Author: فائزہ شاہ

  • پشاور : پولیس کے روکنے پر 2 موٹر سائیکل سوار خود کش جیکٹ پھینک کر فرار

    پشاور : پولیس کے روکنے پر 2 موٹر سائیکل سوار خود کش جیکٹ پھینک کر فرار

    پشاور: پولیس کے روکنے پر دو موٹرسائیکل سوار خود کش جیکٹ پھینک کر فرارہو گئے، خود کش جیکٹ میں6 سے 7 کلو بارودی مواد تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ، جمیل چوک پر پولیس نے 2موٹرسائیکل سوارافرادکو رکنےکا اشارہ کیا توملزمان نے خود کش جیکٹ پھینکی اور فرارہو گئے.

    پولیس نے بتایا کہ بم ڈسپوزل یونٹ نے خود کش جیکٹ کوناکارہ بنا دیا، خود کش جیکٹ میں6 سے 7 کلو بارودی مواد تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار دو افراد کی تلاش جاری ہے۔

  • سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی

    سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی

    پشین : سیکیورٹی فورسز کی سرخاب مہاجر کیمپ میں کارروائی کے دوران پانچ دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردشہرمیں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پشین میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی۔

    سرخاب مہاجر کیمپ میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

    پولیس حکام نے بتایادہشت گردشہرمیں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔

    یاد رہے سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تھا۔

    ترجمان نے بتایا تھا کہ گزشتہ رات کارروائیوں کےدوران شدیدفائرنگ سے3دہشتگردزخمی بھی ہوئے، یہ آپریشنز چھبیس اگست کے معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملوں کے تناظر میں کئے گئے، ان آپریشنز کا مقصد گھناونی کاروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔

  • جائیداد کا تنازع : بیٹوں نے گولیاں مار کر  باپ  کو قتل کرڈالا

    جائیداد کا تنازع : بیٹوں نے گولیاں مار کر باپ کو قتل کرڈالا

    فیصل آباد : گٹ والا پل پر جائیداد کے تنازع پر بیٹوں نے گولیاں مار کر باپ قتل کر دیا اور پیدل فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے گٹ والا کے رہائشی ستاون سالہ نوازش علی نے جائیداد کی تقسیم کے تنازع پر اپنے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کروا رکھا تھا۔

    نوازش علی گٹ والا پل پر موجود تھا کہ مقدمے کی پیروی کرنے اور جائیداد تقسیم نہ کرنے کی رنجش پر اس کے بیٹوں عتیق اور نبیل نے پستول سے فائرنگ کر دی۔

    ملزمان نے اپنے باپ کو چھ گولیاں ماریں، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد پیدل ہی فرار ہو گئے۔

    تھانہ مدینہ ٹاؤن پولیس نے مقتول کی لاش الائیڈ اسپتال منتقل کر کے اس کی بیٹی زاہدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق ملزمان عتیق اور نبیل نے اپنے تیسرے بھائی توصیف کی ایما پر باپ کو قتل کیا۔

  • کراچی  میں بارش برسانے والا  سسٹم کمزور پڑگیا

    کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں کراچی کا موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے کہا ہے :بارش برسانےوالاہواکےکم دباؤکاسسٹم کمزورہوگیا، شہر میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں.

    شہر مطلع جزوی ابرآلود،موسم مرطوب رہنےکاامکان ہے، شہرکاموجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جبکہ 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسےہوائیں چل رہی ہیں اور زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈتک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں شہر کا موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔

    دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، بالائی خیبر پختونخوا ،جنوب مشرقی سندھ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    میر پورخاص، عمر کوٹ، مٹھی اورتھر پارکر میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

  • علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے آج سیشن کورٹ میں پیش کرنے کا حکم

    علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے آج سیشن کورٹ میں پیش کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سیشن کورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے وزیر اعلی کے پی کے علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

    سول جج شائستہ خان کنڈی نے علی امین گنڈاپور کی طبی بنیاد پرحاضری معافی کی درخواست مستردکرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے علی امین گنڈا پور کی آج عدالت پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج بھی پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ وزیراعلیٰ کے پی کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی لگایا گیا، ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ متعدد سماعتوں پر پیش نہیں ہوئے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود علی امین گنڈاپور 342 کا بیان ریکارڈ نہیں کروا رہے، ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو وزیراعلیٰ کو گرفتار کر کے 5 ستمبر کو عدالت میں پیش کریں۔

