Author: فائزہ شاہ

  • ضمانت کے باوجود پی ٹی آئی رہنما اور وکیل حسان نیازی کو  گرفتار کرلیا گیا

    ضمانت کے باوجود پی ٹی آئی رہنما اور وکیل حسان نیازی کو گرفتار کرلیا گیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما اور وکیل حسان نیازی کو اے ٹی سی کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کا پی ٹی آئی کے کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اور وکیل حسان نیازی کوجوڈیشل کمپلیکس کےباہر سے گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے حسان نیازی کوپولیس ناکہ پرمزاحمت کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

    وکیل نعیم حیدر نے بتایا کہ حسان خان نیازی عدالت سے میرے ساتھ نکلے،ان کی ضمانت ہو گئی ہے ، ایس پی نوشیروان پولیس کے ساتھ انہیں گاڑی میں بیٹھا کر رمنا تھانہ لے گئے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی نے کہا کہ ضمانت ہونے کے باوجود ایس پی نوشیروان نےعدالت کے باہر سے حسان نیازی کواغواکر لیا، اسلام آباد پولیس رانا ثنا کے اشاروں پر ناچتے ہوئے بےشرمی کی انتہاپارکررہی ہے، یہ عدلیہ کی سر عام توہین ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے بھی حسان نیازی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت کےباوجودایس پی نوشیروان نےعدالت کےباہرسےحسان نیازی کواغواکرلیا، ملک بھرکےوکلاکوفوری سڑکوں پراحتجاج کےلئے نکلنا چاہیے۔

    ماہر قانون ابوذر سلمان نیازی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد گرفتاری توہین عدالت ہوتی ہے جبکہ بیرسٹراحمد پنسوٹا کا کہنا تھا کہ یہ ظلم اور بربریت ہے، چیف جسٹس کو اس گرفتاری پر نوٹس لیناچاہیے۔

  • حکومت "لندن پلان” کے تحت الیکشن سے پہلے مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، عمران خان

    حکومت "لندن پلان” کے تحت الیکشن سے پہلے مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، عمران خان

    لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت "لندن پلان” کے تحت الیکشن سے پہلے مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی ںے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورت حال ، قانونی اور عدالتی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

    ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پولیس کے زمان پارک میں ظالمانہ آپریشن کی مذمت کی۔

    عمران خان نے کہا کہ حکومت انتقامی کارروائیوں میں اندھی ہوچکی ہے، کارکنو ں پر فخر ہے وہ ظلم کے ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت الیکشن سے خوفزدہ ہے، یہ "لندن پلان” کے تحت الیکشن سے پہلے گرفتاری چاہتی ہے ، ہمیں انتخابی مہم سے روکنے کے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

    اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ انتخابات کرانے کے آئینی اور قانونی حکم میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

    پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ زمان پارک آپریشن مریم نواز کی خواہش پر کیا جا رہا ہے، نگران پنجاب حکومت وفاقی حکومت کی کٹھ پتلی ہے۔

  • وفاقی دارالحکومت میں پولیس کو ریڈ الرٹ کردیا گیا

    وفاقی دارالحکومت میں پولیس کو ریڈ الرٹ کردیا گیا

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں پولیس کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ، ایک ہزار سے زائد پولیس نفری کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پولیس کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ، ذرائع نے کہا کہ تمام تھانوں میں نفری اکٹھی کی جارہی ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ اینٹی رائٹ یونٹ کو آنسو گیس کے شیل بھی فراہم کردیئے گئے ہیں ، ایک ہزار سے زائد پولیس نفری کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    قبل ازیں کیپٹل پولیس نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے لیے مشترکہ سیکیورٹی پلان تیار کیا تھا۔

    مشترکہ سیکیورٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا،جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

    شرکاء نے جڑواں شہروں کے لیے مشترکہ سیکیورٹی حکمت عملی مرتب کی اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کرتے ہوئے معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔

  • نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ فلائٹس آپریشن کے لیے تیار

    نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ فلائٹس آپریشن کے لیے تیار

    اسلام آباد : سی اے اے ٹیم نے نیو گوادر ایئرپورٹ کو فلائٹ آپریشن کے لئے کلیئر قرار دے دیا،  23 مارچ کو  ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن  کے افتتاح کرنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیو گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ فلائٹس آپریشن کے لیے تیار ہے، ذرائع نے بتایا کہ سی اے اے ٹیم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سیفٹی چیک مکمل کرلیے ہیں۔

    سی اے اے ٹیم نے نیو گوادر ایئرپورٹ کو فلائٹ آپریشن کے لئے کلیئر قرار دے دیا، وزیراعظم کی جانب سے 23 مارچ کو نیوگوادر ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن کا افتتاح کرنے کا امکان ہے۔

    رواں سال جنوری میں گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے کہا تھا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنا نیا تعمیری معیار حاصل کرلیا ہے بہت جلد آزمائشی پرواز کا آغاز ہوگا۔

