Author: اعجاز الامین

  • احمد شہزاد اورمحمد حفیظ نے شاندار کھیل پیش کیا، مصباح الحق

    احمد شہزاد اورمحمد حفیظ نے شاندار کھیل پیش کیا، مصباح الحق

    پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے شاندار کارکردگی دکھائی، سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیم کی پرفارمنس مایوس کن رہی، بڑے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو اچھا آغاز درکار ہوتا ہے جو نہ مل سکا
    شارجہ میں میچ جیتنےپر پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی پر بہت خوش ہوں، احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے شاندار کھیل پیش کیا۔ عمر گل نے عمدہ کم بیک کرکے ثابت کردیا کہ وہ ایک اچھا بولر ہے۔  مصباح الحق سری لنکن کپتان ایجلو میتھوز کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی، بڑے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو اچھا آغاز درکار ہوتا ہے جو نہ مل سکا، اگلے میچ میں کم بیک کریں گے ۔ پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں ایک سو تیرہ رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی ہے۔ عمر گل کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر اے آر وائی گولڈ بار دی گئی

     

  • پہلے پانچ ماہ میں 280 ارب روپے سے زائد مالیت کے نوٹ چھاپے گئے

    پہلے پانچ ماہ میں 280 ارب روپے سے زائد مالیت کے نوٹ چھاپے گئے

    موجودہ حکومت نے یکم جولائی 2013ء سے 29 نومبر 2013ء تک 280 ارب روپے سے زائد مالیت کے نوٹ چھاپے ، وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق اسٹیٹ بنک نے ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران مذکورہ تعداد میں نوٹ چھاپے ۔

    حکام کے مطابق گزشتہ 3 سالوں کے دوران افغانستان کے راستے ساڑھے 15 ارب روپے سے زائد مالیت کے سامان تجارت کی اسمگلنگ ہوئی ، اعدادوشمار کے مطابق 2010-11ء میں 5 ارب 50 کروڑ 18 لاکھ، 2011-12ء میں 4 ارب 90 کروڑ 47 لاکھ اور 2012-13ء کے دوران 5 ارب 32 کروڑ 88 لاکھ روپے سے زائد کی سامان تجارت کی اسمگلنگ ہوئی، اس کے سدباب کیلئے کسٹم حکام نے اپنی کوششیں تیزکردی ہیں

     

  • سیمنٹ کی مقامی صنعتوں کی شرح ترقی0.30 فیصد کا اضافہ

    سیمنٹ کی مقامی صنعتوں کی شرح ترقی0.30 فیصد کا اضافہ

    رواں مالی سال 2013-14ء کے پہلے پانچ ماہ(جولائی تا نومبر 2013ء )کے دوران سیمنٹ کی مقامی صنعتوں کی شرح ترقی0.30 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ، آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق رواں سال نومبر کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 8.61 فیصد اضافہ جبکہ ملکی برآمدات میں 12.84 فیصد کمی واقع ہوئی ۔

    مقامی کھپت میں ہونے والا نمایاں اضافہ کی وجہ سے ایک ماہ کے دوران صنعتوں کی شرح ترقی میں 3.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ انڈسٹری کی فروخت 13.167 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 13.127ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا تھا۔

     

  • توانائی کے بغیر تجارتی مراعات بے معنی ہیں,صدرایف پی سی سی آئی

    توانائی کے بغیر تجارتی مراعات بے معنی ہیں,صدرایف پی سی سی آئی

    وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی ) کے صدر زبیراحمد ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی اقتصادی سمت درست ہو رہی ہے ، جس سے کاروباری برادری کے حوصلہ میں اضافہ ہو اہے اور دنیا بھر میں مثبت پیغام جا رہا ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں برآمدی صنعت کو گیس کی سپلائی بحال کرنے سے جی ایس پی پلس کی تجارتی رعایت سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملنے کے علاوہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور برامدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال بہتر ہو گی، انہوں نے زور دیا کہ گردشی قرضہ کا خاتمہ وقت کی ضرورت تھا کیونکہ یہ ملکی ترقی اورتوانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے راستہ میں بڑی رکاوٹ تھاتاہم توانائی کے بغیر تجارتی مراعات بے معنی ہیں اسلئے حکومت اس شعبہ کو بھرپور توجہ دے جبکہ برامدی صنعتی یونٹ بھی اپنی استعداد میں اضافہ اور افرادی قوت کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں

     

