Author: اعجاز الامین

  • سری لنکن بلے بازوں نے پاکستانی بولرزکا ڈٹ کرمقابلہ کیا

    سری لنکن بلے بازوں نے پاکستانی بولرزکا ڈٹ کرمقابلہ کیا

    پاکستان کرکٹ ٹیم کا مضبوط قلعہ اس کی بولنگ لائن ہے۔ لیکن سری لنکا نے ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچز میں بتادیا کہ ان کے بیٹسمین دنیا کے بہترین بولرز کا ڈٹ کر سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ سری لنکا نے سیریز میں پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے ۔

    دبئی ون ڈے میں سری لنکن بیٹسمینوں نے کپتان کے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کے فیصلے کی لاج رکھی  اورایک بڑا ہدف حاصل کرلیا۔ سعید اجمل، حفیظ آفریدی اور جنید بھی سری لنکا کو روک نہ پائے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا مضبوط قلعہ اس کی بولنگ لائن ہے۔  لیکن دنیا کے بہترین اسپن اٹیک کے سامنے سری لنکا نے بھی بتادیا کہ ان کے بلے باز بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔

    شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان کے پہاڑ جیسے ہدف کو پاش پاش کرنے میں حریف بلے بازوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی، لیکن خوش قسمتی سے پاکستان میچ ضرورجیت گیا۔ سیریز اب ایک ایک سے برابر ہے۔

    سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو بتادیا کہ آئندہ میچز میں ٹاس ان کے لئے اہم نہیں ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کو بھی اب مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ اب سیریز میں برتری کے لئے دونوں ٹیمیں ایک بار پھر شارجہ کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گی۔

     

  • دبئی،دوسرا ون ڈے:سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دیدی

    دبئی،دوسرا ون ڈے:سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دیدی

    سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں دو وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ کل شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

    دبئی میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے میچ کے ہیرو شرجیل خان اور صہیب مقصود دوسرے میچ میں زیرو رہے۔ احمد شہزاد نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ پارٹنرشپ لگا کر ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنایا۔

    احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیرئیر کی چوتھی سنچری بناڈالی۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں بوم بوم آفریدی نے لنکن بولرز کی دھلائی لگاتے ہوئے جارحانہ انداز میں تیس رنز بنائے ، مصباح انسٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔  دو سو پچیاسی رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز پراعتماد رہا۔،

    مہمان ٹیم کے دونوں اوپنرز کو بولرز نے آؤٹ نہیں کیا بلکہ دونوں ہی رن آؤٹ ہوئے۔ سنگاکارا اور چندی مل کے درمیان اہم شراکت نے میچ میں سری لنکا کی واپسی یقینی بنائی، سنگاکارا اٹھاون اور چندی مل چوالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    کپتان اینجلو میتھوز نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے ایک قدم قریب کیا، لیکن آخری اوور میں آفریدی نے میتھوز کو آؤٹ کرکے میچ میں سنسنی پھیلا دی۔ رنز کم ہونے کی وجہ سے آفریدی بھی پاکستان کو دوسرے میچ میں جیت نہ دلواسکے اور سری لنکا نے میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔

     

  • مصباح الحق سال کے سب سے زیادہ رنزبنانے والے کرکٹربن گئے

    مصباح الحق سال کے سب سے زیادہ رنزبنانے والے کرکٹربن گئے

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق رواں سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر بن گئے۔ انھوں نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں انسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    کپتان مصباح الحق کو ان کی مسلسل کارکردگی کی وجہ سے پاکستان کی بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں مصباح نے انسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کئی ریکارڈ بناڈالے۔

    سری لنکا کے خلاف ان کی نصف سینچری سال کی چوہودیں نصف سینچری تھی۔ یوں انھوں نے ایک سال میں تیرہ نصف سینچریوں کا لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

