Author: فائزہ شاہ

  • احتجاج کی کال : اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی والوں کو خبردار کردیا

    احتجاج کی کال : اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی والوں کو خبردار کردیا

    اسلام آباد : وفاقی پولیس نے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال پر خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلام آبادمیں ہنگامہ آرائی کی کسی کواجازت نہیں دی جائےگی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ عوامی معلوماتی پلیٹ فارمز سے دفعہ144 کے نافذالعمل ہونے سےمتعلق آگاہ کیاجاچکاہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    اسلام آبادپولیس نے درخواست کی کہ خواتین،بچےایف نائن پارک اور ایف سکس کی طرف دوپہرایک بجے جانے سے گریزکریں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا شہر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے۔۔ احتجاج یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف عوام سے باہر نکل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرنے کی درخواست کی ہے۔

    شمالی پنجاب میں راولپنڈی کے علاقے ایف نائن پارک، جہلم کے الیکشن کمیشن آفس، اور میانوالی میں بھی پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا جبکہ ملتان، بہالپور میں آج احتجاج کی کال دی گئی ہے ۔

    کورکمیٹی اجلاس کےاعلامیے میں مطالبہ کیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنرمستعفی ہوں، چیف الیکشن کمشنراورالیکشن کمیشن کےمجرمانہ کردارپرسب آوازیں اٹھارہےہیں۔ عوام ووٹ کی حرمت کیلئے پُرامن صدائے احتجاج بلند کریں۔

  • شیخ روحیل اصغر نے مسلم لیگ ن کی شکست کی  وجہ بتادی

    شیخ روحیل اصغر نے مسلم لیگ ن کی شکست کی وجہ بتادی

    کراچی : مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما شیخ روحیل اصغر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی شکست کی ایک وجہ حد سے زیادہ خوداعتمادی بھی ہے،خود اعتمادی زیادہ ہو جاتی ہے تو پھر آپ سےغلطیاں بھی ہوتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما شیخ روحیل اصغر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور مین گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکست تسلیم کرنے والا شخص ہوں، رونا دھونا نہیں کروں گا، میرے حلقے میں پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار نے ن لیگ میں شمولیت کرلی ہے۔

    شیخ روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حمایت یافتہ والےرکن سےسوال پوچھناچاہیے، عوام کودیکھناچاہیےانہوں نےپی ٹی آئی والےکوووٹ دیااوروہ ن لیگ میں چلاگیا۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ خوداعتمادی زیادہ ہوجاتی ہےتوپھرآپ سےغلطیاں بھی ہوتی ہیں، مسلم لیگ ن کی شکست کی ایک وجہ حدسےزیادہ خوداعتمادی بھی ہے۔

    نواز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرے علم میں ہے نواز شریف کی صحت اس وقت بہترنہیں ہے، وزیراعظم کے عہدے پر بڑی تگ و دو کرنا پڑتی ہے، بڑی ذمہ داری ہے۔

    شیخ روحیل اصغر نے بتایا کہ لیکشن سے پہلے لوگوں میں تاثر بنا ہوا تھا کہ نوازشریف وزیراعظم بنیں گے، ایسے موقع پر نواز شریف یہ نہیں کہہ سکتے تھے کہ وزیراعظم نہیں بنوں گا، نواز شریف اگر پہلے کہہ دیتےکہ وزیراعظم نہیں بنوں گا تو بڑا بلنڈر ہوجاتا۔

    سینئر رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف واپس نہ آتے تو الیکشن کے نتائج بالکل ہی مختلف ہوتے، نوازشریف اب جب چاہیں بیرون ملک جاسکتےہیں واپس بھی آسکتےہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کی یہ ہی توقعات ہیں کہ جلد سے جلد ڈیلیور کریں، لوگوں ایک دوماہ میں ایک ڈائریکشن نظر آنا شروع ہو جائے گی۔

