Author: فائزہ شاہ

  • کراچی کے موسم کے حوالے سے نئی پیش گوئی سامنے آگئی

    کراچی کے موسم کے حوالے سے نئی پیش گوئی سامنے آگئی

    کراچی : محکمہ موسمیات کی کراچی کے موسم کے حوالے سے نئی پیش گوئی سامنے آگئی تاہم درجہ حرارت 34سے36ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں مطلع جزوی ابرآلودہے، آج بھی موسم گرم اورخشک رہے گا۔

    سمندری ہوائیں بحال ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہوگی اور دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے 13 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

    اس کے علاوہ موسی خیل ،ژوب، بارکھان، نوکنڈی، خضدار اور قلات میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • ہم اپنی آئینی حدود جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں، آرمی چیف

    ہم اپنی آئینی حدود جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں، آرمی چیف

    رسالپور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہم آئینی حدود جانتے ہیں دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کومقدم رکھنےکی توقع رکھتےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز(ملٹری) نے پاکستان ائیر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آپ ہماری امیدوں کا مرکز اور آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں، توقع ہے آپ کردار،ہمت اورقابلیت کی خوبیوں سے مُزیّن زندگی گزاریں گے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپ کا طرز عمل نہ صرف ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارےکیلئےبھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کےدفاع،عزت و وقار کیلئےقربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے، توقع ہے آپ بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت قائم رکھیں گے۔

    جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ آرٹیکل 19میں واضح طور پر آزادی اظہار اور اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، آئین میں دی گئی آزادی رائے پرعائدقیود کی برملا پامالی کرنیوالےدوسروں پرانگلیاں نہیں اٹھاسکتے، ہم آئینی حدود جانتے ہیں دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کومقدم رکھنےکی توقع رکھتےہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسلحے کی دوڑ سے ہمارےخطےمیں طاقت کاتوازن بھی بگڑنےکاامکان ہے، جدیدٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کرنے کے ساتھ دائرہ کار کووسعت دے رہی ہیں۔

    چیف آف آرمی اسٹاف نے مزید کہا کہ ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کےرحم و کرم پر ہوتاہے، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے، پاک فضائیہ نےبہادری،پیشہ ورانہ مہارت سےمشکلات میں فضائی حدودکی نگرانی کی، جس کی بڑی مثال فروری 2019 ہم سب کے سامنے ہے۔

    غزہ کی صورتحال کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ اس بات کی تازہ مثال ہےکہ جنگیں کیاکیا مصائب سامنے لاسکتی ہیں، غزہ میں بزرگوں، خواتین،بچوں کا اندھادھند قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں تشددبڑھ رہا ہے۔

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے اپنا ناجائز قبضہ کررکھا ہے، کشمیر میں بھارتی جارحیت پر دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آوازدبا نہیں سکتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی ،سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ راشدمنہاس، سرفراز رفیقی،ایم ایم عالم جیسےبنیں جنہوں نےوطن کیلئےزندگیاں پیش کیں، آپ کوجوذمہ داری سونپی ہےاس کیلئےپرعزم اورریاست پاکستان کیساتھ وفاداررہیں۔

  • محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خوشخبری سنادی

    محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خوشخبری سنادی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان کراچی والوں کو خوشخبری سنادی اور کہا درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، آج بھی پار ہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کل سےگرمی کی شدت میں کمی ہونےکاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت37سے40ڈگری سینٹی گریڈرہنےکاامکان ہے۔

    دوسری جانب ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پنجاب کےوسطی اورجنوبی اضلاع اور خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بعد از دوپہر تیز/گردآلودہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہےگا جبکہ سندھ کےبالائی اضلاع میں بعدازدوپہرتیز /گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

  • بیوی سے ناراضگی :  باپ نے 2 بیٹیوں  کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    بیوی سے ناراضگی : باپ نے 2 بیٹیوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    بھلوال : باپ نے بیوی سے ناراضگی پر 3 بیٹیوں 2 بیٹیوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی، واقعے میں تیسری بیٹی زخمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھلوال میں بھیرہ کے محلہ شیخاں والا میں باپ نے بیوی سے ناراضگی پر فائرنگ کرکے دوبیٹیوں کو قتل کردیا اور خود بھی خودکشی کرلی۔

    پولیس نے بتایا ہے بھیرہ کے مدثر کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا اور وہ ناراض ہو کر میکے چلی گئی، جب بچیاں باپ سے ملنے آئیں تو باپ نے ان پر فائرنگ کردی۔

