Author: اعجاز الامین

  • کھلنہ ٹیسٹ:چوتھا روز،628 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کے 273رنز

    کھلنہ ٹیسٹ:چوتھا روز،628 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کے 273رنز

    کھلنہ : پاکستان کرکٹ ٹیم کھلنہ ٹیسٹ کے چوتھے روز پہلی اننگز میں چھ سو اٹھائیس رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں بنگال ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے دو سو تہتر رنز بنالئے ہیں۔

    کھلنہ ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے نامکمل پہلی اننگز پانچ سو سینتیس رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ نصف سنچری اسکور کرنے والے اسد شفیق اور سرفراز احمد نےتیزی سے اسکور میں اضافہ کیا۔

    اسد شفیق نے تراسی اور سرفراز احمد نے بیاسی رنز بنائے۔ آخری تین کھلاڑیوں کو تیجل السلام نے جلد ہی پویلین پہنچا دیا۔ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں چھ سو اٹھائیس پر آؤٹ ہوگئی اور بنگلہ دیش کیخلاف دو سو چھیانوے رنز کی برتری قائم کی۔

    میزبان ٹیم کے بولر تیجل السلام نےچھ کھلاڑیوں کو اپناشکار بنایا۔۔ بنگلہ دیش نے دوسری اننگز کا آغاز پراعتماد انداز سے کیا۔

    اوپنرز نے تیزی سے کھیلتے ہوئے دن کے اختتام تک اسکور دو سو تہتر رنز تک پہنچا دیا ہے۔ تمیم اقبال ایک سو اڑتیس، امرلکیس نے ایک سو بتیس رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کیلئے تئیس رنز درکار ہیں۔

  • تعصب کی عینک اتار کرکراچی کے حالات کاجائزہ لیا جائے، الطاف حسین

    تعصب کی عینک اتار کرکراچی کے حالات کاجائزہ لیا جائے، الطاف حسین

    لند ن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ بتایا جا ئے کہ کراچی میں بے گناہ شہریوں کو کون قتل کررہاہے، کراچی کے شہریوں کو کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیا ہے ۔ وقت کاتقاضہ ہے تعصب کی عینک اتار کرحالات کاجائزہ لیا جائے اور مائنڈ سیٹ کو تبدیل کیاجائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری بیان میں کیا، الطاف حسین نے کہا کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کے ہاتھ پیر باندھ کرکراچی کو کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑ دیا گیا ہے، وقت کاتقاضہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ تعصب کی عینک اتارے اور اپنامائنڈسیٹ تبدیل کرے۔

    الطاف حسین نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پہلے انسانی حقوق کی کارکن سبین محمود کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا اور آج دستگیر میں جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وحیدالرحمان کو گولیاں مارکرشہید کردیا گیا۔

    انہوں نے کہاکہ پہلے ایک سازش کے تحت کراچی میں ہرواقعہ کی ذمہ داری ایم کیوایم پرعائد کردی جاتی تھی حتیٰ کہ شہر میں اگر کوئی کتا یابلی بھی مرے تو اس کا الزام بھی ایم کیوایم پرڈال دیا جاتا ہے اور اسی بنیادپر ایم کیوایم کے خلاف کارروائیاں کی گئیں اور ایم کیوایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتارکیا گیا ۔

    آج کراچی شہرکے چاروں طرف پیراملٹری رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں لہٰذا ہم یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ اب کراچی میں بے گناہ شہریوں کو کون قتل کررہا ہے ؟

    الطاف حسین نے کہاکہ کراچی ، ایم کیوایم کے حامیوں کا شہر ہے لیکن آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کے ہاتھ پیر باندھ کر شہر میں القاعدہ ، داعش اور طالبان دہشت گردوں کو ٹارگٹ کلنگ کی چھوٹ دیدی گئی اور شہرکے عوام کو کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیا ہے ۔

    انہوں نے کہاکہ وقت کاتقاضہ ہے کہ حکمراں طبقہ اور اسٹیبلشمنٹ حقائق کو تسلیم کرے، تعصب کی عینک اتار کرحالات کاجائزہ لیا جائے اور مائنڈ سیٹ کو تبدیل کیاجائے ۔

