Author: فائزہ شاہ

  • بے نظیر بھٹو شہید کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے

    بے نظیر بھٹو شہید کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے

    لاڑکانہ میں شہید بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے، مرکزی جلسے کی تقریب سے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹوزرداری اورسابق صدر آصف علی زرداری خطاب کرینگے۔

    برسی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، اس موقع پر چھ ہزار پولیس اہلکار، رینجرز کے جوان اور خصوصی کمانڈوز سیکورٹی پر مامور ہونگے۔

    جلسہ گاہ کو چاروں طرف سے سیل کردیا گیا ہے جبکہ واک تھرو گیٹ کے ذریعے چیکنگ کے بعد شرکاء کو اندر جانے کی اجازت ہوگی، شرکاء کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔

    برسی کے موقع پر صبح نو بجے قران خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرادری کی جانب سے لنگر تقسیم کیا جائے گا برسی کی تقریب کا باقاعدہ آغاز دوپہر دو بجے ہوگا، جسکے بعد مشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا۔

    تقریب سے پیپلز پارٹی کے چاروں صوبائی صدور اور مرکزی رہنماوُں کے علاوہ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری خطاب کرینگے جبکہ پانچ بج کر بیس منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

    برسی کے اختتام پر شہدا کیلئے دعا کی جائے گی، دوسری جانب برسی کے موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس موقع پر صوبائی حکومت کے تمام دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
        
       

  • لندن: پی کے 758 باون گھنٹے بعد لاہور کے لیے روانہ ہوگئی

    لندن: پی کے 758 باون گھنٹے بعد لاہور کے لیے روانہ ہوگئی

    قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 758 باون گھنٹے بعد لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے لاہور آمد کیلئے کے لیے روانہ ہوگئی۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی کے سیون فائیو ایٹ کی فنی خرابی دور کردی گئی اور پرواز برطانیہ سے رات گئے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئی، پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 758 ایک سو ترپین مسافروں کو لے کر پاکستانی وقت مطابق دپہر دو بجے لاہور ائیرپورٹ پہنچے گی۔

    یاد رہے کہ پرواز میں تاخیر اور فنی خرابی کے باعث مسافروں کو تین دنوں تک سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
        
       

  • سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات موخر کئے جانے کا امکان

    سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات موخر کئے جانے کا امکان

    الیکشن کمیشن کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات موخر کئے جانے کا امکان ہے۔

    بلدیاتی انتخابات کا معاملہ پھر لٹکنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات موخر کئے جانے کا امکان ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی میں مشکلات درپیش ہیں، مقررہ مدت میں اتنی بڑی تعداد میں بیلٹ پیپرز چھاپنا ممکن نہیں، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ سے کم ازکم پندرہ دن کی مہلت مانگی جائے گی، بلدیاتی انتخابات فروری کے وسط تک موخر ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

     

  • لاہور:مال روڈ پرالفلاح بلڈنگ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

    لاہور:مال روڈ پرالفلاح بلڈنگ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

    لاہور کے مال روڈ پر الفلاح بلڈنگ کی تیسری منزل پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق علیٰ الصبح لاہور کے علاقے مال روڈ پر الفلاح بلڈنگ میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں اور فائر بریگیڈ کی سات گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق تاریخی الفلاح بلڈنگ میں دفاتر قائم ہیں، آگ سے ہونے والے نقصان کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
       

  • فیصل آباد:فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے 3مزدور جاں بحق 15زخمی

    فیصل آباد:فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے 3مزدور جاں بحق 15زخمی

    فیصل آباد میں سرگودھا روڈ پر فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے تین مزدور جاں بحق جبکہ پندرہ زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق سرگودھا روڈ پر قائم گارمنٹس فیکٹری کا بوائلر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں فیکٹری میں کام کرنے والے تین مزدور پینتیس سالہ سہیل احمد اور چالیس سالہ ظہور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک اور زخمی عثمان دوران علاج دم توڑ گیا۔

    زخمی ہونے والے پندرہ مزدوروں کو الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
       

  • ایم کیوایم کو انتخابی مہم چلانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں،خالد مقبول

    ایم کیوایم کو انتخابی مہم چلانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں،خالد مقبول

    کراچی کے انتخابات میں دھاندلی کا رونا تو سب جماعتیں روتی ہیں لیکن اب تو ایم کیو ایم نے بھی دہائی دینا شروع کر دی ہے ۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کو انتخابی مہم چلانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، ایم کیو ایم کے انتخابی دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انتخابی کاموں میں مصروف کارکنوں کو حراست میں لیا جارہا ہے تو ایسے ماحول میں انتخابی مہم کیسے چلائی جاسکتی ہے، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہی حالات رہے تو انتخابات کو کیسے شفاف قرار دیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے حالات انتخابات کے نتائج کو متنازع بنادیں گے۔

