Author: اعجاز الامین

  • تحریک انصاف بالغ سیاسی جماعت بن چکی ہے، شاہ محمود قریشی

    تحریک انصاف بالغ سیاسی جماعت بن چکی ہے، شاہ محمود قریشی

    ملتان : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کارکن پرویز رشید کو بتائیں کہ تحریک انصاف نا بالغ نہیں بلکہ بالغ جماعت بن چکی ہے۔

    ملتان میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کے مزدور، کسان اور غریب طبقے کی جنگ لڑ رہی ہے۔

    کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات سے ثابت ہو گیا کہ تحریک انصاف پورے ملک کی جماعت جبکہ مسلم لیگ ن صرف ایک صوبے بلکہ دو شہروں تک محدود ہو گئی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کارکن آنے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے ہونے والی حلقہ بندیوں پر نظر رکھیں یہ نہ ہو کہ ن لیگ کے لوگ ضلعی انتظامیہ سے ملک کر حلقہ بندیوں میں قینچی چلا دیں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے روایتی نہیں بلکہ نظریاتی جماعت بننا ہے پیپلز پارٹی کا جب نظریہ ہوتا تھا تو بینظیر بھٹو کے جلاوطن ہونے کے باجود پارٹی زندہ تھی لیکن اب زرداری کے ہوتے ہوئے پارٹی مردہ ہے.

    علاوہ ازیں ورکرز کنونشن کے موقع پر شاہ محمود کی تقریر کے دوران کھانے کے معاملے حسب معمول کارکنان گتھم گتھا ہوگئے اور لنچ باکسز پر ٹوٹ پڑے،  جس کے باعث شاہ محمود قریشی کو اپنی تقریر ادھوری چھوڑ کر  جانا پڑا ۔

  • جاوید ہاشمی مسلسل غلط بیانی کر رہے ہیں، شیری مزاری

    جاوید ہاشمی مسلسل غلط بیانی کر رہے ہیں، شیری مزاری

    اسلام آباد : سینئرسیاستدان جاوید ہاشمی کے بیانات نے تحریک انصاف میں بے چینی پیدا کر دی ہے،تحریک انصاف کے رہنماؤں نے جاوید ہاشمی کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنی ہی جماعت کا دھاندلی زدہ سابقہ صدر قرار دے دیا۔

    جاوید ہاشمی کے پی ٹی آئی مخالف بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شیری مزاری نے کہا کہ جاوید ہاشمی جھوٹ بول رہے ہیں،وہ پارٹی کے ہر فیصلے میں شریک رہے۔

    جاوید ہاشمی اصولوں کی سیاست کی بجائے غلط بیانی کر رہے ہیں۔شیری مزاری نے مزید کہا کہ وہ پارٹی میں عہدوں کے لئے آئی نہ کبھی چیئر مین سے عہدے کی فرمائش کی۔

    پی ٹی آئی کے رہنما ء عمر چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان سے پہلے ہی اختلاف تھا کہ جاوید ہاشمی جیسے دو نمبر شخص کو پارٹی کا صدر کیوں بنایا۔اسٹیبلشمنٹ کی کوکھ سے باغی نہیں داغی پیدا ہوتے ہیں۔

    عمر چیمہ نے الزام عائد کیا کہ جاوید ہاشمی ان کی پارٹی کے دھاندلی زدہ صدر تھے جس کا ثبوت جسٹس (ر) وجیہ الدین کی رپورٹ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جاوید ہاشمی نے پیسے لے کر پارٹی ٹکٹ بھی فروخت کئے۔

  • سینیٹ میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے مرکز کا افتتاح

    سینیٹ میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے مرکز کا افتتاح

    اسلام آباد : سینیٹ میں عوامی مسائل حل کر نے کے لئے پبلک پٹیشن سسٹم قائم کر لیا گیا جہاں شکایات براہ راست بھجوائی جا سکتی ہیں۔
    پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری اور دیگر نے اس نظام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتو ں سے مشاورت کے بعد یہ نظام قائم کیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کا بہتر امیج عوام تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام جمہوری نظام ،پارلیمنٹ اور آئین کا خود دفاع کریں اور پارلیمنٹ پر عوامی اعتماد بحال ہو ۔

    ان کاکہنا تھا کہ عوام براہ راست آن لائن یا ڈاک کے زریعے اپنی شکایات بھجوا سکتے ہیں ۔ان مسائل کو پارلیمانی کمیٹیوں اور حکومت کے زریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ضرورت پر اہم نوعیت کے معاملات ایوان میں بھی زیر بحث لائے جا سکتے ہیں۔

    تقریب ڈپٹی چیئرمین عبدالغفور حیدری،سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق ،قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اس نظام کی حمایت کی۔سینیٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

