Author: فیض اللہ خان

  • ویڈیو رپورٹ: بی آر ٹی گرین لائن میں یوم آزادی کے حوالے سے اقلیتی برادری کا ایک حیرت انگیز سفر

    ویڈیو رپورٹ: بی آر ٹی گرین لائن میں یوم آزادی کے حوالے سے اقلیتی برادری کا ایک حیرت انگیز سفر

    کراچی میں یوم آزادی اور اقلیتی برادری کے دن کی مناسبت سے بی آر ٹی گرین لائن میں ایک خوب صورت سفر کا اہتمام کیا گیا، جس میں گیت اور نغمے پیش کیے گئے، تقاریر کی گئیں اور شرکا میں پرچم تقسیم کیے گئے۔

    بی آر ٹی گرین لائن کے نمائش اسٹیشن پہ اتوار کی صبح سے رونق تھی، کیوں کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی جمع ہو کر یگانگت کا پیغام دے رہے تھے۔

    منتظمین کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد پاکستان سے محبت کا پیغام کا عام کرنا ہے، گرین لائن کے مسافر اس دل کش اور خوب صورت سفر کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • امریکا سے طبی تعلیم کے بعد چائلڈ اسپیشلسٹ نے پبلک پارک میں مفت مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا

    امریکا سے طبی تعلیم کے بعد چائلڈ اسپیشلسٹ نے پبلک پارک میں مفت مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا

    کراچی کے پارکس میں ان دنوں چرچا ہے بچوں کے ماہر ایک ڈاکٹر کا، جو رضاکارانہ طور پہ ماؤں میں بچوں کی صحت کے حوالے سے آگاہی پھیلا رہے ہیں، ڈاکٹر اظہر چغتائی یہ سب کیوں کر رہے ہیں؟ جانتے ہیں اس ویڈیو رپورٹ میں۔

    ماؤں نے بچوں کی صحت کے حوالے سے سوال پوچھے اور ڈاکٹر اظہر چغتائی نے پریزنٹیشن کے ذریعے جوابات دیے۔ مقامی انتطامیہ کے تعاون سے پارکس اور مساجد سمیت عوامی مقامات پر ایسی مہمات شہریوں کے لیے بہت مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

    امریکا سے تعلیم مکمل کر کے گزشتہ 25 برس سے صحت کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹر اظہر چغتائی نے شہر کے پارکس میں کھیل کود کے ساتھ صحت کی آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے، وہ کہتے ہیں یہ کراچی کا قرض ہے جو لوٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


    ویڈیو رپورٹ: پاکستان میں کچھ امراض سے اموات میں اضافہ ہو جائے گا، بین الاقوامی جریدے کا انکشاف


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی کی سڑک پر شہریوں کی مدد کرنے والے مزدور

    کراچی کی سڑک پر شہریوں کی مدد کرنے والے مزدور

    کراچی : شہر قائد کا یونیورسٹی روڈ پاک بھارت جنگ کے دنوں میں بھی بہت مشہور ہوا، سوشل میڈیا پر کچھ من چلوں نے میمز بنائیں کہ بھارتی ٹینک یونیورسٹی روڈ سے نہ آئیں، یہاں ٹریفک جام ہے۔

    اسی یونیورسٹی روڈ پر کچھ عوام کی مشکلات کا درد رکھنے والے مزدور سڑک پار کرنے میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رجب نامی مزدور ان درجنوں مزدورں میں سے ایک ہے جو یونیورسٹی روڈ پر مسلسل 10 گھنٹے کھڑے ہوکر عورتوں بچوں اور بزرگوں کو سڑک عبور کراتا ہے۔

    شہر کی اس مصروف ترین شاہراہ پر لوگوں کیلیے گاڑیاں رکوانے کی اس نیکی کا صلہ رجب کو کبھی تعریف تو کبھی ڈانٹ کی صورت میں ملتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رجب نے بتایا کہ کچھ پڑھے لکھے لوگ جو اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں وہ اس عمل کو سراہتے ہیں اور جن لوگوں کو ٹریفک قوانین کا علم ہی نہیں وہ غصے کا اظہار کرتے ہیں۔

    اس حوالے سے شہریوں کا بھی کہنا ہے کہ عملے کی تعیناتی سے روڈ عبور کرنے میں کافی مدد اور سہولت ملتی ہے، شاہراہ پر موجود یہ عملہ صبح سے رات دو بجے تک مختلف شفٹوں میں ٹریفک کنٹرول کرنے میں مصروف عمل رہتا ہے۔

