Author: فائزہ شاہ

  • قوم پر مسلط کردہ امپورٹڈ حکومت کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا، عمران خان

    لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم پر مسلط کردہ امپورٹڈ حکومت کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم پر مسلط کردہ امپورٹڈ حکومت کو ہرگزتسلیم نہیں کرتا،سازش ، ہارس ٹریڈنگ کے ذریعےامپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ 10 ماہ میں اس حکومت کے ہاتھوں معیشت کی تباہی ہوئی، فسطائیت کے ذریعے جمہوریت کا قتل کیا گیا، بنیادی حقوق کا خاتمہ،دہشت گردی ناک تلےپھیلنےکی اجازت دی۔

    یاد رہے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ قیامت آگئی ہے جو آصف علی زرداری نے مجھ پر ہتک عزت کا دعویٰ کیا ہے، میں تو شکر ادا کر رہا ہوں کہ یہ کیس عدالت میں جائے گا۔

    سابق صدر کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالت میں سب سے پہلے آپ سے پوچھا جائے گا کہ کیا آپ کی کوئی عزت ہے جو خراب ہوئی ہے؟ دکھایا جائے گا کہ پوری دنیا میں آپ کو مسٹر ٹین پرسنٹ کہا جاتا تھا۔

  • مریم نواز آج ملک گیر تنظیمی دوروں کا آغاز کریں گی

    مریم نواز آج ملک گیر تنظیمی دوروں کا آغاز کریں گی

    لاہور : مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز آج بہاولپور سے تنظیمی سرگرمیوں کاآغاز کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز آج ملک گیر تنظیمی دوروں کاآغازکریں گی۔

    مریم نواز چارٹرڈ طیارے کے ذریعے بہاولپور جائیں گے، جہاں سے وہ تنظیمی سرگرمیوں کاآغاز کریں گی ، رانا ثنااللہ بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔

    مریم نواز آج بہاولپور میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کریں گی۔

    اس کے علاوہ بہاولپور می پارٹی کے مقامی عہدیداروں کا تنظیمی اجلاس بھی منعقد ہوگا ، مریم نواز کی صدارت میں موجودہ تنظیمی ڈھانچے کاجائزہ لیا جائے گا۔

    مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس میں تنظیمی امورپرغورہوگا۔

    خیال رہے ے مریم نواز کے ملک گیر تنظیمی دوروں کا شیڈول جاری کردیا، مریم نواز یکم فروری سے طوفانی تنظیمی دوروں کا آغاز کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے پنجاب میں دوروں کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔

    شیڈول میں بتایا گیا تھا کہ مریم نواز پانچ فروری کو ملتان میں کنونشن اور چھ فروری کو پارٹی کا تنظیمی اجلاس ہوگا جبکہ نو فروری کو مریم نواز ایبٹ آباد میں کنونشن سے خطاب کریں گی۔

    مسلم لیگ ن کے جاری کردہ شیڈول کے تحت دس فروری کو ایبٹ آباد میں پارٹی کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوگا جبکہ پندرہ فروری کو مریم نواز ڈیرہ غازی خان میں کنونشن اور جلسے سے خطاب کریں گی اور سولہ فروری کو ڈی جی خان میں پارٹی کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کریں گی۔

  • شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی خبر بے بنیاد اور من گھڑت قرار

    شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی خبر بے بنیاد اور من گھڑت قرار

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے سنیئر رہنما شاہد خاقان عباسی کے ترجمان نے استعفے کی خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سنیئر رہنما شاہد خاقان عباسی کے ترجمان کا سینئرنائب صدر کے عہدے سے استعفے کی خبروں پر ردعمل آگیا۔

    ترجمان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ استعفے کی خبر بے بنیاد اورمن گھڑت ہے، شاہد خاقان عباسی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں کھڑے رہیں گے ، دباؤ مشکلات برداشت کیں پارٹی کو نہیں چھوڑا۔