    انہوں نے کہاکہ جب میں نے کہاتھا کہ سابق آرمی چیف جنرل کیانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخارمحمد چوہدری دونوں نے لانگ مارچ کے ذریعہ جنرل پرویز مشرف کو ہٹانے کی سازش کی ہے تو کسی نے میری بات نہیں مانی لیکن آج تمام ٹی وی چینلوں پریہی بات کہی جارہی ہے ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ احتساب کیلئے ایماندار اورپاک صاف جرنیلوں کو سامنے آنا چاہیے ،کوئی میری اس بات پر یہ کہے کہ الطاف حسین مارشل لاء کودعوت دے رہے ہیں تو کہتا رہے لیکن میں ملک کی سلامتی وبقاء کی بات کرتا رہوں گا۔

  • رینجرز کی کارروائی، 20ملزمان گرفتار،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

    رینجرز کی کارروائی، 20ملزمان گرفتار،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

    دھابے جی : رینجرزکی چھاپہ مار کارروائی کے دوران بیس ملزمان گرفتار اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار رینجرز کے اہلکار حرکت میں آگئے۔ دھابیجی میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تو رینجرز کی بھاری نفری نے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرلیا۔

    رینجرز کے جوانوں نے داخلی اور خارجی راستے بند کر کےچھ گھنٹے طویل سرچ آپریشن کیا جس میں گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔ کارروائی کے نتیجے میں کئی ملزمان گرفتار اور بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کرلیا گیا۔

    بر آمد کئے گئے اسلحے میں جی تھری اور نائن ایم ایم پسٹلز سمیت دیگر خطر ناک اسلحہ شامل ہے۔گرفتار شدگان کیخلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • سندھ حکومت کراچی کے مسائل اچھی طرح سمجھتی ہے، شرجیل میمن

    سندھ حکومت کراچی کے مسائل اچھی طرح سمجھتی ہے، شرجیل میمن

    کراچی : صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن کا کہنا ہے شہریوں کو پانی کی کمی کے درپیش کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے۔

    تفصییلات کے مطابق سندھ کےوزیر بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ الزام تراشیوں کی سیاست کی بجائے تعمیری باتوں پر توجہ دے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ فاروق ستار خود یہ بات تسلیم کر چکے ہیں کہ شہر کراچی میں پانی کی فراہمی طلب سے آدھی ہے۔

    سندھ کے وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ حکومت کراچی کے شہریوں کو پانی پہنچانے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔ پانی کی عدم فراہمی اور دیگر شکایات دور کرنے کے لئے واٹر بورڈ میں مرکز شکایات قائم کردیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی کے مسائل اچھی طرح سمجھتی ہے۔کمشنر کراچی کی سربراہی میں پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

    شرجیل میمن نے بتایا کہ کے فور منصوبے اور دھابیجی سے شہر کو پانی کی فراہمی میں پینسٹھ ایم جی ڈی اضافے کے منصوبوں پرکام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • پانی کے مصنوعی بحران کے ذمے دار قائم علی شاہ اور شرجیل میمن ہیں، فاروق ستار

    پانی کے مصنوعی بحران کے ذمے دار قائم علی شاہ اور شرجیل میمن ہیں، فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم نے پانی کے نام پر کراچی میں لسانی فسادات کا خدشہ ظاہر کردیا۔متحدہ رہنماء کہتے ہیں کہ پانی کے مصنوعی بحران کے ذمے دار وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور شرجیل میمن ہیں۔

    ان خیالات کا ااظہار ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر متحدہ رہنمائوں نے پانی بحران کو مصنوعی قرار دیتے ہوئے اس کا ذمے دار حکومت سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور شرجیل میمن کو ٹھہرا دیا۔

