Author: فائزہ شاہ

  • گیس بلوں میں میٹر چارجز  : صارفین کے لئے اہم خبر آگئی

    گیس بلوں میں میٹر چارجز : صارفین کے لئے اہم خبر آگئی

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے ایس ایس جی سی کو گیس بلوں میں میٹر چارجز کی وصولی سے روک دیا اور 12 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سوئی گیس کے بلوں میں اضافہ اور میٹر چارجز وصولی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

    طارق منصور ایڈووکیٹ نے بتایا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کے بلز میں ردوبدل کردیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ گیس کمپنی نے مختلف سلیب بنا کر شہریوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے ، شہریوں کو پروٹیکٹیڈ اور نان پروٹیکٹیڈ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی نے غیر قانونی طور پر 460 روپے میٹر رینٹ فکسڈ کردیا ہے، جو بلز سردیوں کے چار مہینے آئیں گے اسی تناسب سے سال کے دیگر مہینوں میں بھی وصول کرنے کا فارمولا بنایا گیا ہے، ہر صارف سے 460 روپے اضافی وصول کرنا سرار ناانصافی ہے۔

    وکیل نے انکشاف کیا کہ صرف کراچی سے سے 11ارب روپے سے زائد وصول کیے جارہے ہیں، عدالت سے استدعاکی گئی کہ ایس ایس جی سی کو غیر قانونی فکسڈ چارجز وصول کرنے سے روکا جائے۔

    جس پر عدالت نے ایس ایس جی سی کو صارفین کے خلاف غیر قانونی اقدام سے روک دیا اور درخواست پر ایس ایس جی سی سے 12 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا۔

  • عام انتخابات میں پی ٹی آئی اور بلے کا نشان ہو گا یا نہیں؟

    عام انتخابات میں پی ٹی آئی اور بلے کا نشان ہو گا یا نہیں؟

    نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے رہنماؤں کے بغیر منصفانہ انتخابات ممکن ہیں۔

    انوار الحق کاکڑ نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ تحریک انصاف کے ایسے کارکنان جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے‘۔

    نگراں وزیر اعظم کے چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر عام انتخابات کے مؤقف کو غیر آئینی قرار دیا جارہا ہے کیونکہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر انتخابات ہوتے ہیں تو شاید عوام قبول نہ کرے اور ہوسکتا ہے اس کے نتائج تباہ کن ہوں۔

    اگر پی ٹی آئی کو انتخابی عمل سے دور کیا گیا تو پورے انتخابی نظام کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس سے پیدا ہونے والا سیاسی عدم استحکام سرمایہ کاروں کے اعتماد پر گہرا اثر ڈالے گا، جس سے معاشی استحکام کو نقصان پہنچے گا، اور یہ صورتحال پاکستان کو معاشی مشکلات میں دھکیل سکتی ہے۔

    نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے دعوے کے برعکس نگراں حکومت اور پی ڈی ایم کے کئے گئے اقدامات پر عام ووٹرز کا جھکاؤ چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف زیادہ نظر آتا ہے۔ اس کا اندازہ سامنے آنے والی دو سروے رپورٹس سے لگایا جاسکتا ہے، جس میں تحریک انصاف کی انتخابی پوزیشن کو بہتر قرار دیا گیا ہے۔

    پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے بھی مطالبہ کیا کہ نگراں حکومت قبل از انتخابات سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کرے کیونکہ عدالت نے تمام مقدمات میں قید لوگوں کو ابھی مجرم ثابت نہیں کیا۔

    بڑے سوالات
    نگراں وزیراعظم کے بیان کے بعد کئی سوالات اٹھ گئے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی اور بلے کا نشان ہوگا یا نہیں؟ کیا الیکشن سے پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کی تیاری ہے؟ کیا پی ٹی آئی کے بغیر شفاف انتخابات ممکن ہوسکیں گے؟

    بلے کا نشان
    پاکستان تحریک انصاف کا شمار پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں میں ہوتا ہے تاہم نو مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ہونے والے واقعات میں سرکاری اور عسکری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

