Author: فائزہ شاہ

  • اسلام اباد: لڑکا لڑکی تشدد کیس:  مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت7 ملزمان پر فردِ جرم عائد

    اسلام اباد: لڑکا لڑکی تشدد کیس: مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت7 ملزمان پر فردِ جرم عائد

    اسلام اباد :سیکٹر ای الیون میں لڑکا لڑکی پر تشدد کیس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی ، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ای الیون تھانہ گولڑہ کی حدود میں لڑکے لڑکی پرجنسی تشدد کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت عدالت نے مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

    اسلام آباد:ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے فرد جرم عائد کی ، فرد جرم عائد ہونے والے دیگر ملزمان میں ریحان،عمر بلال ،محب بنگش،فرحان شاہین اور شریک ملزمان حافظ عطا الرحمن،ادریس قیوم بٹ شامل ہیں۔

    ملزمان نےصحت جرم سےانکارکردیا ، فرد جرم کے بعد باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگیا ہے اور استغاثہ سےشہادتیں طلب کرلیں گئیں ہیں۔

    عدالت نے فرد جرم کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرتے ہوئے پراسیکیوشن کےگواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا اور گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کے لیے گواہوں کو نوٹسز جاری کردیئے۔

    بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12اکتوبر تک ملتوی کردی۔

    گذشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں لڑکا لڑکی پر تشدد اور نازیبا ویڈیو بنانے کے معاملے پر بنائے گئے پولیس چالان کے مندرجات سامنے آئے تھے۔

    چالان میں کہا گیا تھا کہ عثمان ابرار مرکزی کردار ہے جس نے ساتھیوں سے نازیبا ویڈیو بنوائی، ملزمان نے لڑکا لڑکی کی نازیبا ویڈیو بناکر بلیک میل کیا بعد ازاں دونوں سے بھتہ کی رقم وصول کی۔

    گرفتار ملزم عمر بلال نے انکشاف کیا تھا کہ عثمان کے کہنے پر متاثرین سے سوا 11 لاکھ روپے وصول کیے، جس میں سے چھ لاکھ عثمان کو دئیے اور باقی دیگر ساتھیوں میں تقسیم کیے۔

    چالان میں کہا گیا تھا کہ لڑکا اور لڑکی کے مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164 کے بیانات ریکارڈ کرائے، جنہیں پولیس چالان کا حصّہ بنایا گیا جبکہ متاثرہ لڑکی نے اپنے بیان میں کہا کہ عثمان اور اس کے دوست ہمارا مذاق اڑاتے رہے اور ہمیں برہنہ کرکے ہماری ویڈیو بناتے رہے۔

  • شریف خاندان کیخلاف لندن میں بھی ٹیکس چوری کی تحقیقات شروع ہونے کا انکشاف

    شریف خاندان کیخلاف لندن میں بھی ٹیکس چوری کی تحقیقات شروع ہونے کا انکشاف

    لاہور : معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے شریف خاندان کیخلاف لندن میں بھی ٹیکس چوری کی تحقیقات شروع ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا بچوں نے والد کے نقش قدم پر چل کر 25 فیصد 6 ملین پاؤنڈ ٹیکس چوری کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ شریف خاندان کیخلاف لندن میں بھی ٹیکس چوری کی تحقیقات شروع ہوگئی ہے ، برطانوی قانون کے مطابق 45 فیصد ٹیکس ادائیگی لازمی قرار دیا گیا جبکہ شریف خاندان لندن میں صرف 20 فیصد ٹیکس ادا کر رہا ہے۔

    ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ بچوں نے والد کے نقش قدم پر چل کر 25 فیصد 6 ملین پاؤنڈ ٹیکس چوری کیا، ٹیکس چوری کیلئے ہل میٹلز سے ہونے والی آمدن کو بھی چھپایا گیا۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان سے نوکروں کے نام پر پیسہ لانڈر کیا گیا، سعودی عرب سے لندن پیسہ آمدن نہیں، اخراجات مد میں منگوایا گیا، پیسہ اس لئے منگوایا گیا تاکہ ٹیکسزسے بچا جا سکے، سچ ہی کہتے ہیں چور چوری سے جائے ہیرا پھیری سےنہ جائے، لگتا ہے شریف خاندان کوکہیں بھی ٹیکس دیتے ہوئے موت پڑتی ہے۔