    متحدہ رہنما کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ایم ڈی واٹر بورڈ اور پانی کے مسئلےکوسیاسی ایجنڈے پر چلا رہی ہے۔فاروق ستار نے کہا کہ وزیر بلدیات گھوسٹ ملازمین اور شادی ہالز کو توڑنے جیسے ٹچے کام کرنے کے بجائے ہائیڈرنٹس مافیا اور پانی کے مصنوعی بحران کے خاتمے کے لئے کام کرتے تو عوام کو ریلیف ملتا۔

    متحدہ رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آر او پلانٹس کی آڑ میں دو سو فیصدکرپشن کی۔فاروق ستار نے واضح کر دیا کہ اگر صوبائی اسمبلی حقوق نہیں دے سکتی تو آئندہ اجلاسوں میں متحدہ اراکین اسمبلی احاطے میں اپنی اسمبلی لگائیں گے۔

  • جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے ثبوت لے کر جارہے ہیں، عمران خان

    جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے ثبوت لے کر جارہے ہیں، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ منگل کو74حلقوں میں دھاندلی کےثبوت لےکرجارہےہیں،دھاندلی سےمتعلق سوالاکھ دستاویزات ہیں، دل کہتا ہےعام انتخابات اسی سال ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دھاندلی کی چھان بین کےلئےقائم عدالتی کمیشن کےآگے کپتان نے ثبوتوں کےڈھیرلگانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ منگل کوثبوتوں کی پہلی کھیپ پیش کریں گے۔

    کراچی کےضمنی الیکشن میں شکست پرعمران خان کاکہنا تھا کہ این اے246پرایم کیوایم کاووٹ بینک ہے،جیتنےپراعتراض نہیں، وہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

    عمران خان نے تحریک انصاف کےپارٹی الیکشن میں دھاندلی پرجسٹس وجیہہ ٹریبونل ختم کرنےپروضاحت کی کہ اس کا کام ختم ہوگیاتھا،

    بنی گالامیں احتجاج کرنےوالوں کومخاطب کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ کے پی کےمیں این ٹی ایس ٹیسٹ کےبغیرکوئی بھرتی نہیں ہوسکتا،حق کےلئےکھڑےہونےاوربلیک میلنگ میں فرق ہے،

    انہوں نے کہا کہ جسٹس(ر)وجیہ الدین سے اختلاف صرف نگراں سیٹ اپ کے معاملے پر ہے جن کا کہنا ہے کہ نئے پارٹی انتخابات تک نگراں سیٹ اپ قائم کیا جائے۔

    عمران خان نے کہا کہ جب تک پارٹی انتخابات کی تاریخ نہیں آتی تب تک نگراں سیٹ اپ کیسے بنایا جاسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جسٹس(ر) وجیہ الدین کی رپورٹ آنے کے بعد الیکشن ٹریبونل کا کام ختم ہوگیا اس لئے اسے تحلیل کیا گیا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی پر ان کا کہناتھا کہ ملک میں کرکٹ کے اسٹرکچر خراب ہے، ہماری کرکٹ بیماری ہے جسے ٹھیک کرنا ہوگا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلرز کے خلاف پوری قوت سے آپریشن ہونا چاہئیے جن کی وجہ سے تاجر برادری ملک چھوڑنے پر مجبور ہے۔

    کراچی کے تاجر خوف کے باعث دوسرے ملکوں کارخ کر رہے ہیں جبکہ کسی پارٹی میں اگر مسلح ونگ موجود ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئیے۔

    اس موقع پر انہوں نے سماجی کارکن سبین محمود اور پروفیسر وحید الرحمان کے قتل کی بھی شدید مذمت کی۔

  • سبین محمود کیس: قتل میں ملوّث اہم ملزم گرفتار، سنسنی خیز انکشافات

    سبین محمود کیس: قتل میں ملوّث اہم ملزم گرفتار، سنسنی خیز انکشافات

    کراچی : سماجی کارکن سبین محمود قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک اہم ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ملزم سے ابتدائی تفتیش کے بعد سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کلفٹن ڈیفنس اور گذری کے علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ایک اہم ملزم کو حراست میں لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے سبین محمود قتل کیس کے حوالے سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں، ملزم کی نشاندھی پر مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ سبین محمود کو دوسال قبل ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ریلی نکالنے کے حوالے سے نامعلوم افراد کی جانب سے قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق بہت جلد پریس کانفرنس کے ذریعے انکشافات اور تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