    مدثر پندرہ سالہ بسم رب، تیرہ سالہ رحمانہ نور اوردس سالہ مناہل کو گولیاں مار دیں اور بیٹیوں پر فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مارلی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والی مناہل اور رحمانہ نے دم توڑ دیا، بسم ربی شدید زخمی ہے، پولیس نے زخمی بیٹی اور لاشیں اسپتال پہنچا دیں اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

  • ممتاز حریت رہنما جلیل احمد اندرابی کی شہادت کو 28 سال مکمل

    ممتاز حریت رہنما جلیل احمد اندرابی کی شہادت کو 28 سال مکمل

    ممتاز حریت رہنماجلیل احمد اندرابی کی شہادت کواٹھائیس سال مکمل ہوگئے تاہم ان کےاہلِ خانہ اٹھائیس سال گزرنےکےبعدبھی انصاف سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سرزمین کشمیرکےفرزنداورممتازحریت رہنماجلیل احمد اندرابی کی شہادت کواٹھائیس سال مکمل ہوگئے۔

    جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ سےتعلق رکھنے والے جلیل احمداندرابی انسانی حقوق اور تحریک آزادی کےعلمبردارتھے، آپ تیس جنوری اُنیس سوساٹھ کوپلوامہ میں پیداہوئے۔ آ

    آٹھ مارچ اُنیس سو چھیانوے کو پانچ راشٹریارائفلزکے میجراوتارسنگھ نے جلیل اندرابی کوتفتیش کےبہانےحراست میں لیا اور بہیمانہ تشددکےبعداُن کی لاش دریا میں پھینک دی۔

    ستائیس مارچ اُنیس سوچھیانوے کوجلیل اندرابی کی بوری بند لاش سرینگرکے علاقےکرسوراجباغ کے قریب دریائےجہلم سےملی تھی، میڈیا میں شوروغل اٹھنے کے بعد بھارت نےمیجر اوتارسنگھ کو سزا دینے کی بجائے امریکا فرار کرادیا۔

    جلیل اندرابی کومقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کےخلاف آواز اٹھانے اور انہیں دستاویزی شکل دینے کی پاداش میں شہید کیا گیا۔

    جلیل اندرابی جنیوامیں انسانی حقوق کونسل کےاجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم اورسفاکیت کو بےنقاب کرچکےتھے۔

    جلیل اندرابی کو عالمی سطح پر شہیدانصاف کا لقب بھی دیاجاچکاہےتاہم شہیدجلیل احمد اندرابی کےاہلِ خانہ اٹھائیس سال گزرنےکےبعدبھی انصاف سے محروم ہیں۔

  • اسٹریٹ کرائم کے خلاف فوری ایکشن کی ضرورت ہے، آئی جی سندھ

    اسٹریٹ کرائم کے خلاف فوری ایکشن کی ضرورت ہے، آئی جی سندھ

    کراچی : آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف فوری ایکشن کی ضرورت ہے، اب یہ نہیں ہوگا کہ سائل تھانے جائے اور مقدمہ درج نہ ہو۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے چارج سنبھالتے ہی اپنے بیان میں کہا کہ ایف آئی آر فری رجسٹریشن ٹاسک فورس بحال ہوگی،ایف آئی آر رجسٹریشن فری پرفوری نافذ العمل ہوگا۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف فوری ایکشن کی ضرورت ہے، تھانے میں کوئی بھی شہری جاتاہےتو مقدمہ درج کیا جائے گا، ہر واقعے کا مقدمہ درج ہونے سے ملزم کا ریکارڈ بنتا ہے۔

    غلام نبی میمن نے کہا کہ عدالت میں کیس بناتے وقت ملزم کے خلاف ٹھوس ثبوت ہوں گے ، اب یہ نہیں ہوگا کہ سائل تھانے جائے اور مقدمہ درج نہ ہو،ایسے ڈیوٹی افسر لگائیں گے جو سائل کی عزت کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا،کرپٹ عناصر کی جگہ بلیک کمپنی میں ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں اچھے افسرتعینات کریں گے۔

    آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ گٹکا مافیا کے خلاف ٹاسک فورس کو دوبارہ ایکٹوکیاجائےگا ساتھ ہی کچےکےڈاکوؤں کیخلاف فوری حکمت عملی تیار کریں گے۔

  • ایف بی آر میں اصلاحات اور آٹومیشن کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل

    ایف بی آر میں اصلاحات اور آٹومیشن کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات اور آٹومیشن کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، کمیٹی ایف بی آر ریفارمز پلان پرعملدرآمد کاجائزہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف بی آر میں اصلاحات اور آٹومیشن کیلئے اسٹیرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔

    وزیر اعظم دس رکنی اسٹیرنگ کمیٹی کی سربراہی خود کریں گے، کمیٹی میں خزانہ، تجارت، صنعت و پیداوار کے وزراء اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔

    وفاقی وزیر قانون، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری صنعت و پیداوار کمیٹی ارکان کا حصہ ہوں گے جبکہ ریونیو ڈویژن، تجارت اور سرمایہ کاری کے سیکرٹریز اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان میں شامل ہوں گے۔

    کمیٹی ایف بی آر ریفارمز پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی اور ایف بی آر میں اصلاحات کے عمل میں تیزی لانے کیلئے سہولت فراہم کرے گی۔

  • نئے قرض پروگرام کے لئے پاکستانی حکومت کو کیا اقدامات کرنا ہوں گے؟ آئی ایم ایف نے بتادیا

    نئے قرض پروگرام کے لئے پاکستانی حکومت کو کیا اقدامات کرنا ہوں گے؟ آئی ایم ایف نے بتادیا

    اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ نئی حکومت سے نئے قرض پروگرام پر آئندہ مہینوں میں بات ہوگی، جس کے لئے پاکستان کو معاشی اہداف پرمزیداقدامات کرنے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مذاکرات کا اعلامیے جاری کردیا۔

    آئی ایم ایف نے کہا حکومت نے نئے قرض پروگرام کے حصول میں دلچسپی ظاہر کر دی، پاکستان سےمیڈیم ٹرم فنڈ سپورٹڈ پروگرام پر مذاکرات کریں گے، پاکستان کے ساتھ مذاکرات آنے والے مہینوں میں شروع ہوں گے.

    اعلامیے میں کہا گیا کہ نئے قرض پروگرام کے لیے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانا ہوں گے، ا نجی شعبے کی شراکت داری بڑھانا ہوگی، سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔

    آئی ایم ایف نے بتایا کہ نئے قرض پروگرام کے لیے سرکاری اداروں میں اصلاحات کرنی ہوں گی، انسانی وسائل پر سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی، نئے وسائل پر سرمایہ کاری بڑھنے سے معاشی ترقی بڑھ سکتی ہے۔

    اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے نیا وسط مدتی قرض پروگرام لینا چاہتا ہے، نئے قرض پروگرام کیلئے پاکستان کو معاشی اہداف پر مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

    آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کو ٹیکس بنیاد کو وسیع کرنا ہوگا، پبلک فنانس مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے اور غریب اور نادار طبقے کے تحفظ دینا ہوگا ساتھ ہی غریب طبقات کی سماجی امداد کے اخراجات پر توجہ دینی ہوگی۔

    اعلامیے میں مزید کہنا تھا کہ نئی منتخب حکومت کو توانائی شعبے میں اصلاحات کرنی ہوں گی، پاکستان کو بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا،کیپٹیو پاور ڈیمانڈ کو گرڈ میں منتقل کرنا ہوگا، آئی ایم ایف اعلامیہ

    اس کے علاوہ تقسیم کار کمپنیوں کی گورننس اور انتظام کو مضبوط بنانا ہوگا اور بجلی چوری روکنے کیلئےمزید مؤثر کوششیں کرناہوں گی۔

  • پارٹی نے فیصلہ کیا ہے میں سینیٹ کا الیکشن نہ  لڑوں، عالیہ حمزہ

    پارٹی نے فیصلہ کیا ہے میں سینیٹ کا الیکشن نہ لڑوں، عالیہ حمزہ

    لاہور : پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے میں سینیٹ کا الیکشن نہ لڑوں، صنم جاوید سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لینےکیلئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی درخواست دائرکی ، پارٹی نے فیصلہ کیا ہے میں سینیٹ کا الیکشن نہ لڑوں۔

    عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرا رہی۔ صنم جاوید سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

    خیال رہے عالیہ حمزہ جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔

  • رمضان المبارک میں  سرکاری دفاتر کے اوقات کار کیا ہوں گے؟  اعلان ہوگیا

    رمضان المبارک میں سرکاری دفاتر کے اوقات کار کیا ہوں گے؟ اعلان ہوگیا

    اسلام آباد : حکومت نے رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان کردیا ، دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دن 3 بجے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کیلئے وفاقی سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا ، اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی سرکاری دفاترکے نئے اوقات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہفتے میں 5 روز کام والے دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دن 3 بجے اور 6 روز کام والے دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دن 2 بجے ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز وفاقی سرکاری دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے ساڑھے 12 تک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اداروں میں روزانہ اوقات کار میں دو گھنٹے کمی کردی جاتی ہے۔