Author: فائزہ شاہ

  • برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی، الرٹ جاری

    برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی، الرٹ جاری

    لندن : برطانوی محکمہ موسمیات نے برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی کردی اور کہا پارہ نقطہ انجماد سے دس ڈگری نیچے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساحلی وشمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے کئی علاقوں میں پارہ منفی دس سے بھی نیچے جا سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج سے برفباری کی بھی پیش گوئی کی اور کہا ہے کہ فلائٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

    برطانوی محکہ صحت کے مطابق شدید سرد موسم شہریوں کی صحت پر اثراندازہو سکتا ہے۔

    دوسری جانب امریکی ریاست الاسکا میں انیس سو ننانوے کے بعد ریکارڈ برف باری ہوئی ہے، کئی علاقوں میں دو فِٹ تک برف پڑی ہے، گھر، گاڑیاں سڑکیں سب چُھپ گئی ہیں۔

  • 15 سال بعد دہلی سے مودی کی حکومت ختم

    15 سال بعد دہلی سے مودی کی حکومت ختم

    دہلی : بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی (آپ) نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں عام آدمی پارٹی نے پندرہ سال بعد دہلی سے مودی کی حکومت ختم کر دی۔

    دلی میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے دو سو پچاس نشستوں میں سے ایک سو چونتیس جیت لیں۔

    بی جے پی ایک سو چار سیٹیں لینے میں کامیاب ہوئی جبکہ کانگریس صرف نو نشستوں تک ہی محدود رہی۔

    دلی میں حکومت بنانے کیلئےایک سوچھبیس نشستیں درکارہوتی ہیں اور الیکشن نتائج کے بعد دلی سے بی جے پی کا پندرہ سال کا اقتدار ختم ہوگیا۔

    انتخابات میں کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی کے سربراہ ارون کیجریوال نے اپنے خطاب میں دلی والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے معاملات کو سنبھالنے کیلئے اپنے بیٹے اور بھائی کو منتخب کیا ہے۔

    اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ وہ ’کرپشن اور منفی سیاست کے خاتمے‘ کے لیے سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے دوہزار سترہ کے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی نے ایک سو اسّی نشستیں حاصل کی تھیں، جبکہ عام آدمی پارٹی صرف اڑتالیس اور کانگریس تیس نشستیں لے سکی تھی۔

  • بنوں : پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ،  پولیس حوالدار شہید

    بنوں : پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ، پولیس حوالدار شہید

    بنوں : پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں پولیس حوالدار شہید ہو گیا تاہم حملہ آورفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنوں کے کنگر پل پر پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار شہید ہوا۔

    پولیس نے بتایا کہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ پر حملہ آورفرار ہو گئے تاہم دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب دہشت گردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکار سردارعلی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، نمازجنازہ میں اعلیٰ پولیس افسران اورشہید کے لواحقین نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے بعد شہید حوالدار سردار علی کا جسدخاکی تدفین کیلئے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے۔

  • کابل حملے میں سفیر عبید نظامانی کی جان بچانے والا ایس ایس جی مجاہد

    کابل حملے میں سفیر عبید نظامانی کی جان بچانے والا ایس ایس جی مجاہد

    پشاور : پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق کابل میں سفیر عبید نظامانی کی جان بچانے والے ایس ایس جی مجاہد اسرار محمد سے ملاقات کے لیے پشاور پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائےافغانستان محمد صادق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ایس ایس جی مجاہد اسرار محمد سے ملاقات کے لیے پشاور پہنچا، اسرارمحمد نے2دسمبرکو کابل میں سفیرعبیدنظامانی کی جان بچائی، حملے میں اسرار محمد نے سینے اور ٹانگ میں گولیاں لگنے کے باوجود جوابی فائرنگ کی اسرار محمدماشااللہ خیریت سےہیں ان کاحوصلہ بلندہے۔

    یاد رہے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور کو نشانہ بنایا گیا، فائرنگ سے سپاہی اسرار محمد زخمی ہوگیا تھا۔

    پاکستانی سفارتی حکام پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی چہل قدمی کررہے تھے۔

  • چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا کی مزارِ قائد پر حاضری

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا کی مزارِ قائد پر حاضری

    کراچی : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا نے مزار قائد پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا نے کراچی کا دورہ کیا ، دورے کے دوران جنرل ساحرشمشاد مرزا نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے قائد اعظم کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    یاد رہے 27 نومبر کو جنرل ساحرشمشاد مرزا نے سی جےسی ایس سی کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

    خیال رہے جنرل ساحر شمشاد مرزا 18 ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہیں، انہوں نے پی ایم اے سے 1987میں تربیت مکمل کی ،76ویں پی ایم اے لانگ کورس کی تکمیل کے بعد پاک فوج میں شامل ہوئے۔

    جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے فوجی کیرئیر کا آغاز 8 بٹالین سندھ رجمنٹ سے کیا، اپریل 2019میں انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے رینک پر ترقی دی گئی، ترقی کے بعد جنرل ساحر شمشاد مرزا مختصر مدت کیلئے ایڈجوٹنٹ جنرل جی ایچ کیو تعینات ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا جون 2019میں چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے، بعد ازاں انہیں ستمبر 2021میں کور کمانڈر راولپنڈی کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔

  • ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے، شاہد خاقان عباسی

    ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے، شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونےسے بچایا ہے ، ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، متعدد بار عدالت میں پیش ہوچکا ہوں۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کی وجہ سےپاکستان کانقصان ہوا، موجودہ حالات کے پیچھے نیب کابہت عمل دخل ہے، نیب قوانین کی وجہ سےسرمایہ کار خوفزدہ ہیں۔