    اس کے علاوہ مصباح بھارت ہی کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے میں سال کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر بھی بن گئے۔۔انھوں نے اب تک ایک ہزاردو سو بیاسی رنز بنائے ہیں۔ انھیں رواں سال ابھی مزید تین ون ڈے اورکھیلنا ہیں۔

     

  • دسمبر کا تیسرا ہفتہ:مہنگائی کی شرح میں1 فیصد کمی

    دسمبر کا تیسرا ہفتہ:مہنگائی کی شرح میں1 فیصد کمی

    دسمبر کے تیسرے ہفتے کے دوران کم آمدنی والے طبقے کے لئے بھی قیمتوں کے حساس اشارئے میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

    پاکستان بیورو شماریات کے مطابق کم ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے انیس دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قیمتوں کا حساس اشارئے میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

    اس ہفتے کے دورا ن مرغی ،چنے و مونگ کی دال،کیلا، مرچ ،گھی اور چاول سمیت انیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ ادرک ،پیاز، آلو، چینی، انڈے، ایل پی جی، ٹماٹراور آٹا سمیت بارہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ، گزشتہ ہفتے بائیس اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

     

  • بجلی کے نرخ میں مزید اضافہ کیا جائے،آئی ایم ایف کی ہدایت

    بجلی کے نرخ میں مزید اضافہ کیا جائے،آئی ایم ایف کی ہدایت

    آئی ایم ایف نے دوسری قسط کی منظوری کے ساتھ ساتھ ڈومور کا مطالبہ بھی کردیا،آئی ایم ایف نے حکومت سے بجلی کے نرخ میں مزید اضافہ کرنے کو کہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے بجلی مہنگی کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ بجلی مہنگی کرنے کا اثر غریبوں پر نہ پڑے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے پچپن کروڑ ڈالر قرض کی منظوری تو دے دی،لیکن ساتھ ہی حکومت کو بجلی مزید مہنگی کرنے اور ٹیکس وصولی میں بہتری کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

    آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے قائمقام سربراہ نعمت شفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی مزید مہنگی کرنا ہوگی تاکہ حکومت پر سے سبسڈی کے بوجھ کو کم کیا جاسکےمگریہ خیال رکھا جائے کہ غریب طبقے پراس کے اثرات نہ پڑیں۔ نعمت شفیق نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکس وصولی کے نظام میں خامیاں دور کرکے آمدن بڑھانے کے بھی اقدامات کرے۔

     

  • ڈالرمزید سستا ہوکرایک سو چھے روپے سے نیچے آگیا

    ڈالرمزید سستا ہوکرایک سو چھے روپے سے نیچے آگیا

    امریکی ڈالرمسلسل نیچےہے اوراسٹاک مارکیٹ مسلسل اُوپر کی جانب گامزن ہے، کراچی اسٹاک مارکیٹ کی بلند پرواز کا ایک اور ریکارڈ قائم ہوگیا ،ڈالرمزید سستا ہوکرایک سو چھے روپے سے نیچے آگیا۔

    ڈالر کی قدر تیزی سے گرنے والی ہےعوام کیش کرالیں۔،وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا یہ انتباہ کیا سامنے آیا کرنسی مارکیٹوں میں اُلٹی گنگا ہی بہنے لگی۔ جمعے کو بھی روپے کی قدر ہوئی کچھ اوربہترجبکہ مزید سستاڈالر ہوا۔

    اُوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کےمقابلے میں ڈالرکی قدر میں 45 پیسے کی کمی آئی جس سے ڈالر 105 روپے 90 پیسے کا ہوگیا۔ اسی طرح بینکوں کےمابین لین دین یعنی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالرکی قیمت25 پیسے کم ہوکر106 روپے13 پیسےپرآگئی۔

    ادھر ڈالرکے برعکس کراچی اسٹاک مارکیٹ بلند پروازکے نئے ریکارڈ بنارہی ہے۔۔جہاں جمعے کو سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر کی کمپنیوں کے شئیرز میں نمایاں خریداری نےمارکیٹ کوتاریخی سطح پر پہنچا دیا۔