     

  • کرایوں میں اضافہ اور پولیس کو رشوت، بس اڈوں پر سب ہی پریشان، ویڈیو رپورٹ

    کرایوں میں اضافہ اور پولیس کو رشوت، بس اڈوں پر سب ہی پریشان، ویڈیو رپورٹ

    پہلے ہر مہینے جاتے تھے اب تین تین ماہ گھر نہیں جاتے، پٹرول مہنگا ہونے پر ٹرانسپورٹ کے کرائے مزید بڑھ گئے، پردیسی گھر والوں سے ملنے کے لی ےٹکٹ کی رقم نہیں نکال پاتے، بس ڈرائیور کہتے ہیں ڈیزل تو مہنگا ہوا ہی پولیس کو رشوت بھی دینی پڑتی ہے۔

    سہراب گوٹھ سے چلنے والی یہ بسیں کہیں طیاروں کا نام اختیار کرتی ہیں، تو کہیں عاجزانہ پیش کش کے نام سے مسافروں کا دل لبھاتی ہیں، کہیں کوئی پہلوان بس سروس شہریوں کو دعوت سفر دیتی ہے، مگر ان سب میں مشترک بات کرایوں میں اضافہ اور پولیس کو رشوت کی باقاعدہ ادائیگی ہے۔


    تلاشی لینے والے جعلی پولیس اہلکاروں کو پہچانیے، اہم ویڈیو رپورٹ


    مسافر کہتے ہیں کہ اضافی کرائے کی وصولی نے ان کی کمر توڑ دی ہے، غیر معیاری سروس اور غیر قانونی بس اڈے آج بھی نہ صرف سہراب گوٹھ پر قائم ہیں، بلکہ مسافروں سے من مانے کرایے بھی وصول کر رہے ہیں۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • ایران میں موجود افغان باشندوں کو خصوصی ہدایات جاری

    ایران میں موجود افغان باشندوں کو خصوصی ہدایات جاری

    کابل: ایران میں افغان سفارت خانے کی جانب سے افغان باشندوں کو حساس علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    ایران کے دارالحکومت تہران میں افغانستان کے سفارت خانے نے ایران میں مقیم تمام افغان باشندوں کو پیغام جاری کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ حساس فوجی مراکز سے دور رہیں اور کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں یا اشتعال انگیز موضوعات سے مکمل اجتناب کریں۔

    یہ ہدایات ایک رسمی اعلامیے کے ذریعے جاری کی گئی ہیں، جن کا مقصد ایران میں افغان باشندوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایران کے حساس فوجی مراکز مکمل طور پر سیکیورٹی اداروں کی نگرانی میں ہیں اور ان کے اطراف میں کسی بھی قسم کی مشکوک حرکت ایرانی حکام کی جانب سے گرفتاری یا قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہے۔

    افغان شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان مقامات کے قریب جانے یا وہاں کسی بھی قسم کی غیر معمولی سرگرمی سے گریز کریں۔


    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    سفارتخانے کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ افغان شہری عوامی مقامات مثلاً میٹرو اسٹیشنز، بازاروں، ٹیکسیوں یا ریلوے اسٹیشنوں میں احتجاجی مظاہروں، حملوں یا سیاسی مؤقف کے بارے میں بات چیت نہ کریں۔ اس قسم کی گفتگو نہ صرف دیگر افراد میں خوف و ہراس پیدا کر سکتی ہے بلکہ ایران کے سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق افغان باشندے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی سیاسی جماعتوں کی میٹنگز، مظاہروں، سیاسی خیالات اور مطالبات کی اشاعت یا ترسیل سے اجتناب برتیں۔ اس عمل سے ان کی شناخت پر سوالات اٹھ سکتے ہیں اور ان کی موجودگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

    سفارت خانے نے زور دیا ہے کہ موجودہ ایرانی صورت حال کے حوالے سے باخبر رہنے کے لیے قابل اعتماد ذرائع ابلاغ اور حکومتی ویب سائٹس سے رجوع کیا جائے۔ سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر فیصلے کرنے سے گریز کیا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خطرے سے بچا جا سکے۔

