Author: فائزہ شاہ

  • سوئی سدرن گیس کمپنی:موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار

    سوئی سدرن گیس کمپنی:موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار

    سوئی سدرن گیس کمپنی نے موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کر لیا ہے، کے ای ایس سی کو گیس سپلائی کم کرنے کے علاوہ صنعتوں کو دو روز اور سی این جی سیکٹر کو چار روز گیس کی بندش برداشت کرنا پڑے گی۔

    کمپنی زرائع کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کیلئے صنعتوں کو ہفتے میں دو دن اور سی این جی سیکٹر کو چار دن گیس سپلائی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سوئی سدرن نے کے ای ایس سی کو گیس کی سپلائی بھی کم کردی ہے، کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق گیس کی فراہمی ایک سو پچاس ایم ایم سی ایف ڈی سے کم ہوکر اسی ایم ایم ایف سی ڈی پر آگئی ہے۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کو بھی اگلے ہفتے گیس کی فراہمی بند کرنے کا امکان ہے، حکام کے مطابق موسم سرما کی گیس کی طلب و رسد کے فرق کو دیکھتے ہوئے سوئی سدرن نے نیا لوڈ مینجمنٹ پروگرام ترتیب دیا ہے۔
        
       

  • چمن:افغان سرحدی علاقے میں خود کش حملہ،5افراد جاں بحق

    چمن:افغان سرحدی علاقے میں خود کش حملہ،5افراد جاں بحق

    چمن پر پاک افغان سرحد سے ملحقہ افغان علاقے میں افغان فورسز کے قافلے پرخود کش حملے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

    چمن کے قریب پاک افغان سرحد سے ملحقہ افغان تجارتی مرکز ویش منڈی اُس وقت خوفناک دھماکے سے گونج اُٹھی، جب افغان فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا۔

    بتایا جاتا ہے کہ خود کش بمبار نے ہاتھ میں ٹوپیاں بھیجنے والے شخص کا روپ دھار رکھا تھا، افغان پولیس کمانڈر کے مطابق دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

    دھماکے کے فوری بعد نیٹو اور افغان فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر ہلاک وزخمیوں کوقریبی شفاخانے اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپین بولدک اسپتال منتقل کیا جبکہ سرحد پر سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

  • قومی سلامتی پالیسی تشکیل دینے پر کام کر رہے ہیں،سرتاج عزیز

    قومی سلامتی پالیسی تشکیل دینے پر کام کر رہے ہیں،سرتاج عزیز

       مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے قومی سلامتی پالیسی تشکیل دینےپرکام کررہے ہیں،اگلے سال افغانستان سےافواج کے انخلاء کے بعد غیر یقینی صورتحال پاکستان کیلئے بڑاچیلنج ہوگی، سیاسی اور عسکری قیادت کو ہم خیال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    قومی سلامتی سے متعلق سیمینار سے خطاب میں مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ خطے کے تمام ممالک امن کے خواہاں ہیں، جنوبی ایشیا ممالک وسطی ایشیا سے توانائی حاصل کرسکتے ہیں، حکومت جامع قومی سلامتی پالیسی تشکیل دینے پرکام کررہی ہے، دو ہزار چودہ کے بعد امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات معاشی بنیادوں پر بڑھانا ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کیساتھ تعلقات بڑھانے کی ضروت ہے، پاکستان کو دہشتگردی، انتہا پسندی اور اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان نے قومی سلامتی پر کیبنٹ بنائی ہے،انھوں نے کہا کہ اندرونی چیلنجز پر قابو پالیں تو بیرون چیلنجزسے آسانی سے نمٹ سکتے ہیں، ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں فنڈز کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا ہے۔

     

  • خوشبوکی شاعرہ پروین شاکرکی آج 19ویں برسی ہے

    خوشبوکی شاعرہ پروین شاکرکی آج 19ویں برسی ہے

    خوشبو، رنگ اور محبت کی شاعرہ پروین شاکر کی آج 19ویں برسی ہے، انیس برس پہلے آج کے دن ان کا ایک حادثے میں انتقال ہوا تھا۔

    پروین شاکر نے کراچی میں جنم لیا، یہیں سے تعلیم اور ملازمت پائی، شاعری اسی شہر میں پروان چڑھی، خوشبو ان کے کلام کی پہلی کتاب جس نے شاید نوجوانوں میں پھرسے کتابوں کے تحفوں کا رواج ڈالا، لڑکی کی زبان سے جرات مند لہجے میں جذبات کا اظہار ان کی غزلوں اور نظموں کا خاصہ بنا۔

    پذیرائی اور جدائی اس کی دومثالیں ہیں، جن میں تصویر حقیقت کا روپ دھارتی محسوس ہوتی ہے، بے باک اندازمیں اس طرح دلوں کی باتیں کہہ دینا آسان نہیں ہوتا لیکن پروین نے یہ کر دکھایا، ایسی بہت سی مثالیں ان کے کلام میں جا بجا ملتی ہیں۔

