Author: اعجاز الامین

  • جی ایس پی پلس:پاکستانی ایکسپورٹرزڈیڑھ ارب ڈالرکی برآمدات بڑھاسکتے ہیں

    جی ایس پی پلس:پاکستانی ایکسپورٹرزڈیڑھ ارب ڈالرکی برآمدات بڑھاسکتے ہیں

    وزارت تجارت کے مشیر مجیب خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کادرجہ ملنے کے بعد پاکستانی ایکسپورٹرز رواں مالی سال کے اختتام تک ڈیڑھ ارب ڈالر کی برآمدات بڑھاسکتے ہیں۔

    کراچی میں ٹی ڈی اے پی کے تحت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجیب خان نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کے معیار اور ضابطوں پر اترنے کیلئے انفراسٹرکچر، توانائی، امن وامان اورٹیکنالوجی کے میدان میں چیلنج کا سامنا ہے، تاہم پاکستان کے لئے دس سال تک جی ایس پی پلس تک فائدہ اٹھانے کے مواقع موجود ہیں ۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایک ہزار سے زائد ٹیکسٹائل اور دیگر مصنوعات یورپی ممالک کو ایکسپورٹ کرسکتا ہے جس کیلئے ہمیں پلاننگ کرنا ہوگی، ترقی پذیر ممالک کی زراعت، ٹیکسٹائل اور سمندری غذا برآمدی صنعت ہیں، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو تین سالوں میں انسانی حقوق، لیبر قوانین، ماحولیات اور نارکوٹکس سمیت کرپشن کے حوالے سے یورپی یونین کے پیمانوں کا خیال رکھنا ہوگا۔

    سیکریٹری ٹی ڈی اے پی رابعہ جویری کا کہنا تھا کہ جی ایس پی کی آگاہی اور سہولت کیلئے ٹی ڈی اے پی ہیڈ آفس کراچی میں ایک ڈیسک کا قیام کیا گیا ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ جی ایس پی کا فائدہ اٹھانے کے لیے توانائی کا مسئلہ ترجیہی بنیادوں پرحل کرنا ہوگا۔

     

  • کراچی ایکسپو سینٹر میں انجینئرنگ مصنوعات کی تین روزہ نمائش کاآغاز

    کراچی ایکسپو سینٹر میں انجینئرنگ مصنوعات کی تین روزہ نمائش کاآغاز

    انجینئرنگ مصنوعات اور خدمات کی تین روزہ نمائش این ٹیک کا کراچی ایکسپو سینٹر میں آغاز ہو گیا ۔ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے نمائش کا افتتاح کیا۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرفاروق ستارکا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت اس لیے مستحکم نہیں ہوسکی کیونکہ ملک کے انجینئرنگ شعبے کو کبھی حقیقی اہمیت نہیں دی گئی۔ یہ نمائش ملک کی حقیقی ترقی کیلئے پہلا قدم ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ اینٹیک نمائش انجینئرنگ شعبے کے پیشہ ور افراد اورطلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔ انسٹی ٹیوشن آف انجینئرزکے چئیرمین انجینئر فرحت عادل نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اس لیے اسے قابل بھروسہ معاشی اور انجیئرنگ سلوشن درکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ این ٹیک نمائش میں میں تعمیرات، عمارتی سامان، آلات، پیشہ ورانہ خدمات، ٹیکنالوجی، ہارڈویئر مصنوعات پیش کی جائیں گی۔

     

  • سکھر:بینظیربھٹو کی برسی، پیدل قافلے گڑھی خدا بخش کیلئے روانہ

    سکھر:بینظیربھٹو کی برسی، پیدل قافلے گڑھی خدا بخش کیلئے روانہ

    سکھرسے پیپلز پارٹی کے رہنما ارسلان شیخ کی قیادت میں اسی افراد پرمشتمل قافلہ گڑھی خدابخش کے لئے روا نہ ہوگیا جو کل محترمہ بے نظیربھٹو کے مزار پر پہنچ کرحاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے ۔