    یہ پاکستان کا سب سے بڑا اور ملک کا دوسرا ہوائی اڈہ بھی بن جائے گا، جس میں اے ٹی آر 72 اور بوئنگ بی737 جیسے ہوائی جہازوں کے ساتھ ساتھ وائیڈ باڈی والے ہوائی جہاز جیسے ایئربس اے 380 اور بوئنگ B-747 کو ملکی اور بین الاقوامی راستوں کے لیے ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش ہوگی۔

    ہوائی اڈے کو اوپن اسکائی پالیسی کے تحت چلایا جائے گا اور اسے سی اے اے کی رہنمائی میں تیار کیا جائے گا۔

    زیر تعمیر این جی آئی اے بلوچستان کے جنوب مغربی بحیرہ عرب کے ساحل پر گوادر کے موجودہ ہوائی اڈے سے 26 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔

  • وفاقی حکومت کا چیئرمین نیب کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا چیئرمین نیب کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چیئرمین نیب کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد احتساب عدالت سے ناقابل سماعت قرار مقدمات چیئرمین نیب دیگر متعلقہ فورم کو بھیج سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے  چیئرمین نیب کو مزید بااختیار بنانے کا فیصلہ کرلیا اور وفاقی کابینہ نے نیب قوانین میں ترامیم کی سرکولیشن سے منظوری دے دی۔

    ترامیم  کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت سے ناقابل سماعت قرار مقدمات چیئرمین نیب دیگر متعلقہ فورم کو بھیج سکیں گے، چیئرمین نیب ناقابل سماعت قرار کیس کا جائزہ لیکرمقدمہ بند کرنے کی منظوری بھی دے سکیں گے۔

    متن کے مطابق نیب سے مقدمہ موصول ہونے پر متعلقہ ادارے کو از سر نو شواہد اکھٹے کرنے کا اختیار ہو گا۔

    نیب ترامیم کے تحت مقدمہ ایک علاقےکی عدالت سے دوسری عدالت منتقل نہیں کیا جا سکے گا اور چیئرمین نیب کی عدم موجودگی میں نیب کےڈپٹی چیئرمین بطورچیئرمین اختیارات کااستعمال کریں گے۔

    ترامیم  میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین کی عدم موجودگی میں وفاق نیب کے کسی بھی سینئر افسر کو چیئرمین کے اختیارات سونپ سکے گا۔

    نیب ترامیم کے مطابق  ڈپٹی چیئرمین21گریڈکے سول افسر، لیفٹیننٹ جنرل یامیجر جنرل کے عہدے کے فوجی افسرکوتعینات کیا جا سکے گا۔

    نیب ترامیم کے تحت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کوپبلک آفس ہولڈر کے زمرے میں شامل کر لیا گیا، اس سے قبل نیب قانون میں صرف چیئرمین سینیٹ پبلک آفس ہولڈر کے زمرہ میں آتے تھے۔

  • آئی ایم ایف کی شرط ، حکومت اور پاور سپلائی کمپنیوں کی ناکامی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا

    آئی ایم ایف کی شرط ، حکومت اور پاور سپلائی کمپنیوں کی ناکامی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا

    اسلام آباد : حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی اور بجلی سر چارج کا ریٹ ساڑھے 3 روپے فی یونٹ سے زیادہ کر دیا۔

    تفصیلات کے  مطابق آئی ایم ایف کی حکومت سے گردشی قرضہ کم کرنےکی شرط پر نیپرا نے بجلی صارفین پر بجلی گرادی۔

    حکومت اور پاور سپلائی کمپنیوں کی ناکامی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ، نیپرا نے  صارفین پر 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافی سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

    عوام سے پہلی مارچ تا اکتیس جون تک یہ سرچارج وصول کیاجائے گا اور کےالیکٹرک صارفین پربھی اطلاق ہوگا۔

    اضافے کے بعد مجموعی سرچارج 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا، اس وقت بجلی صارفین43 پیسے فی یونٹ سرچارج ادا کررہے ہیں اور آئندہ مالی سال میں یہ سرچارج ایک روپے 43 پیسے رہ جائے گا۔

    نیپرا کی جانب سے وفاقی حکومت کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا گیا۔

  • کوئٹہ : گھر میں گیس لیکج دھماکا ، ایک ہی خاندان  کے6 افراد جاں بحق

    کوئٹہ : گھر میں گیس لیکج دھماکا ، ایک ہی خاندان کے6 افراد جاں بحق

    کوئٹہ : ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر کے وسطی علاقے سر کی کلاں میں ایک گھر میں گیس لیکج کے دھماکہ ہوا۔

    دھماکے کے باعث گھرکی چھت گرگئی اور 6 افراد جاں بحق جبکہ افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں دو خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔

    ملبے تلے دب کر5افراد جبکہ ایک جھلس کرجاں بحق ہوا، جاں بحق افرادکاتعلق ایک ہی خاندان سےہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے. جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    دھماکے سے گھر مکمل تباہ ہوگیا. پی ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