  • پاک بحریہ کی چھٹی ہنگور کلاس آبدوز کی تیاری کا آغاز

    پاک بحریہ کی چھٹی ہنگور کلاس آبدوز کی تیاری کا آغاز

    کراچی : پاک بحریہ کی چھٹی ہنگور کلاس آبدوز کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ، ہنگورکلاس آبدوزیں جدیدترین ٹیکنالوجی اورہتھیاروں سےلیس کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے پاک بحریہ کی چھٹی ہنگورکلاس آبدوز کی تیاری کا آغاز کردیا گیا ، تقریب کا انعقاد کراچی شپ یارڈاینڈاانجینئرنگ ورکس میں ہوا۔

    چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کےمہمان خصوصی تھے، ہنگورکلاس آبدوزیں جدیدترین ٹیکنالوجی اورہتھیاروں سے لیس کی جائیں گی۔

    اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نویداشرف نے آبدوزتیاری میں چائنہ شپ بلڈنگ کمپنی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

    قومی جہاز اورآبدوزسازی کی صنعت کو تقویت دینا نیول ہیڈکوارٹرز کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ جدیدآبدوزکی تیاری میں وزارت دفاعی پیداوار،پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں

    ہنگورکلاس آبدوزوں کی پاکستان میں تیاری سے پاک بحریہ کی خود انحصاری کو فروغ ملے گا۔

  • کیا 300 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ وفا ہوسکتا ہے؟ مرتضیٰ سولنگی کا سیاسی جماعتوں سے سوال

    کیا 300 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ وفا ہوسکتا ہے؟ مرتضیٰ سولنگی کا سیاسی جماعتوں سے سوال

    اسلام آباد : نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سیاسی جماعتوں سے سوال کیا کہ کیا تین سویونٹ مفت بجلی کا وعدہ وفا ہوسکتا ہے؟ کیا معاشی مسائل اس بات کی اجازت دیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے بیان میں کہ ہے کہ گزشتہ 5 ماہ میں انتخابات کے حوالے سے شکوک شبہات کا اظہار کیا گیا، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیےعام انتخابات جمعرات آٹھ فروری کوہوں گے۔

    نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انشااللہ جمعرات 8 فروری کوتمام پولنگ اسٹیشنزکھلیں گے اور پاکستانی عوام8فروری کواپناحق رائےدہی استعمال کریں گے۔

    مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عام انتخابات کے حوالےسے میڈیا کی ذمہ داری زیادہ بڑھ جاتی ہے،انتخابات کے حوالےسے میڈیا کو ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنا ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے، چھوٹےموٹےکام بلدیاتی حکومت کےہوتےہیں یہ وفاقی الیکشن ہیں۔

    نگراں وزیر اطلاعات نے سیاسی جماعتوں کے مفت بجلی دینے کے دعوؤں پر سوال کیا کہ کیا تین سویونٹ مفت بجلی کا وعدہ وفا ہوسکتا ہے؟ کیا معاشی مسائل اس بات کی اجازت دیتےہیں، بلند بانگ دعووں کی معاشی بنیاد نہیں تواس کافائدہ نہیں, جیسےایک جماعت نےکہاتھاپی ٹی وی کوبی بی سی بنادیں گے،اور پھر انہوں نے کیا کچھ کیا سب کو پتا ہے۔

    مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری کی حیثیت سےبولنےکاحق ہےاس لئےگفتگوکی تھی، میرےگفتگوسےکچھ لوگوں کوبہت تکلیف بھی ہوئی۔

  • اب  گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوائیں ؟جانئے کیسے

    اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوائیں ؟جانئے کیسے

    اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ متعارف کرادی ، جس سے گھر بیٹھے شناختی کارڈ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی سہولت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق شہریوں کو قطار اور انتظار سے بچانے کیلئے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جدید سہولت فراہم کردی۔

    نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ متعارف کرادی ، جس سے تصویر اپ لوڈ ، فنگرپرنٹس اور آن لائن پے منٹ آسان ہوگئی۔

    نادرا کا کہنا تھا کہ گھر بیٹھے شناختی دستاویزات ،فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی سہولت ہوگی ، نادرا میگا دفاتر میں موجود خصوصی معلوماتی کاؤنٹرز پر رابطہ کریں۔

    نادرا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی شناختی کارڈ (این آئی سی) ،بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے شناختی کارڈ (نائکوپ) اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی)اب گھر بیٹھے اس ایپ کے ذریعے بنوائی جاسکتی ہے۔

