Author: فائزہ شاہ

  • پوپ فرانسس کی حالت تشویشناک  ، دنیا بھر میں دعائیں

    پوپ فرانسس کی حالت تشویشناک ، دنیا بھر میں دعائیں

    ویٹی کن سٹی : پوپ فرانسس کی حالت تشویشناک ہے، ان کی صحت یابی کلیئے ویٹی کن سمیت مختلف مقامات پر دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیتھولک عیسائیوں کی مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی حالت مزید بگڑ گئی، ویٹی کن نے اپنے حالیہ بیان میں بتایا ہے کہ پوپ کو سانس لینے میں دشواری ہے اور طبیعت بدستور تشویشناک ہے ، جس کی وجہ سے انہیں آکسیجن دی جارہی ہے۔

    اٹھاسی سال کے پوپ کو ڈبل نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کی وجہ سے وہ چودہ فروری سے اسپتال میں داخل ہیں۔

    تاہم ویٹیکین نے پوپ کے مستعفی ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوپ مستعفی نہیں ہو رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پوپ فرانسس کی طبعیت مزید بگڑ گئی

    پوپ کی صحت یابی کے لیے ویٹی کن سمیت مختلف مقامات پر دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

    یاد رہے پاپائے اعظم کی سانس کی نالی میں پولی مائیکروبیل انفیکشن کی تشخیص کے بعد ان کے علاج کی نوعیت کو تبدیل کر دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ پولی مائیکروبیل شدید نوعیت کا انفیکشن ہوتا ہے، جو وائرس، بیکٹریا، فنگس اور پیراسائٹس ایک ساتھ جمع ہو جانے پر ہوتا ہے۔

  • محکمہ موسمیات کی کراچی کے موسم کے حوالے سے بڑی پیش گوئی

    محکمہ موسمیات کی کراچی کے موسم کے حوالے سے بڑی پیش گوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم کے حوالے سے بڑی پیش گوئی کردی اور کہا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ شہر میں مطلع جزوی برآلود اور موسم گرم رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے شہر میں آج تیز سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے جبکہ شمال مشرق سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    شہرکافضائی معیارمضر ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 112 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے بارش کا نیا اسپیل داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

    آج سے مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کا امکان ہے۔

    شمالی اورپہاڑی علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارش اوربرف باری کا امکان ہے۔

    گلگت بلتستان میں پچیس فروری سے دو مارچ تک شدید بارش اوربرف باری متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خطرہ ہے۔

    خیبر پختونخوا اور کشمیرمیں فلیش فلڈنگ اورلینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں کو غیر ضروری سفرسے گریزکی ہدایت کی گئی ہے۔

  • پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کا امکان

    پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کا امکان

    اسلام آباد : پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کا امکان ہے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آذربائیجان کیساتھ سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے۔

    پاکستان اور آذربائیجان کےدرمیان 2ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کےمعاہدوں پربات چیت جاری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی، انفراسٹرکچراورنجکاری کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کے معاہدے متوقع ہیں۔

    دونوں ممالک کے درمیان وسطی ایشیائی ریاستوں تک تجارت اورمواصلاتی رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آذربائیجان پاکستان کے موٹر وے اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے تاہم دونوں ممالک کےدرمیان عمومی توانائی،قابل تجدید توانائی اورتوانائی کی بچت کے منصوبوں پر بات چیت جاری ہے۔

    پاکستان کےنجکاری پروگرام میں آذربائیجان نے دلچسپی کا اظہار کیا ، ایس آئی ایف سی کے تعاون سےدونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ خوش آئند ہے۔

  • سول سرونٹس کی دہری شہریت پر پابندی کا بل کثرت رائے سے منظور

    سول سرونٹس کی دہری شہریت پر پابندی کا بل کثرت رائے سے منظور

    اسلام آباد : سول سرونٹس کی دہری شہریت پر پابندی کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، سعدیہ عباسی نے بل کی مخالفت کی۔

    تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس ہوا ، جس میں سول سرونٹس کی دہری شہریت پر پابندی کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

    اسلام آباد:بل سینیٹرافنان اللہ کی جانب سےمتعارف کرایا گیا ہے، خصوصی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ 8 کسٹمز افسران دہری شہریت کے حامل ہیں، کابینہ ڈویژن میں ایک افسر دہری شہریت کاحامل ہے۔

    سارہ سعید نے کہا کہ 10 اداروں نے سول سرونٹس کی دہری شہریت سےمتعلق جوابات جمع کرادیے، جس پر افنان اللہ کا کہنا تھا کہ عداد و شمار بتا دیں، بل اگلے اجلاس تک مؤخر کر دیتے ہیں۔

