Author: فائزہ شاہ

  • صنعا:فوجی ٹینک کی شیلنگ 16افراد ہلاک،صورتحال گمبھیر

    صنعا:فوجی ٹینک کی شیلنگ 16افراد ہلاک،صورتحال گمبھیر

    یمن میں امن و امان کی صورتحال بدستور کشیدہ فوجی ٹینک کی شیلنگ سے تین بچوں سمیت سولہ افراد ہلاک درجنوں زخمی ہوگئے۔

    یمنی فوج کی جانب سے شیلنگ سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے افراد کے تعزیتی کیمپ پر کی گئی، فوجی حکام کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسند گروپ کی جانب سے کیمپ کی اطلاع پر کاروائی کی گئی۔

    جنوبی یمن میں علیحدگی پسند گروپوں کی کاروائیاں جاری ہیں، اس سے قبل باغیوں کی جانب سے گورنر ہاوس پر حملے میں پولیس افسر سمیت تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    جس کے بعد یمنی فوج نے کاروائیاں تیز کردی ہیں۔تاہم فوج کی شیلنگ سے سولہ بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا امکان ہے

  • واشنگٹن:فون کالزکی نگرانی غیر قانونی نہیں،امریکی عدالت

    واشنگٹن:فون کالزکی نگرانی غیر قانونی نہیں،امریکی عدالت

    امریکہ کی وفاقی عدالت نے جاسوسی پروگرام کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی فون کالز کی نگرانی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے۔

    امریکہ کے خفیہ ادارے کی جانب سے امریکی عوام کی فون کالز کی نگرانی پرسول لیبرٹی یونین نے خفیہ ادارے کے سربراہ جیمس کلیپر کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

    وفاقی عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ ادارے کی طرف سےعوام کا ٹیلی فون ریکارڈ کسی غیر قانونی کاروائی میں استعمال ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

    ٹیلی فون نگرانی کا مقصد تفشیشی عمل میں مدد اور ممکنہ دہشت گردی کے حملوں سے بچاؤ ہے، جس کی بنا پروگرام کو قانونی قرار نہیں دیا جاسکتا، مقدمہ دائر کرنے والی تنظیم نےعدالتی فیصلے پرمایوسی کا اظہار کیا ہے۔
       

  • امریکا:بے روزگار افراد کی مالی اعانت کا پروگرام ختم ہونے کا خدشہ

    امریکا:بے روزگار افراد کی مالی اعانت کا پروگرام ختم ہونے کا خدشہ

    امریکا میں بے روزگار افراد کو مالی اعانت کا پروگرام ختم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، مستفیض ہونے والے دس لاکھ سے زائد افراد کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، دوسری جانب امریکی صدر اوباما نے ڈیموکریٹس اور ری پبلکن رہنماؤں سے اپیل کی ہےکہ پروگرام کو ہرصورت میں جاری رکھا جائے۔

    امریکا میں خراب معاشی صورتحال کے باعث بے روزگار افراد کی مالی مدد کا پروگرام ختم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، مالی اعانت کے اس پروگرام کے ختم ہونے سے امریکا بھر میں دس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوں گے۔

    یاد رہے کہ امریکی شہریت کے حامل ہر بے روزگار فرد کو حکومت کی جانب سے مالی اعانت کے طور پر ایک ہزار ایک سو چھیاسٹھ ڈالر ماہانہ ادا کئے جاتے ہیں جو کہ اسے برسر روزگار ہونے تک ملتے رہتے ہیں۔

    تاہم امریکی صدر باراک اوباما اس پروگرام کو ہر حال میں جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں اور اس مقصد کے لئے انہوں نے ری پبلکن اور ڈیموکریٹس دونوں جماعتوں کے رہ نماؤں سے اپیل کی ہے کہ بے روزگاری سے متاثرہ افراد کے مالی اعانت کے پروگرام کو جاری رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
       

