Author: اعجاز الامین

  • نائیجیریا میں کاروبار کے مواقع موجود ہیں،غلام مرتضیٰ جتوئی

    نائیجیریا میں کاروبار کے مواقع موجود ہیں،غلام مرتضیٰ جتوئی

    وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستانی سرمایہ کار افریقہ میں بڑے بیرونی سرمایہ کاروں کی عدم موجودگی کے باعث موجود دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،افریقہ خصوصاً نائیجیریا میں تجارت اور کاروبار کے بے تحاشا مواقع موجود ہیں،وہاں کے وسیع قدرتی ذخائراور سستی لیبرسے سرمایہ کارمنافع بخش کاروبار کر سکتے ہیں۔-

    پاکستانی سرمایہ کاروں کو نائیجیریا میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں گے،وہ پاکستان میں نائیجیریا کے سفیر داؤد دنلادی سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے، ملاقات کے دوران نائیجیریا کے سفیر نے سرمایہ کاری کے مواقع کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نائیجیریا میں 36 ارب بیرل تیل اور 184کھرب کیوبک فٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں، بھارت نائیجیریا سے ایل این جی درآمد کر رہا ہے، پاکستان بھی نائیجیریا سے ایل این جی درآمد کرے۔

    نائیجیریا میں قدرتی گیس وافر مقدار میں موجود ہے لیکن کھادبنانے کی فیکٹریاں بہت کم ہیں جس کی وجہ نائیجیریا کو کھاد کی ضرورت کا بیشتر حصہ درآمد کرنا پڑتا ہے،پاکستانی فیکٹریاں کھاد بنانے میں خاصی مہارت رکھتی ہیں وہ نائیجیریا میں بھی کھادبنانے کے کارخانے لگائیں۔

    نائیجیریا کے سفیر نے وزیر صنعت وپیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی کو نائیجیریا کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ نائیجیریا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔

     

  • مائیکروفنانس کانفرنس 23دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگی

    مائیکروفنانس کانفرنس 23دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگی

    وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی ) کے زیراہتمام مائیکروفنانس کانفرنس 23 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، کا نفرنس میں ملک بھر سے اعلیٰ سرکاری حکام، ماہرین اور کاروباری برادری کے رہنما شرکت کریں گے ۔

    ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرشیخ محمد علی نے اس حوالے سے بتایا کہ مائیکرو فنانس کی حیثیت معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے جو پائیدار ترقی کا لازمی جزو ہے، پاکستان کے مجموعی جی ڈی پی میں اس شعبہ کا حصہ چالیس فیصد ہے جو لاکھوں گھرانوں کی کفالت کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 53 لاکھ چھوٹے کاروبار ہیں، علاقائی ترقی و سماجی ہم آہنگی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ایس ایم ای سیکٹر کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے ایف پی سی سی آئی ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے اور اسلام آبادمیں ہونے والی کانفرنس بھی انہی کوششوں کا حصہ ہے۔-

     

  • کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان تاریخ کی بلندترین سطح پر

    کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان تاریخ کی بلندترین سطح پر

    کراچی اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم ۔تیزی کا رجحان دوسرے روز بھی برقراررہا۔ مارکیٹ تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔

    مارکیٹ سرمایہ کاروں کے مطابق سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے پر سیمنٹ کمپنیوں کے شئیرز میں خریداری نے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان پیدا کیا۔ ٹیکسٹائل،ٹیلی کام اور بینکنگ کمپنیوں کے شئیرز میں خریداری نے تیزی کو مزید بڑھاوا دیا۔

    تاہم آئل اینڈ گیس کمپنیوں کےشئیرز میں فروخت کےدباؤ نے تیزی کےرجحان کو محدودکردیا۔ ریڈی مارکیٹ میں ساڑھےدس ارب روپے مالیت کے چھبیس کروڑ شئیرز کے نمایاں سودے ہوئے۔ کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس باون پوائنٹس بڑھکر 25350 پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔

  • بھارت بمقا بلہ جنوبی افریقہ:پہلا ٹیسٹ میچ کل جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا

    بھارت بمقا بلہ جنوبی افریقہ:پہلا ٹیسٹ میچ کل جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا

    جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان دو ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا میچ کل جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا, بھارت کا ون ڈے سیریز میں تو کوئی حربہ نہ چل سکا، اب ٹیسٹ سیریز میں وہ قسمت آزمائی کرنے کے لئے پھر سے جنوبی افریقہ کے مدمقابل آرہے ہیں، اس بار فارمیٹ تبدیل کئے گئے ہیں لیکن ٹیمیں وہیں ہیں۔

    آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان بدھ سے جوہانسبرگ میں اعصاب شکن مقابلہ ہوگا۔ بھارت کے پاس ون ڈے سیریز کی شکست کا بدلہ لینے کا بہترین موقع ہے۔ ادھر جنوبی افریقہ ہوم گراؤنڈ پر بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملانے کے لئے بے تاب ہیں۔

    جنوبی افریقہ ہوم گراؤنڈ پر بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ بھارت کے خلاف تینوں ون ڈے میں سینچری بنانے والے جنوبی افریقی اوپنر کوانٹن ڈی کوک ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

    بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز گزر گئی کھلاڑیوں کو تمام تر توجہ اب ٹیسٹ پر مرکوز کرنا ہوگی۔ ادھر جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان گریم اسمتھ نمبر ون پوزیشن مزید مستحکم کرنے کے لئے بے تاب ہیں۔

  • پاک سری لنکا ون ڈے سیریز:پہلامیچ کل شارجہ میں ہوگا

    پاک سری لنکا ون ڈے سیریز:پہلامیچ کل شارجہ میں ہوگا

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے کل شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتان سیریز کا آغاز کامیابی کے ساتھ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ شارجہ کا میدان پاکستان کے لئے ہوم گراؤنڈ جیسا ہی ہے۔

    اس گراؤنڈ پر قومی ٹیم کی کئی سنہری یادیں بھی وابستہ ہیں۔ سری لنکا کے خلاف بھی پاکستان کا شارجہ میں ریکارڈ کافی اچھا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان شارجہ میں مجموعی طور پر تینتیس میچز کھیلے گئے۔ بیس میں پاکستان اور بارہ میں سری لنکا نے میدان مارا۔

    اس ریکارڈ کو مزید بہتر کرنے کے لئے پاکستانی ٹیم پانچ میچز کی سیریز میں سری لنکا کے مدمقابل آرہی ہے۔ پہلے میچ کی تیاری کے لئے دونوں ٹیمیں بھرپور پریکٹس کررہی ہیں۔ شارجہ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی پریس کانفرنس سے قبل ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز میں بیٹسمینوں کا کردار بہت اہم ہوگا۔ ٹاپ چھ بلے بازوں کو پچاس اوورز کھیلنا ہوں گے۔

    ادھر سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے سیریز کا آغاز کامیابی کے ساتھ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ حیران کن طور پر دونوں ٹیمیں ڈیڑھ سال کے بعد ایک روزہ کرکٹ میں مدمقابل آرہی ہیں۔ اس سے قبل کھیلی گئی سیریز سری لنکا کے نام رہی تھی۔

  • فٹبال میچ:میانمارکی انڈونیشیا سے شکست کے بعد اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا

    فٹبال میچ:میانمارکی انڈونیشیا سے شکست کے بعد اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا

    ساؤتھ ایسٹ ایشین گیمز میں میزبان میانمار کی انڈونیشیا سے شکست کے بعد اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔ یانگون میں انڈونیشیا اور میانمار کی ٹیمیں ساؤتھ ایسٹ ایشین گیمز کے فٹبال ایونٹ میں مدمقابل تھیں۔ انڈونیشیا نے میانمار کو شکست کیا دی میزبان ٹیم کے مداح آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ شروع کردی۔

    غصے میں آئے مداحوں نے اسٹیڈیم کی کرسیاں توڑ دیں اور آگ بھی لگائی۔ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش لیکن میانمار کے مداحوں نے ان پر بھی پتھراؤ کردیا۔ جس کے بعد مزید پولیس کی نفری طلب کی گئی جس نے صورتحال پرقابو پایا۔

  • سی این جی کی قیمت میں ایک روپے سے زائد کی کمی متوقع

    سی این جی کی قیمت میں ایک روپے سے زائد کی کمی متوقع

    سپریم کورٹ کی جانب سے اضافی ٹیکس کے خاتمے کے بعد اوگرا نےسی این جی کی قیمتوں میں کمی کی تیاری کر لی، سی این جی کی قیمت میں ایک روپے سے زائد کی کمی متوقع ہے۔ مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ اوگرا نے سی اين جی کی قیمتوں میں کمی کا فا رمولہ تیا رکرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سی اين جی کی قيمت ميں بھی ایک روپيہ تیئس پيسے تک کی کمی متوقع ہے۔ ریجن ون کےلئے سی این جی ایک روپے تیئس پیسے جب کہ ریجن ٹو کے لیے سی این جی اکیسٹھ پیسےسستی کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

