Author: اعجاز الامین

  • اراکین بلوچستان اسمبلی بلوچوں کے خون کا سودا نہ کریں، ندیم نصرت

    اراکین بلوچستان اسمبلی بلوچوں کے خون کا سودا نہ کریں، ندیم نصرت

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے اپنے ایک بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف بلوچستان اسمبلی کی قرارداد کی انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ندیم نصرت نے کہاکہ اگر بلوچستان اسمبلی کے ارکان واقعتا سچا بلوچ خون رکھتے ہیں تو پہلے وہ اس سوال کا جواب دیں کہ بلوچستان اسمبلی کے ان نام نہاد بہادر ارکان اسمبلی نے بلوچستان کے ہزاروں شہید اورلاپتہ افراد کیلئے کب اور کتنی مذمتی قراردادیں پیش کی ہیں؟

    انہوں نے کہاکہ اگر بلوچستان اسمبلی کے یہ نام نہاد غیرت مند ارکان واقعی غیرت مند ہوتے تو بلوچستان میں بہائے جانے والے معصوم بلوچوں کے خون ناحق پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے نہیں رہتے اور سرکاری ایجنسیوں کے ترجمان بن کر قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف بیان نہیں دیتے۔

    جنہوں نے ہمیشہ ملک کے مظلوم عوام کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی حمایت کی اوران پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہمیشہ احتجاج کیا۔

    احتجاجی ریلیاں اور اجلاس کئے اور سینکڑوں بیانات بھی دیئے ہیں۔ندیم نصرت نے کہاکہ بلوچستان کے غریب بلوچوں کے خون کا سودا کرکے بلوچستان اسمبلی کے ارکان بننے والےالطاف حسین کے جرات مندانہ بیانات اور تقاریر پر انگلی اٹھانے کے بجائے بلوچستان کے عوام سے معافی مانگیں ۔

  • وزیرستان اور خیبرایجنسی میں کارروائی 44 دہشت گرد ہلاک

    وزیرستان اور خیبرایجنسی میں کارروائی 44 دہشت گرد ہلاک

    خیبرایجنسی : وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی کے دوران چوالیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کےمطابق خیبرایجنسی کی وادی تیراہ میں فضائی کارروائی کے دوران اٹھائیس دہشت گردہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دئے گئے ۔

    دتہ خیل میں فضائی آپریشن میں میں سولہ غیرملکی دہشت گردہلاک ہوئے شمالی وزیرستان کےمغربی علاقوں سوئی خیل منڈی اور وانا میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں آٹھ دہشت گرد ہلا ک ہو ئے تھے۔

    سیکیورٹی ذرائع کےمطابق خیبرایجنسی کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی بمباری سے  ان کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔

    پاک فوج نے خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ٹو میں تیزی لاتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

      یاد رہے کہ دسمبر2014 کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے میں 133 سے زائد بچوں سمیت 150 افراد کی ہلاکت کے بعد شدت پسندوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

  • آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہےگا، جنرل راحیل شریف

    آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہےگا، جنرل راحیل شریف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہےکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پاک فوج کا آپریشن جاری رہےگا۔

    یہ بات انہوں نے وادی تیراہ میں شہید ہونےوالے کیپٹن قاسم کی تدفین کے موقع پر کہی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےشہید کیپٹن کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کیپٹن کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    انہوں نے شہید کیپٹن کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی، اس موقع پر مسلح افوا ج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کیپٹن کو سلامی پیش کی۔

    نماز جنازہ میں، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ سمیت اعلی فوجی حکام اور شہید کے عزیزواقارب نے شرکت کی۔

  • الطاف حسین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، پنجاب بارکونسل

    الطاف حسین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، پنجاب بارکونسل

    لاہور : پنجاب بار کونسل نے قومی سلامتی اداروں کے خلاف بیان بازی پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    پاک فوج کے خلاف الطاف حسین کے بیان پر پنجاب بار کونسل کی جانب سے ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس کی صدارت وائس چیئرمین فرخ اعجاز بیگ نے کی۔

