Author: فائزہ شاہ

  • ارشد شریف کی شہادت : جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کےلیے صدر اور وزیراعظم کو دوبارہ خط

    ارشد شریف کی شہادت : جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کےلیے صدر اور وزیراعظم کو دوبارہ خط

    لاہور : سینئر صحافی ارشد شریف کی شہادت پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے صدر مملکت ، وزیراعظم اور وزیرخارجہ سمیت دیگر کو دوبارہ خط لکھ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ارشد شریف کی شہادت پر جوڈیشل کمیشن تشکیل کے لیے متعلقہ حکام کو دوبارہ خط لکھ دیا گیا۔

    صدر پاکستان عارف علوی ، وزیراعظم شہباز شریف ، وزیرخارجہ بلاول بھٹو سمیت دیگر کو خط ارسال کیا گیا ہے ، خط اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے ارسال کیا۔

    خط میں کہا گیا کہ ارشد شریف کی شہادت کینیا کی حکومت کی ناکامی ہے، ارشد شریف کا معاملہ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں اٹھایا جائے۔

    اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ جوڈیشل انکوائری کمیشن سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل ہوناچاہیے، اس حوالے سے صدر پاکستان نے وزارت داخلہ اور وزارت قانون کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کی رائے شامل کی جائے اور فوری شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کمیشن تشکیل دیاجائے۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ اگر فوری طور پر ایکشن نہ لیا گیا تو اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

  • عمران خان پر حملہ سیدھا سیدھا مذہبی انتہا پسندی کا کیس ہے، رانا ثنااللہ

    عمران خان پر حملہ سیدھا سیدھا مذہبی انتہا پسندی کا کیس ہے، رانا ثنااللہ

    اسلام آباد : وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا عمران خان پر حملہ سیدھا سیدھا مذہبی انتہا پسندی کا کیس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ راناثنااللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل کے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے، بدقسمتی سے نفرت اور تقسیم کے عمل کو معاشرے میں گہرا کر دیا گیا، سوچنا ہوگا کہ عدم برداشت کے رویے کو کس طرح ختم کیا جاسکتا ہے۔

    راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ انہیں کس طرح سمجھا جائے کہ یہ تباہی کا راستہ ہے ، لانگ مارچ کے دوران چار اموات ہوئی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پرایک صحافی کی فیملی کومعاوضہ پہنچادیاگیاہے۔

    وزیرداخلہ نے کہا کہ ایک نوجوان ٹرک سے گرکرجاں بحق ہواتھا، انکی فیملی کا بیان بھی آیا تھا کہ انکاگھرکرائے کا ہے،تین شہدا کےلئے وزیراعظم نے معاوضے کا اعلان کیاہے اور کل جو معظم نامی شہری جاں بحق ہوئے اس کے 3 بچے ہیں ،بڑا درد ناک منظر تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کل کےواقعےکےبعدعمران خان سمیت دوسرے درجےکی قیادت کا رویہ قابل مذمت ہے، کل اسدعمر نے کہا عمران خان کے کہنے پر تین لوگوں کے نام لیکر بغیرتحقیق اورثبوت الزام لگائے۔

    راناثنااللہ نے کہا کہ ان کے بعض لیڈرز لوگوں کو پکارتے رہے کہ باہر نکلو اور بدلا لو، یہ رویے انتہائی قابل افسوس ہیں یہ جمہوری راستے سے ہٹانے کی کوشش ہے، یہ رویے جمہوریت کےلئے معاون نہیں ہوسکتے۔

    حملہ آور کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ کل پی ٹی آئی کارکن ابتسام کی مدد سے ملزم موقع سے گرفتار ہوا، ملزم کا بیان گجرات کے تھانے میں بیان ریکارڈ ہوا ہے ,اس مقدمے میں ایف آئی آر ابھی تک درج نہیں ہوئی ہے ، شاید اپنی مرضی سے ایف آئی آردرج کرانے کی کوشش ہورہی ہے۔

    وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ملزم کے بیان کی ایک قسط کل جاری ہوئی تھی جس میں اس نے وجوہات بتائیں، ملزم کے پہلے ویڈیو بیان کے بعد تھانے کےعملے کو معطل کیاگیاپھر دوسری ویڈیو جاری ہوئی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ملزم جو الزام لگارہا ہے وہ انتہائی تشویش اورخوفناک ہے، ویڈیو پہلے ہم تک پہنچی میڈیا پر بھی چلی مگریقین کریں ہم نے اس کو روکا ، کل ملزم نے خود کہا مذہبی رویے کو بنیاد بنا کر یہ عمل کیا۔

    راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعدانتہائی اہمیت کےحامل ہوجاتی ہے ، اس ویڈیو کا وائرل انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے ، اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایسے عناصر ان معاملات پر شے پکڑیں گے۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ ریکارڈ کرنیوالے نے ویڈیو لیک کی یا کوئی اور نے اس سے لیکر لیک کی ، ایک بیان پر پورا تھانہ معطل ہوا اس کے بعد دوسرا بیان سامنے آگیا جو بہت نقصان دہ ہے، ملزم کےبیان کی دوسری ویڈیو کا وائرل ہونا تشویشناک بات ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذہبی انتہاپسندی کےتناظر میں ایسے بیانات سےلوگ متاثر ہوتےہیں ,اس ملزم کی تفصیلات جب سامنے آئیں گی تو آپ حیران پریشان ہوں گے، یہ سیدھا سیدھا مذہبی انتہاپسندی کا کیس ہے۔

    راناثنااللہ نے بتایا کہ ہم کس سے ثالثی کریں ہم کس سے بات کریں آگے سے جواب آپ کےسامنے ہیں، آگے سے ہمیں گالیاں ملتی ہیں، کہتے ہیں تمہارےساتھ بیٹھنےسے بہترموت کو ترجیح دیتا ہوں۔

  • میں نے بہت آوازیں دیں لیکن پاپا نے جواب نہ دیا،  لانگ مارچ میں فائرنگ سے جاں بحق معظم کے بیٹے کے بیان نے سب کو رلا دیا

    میں نے بہت آوازیں دیں لیکن پاپا نے جواب نہ دیا، لانگ مارچ میں فائرنگ سے جاں بحق معظم کے بیٹے کے بیان نے سب کو رلا دیا

    وزیرآباد: لانگ مارچ میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مقتول معظم کے بیٹے کے بیان نے سب کو رلادیا اور کہا میں نے آوازیں دیں لیکن پاپا نے جواب نہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مقتول معظم کے 8 سالہ بیٹے علی حسن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاپا نے ہم بھائیوں سے پوچھا لانگ مارچ میں جانا ہے، میرے حامی بھرنے پر پاپا ہمیں لانگ مارچ پر لے گئے۔

    علی حسن کا کہنا تھا کہ ہم لانگ مارچ میں پہنچے تو ایک آدمی عمران خان کو گولی مار رہا تھا، میرے پاپا نے پستول والے کو پکڑنے کی کوشش کی۔

    مقتول معظم کے بیٹے نے بتایا کہ پستول والے نے میرے پاپا کو گولی مار دی، گولی لگنے سے میرے پاپا زمین پر گر گئے، میں نے آوازیں دیں لیکن پاپا نے جواب نہ دیا۔

    یاد رہے عمران خان پر قاتلانہ حملے میں ابتسام نامی نوجوان نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پیچھے سے پکڑا، جس کے بعد ملزم بھاگا تو معظم گوندل نے اسے پکڑنےکی کوشش کی تو ملزم نے فائرنگ کردی۔

    گولی معظم کے سرمیں لگی وہ وہیں گر کر جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی، لوگ جان بچا کر بھاگنے لگے لیکن معظم کے تین معصوم بچے باپ کو اٹھانے کی کوشش کرتے رہے۔

  • سب انسپکٹر نے طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

    سب انسپکٹر نے طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

    ڈی جی خان : پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر نے طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا ، پولیس نے سب انسپکٹر کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    صوبہ پنجاب کے ضلع ڈی جی خان میں پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر نے طالبہ سے مبینہ زیادتی کی۔

    پولیس نے سب انسپکٹر کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا، متاثرہ طالبہ کا کہنا ہے ملزم نے زیادتی کی اور بلیک میل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زیادتی ثابت ہونے پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 3 واقعات پر مقدمات درج کیے گئے تھے.

    ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق گرین ٹاؤن میں شادی شدہ خاتون کو نوکری کاجھانسہ دے کر زیادتی کی گئی، ملزم وقاص نے نوکری دلانے کے بہانے 1 لاکھ روپے بھی ہتھیائے۔

    دوسرا واقعہ گجر پورہ میں پیش آیا جہاں 20 سالہ معذور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    تیسرا واقعہ اقبال ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ملزم تنویر نے اپنی 17 سالہ کزن کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

  • شاہ محمود قریشی کے بیٹے کی لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کی خبروں کی تردید

    شاہ محمود قریشی کے بیٹے کی لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کی خبروں کی تردید

    لاہور : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے غلط خبریں پھیلانے والوں کو واضح پیغام دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم پی اے زین قریشی نے لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔

    زین قریشی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلانے والوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم لاہورمیں حقیقی آزادی مارچ کا حصہ ہیں اوررہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمودقریشی اورمیں حقیقی آزادی لانگ مارچ میں عمران خان کےہمراہ ہیں ، سینیٹرعون عباس بپی کا بھی میرے بارے میں جھوٹا بیان جاری کیا گیا ہے۔

    زین حسین قریشی نے مزید بتایا کہ جمعہ کوعون عباس بپی اورمیں جنوبی پنجاب لانگ مارچ کی اکٹھےقیادت کریں گے ، جنوبی پنجاب کاقافلہ اسلام آبادمیں عمران خان سے ملے گا۔

    پی ٹی آئی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان فیک پروپیگنڈہ پرکان نہ دھریں، ہم اس جنگ میں عمران خان کے سپاہی ہیں۔

  • احسن اقبال نے الیکشن کا اعلان کردیا ، عمران خان کو تیاری کا مشورہ

    احسن اقبال نے الیکشن کا اعلان کردیا ، عمران خان کو تیاری کا مشورہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر احسن اقبال نے اعلان کیا کہ الیکشن اکتوبر 2023 میں ہوگا، عمران خان دھرنا ملتوی کرکے تیاری کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صدر نے 2014میں پاکستان دورے کا اعلان کیا، عمران خان نے پاکستان میں لانگ مارچ کرکے دورے کو ناکام بنایا۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چینی صدر کے دورے کوناکام بنانے کیلئے دھرنا دیا گیا، دورہ ملتوی ہونے سے10مہینے سی پیک تاخیر کا شکار ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کا چین کا دورہ متوقع ہے، وزیراعظم کےدورے سے سی پیک کو طاقت مل سکتی ہے، اس موقع پر عمران خان دوبارہ دھرنوں کی باتیں کررہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان آئی ایم ایف معاہدے کی بھی مخالفت کرتے رہے اور بھارت بھی پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کو ناکام بنانےکی کوشش کررہا تھا۔

    احسن اقبال نے کہا الیکشن کا اعلان کرتا ہوں جو اکتوبر 2023 میں ہوگا، اگلے 6 سے 8 مہینے کوئی الیکشن نہیں ہوسکتا کیونکہ مارچ میں نئی مردم شماری ہوگی۔

    وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اکتوبر 2023سےپہلےکوئی الیکشن نہیں ہوگا، عمران خان دھرنے اورمارچ کا اعلان ختم کریں اور اب الیکشن کی تیاری کریں۔

  • شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کے حکم کو چیلنج کردیا

    شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کے حکم کو چیلنج کردیا

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےلال حویلی خالی کرنےکےحکم کوعدالت میں چیلنج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےلال حویلی خالی کرنے کے حکم کیخلاف درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں کہا کہ لال حویلی سابق وفاقی وزیر کی ملکیت ہے، سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی ، مقدمہ کی تاریخ 24 اکتوبر مقرر ہے اس کے باوجود غیر قانونی نوٹس بھیجا گیا۔

    سابق وفاقی وزیرشیخ رشید کے بھتیجےشیخ راشد شفیق بھی عدالت پیش ہوئے ، وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ لال حویلی شیخ رشید احمد کی کئی دہائیوں سے ملکیت ہے۔

    ایڈیشنل سیشن جج خورشید عالم بھٹی نے ڈائریکٹرمتروکہ وقف املاک کونوٹس جاری کر دئیے اور کل منگل کو مکمل ریکارڈ سمیت عدالت میں طلب کرلیا۔

    عدالت نے ڈائریکٹرمتروکہ وقف املاک کو کوئی غیر قانونی اقدام نہ کرنے کا بھی حکم دیا۔

    گذشتہ روز متروکہ وقف املاک نے شیخ رشید کو جائیداد سے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا تھا ، جس میں شیخ رشید کو 7 روز کے اندر جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی، جائیداد میں لال حویلی کی جگہ بھی شامل ہے۔

    متروکہ وقف املاک کی جانب سے 19 اکتوبر کو آپریشن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، ایف آئی اے کو بھی کارروائی میں حصہ بنایا جائے گا۔

  • انسان سچا ہو تواللہ بھی ساتھ نہیں چھوڑتا، نواز شریف کا مریم نواز کی بریت پر ردعمل

    انسان سچا ہو تواللہ بھی ساتھ نہیں چھوڑتا، نواز شریف کا مریم نواز کی بریت پر ردعمل

    لندن : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ انسان سچا ہو تواللہ بھی ساتھ نہیں چھوڑتا، حق اور سچ پوری قوم اور دنیا کے سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مریم نواز کی بریت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کئی سال پہلےاپنامعاملہ اللہ کےسپرد کیا تھا، انسان سچا ہو تواللہ بھی ساتھ نہیں چھوڑتا۔

    آج ثابت ہوگیا اللہ تعالٰی نے حق اور سچ کو پوری دنیا میں دکھا دیا ہے۔

    گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے نوازشریف سے فون پر گفتگو کی تھی۔

    مریم نواز نے بات کرتے ہوئے کہا تھا اللہ تعالیٰ نےآپ کوسرخروکیا، جلد اللہ تعالیٰ آپ کو عزت سے واپس لے کرآئے گا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصلہ سنا تو سب سے پہلے والد نواز شریف کی یادآئی،مریم نواز اللہ کا شکراداکرتی ہوں کہ نوازشریف کوسرخروکیا۔

    یاد رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز اور صفدر کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ایون فیلڈریفرنس میں سزاؤں کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

    اسلام آبادہائیکورٹ نے مریم نواز ، صفدرکی بریت کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے دونوں کو باعزت بری کردیا تھا۔

  • ہوٹلوں کی چائے سے متعلق خطرناک انکشاف سامنے آگیا

    ہوٹلوں کی چائے سے متعلق خطرناک انکشاف سامنے آگیا

    کراچی : شہر قائد میں ہوٹلوں کی چائے میں مائیکرو پلاسٹک کے ذرات کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ خطرناک ہونے لگا ہے، کراچی کے ہوٹلوں میں ملنے والی چائے میں درجنوں مائیکرو پلاسٹک کے ذرات کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

    ایک عالمی ادارے کی حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ مائیکرو پلاسٹک ایسے پلاسٹک کے ذرات ہوتے ہیں جو ہوا، پانی، سمندری مخلوق، سبزیوں اور پانی سمیت دیگر چیزوں میں موجود ہوتے ہیں اور یہ ذرات عام طور پر انتہائی چھوٹے ہوتے ہیں جو نظر نہیں آتے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں تکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف معظم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائے میں مائیکرو پلاسٹک کے زرات کی موجودگی کے معاملے کا سمندر سے کوئی تعلق نہیں ، اس کا ذکر اس لئے ہوا ہے کیونکہ اس تحقیق کا آغاز سمندر سے کیا گیا تھا۔