    9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن ہوا، جس میں متعدد رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریاں ہوئیں۔ جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی اکثریت پارٹی یا عہدہ چھوڑ چکی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی سمیت متعدد رہنما جیل میں ہیں اور ایک بڑی تعداد روپوش ہے جبکہ رہنماؤں کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ایسی صورتحال میں الیکشن میں پی ٹی آئی اور ’بلے کا نشان‘ مائنس ہونے کا امکان زیادہ ہے۔

    کیا واوڈا کی پیش گوئیاں کسی قابل ہیں؟
    سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی پیش گوئی کرچکے ہیں کہ بیلٹ پر پی ٹی آئی نظر نہیں آرہی اور ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔ فیصل واوڈا نے چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے بھی پیش گوئی کی تھی کہ چیئرمین پی ٹی آئی سال سے پہلے جیل سے باہر نکلتے ہوئے نظرنہیں آرہے۔

    اگر فیصل واوڈا کی پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں تو آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے لئے راستہ صاف ملے گا کیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیوں کی بڑی وجہ ان کی بڑھتی مقبولیت ہیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کی مقبولیت میں پی ڈی ایم حکومت کی گورننس اور بڑھتی مہنگائی کا بڑا کردار رہا ہے جس کی وجہ سے عوام چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی دکھائی دیتی ہے۔

    عوامی مقبولیت کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی کمزور پوزیشن دکھائی دیتی ہے۔ 16 ماہ سے زائد حکومت میں رہنے کے بعد انہیں معیشت کو سنبھالنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس نے ملک کو مالیاتی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔

    اس کے باوجود وہ عوام پر بجلی بلوں میں ٹیکسز اور پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں بھاری بوجھ ڈالتے ہوئے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کا رونا روتی رہی۔ ان کی معاشی پالیسیوں کے نتائج افراط زر، بڑھتی ہوئی قیمتوں، ڈالر کی شرح تبادلہ میں تیزی سے اضافے کی صورت میں سامنے آئے، ان تمام چیزوں نے عوام کے لئے ضروری اشیاء کی خرید کو ناقابل برداشت بنا دیا ہے، غریب، متوسط ​​طبقے اور یہاں تک کہ اعلیٰ متوسط ​​طبقہ متاثر ہوا جس کی وجہ سے عوام میں بڑے پیمانے پر مایوسی اور عدم اطمینان ہے۔

    نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کا موازنہ
    ماضی میں سال 2018 میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے بغیر انتخابات ہوئے تھے، جس میں مسلم لیگ ن نے حصہ لیا تھا۔

    تاہم پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 116 سیٹیں لے کر پاکستان مسلم لیگ ن کو 64 نشستوں پر محدود کیا اور پاکستان تحریک انصاف وفاق خیبر اور پنجاب میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی اور پانامہ کیس میں نواز شریف کی نااہلی مسلم لیگ ن کی ہار کی وجہ بنی۔

    اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سال 2018 کی طرح اگر سال 2024 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر میدان میں اتری تو کیا کامیابی حاصل کرسکے گی۔

    پاکستان تحریک انصاف کو مشکلات کے باوجود عوامی حمایت حاصل ہے، پی ٹی آئی کا ووٹ بینک بنیادی طور پر نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو پاکستان کی آبادی کا تقریباً 50 فیصد ہیں اور حالیہ دنوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی پی ٹی آئی میدان مار چکی ہے۔

    اس کے برعکس مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو نیب کے مقدمات دوبارہ کھلنے کے بعد نئی مشکل کا سامنا ہے، اب دیکھنا ہوگا انتخابات میں 16 ماہ ملک پر حمکرانی کرنے والی جماعتیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کس حد تک ووٹرز کی حمایت حاصل سکیں گی اور کیا نواز شریف کی واپسی مہنگائی سے پریشان عوام کو مائل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کا اعلان تو کردیا گیا ہے تاہم ابھی تک حتمی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا، اگر جنوری کے ہفتے میں انتخابات ہوجاتے ہیں اور پی ٹی آئی حصہ لیتی ہے تو موجودہ صورتحال میں قومی امکان ہے پی ٹی آئی میدان مار لے تاہم ہمارے ملک کا المیہ رہا ہے کہ انتخابات میں تنائج کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا جاتا ہے کہ کونسی پارٹی جیتے گی۔

