Author: فائزہ شاہ

  • بلاول بھٹو کی مینگو ڈپلومیسی : وزیر اعظم لگسمبرگ کو پاکستانی آموں کا چسکا لگادیا

    ڈیوس : وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے وزیراعظم لگسمبرگ کو پاکستانی آموں کا چسکا لگادیا اور پوچھا آم کیسے لگے، جس پر وزیر اعظم لکسمبرگ زیوئیر بیٹل ٓنے کہا کہ مجھے پاکستانی آموں سے محبت ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی اوروزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ڈیوس سے ویڈیو پیغام میں لکسمبرگ کے وزیر اعظم سے پاکستانی آموں پر گفتگو کی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں یہاں سوئٹزرلینڈ میں ہوں، وزیر اعظم لکسمبرگ میرےساتھ ہیں، میں نے پچھلے سال وزیر اعظم لکسمبرگ کوپاکستانی آم بھیجےتھے، اس وقت وزیر اعظم لکسمبرگ میرے ساتھ موجود ہیں، چاہتاہوں وزیراعظم لکسمبرگ پاکستانی آم پراپنی رائےدیں۔

    وزیر اعظم لکسمبرگ زیوئیر بیٹل ٓنے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستانی آموں سے محبت ہو گئی ہے، یہ مجھے لکسمبرگ میں پاکستانی آموں کا سفیر بنانا چاہتےہیں لیکن ابھی میرے پاس ابھی کچھ مزید مدت کیلئےنوکری موجود ہے،پر امید ہوں آئندہ سال پھر آم موصول ہوں گے۔

  • وفاقی حکومت 35 ارکان کے استعفےٰ قبول کرکے ہمارے گیم میں آگئی ، فواد چوہدری

    لاہور : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت35 ارکان کے استعفےٰ قبول کرکے ہمارے گیم میں آگئی ، اگلے 90 دنوں میں 60 فیصد ملک الیکشن کی طرف جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اے‌آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عام انتخابات کی طرف جانا چاہتےہیں،لائحہ عمل واضح ہے، 60 فیصد کے قریب ملک اب الیکشن کی طرف جائے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بہترہوگا باقی ملک بھی اب عام انتخابات کی طرف بڑھے، میرا خیال ہے 10 سے 15 دنوں میں وفاقی حکومت سے بھی جان چھوٹ جائے گی۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر،پارلیمانی لیڈراورچیئرمین پی اے سی کاعہدہ پی ٹی آئی کو دیں، قانون کہتا ہے جس کے پاس نمبرز سب سے زیادہ ہوں اپوزیشن لیڈر اس کا ہوگا، حکومت کو یہ تینوں عہدے پی ٹی آئی کو دینے پڑیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے احمقانہ فیصلےکیے،یہ ہماری گیم میں آگئے ہیں، صدر مملکت اب بھی اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں ، یہ قومی اسمبلی میں اپنے نمبرز پورے نہیں کرپائیں گے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ہم تو پہلے ہی کہہ رہے تھے تمام استعفے قبول کریں، تقریباً 800 میں سے 500 نشست پرالیکشن ہونے جارہے ہیں، جن بوتل سے باہر آگیا ہے اب یہ سنبھال نہیں پائیں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مستحکم حکومت ہی پاکستان میں مسائل کاہےجوالیکشن سےآئےگی، موجودہ حکومت غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے، پاکستان کے مسئلے کا حل عام انتخابات اور منتخب حکومت ہے۔

  • شاہ محمود قریشی نے کسی سے بھی مذاکرات کی تردید کردی

    شاہ محمود قریشی نے کسی سے بھی مذاکرات کی تردید کردی

    لاہور : پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئروائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کسی سے بھی مذاکرات کی تردید کردی اور کہا یہ جوچاہتے تھے ہم نے وہ سب کر دکھایا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے غیریقینی کی صورتحال سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے، حکومت عوام کا سامنا کرنے کو تیار نہیں، الیکشن نہیں چاہتی۔