  • اٹھارہویں اور اکیسویں آئینی ترامیم کیخلاف دائر درخواستوں کی سماعت

    اٹھارہویں اور اکیسویں آئینی ترامیم کیخلاف دائر درخواستوں کی سماعت

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے اٹھارہویں اور اکیسویں آئینی ترامیم کیخلاف دائر درخواستوں کی سماعت میں سوال اٹھایا ہے کہ کیا پارلیمنٹ کی منظور کردہ ترامیم کو کالعدم قرار دینے کیلئے بنیادی ڈھانچے کو وجہ بنایا جاسکتا ہے ؟

    تحصیل دار اور سیکرٹری کی تقرری میں پارلیمنٹ کا کوئی کردار نہیں تو ججوں کی تقرری میں کیوں ہے ؟ کیس کی سماعت چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سترہ رکنی لارجر بینچ نے کی تو مختلف بار ایسوسی ایشنز کے وکیل حامد خان نے ججز تقرری برائے پارلیمانی کمیٹی کے خلاف اپنے دلائل جاری رکھے ۔

    جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ آدھے گھنٹے کی بحث میں اٹھارویں ترمیم منظور کر لی گئی ۔چیف جسٹس نے کہا کہ کیا بنیادی ڈھانچہ کسی ترمیم کو کالعدم قرار دینے کیلئے کافی ہے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ آنے والی نسل سابقہ نسل کی پیروی کرنے کی پابند نہیں ہے ،سیاست دانوں پر اتنا عدم اعتماد ظاہر نہیں کرنا چاہیئے ۔

    ایک سیاست دان نے یہ ملک بنایا ہے ،سیاست دانوں نے آئین دیا ،سیاست دانوں نے ملک چلانے کا نظام دیا ۔ایڈوکیٹ حامد خان نے کہا کہ آئین میں حقوق کا پورا پیراگراف موجود ہے لیکن اگر ان حقوق کو نافذ کرنے کا طریقہ کار ہی نہ ہو تو ایسے حقوق کا کیا فائدہ ؟۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں جوڈیشل ونگ بنائے جانے کا راستہ ہم نے روک دیا ہے ۔دوران سماعت وطن پارٹی کے وکیل بیرسٹرظفر اللہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ انیسویں ترمیم عدالتی کے دباﺅ پر ہوئی ۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ہم نے صرف سفارشات دی تھیں ۔فاضل وکیل نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کیس میں دی گئی تمام سفارشات غیر قانونی تھیں ۔بعد ازاں مزید سماعت آج بدھ تک ملتوی کر دی جبکہ حامد خان آج بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

  • ضرب عضب کے باعث ملک میں استحکام لوٹ آیا ہے،جنرل راحیل شریف

    ضرب عضب کے باعث ملک میں استحکام لوٹ آیا ہے،جنرل راحیل شریف

    راولپنڈی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کابہاولپورکادورہ کیا آرمی چیف نے وہاں پاک فوج کےجوانوں سے ملاقات کی، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جوانوں کےحوصلے کی تعریف کی ۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث ملک میں استحکام لوٹ آیا ہے۔ فاٹا میں دہشت گردوں کا تعاقب کرتے رہیں گے۔

    ان خیالات کا اظہارآرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بہاولپورکےدورے کے موقع پر کیا۔ آرمی چیف نے بہاولپور میں پاک فوج کےجوانوں سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر جنرل راحیل شریف نےدہشت گردی کے خلاف جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث ملک میں استحکام لوٹ آیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف کوششیں کامیابی سےہمکنارہوں گی۔ جنرل راحیل شریف نے واضح کیا فاٹامیں دہشت گردوں کاتعاقب کرتےرہیں گے۔ آرمی چیف نے کہا دہشت گردی کا خاتمہ ہمیشہ کے لئے یقینی بنایا جائے گا۔

  • عوامی فیصلےپرعمران دھاندلی کےالزامات واپس لیں،سعدرفیق

    عوامی فیصلےپرعمران دھاندلی کےالزامات واپس لیں،سعدرفیق

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابی نتائج کے بعد عمران خان کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات واپس لے لینے چاہئیں۔

    یہ باتیں انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے  جوڈیشل کمیشن میں دھاندلی کے کوئی ثبوت جمع نہیں کرائے۔

    ان کا مسئلہ یہ ہے کہ کسی کے ووٹ کو تسلیم ہی نہیں کرتے، عمران خان نے ہمارے خلاف قتل کے جھوٹے مقدمات بنوائے، خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھاکہ عمران خان نے اسمبلی کو جھوٹا اور جعلی کہا اور آج وہ خود اسمبلی میں آکر بیٹھ گئے۔

    عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو پارلیمانی زبان سیکھنی چاہئیے،ان کو سمجھنا چاہئیے کہ سیاست میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سکھانا ہماری ذمہ داری ہے، اور ہم اس ذمہ داری کو پورا کرتے رہیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ این اے 246 کراچی میں عمران خان کو پتہ چل گیا کہ تبدیلی ووٹ سے ہی آتی ہے، کراچی میں عوامی عدالت کا نتیجہ سامنے آگیا۔