  • کار ساز حادثہ کیس : عدالت کا تفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کا حکم

    کار ساز حادثہ کیس : عدالت کا تفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کا حکم

    کراچی : کارساز حادثہ کیس میں کراچی کی مقامی عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سٹی کورٹ میں کارساز حادثہ کیس کی سماعت ہوئی ، ملزمہ نتاشا کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوائی گئی۔

    عدالت نے منشیات کے نئے مقدمہ میں ملزمہ نتاشا کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے ، مقدمےکے تفتیشی افسر ایس آئی او عامر الطاف عدالت میں پیش ہوئے۔

    تفتیشی افسر کی جانب سے چالان جمع کرانے کے لئے مہلت طلب کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش جاری ہے چالان کیلئے 15 دن کی مہلت دی جائے، ڈی وی آر فارنزک کے لئے لاہور بھیجا ہوا ہے، پنجاب سے رپورٹ آنے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ ڈی آئی جی ٹریفک اور متعلقہ کونسلز کو خطوط لکھے ہیں، ملزمہ کےبرطانوی لائسنس کی تصدیق کیلئےایمبیسی سےرابطہ کیا ہے۔

    عدالت نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے حادثے میں کن کن املاک کونقصان ہوا ہے؟ اور استفسار کیا زخمیوں کےبارےمیں بتائیں ان کی کیا صورتحال ہے؟ تو تفتیشی افسر نے بتایا کہ عبدالسلام سمیت تمام زخمیوں کی حالت بہتر ہے۔

    عدالت کا آئندہ سماعت پر کار ساز حادثہ کیس کی تفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا، بعد ازاں کیس کی سماعت پانچ ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    خیال رہے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا کیخلاف مقدمے میں ایک اور سیکشن کا اضافہ کردیا گیا۔۔ تفتیشی پولیس نے ایف آئی آر میں موٹر وہیکل کی دفعہ سو بھی شامل کردی، یہ دفعہ شراب یا دیگر نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے پر عائد کی جاتی ہے، ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ میں آئس نشے کے شواہد ملے تھے

  • کراچی : تیز رفتار بس نے  موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کو کچل ڈالا

    کراچی : تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کو کچل ڈالا

    کراچی : سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب تیز رفتار بس نے تین موٹرسائیکلوں کوکچل ڈالا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ، جہاں سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب تیز رفتار بس شہریوں پر چڑھ دوڑی۔

    ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ افسوسناک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ خواتین سمیت نو افراد زخمی ہوئے۔

    بس نے موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کو کچلا تاہم بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    حادثے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے

    یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی میں کینٹ اسٹیشن کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے وکیل جاں بحق ہوگیا جبکہ ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا۔

    ٹریفک حادثےکی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آئی تھی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیزرفتاربس نے عرض محمد ایڈووکیٹ کی موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکرماری۔

    حادثے کے بعد وکلا نے تین تلوار کے قریب احتجاج کرتے ہوئے دونوں ٹریک بند کردیئے، جس سے اطراف کی سڑکو پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ وکلا کے احتجاج کے بعد بس ڈرائیور سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ بس ڈرائیور کو موقع سے فرار کروانے کے الزام میں ایس ایچ او فرئیر کو معطل کر دیا گیا تھا۔

  • مونال ریسٹورنٹ کی نظرثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر

    مونال ریسٹورنٹ کی نظرثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے مونال ریسٹورنٹ کی نظرثانی درخواست 5 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی، مونال اور لا مونتانا ریسٹورنٹس نے 3 ماہ میں عدالت کو ریسٹورنٹس خالی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نےمونال ریسٹورنٹ کی نظرثانی درخواست سماعت کیلئےمقررکر دیں ، لا مونتانااورسن شائن ہائٹس کی درخواستیں بھی 5 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کی گئیں ہیں۔

    چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا ، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔

    مونال اور لا مونتانا نے 3ماہ میں عدالت کو ریسٹورنٹس خالی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    یاد رہے 15 اگست کو سپریم کورٹ نے مارگلہ ہلز میں واقع مونال ریسٹورنٹ کے مالک ملک لقمان علی افضل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔

    مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں کمرشل سرگرمیوں سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے تھے کہ ریسٹورنٹ کے مالک نے عدالت کو ہوٹل بند کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن اب وہ ٹی وی پر انصاف کے خلاف ’پروپیگنڈا‘ کر رہے ہیں۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آج عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ علی افضل ریسٹورنٹ کے عملے کو ان کے دیگر کھانے پینے والوں میں نوکریاں دیں۔