    اس موقع پرکا رکنان کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو آج ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن عوام کے دلوں میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گی کیو نکہ انکی لا زوال قربانیوں اورکوششوں سے پا کستان ترقی کی راہوں پرگا مزن ہے اوراسی عقیدت اور جذبے کے تحت وہ پیدل قافلے کی صورت میں گڑھی خدابخش کے لئے روانہ ہو رہے ہیں۔

  • سوئی سدرن گیس کمپنی نے  گیس فراہمی کافی کم کردی،ترجمان کے ای ایس سی

    سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس فراہمی کافی کم کردی،ترجمان کے ای ایس سی

    کراچی الیکٹریک سپلائی کمپنی کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے کے ای اسی سی کو کو گیس فراہمی کافی کمی کر دی ہے۔ کمپنی کے مطابق گیس کی فراہمی ایک سو پچاس میگاواٹ سے کم ہوکر اٹھاسی ایم ایم ایف سی ڈی پر آگئی ہے ۔

    کے ای ایس سی کے مطابق گیس کی سپلائی میں کمی کے باعث پیداواری صلاحیت شدید متاثر ہورہی ہے۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق ایس ایس جی سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور امید ہے کہ گیس پریشر میں بہتری آتے ہی گیس کی سپلائی بھی بہتر ہوجائے گی ۔

    کے ای ایس سی کی پیداواری صلاحیت کم ہونے کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانئے میں اضافہ ہوگیا ہے۔ناظم آباد بلاک ایل میں گذشتہ چھ گھنٹے سے بجلی بند ہونے کے باعث مکینوں نے احتجاج کیا غریب آباد کے علاقے میں بجلی،پانی اور گیس کی لوڈ شنڈنگ کے خلاف مکینوں کا احتجاج کیا اور روڈ بلاک کردیا۔

  • میلبورن ٹیسٹ:انگلینڈ نے 6 وکٹوں پر 226 رنزبنالئے

    میلبورن ٹیسٹ:انگلینڈ نے 6 وکٹوں پر 226 رنزبنالئے

    میلبورن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں چھ وکٹوں پر دو سو چھبیس رنز بنالئے ہیں۔ پہلے روز ریکارڈ نوے ہزار سے زائد افراد نے میچ دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔

    انگلینڈ کا ایشیز سیریز کا چوتھے ٹیسٹ میں پھر سے امتحان شروع ہوگیا ہے۔ میلبور ن میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس آسٹریلیا نے جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہمان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اڑتالیس کے مجموعی اسکورپرکپتان ایلسٹر کک پویلین لوٹ گئے۔

    کک نے ستائیس رنزبنائے۔ مائیکل کیربیری اڑتیس رنزبناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ جو روٹ بھی زیادہ دیر تک آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکے اور چوبیس رنزبناکر آؤٹ ہوگئے۔

    کیون پیٹرسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، وہ سرسٹھ رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔ پہلے روز کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے چھ وکٹوں پر دو سو چھبیس رنز بنالئے ہیں۔ ریان ہیرس اور مچل جونسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلے روز ریکارڈ نوے ہزار سے زائد افراد نے میچ دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔

  • ملالہ یوسف زئی نےپاکستان سری لنکاکامیچ اسٹیڈیم آکردیکھا

    ملالہ یوسف زئی نےپاکستان سری لنکاکامیچ اسٹیڈیم آکردیکھا

    ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان چوتھا ون ڈے ملالہ یوسف زئی نے بھی اسٹیڈیم میں دیکھا اور پاکستان کی جیت پر ٹیم کو خوب داد بھی دی۔

    پاکستان میں بچوں اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوشاں ملالہ یوسف زئی بھی کرکٹ کی دلدادہ نکلیں وہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان چوتھے ون ڈے کو دیکھنے کے لیے ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں موجود تھیں اور میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی پر انھیں تالیاں بجاکر داد بھی دیتی رہیں۔ ان کی موجودگی میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز بھی جیت لی۔

     

  • پاکستان نے رواں سال سات ون ڈے سیریزجیتنے کا اعزازحاصل کیا

    پاکستان نے رواں سال سات ون ڈے سیریزجیتنے کا اعزازحاصل کیا

    ابوظہبی میں سری لنکا کو شکست دے کر پاکستان رواں سال ون ڈے میں سب سے زیادہ سات سیریز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے تو بند ہیں لیکن قومی ٹیم غیر ملکی سرزمین پرکامیابیوں کے جھنڈے ضرورگاڑرہی ہے۔ 