    ایمل ولی خان نے سوال اٹھایا کہ یہ پالیسی کا معاملہ ہے، اعداد وشمار سے کیا فرق پڑے گا؟ سب اداروں کیلئے بھی یہی قانون ہونا چاہیے۔

    چیئرمین کمیٹی کا سینیٹر افنان اللہ کے بل پر ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا تاہم سعدیہ عباسی نے سول سرونٹس کی دہری شہریت پرپابندی کے بل کی مخالفت کی۔

  • تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز کر دیا گیا

    تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز کر دیا گیا

    کراچی : تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز کر دیا گیا، یہ ٹرین کراچی، حیدر آباد اور میر پور خاص سے ہوتی ہوئی پاک بھارت سرحدی علاقے کھوکھراپار جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلیے تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز کر دیا گیا۔

    ٹرین سفاری کراچی، حیدر آباد اور میر پور خاص سے ہوتی ہوئی پاک بھارت سرحدی علاقے کھوکھراپار جائے گی۔

    ٹرین کا افتتاح محکمہ ثقافت وسیاحت صوبائی وزیرسید ذوالفقارعلی شاہ کیا، اس موقع پر وزیر سیاحت نے کہا کہ سیاح تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری سے کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، چھور اور کھوکھراپار تک سیاحت و ثقافت کے رنگ دیکھیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پورے سندھ کو ایک اچھا میسج جائے گا، پیپلزپارٹی چاہتی ہےکہ ثقافت کوفروغ دیا جائے۔

    گذشتہ روز بھی صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ منصوبہ سندھ کے قدرتی حسن، لوک موسیقی، روایتی دستکاریوں اور تھر کے منفرد طرزِ زندگی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے تیار کیا گیا۔

    تھر ڈیزرٹ سفاری ایکسپریس” سندھ کے سیاحتی شعبے کو نئی بلندیاں دے گی ، یہ سندھ کی ثقافتی روح کو چھونے کا نادر موقع ہے۔

  • نیا بجٹ :  سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر آگئی

    نیا بجٹ : سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کے اخراجات کا تخمینہ کتنا ہوگا؟ اس سلسلے میں اگلے مرحلے کی تیاری شروع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی سرکاری ملازمین کے نئے مالی سال کے بجٹ تخمینوں پر کام کے اگلے مرحلے کی تیاری شروع کر دی گئی۔

    آسامیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن کل ختم ہوجائے گی ، وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے آسامیوں کی تفصیلات 6 فروری تک مانگی ہیں۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نےمنظور شدہ،پر اورخالی آسامیوں کی تفصیلات مانگی ہیں ، اس حوالے سے وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایات جاری کی تھیں۔

    ، دستاویز میں کہا گیا کہ تمام غیرضروری آسامیاں ختم اور نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی کا فیصلہ ہوا ہے ، کسی بھی وزارت، ڈویژن یا محکمے میں نئی آسامیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

    Bureaucracy in Pakistan- سرکاری ملازمین نوکر یا مالک؟

    نئی آسامیوں کی تخلیق وزارت خزانہ کی پیشگی منظوری سےمشروط ہوگی اور 3سال سے زائد عرصے سے خالی تمام آسامیوں کی نشاندہی اور ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

  • فری لیپ ٹاپ اسکیم  میں رجسٹریشن کرانے والے طلبا ہوشیار ہوجائیں !

    فری لیپ ٹاپ اسکیم میں رجسٹریشن کرانے والے طلبا ہوشیار ہوجائیں !

    لاہور : وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ اسکیم میں رجسٹریشن کرانے والے طلبا کو خبر دار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ اسکیم کے حوالے سے بیان میں کہا کہ اسکیم کے حوالے سے گردش کرنیوالے تمام لنکس جعلی ہیں، نوجوان محتاط رہیں، غیر مستند لنکس مت کھولیں۔

    یہ لنک صارفین کو ایک ویب سائٹ پر لے جاتا ہے جہاں ان سے ذاتی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا جاتا ہے، بشمول ان کا نام، تعلیمی پس منظر وغیرہ۔

    ان کا کہنا تھا کہ مستند لنکس و معلومات کیلئے صرف ایچ ای ڈی کی ویب سائٹ یا پیج کو وزٹ کریں۔

    مزید پڑھیں : مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    خیال رہے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چند ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کے تحت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔

    حکومت ہونہار طلباء میں 50,000 جدید ترین لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