    اندھیرے میں بھی مجھے جگمگا ہے کوئی بس ایک نگاہ سے رنگ بدن بدلنے لگا، بس یہ ہوا کہ اس نے تکلف سے بات کی اور ہم نے روتے روتے دوپٹے بھگولیے ناممکن تھا کہ ان کے کلام پر گلوکار طبع آزمائی نہ کرتے، سو مہدی حسن، ٹینا ثانی، تصورخانم جیسے فنکاروں نے ان کا کلام اپنی گائیکی کی زینت بنایا۔

    خوشبوکے بعد انکار، خودکلامی، صد برگ ان کی مشہور کتابیں رہیں، ان کا کلام ماہ تمام کے نام سے بھی شائع ہوچکا ہے، جس میں سوائے’’کف آئینہ‘‘ جو ان کے انتقال کے بعد شائع ہوئی تمام کلام شامل ہے، عکس خوشبو سے شروع ہونے والا کلام آج ایک دنیا کو اپنی مہک سے محظوظ کررہا ہے اور تادیر اس کا آہنگ اپنا رنگ جماتا رہے گا۔
     

  • چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری کلیئر،،دوبارہ چارج سنبھال لیا

    چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری کلیئر،،دوبارہ چارج سنبھال لیا

    نیب نے اپنے چیئرمین قمرالزمان کو این آئی سی ایل کیس میں کلئیر قرار دے دیا، جس کے بعد اُنھوں نے دوبارہ اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

    چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری نے عہدے کا دوبارہ چارج سنبھال لیا، چئیرمین نیب پر بحیثیت وفاقی سیکریٹری داخلہ این آئی سی ایل اسکینڈل میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام تھا۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں قمرالزمان کو کلئیر قرار دیا گیا، ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب این آئی سی ایل کیس کی تفتیش کے دوران چھٹی پر چلے گئے تھے۔

    چیئرمین نیب اور سابق سیکریٹری داخلہ قمر الزمان سے این آئی سی ایل کیس کے متعلق نیب افسران کی مشترکہ ٹیم نے تحقیقات کی، جس کے بعد انھوں نے اپنے چیئرمین کو بری الذمہ قراردے دیا۔

    چیئرمین نیب نے چارج سنبھالنے کے بعد تمام کیسز کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں، جو ابھی تک زیر التوا ہیں۔

     

  • امریکی گلوکار جسٹن بیبر نے ٹوئیٹر پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    امریکی گلوکار جسٹن بیبر نے ٹوئیٹر پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    امریکی گلوکار جسٹن بیبر نے ٹوئیٹر پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، کچھ مداحوں کی چیخیں نکلیں تو کچھ لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔

    چھوٹی سی عمر میں چھپڑ پھاڑ دولت اور شہرت پانے والے جسٹن بیبر کو سال دوہزار تیرہ میں کامیابیاں کم اور تنازعات کا سامنا کرنا پڑا، مارچ میں جسٹن نے اپنے یورپئین ٹور کے دوران لندن میں فوٹو گرافر کی پٹائی کردی تھی۔

    جس کے بعد لاس اینجلس میں ایک اور فوٹوگرافر کی کار کو ہٹ کردیا اور پھر امریکا میں پڑوسیوں نے پولیس سے جسٹن کی شکایت کی کہ جسٹن نے انہیں دھمکیاں دی ہیں اور ہراساں کیا ہے، ان سب تنازعوں سے جسٹن بیبر خبروں کا حصہ بنے رہے مگر ساکھ بہت خراب ہوئی۔

    اسی لئے جسٹن نے سال کے آخر میں اپنا البم ریلیز کیا اور مقبول ہوئے اب ایک بار پھر جسٹن نے ٹوئیٹر پر ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کیا تو کچھ مداحوں کے غم کے مارے چیخیں نکلیں اور کچھ نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا، جسٹن کے اعلان والے ٹوئیئٹر میسج پر ڈھائی کروڑ لوگوں نے ریسپونس دیا۔

     

  • بولیویا:انسانی بالوں سے تیارکردہ منفرد ملبوسات کا فیشن شو

    بولیویا:انسانی بالوں سے تیارکردہ منفرد ملبوسات کا فیشن شو

    بولیویا مں جانوروں کے بجائے انسانی بالوں سے تیار کردہ ملبوسات پیش کئے گئے، فیشن شو میں نئے انداز کے کلیکشن دیکھ کر سب ہی حیران رہ گئے۔

    اگر آپ کے بال گررہے ہیں یا آپ لمبے بالوں سے پریشان ہوکر انہیں کٹوا رہے ہیں لیکن ان بالوں کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو لیجئے بولیویا کی فیشن ڈیزائنر نے اس پریشانی کا حل نکالا ہے۔