    نواز شریف کے حوالے سے ن لیگی رہنما نے کہا کہ آپ نے نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا، نواز شریف علاج کرانے گئے ہیں علاج کروا کر آئیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کو استحکام دیا ہے، حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونےسے بچایا ہے، ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔

  • کراچی میں سردی کی لہر داخل ، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

    کراچی میں سردی کی لہر داخل ، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

    کراچی : کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کردی ہے۔

    تفصیلات کے کراچی میں سردی کی لہر داخل ہوگئی ، صبح صبح گھرسے نکلنے والوں کو گرم کپڑے پہن کرکام پر جانا پڑا۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ آج صبح شہرقائد کا درجہ حرارت چودہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دن میں موسم خشک اور رات میں سرد رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روزتک شام سے صبح تک ٹھنڈ بڑھنےکا سلسلہ جاری رہے گا، البتہ دن میں درجہ حرارت انتیس سے اکتیس ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنیوالے دنوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں شدید سردی لہو جمانے لگی ہے ، اسکردو میں پارہ منفی چھ ، گوپس میں منفی چارریکارڈکیا گیا۔

    بلوچستان کےشمالی علاقوں میں کڑاکےکی سردی پڑ رہی ہے، قلات اور زیارت میں درجہ حرارت منفی تین تک پہنچ گیا۔

    اس کے علاوہ پنجاب کےمختلف شہروں میں صبح کےوقت دھند نے شہریوں کی مشکلات بڑھادیں اور حد نگاہ کم ہوگئی، جس کے باعث موٹروے کئی مقامات پر بند کرنا پڑی۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے  کوئٹہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنا الارمنگ ہے، وزیر داخلہ

    کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے کوئٹہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنا الارمنگ ہے، وزیر داخلہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سے کوئٹہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنا الارمنگ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعےکی شدید مذمت کرتے ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کی طرف سےذمہ داری قبول کرناالارمنگ ہے۔

    راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کا دہشتگردی کرنا اور ذمہ داری بھی قبول کرنا خطے کیلئے خطرناک ہے، دہشت گردی کے واقعات افغانستان کیلئے بھی الارمنگ اورلمحہ فکریہ ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بات کواس اندازمیں دیکھا جائے کہ یہ دوبارہ سرنہ اٹھالیں، یہ واقعات کےپی میں بھی دوبارہ سامنے آرہے ہیں، ایسانہیں کہ یہ آؤٹ آف کنٹرول چیزجارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو اپنا کردارمؤثرمیں اداکرنے کی ضرورت ہے ، وفاقی حکومت پورے پاکستان میں تعاون کیلئے حاضر اور تیار ہے، کےپی،بلوچستان میں صوبائی انتظامیہ اس معاملے کو سنجیدہ لے۔

    راناثنااللہ نے مزید کہا کہ کے پی میں ایک دومیٹنگ ہوئی اس میں وزیراعلیٰ کواجازت نہ ملی کہ حاضرہوتے، سیاسی طور پر اختلافات چلتے رہتے ہیں مگر ریاست سب سےمقدم ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کےپی کی ذمہ داری ہے ان کو جو مدد درکار ہوہم دینے کو تیار ہیں، وزیراعلیٰ کے پی اس معاملے کو دیکھیں بلکہ ان کا سدباب بھی کریں۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ٹی ٹی پی کے حوالے سے پارلیمنٹری میٹنگ میں بریفنگ ملی تھی، پارلیمنٹ نے انڈوز کیا تھا عسکری قیادت کو اختیاربھی دیا تھا، آئین کےتحت ٹی ٹی پی کے لوگ واپس آناچاہیں توبات ہوسکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بات کافی حدتک ہوئی ہےمگرٹی ٹی پی کوئی ایک دھڑے کا نام نہیں، ٹی ٹی پی کے ہرعلاقے میں 2،2دھڑےہیں ، کچھ دھڑے واپس آنا چاہتے ہیں توکچھ لڑنا چاہتے ہیں، جوامن چاہتے ہیں انہیں امن کاراستہ دیناچاہئے۔

  • اداروں کے خلاف متنازع بیان : وزیراعلیٰ پنجاب کا  مسرت جمشید چیمہ کو شوکاز نوٹس جاری

    اداروں کے خلاف متنازع بیان : وزیراعلیٰ پنجاب کا مسرت جمشید چیمہ کو شوکاز نوٹس جاری

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اداروں کے خلاف بیان پر مسرت جمشیدچیمہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اداروں کے خلاف بیان پروزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صوبائی حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    پرویزالٰہی نے مسرت جمشید چیمہ سے وضاحت بھی طلب کرلی ہے ، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اداروں کے خلاف بیان بازی حکومت پنجاب کی پالیسی کے خلاف ہے۔

  • بجلی بلوں میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے اہم خبر

    بجلی بلوں میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے اہم خبر

    اسلام آباد : نیپرا نے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 32 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی، صارفین کوآئندہ ماہ تین ارب تیس کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمںٹ کی مد میں دائر درخِواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت نیپرا حکام نے بتایا کہ اکتوبرمیں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 30 کروڑ 36 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا صرف ایل این جی کی قلت سے 25 کروڑ 98 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا۔

    نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ تین سال میں طلب کے مقابلے میں کم ایل این جی فراہم کرنے سے صارفین پر چالیس ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

    چیئرمین نیپرا نے کہا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں زیادہ ہیں اور خریدنے کی سکت بھی نہیں ہے اس وقت ملک میں ڈالر ہی نہیں۔

    اتھارٹی نے سماعت کے بعد بجلی بتیس پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی مںظوری دے دی تاہم لائف لائن اور کے الیکڑک صارفین پر اسکا اطلاق نہِیں ہوگا ، اس حوالے سے نیپرا اتھارٹی بعد میں تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