    (یہ تحریر مصنّف کے خیالات اور ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متّفق ہونا ضروری نہیں ہے)

  • سکھوں کا  اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر بھارتی دہشت گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

    سکھوں کا اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر بھارتی دہشت گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

    نیویارک : سکھوں نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر بھارتی دہشت گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرے میں مطالبہ کیا کہ ہردیپ سنگھ نجرکےقاتلوں کوکڑی سزا دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھوں نے اقوام متحدہ کےہیڈکوارٹرکےباہر بھارتی دہشت گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، ہردیپ سنگھ کےقتل کےبعدبڑے پیمانےپرسکھوں کی تحریک خالصتان متحرک ہوگئی ہے.

    عالمی سطح پربھی سکھوں کےاحتجاجی مظاہروں میں شدت دیکھنےمیں آرہی ہے، کینیڈین وزیراعظم کا بھارت مخالف بیان سکھوں کی مضبوط آوازبن کر ابھرا ہے۔

    حال ہی میں اقوام متحدہ کےہیڈکوارٹرز کےباہرسکھوں نےاحتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں سکھ مظاہرین نےمودی اوربھارت مخالف نعرےلگائے۔

    سکھ مظاہرین نے تحریک خالصتان کے حق میں نعرےبازی کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ ہردیپ سنگھ نجرکےقاتلوں کوکڑی سزا دی جائے۔

  • اہلیہ کو قتل کرنیوالے  شوہر کو سزائے موت کا حکم

    اہلیہ کو قتل کرنیوالے شوہر کو سزائے موت کا حکم

    اسلام آباد : ایڈیشنل سیشن جج نے اہلیہ کوقتل کرنیوالے ملزم کو سزائے موت کا حکم دے دیا، ملزم سکندر جان نے 2 سال قبل خلع لینے پر فائرنگ کرکے اہلیہ کو قتل کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں اہلیہ کو قتل کرنیوالے شوہر کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی ، ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید بلوچ نے کیس کی سماعت کی۔

    وکیل میاں احمد خان نے بتایا کہ واقعےکےچشم دید گواہ موجود ہیں،آلہ قتل بھی برآمد ہوا ہے ، ملزم نے اہلیہ دلشاد بی بی کو فائرنگ کر کےقتل کیا، جس کا مقدمہ تھانہ کھنہ میں درج ہے۔

    عدالت نے اہلیہ کوقتل کرنیوالے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دے دیا جبکہ ملزم کو ناجائزاسلحہ کے مقدمےمیں بھی 5 سال قید کی سزا سنا دی۔

    عدالت کی جانب سے ملزم کو مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانےکی سزا بھی سنائی گئی۔

    یاد رہے ملزم سکندر جان نے 2 سال قبل خلع لینے پر فائرنگ کرکے اہلیہ کو قتل کیا تھا۔

  • کراچی : پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار جاں بحق

    کراچی : پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار جاں بحق

    کراچی : اورنگی اسلام چوک گاڑی پر پولیس اہکاروں کی فائرنگ سے کار سوار جاں بحق ہوگیا تاہم فائرنگ کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس کی غفلت قیمتی جان نگل گئی ، اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار جاں بحق ہوگیا۔

    ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائمخانی نے کہا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ غلطی سے پیش آیا، پولیس نے کار نہ روکنے پر گولی چلائی۔

    گاڑی پر فائرنگ سے کار سوار کی ہلاکت کے معاملے پر فائرنگ کرنے والے چاروں پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

    عاصم قائمخانی کا کہنا تھا کہ چار پولیس اہلکارگشت کررہے تھے کہ کار میں سوار شخص کو رکنے کااشارہ کیا ، اہلکاروں نے آدھے کلو میٹر سے زیادہ پیچھا کیا نہ رکنے پر گولی چلائی۔

    اہلکاروں کی جانب سے ٹائر پر گولی مارنے کی کوشش کی گئی، گولی پچھلا شیشہ توڑتے ہوئے ڈرائیور کوجالگی۔

    حکام نے کہا کہ کار میں بھاری مقدار میں چھالیہ اسمگل کرنےکی کوشش کی جارہی تھی،کار کی پچھلی سیٹیں اور دیگر پارٹس نکالے ہوئے تھے۔