    مونال کی سوشل سائٹ پر شیئر کی گئی ایک حالیہ پوسٹ میں اس کے اگلے ماہ بند ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

  • نان فائلرز کے لئے ‘آسان ٹیکس ریٹرن فارم’ جاری

    نان فائلرز کے لئے ‘آسان ٹیکس ریٹرن فارم’ جاری

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نان فائلرز کے لئے آسان ٹیکس ریٹرن فارم جاری کردیا، فارم پُر کریں اور فائلر بن جائیں۔

    چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست اسکیم نعیم میر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آسان ٹیکس ریٹرن فارم تاجر دوست اسکیم کے تحت جاری کیا گیا ہے تاکہ نان فائلرز آسان ٹیکس ریٹرن فارم پُر کریں اور فائلر بن جائیں۔

    نعیم میر کا کہنا تھا کہ تاجر پرچیز پر ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی سے پریشان تھے، اب آسان ٹیکس ریٹرن کے ذریعے فائلر بنتے ہی 236 G اور 236 H کا ٹیکس 2فیصد اور 2.5 فیصد کی شرح سے کم ہوکر بلترتیب 0.1 فیصد اور 0.5 فیصد ہوجائے گا جو ایڈجسٹ ایبل ہوگا۔

    چیف کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ تاجر دوست اسکیم کے تحت وصول کیا گیا ایڈوانس ٹیکس بھی ایڈجسٹ ایبل ہوگا، غلط فہمی دور کر لی جائے کہ یہ مینیمم ایڈوانس ٹیکس ہے جو لازمی ادا کرنا ہوگا، ایسا ہر گز نہیں یہ ایڈوانس ٹیکس بھی بجلی کے بلوں و دیگر کے ایڈوانس ٹیکسز ہی کی طرح ایڈجسٹ ایبل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آسان ٹیکس ریٹرن میں ٹریڈر اپنا بینک اکاونٹ نمبر درج کرے گا اور اس بینک اکاونٹ میں ریفنڈ کی رقم خودکار طریقے سے واپس مل جائے گی۔

    مزید یہ کہ آسان ٹیکس ریٹرن میں ظاہر کی گئی آمدن پر نارمل ٹیکس سلیب اپلائی ہوگا اور خودکار طریقے سے ٹریڈر کا واجب الادا ٹیکس بتا دیا جائے گا، تاجر کے کم سے کم اثاثہ جات کا اظہار بھی ٹیکس ریٹرن میں ممکن ہوگا۔

    نعیم میر کا کہنا تھا کہ اب ہم اب وعدوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رھے ہیں ، تاجر بھی احتجاج کا راستہ چھوڑیں اور مزاکرات کی میز پر آجائیں ، یہ ہم سب کا ملک ھے اور ہم نے ملکر ہی چلانا ہے۔

  • کراچی میں آج دوپہر 2 سے رات 8 بجے کے درمیان  طوفانی بارش کی پیش گوئی

    کراچی میں آج دوپہر 2 سے رات 8 بجے کے درمیان طوفانی بارش کی پیش گوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دوپہر 2 سے رات 8 بجے کے درمیان طوفانی بارش کی پیش گوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ طاقتور مون سون سسٹم ابھی تک پاکستان پر ہے اور خصوصاً سندھ پر اس کے زیادہ اثرات دیکھے جارہے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم دس سے پندرہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے، اور آج یہ سسٹم شہر کے جنوب کی جانب زیادہ قریب آجائے گا، جس کے باعث آج کراچی میں شدید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طاقتورمون سون سسٹم کراچی سے 290 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، آج دوپہر2 سے رات 8 بجے کے درمیان موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

    شہر میں تیز گرد آلود ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں اور اکتیس اگست تک کراچی میں ایک سو پچاس سے دو سو ملی میٹر بارش کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مون سون سسٹم بلوچستان میں بھی بارش برسائے گا، بارشوں کا سلسلہ 2 سے 3 دن تک جاری رہے گا، شدید بارشوں سے سندھ میں فصلوں کو نقصان پہنچے گا۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے مزید کہا ہے کہ سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی آج طوفانی بارش کا امکان ہے اور تین سو ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔

    بارشوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حیدرآباد میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ میرپور خاص، جامشورو، سجاول، ٹھٹھہ میں بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کے نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