Author: فائزہ شاہ

  • انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

    انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

    اسلام آباد : انٹرمیڈیٹ کےسالانہ نتائج کااعلان کردیا گیا ، تمام پوزیشنز طالبات کے نام رہیں، گیارہویں میں کامیابی کا تناسب 96.24فیصد اور بارہویں کلاس میں 84 فیصد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کےسالانہ نتائج کا اعلان کردیا گیا ، نگران وزیر تعلیم مدد علی سندھی نےبٹن دباکرنتائج کااعلان کیا۔

    چیئرمین تعلیمی بورڈ نے بتایا کہ 42 روزمیں انٹرمیڈیٹ کےنتائج کااعلان کیا، گیارہویں کلاس میں کامیابی کا تناسب 96.24فیصد اور بارہویں کلاس میں کامیابی کا تناسب 84 فیصد رہا۔

    چیئرمین تعلیمی بورڈ کا کہنا تھا کہ پہلی بارگیارہویں اور بارہویں کے نتائج ایک ساتھ دیئے گئے، ہم نےدو سال ای مارکنگ بھی شروع کی، اس سال اسلامیات اور کمپیوٹرسائنس کی ای مارکنگ کی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ اگلے سال کامیابی کیلئے کم سےکم شرح 40 فیصد ہوگی، میٹرک کےسیکنڈ اینیول امتحانات 13 ستمبرکو ہوں گے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان 10اکتوبر سے شروع ہوں گے۔

    فیڈرل بورڈ میں تمام گروپس میں تمام پوزیشنز طالبات کے نام رہے ، پری میڈیکل کی طالبہ ایشال شاہ نور فاطمہ نے 1075 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ہانیہ فاطمہ 1072 نمبر کے ساتھ دوسرے نمبر اور ردا ملک 1066 نمبر لے کر تیسرے نمبر پر رہیں۔

    پری انجینئرنگ گروپ میں عشبہ فاطمہ نے 1069 نمبر لے کر پہلی ، عائشہ ظفر نے 1059 نمبر کے ساتھ دوسری اور زویا احمد نے 1054 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    سائنس جنرل گروپ کی حرا عارف نے 1045 نمبرکےکرپہلی پوزیشن ، ماہ نور تارڑ 1054 نمبر لے کر دوسری پوزیشن اورعمارہ امین نے 1038 نمبر لے کر تیسری پوزیشن لی۔

    نگران وفاقی وزیرتعلیم مدد علی سندھی نے فیڈرل بورڈمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجود چیلنجز سےنکلنے کیلئے تعلیم کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں، ہمارے پاس مختصروقت ہے لیکن کوشش کریں گے، ہماراموٹیو صرف کام ،کام اور کام ہے، ڈیلی ویجزاساتذہ کوبلا کر مسائل سنے ہیں، جلد کوئی حل نکالیں گے۔

  • سینیٹر رضا ربانی کا صدر مملکت عارف علوی  کیخلاف انکوائری کا مطالبہ

    سینیٹر رضا ربانی کا صدر مملکت عارف علوی کیخلاف انکوائری کا مطالبہ

    کراچی: سینیٹر رضا ربانی نے صدر مملکت عارف علوی کیخلاف انکوائری کا مطالبہ کردیا اور کہا صدر نے غلط بیانی کی ہے تو ان کیخلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضاربانی نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کی جانب سے کیا گیا ٹوئٹ غیرمناسب تھا ، صدرریاست کےسربراہ ہیں ،ان کےپاس آئینی راستہ موجودتھا۔

    رضاربانی کا کہنا تھا کہ جس طرح صدرنےدیگربلزواپس بھیجےتھے یہ بھی واپس بھیج دیتے، یہ کیابات ہوئی وہ دستخط نہیں کرنا چاہتے کچھ کہنابھی نہیں چاہتے۔

    پیپلزپارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ صدر نے غلط بیانی کی ہے تو ان کیخلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے، ابھی واضح نہیں ہے کہ صدر نے بلز پردستخط کیے ہیں یا نہیں، صدر کےمواخذے کا معاملہ الگ ہےلیکن سینیٹ انکوائری کرسکتا ہے۔

    رضا ربانی نے صدر مملکت کیخلاف انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کی کمیٹی کے سامنے صدر اور ان کے عملے کو پیش ہونا چاہیے۔

  • نگراں وزیر کا  تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان

    نگراں وزیر کا تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان

    اسلام آباد : نگراں وزیر گوہراعجاز نے بطور نگران وزیر صنعت تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر گوہراعجاز نے بطور نگران وزیر صنعت تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا رضاکارانہ طور پر قوم کی خدمت کرنے کا پختہ عہد کیا ہے۔

    گوہر اعجاز نے کہا کہ بطور نگراں وزیر کوئی سرکاری سہولت نہیں لوں گا ، اپنے تمام اخراجات خوداٹھاؤں گا اور نجی شعبے سے لی جانیوالی سروسز کے اخراجات بھی خود برداشت کروں گا۔

    نگراں وزیر کا کہنا تھا کہ بطور وفاقی وزیر قوم کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں ، کسی بھی ایڈوائزری،خدمت پراخراجات خودپوراکرنےکیلئےپُرعزم ہوں، مقصدبغیرکسی فائدے کے قوم کی ترقی اورڈویلپمنٹ میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

  • برفانی چیتوں کی حنوط شدہ چمڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    برفانی چیتوں کی حنوط شدہ چمڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ایبٹ آباد : برفانی چیتوں کی حنوط شدہ چمڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ، چیتوں کے شکار کے بعد اس کی چمڑیاں فروخت کی جاتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلی حیات نے برفانی چیتوں کی حنوط شدہ چمڑیاں اسمگل کرنےکی کوشش ناکام بنادی، ایس ڈی ایف او جنگلی حیات سردار نواز نے بتایا کہ چار ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔

    سردار نواز کا کہنا تھا کہ ایک بڑے چیتے اور 3چیتے کے بچوں کی چمڑیاں برآمد کی گئیں، حنوط شدہ چمڑیاں گلگت بلتستان سےاسمگل کی گئیں۔

    ایس ڈی ایف او نے مزید بتایا کہ چیتوں کے شکار کے بعد اس کی چمڑیاں فروخت کی جاتی ہیں۔

  • نگراں حکومت کے آتے ہی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے

    نگراں حکومت کے آتے ہی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے

    اسلام آباد : بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے کردیئے گئے، کابینہ، داخلہ، آئی ٹی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، پیٹرولیم، ہاؤسنگ اینڈ ورکس، موسمیات، ہیومن رائٹس اور دیگر محکموں میں سیکریٹریز تبدیل کئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت کے آتے ہی بیورو کریسی میں بڑےپیمانے پرتبادلے کردیئے گئے ، کابینہ، داخلہ، آئی ٹی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، پیٹرولیم، ہاؤسنگ اینڈ ورکس، موسمیات، ہیومن رائٹس، واٹر اینڈ ریسورس، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور دیگر محکموں میں سیکریٹریز تبدیل کیے گیے ہیں۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے، جس کے مطابق گریڈ22کےکامران علی افضل سیکرٹری کابینہ، ایڈیشنل سیکرٹری ساجد بلوچ
    کو اسپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور عبداللہ خان سنبل کو ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت داخلہ تعینات کردیا گیا ہے۔

    حسن ناصر کو سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ، مومن علی آغاکوایڈیشنل سیکرٹری پیٹرولیم ، کیپٹن (ر)محمود کو ایڈیشنل سیکرٹری فوڈ، شہزاد خان کو بنگش کوسیکرٹری ہاؤسنگ اینڈورکس بنادیا گیا۔

    سید آصف حیدر شاہ سیکرٹری موسمیات ، اےڈی خواجہ سیکرٹری ہیومن رائٹس، حمیرا احمد سیکرٹری قومی ثقافت تعینات کیا گیا ہے۔

