Author: فائزہ شاہ

  • صدر عارف علوی بھی نوجوانوں کی ترقی کے لئے میدان میں آگئے

    صدر عارف علوی بھی نوجوانوں کی ترقی کے لئے میدان میں آگئے

    اسلام آباد : صدر عارف علوی بھی نوجوانوں کی ترقی کے لئے میدان میں آگئے ، وزیراعظم کےمعاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات میں ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت اےآئی پروگرام پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی نوجوانوان کو اسکل ڈویلپمنٹ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں صدر پاکستان نے آرٹیفشل انٹیلی جنس پروگرام شروع کرنے پر مشاورت کی اور ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت اے آئی پروگرام پر مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا، ایک لاکھ نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سےمتعلق تربیت دی جاسکے گی۔

    اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا ترقی یافتہ ممالک تیزی سےآرٹیفشل انٹیلی جنس پرمنتقل ہو رہے ہیں، مصنوعی ذہانت مستقبل ہے، نوجوانوں کو جدید طریقے اپنانے ہوں گے۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کی زبردست پذیرائی حکومت کےلیےخوش آئند ہے ، کامیاب جوان کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی سرپرستی کریں گے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے ہنر مند پاکستان پروگرام کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا وزیراعظم اور صدر پاکستان کا تعاون نوجوانوں کے لیےخوش آئند ہے، وزیراعظم کی ہدایات پرمصنوعی ذہانت میں عملی قدم رکھ رہے ہیں، کوشش کریں گےاپنے نوجوانوں کو عالمی طرز کی تربیت فراہم کریں۔

    یاد رہے 9 جنوری کو وزیراعظم عمران خان نے ہنر مندپاکستان منصوبے کا افتتاح کیا تھا ، ہنرمند جوان پروگرام کےتحت لاکھوں نوجوانوں کوفنی تربیت دی جائے گی۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ نوجوانوں پر خرچ کرکے ملک کو سپر پاور بناسکتے ہیں، نوجوانوں پر خرچ کرنے کے لیے ہنرمند پاکستان پروگرام پہلا قدم ہے، پہلے فیز میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو ہنر سکھایا جائے گا، ہنر مند پاکستان پروگرام میں 500 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کھولے جائیں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان نے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم عمران خان نے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح کردیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح کردیا، اضاخیل ڈرائی پورٹ پاکستان ریلوےکی جانب سےقائم کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نوشہرہ پہنچے ، جہاں انھوں ںے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا افتتاح کیا ، اضاخیل ڈرائی پورٹ پاکستان ریلوے کی جانب سے قائم کیا گیا ہے ، افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ، گورنر خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید بھی شریک ہوئے۔

    اضاخیل ڈرائی پورٹ میں امپورٹ و ایکسپورٹ کی کلیئرنس ہوگی جبکہ مذکورہ ڈرائی پورٹ میں ٹرانزٹ کارگو بھی شامل ہے اضاخیل ڈرائی پورٹ کا ایریا 3471مرلے پر مشتمل ہے۔

    50 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے ڈرائی پورٹ سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے سہولت ہو گی۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے ہنر مند پاکستان پروگرام کا افتتاح کردیا

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ہنر مندپاکستان منصوبے کا افتتاح کیا تھا ، ہنرمند جوان پروگرام کےتحت لاکھوں نوجوانوں کوفنی تربیت دی جائے گی۔ .

    افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ نوجوانوں پر خرچ کرکے ملک کو سپر پاور بناسکتے ہیں، نوجوانوں پر خرچ کرنے کے لیے ہنرمند پاکستان پروگرام پہلا قدم ہے، پہلے فیز میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو ہنر سکھایا جائے گا، ہنر مند پاکستان پروگرام میں 500 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کھولے جائیں گے۔

  • پاکستان کی ساحلی پٹیوں پر پہلی بار ‘بلینکٹ آکٹوپس’ کی موجودگی کاانکشاف

    پاکستان کی ساحلی پٹیوں پر پہلی بار ‘بلینکٹ آکٹوپس’ کی موجودگی کاانکشاف

    کراچی :پاکستان کی ساحلی پٹیوں پر پہلی بار بلینکٹ آکٹوپس کی موجودگی کاانکشاف ہوا، ڈبلیو ڈبلیو ایف حکام کا کہنا ہے کہ ساحلی پٹی پر آکٹوپس اس نئی قسم کا دریافت ہونا خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ساحلی پٹیوں پر پہلی بار تین نایاب بلینکٹ آکٹپس پائے گئے، بلینکٹ آکٹپس عموما دنیا کے گرم طرین علاقوں اور گہرے پانی میں پائے جاتے ہیں۔