    شاہ محمودقریشی نے بتایا کہ پہلے ہم نے استعفے پیش کیے تو انہوں نے کہا درست پیش نہیں کیے، اسپیکر نے کہا تھا کہ اجتماعی طور
    پر استعفے قبول نہیں کرسکتا، اسپیکر نے اب پی ٹی آئی کے 35 ارکان چن کران کے استعفے قبول کیے۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے فوری 35 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کردیا، اس اقدام سے الیکشن کمیشن اور اسپیکر کا گٹھ جوڑ واضح ہو جاتا ہے، ہم قومی اسمبلی میں ڈمی قائد حزب اختلاف کو ہٹانا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت نے استعفے قبول کرنے ہیں تو باقی 70 ارکان کےبھی کریں، ہماراعدالت میں موقف تھا ہم استعفے دے رہے ہیں یہ قبول نہیں کررہے، اب حکومت کس طرح چن کر 35 ارکان کے استعفے قبول کرسکتی ہے۔

    شاہ محمودقریشی کا کہنا کہ 35 ارکان کے استعفے قبول کرکے دوہرا معیار اپنایا گیا، حکومتی اقدام سے ملک میں جمہوریت کا مذاق بنا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے مذاکرات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کسی سے مذاکرات نہیں ہو رہے، ہمارا موقف قوم کے سامنے ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے کہا ان کے نمبرز پورے نہیں، ہم نے 186 کر کے دکھائے، انہوں نے کہا کے پی اسمبلی تحلیل سے ہچکچا رہے ہیں، ہم نے تحلیل کرکے دکھائی۔

  • سستے تیل اور ایل این جی کی خریداری: پاکستان اور روس کے درمیان مذاکرات کا آغاز

    اسلام آباد : پاکستان اور روس کے درمیان سستے تیل اور ایل این جی خریداری کے معاملے پر مذاکرات کا آغاز ہوگیا، جو 20 جنوری تک جاری رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق روس سے سستے تیل اور ایل این جی خریداری کے معاملے پر پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے ماہرین سطح کے مذاکرات شروع ہو گئے۔

    ذرائع نے بتایا دونوں ممالک کے وزرا کی سطح پر مذاکرات کل ہوں گے، مذاکرات کے لئے روسی وزیر توانائی آج پاکستان پہنچیں گے۔

    بین الحکومتی کمیشن اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اقتصادی امور ڈویژن ایاز صادق اور روسی وفد کی نمائندگی روسی وزیر توانائی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پاک روس مذاکرات 18 سے 20 جنوری تک جاری رہیں گے، مذاکرات میں روس سے سستا خام تیل پٹرول اور ڈیزل سمیت ایل این جی خریداری پر بات چیت ہو گی۔

    اس دوران پاکستان اور روس پاک سٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر پر بھی بات کریں گے جبکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔

  • تحلیل ہونے والی خیبر پختونخواہ اسمبلی کی سوا 4 سالہ کارکردگی سامنے آگئی

    پشاور : تحلیل ہونے والی خیبر پختونخواہ اسمبلی نے سوا 4 سال میں مجموعی طورپر211 بل پیش اور 177 منظور کیے جبکہ 188ایکٹس کی منظوری بھی دی۔

    تفصیلات کے مطابق تحلیل ہونے والی خیبر پختونخواہ اسمبلی کی سوا 4 سالہ کارکردگی سامنے آگئی ، سمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست2018 کو اور آخری اجلاس18 جولائی 2022 کو طلب کیا گیا۔

    خیبر پختونخواہ اسمبلی کاآخری اجلاس 16 دسمبر 2022 تک تقریباً 5 ماہ جاری رہا، کے پی اسمبلی نے اتنی مدت کے دوران 23 سیشنز اور 249 اجلاس منعقد کیے۔

    کےپی اسمبلی نے مجموعی طورپر211بل پیش،177منظورکیے اور 188ایکٹس کی منظوری بھی دی جبکہ مختلف محکموں کے حوالے سے 108 سوالات بھی نمٹائے۔