  • پاکستان میں رواں برس سردیوں کا دورانیہ:  محکمہ موسمیات نے بڑی پیش گوئی کردی

    پاکستان میں رواں برس سردیوں کا دورانیہ: محکمہ موسمیات نے بڑی پیش گوئی کردی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے ملک میں رواں برس سردیوں کا دورانیہ طویل ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں جاڑے نے دھوم مچادی۔۔ پہاڑوں پر برف کا راج ہے، تو کہیں یخ بستہ ہوائوں سے شہری ٹھٹھرنے لگے ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے رواں برس سردیوں کا دورانیہ طویل ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔

    کراچی میں سائبیرین ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، گزشتہ رات رواں موسم سرما کی سرد ترین رات تھی۔

    گزشتہ رات شہرقائد کا کم سے کم درجہ حرارت گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس سےقبل کم سے کم درجہ حرارت ماہ دسمبرمیں ریکارڈ کیا گیا تھا، جو گیارہ اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔

    گزشتہ سال کی سرد ترین رات کا کم سےکم درجہ حرارت چھ ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا تھا تاہم محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی میں موسم سرد اور رات میں سردی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہ

    ملک میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں ہے جہاں پارہ منفی دس سے بس کرنے کو تیار نہیں جبکہ قلات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے چھ ڈگری نیچے آگیا ہے اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی تین ریکارڈکیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھںٹوں کےدوران ان اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے اورشمالی اضلاع میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

  • پاکستان میں  گیس کے نئے ذخائر  دریافت

    پاکستان میں گیس کے نئے ذخائر دریافت

    اسلام آباد : پاکستان میں گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلئے گئے، شمالی وزیرستان میں شیوا 2 کنویں سے 0.607 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ماڑی پٹرولیم نے شمالی وزیرستان سے گیس دریافت کرلی ، کمپنی کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا کہ شیوا 2 کنویں سے 0.607 ملین کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل ہوگی۔

    اعلامیے میں کہنا تھا کہ گیس وزیرستان میں شیوا 2 کنویں کی کھدائی کے دوران دریافت ہوئی ، شیوا 2 کنویں کی کھدائی 2 جون 2023 کو شروع کی گئی تھی، کنویں کی 4577 میٹر تک کھدائی کی گئی۔

    ماڑی پٹرولیم نے کہا کہ نئی دریافت سے ملکی گیس ذخائر میں بہتری آئے گی، اس علاقےمیں ماری پٹرولیم کے 55 فیصد شیئرز ہیں جبکہ او جی ڈی سی ایل کے35 فیصد اور او پی آئی کے10 فیصد شیئر زہیں۔

  • پاکستان کو آئی ایم ایف سے 13جنوری تک 70 کروڑ ڈالرز ملنے کے واضح امکانات

    پاکستان کو آئی ایم ایف سے 13جنوری تک 70 کروڑ ڈالرز ملنے کے واضح امکانات

    اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) بورڈ آج پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے گا، پاکستان کو 13جنوری تک 70 کروڑ ڈالر ملنے کے واضح امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹوبورڈ کا اجلاس آج ہوگا، بورڈ میں 3 ارب ڈالرز کے قلیل مدتی قرض پروگرام کے تحت پہلا جائزہ پیش کیا جائے گا۔

    آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کیلئے دوسری قسط کی منظوری کا جائزہ لے گا اور 70کروڑ ڈالر کی قسط منظوری دے گا۔

    وزارت خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈکی منظوری سے پاکستان کو تقریباً70 کروڑ ڈالر کی قسط ملے گی، پاکستان کو 13جنوری تک 70کروڑ ڈالر ملنےکےواضح امکانات ہیں۔

    پاکستان نےآئی ایم ایف کےتمام اہداف حاصل کیے ہیں، خسارہ محدود کرنےاور معاشی اصلات پر سختی سے عمل درآمد کرایا گیا، حکام

  • حجاج کو سہولیات کی فراہمی : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد حج معاہدوں پر دستخط

    حجاج کو سہولیات کی فراہمی : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد حج معاہدوں پر دستخط