    ڈبلیو ڈبلیو ایف ٹیکنیکل ایڈوائیزر معظم خان کا کہنا ہے سندھ او بلوچستان کے ساحل سے 3 نایاب آکٹوپس پکڑے گیے، بلینکیٹ نسل کے آکٹوپس گھوڑا باری،ارماڑہ اور کیپ ماؤنٹ سے پکڑے۔

    گزشتہ ہفتے سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تربیت یافتہ ماہی گیروں نے آکٹوپس کے تین نمونے ریکارڈ کیے، اس آکٹوپس کی جلد بلینکٹ کی طرح ہوتا ہے، جس وجہ سے اسے بلینکٹ آکٹپس کہا جاتا ہے، آکٹوپس کی لمبائی 2فٹ سے ایک میٹر ہے۔

    معظم خان نے مزید کہا پاکستان کی ساحلی پٹی پر آکٹوپس اس نئی قسم کا دریافت ہونا خوش آئند ہے ،تینوں نایاب آکٹوپس سمندر میں چھوڑ دیے گئے ہیں۔

  • بھارت مقبوضہ کشمیرمیں فلسطین طرز پر ہندو آبادیاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے،  امین گنڈا پور

    بھارت مقبوضہ کشمیرمیں فلسطین طرز پر ہندو آبادیاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، امین گنڈا پور

    اسلام آباد : وفاقی وزیر امورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیرمیں فلسطین طرز پر ہندو آبادیاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر امورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈاپور سے بیرسٹرسلطان محمود کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم،آزادکشمیر کی سیاسی وترقیاتی صورتحال سےمتعلق گفتگو ہوئی ، سلطان محمود نے مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی کرفیو اور مظالم کی مذمت کی۔

    علی امین گنڈاپور نے کہا بھارتی مظالم،کرفیو سےکشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، بھارت نےمقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے ، ہزاروں کشمیری نوجوانوں کواغواکر کےنامعلوم مقامات پر منتقل کیا گیا اور آزادی تحریک کچلنےکیلئے کشمیری خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں فلسطین طرز پر ہندو آبادیاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، عالمی دنیامقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے، خطےمیں بھارتی رویے سےعلاقائی،عالمی امن کوشدیدخطرات ہیں۔

    صدرپی ٹی آئی آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کشمیری عوام بہادر اور پر عزم ہیں اور آخری سانس تک حق خوداردیت کیلئےڈٹ کرمقابلہ کریں گے ، بھارتی مظالم کشمیریوں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔

    وفاقی وزیر نے بیرسٹر سلطان محمود کو آزاد کشمیر ضمنی انتخاب میں کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا بیرسٹرسلطان محمودکی کامیابی کشمیریوں کاپی ٹی آئی پراعتمادکااظہارہے۔

    بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کشمیری عوام وزیراعظم عمران خان سے خصوصی لگاو رکھتے ہیں ، آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کرے گی۔

  • حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لئے جہاد کر رہی ہے، شہریار آفریدی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لئے جہادکر رہی ہے،ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھنے کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی کا نجی یونیورسٹی لاہورمیں لیکچر دیتے ہوئے کہا منشیات ہماری نسل کو تباہ کررہی ہے، بچوں کے کردار کی حفاظت والدین کی ذمہ داری ہے، شیشے کا استعمال باصلاحیت نسل کو گھن کی طرح چاٹ رہاہے۔

    شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے جہاد کررہی ہے، طالبعلم اپنے ساتھیوں کو منشیات کے استعمال سے بچائیں، طالبعلموں کے ڈرگ ٹیسٹ اور ان کے علاج کا پلان بنایا، ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھنے کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کسی کی عزت نفس کو مجروح کرکے ذمہ دارشہری نہیں بنا سکتے، پاکستان میں 50 فیصد ایچ آئی وی انجکشن کے نشے سے پھیلا، اسلام نے دنیا کو کردار اور اخلاق سازی کے رہنما اصول دیئے، چرس، کوکین ، شیشہ یہ فیشن نہیں ذلت ورسوائی کے گڑھے ہیں۔

    یاد رہے چند روز سندھ اور وفاق نے ملک میں انسداد نارکوٹکس پر سمجھوتا نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، وزیر سیفران شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ انسداد نارکوٹکس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، منسٹری آف نارکوٹکس سندھ حکومت سے تعاون کرے گی ، سکھر اور کراچی میں منسٹر آف نارکوٹکس کے سینٹرز ہیں۔