    چیف منسٹر کے لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت طلباء کو 13ویں جنریشن کے کور 7 آئی لیپ ٹاپ ملیں گے، اقلیتی طلبہ اور سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکول کے امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو بھی لیپ ٹاپ سے نوازا جائے گا۔

  • مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں بھی دی جاتی تو بھی کریں گے، فیصل چوہدری

    مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں بھی دی جاتی تو بھی کریں گے، فیصل چوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں بھی دی جاتی تو بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل چوہدری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘الیونتھ آور’ میں کرتے ہوئے بتایا کہ کل سے ہی ہمارے لوگوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا گیا ہے، مینارپاکستان پرجلسے کی اجازت نہیں بھی دی جاتی تو بھی کریں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کہتے ہیں پی ٹی آئی کا جلسہ ہوا تو وہی کریں گے جو 26 نومبر کو کیا لیکن صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ ویسے ہی ہونے جا رہا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ کل رات متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا، مولانا فضل الرحمان موجود تھے، شاہدخاقان عباسی نے مولانا فضل الرحمان کے اتفاق سے اعلامیہ پڑھا۔

    فیصل چوہدری نے کہا کہ ظاہر ہے ہرجماعت کا اپنا نظریہ اور اصول ہوتے ہیں، اپوزیشن جماعتیں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے کھڑی ہوئی ہیں۔

    جے یو آئی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کیساتھ تعلقات میں جوشدت تھی پہلے بھی کم کی، مولانا فضل الرحمان کیساتھ آئندہ بھی بیٹھ کر مسائل حل کریں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ مشترکہ اعلامیے میں حکومت سے مستعفی اور الیکشن کا مطالبہ کیا گیا، اپوزیشن جماعتیں اس حکومت کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتی، کیونکہ حکومت نے مینڈیٹ چرایا ہے اسی لیے آزاد الیکشن کمیشن کا مطالبہ کیا گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے الیکشن کے نتائج نہیں مانے اور فارم 47 کا سہارا لیا، پیپلز پارٹی اورن لیگ اس وقت بی ٹیم بنی ہوئی ہے، دونوں جماعتیں فارم 47 کی پیداوار ہیں جسے عوام تسلیم نہیں کرتے۔

  • سال 2025  کا پہلا  ایم پاکس سے متاثرہ شخص صحت یاب

    سال 2025 کا پہلا ایم پاکس سے متاثرہ شخص صحت یاب

    پشاور : سال 2025 کا پہلا ایم پاکس سے متاثرہ شخص صحت یاب ہو گیا، متاثرہ شخص کو ائیر پورٹ سے پولیس سروسز ہسپتال لایا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق منکی پاکس سے متاثرہ شخص صحت یاب ہو گیا ہے ،مشیر صحت کے پی احتشام علی نے بتایا کہ پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب نےمریض کے صحت یاب ہونےکی تصدیق کی ہے۔

    مشیر صحت کے پی کا کہنا تھا کہ یہ 2025 کا پہلا کیس تھا جو صحت یاب ہوکر گھر چلاگیا، متاثرہ شخص کو ائیر پورٹ سے پولیس سروسز ہسپتال لایا گیا تھا، متاثرہ شخص نے آئسولیشن وارڈ میں دس دن گُزارے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پختونخوا میں فی الوقت ایم پاکس کا ایک ایکٹیو کیس ہے، کنٹیکٹ ٹریسنگ کے دوران ابھی تک کوئی شخص متاثرہ ثابت نہیں ہوا۔

  • قومی انسداد پولیو مہم :وزیر اعلیٰ سندھ کی والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست

    قومی انسداد پولیو مہم :وزیر اعلیٰ سندھ کی والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست ‌‌‌کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نےقومی انسدادپولیومہم کاافتتاح کردیا ، مراد علی شاہ نےوزیراعلیٰ ہاؤس میں بچوں کوپولیوسے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا انسداد پولیو مہم 3 تا 9 فروری تک جاری رہے گی ، اس دوران صوبے میں ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے صرف دو ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس موجود ہے۔

    پولیو ٹیموں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، پولیو ورکرز بچوں کے مستقبل کے محافظ ہیں، ان کی عزت کی جائے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے والدین سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسین محفوظ، مؤثر اور مفت ہے، بار بار خوراک دینے سے ہی بچے کی قوت مدافعت مضبوط بنتی ہے۔

    انھوں نے درخواست کی علمائے کرام، اساتذہ، اور کمیونٹی رہنما عوام کو پولیو مہم میں شرکت پر آمادہ کریں۔