    پاکستان نے دوہزارتیرہ میں ون ڈے سیریز کا آغاز روایتی حریف بھارت کے خلاف کامیابی کے ساتھ کیا۔ اسکاٹ لینڈ اورآئرلینڈ کمزور ٹیمیں رہیں لیکن ان کے خلاف بھی پاکستان سرخرورہا۔ جس کے بعد کالی آندھی کہلانے والی ویسٹ انڈین ٹیم کو ان کی سرزمین پر تین ایک سے مات دی۔ 

    ویسٹ انڈیز کے بعد زمبابوے کو تین میچز کی سیریز میں گرین شرٹس نے اپنا نشانہ بنایا۔ جنوبی افریقہ بھی قومی ٹیم کے عتاب سے نہ بچ پائی۔ پاکستانی شاہینوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخ ساز فتح سمیٹی اور پروٹیز کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بھی بن گئی۔

    پاکستان نے دوہزار تیرہ کا اختتام سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں جیت کے ساتھ کردیا ہے۔ رواں سال پاکستان ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ سات سیریز جیتنے والی ٹیم بھی بن گئی۔

     

  • ابوظہبی:پانچواں ون ڈے،شاہد آفریدی  ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے

    ابوظہبی:پانچواں ون ڈے،شاہد آفریدی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے

    اسٹارآل راؤنڈرشاہد آفریدی بیٹی کی طبیعت خراب ہونے کے باعث دبئی سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ آفریدی سری لنکا کے خلاف پانچویں ون ڈے میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پانچواں ون ڈے کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

    اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی بیٹی کی طبیعت کی ناسازی کے باعث دبئی سے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ وہ سری لنکا کے خلاف آخری ون ڈے میں ایکشن میں دکھائی نہیں دے سکیں گے۔ پاکستان سیریز میں پہلے تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکا ہے۔

     

  • ون ڈے سیریزمیں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،مصباح الحق

    ون ڈے سیریزمیں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،مصباح الحق

    پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ ٹیم ورک کی وجہ سے سیریز جیتی ہے۔ اینجلو میتھیوز کہتے ہیں انکی ٹیم ہر شعبہ میں ناکام رہی۔ مین آف دی میچ محمد حفیظ شاندار کارکردگی اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔

    گرین شرٹس ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ نے شاندار پرفارمنس دکھائی۔۔ دیگر کھلاڑیوں نے بھی بھرپور محنت کی اور سیریز جیت گئے۔

    مصباح الحق سری لنکن ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیو نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی۔

    آخری میچ جیتنے کیلئے سردھڑ کی بازی لگائیں گے ساٹ اینجلو میتھیوز مین آف دی میچ محمد حفیظ کے مطابق وہ ظہیر عباس کا ریکارڈ برابر کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔

      پروفیسر حفیظ کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انھیں مشکلات درپیش رہیں مگر محنت رنگ لائی۔

     

  • قدرمیں کمی کاسلسلہ جاری،ڈالر105روپے20پیسےکاہوگیا

    قدرمیں کمی کاسلسلہ جاری،ڈالر105روپے20پیسےکاہوگیا

    روپےکے مقابلےمیں ڈالرکی قدرمیں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہےجس کے بعد ڈالر تین ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے قرضے کی رقم ملنے کے بعد ڈالر کی قدرتین ماہ کی کم ترین سطح پرآگئی۔

    کرنسی ڈیلرزکے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی نسبت امریکی ڈالر قدر میں ایک دم تیس پیسےکمی سےایک سو پانچ روپے بیس پیسے کاہوگیا جس کے اثرات اوپن کرنسی مارکیٹ پربھی مرتب ہوئے جہاں روپےکی نسبت ڈالر کی قدر تیس پیسےمزید کمی سےایک سو پانچ روپے بیس پیسے ہوگئی۔ اس طرح ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کی قدر یکساں ہوگئی ہے۔