    معظم خان نے بتایا جیسے پلاسٹک کی تھیلیاں اور دیگر اشیا ڈمب کی جاتی ہے تو وہ مائکرو پلاسٹک میں تبدیل ہوجاتی ہے، ساحل سمندر کے قریب موجود ریت کے ایک گرام میں 300 مائکرو پلاسٹک موجود ہوتے ہیں لیکن اس کا براہ راست تعلق چائے کے ساتھ نہیں۔

    تکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف کا کہنا تھا کہ چائے کے اندر چونکہ پتی ہوتی وہ خراب کوالٹی کی ہوتی ، ہوا میں اور جو دودھ استعمال ہوتا ، اس میں بھی مائیکرو پلاسٹک ہوتا ہے، اس کے علاوہ چینی میں موجود ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مائیکرو پلاسٹک کسی نہ کسی طرح تمام کھانے پینے کی اشیا میں موجود ہے، کئی اشیا میں زیادہ اور کئی اشیا میں اس کی مقدار کم ہوتی ہے لیکن اس بارے میں کوئی تحقیق نہیں کی گئی۔

    معظم خان کا کہنا تھا کہ پہلی بار اس معاملے پر تحقیق کی گئی ہے، جس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ چائے یا ہماری روزمرہ میں پینے والی اشیا میں مائیکرو پلاسٹک موجود ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ اگر ہم ایک کپ چائے پیتے ہیں تو اس کے زریعے تقریبا 1200 یا 1300 کے قریب مائیکرو پلاسٹک ہمارے جسم میں جاتے ہیں۔

    تکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف نے مزید بتایا کہ ایک فائبر پلاسٹک بھی ہوتا ہے ، جو ہمارے کپڑوں سے نکلا ہوا ہوتا ہے کیونکہ آپ کو پتہ عام طور پر اشیا رکھنے کے لئے ، چھان کے لیے اور صفائی کرنے کے لئے کپڑے کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    معظم خان نے اس کا حل بتاتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کے استعمال کو کم کیا جانا چاہیے ، پلاسٹک اتنا نقصان دہ نہیں لیکن جب یہ وہ ماحول یا کسی اشیا کے زریعے ہمارے جسم میں داخل ہوتے ہیں وہ بہت نقصان دہ ہے۔

  • کسان اتحاد کا احتجاج: شہریوں کی آسانی کیلئے اسلام آباد میں بند راستے کھول  دیئے گئے

    کسان اتحاد کا احتجاج: شہریوں کی آسانی کیلئے اسلام آباد میں بند راستے کھول دیئے گئے

    اسلام آباد : وفاقی دالحکومت میں پولیس نے شہریوں کی آسانی کیلئے کسان اتحاد کے احتجاج کے پیش بند ٹی چوک روات کے راستے کھول دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دالحکومت اسلام آباد میں کسان اتحاد کی ممکنہ احتجاجی ریلی کے پیش نظر راستے بند کردیئے، جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

    اسلام آباد پولیس نے راستے سیل ہونے پر ٹریفک کے رش اور شہریوں کی آسانی کیلئے ٹی چوک روات کے راستے کھول دئیے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ریڈزون اور ڈی چوک کے راستے بھی محدود پیمانے پر کھول دئیے گئے ہیں۔

    آئی جی اسلام آبادڈاکٹراکبر ناصرنے شہریوں کی آسانی کے پیش نظر متبادل انتظامات کی ہدایت کی۔

    ترجمان نے بتایا کہ شہریوں کو آمدورفت میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، احتجاجی مظاہرےمیں اسلام آبادمیں داخل ہونے سے پہلےمذاکرات ہونگے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز،ڈی سی اسلام آباداورانتظامیہ موقع پرموجود ہوں گے۔