  • ابوظہبی جانا اب اور بھی آسان ، بڑی پابندی ختم

    ابوظہبی جانا اب اور بھی آسان ، بڑی پابندی ختم

    ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی نے ویکسی نیٹڈ افراد کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم کردی ، جس کا اطلاق پانچ ستمبر سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی آنے والے ویکسی نیٹڈ افراد کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی ، جس کا اطلاق پانچ ستمبر سےہوگا تاہم بغیر ویکسی نیشن آنے والوں کو 10 روز کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    یاد رہے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) نے ویکسین شدہ غیرملکیوں کو سیاحتی ویزے پر ملک میں داخلے کی اجازت دی تھی ، جس کے بعد غیرملکی سیاح بھی اب متحدہ عرب امارات آسکیں گے۔

    اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ نئے احکامات کا اطلاق 30اگست سے ہوگا تاہم عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) کی منظور شدہ ویکسین لگانے والے سیاح متحدہ عرب امارات آنے کے اہل ہوں گے، ایئرپورٹ پر سیاحوں کے ریپڈپی سی آرٹیسٹ کیے جائیں گے۔

    حکومت کے مطابق سفری پابندیوں کی فہرست والے ممالک کے شہریوں پر بھی مذکورہ فیصلے کا اطلاق ہوگا۔

  • افغانستان میں بظاہر خانہ جنگی کا امکان ٹل گیا، شاہ محمود قریشی

    افغانستان میں بظاہر خانہ جنگی کا امکان ٹل گیا، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بظاہر خانہ جنگی کا امکان ٹل گیا ، عالمی برادری اپنے رابطے جاری رکھتے ہوئے افغانستان کی مدد کرے، پاکستان ’سہولت کار‘ کا اپنا کردار جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدعلی گیلانی کےانتقال پرتمام پاکستانی اور کشمیری  افسردہ ہیں، بھارتی فوج کی جانب سےعلی گیلانی کےگھرکاگھیراؤکرناقابل افسوس ہے، میری دعاہےاللہ سیدعلی گیلانی کوغریق رحمت اور درجات  بلندکرے، ان کاکرداران کی استقامات کشمیریوں کی جدوجہدمیں ایک مشعل راہ ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ کشمیری قوم تجدیدعہداوران کی جدوجہدجاری رکھےگی، بھارت ان کے نمازجنازہ سے بھی خوفزدہ ہے، کل سے  شدید اضطراب میں ہوں، ہر کشمیری اور پاکستانی کے یہی جذبات ہیں۔

    افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 20سال میں عالمی اتحاد نے فوجی انداز فکر کے تحت افغانستان میں امن کی کوشش کی ، عالمی اتحاد کی فوجی اندازسےامن کی کوشش زمینی حقائق پرمبنی نہیں تھی، دوحہ امن معاہدہ افغانستان کے قائدین کے لیےنئی امید لایا، بدقسمتی سے  بین الافغان مذاکرات میں نہایت کم پیش رفت ہوئی اور مزید پیچیدگی 31 اگست کو افواج کےانخلاکے اچانک امریکی اعلان سے پیدا ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مزاحمت کے فقدان اورطالبان کے ٹیک اوور نے دنیاکو حیران کردیا، بظاہر خانہ جنگی کا امکان ٹل گیا ہے، طالبان نے معافی، خواتین ،اظہار رائے  کی آزادی، روزگار اور تعلیم پراعلان کیے، طالبان سیاسی نظام سے متعلق افغان رہنماؤں سے بات چیت کررہے ہیں۔

    کابل ایئر پورٹ پر دھماکوں کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ کابل ہوائی اڈے پر170 سے زائدجانوں کا ضیاع نازک صورتحال کی یاددہانی ہے، صورتحال زیادہ  متقاضی ہے کہ افغان قائدین دانائی کا مظاہرہ کریں، عالمی برادری اپنے رابطے جاری رکھتے ہوئے افغانستان کی مدد کرے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان واحد ملک تھاجس نے ہمیشہ کہا افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان نے امریکااور طالبان میں براہ راست بات چیت کی حمایت کی ،ہم نے ذمےدارانہ اور منظم انداز میں افواج کے انخلا کی بھی حمایت کی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان سے زیادہ کسی اور ملک کا مفاد نہیں، ہم نے افغانستان میں تمام نسلی برادریوں سےرابطہ کیا ہے ،ہم طالبان  کے اعلانات کو مثبت و حوصلہ افزا سمجھتے ہیں ، افغان قیادت کو سیاسی تصفیےکی ذمےداری کو قبول کرنا چاہیے۔

    طالبان کی جانب سے حکومت کے اعلان کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اجتماعیت کا حامل نظام طالبان کے لیےاہم ہے ، اس نازک مرحلے پر افغان عوام کو تنہا نہ چھوڑا جائے، پاکستان ’سہولت کار‘ کا اپنا کردار جاری رکھے گا، ہمارے کردار کو ضامن کے طورپر غلط انداز میں محمول نہ کیاجائے۔

    شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران کے دورے کیے، مشترکہ تشویش اور علاقائی انداز فکر اپنانے کی ضرورت پر تفصیلی  بات کی، میری گفتگو کا محور و مرکز تین نکات پر رہا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارت خارجہ تیز ترین بنیادوں پر ویزے جاری کررہا ہے، پاکستان کے انٹرنیشنل ہوائی اڈوں پرآمد پر ویزے جاری کیے جارہے  ہیں۔

  • کراچی میں  کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں دھماکا

    کراچی میں کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں دھماکا

    ‌‌‌کراچی : ولیکا چورنگی پر کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں دھماکا ہوا ، دھماکے کے نتیجے میں کوئی زخمی یا کسی جانی نقصان کے بارے میں فی الحال کوئی اطلاعات نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ولیکا چورنگی پر کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں دھماکا ہوا ، دھماکے سے اطراف کی دیواریں گرگئیں ، پولیس اور ریسکیو جائے وقوعہ پرپہنچ گئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکےکی نوعیت کاتعین کیاجارہاہے، فائربریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی ہے تاہم حادثے میں کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملے میں دو بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے ‏تھے، ایس پی بلدیہ نے بتایا تھا کہ گاڑی میں بیس سے پچیس افراد سوار تھے،خواتین اوربچوں کی ‏تعداد زیادہ تھی، متاثرہ خاندان لانڈھی شیرپاؤ کالونی کا رہائشی ہے جو کہ شادی کی تقریب ‏سےواپس آرہےتھے کہ بلدیہ مواچھ موڑپر موٹر سائیکل سوار نےکریکر پھینکا۔

    واقعے کے بعد منی ‏ٹرک کےڈرائیورکوحراست میں لے لیا تھا۔

  • پاکستان میں  11.10 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل

    پاکستان میں 11.10 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل

    اسلام آباد : پاکستان میں 11.10 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی، ملک میں ایک کروڑ 39 لاکھ 70ہزار584 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ 11.10 فیصد ملکی آبادی کی ویکسی نیشن مکمل کرلی ہے، اس دوران 4کروڑ 78 لاکھ 2 ہزار 106 ڈوز لگائی اور ایک کروڑ 39 لاکھ 70 ہزا ر 584 افراد کی مکمل ویکسی نیشن جبکہ 3 کروڑ 79 لاکھ 23ہزار650افراد کی جزوی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

    صوبوں کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 2 کروڑ 38 لاکھ سے زائد ، سندھ میں 86 لاکھ 33 ہزار سے زائد ، کے پی میں 57 لاکھ 84 ہزار سے زائد جبکہ بلوچستان میں 66 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں 11 لاکھ کے لگ بھگ افراد کی ویکسی نیشن ، آزادکشمیر میں 13 لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد اور گلگت بلتستان میں 5 لاکھ 3 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن مکمل ہوگئی ہے۔

    خیال رہے ملک بھر میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے، مریضوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ اموات بھی بڑھنے لگیں، ایک دن میں 141 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ 4199 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    این سی اوسی کے مطابق پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 91ہزار204ہے جبکہ اب تک ملک بھر میں کورونا سے تاحال 25ہزار220اموات ہوچکی ہیں۔

  • کراچی میں پاکستانی پرچم کے اسٹالز سڑکوں ، فٹ پاتھ یا رش والی جگہ پر نہ لگانے کا فیصلہ

    کراچی میں پاکستانی پرچم کے اسٹالز سڑکوں ، فٹ پاتھ یا رش والی جگہ پر نہ لگانے کا فیصلہ

    ‌‌‌کراچی : شہر قائد میں کورونا صورتحال کے جشن آزادی پر پاکستانی پرچم کے اسٹالز سڑکوں ، فٹ پاتھ یا رش والی جگہ پر نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں پاکستانی پرچم کے اسٹالز سڑکوں ، فٹ پاتھ یا رش والی جگہ پر نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے کنٹرول روم کے ذریعے ایسٹ زون پولیس کو احکامات دے دیئے گئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کے کسی گراؤنڈ میں اسٹالز کا اہتمام کیا جائے اور گراؤنڈ میں سخت سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے اگست کے آغاز سے ہی ملک کے شہروں میں پاکستانی پرچموں ، جھنڈیوں اور بیجز وغیرہ کے اسٹال ہر گلی اور محلے میں لگائے جاتے ہیں، رواں سال پاکستانی قوم 75 واں یوم آزادی منائے گی۔

    واضح رہے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کیے جارہے ہیں جبکہ کراچی میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے تاہم کیسز میں اضافے پر سندھ حکومت نے دوبارہ سخت فیصلوں کا عندیہ دے دیا ہے۔

