Author: فائزہ شاہ

  • سری لنکن شہری قتل کیس، پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم آج سیالکوٹ جائے گی

    سری لنکن شہری قتل کیس، پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم آج سیالکوٹ جائے گی

    سیالکوٹ : سری لنکن شہری قتل کیس میں پراسکیوشن کی خصوصی ٹیم واقعہ کا جاٸزہ لینے کے لیے آج سیالکوٹ جائے گی، جہاں پراسیکیوشن کواب تک ہونے والی تفتیش سےمتعلق بریفنگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت سری لنکن شہری قتل کیس میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے متحرک ہے ، پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم آج سیالکوٹ جائے گی، ٹیم کی سربراہی پراسیکیوٹر اے ٹی سی عبدالروف وٹو کریں گے۔

    سیالکوٹ میں پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم تفتیشی افسر سمیت پولیس حکام سے ملاقات کرے گی ، جس میں حکام کی جانب سے پراسیکیوشن کواب تک ہونےوالی تفتیش سےمتعلق بریفنگ دی جائے گی۔

    کمیٹی جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی اور واقعہ کی ویڈیوز کا معائنہ بھی کرے گی اور تفتیش مکمل کروانے کے لیے کمیٹی قانونی راٸے دے گی۔

    ذراٸع کا کہنا ہے کہ کیس کا جیل ٹرائل کرنے کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا، کمیٹی کا کہنا ہے کہ ملزمان کاٹرائل جلدازجلدمکمل کروانےکی کوشش کی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز  پنجاب حکومت نے سیالکوٹ واقعے کے ملزمان کا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کا فیصلہ کرتے ہوئے ملزمان کاچالان 14دن میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ محکمہ پراسیکیوشن خصوصی سیل بنا کر روزانہ مانیٹرنگ کرے۔

  • پاکستان میں کورونا کیسز کی مثبت شرح ایک فیصد سے کم پر برقرار

    پاکستان میں کورونا کیسز کی مثبت شرح ایک فیصد سے کم پر برقرار

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کیسز کی مثبت شرح ایک فیصد سے کم پر برقرار ہے ، گذ شتہ 24 گھنٹے میں 9 اموات اور 313 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں جاری کورونا وبا کی صورتحال کے تازہ ترین اعدادو شمار جاری کردیئے ، جس میں بتایا گیا کہ ملک میں 24 گھنٹےمیں کورونا سے مزید 9 مریض انتقال کرگئے ، جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی اموات 28 ہزار 812 ہوگئیں۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے میں 42 ہزار 978 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ، جس میں سے 313 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، اس دوران کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 0.72 فیصد رہی۔

    نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا کے 758 زیرعلاج مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 88 ہزار 053 تک پہنچ گئی ہے۔

    اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد چار لاکھ 77ہزار 299 ، پنجاب میں 4 لاکھ 43 ہزار 682 ، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 80 ہزار 514 اور بلوچستان میں 33 ہزار519 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 8 ہزار 022 ، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 422 اور آزاد کشمیر میں 34 ہزار595 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

  • بچوں  کی غیراخلاقی ویڈیوز پھیلانے والے ملزم ضمانت کے مستحق نہیں، سپریم کورٹ

    بچوں کی غیراخلاقی ویڈیوز پھیلانے والے ملزم ضمانت کے مستحق نہیں، سپریم کورٹ

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے چائلڈپورنوگرافی کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلے میں کہا ہے کہ بچوں کی غیراخلاقی ویڈیوز پھیلانے والے ملزم ضمانت کے مستحق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے چائلڈپورنوگرافی کیس میں ملزم عمر خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ جاری کردیا ، سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے فیصلہ تحریر کیا۔

    فیصلے میں سپریم کورٹ نے ملزم عمر خان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے کہا بچوں کی غیراخلاقی ویڈیوز پھیلانے والے ملزم ضمانت کے مستحق نہیں اور ٹرائل کورٹ کو کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ چائلڈپورنوگرافی بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کی بڑی وجہ ہے، چائلڈ پورنوگرافی معاشرے کا بڑا ناسور اور تباہی کا باعث بنتی جا رہی ہے۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ بچوں کے مستقبل اور اخلاقیات کیلئے چائلڈ پورنوگرافی سنگین خطرہ ہے، چائلڈ پورنوگرافی کے بڑھتے خطرے کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا، چائلڈ پورنوگرافی ویڈیوز پھیلانا معاشرے کو کھوکھلا کرنے کا جرم ہے۔

    ملزم کے وکیل کی یہ دلیل قابل قبول نہیں کہ کوئی متاثرہ فریق سامنے نہیں آیا، ملزم عمر خان پر کیس بچوں کی گندی ویڈیو پھیلانے کا ہے بنانے کا نہیں۔

