Author: اعجاز الامین

  • روسی خلائی مشن نے ڈیٹا بھیجنے کا آغاز کردیا

    روسی خلائی مشن نے ڈیٹا بھیجنے کا آغاز کردیا

    ماسکو : 47 سال بعد چاند پر روانہ کیے جانے والے روس کے خلائی مشن لونا 25 نے باقاعدہ ڈیٹا بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیا۔

    جمعہ کو روانہ ہونے والا لونا 25 پانچ روز میں چاند تک پہنچے گا اور مدار میں ایک ہفتہ گزارنے کے بعد چاند کی سطح پر اترے گا۔

    اس حوالے سے روسی خلائی ایجنسی کے مطابق روسی سائنسدانوں نے لونا 25 سے موصول ڈیٹا پر کام کرنا شروع کردیا۔

    لونا25 پانی کی ممکنہ موجودگی معلوم کرنے کے لیے چاند کے قطب جنوبی سے نمونے جمع کرے گا۔

    بھارت کا 14 جولائی کو روانہ ہونے والا مشن چندریان 3 بھی چاند کے مدار میں موجود ہے، بھارت کا مشن چندریان 23 اگست کو چاند کے قطب جنوبی میں اُترنے کی کوشش کرے گا۔

    بھارت اور روس کے خلائی مشن چاند کے قطب جنوبی پر پہلی کامیاب لینڈنگ کے لیے کوشاں ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکہ، چین اور روس کوئی بھی اب تک چاند کے قطب جنوبی میں کامیاب لینڈنگ نہیں کر سکا ہے۔

    یاد رہے کہ روس نے 47 سال بعد 11 اگست کو اپنا خلائی مشن چاند پر روانہ کیا تھا، اس سے پہلے روس نے 1976 میں لونا 24 چاند پر بھیجا تھا جو چاند کی سطح سے 170 گرام مٹی لایا تھا۔

  • 11سال کی عمر سے ٹینس کھیلنا شروع کیا، اُشنا سہیل

    11سال کی عمر سے ٹینس کھیلنا شروع کیا، اُشنا سہیل

    کراچی : پروفیشنل ٹینس سرکٹ میں کھیلنے والی پاکستان کی واحد ٹینس اسٹار اُشنا سہیل دنیا بھر میں گزشتہ 16 سال سے پاکستان کی نمائندگی کررہی ہیں۔

    اشنا سہیل کو ملائیشیا میں تقریب کے دوران ایوارڈ سے نوازا گیا، خاتون ٹینس اسٹار اُشنا سہیل انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے کمٹمنٹ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔

    اشنا سہیل کو ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں بلی جین کنگ کپ ٹینس ٹورنامنٹ کی تقریب میں ایوارڈ سے نوازا گیا جو عالمی سطح پر ان کی بہترین صلاحیتوں کا اعتراف بھی ہے، انہیں پاکستان کیلئے سب سے زیادہ سنگلز، ڈبلز مقابلے جیتنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں بحیثیت مہمان گفتگو کرتے ہوئے اشنا سہیل نے اپنی جدجو جہد کے بارے میں ناظرین کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ ٹینس اسٹار اعصام الحق ہمارے قریبی عزیزوں میں سے ہیں۔

    اسی لیے مجھے اسپورٹس کے حوالے سے مکمل سپورٹ ملی اور شادی کے بعد بھی میرے شوہر نے بھی مکمل تعاون کیا جس کی وجہ سے آج میں اس قابل ہوں اور رواں سال مجھے ایشیئن گیمز میں بھی شرکت کرنی ہے۔

    اشنا سیہل نے بتایا کہ میں نے 11سال کی عمر سے ٹینس کھیلنا شروع کیا اپنے والد کے ساتھ ٹینس کلب جایا کرتی تھی اور ٹی وی پر انٹرنیشل میچز دیکھ کر میرا شوق مزید بڑھتا گیا۔

  • فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ دراصل ایک قتل کا معمہ تھی؟

    فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ دراصل ایک قتل کا معمہ تھی؟

    بھارت کی مشہور زمانہ فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ جو آج سے 25 سال قبل بنائی گئی اپنی کہانی اور خوبصورت گیتوں کی بدولت آج بھی فلم بینوں کی پسندیدہ فلم شمار کی جاتی ہے۔

    مذکورہ فلم کی کہانی دو ہیروئنوں اور ایک ہیرو راہول (شاہ رخ خان) انجلی (کاجول دیوگن) اور ٹینا (رانی مکھر جی) پر مشتمل ہے جس میں ٹینا کی شادی راہول سے ہوجاتی ہے اور اس کی اپنی بیٹی کی پیدائش کے کچھ دن بعد ہی موت واقع ہوجاتی ہے۔

    اسی بات کے پیش نظر ایک سوشل میڈیا صارف نے اس فلم کی کہانی پر سوال اٹھایا اور اپنی ویڈیو میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ دراصل ایک قتل کا معمہ تھی۔

    KKHH

    صارف کرن میرچندانی نے انسٹاگرام پر اس فلم کے بارے میں اپنا تاثر شیئر کیا اور بتایا کہ وہ ایسا کیوں سوچتے ہیں کہ ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ دراصل ایک قتل کا معمہ تھا۔

    صارف کا ویڈیو میں کہنا ہے کہ فلم کو "ہائی اسکول رومانس” کے طور پر دکھایا گیا ہے لیکن یہ دراصل پراسرار قتل کا ایک دلچسپ معمہ ہے کیونکہ یہ حل نہ ہونے کے برابر ہے۔

    کرن میرچندانی نے اپنے مؤقف کی مشکوک انداز میں کہانی کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لڑکی ہے جسے اپنی ماں کی طرف سے آٹھ خطوط موصول ہوتے ہیں، جو اس کی پیدائش کے بعد پراسرار طور پر مرگئی اور یہ آٹھ خطوط پراسرار طور پر لکھے گئے تھے، جس میں اس نے اپنی بیٹی کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کی کہ اس کے شوہر یعنی بچی کے باپ راہول کو اپنے ہائی اسکول کی ایک لڑکی انجلی جس سے وہ بہت محبت کرتا ہے اسے ملانے کی ضرورت ہے۔

    اسی بات کو بنیاد بنا کر صارف نے ماں (ٹینا) کے حقیقی ارادوں پر سوال اٹھایا ہے جس نے قیاس کیا تھا کہ اس بچی کی ماں نے ہی اسے خط لکھے تھے، صارف کے مطابق اس پورے منصوبے کے پیچھے راہول اور انجلی ہی ماسٹر مائنڈ تھے۔

    صارف نے ویڈیو میں یہ بھی بتایا کہ ’انجلی اور راہل‘ اس فلم میں قتل کے ماسٹر مائنڈ کیوں تھے؟ صارف نے کہا کہ یہ دونوں کس طرح سے منظر میں آئے اور ہائی اسکول میں ٹینا سے ملے چونکہ ٹینا ایک امیر خاندان سے تعلق رکھتی تھی جس کی وجہ سے دونوں کو ایک ماسٹر پلان بنانے کا خیال آیا۔

    کرن میر چندانی نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ اس سوچے سمجھے منصوبے میں کیا راہول اور انجلی نے سوچا تھا کہ راہول ٹینا سے شادی کرسکتا ہے اور پھر وہ پراسرار طور پر مر بھی کرسکتی ہے۔

    ٹینا کی موت کے بعد اس سازش میں صرف ایک ہی رکاوٹ تھی وہ تھی ٹینا کی بیٹی جس کا نام بھی خود ٹینا نے انجلی رکھا تھا، صارف حیران ہے کہ کیا یہی وجہ تھی کہ جرم میں دو شراکت داروں نے ایک مکمل فرضی رومانس ترتیب دیا تاکہ بچی کو بھی اپنے اس منصوبے میں شامل کیا جاسکے۔

    سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد کرن میرچندانی کی اس وضاحت سے متاثر ہوئی اور اس کی حمایت میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ اب آپ اپنے کمںٹس میں ہمیں بتائیں کہ آپ اس نظریے کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟۔

  • پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے سیٹیں مانگ لیں، ذرائع

    پیپلزپارٹی نے ن لیگ سے سیٹیں مانگ لیں، ذرائع

    کراچی : پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں سیٹیں مانگ لیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ بھی یہی دونوں جماعتیں فائنل کریں گی۔

    ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے کچھ حلقوں میں ن لیگ کو اس کے امیدوار کھڑے نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس میں گیلانی خاندان، پرویزاشرف، قمرزمان کائرہ، ندیم افضل چن کے حلقےشامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ رہنماؤں کی ملاقاتوں میں نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی، پیپلزپارٹی نگراں وزیر اعظم کے لیے مشترکہ نام دینے پر زور دے رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں قومی اسمبلی وقت سے پہلے تحلیل کرنے پر بھی مشاورت کی جائے گی، دونوں جماعتیں الیکشن تاریخ بھی اسی ملاقات کے دوران فائنل کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ مشاورت کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جس کے بعد مولانا فضل الرحمان بھی مشاورت کا حصہ بنیں گے۔

    اس سلسلے میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے مزید رہنماؤں کی دبئی روانگی کا قوی امکان ہے، جن میں حمزہ شہباز ،احسن اقبال، سعد رفیق، ایاز صادق، امیر مقام خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، شیریں رحمان، نوید قمر، یوسف رضا گیلانی کی دبئی روانگی کا امکان ہے۔

  • پرویزالہی کی ضمانت منظور، ایک اور مقدمہ درج

    پرویزالہی کی ضمانت منظور، ایک اور مقدمہ درج

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی ضمانت منظور ہونے کے بعد ایک نئی مشکل میں پھنس گئے۔ ایف آئی اے میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے مقدمے کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد ان کی ضمانت منظور کرلی۔

    عدالت کے جج علی رضا نے چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا اور چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

    ایف آئی اے میں ایک اور مقدمہ درج

    بعد ازاں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے خلاف ایف آئی اے حکام نے ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ان کیخلاف مقدمہ اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں درج ہوا، درج مقدمے میں ان کے صاحبزادے مونس الہٰی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ کیس میں پرویزالہی کو گرفتارکر لیا جائے گا ان کو کیمپ جیل میں اینٹی منی لانڈرنگ سرکل ٹیم گرفتارکرے گی۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو عدالتوں سے ضمانتیں ہونے کے بعد متعدد مرتبہ مختلف مقدمات میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • سفاک ماں نے نومولود بچے کو پیرا سیٹا مول کھلا کر مار ڈالا

    سفاک ماں نے نومولود بچے کو پیرا سیٹا مول کھلا کر مار ڈالا

    بکنگھم : سفاک ماں نے اپنے نوزائیدہ بچے کو تڑپا تڑپا کر بے دردی سے قتل کردیا، ایسی تفصیلات سامنے آئیں کہ روح تک کانپ اٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں 19 سالہ سفاک ماں نے بربریت کی انتہاء کرتے ہوئے اپنے 38 دن کے بچے کی ہڈیاں توڑ کر اسے موت کے گھاٹ اتار ڈالا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

    بڈلسڈن بکنگھم شائر کی 19 سالہ ایلی جیکبز نے رواں ماہ کے آغاز میں 5 ہفتے کی عمر کے بچے آرچی جیکبز پر بہیمانہ تشدد اور ضرورت سے زیادہ پیرا سیٹامول کی مقدار دے کر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد اسے پانچ سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملزمہ ایلی جیکبز نے اپریل 2020 میں ایک بیٹے کو جنم دیا تھا جب وہ 16 سال کی تھی۔