    یاد رہے یہ خبر آئی تھی کہ شاہد خاقان عباسی نےسینئرنائب صدرکےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    ذرائع کاکہنا تھا کہ شاہد خاقان مریم نواز کو سینئرنائب صدراورچیف آرگنائزربنانے سے خوش نہیں تھے، استعفیٰ شہباز شریف کو مل گیا لیکن انہوں نے قبول نہیں کیا۔

    گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے فوری طور پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • تحریک انصاف کا  فواد چوہدری کی غیرقانونی حراست کیخلاف آج احتجاج کا اعلان

    تحریک انصاف کا فواد چوہدری کی غیرقانونی حراست کیخلاف آج احتجاج کا اعلان

    لاہور: تحریک انصاف نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہد ری کی غیرقانونی حراست کیخلاف آج احتجاج کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے اعلان کیا کہ فواد چوہدری کی غیرقانونی حراست کیخلاف آج جی پی او چوک پر احتجاج ہوگا۔

    مسرت جمشید کا کہنا تھا کہ وکلا،سول سوسائٹی،کارکنان بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، کچھ لوگ آئین اور قانون کو ایک طرف کر کے جنگل کا قانون چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بطور جماعت اور کروڑوں عوام فوادچوہدری کے شانہ بشانہ ہیں، عمران خان نے ایک بار پھر پی ڈی ایم کو ضمنی انتخاب کا کھلا چیلنج دیدیا، عمران خان کے مقابلے میں جسے سیاسی مقبولیت کا زعم ہے وہ میدان میں آجائے۔

    رہنما پی ٹی آئی کا موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرپٹ ٹولے نے سیاست کو ریسکیو کرنے کے چکر میں ملک کو وینٹی لیٹر پر ڈال دیا ہے، ان کی سیاست کسی صورت ریسکیو نہیں ہونی، اب یہ اپنی سیاست کا تابوت ہی اٹھائیں گے۔

    مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ساری قوم شامل ہو چکی ہے۔

  • فرخ حبیب فواد چوہدری کو لے جانے والی گاڑی کے سامنے کھڑے ہوگئے

    لاہور : تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے فواد چوہدری کو لے جانے والے قافلے کو روکنے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں نے انھیں دھکے دے کر گاڑی کے آگے سے ہٹایا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی گاڑیوں کا قافلہ فواد چوہدری کو لاہور کی سڑکوں پرگھماتا رہا مگرعدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں کیا گیا۔

    تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب اورکارکنان پولیس قافلے کے پیچھے چلتے رہے۔

    پولیس کا قافلہ ٹول پلازہ پہنچا تو فرخ حبیب اسلام آباد موٹروے پر فواد چوہدری کو لے جانے والی گاڑی کے سامنے کھڑے ہوگئے۔

    فرخ حبیب اور پی ٹی آئی کارکنان نے فواد چوہدری کو لے جانے والے قافلے کو روکنے کی کوشش کی ، پولیس اہلکاروں نے تحریک انصاف کے رہنما کو دھکے دیئے۔

    اس موقع پرفرخ حبیب کا کہنا تھا کہ تم لوگ توہین عدالت کررہے ہو،آپ کو عدالت کاحکم ماننا پڑے گا، آپ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر فوادچوہدری کو پیش کریں۔

    پولیس اہلکاروں نے فرخ حبیب کودھکے دے کر گاڑی کے آگے سے ہٹایا اور فوادچوہدری کو لے کر اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگئے۔

  • پاکستان میں بجلی کا ایک اور بریک ڈاؤن، وزیر توانائی نے وجہ بتادی

    پاکستان میں بجلی کا ایک اور بریک ڈاؤن، وزیر توانائی نے وجہ بتادی

    اسلام آباد : وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ وولٹیج اور فریکوئنسی کے اتارچڑھاؤ کی وجہ سے بجلی کے نظام میں تعطل آیا تاہم جلد بجلی بحال کرنےکی کوششیں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی خرم دستگیر نے ملک بھر میں بریک ڈاؤن کے حوالے سے کہا ہے کہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں، جلد بجلی بحال کرنےکی کوششیں جاری ہیں۔

    خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ رواں سیزن کے دوران بجلی کی طلب بہت کم ہوتی ہے، بجلی کی کم طلب کی وجہ سے کچھ پلانٹ بند کئے جاتے ہیں۔

    وزیر توانائی نے بتایا کہ صبح پلانٹ کھولنے کے بعد مسئلہ درپیش ہوا، وولٹیج اور فریکوئنسی کے اتارچڑھاؤ کی وجہ سے تعطل آیا۔

    خیال رہے ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ، گدو سے کوئٹہ جانیوالی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے بعد گدو،جام شورو، مظفر گڑھ،حویلی شاہ بہادر، بلوکی پاور پلانٹس بند ہو گئے۔

    تربیلا اور منگلا ڈیم سے پن بجلی کی پیداوار پانچ سو میگاواٹ بجلی کی فراہمی لوڈ بڑھنے پر بند ہو گئی ، بجلی کی ترسیل کے نظام کو بچانے کے لئے این پی سی سی کا فیوز بند کرنا پڑا۔

    جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند ہے ، آئیسکو، لیسکو، میپکو اور گیپکو ریجنز میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    این ٹی ڈی سی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بحالی کا کام شروع کردیا ہے ، بجلی کی مکمل بحالی میں 27 گھنٹے سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔

  • پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

    اسلام آباد : پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد ، کراچی، لاہور،کوئٹہ سمیت ملک کے بڑے شہروں میں اچانک بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گدو سے کوئٹہ جانیوالی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا، جس کے باعث اسلام آباد ، کراچی، لاہور،کوئٹہ سمیت ملک کے بڑے شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ ٹرانسمیشن لائن میں خرابی سے بجلی کی ترسیل میں تعطل آیا، ٹرانسمیشن لائن اور پاور پلانٹ کے درمیان رابطہ منقطع ہونے سے بجلی کی فریکوئنسی کم ہوگئی، بجلی کی فریکوئنسی متعلقہ سطح سےکم ہونے پرکیسکیڈنگ ہوئی۔

    کیسکیڈنگ کےباعث پاور پلانٹ یکے بعد دیگرے ٹرپ کرتے گئے، ٹرپنگ سے گدو،جام شورو، مظفر گڑھ،حویلی شاہ بہادر، بلوکی پاور پلانٹس بھی بند ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تربیلااورمنگلا ڈیم سے پن بجلی کی پیداوار 500میگاواٹ ہورہی تھی، تربیلا اور منگلا ڈیم کی ٹرانسمیشن لائنز بھی ٹرپ کرگئیں تاہم سسٹم بچانے کے لیے این پی سی سی کا فیوز بند کیا گیا ہے۔

    کراچی، جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند ہے جبکہ آئیسکو، لیسکو، میپکو اور گیپکو ریجنزمیں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

    این ٹی ڈی سی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بحالی کا کام شروع کردیا، بجلی کی مکمل بحالی میں 27 گھنٹے سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔

    دوسری جانب ایکسٹراہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کرنے سے کےالیکٹرک کے540 سےزائدگرڈ اسٹیشن بند ہوگئے اور کراچی کے50فیصدسےزائدحصےمیں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، لیاقت آباد، کلفٹن، کورنگی، اورنگی ، گلشن اقبال، صدر، اولڈ سٹی ایریا اور لانڈھی میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    ٹھہ، سجاول، بدین، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، مٹھی ، عمرکوٹ،مٹیاری،ٹنڈوالہیار،میرپورخاص، نوشہروفیروز،نواب شاہ میں بھی بجلی بند ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی ترسیل معطل ہے۔

  • پنجاب میں انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا

    لاہور: مسلم لیگ ن کی سرگودھا سے بڑی وکٹ گر گئی ، ن لیگی سابق رکن قومی اسمبلی پیرحسنات شاہ نے ساتھیوں  سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع سرگودھا میں مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا لگا ، بھیرہ سے ن لیگی سابق رکن قومی اسمبلی پیر امین الحسنات نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