    سفارت خانے نے افغان شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی کہ وہ سفر سے قبل اور دوران ہمیشہ ایران کے سرکاری اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی نئی ہدایات اور قوانین سے باخبر رہیں۔

  • ٹھٹھہ میں وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر حملہ

    ٹھٹھہ میں وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر حملہ

    ٹھٹھہ میں وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر قوم پرست تنظیم کے کارکنان نے حملہ کردیا۔

    ترجمان ن لیگ کے مطابق وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر ٹھٹھہ کے قریب حملہ کیا گیا وہ کراچی واپس آرہے تھے، قوم پرست تنظیم کے کارکنان نے گاڑی پر ڈنڈے مارے، انڈے پھینکے۔

    پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کو بھگا دیا، ان کی گاڑی پر حملہ پریس کلب کے پاس کیا گیا۔

    وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی مقامی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد جھوک شریف جارہے تھے جبکہ قوم پرست تنظیم کے کارکن پریس کلب پر کینالوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

    کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ مشتعل افراد کے حملے میں محفوظ رہا۔

  • ایف آئی اے نے پی ٹی آئی ویمن ونگ کی رہنما فوزیہ صدیقی کو حراست میں لے لیا

    ایف آئی اے نے پی ٹی آئی ویمن ونگ کی رہنما فوزیہ صدیقی کو حراست میں لے لیا

    کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی تی آئی) کے ویمن ونگ کی رہنما فوزیہ صدیقی کو حراست میں لے لیا۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ فوزیہ صدیقی کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے حراست میں لیا، پی ٹی آئی رہنما پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے کا الزام ہے۔

    اس سے قبل، ایف آئی اے ریاست مخالف مہم اور حساس سرکاری ڈیٹا لیک کرنے والے ملزم کو اسلام ّباد میں بنی گالا سے گرفتار کیا، ملزم کی شناخت انس نواز کے نام سے ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے نے صحافی فرحان ملک کو گرفتار کرلیا

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں بنی گالا سے گرفتار کیا گیا، انس نواز نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیٹا بیس تک غیر قانونی رسائی حاصل کی جبکہ شہریوں کے ذاتی پاسپورٹس اور اعلیٰ سرکاری شخصیات کی تصاویر شیئر کیں۔

    ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اکاؤنٹ سے حساس معلومات شیئر کر کے خوف و ہراس پھیلایا، انس نواز کے خلاف مقدمہ درج، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل شواہد پر تحقیقات جاری ہے۔

    بعدازاں، انس نواز کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش اور ریکوری کرنی ہے، ریمانڈ دیا جائے۔ اس پر جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ملزم کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

  • مغرب افغانستان کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتا، سپریم لیڈر افغانستان

    مغرب افغانستان کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتا، سپریم لیڈر افغانستان

    قندھار: امارت اسلامیہ افغانستان کے سپریم لیڈر ھبت اللہ اخوندزادہ نے کہا ہے کہ مغرب افغانستان کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان رہنما نے گزشتہ روز قندھار یونیورسٹی کا دورہ کیا، اس موقع پر خطاب میں افغانستان کی موجودہ صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک کو ماضی میں دو بار بیرونی طاقتوں، ایک بار مشرق اور دوسری بار مغرب نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی، لیکن افغانوں کے عزم اور دینی حمیت نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

    انھوں نے مغربی طاقتوں کی غیر قانونی پابندیوں اور افغانستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغرب افغانستان کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتا اور اسی وجہ سے اس کی تجارت اور معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    افغانستان میں خودکش دھماکا، طالبان کمانڈر سمیت 25 ہلاک

    ھبت اللہ اخوندنزادہ نے افغانستان کو ایک ایسا تعلیمی میدان بنانے کی خواہش کا اظہار کیا جہاں دنیا سے لوگ تعلیم کے حصول کے لیے آئیں، اور کہا کہ علم انسان کو صحیح اور غلط میں تمیز کرنے کی صلاحیت عطا کرتا ہے، واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت نے خواتین پر علم کے دروازے بند کر دیے ہیں۔

    امارت اسلامیہ افغانستان کے سپریم لیڈر نے طلبہ کو شہدا کے مزارات پر جانے اور ان کے کارناموں کو محفوظ کرنے کی تلقین بھی کی، تاکہ ان کی قربانیوں کی تاریخ ہمیشہ زندہ رہے۔