    بیولیوین ڈیزائنر نے کرسمس اور نئے سال کی خوشی میں انسانی بالوں سے تیار کردہ ڈیزائن تخلیق کئے ہیں، ان ڈریسز کی تیاری میں کوکو لیوز اور کوکو ہیئر کے ساتھ انسانی بال استعمال کئے ہیں۔

    فیشن ڈیزائنر کارمن کو یہ خیال جانوروں کے بالوں سے بننے والے فرکوٹ سے آیا، کارمن کا کہنا ہے کہ بچپن سے ہیئر اسٹائل بناتے بناتے انہی بالوں سے اسکرٹس اور جیکٹس بنانا شروع کیں اور آج اپنا نیا کلیکشن لائونچ کردیا۔

     

  • پنجاب:بلدیاتی انتخابات،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری دن

    پنجاب:بلدیاتی انتخابات،کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری دن

    پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری دن ہے، امیدواروں کی بڑی تعداد نے کاغذات نامزدگی داخل کرا دیئے ہیں۔

    پنجاب بھر میں میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، امیدواروں کی جانب سے بائیس دسمبر سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا رہے ہیں، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 28 دسمبر کو جاری ہوگی جبکہ اگلے روز اعتراضات وصول کئے جائیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پنجاب میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال تیس دسمبر سے چار جنوری تک ہوگی جبکہ امیدوار بارہ جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست تیرہ جنوری کو جاری کر دی جائے گی۔

    پولنگ تیس جنوری کو ہوگی جبکہ نتائج کا اعلان دو فروری کو کیا جائے گا، الیکشن کمشن نے پنجاب بھر میں تقرر اور تبادلوں پر پابندی عائد کررکھی ہے جبکہ پنجاب کی انتخابی فہرستیں منجمد کردی گئی ہیں۔

  • آئی جی ایف سی سپریم کورٹ میں پیش،توہین عدالت کا نوٹس واپس

    آئی جی ایف سی سپریم کورٹ میں پیش،توہین عدالت کا نوٹس واپس

    آئی جی ایف سی سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے جس پر اُن کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا گیا، عدالت نے اُنھیں پندرہ دن لاپتہ افراد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

    آئی جی ایف سی توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں عدالتی بینچ نے کی، میجر جنرل اعجاز شاہد عدالتی بینچ کے روبرو پیش ہوئے، جسٹس ناصر نے ریمارکس میں کہا کہ آئی جی ایف سی کو توہین عدالت کا نوٹس عدالت میں پیش نہ ہونے پر جاری کیا گیا تھا، انہوں نے عدالت میں پیش ہوکر حکم کی تکمیل کر دی ہے، لہذا توہین عدالت کا نوٹس واپس لیا جاتا ہے۔

    جسٹس ناصرالملک نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ دوہفتے میں عدالت میں جمع کروائے، اس موقع پر آئی جی ایف سی کے وکیل عرفان قادر نے عدالت کو بتایا کہ کاؤ خان جس کے بارے الزام تھا کہ اسے چھ ایف سی کے جوانوں نے غائب کیا ہے، کوئٹہ سے برآمد ہوگیا ہے، اس طرح یہ تاثر غلط ہے کہ کاؤ خان ایف سی کی تحویل میں تھا۔

    جسٹس اعجاز اختر نے سوال کیا کہ ایف سی کے بارے میں تاثر ہے کہ وہ لوگوں کو غائب کر دیتی ہے، اس حوالے سے آپ نے کیا کاروائی کی ہے، عرفان قادر نے کہا کہ ان تمام باتوں کا جواب میں نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں شامل کر کہ عدالت میں جمع کر دیا ہے، اس کے بعد مقدے کی سماعت 15جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

     

  • لوزیانا گشتی گھر میں آگ لگنے سے 3بچے ہلاک

    لوزیانا گشتی گھر میں آگ لگنے سے 3بچے ہلاک

    کرسمس کے دن لوزیانا میں ایک گشتی گھر میں آگ لگنے سے تین بچے ہلاک ہو گئے، بچوں کا باپ انہیں بچاتے ہوئے بری طرح جھلس گیا۔

    لوزیانا کے حکام کے مطابق حادثہ کرسمس کے دن سخت سرد موسم کے دوران ہیٹر کے استعمال کی وجہ سے ہوسکتا ہے، اس حوالے مزید تفتیش جاری ہے، آگ لگنے کے بعد تینوں بچوں کو بچاتے ہوئے بچوں کا باپ بری طرح آگ سے بری طرح جھلس گیا۔

    جسے طبی امداد کے لئے بیٹن روج جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے، ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں دس سے بارہ ہیں۔