Author: فیض اللہ خان

  • کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھڑپیں

    کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھڑپیں

    کراچی میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں پولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جارہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر پولیس اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اس دوران قیدیوں کی وین جلا دی گئی۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ نمائش چورنگی اور اس کے اطراف میں ایمبولینس بھی پھنسی ہوئی ہیں اور شہریوں کو گھروں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نمائش چورنگی اور شاہراہ قائدین کے اطراف وقفے قفے سے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کارکنان پر براہ راست فائرنگ کی جارہی ہے اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ کارکنان پر امن احتجاج کرنے کے لیے پہنچے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/police-fire-shalt-toward-pti-workers-in-karachi/

    علی زیدی کا کہنا ہے کہ مظاہرین میں بچے بھی شامل ہیں، پولیس کی جانب سے بے دریغ آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں کئی کارکنان زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف اضلاع سے اب تک 200 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے زیر حراست افراد کو دو روز کے دوران پکڑا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شاہراہ قائدین پر ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں کئی کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔

  • کریک ڈاؤن: پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود گھر سے گرفتار

    کریک ڈاؤن: پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود گھر سے گرفتار

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف کراچی میں بھی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سیف الرحمان محسود کو گھر سےگرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس لیڈی سرچر کے بغیر دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئی اور سیف الرحمان محسود کو گرفتار کر لیا گیا، پی ٹی آئی رہنما عطاللہ ایڈووکیٹ کو بھی گھر کا دروازہ توڑ کر گرفتار کیا گیا۔

    بلال غفار، ارسلان تاج، سعید آفریدی، اور شاہنواز جدون کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے، تاہم کراچی میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت گزشتہ روز ہی محفوظ مقام پر منتقل ہوگئی تھی۔

    پی ٹی آئی کے ایم پی اے شاہنواز جدون کے گھر پولیس دوبارہ پہنچ گئی، اور کیماڑی میں ان کے گھر سے ان کے چھوٹے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا گیا، پہلے چھاپے کے دوران شاہنواز جدون کے بیمار والد اور ایک بھائی کو گرفتار کیا گیا تھا، پولیس شاہ نواز جدون کے بیمار والد کو جیکسن تھانے لے گئی۔

    پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن، رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں

    پی ٹی آئی ایم پی اے شہزاد قریشی کے گھر سادہ لباس اہل کاروں نے چھاپا مارا، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے، پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان ارسلان تاج بھی چھاپے کے دوران گرفتاری سے محفوظ رہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ کل شام ہی محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے تھے۔

    ارسلان تاج نے کہا کہ سندھ بھر میں کارکنوں اور قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، تاہم کراچی میں اعلان کے مطابق دھرنا ہوگا۔

    پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے گھر پولیس کا چھاپہ

    ادھر پورے ملک میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، میلسی میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے رات گئے گرفتاریاں کیں، رہنما ریاض قہم کو گرفتار کر کے پولیس نامعلوم مقام پر لے گئی، ملک امیر بخش سمیت متعدد رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

    سرگودھا میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر نادیہ عزیز اور سابق صوبائی وزیر انصر مجید نیازی کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، پولیس کے چھاپوں کے دوران درجنوں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پاکپتن میں پولیس نے چھاپا مار کر پی ٹی آئی رہنما اور کونسلر شیخ محمد علی کو گرفتار کر لیا، کونسلر رانا علی رضا کے گھر گرین ٹاؤن میں بھی چھاپا مارا گیا تاہم رانا علی رضا فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فیصل آباد میں سمندری میں تحریک انصاف کے کارکنان کے گھروں پر پولیس کے چھاپے پڑے اور مختلف علاقوں سے 10 کارکنان گرفتار کیے گئے۔

  • حقیقی آزادی لانگ مارچ: تحریک انصاف کا کراچی میں  نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا فیصلہ

    حقیقی آزادی لانگ مارچ: تحریک انصاف کا کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا فیصلہ

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں حقیقی آزادی لانگ مارچ کیلئے نمائش چورنگی پر دھرنا دینے  کا فیصلہ کرلیا ، صورتحال کے مطابق دیگر مقامات بند کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی لانگ مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع پی ٹی آئی نے کہا کہ ابتدائی طور پر شہر میں ایک مقام کو بند کیا جائے گا اور صورتحال کے مطابق دیگر مقامات بند کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ احتجاج میں کارکنان کےعلاوہ فیملیز کی بھر شرکت ہوگی تاہم قیادت کی ممکنہ گرفتاری اور احتجاج کا پلان بی اور سی بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

    اسلام آباد لانگ مارچ کی سرگرمیاں براہ راست اسکرین پر دکھائی جائیں گی اور بلال غفار کراچی میں لانگ مارچ کے اجتماع کی قیادت کریں گے۔