    ایلی جیکبز کا دوست جے مذکورہ بچے کی پیدائش سے قبل ہی ایلی کو چھوڑ کر چلا گیا تھا اور وہ اپنی والدہ سارہ جیکبز کے ساتھ رہائش پذیر تھی وہ بھی مئی 2020 میں ایک سڑک حادثے میں انتقال کر گئیں۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ مرنے والے آرچی کے بارے میں 5 جون کو ایمرجنسی نمبر پر کال کرکے بتایا گیا کہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث بچہ ہلاک ہوا اور اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

    بعد ازاں بچے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا جس میں ایسے حیران کن انکشافات ہوئے کہ اس کی موت کی وجہ پیراسیٹامول کی ضرورت سے زیادہ مقدار تھی۔

    مقدمے کی تفتیش کرنے والے افسر کا کہنا ہے کہ یہ ایک المناک کیس ہے مجھے خوشی ہے کہ مقدمے کی سماعت کے دوران ایلی جیکبز نے آخرکار اپنے جرم کا برملا اعتراف کرلیا ہے۔

  • پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے جسٹس مظاہر نقوی کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے جسٹس مظاہر نقوی کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا

    اسلام آباد : پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان نے جسٹس مظاہر علی نقوی سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی اے سی نورعالم خان کی زیرصدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

    اجلاس میں پی اے سی کے13ارکان نے متفقہ طور پر جسٹس مظاہر علی نقوی کی آمدن اور اثاثوں کی جانچ پڑتال کی اجازت دے دی جبکہ سینیٹر محسن عزیز نے اس چھان بین کی مخالفت کی۔

    اس موقع پر چیئرمین پی اے سی نورعالم خان نے کہا کہ یہ جسٹس مظاہر یا کسی ایکس وائی کا ایشو نہیں، یہ کرپشن کا ایشو ہے اس لیے کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔

    نور عالم خان کا کہنا تھا کہ میری بہن، بیٹی اور بچوں کے بھی اثاثے آمدن سے زائد ہیں تو پیچھا کروں گا،انہوں نے خبر دار کیا کہ آئندہ اجلاس میں کسی نے اجلاس میں عدم شرکت کی تو سمن جاری کروں گا۔

    مسلم لیگ (ن) کے رکن شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ اگر کسی کے دماغ میں ابہام ہے تو وہ نکال دے، چیئرمین پی اے سی یہ معاملہ ٹیک اپ کرسکتے ہیں، اس کی وجہ سے ملک کو ریونیو کا بھی نقصان ہورہا ہے۔

    بعد ازاں پی اے سی نے15 دن میں جسٹس مظاہر علی نقوی سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کر لیا، کمیٹی نے جسٹس مظاہر نقوی کی سفری معلومات بھی طلب کرلیں۔

    نورعالم خان نے ہدایات دیں کہ چیئرمین نادرا جسٹس مظاہر نقوی کی فیملی کا پورا ڈیٹا اس کے علاوہ ایف بی آر بھی جسٹس مظاہر نقوی کے اثاثوں اور ٹیکس کی تفصیلات فراہم کرے۔

    نور عالم نے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ 15دن میں جسٹس مظاہر نقوی کے پلاٹس کی تفصیلات دیں،
    محکمہ ایکسائز جسٹس مظاہر نقوی اور ان کے خاندان کی جانب سے پلاٹس کی خریدوفروخت کی تفصیلات دیں۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزير ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھایا اور ان کا کہنا تھا کہ جسٹس مظاہر نقوی پر سنگین الزامات ہیں، انگلیاں اٹھ رہی ہیں، قومی اسمبلی کو اس اہم ایشو پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، جسٹس مظاہر نقوی کو اپنے اثاثے اور ذرائع آمدن بتانے چاہئیں۔