  • الگ صوبہ سندھ کے شہری عوام کا مطالبہ ہے،الطاف حسین

    الگ صوبہ سندھ کے شہری عوام کا مطالبہ ہے،الطاف حسین

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ الگ صوبہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کا مطالبہ ہے ۔ ملک میں مزید انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح گراؤنڈ میں ایک بہت بڑے اجتناع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کنٹونمنٹ انتخابات میں ایم کیوایم کی کامیابی پرجناح گراونڈ میں عوام نے جشن منایا اورڈھول کی تھاپ پررقص کیا۔

    الطاف حسین نے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کارکنان اورعوام کوکامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

    الطاف حسین الطاف حسین نےقائم علی شاہ کومخاطب کرتے ہوئے کہا صوبے کا نعرہ سندھ کے شہری علاقوں کےعوام نےلگایا ہے انہوں نے نہیں۔

    الطاف حسین کا کہنا تھاکہ پورے ملک میں مزیدانتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے وزیراعلیٰ شہری سندھ کے مسائل حل کرتے توصوبےکےمطالبےکی ضرورت نہ پڑتی۔

  • بنگلہ دیش سے بد ترین شکست سسٹم کی خرابی ہے، شہریارخان

    بنگلہ دیش سے بد ترین شکست سسٹم کی خرابی ہے، شہریارخان

    لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ  شہریار خان نے  کہا ہے کہ بنگلہ دیش سے صرف ہارے نہیں بلکہ بری طرح ہارے ہیں، انہوں نے بنگلہ دیش سے بدترین شکست کا ذمہ دار سسٹم کو ٹھہرا دیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ بنگلہ دیش سے صرف ہارے نہیں بری طرح ہارے، ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش سے تاریخ کی بدترین شکست ہوئی ،چیئرمین پی سی بی نےکوچنگ، آرگنائزیشن اور فٹنس سمیت سسٹم کو قصور وار ٹھہرادیا۔

    انہوں نے کہا کہ سنیئرز کھلاڑیوں کا دور ختم ہوگیا ہے، نئے خون کو ٹیم میں شامل کرنا ہوگا۔ شہریار خان نےکہا کہ تجربہ کارکھلاڑیوں کو زنگ لگ گیاہے، ٹیم کی بہتری کیلئے سلیکٹرکو سخت فیصلےکرناہونگے۔

    بنگلہ دیش میں شکست کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کاامکان ہے۔ دوسری ٹیموں کی طرح پاکستان ٹیم میں نئے لڑکوں کوموقع نہیں دیاجاتا،انجرڈ کھلاڑی کا متبادل بھی پرانا کھلاڑی ہوتا ہے، اس ٹرینڈ کو بدلناہوگا۔

    شہریار خان نے کہا کہ ہماری شکست کی وجہ بھی یہی خرابیاں ہیں ان پر جلد از جلد قابوپانا ہوگا۔

  • آرنلڈ شوارزنیگر کی فلم میگی کا نیا ٹریلرجاری کر دیا گیا

    آرنلڈ شوارزنیگر کی فلم میگی کا نیا ٹریلرجاری کر دیا گیا

    لاس اینجلس : خوف اوردہشت انگیزمناظرسےبھرپورہالی ووڈ فلم میگی کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیاہے ۔ ہارر فلموں کے شائقین کے لئے خوفنا ک مناظرسے بھرپورفلم میگی کا نیا ٹریلرمنظرعام پرآگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہالی ووڈ کےمشہورایکشن ہیروآرنلڈ شوارزنیگراپنی نئی آنتے والی فلم میگی میں ایک نئےروپ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

    فلم کی کہانی میگی نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو ایک موذی مرض میں مبتلا ہو کرایک خوفنا ک بلا کا روپ دھار لیتی ہے،اس پورے سفرمیں میگی کے والد بیٹی کا سہارا بنتے ہیں۔

    فلم کی دیگر کاسٹ میں ایبی گیل بریسلن، جوئیلی رچرڈسن، ایڈن فلاورزاوردیگرشامل ہیں،ہالی ووڈ فلم میگی آٹھ مئی کو سینما گھروں میں خوف اور دہشت کے سائے پھیلائے گی۔

  • سبی : چاکرروڈ پرموٹرسائیکل بم دھماکہ،4افراد جان سے گئے

    سبی : چاکرروڈ پرموٹرسائیکل بم دھماکہ،4افراد جان سے گئے

    سبی : چاکر روڈ پر زوردار بم دھماکے میں چار افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سبی کے علاقے میں چاکر روڈ پر موٹرسائیکل بم دھماکے میں چار افراد جاں بحق جبکہ تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔

    مذکورہ دھماکہ  روڈ کے کنارے ایک موچی کی دکان کے پاس  کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ  آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    زخمیوں کو سہون اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں میں دو کی حالت انتہائی تشویشناک تھی جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا گیا۔

    دھماکے کے فوری بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