  • این سی او سی کا راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارِ تشویش

    این سی او سی کا راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارِ تشویش

    اسلام آباد : این سی او سی نے راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارتشویش کرتے ہوئے صوبوں کوایس او پیز پر سخت عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں این سی او سی نے راولپنڈی، پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارتشویش کرتے ہوئے صوبوں کوایس او پیز پر سخت عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔

    اجلاس میں محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا گیا اور ملک میں جاری ویکسینیشن پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ویکسین کی دوسری ڈوز بروقت لگانےکیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔

    این سی او سی کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر سےصرف ویکسینیٹڈ شہری ریل پرسفرکرسکیں گے۔

    یاد رہے پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 4 ہزار 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 53 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مثبت کورونا کیسز کی شرح7.54فیصد رہی جبکہ صوبائی حکومتوں نے وبا پر قابو پانے کے لیے ہرممکن کوششیں کیں اور کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • ‘کامیاب جوان پروگرام کا ڈیش بورڈ آج سے عوام کیلئے لائیو کردیا جائے گا’

    ‘کامیاب جوان پروگرام کا ڈیش بورڈ آج سے عوام کیلئے لائیو کردیا جائے گا’

    اسلام آباد : وفاقی حکومت کی جانب سے کامیاب جوان پروگرام کا ڈیش بورڈ آج سے عوام کیلئے لائیو کردیا جائے گا ، معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کا پروگرام کی معلومات تک رسائی کا مطالبہ پورا کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کامیاب جوان پروگرام سے متعلق تفصیلات آج جاری کرے گی، اس حوالے سے سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار اور وزیر مملکت فرخ حبیب پریس کانفرنس کریں گے۔

    کامیاب جوان پروگرام کا ڈیش بورڈ آج سے عوام کیلئے لائیو کردیا جائے گا، اس حوالے سے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کا پروگرام کی معلومات تک رسائی کا مطالبہ پورا کیا جا رہا ہے، چاہتے ہیں منصوبے میں شفافیت اور میرٹ کا جائزہ نوجوان خود لیں۔

    پروگرام سے اب تک ہزاروں نوجوانوں کی زندگیاں بدل چکی ہیں، روزگار کی فراہمی اور با اختیار بنانے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، قرض کی فراہمی کیلئے میرٹ اور شفافیت کا معیار 100 فیصد رہا۔

    گذشتہ روز آئی ایم ایف کے مقیم نمائندہ ٹریسا ڈبن سنچے نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات کی تھی ، اس موقع پر پروگرام کے تحت نوجوانوں میں قرض کی تقسیم اور تازہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا جبکہ سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے منصوبے کے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر بریفنگ دی۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 68فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، تقریباً 20لاکھ نوجوان ہرسال جاب مارکیٹ میں داخل ہوتے ہیں، نوجوانوں کو بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع دینا بڑا چیلنج تھا،پروگرام نوجوانوں کو با اختیار اور روزگار کی فراہمی میں معاون ثابت ہوا۔

    عثمان ڈار نے کہا تھا کہ منصوبے سے ہزاروں نوجوان ذاتی کاروبار اور روزگار حاصل کر چکے ہیں، پروگرام میں میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

    آئی ایم ایف نمائندے نے پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔

  • وزیراعظم  نے   سمرقند کے دورے کو  ایک شاندار تجربہ قرار دے دیا

    وزیراعظم نے سمرقند کے دورے کو ایک شاندار تجربہ قرار دے دیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے 15ویں صدی کےعظیم شہر سمرقند کے دورے کو ایک شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا سمرقند میں امیر تیموراور امام بخاری کے مزارات پر حاضری دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دورہ سمرقند کی تصاویرسوشل میڈیاپرشیئرکرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ سمرقندکادورہ ایک شاندارتجربہ تھا، سمرقند15ویں صد ی کےآغازمیں دنیاکےعظیم ترین شہروں میں شامل تھا، سمرقند میں امیر تیموراور امام بخاری کے مزارات پر حاضری دی۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان روانگی سے قبل ازبکستان میں صوفی بہاؤالدین نقشبند کے مزار پر حاضری دی تھی ، اس موقع پر عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان میں نئی اور پرجوش شروعات ہو رہی ہے، اب تک ہم نے ازبک ہیروز کوصرف تاریخ کی کتابوں میں ہی پڑھا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر دونوں ملکوں میں کوئی خاص رابطے نہیں تھے، سیاسی، تجارتی اور عوامی سطح پر تعلقات کی ایک نئی شروعات کر رہے ہیں، باہمی تعلقات اب مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جائیں گے۔