    اسلام آباد: حکومتِ پاکستان اور سعودی حکومت کے درمیان پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعدد حج معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سربراہی میں پاکستانی وفد کے دورہ سعودی عرب کے دوران حکومتِ پاکستان اور سعودی حکومت کے مابین متعدد حج معاہدات پر دستخط ہوگئے۔

    سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں منعقدہ عالمی حج ایکسپو کے موقع پر پاکستانی حکومت اور سعودی حکام کے مابین متعدد حج معاہدات پر دستخط ہوئے۔

    حج ایکسپو میں پاکستانی وفد کی موجودگی میں ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے معاہدات پر دستخط کیے۔

    اس کے علاوہ پاکستانی حجاج کو مختلف سہولیات کی فراہمی سے متعلق باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔

    دستخط کی تقریب میں وزیر مذہبی امور انیق احمد ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاءالرحمن ، جوائنٹ سیکرٹری حج سجاد یلدرم جبکہ جدہ میں قائم دفتر امور حجاج پاکستان کے ڈائریکٹر ز ضیاءالرحمن ، فہیم آفریدی اور ضیغم نواز بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ آئندہ حج کے دوران منیٰ عرفات میں پہلے سے بہتر جگہ فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حج 2024 کے دوران عمومی سہولیات گذشتہ سال کی نسبت بہتر ہوں گی، حجاج کرام کو بہتر سہولیات کے فراہمی کیلئے وزارت کے حکام انتھک محنت کر رہے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر سعودی حکام نے پاکستانی وفد کو غلافِ کعبہ کا سوینئر پیش کیا۔

  • سال 2023 کے اہم عدالتی فیصلے کون سے رہے؟

    سال 2023 کے اہم عدالتی فیصلے کون سے رہے؟

    رواں برس گہما گہمی کا سال رہا، پاکستانی عدالتوں میں اہم نوعیت کے متعدد مقدمات پر کارروائیاں ہوئیں تاہم  ہزاروں مقدمات نمٹانے کے باوجود سال کے اختتام پر عدالت عظمیٰ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 56 ہزار سے زیادہ ہے۔

    سال 2023 میں سپریم کورٹ اور دیگر عدالتوں نے متعدد اہم فیصلے لیے، جن میں سے بیشتر زیر بحث بھی رہے، عدالت عظمیٰ کے چند اہم فیصلوں پر نظر ڈالتے ہیں۔

    بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا قانون کالعدم قرار

    رواں سال مارچ میں لاہور ہائی کورٹ نے بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے قانون کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دفعہ 124 اے کو آئین سے متصادم قرار دیا۔

    سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ 2023 کالعدم قرار

    رواں سال اگست میں سپریم کورٹ نے ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ 2023 کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا۔

    مختصر فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ ایکٹ آئین کے خلاف ہے اور پارلیمان کی قانون سازی کے اختیار سے تجاوز ہے، جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔‘

    حکم نامے کے مطابق ’پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق قانون سازی نہیں کر سکتی۔ یہ طے شدہ اصول ہے کہ سادہ قانون آئین میں تبدیلی یا اضافہ نہیں کر سکتا، سپریم کورٹ رولز میں تبدیلی عدلیہ کی آزادی کے منافی ہے۔‘

    عدالت نے کہا تھا ’ریویو اینڈ ججمنٹ ایکٹ کو اس طرح بنایا گیا جیسے آئین میں ترمیم ضروری ہو۔ اگر اس قانون کے تحت اپیل کا حق دے دیا گیا تو مقدمہ بازی کا ایک نیا سیلاب امڈ آئے گا۔

    سربراہ پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ غلط قرار

    رواں سال اگست میں ہی سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف توشہ خانہ کیس کے فیصلے کو بادی النظرمیں غلط قرار دیا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’بادی النظر میں ٹرائل کورٹ نے ایک ہی دن میں فیصلہ دیا جودرست نہیں تھا، فیصلے میں خامیاں ہیں۔

    نیب ترامیم کالعدم قرار

    رواں سال ستمبر میں سپریم کورٹ نے نیب آرڈیننس میں ترامیم کے خلاف سابق وزیر اعظم کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا، جس کے تحت عوامی عہدے رکھنے والوں کے خلاف نیب کے مقدمات کی واپسی اور نیب کے پاس پچاس کروڑ روپے سے کم کے مقدمات کی تفتیش نہ کرنے سے متعلق شقیں شامل ہیں۔

    چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے یہ فیصلہ دو ایک کی اکثریت سے سنایا جبکہ اس بینچ میں شامل جسٹس منصور علی شاہ نے اس فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اختلافی نوٹ بھی لکھا۔

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نیب سمیت تمام عدالتیں اگلے سات روز میں مقدمات کو متعقلہ عدالتوں میں بھیجنے سے متعلق فیصلہ کریں۔

    اس فیصلے میں پلی بارگین سے متعلق ہونے والی ترمیم کو بھی کالعدم قرار دیا گیا جبکہ فیصلے میں مختلف معاملات میں کی جانے والی انکوائری اور تفتیش کو بھی بحال کردیا گیا ہے۔

    فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار

    رواں سال اکتوبر میں سپریم کورٹ نے 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں میں ملوث ہونے پر گرفتار سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کالعدم قرار دیا۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہن آرمی ایکٹ کی سیکشن ڈی2 کی ذیلی شقیں ایک اور دو جبکہن آرمی ایکٹ کی سیکشن 59(4) بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے۔

    سپریم کورٹ کے 1-4 کے اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ فوجی تحویل میں موجود تمام 103 افراد کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں نہیں ہوگا۔

    عدالت عظمیٰ کا کہنا تھا کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات کے تمام ملزمان کے ٹرائل متعلقہ فوجداری عدالتوں میں ہوں گے اور سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ہونے والے کسی ٹرائل کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔

    پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ قانونی قرار

    پاکستان کی سپریم کورٹ کے فُل کورٹ بینچ نے چیف جسٹس کے اختیارات سے متعلق ’پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ‘ کو قانونی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کر دیں۔

    سپریم کورٹ نے تسلیم کیا کہ پارلیمان کو قانون سازی کا اختیار حاصل ہے تاہم اس ایکٹ میں شامل ایک شق، جو کہ ماضی میں از خود نوٹسز پر دیے گئے فیصلوں کے خلاف اپیلوں سے متعلق تھی، کو کثرت رائے سے کالعدم قرار دیا ہے۔

       فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل  نہ کرنے کا فیصلہ معطل

    رواں سال دسمبر میں سپریم کورٹ نے نو مئی کے واقعات کے سلسلے میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل نہ کرنے کے تئیس اکتوبر کے اپنے فیصلے کو کالعدم قراردیا۔

    سپریم کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے کی انٹرا کورٹ اپیلوں پر پانچ ایک کی اکثریت کے ساتھ چھ رکنی بنچ کی جانب سے اعلان کئے گئے فیصلے میں کہا گیا کہ نو مئی میں فسادات کے دوران فوجی تنصیبات پرحملوں میں ملوث ایک سو تین شہریوں کا فوجی ٹرائل جاری رہے گا۔

    ںواز شریف تمام کیسز میں بری

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ ریفرنس میں بری کرتے ہوئے احتساب عدالت کی سزا کو کالعدم قرار دیا۔

    ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے متعلق فیصلہ معطل

    دسمبر میں ہی لاہور ہائی کورٹ نے عدلیہ سے ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کردیا ، جس سے انتخابات کے التوا کے خدشات پیدا ہو گئے تھے۔

    تاہم لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن نے اپیل دائر کی جس پر سپریم کورٹ نے سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا اور انتخابی ادارے کو فوری طور پر انتخابی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی حتمی حد بندیوں کی فہرست جاری کردی تھی۔

    حلقہ بندیوں سے متعلق بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار

    دسمبر 18 کو سپریم کورٹ نے عام انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں سے متعلق بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

    جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کوئٹہ کی دو صوبائی نشستوں پر حلقہ بندیوں کے خلاف اپیل پر فیصلہ دیا، عدالت عظمیٰ نے کہا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونےکےبعد حلقہ بندیوں پر اعتراض نہیں اٹھایاجاسکتا۔

    بلوچستان ہائی کورٹ نے بلوچستان کی دو صوبائی نشستوں شیرانی اور ژوب میں الیکشن کمیشن کی حلقہ بندی تبدیل کر دی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