    اس سے قبل وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ہماری نسل اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

  • نوازشریف سے کوئی سوشل تعلق نہیں کہ تیمارداری کروں ،چوہدری نثار

    نوازشریف سے کوئی سوشل تعلق نہیں کہ تیمارداری کروں ،چوہدری نثار

    راولپنڈی :سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ نوازشریف سے کوئی سوشل تعلق نہیں کہ تیمارداری کروں ، دھرنوں سے ملک بند گلی میں جا رہا ہے ، دھرنے کسی بھی صورت ملک کے مفاد میں نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے روات کلرسیداں روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نوازشریف سے کوئی سوشل تعلق نہیں کہ تیمارداری کروں ، میں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دھرنا دینے والی پی ٹی آئی دھرنے کی مخالفت کیوں کررہی ہے، عمران کے دھرنے کی مخالفت کرنیوالے کس منہ حمایت کر رہے ہیں، دھرنوں سے ملک بند گلی میں جا رہا ہے،عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، دھرنے کسی بھی صورت ملک کے مفاد میں نہیں۔

    مزید پڑھیں : ناپسندیدہ حکومت کو بھی جتھوں کے ذریعے گرانا مناسب نہیں، چوہدری نثار

    یاد رہے چند روز قبل سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ ناپسندیدہ حکومت کو بھی جتھوں کے ذریعے گرانا مناسب نہیں،اس وقت بھی کہا تھا کہ دھرنوں سے حکومت تبدیل کرنا غلط روایت ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا اگر دھرنا ایک دفعہ بیٹھ جائے تو پھر اسے اٹھانا مشکل ہوتا ہے،ہمارا ملک بہت سے سیکیورٹی ایشوز سے دوچار ہے، ایسے میں اس طرح کے احتجاج سیکیورٹی کے لئے خدشات پیدا کرسکتے ہیں۔

  • یونی ورسٹی میں طلبا و طالبات کے لئے یونیفارم لازمی قرار

    یونی ورسٹی میں طلبا و طالبات کے لئے یونیفارم لازمی قرار

    کوئٹہ : بلوچستان یونی ورسٹی میں طلبا و طالبات کے لئے یونیفارم پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، بغیر یونیفارم داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، یونیفارم کا مقصد غیر متعلقہ  افراد کا داخلہ روکنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان یونی ورسٹی میں طلبا و طالبات کے لئے یونیفارم لازمی قرار دے دیا گیا، یونی ورسٹی آف بلوچستان کے رجسٹرار نے سرکلر جاری کیا ہے ، جس کے مطابق آئندہ سال دو مارچ سے طلبا و طالبات کے لئے یونیفارم پہننا لازمی ہے، بغیر اجازت کسی بھی طالب علم کو یونیورسٹی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    سرکلر میں طلبا و طالبات کو مخصوص دکان سے یونیفارم خریدنے کی تاکید بھی کی گئی ہے، انتظامیہ کے مطابق ایسا کرنے کا مقصد یونیورسٹی میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکنا ہے۔

    مزید پڑھیں : یونیورسٹی میں طلبا کو بلیک میل اور ہراساں کرنے کا انکشاف

    یاد رہے چند روز قبل بلوچستان یونیورسٹی میں بلیک میلنگ کا بڑااسکینڈل ایف آئی نے بے نقاب کیا تھا اور طلبا کو بلیک میل اور ہراساں کرنے پر یونیورسٹی کے سیکیورٹی برانچ کے افسر اور سرویلنس انچارج کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں ویڈیوز برآمد کرلی گئیں تھیں۔

    خیال رہے کے پی کے میں طالبات کو ہراساں ہونے سے بچانے کے لیے محکمہ تعلیم نے نیا اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لیے حجاب لازمی قرار دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں خیبر پختون خوا کی حکومت نے سرکاری درس گاہوں‌ میں عبایا لازمی قرار دینے کا نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم جاری کیا تھا۔

  • چیئرمین نیب نے حنا ربانی کھر کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی

    چیئرمین نیب نے حنا ربانی کھر کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں غلام ربانی اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی گئی، چیئرمین نیب نے کہا نیب چہرے کونہیں کیس کوقانونی منطقی انجام تک پہنچانے پریقین رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا ، جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب،پراسیکیوٹر جنرل ،ڈی جی نیب راولپنڈی سمیت دیگر حکام شریک ہوئے، اجلاس میں میگا کرپشن کیسز میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پانچ انکوائریز کی منظوری دی گئی، جس میں غلام ربانی، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر ، میاں امتیاز، چوہدری منیر کیخلاف عدم شواہد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری ، سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایاز نیازی کیخلاف تفتیش بند کرنے کی منظوری ، سی ڈی اے افسران کیخلاف مبینہ کرپشن پر انکوائری کی منظوری اور سلطان گل اور دیگر کیخلاف انکوائری ایف آئی اے کو بھیجنے کی منظوری شامل ہیں۔