    وفاقی سیکرٹری داخلہ علی رضامرتضیٰ کو بھی تبدیل کر دیا گیا اور علی رضامرتضیٰ کو سیکرٹری واٹراینڈریسورس تعینات کردیاگیا ہے۔

    داؤد محمد کو چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ، شکیل قادر خان چیف سیکرٹری بلوچستان ، ڈاکٹرفخرعالم عرفان کوچیف سیکرٹری سندھ تعینات کردیا گیا جبکہ علی رضا بھٹہ سیکرٹری سائنس اینڈٹیکنالوجی ، سارہ سعیداسپیشل سیکرٹری کامرس ڈویژن ، مصطفیٰ جمال قاضی ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور ارم انجم خان کو سیکرٹری میری ٹائم تعینات کیا۔

  • رانی پور حویلی میں قتل ہونے والی گھریلو ملازمہ فاطمہ کی قبر کشائی آج ہوگی

    رانی پور حویلی میں قتل ہونے والی گھریلو ملازمہ فاطمہ کی قبر کشائی آج ہوگی

    خیرپور : رانی پور حویلی میں قتل ہونے والی گھریلو ملازمہ فاطمہ کے پوسٹ مارٹم کے لئے قبر کشائی آج ہوگی، پوسٹ مارٹم کے بعد تمام نمونے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رانی پور حویلی میں ملازمت کے دوران قتل ہونے والی فاطمہ کی قبرکشائی آج ہوگی ، قبرکشائی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

    قبر کے احاطے کو ٹینٹ لگا کر کورکردیا گیا ہے اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    عدالت کی اجازت سے قبر کشائی کلیئے میڈیکل ٹیم نوشہرو فیروزکےگاؤں ممتاز پھرڑو پہنچ رہی ہے، قبرکشائی کے بعد لاش کےسیمپل لئے جائیں گے اور پوسٹ مارٹم بھی ہوگا، قبر کشائی کے دوران ڈاکٹرز، مجسٹریٹ تفتیشی افسر بھی موجود ہوں گے۔

    قبرکشائی کیلئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نوابشاہ اسپتال میڈیکل بورڈ کے چیئرمین ہوں گے جبکہ فرانزک ماہر نوابشاہ اسپتال،پروفیسرپیتھالوجی اورسینئرمیڈیکل آفیسرنوشہروفیروزاسپتال ممبرہوں گے۔

    فاطمہ کی قبرکشائی سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ کنڈیارو کی نگرانی میں ہوگی، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد میمن نے مجسٹریٹ سوبھوڈیرو کی درخواست پر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

    گذشتہ روز نگران وزیراعلیٰ مقبول باقر نے بتایا تھا کہ فاطمہ قتل کیس میں خصوصی میڈیکل بورڈتشکیل دے دیا گیا ہے، میڈیکل بورڈ ٹیم میں کراچی سے مزید 2 ممبرز شامل کردیے گئے ہیں ،پولیس سرجن ڈاکٹرسمیہ اورڈاؤ یونیورسٹی کےپروفیسرزکی الدین بورڈ میں شامل ہیں۔

    نگران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کمسن فاطمہ کیس میں ورثاکوانصاف ملے گا اور ہم فاطمہ قتل کیس کی تہہ تک جائیں گے۔

  • ‘نواز شریف کی واپسی میں رکاوٹ کا شہباز شریف بہتر بتا سکتے ہیں’

    ‘نواز شریف کی واپسی میں رکاوٹ کا شہباز شریف بہتر بتا سکتے ہیں’

    لاہور : پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی واپسی میں رکاوٹ کاشہبازشریف بہتر بتاسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما ندیم افضل چن نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں نواز شریف کی واپسی کے سوال پر جواب میں کہا کہ نوازشریف کی واپسی میں رکاوٹ کاشہبازشریف بہتر بتاسکتے ہیں۔

    ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتے ہیں تیس سال سے میرے ساتھ اسٹیبلشمنٹ راضی ہے، وہ وزیراعظم بھی رہے ، اسٹیبلشمنٹ بھی راضی ہے اور بھائی بھی واپس نہیں آیا تویہ سوال تو ان سے بنتا ہے۔

    مریم نواز کے حوالے سے پی پی رہنما نے کہا کہ مریم نواز کی صرف مگ کی تبدیلی دیکھی ہے،نظریےکی تبدیلی کا ابھی نہیں دیکھا، ندیم افضل چن

    سابق دور حکومت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر نےمیرےسامنے190ملین پاؤنڈوالابند لفافہ لہرایا کہا بحث نہیں کرنی، آج سارے انقلابی باتیں کررہے ہیں اس وقت کسی نےبندلفافے کی مخالفت نہیں کی، کابینہ کےسارے ارکان کو پتہ تھا یہ دونمبری ہے لیکن کسی نےانکار نہ کیا۔

    سابق معاون خصوصی نے مزید نے بتایا کہ اسدعمر سمیت کچھ وزرا نےتوکہا پریس کانفرنس کرکے کریڈٹ لینا چاہیے اتنی رقم واپس آرہی ہے لیکن اسوقت کےوزیراعظم نے کہا رہنےدیں بحث نہ کریں، اس وقت وہی ہوتا تھا جو شہزاد اکبر اور اعظم خان چاہتےتھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب تو کابینہ ریکارڈنگ ہوتی ہےفیصل واوڈا اکثر بہتر اورکھل کر بات کرتے تھے، فیصل واوڈا کہتے تھے شاہ محمود اور اسد عمر غلط مشورے دےرہےہیں، فیصل واوڈا کابینہ میں سب کےسامنے کہتاتھا کچھ لوگوں نے شیروانیاں سلوا رکھی ہیں، فیصل واوڈا کی بات پرکوئی نہیں بولتا تھاکیونکہ غصہ تووہ کرےجس میں کرنٹ ہو۔

  • جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف اہل علاقہ مشتعل، گرجا گھروں، مکانات اور گاڑیوں کو آگ لگادی

    جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف اہل علاقہ مشتعل، گرجا گھروں، مکانات اور گاڑیوں کو آگ لگادی

    جڑانوالہ : پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے پر مشتعل افراد نے چار گرجا گھروں، کئی مکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگادی، پولیس نے سو سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف اہل علاقہ مشتعل ہوگئے، مشتعل افراد نے چار گرجا گھروں، کئی مکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگادی۔

    پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سو سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا اور ضلع بھر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے۔

    پنجاب حکومت نے واقعے کی فوری اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے ، ترجمان کا کہنا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کےتحت امن کوخراب کرنےکی کوشش کی گئی۔ تمام فوٹیجز موجود ہیں،سائنٹفک طریقے سے تفتیش جاری ہے، ۔ حالات قابو میں ہیں، تمام ادارے متحرک ہیں۔

    چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جڑانوالہ کا ہنگامی دورہ کیا، اس موقع پر انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی۔

    انہوں نے جلاؤ گھیراؤ کے دوران متاثرہ عمارتوں کا مشاہدہ کیا، آئی جی پنجاب نے افسران کو سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں ہیں۔

    جڑانوالہ واقعے سے متعلق نگران وزیراطلاعات پنجاب عامرمیر نے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنےآیامکروہ عمل سوچی سمجھی سازش کےتحت کیاگیا، مقصدفسادپھیلانامامن و امان خراب کرنا ہے۔

    واقعےپرمشتعل مظاہرین نےسخت ردعمل دیاجسے کنٹرول کرلیاگیا، چرچزکی سکیورٹی سخت کرکےبڑی تعدادمیں اہلکارتعینات کردیے ، متاثرہ علاقوں میں 6 ہزار سے زائد پولیس جوانوں، اور رینجرز کے دستے موجود ہیں،عامر میر

