاس میں قائد تحریک الطاف حسین کی حالیہ تقریرپر بعض سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے بیانات اور اسمبلیوں میں مذمتی قراردادوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی ۔

    اجلاس میں کہاگیا کہ ایک جانب غیرملکی قوتیں بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ صوبہ بلوچستان ، سندھ ،فاٹااورملک کے دیگر حصوں میں مداخلت کرکے انتشار پھیلارہی ہے اورامن وامان کی صورتحال خراب کرکے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ ْ

    دوسری جانب بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی بھی کی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔اجلاس میں پاکستان کے استحکام ، دہشت گردی کے خاتمے اورآپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعاکی گئی۔

  • سسرالیوں کے ہاتھوں جلنے والی خاتون دوران علاج چل بسی

    سسرالیوں کے ہاتھوں جلنے والی خاتون دوران علاج چل بسی

    لاہور : سسرالیوں کے ہاتھوں جلائی گئی جواں سالہ صدف دم توڑ گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے صدف کے شوہر ملک علی کے دو بھائیوں عارف اور بابر کو گرفتار کر لیا۔

    مرنے سے پہلے صدف نے شوہر اور سسرالیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ تفصیلات کے مطابق معمولی سی گھریلو ناچاقی پر شوہر نے اپنی بیوی کی جان ہی لے لی۔

    لاہور میں چند روز قبل سسرالیوں کے مبینہ تشدد کے بعد جلائی جانیوالی صدف دم توڑ گئی۔ صدف موت سے پہلے اپنے ویڈیو بیان میں شوہر اور سسرالیوں کو موت کا ذمہ دار ٹھہرا گئی۔

    صدف نے ویڈیو بیان میں بتایا تھا کہ اُس پر بد ترین تشدد کیا گیا تھا, صدف کے اہل خانہ نے پنجاب اسمبلی کے باہرمیت رکھ کر احتجاج کیا۔

    صدف کی ماں کا کہنا تھا بیٹی پر شوہر اور سسرالی بے پناہ تشدد کرتے تھے، صدف کے بھائی کا کہنا ہے اس کی مقتول بہن کو انصاف دلایا جائے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے صدف کے شوہر ملک علی کے دو بھائیوں عارف اور بابر کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ صدف کا شوہر فرار ہو گیا ہے۔

  • رحیم یارخان : سات مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پولیس کا آپریشن جاری

    رحیم یارخان : سات مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے پولیس کا آپریشن جاری

    رحیم یار خان : پولیس اپنے پیٹی بھائیوں کو بازیاب نہ کروا سکی مغویوں کی بازیابی کیلئے سندھ اور پنجاب پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    چوکی پر تعینات اےایس آئی سمیت سات پولیس اہلکاروں کو اغواء کرلیا گیا، پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان ماچھکہ کے سرداروں کے ذریعے ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    جس کے بعد کچے کے نوگو ایریا میں گن شپ ہیلی کاپٹرز نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر شیلنگ شروع کردی

    تفصیلات کے مطابق سندھ پنجاب کی سرحد پر پولیس اہلکار چوکی پر ڈیوٹی دےرہے تھے کہ اچانک بدنام ڈاکوسلطوشراورچھوٹوبکھرانی نےاپنےساتھیوں کیساتھ حملہ کردیا ۔

    ڈاکو باآسانی سات پولیس اہلکاروں کو اسلحے سمیت اغوا کرکے لےگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سندھ اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری رحیم یار خان کےعلاقے کچے میں پہنچ گئی اور پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لئے مشترکہ آپریشن شروع کردیا۔

    رحیم یارخان پولیس نے ماچھکہ سرداروں کے ذریعے ہونیوالے مذاکرات کی ناکامی کے بعد مزاری قبیلے کے سرداروں سے رابطہ کیا تاکہ مذاکرات سے ذریعے اہلکاروں کو بازیاب کرایا جاسکے، لیکن مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔

    کچے کے نوگو ایریاز میں گن شپ ہیلی کاپٹر کی پروازیں بھی شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ بدنام زمانہ ڈاکو سلطو شر اور چھوٹو بکھرانی کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سندھ اور پنجاب کی پولیس نے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کردیا۔

    ڈاکوؤں نے سات پولیس اہلکاروں کے بدلے اپنے سات ساتھیوں کی رہائی اور دریا پر چوکیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن پولیس نے ڈاکوؤں کا مطالبہ ماننے سے انکار کردیا ہے۔

    اس سے قبل رحیم یارخان کچے کے علاقے میں اندھیرا ہونے پرمغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئےآپریشن روک دیاگیا تھا۔