    خیبر پختونخواہ اسمبلی نے 244 قرارداوں کی منظوری بھی دی ، اسمبلی اراکین نے سرکاری اہلکاروں کے خلاف 66 استحقاق کی تحاریک بھی پیش کیں۔

    وزیر اعلٰی خیبر پختونخوامحمودخان صرف 9 دن اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے ، صوبائی وزراکامران بنگش،شوکت یوسفزئی،تیمورسلیم جھگڑا سب سےمتحرک وزرا رہے۔

    اپوزیشن کی جانب سے نگہت اورکزئی قانون سازی سے متعلق متحریک ترین رکن رہیں جبکہ اے این پی کے پارلیمانی لیڈرسردارحسین بابک بھی اپوزیشن کے متحرک رکن رہے۔

  • آئی ایم ایف کا مذاکرات سے انکار: اسٹاک مارکیٹ 1383 پوائنٹس گرگئی

    کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث 1383 پوائنٹس کی کمی کے بعد انڈیکس 39 ہزارکی نفسیاتی حد سے بھی نیچے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رحجان ہے۔

    ٹریڈنگ کے دوران 100انڈیکس 1383 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور جس کے بعد 100انڈیکس 39 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گیا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100انڈیکس میں38 ہزار 337 پوائنٹس پر ٹریڈنگ جاری ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف مزاکرات میں تعطل کی خبروں سے سرمایہ داروں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔

    دوسری جانب سیاسی اور معاشی عدم استحکام بھی بڑھ رہا ہے، اس لئے شیئر ہولڈرز اپنے حصص دھڑا دھڑ فروخت کر رہے ہیں۔

  • پنجاب اسمبلی تحلیل ہوگئی، گورنر پنجاب کو سمری موصول

    لاہور : گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری موصول ہونے کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ گورنر ہاؤس کو وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کی جانب سے بھیجی گئی اسمبلی کی تحلیل کی سمری موصول ہوگئی ہے۔

    ذرایع کا کہنا تھا کہ گورنر نے دستخط نہ کیے 48 گھنٹوں میں اسمبلی ازخود تحلیل ہو جائے گی۔

    گذشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر بلیغ الرحمٰن کو بھجوا دی گئی ہے، پنجاب میں عبوری حکومت کی تشکیل کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو 48 گھنٹے میں خط لکھ رہے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ اسمبلیاں توڑ کر عوام میں جائیں گے، دونوں صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن ہوں گے۔

  • اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان میں ڈائیلاگ نہیں کروارہا، صدر عارف علوی

    اسلام آباد : صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اورعمران خان میں ڈائیلاگ نہیں کروارہا ، ہر جگہ اختلافات کم کرنے کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان عارف علوی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی میدان میں آج ہر کوئی بدلہ ہی لے رہا ہے ، ہر جگہ اختلافات کم کرنے کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔

    عارف علوی نے بتایا کہ میری کوشش تھی غلط فہمیاں ختم ہوں، جنرل باجوہ اور عمران خان کے درمیان اختلافات کی وجہ سوشل میڈیا ہے، ملک میں فیصلہ کرنے والے لوگ سوشل میڈیا کو درست طریقے سے ہینڈل نہیں کر پا رہے۔

    صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یوٹیوب دو سال تک بند رہا یو ٹیوب کے بند ہونے کی وجہ یہ تھی کہ رائے بنانے والے لوگ اس کو سنبھال نہیں سکے، سوشل میڈیا بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن سوشل میڈیا کو غیرضروری اہمیت دینے کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔

    انھوں نے کہا کہ میری آئینی زمہ داری ہے کہ تمام فیڈریشنز کو اکھٹا کروں، سیاسی جماعتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزاختلافات ختم کریں، اختلافات نظرانداز نہیں کیےتو معاشی حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی کے راستے پر تیزی سے بھاگنا ہے، تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے درمیان گذشتہ ایک ماہ کے دوران کسی قسم کی پیغام رسانی نہیں ہوئی میری جانب سے مذاکرات کی درخواست کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    انھوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کو مل کر بیٹھنا چاہیے لگتا ہے کہ موجودہ حکومت زیادہ ٹال مٹول کر رہی ہے، حکومت حامی تو بھرتی ہےکہ بات چیت ہونی چاہیے مگر میں رزلٹ نہیں دیکھ رہا۔