  • کراچی:صبح صبح پرانا گولیمارسے 6 لاشیں ملیں

    کراچی:صبح صبح پرانا گولیمارسے 6 لاشیں ملیں

    کراچی میں چھاپوں گرفتاریوں کے باوجود قتل و غارت گری کا سلسلہ تھم نہ سکا، کراچی کے علاقے پاک کالونی میں ریکسر پل کے قریب سے چھ افراد کی لاشیں ملیں، پولیس کے مطابق تمام افراد کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جنہیں بعد میں گولیاں مارکر قتل کیا گیا اور لاشیں ریکسر پل کے قریب پھینک دیں گئیں۔

    مقتولین کی شناخت گلزار، دلاور، شہزاد، ساجد، رضوان اور عامرکے ناموں سے کی گئیں، پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق چھ افراد کے قتل کا معاملہ گینگ وار کا نتیجہ لگتا ہے، تاہم مقتولین کی کسی بھی دہشتگرد گروہ سے وابستگی کی تصدیق نہیں ہوسکی، مقتولین چھ افراد کا تعلق پرانا گولیمار سے تھا۔

    واقعے کے بعد لواحقین کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچ گئی، جہاں اسپتال انتظامیہ اور ریسکیو عملے سے تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد ورثا بنا کسی قانونی کاروائی کے لاشیں اپنے ہمراہ لے گئے، دوسری جانب پی آئی بی کالونی میں پولیس افسر شفیق تنولی پر حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے قدرت اللہ نامی شخص اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے تھا، دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

     

  • مسلم لیگ فنکشنل بھی بائیکاٹ کا بہانہ تلاش کر رہی ہے،منظور وسان

    مسلم لیگ فنکشنل بھی بائیکاٹ کا بہانہ تلاش کر رہی ہے،منظور وسان

    صوبائي وزیر جیل خانہ جات منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق کی طرح فنکشنل مسلم لیگ بھی بلدیاتی انتخابات میں بائیکاٹ کرنے کا بہانہ تلاش کر رہی ہے۔

    خیرپور میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ 2018 میں ملک کا وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے وزیراعلیِ فی الحال نوجوان ہیں۔

    منظور وسان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے کیونکہ پیپلز پارٹی ہی عوام کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے، منظور وسان نے کہا کہ میں سردیوں میں خواب نہیں دیکھتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن اپنے وقت پر ضرور ہونگے، اگر ایم کیو ایم نے تعاون کیا تو ڈپٹی میئر ان کا ہوسکتا ہے۔
       

  • سندھ سمیت کراچی میں سی این جی اسٹیشنز ہفتے سے 41گھنٹے کیلئے بند

    سندھ سمیت کراچی میں سی این جی اسٹیشنز ہفتے سے 41گھنٹے کیلئے بند

    سوئی سدرن گیس کمپنی نے سی این جی اسٹیشن بند کرنے کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، سی این جی اسٹیشن ہفتے سے اکتالیس گھنٹوں کے لیے بند کر دیئے جائیں گے۔

    نئے شیڈول کے تحت کراچی سمیت سندھ میں سی این جی اسٹیشن ہفتے کو صبح آٹھ بجے کے بجائے ہفتے کی دوپہر تین بجے سے پیر کی صبح آٹھ بجے تک اکتالیس گھنٹوں کے لیے بند کیے جائیں گے۔

    ایس ایس جی سی کے ترجمان کے مطابق اتوار کو صنعتوں پر گیس کے استعمال پر پابندی ہوگی، سی این جی ایسوسی ایشن کے چئیرمین شبیر سلمانجی کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشن بند کرنے کے شیڈول میں تبدیلی غیر مناسب اقدام ہے

    انکا مزید کہنا ہے کہ ہفتے سے اکتالیس گھنٹوں تک سی این جی اسٹیشن بند ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہو جائے گی اور ایمبولینس سروس متاثر ہونے سے مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا رہے گا۔

    صنعتکاروں کے مطابق صنعتی علاقوں میں لو پریشر کی وجہ سے پراسسنگ انڈسٹری بند ہونے کے قریب اور گیس کی بندش سے صورتحال مزید خراب ہو گی، اگر صنعتیں بند ہوتی ہیں تو بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔
        
       

  • بلاول بھٹو زرداری کا لاڑکانہ سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ

    بلاول بھٹو زرداری کا لاڑکانہ سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ

    بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرلیا، این اے دو سو چار سے منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے رہنما ایاز سومرو نے استعفیٰ دے دیا، ایاز سومرو کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر قانون بنائے جانے کا امکان ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں این اے دو سو چار سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرلیا، ذوالفقار بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور بے نظیر بھٹو این اے دو سو چار لاڑکانہ سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

    بلاول بھٹو این اے دو سو چار سے این اے دو سو چار سے پیپلزپارٹی کے ایاز سومرو منتخب ہوئے تھے، ایاز سومرو نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کے حوالے کردیا، ایاز سومرو کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پر ایسی ہزاروں نشستیں قربان کرسکتے ہیں۔

    ایاز سومرو نے ایک ماہ پہلے استعفیٰ دیا تھا جبکہ ایاز سومرو کو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا مشیر قانون بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