    خیال رہے ملزم عمر خان کی شکایت براہ راست فیس بُک انتظامیہ کی جانب سے کی گئی تھی جبکہ ملزم عمر خان کیخلاف ایف آئی اے ایبٹ آباد نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

  • صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر سیریز کی منصوبہ بندی مکمل، وزیراعظم کی فلمسازوں اہم ہدایات

    صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر سیریز کی منصوبہ بندی مکمل، وزیراعظم کی فلمسازوں اہم ہدایات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صلاح الدین ایوبی تاریخ کاایسا کردار ہے، جس کی مغرب بھی مثالیں دیتا ہے ، صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی سیریز نوجوانوں کو تاریخی کردار پر آگاہی دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے فلمساز شہزاد نواز، ترک پروڈیوسر ایمرے کونُک سمیت جنید علی شاہ اور ڈاکٹر کاشف کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔

    دوران ملاقات وزیر اعظم کو پاکستان اور ترکی کے مشترکہ منصوبے صلاح الدین سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سیریز پر منصوبہ بندی مکمل ہے، شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال اپریل میں کر دیا جائے گا۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کواسلامی تاریخ پر آگاہی کیلئے جدیدطریقوں کوبروئےکارلانا ہوگا، روایتی موضوعات سے ہٹ کر تاریخی کہانیوں پر ڈرامے اور فلمیں بنانا ہوں گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ صلاح الدین ایوبی تاریخ کا ایسا کردار ہے، جس کی مغرب بھی مثالیں دیتا ہے، صلاح الدین ایوبی نے یروشلم کی تاریخی فتح کے بعد عام معافی کا اعلان کیا۔

    ان مزید کہا کہ صلاح الدین ایوبی کی زندگی پرسیریزنوجوانوں کوتاریخی کردار پرآگاہی دے گی۔

    خیال رہے20 اگست کو پاکستان اور ترکی کے درمیان ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی مشترکہ ڈرامہ سیریل تیار کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت ترکی اور پاکستان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مشترکہ طور پر ٹی وی سیریز بنائیں گے۔

  • پاکستان میں کورونا کیسز میں مسلسل کمی ، ایک دن صرف 622 کیسز رپورٹ

    پاکستان میں کورونا کیسز میں مسلسل کمی ، ایک دن صرف 622 کیسز رپورٹ

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کیسزمیں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے اور مثبت کیسزکی شرح ڈیڑھ فیصد سے بھی کم سطح پر آگئی اور ایک دن صرف622 نئے کیسز سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن نے ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں24گھنٹےمیں کوروناکےمزید 16 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد28ہزار328 ہوگئیں۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 334 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 622 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، اس دوران کورونا ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 1.4 فیصد رہی۔

    نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک بھر میں 24 ہزار699 فعال کیسز ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد ر 12لاکھ 66 ہزار826 تک پہنچ گئی ہے۔

    صوبوں میں کورونا کیسز کے اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد چار لاکھ 66 ہزار 450 ، پنجاب میں 4 لاکھ 38 ہزار 433 ،خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 77 ہزار 132 اور بلوچستان میں33 ہزار 149 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 10 ہزار 374، اور آزاد کشمیر میں34 ہزار 412 کیسز سامنے آچکے ہیں

  • کراچی: مسجد میں فائرنگ سے پیش امام جاں بحق

    کراچی: مسجد میں فائرنگ سے پیش امام جاں بحق

    کراچی : شہرِ قائد کے علاقے نیوکراچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے مسجد کے پیش امام کو قتل کردیا ، پولیس نے واقعےکی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے ، نیوکراچی میں محمدی مسجد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں 60سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 60سالہ مقتول میر بخش پیش امام بتایا جاتا ہے، ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں کراچی کے علاقے شاہ لطیف قذافی ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پاکستانی نژاد امریکی شہری کو قتل کردیا تھا، مقتول سعیدمحمد کورہائشی عمارت کےقریب نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • ‘وزیراعظم گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے’

    ‘وزیراعظم گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے’

    اسلام آباد : وزیراعظم  عمران خان گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے، حکام نے بتایا کہ کلین گرین پاکستان مہم جاری ہے، جس پر 800 ملین ڈالر لگائے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کا سیمی ایزدی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں حکام وزارت نے بتایا کہ کلین گرین پاکستان مہم جاری ہے، جس پر 800ملین ڈالرلگایا گیا۔

    وفاقی وزیرزرتاج گل نے کہا کہ 2030تک کئی منصوبے ہیں جن میں ای وہیکل بھی شامل ہیں، اس دفعہ اسموگ میں کمی ہو گی جبکہ 2000 غیر قانونی پیٹرولیم ایجنسیز کو بند کیا گیا ہے۔