    پنجاب بارکونسل کے اجلاس میں الطاف حسین کےخلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ پنجاب بار کونسل نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ الطاف حسین کے خلاف فوری قانونی کاروائی کی جائے۔

    فرخ اعجاز بیگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاک فوج کےخلاف کسی قسم کی بیان بازی برداشت نہیں کریں گے اور سب پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • حالات کیسے بھی ہوں تحریک کی قیادت نہیں چھوڑوں گا،الطاف حسین

    حالات کیسے بھی ہوں تحریک کی قیادت نہیں چھوڑوں گا،الطاف حسین

    لندن : متحد ہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے اعلان کیاہے کہ اب حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں اورتنظیم کے ذمہ داران کتنی ہی غفلت اور کوتاہی کامظاہرہ کیوں نہ کریں،میں اب تنظیم کی قیادت سے علیحدگی اختیارکرنے کی بات نہیں کروں گااورچاہے کیسے ہی حالات ہوں.

    تحریک کی قیادت کرتا رہوں گا اور آخری سانس تک جدوجہدجاری رکھوں گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کی شب امریکہ کے شہرہیوسٹن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246اور کنٹونمنٹ کے الیکشن میں ایم کیوایم کی شاندارکامیابی کی خوشی میں منائے جانے والے جشن فتح کے اجتماع سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    اجتماع میں سینکڑوں افرادنے شرکت کی جن میں مردوخواتین ، بزرگ اوربچے شامل تھے اورہال کھچاکچھ بھراہواتھا ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنوں اورعوام کے حوصلے پست کرنے کیلئے گزشتہ دنوں طرح طرح کے مظالم کئے گئے لیکن ہم نے حوصلے نہیں ہارے اوراللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اورعوام کی بھرپورحمایت سے ایم کیوایم نے این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اورکنٹونمنٹ کے الیکشن میں بھی ایم کیوایم شاندارکامیابی حاصل کرتے ہوئے سندھ میں پہلی اورپورے پاکستان میں تیسری سب سے بڑی جماعت بن کرسامنے آئی۔

    انہوں نے کہاکہ اب ایک بار پھر میری ایک تقریر کوجوازبناکرایم کیوایم کے خلاف الزامات اورپروپیگنڈوں کاطوفان کھڑاکردیاگیاہے ،مجھ پر مقدمات کی باتیں کی جارہی ہیں اور میرے خطابات پر پابندیوں کے لئے ٹی وی چینلزکوحکم نامے جاری کئے جارہے ہیں۔

    انہوں نے ایک بارپھر کہاکہ میں نے نہ تو فوج کوبرابھلاکہااورنہ ہی ” ر ا “ سے کوئی مدد مانگی تھی اس کے باوجودمیں نے اداروں اورعوام سے معافی مانگی، لیکن اگر پھر بھی میرے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ قائم کیاجاتاہے یاایم کیوایم کوکالعدم قرار دیا جاتا ہے توشوق سے کیاجائے ، میرااورعوام کارشتہ قائم ہے اورقائم رہے گا۔میں نے تہیہ کرلیاہے کہ چاہے کیسے ہی حالات ہوں ، میں اپنی تحریک کو نہیں چھوڑوں گا اورمحروم عوام کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔

    الطاف حسین نے کہاکہ فوج کے بارے میں کئی دیگرسیاسی رہنماؤں نے مختلف مواقع پرغیرمناسب خیالات کااظہارکیالیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔جماعت اسلامی کے امیرمنورحسن نے پاک فوج کے خلاف لڑنے والے طالبان کو شہیدقراردیااور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کی قربانی دینے والے پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کوشہید ماننے سے انکار کرکے ان کی توہین کی لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    نوازشریف اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعدجیل میں قیدہوئے توان کے بیٹے نے مدد کیلئے بھارت کے وزیراعظم کوخط لکھالیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی بلکہ نوازشریف آج برسر اقتدارہیں، عمران خان نے اپنی ایک تقریر میں جرنیلوں کے بارے میں تحقیر آمیز جملے اداکئے جس کی وڈیوسوشل میڈیاپر موجود ہے لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    غلام مصطفےٰ کھر نے بھارتی ٹینکوں پر بیٹھ کر پاکستان میں آنے کی بات کی لیکن وہ آج بھی معززہیں اور مجھ پر آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ بنانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ یہ انصاف وقانون کا دہرا معیار ہے ۔ الطاف حسین نے کہا کہ آبادیوں کے بڑھنے کے نتیجے میں بہترحکمرانی کے لئے دنیابھرمیں نئے نئے صوبے اورانتظامی یونٹس قائم کئے جاتے ہیں ، میں نے بھی عوام کے مطالبہ پر پاکستان میں مزید صوبے بنانے کی بات کی تواس پربھی مجھے غدارکہاجارہاہے ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کی واحدلبرل، پروگریسو اور روشن خیال جماعت ہے جوپاکستان میں بسنے والے تمام فقہوں، مسلکوں اورمذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو برابر کا پاکستانی سمجھتی ہے اورسب کے ساتھ رنگ،نسل، زبان، جنس،قومیت،مسلک اورمذہب کے امتیازسے بالاترہوکر مساوی سلوک کرنے اورانہیں برابرکے حقوق دینے پریقین رکھتی ہے ۔

    ایم کیوایم ملک میں ایساسسٹم چاہتی ہے جہاں اقرباء پروری اورپسندناپسندکی بنیادپر نہیں بلکہ میرٹ کی بنیاپرفیصلے کئے جائیں اور انصاف کاحصول امیراورغریب سب کے لئے آسان اورمساوی ہو۔

    انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم جیسی لبرل جماعت کوآج غدار قراردیکر ہرطرف سے کچلنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔انہوں نے کارکنان وذمہ داران اور اجتماع کے شرکاء سے کہاکہ ہم پرچاہے جتناہی ظلم کیا جائے اور ہمارے خلاف چاہے جتنا پروپیگنڈہ کیاجائے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔

  • حکومت کی ناقص کارکردگی :عوامی تحریک وہائٹ پیپرجاری کرے گی

    حکومت کی ناقص کارکردگی :عوامی تحریک وہائٹ پیپرجاری کرے گی

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک نے وفاقی حکومت کی دوسالہ ناقص کارکردگی پر گیارہ مئی کو وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔

    پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس لاہور میں ہوا،جس میں پاک فوج کے خلاف بیان بازی کی مذمت اور دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔

    اجلاس میں لوڈشیڈنگ ،مہنگائی ،ٹارگٹ کلنگ اور سنگین جرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی دو سالہ ناقص کارکردگی پر گیارہ مئی کو وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کیا گیا۔

    سینٹرل ایگزیکٹو کونسل نے ملک بھر میں تنظیم نو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں حکمران کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شفاف تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جاری کی جائے۔

    پیٹرولیم مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لینے اور پٹرول کی قیمتیں دس روپے لیٹر کم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت یابی کیلئے دعا اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

  • جاوید ناگوری کے بھائی کی نماز جنازہ، پی پی رہنماؤں کی شرکت

    جاوید ناگوری کے بھائی کی نماز جنازہ، پی پی رہنماؤں کی شرکت

    کراچی : گذشتہ روزکراچی کے علاقے لیاری میں صوبائی وزیر جاوید ناگوری کے ڈیرے پر دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کو سپرد خاک کردیا گیا۔

    اکبر ناگوری کی نماز جنازہ عید گاہ مسجد شاہ ولی اللہ روڈ میں ادا کی گئی، جس میں مقتول کے بھائی پیپلزپارٹی کے رہنما جاوید ناگوری، نجمی عالم،وقار مہدی سمیت دیگر رہنماؤں سمیت کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعدا د نے شرکت کی۔

