Author: فائزہ شاہ

  • یہ لوگ اس قابل نہیں ان سے مذاکرات کیے جائیں، انکا کوئی دین وایمان نہیں، شاہ محمود قریشی

    یہ لوگ اس قابل نہیں ان سے مذاکرات کیے جائیں، انکا کوئی دین وایمان نہیں، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یہ لوگ اس قابل نہیں ان سے مذاکرات کیے جائیں، انکا کوئی دین وایمان نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بطوروائس چیئرمین پی ٹی آئی اوروکلاکوعمران خان تک رسائی دی جائے، عمران خان کی زخمی ٹانگ پر چوٹیں آئی ہیں۔

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ ملک کو سیاستدانوں نے آئینی بحران میں دھکیلا ہے، پارلیمنٹ کوعدلیہ سے لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت ملک معاشی بحران کا شکار ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ ان کا پروگرام طے نہیں ہوا۔

    انھوں نے بتایا کہ عمران خان کی گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں احتجاج ہورہاہے، پرامن احتجاج آپ کا آئینی اورقانون حق ہے لیکن یہ دباؤ میں لانے کیلئے بہانے تلاش کررہے ہیں۔

    شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ پورے ملک میں اضطراب کی کیفیت ہے، ملتان میں میرے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران ملازمین پرتشدد کیاگیا اور 9افراد کو گرفتار کیاگیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2 بجے6رکنی کمیٹی کی میٹنگ ہے ، میں سربراہی کروں گا، یہ اس قابل نہیں ان سے مذاکرات کیے جائیں، ان لوگوں کا کوئی دین وایمان نہیں ہے، کوشش کروں گا عمران خان سے ملاقات ہوجائے۔

  • عمران خان کے طبی معائنے کیلئے دوسرا میڈیکل بورڈ تشکیل

    عمران خان کے طبی معائنے کیلئے دوسرا میڈیکل بورڈ تشکیل

    اسلام‌ آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل دوسرا میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے معائنے کیلئے دوسرا میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا طبی معائنہ کون سا میڈیکل بورڈ کرے گا طے نہیں ہوا۔

    اس سے قبل عمران خان کے معائنے کیلئے پولی کلینک کا 7رکنی میڈیکل بورڈتشکیل دیا گیا تھا، پولی کلینک میں 7ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ عمران خان کا طبی معائنہ کرے گا۔

    ڈاکٹر فرید اللہ شاہ 7رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ مقرر کئے گئے جبکہ میڈیکل بورڈ میں شعبہ میڈیسن، ہڈی و جوڑ، امراض قلب کے ماہرین ، شعبہ جنرل سرجری، پیتھالوجی کے ڈاکٹرز شامل ہیں۔

    یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    عمران خان کو رینجرز نے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کرنے کے بعد نیب کے حوالے کیا، جس کے بعد عمران خان کو نیب راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بعد ازاں نیب راولپنڈی نے پول کلینک اسپتال سے رابطہ کیا اور اسپتال انتظامیہ سے عمران خان کے طبی معائنے کی درخواست کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پولی کلینک انتظامیہ نے نیب کو تحریری درخواست دینے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران کان کے طبی معائنے کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔

  • عمران خان کی گرفتاری : پی ٹی آئی رہنماوں کی عوام سے باہر نکلنے کی اپیل

    عمران خان کی گرفتاری : پی ٹی آئی رہنماوں کی عوام سے باہر نکلنے کی اپیل

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنماؤں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر عوام سے باہر نکلنے کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا، جس کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے عوام سے باہر نکلنے کی اپیل کردی۔

    پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ٹوئٹ میں لکھا عمران خان پر دوران گرفتاری تشدد کی اطلاعات آئی ہیں، تمام قوم اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے اور آج پورا پاکستان باہر نکلے گا۔

    تحریک انصاف کے رہنما مرادسعید کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ عالم اسلام کے لیڈر عمران خان کو تشدد کرکے گرفتار کرلیا گیا ، نکلو اپنے حق اپنے لیڈر اپنے مستقبل کی خاطر،اب انقلاب آئےگا۔

    ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ریاستی دہشت گردی عروج پرہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سےعمران خان کو گرفتارکیاگیا، ملک میں جنگل کا قانون رائج ہے،وکلا کو مارا پیٹا، عمران خان پر تشدد اور گرفتارکیا گیا۔

    پی ٹی آئی افتخار درانی نے ٹوئٹ میں لکھا عمران خان کی گرفتاری کیخلاف پوری قوم فوری سڑکوں پرنکلے، عمران خان قوم کےلیڈرہیں ان کو نقصان پہنچانےکی کوشش بہت مہنگی پڑے گی۔

    یاد رہے عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل ہوتے ہی گرفتار کر لیاگیا تھا ، بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرکے ہائیکورٹ سے لے جایا جا چکا ہے۔