    اہلکار کاشف شاہ، وقاص،احمد اور وزیر کو حراست میں لےلیا ہے، معاملے سے متعلق مزید تفتیش کررہے ہیں۔

  • کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا، نگراں وزیراعظم

    کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا، نگراں وزیراعظم

    نیویارک : نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کوانتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکامگر 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابات کاانعقادالیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کو صاف شفاف انتخابات میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

    انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو الیکٹرول نظام میں حصہ لینے سے نہیں روکا گیا مگر 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کےتحت کارروائی ہوگی۔ 9

    حکومتی اقدامات کے حوالے سے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اورڈالراسمگلنگ کےخلاف اقدامات سےمثبت نتائج ملےہیں، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے چینی اور آٹا مافیا کے خلاف کارروائیاں کی ہیں اس وقت ملک میں آٹےاورچینی سمیت اناج کی کوئی قلت نہیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مؤثراقدامات کیے گئے ہیں، ہم نےمؤثراقدامات کرکےمصنوعی مہنگائی کو روکا ہے۔

    انوار الحق کاکڑ نے بتایا کہ کسی قسم کی سفارتی تنہائی کا شکارنہیں،پاکستان بیشتر فورمز کااہم رکن ہے، اوآئی سی وزرائےخارجہ اجلاس میں سعودی عرب نےکشمیرسےمتعلق پاکستانی مؤقف کی بھرپورحمایت کی، پاکستانی مؤقف کی کھل کرحمایت کرنےپرسعودی عرب کےمشکورہیں۔

  • بیرون ملک ٹریڈ افسران کی تعیناتی  کا عمل تکمیل سے قبل ہی متنازع بن گیا

    بیرون ملک ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل تکمیل سے قبل ہی متنازع بن گیا

    اسلام آباد: بیرون ملک ٹریڈ افسران کی تعیناتی کے عمل میں گریڈ 20 کے بعض افسران کو انٹرویوز کے موقع پر عمل سے آؤٹ کردیا گیا، متاثرہ افسران نے عدالت سے رجوع کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل تکمیل سے قبل ہی متنازع بن گیا ، گریڈ 20 کے بعض افسران کو انٹرویوز کے موقع پر عمل سے آؤٹ کردیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ تحریری امتحان میں پاس بعض امیدواروں کوانٹرویوزکیلئے نااہل کردیا گیا، ایف بی آر نے 20 ستمبر کو متاثرہ افسران کا ڈیٹا بھی وزارت تجارت کو جمع کرایا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ متاثرہ افسران نے وزارت تجارت کےفیصلےکیخلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ کارکردگی جائزہ رپورٹس کی شرط پوری نہ کرنے پرافسران کونااہل کیاگیا، ان لینڈ ریونیوسروس گریڈ20 کے2افسران کو انٹرویوز کے عمل سے آؤٹ کیا گیا جبکہ شگفتہ زرین اورمحمد ابوبکر صدیق کو انٹرویوز میں بیٹھنے نہیں دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وزارت تجارت نےمتاثرہ افسران کوای میل کےذریعےسےانٹرویوزکیلئےنااہلی سےآگاہ کیا، گریڈ 20 کی8اسامیوں کیلئے کل 12امیدواروں نے تحریری امتحان پاس کیا۔

    بیرون ملک ٹریڈ افسران کی تعیناتی کیلئے انٹرویوز کا عمل آج مکمل کیا گیا، واشنگٹن،لندن،سڈنی میں ٹریڈ افسران تعینات کئےجائیں گے جبکہ ہانگ کانگ، شنگھائی، ایدیس ابابہ، جدہ اور جکارتہ کے اسٹیشنز پربھی نئے افسران تعینات ہوں گے۔

  • بیٹی نے باپ کو گولی مار کر قتل کردیا

    بیٹی نے باپ کو گولی مار کر قتل کردیا

    لاہور: بیٹی نے سگے باپ کو گولی مارکر قتل کردیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا اور تحقیقات شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں گجر پورہ کرول گھاٹی کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں بیٹی نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کردیا۔