    شاہ محمود قریشی،اسد عمر، فواد چوہدری،نور الحق قادری اورسبطین خان پر مشتمل پی ٹی آئی وفد آج بھیرہ پہنچے گا، جہاں ایک تقریب میں پیر امین حسنات پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

    پیرمحمد امین الحسنات کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے حلقہ این اے بیاسی اور پی پی باہتر میں مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک متاثرہوگا۔

    اعلیٰ سطح پر رابطوں کے باوجود پیرامین الحسنات نے فیصلہ تبدیل کرنے سے انکار کر دیا، جس کےبعد نواز شریف نے ڈویژنل صدر چوہدری شاہنواز رانجھاکو لندن طلب کرلیا ہے۔

  • مہنگائی سے پریشان عوام پر منی بجٹ کا بم گرانے کی تیاری مکمل : بجلی اور گیس کے ریٹ بڑھانے پر غور

    اسلام آباد : حکومت کی جانب رواں ماہ منی بجٹ لانے  کی تیاری مکمل کرلی گئی اور یکم فروری سے بجلی اور گیس کے ریٹ بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پہلے سے مری ہوئی عوام پر ڈیڑھ سو سے دو سو ارب روپے کے منی بجٹ کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

    وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ یکم فروری سے بجلی اور گیس کے ریٹ بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے اور رواں ماہ منی بجٹ لانے کے لیے آرڈیننس کی تیاری پر مشاورت کرلی گئیں ہیں۔

    ذرائع وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ یکم فروری 2023 سے منی بجٹ پرعملدرآمد شروع ہو جائے گا، منی بجٹ کے ذریعے درآمدات پر فلڈ لیوی عائد کی جائے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ درآمدی خام مال اور فرنشڈ آئٹمز پر فلڈ لیوی عائدکی جائےگی، آرڈیننس کےذریعے درآمدی لگژری آئٹمز پر 3 فیصد تک فلڈلیوی عائد ہوگی اور جن درآمدی اشیا پر کسٹم ڈیوٹی زیرو ہے ان پر1 فیصد فلڈلیوی عائدکی جائے گی۔

    وزارت خزانہ نے کہا کہ مقامی سطح پر بھی فلڈ لیوی عائد کیے جانے کاامکان ہے جبکہ بینکوں کے فارن ایکسچینج منافع پر فلڈ لیوی عائدکی جائےگی۔

    ذرائع کے مطابق بجلی کےریٹ مرحلہ واربڑھانے کاامکان ہے ، یکم فروری سے بجلی کےریٹ میں اضافہ ہوسکتاہے اور گیس کےریٹ میں اضافے کی بھی تجویز ہے۔

    وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ توانائی کا سرکلر ڈیٹ کم کرنے کے لیے روڈ میپ کی تیاری کرلی گئی ہے اور آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کےلیے مشکل معاشی فیصلوں پر غور کیا گیا۔

  • نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا تقرر : پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری

    لاہور : نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 3،3ممبران شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکرسبطین خان نے پارلیمانی کمیٹی کےقیام کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا تقرر تین دن میں کرے گی، کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 3،3ممبران شامل ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کی جانب سے میاں اسلم اقبال،بشارت راجہ ، مخدوم ہاشم جواں بخت اور اپوزیشن کی جانب سے ملک احمد خان ، حسن مرتضیٰ ، ملک ندیم کامران ممبران میں شامل ہیں۔

    گذشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ کیلئے اپوزیشن نےپارلیمانی کمیٹی کیلئے ابھی تک نام نہیں دیئے۔۔۔اتفاق نہ ہوا تو نگراں وزیر اعلیٰ کےتقررکیلئےنام الیکشن کمیشن کوبھجوادیں گے، کوشش ہےیہ معاملہ سیاسی طریقے سے ہی حل ہو۔

    سبطین خان نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کیلئے نام کمیٹی میں آ جائیں توپھراس میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی، اسپیکر قومی اسمبلی بادشاہ ہیں، مغلیہ دورہےجومرضی کریں۔

    خیال رہے اگر کمیٹی نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کا فیصلہ نہ کرسکی تو معاملہ الیکشن کمیشن میں چلا جائے گا۔