  • حج کا ٹکٹ ، عازمین کے لئے بڑی خبر آگئی

    حج کا ٹکٹ ، عازمین کے لئے بڑی خبر آگئی

    کراچی : قومی ایئرلائن نے حج 2023 کیلئے فلائٹ آپریشن اور پرائیوٹ حج کرایوں کا اعلان کرتے ہوئے پرائیوٹ حج کیلئے کرایہ 1180 ڈالر مقررکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن نے حج 2023 کیلئے فلائٹ آپریشن اور پرائیوٹ حج کرایوں کا اعلان کردیا۔

    قومی ایئرلائن 21 مئی سے 2 اگست تک حج فلائٹ آپریشن جاری رکھے گی ، قومی ایئرلائن نے پرائیوٹ حج کیلئے کرایہ 1180ڈالر مقرر کردیا۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ 910 سے 1220ڈالر کرائے مقرر کئے گئے ہیں تاہم سرکاری حج کےتحت جانیوالے عازمین کے کرایوں کا اعلان وزارت مذہبی امور کرے گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ممکنہ طور پر 38ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی ، پی آئی اے حج فلائٹ آپریشن کیلئے بوئنگ777اور ایئربس320 استعمال کرے گی۔

  • پنجاب میں اتنخابات: عمران خان نے لاہور سے پارٹی امیدواروں کو فائنل کرلیا

    پنجاب میں اتنخابات: عمران خان نے لاہور سے پارٹی امیدواروں کو فائنل کرلیا

    لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب میں اتنخابات کے لئے لاہور سے پارٹی امیدواروں کوفائنل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور سے پارٹی امیدواروں کوفائنل کرلیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ حماد اظہر پی پی 155 لاہور سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے جبکہ پارٹی ٹکٹس پانے والوں میں پی پی144شاہدرہ سے یاسر گیلانی شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی145سےفاروق خان،پی پی146سےملک وقار ، پی پی147سےمیاں عبادفاروق،پی پی150سےمنصب اعوان ، پی پی151 سے قیصربٹ اور پی پی148سےحافظ ذیشان کوٹکٹ دیاجائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پی پی149سےمہروسیم،پی پی152سےوسیم قادر، پی پی169سےمیاں اکرم عثمان،پی پی164سےعلی باباگلہ ، پی پی 153سے یوسف میو لدھر،پی پی163سےچوہدری یوسف پی ٹی آئی کےامیدوار ہوں گے۔

    ذرائع نے مزید بتایا پی پی156سےعلی وڑائچ ،پی پی157سےحافظ فرحت عباس ، پی پی158سےمہرشرافت،پی پی159سےاعظم خان نیازی ، پی پی 162 سے ظہیرعباس کھوکھر اور پی پی164سےاحمررشیدبھٹی انتخاب لڑیں گے۔

    اس کے علاوہ پی پی165سےخالدگجر،پی پی 166سےسرفرازکھوکھر , پی پی167سےندیم بارا،پی پی 160سےمراد راس ، پی پی 161سے عاطف چوہدری ،پی پی 168سےمیاں محمودالرشیدپارٹی کےامیدوار ہوں گے۔

    پی پی170سےمیاں اسلم اقبال،پی پی 171سےمہرواجد ، پی پی172سےزبیرنیازی،پی پی173سےاصغرگجر میدان میں اتریں گے۔

  • حکومت کی   لگژری اشیاء پر سیلز ٹیکس 25 فیصد بڑھانے کی تیاری، آج منظوری کا امکان

    حکومت کی لگژری اشیاء پر سیلز ٹیکس 25 فیصد بڑھانے کی تیاری، آج منظوری کا امکان

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ سے بذریعہ سرکولیشن سمری لگژری اشیاء پر سیلز ٹیکس 25 فیصد بڑھانے کی منظوری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے امپورٹڈ لگژری اشیاء  پر سیلز ٹیکس 25 فیصد بڑھانے کی تیاری کرلی ، وفاقی کابینہ سے آج بذریعہ سرکولیشن سمری منظوری کا امکان ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس بڑھانے سے ایف بی آر کو 4 ماہ میں 15 ارب روپے کی آمدن ہوگی۔

    حکام نے کہا ہے کہ سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری لیکر ایف بی آر نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

    منظوری کے بعد امپورٹڈ الیکٹرونکس آئٹمز،میک اپ کےسامان ، پالتو جانوروں کی امپورٹڈ خوراک، برانڈڈ شوز، امپورٹڈ برانڈ کے پرس، امپورٹڈ شیمپو، صابن اور لوشن پر سیلز ٹیکس 25 فیصد ہو جائے گا۔

    اس کے علاوہ امپورٹڈ برانڈ ہیڈ فونز، آئی پوڈ، اسپیکرز، دراوزوں اور کھڑکیوں ، امپورٹڈ برتن ، باتھ فٹنگز ، امپورٹڈ ٹائلز، سینٹری کے سامان اور فینسی لائٹس پر بھی سیلزٹیکس کی شرح 25 فیصد ہو جائے گی۔