  • استنبول:لاکھوں افراد کا حکومت کے خلاف مظاہرہ

    استنبول:لاکھوں افراد کا حکومت کے خلاف مظاہرہ

    ترکی میں کرپشن کے الزامات میں وفاقی وزراء کے ملوث اور مستعفی ہونے کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران میں شدت آرہی ہے، استنبول میں لاکھوں افراد حکومت کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں اور مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    ترکی میں سیاسی بحران اس وقت سامنے آیا تھا جب کرپشن کے الزامات میں ملوث ہونے پر تین وفاقی وزراء مستعفی ہوگئے تھے، دوسری جانب ترک عوام کا وزیراعظم اردگان سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہاہے۔

    استنبول کے لاکھوں شہریوں نے ہونے والے حکومت مخالف مظاہرے میں بڑی تعداد میں شرکت کی اور وزیراعظم سے استعفی کا مطالبہ کیا، تاہم وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جبتک عوام انکے ساتھ ہیں وہ اقتدار کی کرسی پر براجمان رہیں گے۔

  • مشرف کی والدہ کو لانے کیلئے خصوصی طیارے کی حکومتی پیشکش

    مشرف کی والدہ کو لانے کیلئے خصوصی طیارے کی حکومتی پیشکش

    حکومت نے سابق صدر پرویزمشرف کی علیل والدہ کو لانے کے لئے خصوصی طیارہ فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔

    وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے یہ پیشکش انسانی ہمدردی کے تقاضے کے تحت کی ہے، پرویز مشرف کی والدہ کو لانے کے لئے ایئرایمبولینس بھیجنے کو تیار ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سابق صدر کی والدہ کےعلاج کے لئے تمام سہولتیں فراہم کریگی، ان کی والدہ اپنے بیٹے کے ساتھ رہ سکتی ہیں، وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مشرف کے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کی آزاد عدلیہ کرے گی۔
           

  • بائیو میٹرک نظام سے ووٹنگ،خیبر پختونخوامیں کل تجربہ ہوگا

    بائیو میٹرک نظام سے ووٹنگ،خیبر پختونخوامیں کل تجربہ ہوگا

    الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا میں ووٹنگ کے لئے بائیو میٹرک نظام کا تجربہ کل کرے گا، تجربہ کامیاب ہونے پر صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے بائیو میٹرک نظام استعمال کیا جائے گا۔

    خیبر پختون خوا میں بلدیاتی الیکشن میں حق رائے دہی کے استعمال کے لئے بائیو میٹرک نظام کا تجربہ کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کے مطابق تجربہ کامیاب ہونے پر صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے بائیو میٹرک نظام استعمال کیا جائے گا۔

    بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کے پی کے کی دو ویلج کونسل بودھائی اور سربی لینڈ پورہ میں نمائشی پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن کے مطابق نمائشی پولنگ کے لیے صبح آٹھ سے چار بجے کا وقت رکھا گیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کے علاوہ صوبائی الیکشن کمشنر بھی نمائشی عمل کا جائزہ لیں گے۔

  • پاکستان ریلوے کا بزنس ٹرین واپس لینے کا فیصلہ

    پاکستان ریلوے کا بزنس ٹرین واپس لینے کا فیصلہ

    پاکستان ریلوے نے نجی کمپنی کے نادہندہ ہونے پر بزنس ٹرین واپس لینے کا فیصلہ کرلیا، ریلوے بزنس ٹرین کا نام تبدیل کرکے اس کا انتظام خود سنبھالے گی۔

    پاکستان ریلوے کے مطابق بزنس ٹرین کی انتظامیہ پچاس کروڑ روپے سے زائد کی نادہندہ ہے، واجبات میں اس حد تک اضافے کے بعد ریلوے نے نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    بزنس ٹرین کی انتظامیہ نجی کمپنی ریلوے کو روزانہ معاوضہ دینے کی پابند تھی لیکن وہ ایسا نہ کرسکی، جس کے باعث واجب الادا رقم پچاس کروڑ روپے سے زائد ہو گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نئے سال سے بزنس ٹرین کا کنٹرول ریلوے انتظامیہ سنبھال لے گی اور ٹرین کا نام بھی تبدیل کردیا جائے گا، بزنس ٹرین کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو پیپلزپارٹی کے دور میں دیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز بالاخر 3دن بعد لاہور پہنچ گئی

    پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز بالاخر 3دن بعد لاہور پہنچ گئی

    پی آئی اے کی لندن سے آنے والی پرواز بالاخر تین دن بعد لاہور پہنچ گئی، پرواز کی تاخیر سے کسی کا رشتہ ٹوٹ گیا تو کسی کا جنازہ چھوٹ گیا، باکمال لوگوں نے مسافروں کی چیخیں نکلوادیں۔

    لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے نے مسافروں کو رُلا دیا، شادیوں کا بندھن جڑتے جڑتے رہ گیا، چہروں کی خوشیاں ماند پڑگئیں اور کوئی جاں بحق ہونے والے اپنوں کا آخری دیدار بھی نہ کرسکا۔

    لندن سے آنے والی پرواز پی کے 758 باون گھنٹے کی تاخیر کے بالاخر لاہور پہنچ گئی، لندن میں پی آئی اے کے طیارے کے کنٹرول پینل میں خرابی تین دن ٹھیک نہ ہوسکی، جس سے جہاز کے تین سو بیس مسافروں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

    مسافروں نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے، پی آئی اے حکام کا موقف ہے کہ کرسمس کی چھٹیوں کے باعث تاخیر کا ملبہ قومی ائیرلائن پر پڑگیا۔

  • دہشتگردی کا خاتمہ،معاشی بحالی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم نواز شریف

    دہشتگردی کا خاتمہ،معاشی بحالی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم نواز شریف

    وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ توانائی بحران ،دہشتگردی کا خاتمہ اور معاشی بحالی اولین ترجیح ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک کےساتھ دوستانہ اور پر امن تعلقات چاہتا ہے۔

    دفترخارجہ میں نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ میں کام کرنے والا ہر ایک شخص پاکستان کا سفیر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا کو ہمارا پیغام امن اور دوستی ہے، دعا کرتے ہیں کہ آنے والا سال پاکستان کے لئے اچھا ثابت ہو، وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہماری معاشی پالیسی کی نمایاں خصوصیت امداد کے بجائے تجارت ہے۔

  • مرزا غالب کی آج 216ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

    مرزا غالب کی آج 216ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

    اردوشاعری میں تخیل کی بلندی اور شوخی فکرکو جلا بخشنے والے عظیم المرتبت ادیب و شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کا آج دو سو سولہواں یوم پیدائش ہے۔


                                                        پوچھتے ہیں وہ کہ غالب کون ہے
                                               کوئی بتلائے کے ہم بتلائیں کیا 

    مرزا اسد اللہ خان غالب بر صغیر کے معروف قد آور شاعر ہیں، غالب کی آفاقی شاعری اردو شاعری کے لئے لازم وملزوم قرار پائی، غالب ستائیس دسمبر سترہ سو ستانوے کو ہندوستان کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔


                                                      آہ کو چاہئے ایک عمراثر ہونے تک 
                                                 کون جیتا ہے تیر زلف کے سر ہونےتک
                                                 ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے لیکن
                                                
    خاک ہوجائیں گے ہم تم کو خبر ہونےتک

    غالب نے اردو کے علاوہ فارسی اور ترکی میں بھی شاعری کی تاہم انکی وجہ شہرت اردو شاعری بنی، غالب اردو شاعری کے وہ کردار ہیں جن پر بے شمار تحریریں لکھی گئیں، سینکڑوں فلمیں ڈرامے اور اسٹیج شوز تیار ہوئے جبکہ پر اثر شاعری کی بدولت بے شمار فلموں کو عوامی پذیرائی ملی،غالب خود اپنی زندگی کا احاطہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ


                                        یہ نہ تھی ہماری قسمت کہ وصال یار ہوتا
                اگر اور جیتے رہتے یہی انتظار ہوتا
                      یہ مسائل تصوف یہ تیرا بیان غالب 
                 تجھے ہم ولی سمجھتے جو نہ بادہ خوار ہوتا


    غالب خوشحالی کے ساتھ تنگ دست زندگی سے نبرد آزما رہنے کے بعد پندرہ فروری اٹھارہ سو انہتر کو اکہتر سال کی عمر میں دہلی میں انتقال کرگئے۔