  • کراچی آپریشن جاری، پھربھی ہائی پروفائل کلنگ کیسز معمہ

    کراچی آپریشن جاری، پھربھی ہائی پروفائل کلنگ کیسز معمہ

    کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران دس ہزار سے زائد ملزمان کی گرفتاری کادعویٰ کیا گیا ہے۔ مگر چند ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔

    شہر قائد میں پولیس اور رینجرز جرائم کے خاتمے کیلئے پرعزم تو لگتی ہے،کامیاب نہیں،کیونکہ سینکڑوں چھاپوں میں جن درجنوں ملزمان کو گرفتار کیاگیا ان میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث ہیں یا صرف شک کی بنیاد پر دھر لئے گئے ہیں جبکہ ٹارگٹ کلنگ کے کئی اہم کیسز اب بھی پولیس کے سر کا درد بنے ہوئے ہیں۔

    مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ دیدارجلبانی کو محافظ سمیت یونیورسٹی روڈ پر نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا اور اسی روز نارتھ ناظم آباد میں2مراکشی علما سمیت تبلیغی جماعت کے 3اراکین بے دوردی سے قتل کردیئے گئے،قاتل کون تھے کئی روز گزر جانے کے باوجود ملزمان کی گرفتاری کیوں عمل میں نہیں آسکی سوال اپنی جگہ قائم ہے۔  کئی ماہ گزر گئے۔ نیوٹاون میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے شیخ الحدیث مولانا اسلم شیخوپوری کے قاتلوں کا بھی سراغ نہ مل سکا۔ ڈیفنس میں قتل کی جانے والی تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قاتل بھی تاحال نامعلوم ہیں۔

    شہر میں سیکورٹی اداروں کے متحرک ہوتے ہی دہشتگردی وقتی طور پر تھم جاتی ہے مگر اچانک قاتل موت بانٹنا شروع کردیتے ہیں۔ رواں سال لیاری سے تعلق رکھنے والے ظفر بلوچ اور کئی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان کو سرعام قتل کیا گیا مگر تفتیش میں پیشرفت اور اہم ملزمان کی گرفتاری صفر بٹا صفرہے۔

     

  • لاہور:حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کاعرس مبارک شروع

    لاہور:حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کاعرس مبارک شروع

    شیخ سیّد ابو الحسن علی ہجویری رحمتہ اللہ علیہ المعروف داتا گنج بخش کا نو سو سترواں عرس لاہور میں شروع ہو گیا۔ عرس تین دن جاری رہے گا۔ شہر کا موسم شدید سرد،مگرعقیدت مندوں نے ماحول گرما رکھا ہے۔

    لاہور میں حضرت داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کی تقریبات کا آغاز وزریرخزانہ اسحاق ڈار نے مزار پر چادر چڑھاکر کیا۔ جس کے بعد دودھ کی سبیل کا افتتاح کیا گیا۔ عرس کے باقاعدہ آغاز سے پہلے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

    عرس مبارک کیلئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر مذہبی اوقاف عطا محمد مانیکا سمیت مختلف مذہبی رہنما اور علمائے کرام سمیت عمائدین شہر موجود تھے۔ عرس میں اندرون اور بیرون ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین شریک ہو رہے ہیں۔ جس کیلئے محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی ہے۔

    عرس کے دوران قومی محفل قرات۔ قومی محافل نعت اور سماع ہال داتا دربار کمپلیکس میں محافل ہوں گی۔ لاہور کا موسم سرد ہے لیکن عقیدت مندوں کے جذبوں کی حرارت نے داتا دربار کا ماحول گرما رکھا ہے۔ لوگ چادریں اٹھائے مزارپرپہنچ رہے ہیں۔ دعائیں اور منتیں مانگ رہے ہیں۔

     

  • سائنس فکشن تھرلر فلم”ٹرانسینڈینس”کا ٹریلر جاری

    سائنس فکشن تھرلر فلم”ٹرانسینڈینس”کا ٹریلر جاری

    آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی ووڈ اداکارمورگن فری مین اور جانی ڈیپ کی نئی سائنس فکشن تھرلر فلم"ٹرانسینڈینس"کاپہلا مکمل ٹریلرجاری کردیا گیا، اس فلم کی کہانی آرٹیفشل انٹلیجنس کے ماہر سائنسدان وِل کاسٹرکے گرد گھومتی ہے جو ایسا کمپیوٹر تخلیق کررہا ہے جس میں کسی ذی حس کی تمام معلومات کا مجموعہ موجود ہے جبکہ ٹیکنالوجی مخالف شدت پسند اُس کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