    صورتحال اب بہتری کی جانب گامزن ہے، آج کےواقعات میں نہ توکوئی زخمی ہوا،نہ ہی جانی نقصان ہوا، امن وامان خراب کرنےوالےدرجنوں افرادکوحراست میں لیاگیاہے تاہم تحقیقات مکمل ہونےپرملوث افرادکیخلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔

  • نامزد نگران وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

    نامزد نگران وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

    کراچی : نامزد نگران وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرکل اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے، نگراں وزیر اعلیٰ تک مراد علی شاہ عہدے پر موجود رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں کل نامزد نگران وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کی حلف برداری کی تقریب ہوگی ، جس کے ،انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    تقریب میں نامزد نگران وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرکل اپنے عہدے کاحلف اٹھائیں گے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری جسٹس رٹائرڈ مقبول باقر سے حلف لیں گے تاہم نگراں وزیر اعلیٰ تک مراد علی شاہ عہدے پر موجود رہیں گے۔

    سابق وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاھ اورسابق وزراء بھی تقریب میں شریک ہوں گے اور ایم کیوایم سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کوبھی شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ شہر کی تاجر برداری خصوصی طور پر مدعو ہیں۔

    نئے نگران وزیراعلی جلد اپنی کابینہ کااعلان کریں گے، ذرائع کے مطابق سیاسی سماجی کاروباری اور فلاحی کاموں سے وابستہ شخصیات کو کابینہ میں جگہ دی جائے گی۔3

  • کے 2 سر کرنے کی دھن میں  ناروے کی کوہ پیما ٹیم کی بے حسی ، پاکستانی پورٹر کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا

    کے 2 سر کرنے کی دھن میں ناروے کی کوہ پیما ٹیم کی بے حسی ، پاکستانی پورٹر کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا

    کے2سر کرنے کی دھن میں ناروے کی کوہ پیما ٹیم نے انسانیت کو بھلادیا اور پاکستانی پورٹر حسن شیرپا کو مرنے کےلیے چھوڑدیا، اس غیرانسانی عمل پر انہیں دنیا بھر میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے کی کوہ پیما ٹیم نے پاکستان میں کے ٹو پر سر کرکے تیز ترین کوہ پیما کا ریکارڈ بنانے کی دھن میں بے حسی کا ریکارڈ بنا دیا۔

    ناروے کی کوہ پیما ٹیم نے عالمی ریکارڈ کے لئے پاکستانی پورٹر حسن شیرپا کو کے ٹو پر مرنے کے لئے چھوڑ دیا، غیر ملکی کوہ پیماؤں کی اس بے حسی پر بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

    واقعے کی ڈرون فوٹیج میں حقیقت سامنے آگئی اور دیکھا جاسکتا ہے کہ پورٹر شیر پا محمد حسن کو زخمی حالت میں پہاڑ سے لٹکتا چھوڑ کرکرسٹین سمیت دیگر کوہ پیما آگے بڑھ گئے، صرف ایک شخص نے محمد حسن کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی ناکام رہا۔

    ناقدین کا کہنا ہے کہ محمد حسن کی جگہ اگر کوئی مغربی کوہ پیما ہوتا تو اُسے کبھی اس طرح مرنے کیلئے نہ چھوڑا جاتا، محمد حسن کے ساتھ غیر انسانی کا سلوک کیا گیا، کسی نے اُس کی ذمہ داری نہیں لی۔

    دوسری جانب ناروے ٹیم کی سینتیس سالہ کوہ پیما کرسٹین ہاریلا نے اپنے دفاع میں کہا ہے کہ اُن کی ٹیم نے محمد حسن کو بچانے کی کوشش کی لیکن موسمی حالات کی وجہ سے ریسکیو ممکن نہ ہوسکا۔

    کرسٹین نے ستائیس جولائی کو کے ٹو سر کیا، جس کے بعدوہ تین ماہ میں آٹھ ہزارفٹ سے اُونچے تمام پہاڑ سر کرنے والی دنیا کی تیز ترین کوہ پیما بن گئیں۔