    مقتول اکبر ناگوری کو میراپیر قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپردخاک کردیا گیا، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے جاوید ناگوری پر حملے اور اکبر ناگوری کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔

    دوسری جانب تفتیشی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جاوید ناگوری کے ڈیرے پر حملے میں ملوث ملزمان کے حوالے سے کافی شواہد مل چکے ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ لیاری میں صوبائی وزیرجاوید ناگوری کے دفتر پر دستی بم حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں صوبائی وزیر کے بھائی اکبر ناگوری ،سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اکبر ناگوری دم توڑ گئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • اختیارات کے غلط استعمال پر راؤ انوارکو ہٹایا گیا، قائم علی شاہ

    اختیارات کے غلط استعمال پر راؤ انوارکو ہٹایا گیا، قائم علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوارنے اپنے اختیارات سے تجاوزکیا، اختیارات کے غلط استعمال پر انہیں عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

    ان خیالات  کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل کراچی میں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایس پی راؤ انوارنے اپنے اختیارات سے تجاوزکیا تھا ۔

    قائم علی شاہ نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی سلامتی کیلئے کام کررہے ہیں،الطاف حسین نے پاک فوج کے خلاف غلط زبان استعمال کی۔

    انہوں نے کہاکہ بہت سارے فیصلے کراچی آپریشن کو متاثر کررہے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈی ایس پی بن قاسم عبدالفتح اور دو اہلکاروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • الطاف حسین نے مہاجروں کا سرشرم سےجھکا دیا، خواجہ آصف

    الطاف حسین نے مہاجروں کا سرشرم سےجھکا دیا، خواجہ آصف

    اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف، وزیراطلاعات پرویز رشید اوروزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نےالطاف حسین کی”را“ سے مدد کی درخواست پرکڑی نکتہ چینی کی۔

    خواجہ آصف نےکہا کہ الطاف حسین نے مہاجروں کا سرشرم سےجھکادیا ہے۔ الطاف حسین کی تقاریر پروزیروں نے بھی سخت ردعمل ظاہرکردیا۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ الطاف حسین نے را سے مدد مانگ کر مہاجروں کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں،ایم کیوایم کےقائد نےجوزبان استعمال کی کسی پاکستانی کی نہیں ہوسکتی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے الطاف حسین کے بیان کو غداری قراردیا ۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الطاف حسین نے بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ سے مدد کی درخواست کر کے کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات مجروح کئے ہیں۔

    انہوں نے ایم کیوایم کی کارکنان سےکہا کہ الطاف حسین کےبیان سےلاتعلقی کااعلان کریں، وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ قومی ادروں پرتنقید قابل مذمت اورمجرموں کی پشت پناہی کےمترادف ہے۔

  • الطاف حسین کارکنوں کو اسلحہ اٹھانے پر اکساتے ہیں، عمران خان

    الطاف حسین کارکنوں کو اسلحہ اٹھانے پر اکساتے ہیں، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الطاف حسین کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے خلاف نفرت انگیز بیان پرحکومت کی خاموشی قابل قبول نہیں۔

    کپتان ایم کیو ایم کے قائد  الطاف حسین کے بیان پر خوب گرجے اور برسے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ برطانوی شہری کی نفرت انگیز تقاریر سے پیمرا قوانین کی دھجیاں اڑا ئی جارہی ہیں ۔

    انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کے بجائے آئی ایس پی آر کو کیوں بیان جاری کرنا پڑا؟ ریاستی اداروں کا دفاع حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کارکنوں کو اسلحہ اٹھانے پر اکساتے رہے ہیں۔ کپتان نے وزیر اعظم کوبھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کو اپنے ملک کے بجائے دوسرے ملکوں کی سیکیورٹی پر زیادہ تشویش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں اتفاق کیا گیا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    عمران خان نے کہا کہ حکومت راؤ انوار کی پریس کانفرنس پر خاموش کیوں ہےان کے ثبوتوں پر اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