    صدر پاکستان نے بتایا کہ میرے ساتھ مشاورت کے بعد عمران خان نے موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام پر اس وقت اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

    انھوں نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ موجودہ فوجی قیادت اور عمران خان کے درمیان وہ کوئی ڈائیلاگ نہیں کروا رہا ہوں، یہ الیکشن کا سال ہے، الیکشن ہونے چاہییں۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں آپس میں طے کر لیں کہ الیکشن جلد یا بدیر ہوں گے، الیکشن کے آگے پیچھے ہونے کا فرق ہے تو وہ بات چیت سےطے کر لیں ، بات چیت کا سلسلہ ہوناچاہیے تاکہ معیشت اورلوگوں کی فلاح کیلئےکام ہوسکیں

    صدرِ مملکت نے کہا کہ عمران خان اور سابق آرمی چیف کے معاملے میں تمام فریقین ہی سخت رویے کا اظہار کر رہے تھے، میری سنی گئی ہوتی تو بہتر ہوتا سابق آرمی چیف کو مزید توسیع پر کہا اس معاملے میں آفرز سے واقف نہیں۔

  • زیر تعمیر گوادر ائیرپورٹ کی نئی تصاویر جاری

    کوئٹہ : چین کے تعاون سے گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ، ائیر پورٹ کا اسٹرکچر مکمل کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق زیر تعمیر گوادر ائیرپورٹ کی نئی تصاویر جاری کردی گئیں۔

    سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چین کے تعاون سے گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرتعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور 4 ہزار 600 ٹن اسٹیل سے ائیر پورٹ کا اسٹرکچر مکمل کرلیا گیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا ہے کہ گوادر ائیرپورٹ کے مرکزی ٹرمینل کی تعمیر ،ایئرپورٹ کی چھت، اندرونی حصے کی تعمیر اور الیکٹرومکینکل آلات کی تنصیب جاری ہے۔

    سرکاری اعلامیے میں کہنا تھا کہ آئندہ 2 ماہ میں مکران ڈویژن کونیشنل گرڈ سے منسلک کردیا جائے گا۔

  • کراچی میں کوئٹہ کی سرد ہوائیں چل پڑیں، آج سے سخت سردی کی پیش گوئی

    کراچی میں کوئٹہ کی سرد ہوائیں چل پڑیں، آج سے سخت سردی کی پیش گوئی

    کراچی : شہر قائد میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے ، محکمہ موسمیات نے آج سے سخت سردی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا پارہ 5 ڈگری تک نیچے گرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کوئٹہ کی ہوائیں چل پڑیں ، شہر میں سرد اور گرد آلود ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا.

    محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ تیز ہواؤں کا سلسلہ 17 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے ، دن اور رات کے درجہ حرارت میں کافی زیادہ کمی ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرد آلود ہواؤں کے سبب فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگا اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت سات تک گرنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب شمالی بلوچستان شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔

    درجہ حرارت نقطہ انجماد سےکئی درجے نیچے گرگیا، دوبندی میں کم سےکم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ، کوژک ٹاپ ، خواجہ عمران میں کم سےکم درجہ حرارت منفی 7 اور چمن میں کم سےکم درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا۔
    ٓ
    ملک کے شمالی علاقے آج بھی سردی کی لپیٹ میں رہیں گے، کشمیر ،گلگت بلتستان، چترال، دیر،سوات، مری،ایبٹ آباد میں بھی برفباری کامتوقع ہے۔

    راولپنڈی اور اسلام آبادمیں وقفےوقفے سےبارش جاری ہے ، جس سے موسم انتہائی سردہوگیا ہے۔

    آج لاہور، سرگودھا، میانوالی، پشاور، صوابی، کوہاٹ اور بنوں میں کہیں ہلکی تو کہیں گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے تاہم ملک کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