    وِل کاسٹر کا کردار جانی ڈیپ ادا کرہے ہیں۔ ہدایت کار والی فسٹر کی اس تھرلر فلم کی کاسٹ میں ربیکا ہال،پال بیٹانی،کیٹ مارا اور سیلئن مرفی بھی شامل ہیں۔ فلم ۔۔۔ٹرانسینڈینس۔۔۔ اٹھارہ اپریل دوہزار چودہ میں امریکا میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ اور پچیس اپریل کو برطانوی سینماؤں کی زینت بنے گی۔
     

  • راولپنڈی:مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن،ستر سے زائد مشتبہ افراد گرفتار

    راولپنڈی:مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن،ستر سے زائد مشتبہ افراد گرفتار

    راولپنڈی کے مختلف علاقوں رتہ امرال، گنج منڈی، تھانہ سٹی پیر وداحی اور ہزارہ کالو نی میں سرچ آپریشن، ستر سے زائد مشتبہ افراد گرفتار کرلئے گئے، راولپنڈی میں چہلم امام حسین کے موقع پر شہر میں امن و امان بر قرار رکھنے کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جا ری ہیں۔

    اس سلسلے میں مختلف تھانوں کی حدود میں وقتاًفوقتاً سرچ آپریشن کئے جا رہے ہیں اور متعدد گرفتاریاں بھی عمل میں آرہی ہیں ۔ پولیس نے تھانہ رتہ امرال ، گنج منڈی، تھانہ سٹی، پیر وداحی اور ہزارہ کالو نی سے ملحقہ آبا دیوں میں سرچ آپریشن کیا سرچ آپریشن کے دوران ستر سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

     

  • شہدائے کربلا کاچہلم:ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    شہدائے کربلا کاچہلم:ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر کراچی سے خیبر تک سیکورٹی کے سخت انتطامات کیے جا رہے ہیں۔ کئی شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔ حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی پلان تیار اہم شہروں میں موبائل فون رہیں گے خاموش اور کئی شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تین ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی دیں گے اورفوج کو الرٹ رکھا جائے گا۔ شہر کی دو حساس امام بارگاہوں پر کمانڈوز بھی تعینات کر دیے گئے۔ پہلی بار جڑواں شہروں کی پولیس مشترکہ گشت کرے گی۔ لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں موبائل فون بند رہیں گے۔ ملتان میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے کہا ہے کہ ہربنس پورہ کے علاقے سے دہشت گرد گروہ کی گرفتاری کے بعد چہلم امام حسین پر دہشت گردی کے خدشات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ سندھ میں کراچی ، حیدرآباد، میر پور خاص ، خیرپور اور سکھر میں جلوس کے اوقات میں موبائل فون سروس بند جبکہ تیئس اور چوبیس دسمبر کو کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، خیرپور ، سکھر اور لاڑکانہ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ صوبے بھر میں چہلم امام حسین کے موقع پر اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کرتے ہوئے خصوصی اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے گئے۔

    ملک بھر میں جلوسوں کے آنے سے پہلے روٹس کی مکمل سیکیورٹی سرچنگ کرکے پولیس پیٹرولنگ کرائی جائے گی۔پشاور اور کوئٹہ میں بھی چہلم کےموقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ پارا چنار میں چہلم کے حوالے سے سیکیورٹی پلان مکمل کر لیا گیا۔
        

     

  • عبدالرشیدغازی قتل کیس،7افسران کےنام واپس لینےکافیصلہ

    عبدالرشیدغازی قتل کیس،7افسران کےنام واپس لینےکافیصلہ

    شہداء فاونڈیشن نےعبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق چیف کمشنر خالد پرویز سابق آئی جی چو ہدری افتخار سمیت دیگر افسران کے نام واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

     

    شہداء فاونڈیشن کے مطابق عبدالرشید غازی قتل کیس میں سات افسران کے نام واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے لیے پولیس کو تحریری درخواست آج دی جائے گی۔

    افسران میں سابق چیف کمشنر اسلام آباد خالد پرویز،سابق آئی جی پولیس اسلام آ باد چوہدری افتخار احمد سمیت وفاقی دارالحکومت کے چار اسسٹنٹ کمشنرز حسین بہادر، اجمل بخاری، ملک فرخ ندیم اور طارق رحیم حیدری شامل ہیں ۔