  • امام الحق نے فتح کے باوجود قومی ٹیم کی بڑی خامی بیان کردی

    امام الحق نے فتح کے باوجود قومی ٹیم کی بڑی خامی بیان کردی

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز امام الحق نے نیوزی لینڈ سے سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کی کمزوری کی نشاندہی کردی انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہماری مڈل اوورز کی بولنگ کمزور ہے، ہمارے اسپنرز وکٹ نہیں لے پارہے۔

    پاک نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے امام الحق نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں تفصیلی گفتگو کی۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچز میں ہم اچھی فیلڈنگ نہیں کررہے تھے، آج ہم نے اچھی فیلڈنگ کی اور اس میں مزید بہتری لانا ہے، ہم فیلڈنگ بہتر کرلیں گے تو اہم موقع پر کیچ نہیں چھوڑیں گے۔ اب زیادہ چینجز نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارے پاس میچز کم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہماری مڈل اوورز کی بولنگ کمزور ہے، ہمارے اسپنرز وکٹ نہیں لے پارہے ، ہمیں اسپن ڈپارٹمنٹ میں بہتری لانی پڑے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سنچری نہ کرنے کا افسوس ہوتا ہے لیکن مجموعی طور پر پاکستان کے جیتنے کی خوشی ہے، میری یہی خواہش ہے کہ ٹیم کی جیت میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں۔

    امام الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے جب کھیلتے ہیں تو پریشر تو ہوتا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کے ہونے سے ٹیم میں مقابلہ بڑھ جاتا ہے، اب ہم دونوں اوپنرز100کے اسٹرائیک ریٹ سے اوپر کھیل رہے ہیں۔

    Image

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آج کی کنڈیشن کافی مختلف تھی، اگر آج ہم تھوڑا اور اچھا کھیلتے تو300 رنز سے اوپر جاسکتے تھے۔

    قومی بلے باز نے کہا کہ فخر زمان اور بابر اعظم کے ساتھ کھیلنا تھوڑا مختلف ہے، بابر بہت بولتا ہے جبکہ فخر زمان خاموش رہتا ہے، بابر سے اچھی دوستی ہے لیکن فخر کے ساتھ بھی مزہ آتا ہے۔

  • حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی

    حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کردی

    حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے ایکسپورٹ سیکٹرز کو گیس پر دی جانے والی سبسڈی ختم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پانچ ایکسپورٹ سیکٹرز کو گیس پر 80 ارب روپے کی سبسڈی ختم کردی، سوئی نادرن نے یکم مئی سے سبسڈائزڈ گیس کی فراہمی ختم کرنے کا نوٹفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایکسپورٹ سیکٹر کو9 ڈالر پر آر ایل این جی کے ریٹ پر سپلائی ختم کردی گئی، وفاقی حکومت سالانہ80ارب سے زائد گیس پرسبسڈی ادا کررہی تھی۔

    حکم نامے کے مطابق یکم مئی سے تمام ایکسپورٹس سیکٹرز پر اوگرا کے منظورکردہ ریٹ نافذ کردیئے گئے، ایکسپورٹس سیکٹرز کو آر ایل این جی پر4ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافی ادا کرنا ہونگے۔

    آئی ایم ایف اور دیگر شعبوں کی جانب سے کیے گئے مطالبے کے بعد وفاقی حکومت نے مذکوہ مراعات کا سلسلہ ختم کردیا۔ واضح رہے وفاقی حکومت سالانہ 80 ارب سے زائد گیس پر سبسڈی ادا کر رہی تھی۔

  • کراچی میں بارش کا سلسلہ شروع، موسم خوشگوار

    کراچی میں بارش کا سلسلہ شروع، موسم خوشگوار

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد شہر بھر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔

    اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مغربی ہواؤں کے کم دباؤ کا سسٹم فعال ہوگیا ہے جس کے سبب مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عزیز آباد، فیڈرل بی ایریا، اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اوردیگر ملحقہ علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش، موسم خوشگوار - Pakistan - Dawn  News

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، اس دوران شہر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