  • وزیر مذہبی امور کی  عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

    وزیر مذہبی امور کی عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

    اسلام آباد : وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے ڈاکٹر فوزیہ صدیق کو ان کی بہن عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور طلحہ محمود سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے امریکی وکیل کلائیو اسٹیفورڈ اسمتھ ،سینیٹر مشتاق احمد خان ، چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور اور دیگر بھی موجود تھے۔

    وزیر مذہبی امور نے عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے کوششوں سے آگاہ کیا اور عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے مارچ میں وزیراعظم شہبازشریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں ڈاکٹر فوزیہ نےحکومت کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی بہبود کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ نے جلد رہائی کیلئے کوششوں کو بڑھانے کی درخواست کی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر فوزیہ کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا۔

  • جہلم میں صحافی امتیاز بیگ کو قتل کر دیا گیا

    جہلم میں صحافی امتیاز بیگ کو قتل کر دیا گیا

    جہلم : نجی ٹی وی کے نمائندہ امتیاز بیگ قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے، نامعلوم افراد نے ان پر ڈنڈوں سے حملہ کیا اور فرارہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم میں نجی ٹی وی کے نمائندہ امتیاز بیگ پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا ، حملے میں امتیاز بیگ جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس نے تصدیق کی کہ سماء ٹی وی کے رپورٹر امتیاز بیگ کو قتل کیا گیا، نامعلوم افراد نے ان پر اس وقت لاٹھیوں سے حملہ کیا جب وہ نماز کی ادائیگی کے بعد مقامی مسجد سے باہر نکلے۔

    پولیس نے بتایا کہ حملہ آور ٹی وی رپورٹر پر حملہ کرنے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سینئر صحافی کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس حکام نے حملے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی۔

    یاد رہے اکتوبر 2021 میں کراچی کی سرحد سے متصل صوبہ بلوچستان کے شہر حب میں کریکر حملے میں ایک صحافی شدید زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    حب کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں ایک مقامی ٹیلی ویژن صحافی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں وہ طبی امداد کے لیے کراچی کے مقامی اسپتال منتقل کرتے ہوئے دم توڑ گیا تھا، مقتول کی شناخت شاہد زہری کے نام سے ہوئی۔

  • ‘یہ کون سی دوستی ہے کہ ہر کچھ دن بعد سعودی عرب اورچین سے پیسے مانگتے رہتے ہیں’

    ‘یہ کون سی دوستی ہے کہ ہر کچھ دن بعد سعودی عرب اورچین سے پیسے مانگتے رہتے ہیں’

    اسلام آباد : سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے سوال کیا کہ یہ کون سی دوستی ہے کہ ہر کچھ دن بعد سعودی عرب اورچین سے پیسے مانگتے رہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہبازحکومت کے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی وزیر نے تو اعلانیہ کہا جو لوگ پیسے مانگنے آتے ہیں وہ خود بھی تو کچھ کریں۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ کون سے دوستی ہے کہ ہرکچھ دن بعد سعودی عرب اورچین سے پیسےمانگتےرہتےہیں۔

    سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ 75سال میں صرف3 سال کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا، چادر دیکھ کر پاؤں نہیں پھیلاتے، سیاست صرف اقتدارکی جنگ بن چکی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اشرافیہ کی وجہ سےملک بہت پیچھے رہ گیا،ہماری سمت ہی غلط ہے تو یہ سمت بدلنا ہوگی۔

    گذشتہ ہفتے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک خطاب کے دوران کہا تھا کہ سعودی عرب یا کسی اور سے پیسے لے کر اب کام نہیں چلے گا، ملک کی معاشی صورتحال بہت زیادہ خراب ہے۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بد ترین بحران سے گزر رہا ہے،اس بحران میں ہمیں مزید 2 سے 3 سال گزارنے ہوں گے ، وقت آگیا ہے کہ اب حکومتی اسٹرکچر کو تبدیل کیا جائے۔

  • الیکشن کمیشن کو پیسے مل بھی گئے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا، رانا ثنااللہ

    الیکشن کمیشن کو پیسے مل بھی گئے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا، رانا ثنااللہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو پیسے مل بھی گئے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا،جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز میں اتفاق نہ ہویہ عمل بے سودہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے حکم کے حوالے سے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پیسے مل بھی گئے تو رزلٹ زیرو ہوگا۔

    راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ پیسے الیکشن کمیشن،اسٹیٹ بینک یا وزارت خزانہ کے پاس ہوں کوئی فرق نہیں پڑتا، جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز میں اتفاق نہ ہویہ عمل بے سودہوگا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت اور پارلیمنٹ کو سائیڈ پر رکھ دیا ہے، سپریم کورٹ براہ راست تمام معاملات چلانے کا عندیہ دے رہی ہے، کل کو سپریم کورٹ ہی ملک کا بجٹ پاس کر دے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے لیے فنڈز فراہمی کیس کی سپریم کورٹ ان چیمبر سماعت ہوئی تھی ،جس میں عدالت عظمیٰ نے فنڈز جاری نہ کرنے پر حکومت پر برہمی کا اظہار کیا۔

    سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک کو انتخابات کے لیے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 21 ارب روپے کے فنڈز الیکشن کمیشن کو جاری کیے جائیں۔

  • کشمور میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ ،ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار زخمی، دو شہید

    کشمور میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا حملہ ،ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار زخمی، دو شہید

    کشمور : کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں دو پولیس اہلکارشہید جبکہ ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمور گیھلپور کچے کے علاقے میں پولیس چوکیاں قائم کرنے کے دوران اچانک ڈاکوؤں نے حملہ کردیا۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ، 1 ایس ایچ او سميت 4 پوليس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو رحیم یار خان اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ شھید پولیس اہلکاروں کو کشمور ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار صابر علی اور احد علی ڈومکی شہید ہوئے ، ایس ایس پی عرفان علی سمو نے بتایا کہ نئی چیک پوسٹ قائم کرنے کے دوان ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی، زخمی ہونے والوں میں ایس ایچ بخشاپور گل محمد مھر سمیت 4 پوليس اہلکار شامل ہیں۔

    واقع کے بعد ضلع بھر کی بھاری پولیس نفری کچے کی طرف روانہ کر دی گئی ہے واضح رہے کہ چند روز قبل ایک ایس ایچ او شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت 2 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

  • اسرائیلی فورسز کا مسلسل دوسرے روز بھی مسجد اقصیٰ پر دھاوا ، 6 فلسطینی زخمی

    اسرائیلی فورسز کا مسلسل دوسرے روز بھی مسجد اقصیٰ پر دھاوا ، 6 فلسطینی زخمی

    یروشلم : اسرائیلی فورسز نے مسلسل دوسرے روز بھی مسجد اقصی پر حملہ کردیا اور نمازیوں پر تشدد کیا ، جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صیہونی فورسز باز نہ آئی اور دوسرے دن بھی مسجدِ اقصیٰ پر دھاوا بول دیا، قابض فوج دروازہ توڑ کر مسجد میں داخل ہوئی اور عبادت کرنے والے نمازیوں پراسٹن گرنیڈ فائر کیے اور ربڑ کی گولیاں برسا دیں۔

    فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران قابض فورسز کے تشدد سے چھ افراد زخمی ہوئے جبکہ مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج اور پولیس نے مسجد القبلی کا محاصرہ کر کے وہاں پر نمازیوں کو داخلے سے روک دیا۔

    گذشتہ روز بھی صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا، اسرائیلی فورسز نے عبادت میں مصروف لوگوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

    فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے ترجمان کا کہنا تھا مسجد اقصیٰ پرحملہ سُرخ لکیرعبورکرنے کی کوشش ہے، ایسا کرکےصیہونی فوج خانہ جنگی کودعوت دے رہی ہے جبکہ سعودی عرب ، مصر اور اردن نے مسجد اقصی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا۔

  • مکہ کلاک ٹاور بادلوں میں چھپ گیا، دلکش مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    مکہ کلاک ٹاور بادلوں میں چھپ گیا، دلکش مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    مکہ مکرمہ:‌ بیت اللہ کے عین سامنے عظیم الشان عمارت مکہ کلاک ٹاور بادلوں میں چھپ گیا ، دلکش مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بیت اللہ کے عین سامنے عظیم الشان عمارت مکہ کلاک ٹاور کو بادلوں نے ڈھانپ لیا، دلکش مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ، جسے دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ بادلوں کے جھرمٹ میں کلاک ٹاور سے روشنی نکل رہی ہے۔

    پروفیشنل فوٹو گرافروں نے یہ مناظر کیمروں میں قید کرکے سوشل میڈیا پر شیئرکئے ، جس پر ۔سوشل میڈیا صارفین نے ان تصاویر کو ’حیرت انگیز شاہکار‘ قرار دیا۔

    خیال رہے ہر سال موسم برسات میں مکہ کلاک ٹاور بادلوں میں چھپ جاتا ہے، یہ خوبصورت منظر ہر سال دیکھا جاتا ہے جسے لوگ اپنے کیمروں میں محفوظ کرلیتے ہیں۔

    یاد رہے مکہ کلاک ٹاور پر نصب گھڑی دنیا کی بڑی گھڑیوں میں سے ایک ہے ، کلاک ٹاور کی تعمیر2013 میں مکمل ہوئی تھی اس کی بلندی 607 میٹر ہے جبکہ ٹاور کی چھت پر سہنرا ہلال بنا ہے جس میں نصب خصوصی لائٹیں میلوں دور سے دکھائی دیتی ہیں۔

    کلاک ٹاور میں تقریبا 21 ہزار ایل ای ڈیز نصب کی گئی ہیں، جو ہر اذان کے وقت روشن ہوتی ہیں جس سے دور سے ہی انہیں دیکھ کر نماز کے وقت کا پتا چل جاتا ہے۔