    مارکیٹ کا بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس کاروبارکےاختتام پر107پوائنٹس بڑھکر 25579 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پربند ہوا۔

     

  • ایف بی آر نے تاجروں کیلئے مراعاتی پیکج کے ایس آر اُوز جاری کردیئے

    ایف بی آر نے تاجروں کیلئے مراعاتی پیکج کے ایس آر اُوز جاری کردیئے

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وزیراعظم کا تاجروں کیلئے اعلان کردہ مراعاتی پیکج اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کیلئے ضروری ایس آر اُوز جاری کردیئے۔

    جمعے کو وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہونے والے ایک اجلاس میں معاشی اصلاحات کے نفاذ اوراہداف کے حصول کاجائزہ لیاگیا۔

    چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ نے وزیرخزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئےبتایا کہ رواں سال اب تک آٹھ لاکھ چودہ ہزارنوسو اکیاسی ٹیکس گوشوارے داخل کرائے گئے۔

    بیس دسمبرتک اکیانوے ارب پچاس کروڑ روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئیں ہیں جس میں پچیس فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

     

  • الیکشن کمیشن اور نادرا کے مابین معاملہ حل کرنے کیلئے 31 دسمبر کو ایک اور اجلاس طلب

    الیکشن کمیشن اور نادرا کے مابین معاملہ حل کرنے کیلئے 31 دسمبر کو ایک اور اجلاس طلب

    الیکشن کمیشن اور نادرا کے مابین انتخابی فہرستوں کی تیاری کی مد میں ادائیگیوں کا تنازعہ حل نہ ہوسکا معاملہ کے حل کیلئے اکتیس دسمبر کو ایک اور اجلاس طلب کر لیا گیا۔

    عام انتخابات کے دوران انتخابی فہرستوں کی تیاری کی مد میں نادرا کی جانب سے الیکشن کمیشن سے 86 کروڑ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ الیکشن کمیشن صرف آٹھ کروڑ روپے ادا کر نے پر رضا مند ہو سکا ہے ۔

    الیکشن کمیشن حکام کاکہناہے عام انتخابات کیلئے ووٹرز کے اندراج کے معاملے پر نادرا کے ساتھ فی صفحہ کے حساب سے ادائیگی کا معاہدہ طے پایا تھا جبکہ نادرا فی انٹری کے حساب سے ادائیگی کا مطالبہ کر رہا ہے۔

  • ڈرون حملےکیس،سیکریٹری فارن افیئرز20دن میں جواب طلب

    ڈرون حملےکیس،سیکریٹری فارن افیئرز20دن میں جواب طلب

    پشاور ہائی کورٹ نے ڈرون حملوں سے متعلق توہین عدالت کیس میں سیکریٹری فارن افیئرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بیس روز میں جواب طلب کرلیا۔ ڈرون حملوں سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی سر براہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔

    عدالت نے سیکریٹری فارن افئیرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بیس روز میں جواب طلب کرلیا۔ رٹ پٹیشن فاؤنڈیشن آف فنڈامینٹل رائٹس کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈرون حملے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

     

  • کراچی:تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلدیہ ملازمین کا مظاہرہ

    کراچی:تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلدیہ ملازمین کا مظاہرہ

    کراچی کے علاقے ناظم آباد گجر نالے کے قریب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کیا اس دوران مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا جسکی وجہ سے ناظم آباد انڈر پاس اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی معطل ہوگئ اور بعض مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گیئں جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا۔

    مظاہرے میں شریک ملازمین کا کہنا تھا کہ کئ ماہ گزر جانے کے باوجود تنخواہیں اور دیگر مراعات نہیں ملیں جس کی وجہ سے مہنگائی کے اس دور میں ان کے لئے گزر بسر کرنا مشکل ہوگیا ہے، ملازمین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیاجائے گا اور ملازمین کام چھوڑ دیں گے۔