    اجلاس میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن کیسزکو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے ، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سرجری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب احتساب سب کے لیے کی پالیسی پرسختی سےعمل پیرا ہے، نیب چہرے کونہیں کیس کو قانونی منطقی انجام تک پہنچانے  پریقین رکھتا ہے، 23 ماہ میں بد عنوانی کے 610ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے اور 71ارب بلاواسطہ اور بلا واسطہ برآمد کرکےقومی خزانہ میں جمع کرائے۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تعداد روکنے پرعوام کی نشاندہی کرنی چاہیے، بزنس کمیونٹی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں قومی ادارہ احتساب بیورو (نیب) کے اجلاس میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سمیت 13 انکوائریز کی منظوری دی گئی تھی۔

  • ‘مولانا صاحب ! اقتدار کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، 4 سال انتظار فرمائیے’

    ‘مولانا صاحب ! اقتدار کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، 4 سال انتظار فرمائیے’

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولاناصاحب ! اقتدارمیں آنے، جانے کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، 4 سال کے لئے انتظار فرمائیے ، قوم دیکھ رہی ہے کس کا کیا ایجنڈا اور ترجیح ہے؟

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی وہب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہورہاہے، اجلاس میں ملکی ترقی،جمہوریت مضبوطی،خوشحالی پربات ہورہی ہے، دوسری جانب انتشار،فساد،ترقی کاراستہ روکنے کے منصوبےبنائے جارہےہیں، قوم دیکھ رہی ہے کس کاکیاایجنڈااورترجیح ہے؟

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولاناصاحب!اقتدارمیں آنے،جانےکافیصلہ عوام نےکرناہے، 4 سال کےلئےانتظارفرمائیے، گزشتہ اسمبلی میں مولانا صاحب آپ اپنی تقریریں خود سنیں،رہنمائی حاصل کریں۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ نئے پاکستان میں حکمرانوں کی بجائےعوامی مفاد،حقوق کی نگہبانی ہورہی ہے، یہ بنیاد احساس پر قائم ہے حکمرانوں کی جیب نہیں، قومی خزانہ بھررہا ہے۔

    یاد رہے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ مذاکرات کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مولانا سے اپیل ہے کہ مارچ کو محفل میلاد میں تبدیل کر دیں، حکومت ہر مسئلے پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔

  • سابق وزیراعظم کی فوری سرجری کا فیصلہ

    سابق وزیراعظم کی فوری سرجری کا فیصلہ

    اسلام آباد: نجی اسپتال میں زیرعلاج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی فوری سرجری کا فیصلہ کیا ہے ، شاہدخاقان عباسی کو گزشتہ 4سال سے ہرنیا کی تکلیف ہے جبکہ میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طبعیت ناسازی کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں شاہدخاقان عباسی کےعلاج کےلیےنجی اسپتال کامیڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا اور میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کاطبی معائنہ مکمل کرلیا ہے۔

    میڈیکل بورڈ کی ہدایت پر شاہدخاقان عباسی کے ابتدائی ٹیسٹ مکمل کرلئے گئے ، جس کے مطابق ان کا شوگر، بلڈ پریشرلیول معمول کے مطابق ہے، جس کے بعد خصوصی میڈیکل بورڈ نےسابق وزیراعظم کے فوری آپریشن کی تجویز دی۔

    اسپتال زرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے ہرنیاکاآپریشن آج شام ہوگا، شاہدخاقان عباسی کوگزشتہ4سال سےہرنیاکی تکلیف ہے۔

    مزید پڑھیں : محکمہ داخلہ پنجاب نے شاہد خاقان عباسی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی

    خیال رہے گزشتہ روز پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم کی نجی اسپتال منتقلی کی اجازت دی تھی، مراسلے میں کہا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کیا جائے، ان کی اسپتال منتقلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

    مراسلے کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کی مشاورت سے جیل منتقل کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کو ایل این جی کیس میں 26 ستمبر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا تھا، قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے چند روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کی جانب سے طبی بنیادوں پر دو ماہ کی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی طبیعت خراب ہونے کے سبب اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