  • کراچی کے روایتی ادبی میلے کا بھرپور آغاز، شہری بڑی تعداد میں پہنچنے لگے

    کراچی کے روایتی ادبی میلے کا بھرپور آغاز، شہری بڑی تعداد میں پہنچنے لگے

    کراچی: شہر قائد کا روایتی ادبی میلہ ’کراچی لٹریچر فیسٹیول (کے ایل ایف) شروع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے ایل ایف کا سولہواں ادبی میلہ بھرپور رونقوں کے ساتھ شروع ہو گیا ہے، ادب، تعلیم، تہذیب، ثقافت، معیشت اور موسیقی سمیت مختلف موضوعات پر سیشنز نے شائقین علم و ادب کی توجہ حاصل کر لی۔

    افتتاحی تقریب میں امریکا، برطانیہ اور فرانس کے سفارتی نمائندوں نے شرکت کی، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ثقافتی تنوع اور قدیم تاریخ اپنے اندر بھرپور کشش رکھتی ہے۔

    اس ادبی میلے میں جہاں کتابیں ہیں، آرٹ کی نمائش ہے، وہیں معیشت، سیاست اور سفارت کاری جیسے موضوعات پہ بھی گفتگو ہو رہی ہے۔ میلے میں موسیقی اور رقص نے بھی اپنے رنگ یوں بکھیرے کہ شائقین جھوم اٹھے، اگلے دو روز تک ادبی میلے میں بین الاقوامی مندوبین بھی مختلف سیشنز میں موجود ہوں گے۔

    کراچی ادبی میلے میں ایک گوشہ لنکن کارنر کے نام سے بھی مختص کیا گیا ہے، جہاں بچوں، نوجوانوں اور خواتین کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آرستہ مختلف سرگرمیاں جاری ہیں، جہاں شرکا کھیلوں، کتابوں اور تعلیمی معلومات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

  • جب ہندوکش ہمالیائی خطوں کی شان دار کہانیاں اسکرین کی زینت بنیں

    جب ہندوکش ہمالیائی خطوں کی شان دار کہانیاں اسکرین کی زینت بنیں

    اسلام آباد: نمائش اور فلم اسکریننگ پر مبنی ایک تقریب میں ہندوکش ہمالیائی خطوں کی شان دار کہانیوں کو اسکرین کی زینت بنا کر ناظرین کو اس خطے کی معدوم ہوتی خوش نما روایات سے روشناس کرایا گیا۔

    اسلام آباد میں ’ایکو آف دی سلک روٹس: بیٹوین ماؤنٹینز اینڈ ڈیزرٹ‘ کے عنوان کے تحت لاجوَرد کی جانب سے ثقافتی ورثے اور ماحولیاتی بحران پر الائنس فرانسز اسلام آباد میں ایک نمائش اور فلم اسکریننگ کے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 150 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

    اس تقریب میں ہندوکش ہمالیہ اور وسطی ایشیائی خطوں کی کہانیوں، روایات اور تحفظ کی کوششوں کو پیش کیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات کے درمیان ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا تھا۔ نمائش میں پہاڑی کمیونٹیز اور تاریخی سلک روٹس کے درمیان تعلقات کو اجاگر کیا گیا، جہاں معدوم ہوتی روایات، نوادرات، اور کہانیوں کو پیش کیا گیا، جو صدیوں سے ان خطوں کا حصہ ہیں۔

    ہندوکش

    شرکا نے ان نمائشوں اور فلموں میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا، جنھوں نے ان علاقوں کو درپیش چیلنجز اور لاجوَرد کے تحفظ کی کوششوں کو منفرد انداز میں پیش کیا۔

    اس شام میں بلتی کھانوں کی خصوصی پیش کش بھی شامل تھی، جس نے اس خطے کی ثقافتی میراث کو اجاگر کرتے ہوئے ایک منفرد ذائقہ دار تجربہ فراہم کیا۔ مہمانوں نے لاجوَرد ٹیم کے ساتھ بات چیت کی اور ان نازک پہاڑی ماحولیاتی نظام میں جاری تحفظاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

    لاجوَرد کے تحت ورثے کی دستاویز بندی، آرکیٹیکچرل تحفظ، اور کمیونٹی انگیجمنٹ کے ذریعے ہندوکش ہمالیہ خطے میں ثقافتی ورثے اور ترقی کے لیے کام کیا جاتا ہے۔