    پولیس نےملزمہ کو گرفتار کرکےآلہ قتل برآمد کرلیا اور کہا قتل کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہے تاہم بلال خان کی لاش مردہ خانہ منتقل کردی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ شادی سے انکار کرنے پر والد نے بیٹی کو گولی مار دی تھی ، شدید زخمی حالت میں خاتون ڈاکٹر سدرہ نیازی کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا تایم وہ دم توڑ گئی تھیں، ڈاکٹر سدرہ نیازی 9 روز سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھی۔

  • نگران وزیراعظم  آج  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

    نگران وزیراعظم آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

    نیویارک : نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا مقدمہ پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، نگران وزیراعظم اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت دنیا کے سامنے اٹھائیں گے اور افغانستان سےمتعلق معاملات پربات کریں گے۔

    اس کے ساتھ انوارالحق کاکڑ افغان عبوری حکومت کےوعدوں،عالمی برادری کی ذمہ داری سمیت ترقی پذیرممالک کےمعاشی مسائل پر بھی خطاب میں بات کریں گے۔

    گزشتہ روز نیویارک میں فارن پالیسی ڈائیلاگ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فغانستان میں استحکام نہ آیاتوعالمی امن کیلئےچیلنج بن جائے گا۔

    بھارت کے حوالے سے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں پرتشویش ہے، بھارت کے مقبوضہ جموں کشمیرمیں غیرقانونی اقدامات نے خطے کو بند گلی میں لاکھڑا کیا ہے۔

    انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہندوتوا کا خطرہ اب دنیا میں پھیل رہا ہے، کینیڈامیں سکھ رہنما کا قتل ہندوتوا پالیسی کی شیطانی فطرت کا عکاس ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز نگراں وزیراعظم نے امریکا میں پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم کے وفد سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں طب کے شعبے میں پاکستانی ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہا۔

    اس کے علاوہ نگراں وزیر اعظم کی کانکنی کے شعبے میں نمایاں نام رکھنے والے ریوٹنٹوگروپ کےسربراہ جیکب شولم سے بھی ملاقات ہوئی، ریو ٹنٹو گروپ کے سی ای او نے یقین دلایا تھا کہ ان کی ٹیم پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کےلیے متعلقہ حکام سے رابطہ کرے گی۔

  • ‘بھارت صرف جاسوسی نہیں بلکہ خطے میں قتل وغارت میں بھی ملوث ہے’

    ‘بھارت صرف جاسوسی نہیں بلکہ خطے میں قتل وغارت میں بھی ملوث ہے’

    نیویارک : نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ بھارت صرف جاسوسی نہیں بلکہ خطے میں قتل وغارت میں بھی ملوث ہے، بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا سکھ رہنما کے قتل سے متعلق کہا کہ بھارت کے حوالے سے ہمیں کوئی حیرانی نہیں ہوئی ، ہمیں معلوم تھا بھارت اس خطہ میں ہر ایک ملک میں قتل وغارت میں ملوث ہے۔

    جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے بہت سخت احتجاج کیا ہے، واقعے کی تحقیقات پر زور دیا جا رہا ہے، بھارتی حکومتی باشندے اس قتل میں ملوث تھے۔

    نگراں وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے جو بڑی جمہوریت ہونے کا ماسک چہرے پر لگایا تھا وہ بری طرح ایکسپوز ہوگیا ہے، بھارت نےکافی عرصےتک پاکستان کے خلاف الزام تراشی اور پروپیگنڈہ کیا، بھارت کے خلاف یورپی ممالک سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

    افغانستان سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت سے ہماری بات چیت چل رہی ہے، پچھلے کئی ماہ سےٹی ٹی پی کی دہشتگردی کےواقعات بڑھ گئےہیں، افغان حکومت سے کہا ہے ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کرے۔

    پاک امریکا تعقات کے حوالے سے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ امریکا کیساتھ بہت اچھے ڈائیلاگ چل رہے ہیں، امریکا کیساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھی سمت میں جارہے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے پاکستان سےقریبی تعلقات ہیں، آئندہ چندماہ میں پاکستان میں30سے40بلین کی ڈالرزکی انوسٹمنٹ ہوگی۔