    سپریم کورٹ نےاضافی نوفیص ٹیکس ختم کرنے کا حکم دیا تھا، قیمتوں میں کمی کے بعد کے پی کے،بلوچستان اورپوٹھوہار میں سی این جی کی نئی چوہپتر روپے پچیس پیسے ہوگی جب کہ سندھ اور پنجاب کے لیے نئی قیمت چھیاسٹھ روپے چودہ پیسے ہوگی۔ سی این جی کی قیمتیوں میں کمی کا نوٹیفکیشن آئندہ دو روز میں جاری ہونےکا امکان ہے۔

  • آئی ایم ای آئی نمبرکی منظوری کے بغیرموبائل فونز کی فروخت پرپابندی

    آئی ایم ای آئی نمبرکی منظوری کے بغیرموبائل فونز کی فروخت پرپابندی

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے انٹرنیشنل موبائل ایکوپمنٹ آئی ڈینٹٹی نمبرکی منظوری کے بغیرموبائل فونز سیٹس کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا ہے۔ اب تمام مینوفیکچررز اور امپورٹرزپرسیلولرموبائل فونز کی ٹائپ اورآئی ایم ای آئی نمبر کی پی ٹی اے سے منظوری لازمی قرار دیدی گئی ہے۔

    مینوفیکچررز اور درآمد کنند گان اب پی ٹی اے کو سیلولرموبائل فونز کی تمام ٹیکنیکل تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہونگے۔ ماضی میں ملک میں موبائل فونز کی فروخت میں اضافے کیلئے یہ شرط ختم کردی گئی تھی مگر گذشتہ چند سالوں میں غیر معیاری اورکم قیمت والے موبائل فونز بغیر آئی ایم ای آئی نمبر یا پھر جعلی آئی ایم ای آئی نمبرکے حامل موبائل فونز استعمال ہورہے ہیں۔

  • غذائی مصنوعات کی برآمدات میں 6.85 فیصد کا اضافہ

    غذائی مصنوعات کی برآمدات میں 6.85 فیصد کا اضافہ

    رواں مالی سال 2013-14ء کے پہلے چار ماہ جولائی تا اکتوبر 2013ء کے دوران غذائی مصنوعات کے شعبہ کی برآمدات میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 6.85 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔-

    ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی تا اکتوبر2013ء کے دوران مختلف غذائی مصنوعات/اجناس کی برآمدات سے 1.311 ارب ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمایا گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 1.227 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔-

    رپورٹ کے مطابق چاول کی برآمدات میں 27.80فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ مچھلی اور اس کی مصنوعات کی برآمدات میں بھی 19.16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،رپورٹ کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کی برآمد میں بھی بالترتیب37.98 اور28.85 فیصد کا نمایاں اضافہ واقع ہوا اور دالوں کی برآمدات میں بھی 221.36 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

     

  • ہاسپیٹلر نمائش آئندہ سال برازیل کے شہرساؤ پاؤلو میں منعقد ہوگی

    ہاسپیٹلر نمائش آئندہ سال برازیل کے شہرساؤ پاؤلو میں منعقد ہوگی

    ہسپتال میں استعمال ہونے والی مصنوعات اور سازوسامان سے متعلقہ بین الاقوامی تجارتی نمائش ”ہاسپیٹلر“ آئندہ سا ل مئی میں برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں منعقد ہوگی، جس میں شرکت کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی( ٹی ڈی اے پی ) نے درخواستیں طلب کر لی ہیں ، ٹی ڈی اے پی کے ایک ترجمان کے مطابق برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں منعقد ہونے والی ”پاسپیٹلر“عالمی تجارتی نمائش میں شرکت کے خواہشمند ادارے 20 دسمبر 2013ء تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں-

    حکام کے مطابق عالمی تجارتی میلہ 20 تا 23 مئی 2014ء کو منعقد ہوگا ، جس میں ہسپتال کے آلات، آلات جراحی، ایمرجنسی آلات سمیت علاج معالجے میں استعمال ہونے والے آلات تیار اور برآمد کرنے والے ادارے شرکت کرسکتے ہیں، عالمی نمائش میں شرکت کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسعت دی جاسکتی ہے جبکہ اس حوالے سے تفصیلات اتھارٹی کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