    رکن کمیٹی تاج حیدر کا کہنا تھا کہ گوادر پر300میگاواٹ سولرکیوں نہیں لگاتے، ہم زیادہ وقت اس پرلگاتے ہیں کہ باقی کیا کر رہے ہیں، لوگوں نے کراچی اور تھرمیں سولرلگارکھے ہیں، لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی۔

    جس پر زرتاج گل نے کہا ہم نے تو کہا تھا کہ ساری سرکاری عمارتوں کو سولر پر کر دیں،حکام وزارت نےبتایا کہ وزیراعظم گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج کامیاب پاکستان پروگرام کا افتتاح  کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج کامیاب پاکستان پروگرام کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج کامیاب پاکستان پروگرام کا افتتاح کریں گے ، پروگرام کے تحت37  لاکھ خاندانوں کوبلاسود قرضے دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج کامیاب پاکستان پروگرام کا افتتاح آج کریں گے ، پروگرام غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

    اس حوالے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ریاست مدینہ طرزکےمعاشرےکی جانب سفرمیں بڑاقدم ہے، پروگرام کے تحت سینتیس لاکھ خاندانوں کوبلاسود قرضےدیےجائیں گے جبکہ نیاکاروبارشروع کرنے والوں اور ہنر مندوں کیلئے قرضہ جات پروگرام کا حصہ ہے۔

    فیصل جاوید کا مزید کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ سستے گھروں کی فراہمی،مفت علاج کی سہولیات، ہر خاندان کےایک فرد کے لیے ٹیکنیکل ٹریننگ بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں، معاشرے کے محروم طبقوں کے لیے یہ پروگرام ایک گیم چینجر ہے اور وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور اس کے حصول کے لیے یہ پروگرام بڑی پیش رفت ہے۔

  • لاہور میں  ڈکیتی مزاحمت پر لیڈی ڈاکٹر  قتل

    لاہور میں ڈکیتی مزاحمت پر لیڈی ڈاکٹر قتل

    لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور میں تھانہ ڈیفنس اے کی حدود میں ڈکیتی مزاحمت پر لیڈی ڈاکٹر قتل کردیا گیا ، قتل کا مقدمہ مقتولہ کےوالدکی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ڈکیتی مزاحمت پر لیڈی ڈاکٹر کو قتل کردیا گیا، واقعے کا مقدمہ مقتولہ کےوالدکی مدعیت میں 2 نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرلیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر خولہ اپنی سہیلی سےملاقات کیلئےفیز 3 میں واقع اسکےگھرپہنچی تھیں کہ سہیلی کے گھر کے باہر2نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے لوٹ مار کی۔

    مقدمے میں کہا ہے کہ ملزمان نے موبائل اور پرس چھیننا اور اس دوران مزاحمت پرگولیاں چلا دیں۔

    لیڈی ڈاکٹر کی لاش کوپوسٹ مارٹم کےبعدورثاکےحوالےکردیاگیا ہے ، پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ کوایک گولی گردن میں لگی جوجان لیوا ثابت ہوئی، مقتولہ کوگزشتہ روز2 ڈاکوؤں نے مزاحمت پرگولی مارکرقتل کردیاتھا۔

    ڈاکومقتولہ سےپرس اورموبائل فون چھین کرفرارہو گئے تھے ، جس کے بعد قتل کامقدمہ والدبشارت علی کی مدعیت میں درج کیاگیاتھا۔

  • ایئرایمبولینس عمرشریف کو لے کرامریکا روانہ،  بیٹے کی  مداحوں سے دعا کی اپیل

    ایئرایمبولینس عمرشریف کو لے کرامریکا روانہ، بیٹے کی مداحوں سے دعا کی اپیل

    کراچی: ایئرایمبولینس معروف کامیڈین عمرشریف کولےکرامریکاروانہ ہوگئی، بیٹاجوادعمر نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا انشااللہ ابو بہت جلد ٹھیک ہوکر واپس آجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے ایئرایمبولینس معروف کامیڈین عمرشریف کولے کرامریکاروانہ ہوگئی ، ایئرایمبولینس میں اہلیہ بھی عمرشریف کے ہمراہ ہیں۔

    اس موقع پر عمرشریف کے بیٹے جوادعمر نے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا اللہ پاک کا شکرگزار ہوں ،ابو علاج کیلئے امریکا روانہ ہوگئے اور عمران خان ،بلاول بھٹو،مرتضیٰ وہاب،سی اےاے،میڈیا کا مشکور ہوں، پوری قوم مشکل وقت میں ہمارےساتھ کھڑی رہی ۔

    جوادعمر کا کہنا تھا کہ پوری قوم مشکل وقت میں ہمارےساتھ کھڑی رہی ہے ، انشااللہ ابو بہت جلد ٹھیک ہوکر واپس آجائیں گے ، میں اور میری والدہ بھی آج رات روانہ ہوجائیں گے ، میں ہی والد کو امریکا میں ریسیو کروں گا۔