  • شہر یارمہر فارغ ،خواجہ اظہار الحسن سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

    شہر یارمہر فارغ ،خواجہ اظہار الحسن سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

    کراچی : ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں خواجہ اظہار الحسن کو اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا۔سندھ اسمبلی کےاپوزیشن لیڈرشہریار مہرکو ہٹا نے کانوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرشہریار مہر کو ہٹانے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا۔ ایم کیو ایم کےخواجہ اظہار الحسن کو قائدحزب اختلاف مقررکردیا گیا۔

    خواجہ اظہارکواپوزیشن لیڈر بنانےکی درخواست ایم کیوایم کی جانب سے کی گئی تھی، پارلیمانی لیڈرسردار احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی اورایک اچھی اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

    خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مقصد ہمیشہ سے مخالفت برائے مخالفت نہیں بلکہ مخالفت برائے اصلاح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں گے اورحکومت کے غلط اقدام کی مخالفت اور بہتر فیصلوں کی حمایت کریں گے۔

  • پروفیسروحید الرحمان کے قتل کا مقدمہ درج، فائرآفیسر فائرنگ سے ہلاک

    پروفیسروحید الرحمان کے قتل کا مقدمہ درج، فائرآفیسر فائرنگ سے ہلاک

    کراچی : پولیس نے دستگیر میں جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وحید الرحمان کو دن دہاڑے قتل  کا مقدمہ درج کرلیا  ہے، لانڈھی جیل سے سول اسپتال منتقل کیے جانے والا زخمی قیدی بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔

    پرانی سبزی منڈی کے قریب فائرافسر کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق دستگیر کے علاقے میں آج صبح ڈاکٹر سیدوحیدالرحمان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ جامعہ کراچی جانے کے لئے اپنے گھر سے نکلے ہی تھے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر وحید کو بازو، سر،گردن، کاندھے اور پیٹ میں پانچ گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    واقعے کا مقدمہ پوسف پلازہ تھانے میں ڈاکٹر وحید الرحمان کے رشتے دار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے ۔ دوسری جانب پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم افراد کی فائر نگ سے کار میں سوار ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

    مقتول کی شناخت غلام فرید کے نام سے ہوئی ہے جو لانڈھی فائر اسٹیشن کا فائر افسر تھا۔ لانڈھی جیل سے سلیم نامی قیدی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا جو دوران علاج چل بسا۔

  • مقتول اسسٹنٹ پروفیسر وحیدالرحمٰن کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم کا اظہارافسوس

    مقتول اسسٹنٹ پروفیسر وحیدالرحمٰن کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم کا اظہارافسوس

    کراچی: جامعہ کراچی کےاستاد وحید الرحمٰن المعروف یاسر رضوی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان کی نماز جنازہ  فیڈرل بی ایریا میں ادا کرنے کے بعد یاسین آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، جامعہ کراچی کے علاوہ دیگر جامعات کے اساتذہ اور طلبہ ،صحافیوں اور سیاسی سماجی تنظیموں کے کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ پروفیسر وحید الرحمان صحافت کے پیشے سے بھی وابستہ رہے ۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے جامعہ کراچی کےاستاد وحید الرحمٰن کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم نے کراچی میں پروفیسروحیدالرحمان کےقتل  پر اظہار افسوس کیا اور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

    انہوں نے قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کراچی سےجرائم پیشہ عناصرکےخاتمےکی کوشش کررہی ہے،کراچی میں امن وامان کی صورتحال جلدبہترہوجائےگی۔

    صدر ممنون حسین نے بھی پروفیسر وحید کے قتل کی مذمت کی ہے صدرممنون حسین نے جامعہ کراچی کے استاد اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمٰن عرف یاسر رضوی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم بانٹنے والوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے انسان نہیں ہو سکتے ، انہوں نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