    بلال غفار نے کہا کہ ہمارے دورمیں اسلام آباد میں 5لانگ مارچ آئے جنہیں نہیں روکا گیا، 25 مئی کوعمران خان کالانگ مارچ جمہوری اورجائز ہے ، پاکستان کےعوام رجیم چینج آپریشن کوکسی قیمت پرقبول نہیں کررہے۔

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کیلئے کراچی میں بھی عوامی احتجاج کیا جائے گا، کراچی کے شہری اس انقلاب کا حصہ بننےکیلئے شریک ہوں، مارچ روکنےکی کوشش جمہوریت کاقتل کرنےکے مترادف ہوگا۔

  • پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کراچی پولیس کو چکمہ دے کر صوابی پہنچ گئے

    پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کراچی پولیس کو چکمہ دے کر صوابی پہنچ گئے

    کراچی : تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کراچی پولیس کو چکمہ دے کر صوابی پہنچ گئے ، ضمانت ملنے تک  خیبر پختونخوا میں ہی قیام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے لیے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل کی تلاش معمہ بن گئی، حلیم عادل کی گرفتاری کے لیے گھر پہ چھاپے مارے گئے مگر نہیں مل سکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ محفوظ مقام پہ منتقل ہوچکے ہیں اور صوابی کے جلسے میں نمودار ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ کا صوابی جلسے سے خطاب متوقع ہے اور ضمانت ملنے تک حلیم عادل شیخ خیبر پختونخوا میں ہی قیام کریں گے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی مہم چلانےپر پیپلز پارٹی نے انتقام کا نشانہ بنایا۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ قابل افسوس ہےعمران خان کے ایک سپاہی سےیہ اتنا خوفزدہ ہیں ، 3دن سے جھوٹے کیسز بنا کراچی پولیس میرے پیچھے لگائی ہوئی ہے۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جس کے بعد تین بار میرے گھر پر چھاپے مار کر فیملی کو ہراساں کیا گیا ہے، اس وقت سندھ ہائی کورٹ کے باہر پولیس نے گھیرا لگایا ہوا اور کوشش ہےکہ میں عدالت نہ پہنچ سکوں۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہفتےکوساڑے 3گھنٹے قبل از گرفتاری ضمانت کے لیےکھڑا رہا ، ہمیں اطلاع دی گئی کہ ججز کم ہیں اور وقت ختم ہوگیا ہے ، عدالت میں جب میں خود کو پیش کر چکا تھا لیکن انصاف نہیں ملا، اس پربھی چیف جسٹس صاحب کوسوموٹو نوٹس لینا چاہیے۔

  • حقیقی آزادی کے لیے میں سندھ کےعوام کے پاس جاؤں گا ، عمران خان

    حقیقی آزادی کے لیے میں سندھ کےعوام کے پاس جاؤں گا ، عمران خان

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا حقیقی آزادی کے لیے میں سندھ کےعوام کے پاس جاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان سے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی بنی گالہ میں ملاقات ہوئی ، ملاقات میں عامر محمود کیانی، منارٹی ونگ کے مرکزی صدر جئے پرکاش لوہانا بھی موجود تھے۔

    دوران ملاقات امپورٹڈ حکومت کے خلاف حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے گفتگو کی گئی اور عمران اسماعیل نےعمران خان کو سندھ کی سیاسی صورتحال اور سندھ میں پانی کی مصنوعی قلت سے آگاہ کیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سندھ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا سندھ کے لوگوں کو پیپلزپارٹی نے بنیادی سہولتوں سےمحروم رکھا ہے، سندھ کے لوگ آصف زرداری مافیا کے خلاف بیدار ہوچکے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے سندھ کے باسیوں میں حقیقی آزادی کا شعور نظر آرہا ہے، حقیقی آزادی کے لیے میں سندھ کےعوام کے پاس جاؤں گا، مارچ کے لیے سندھ کے لوگ بڑی تعداد میں ہمارے ساتھ نکلیں۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے زمینیں تباہ کی جارہی ہیں، سندھ میں چھوٹے کاشتکار تباہ ہوگئے ہیں ، آصف زرداری کی شوگر ملیں اور زمینیں بڑھ رہی ہیں۔

    اس موقع پر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام عمران خان کی کال کے منتظر ہیں، سندھ کا نوجوان تبدیلی کے لیے کمر کس چکا ہے، امپورٹڈ حکومت کے خاتمے کی شروعات سندھ سے ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ پی پی نے سندھ کے لوگوں کا پانی بند کیا ہوا ہے، پی پی چھوٹے کاشتکاروں کی زمینیں ہڑپنے کامنصوبہ بنا رہی ہے،سندھ ہر جدوجہد میں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑاہے۔

  • افغانستان نے داعش کا وجود علامتی قرار دے دیا

    افغانستان نے داعش کا وجود علامتی قرار دے دیا

    چین: افغانستان نے داعش کا وجود علامتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ ممالک کی جانب سے افغانستان میں داعش کی موجودگی کا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

    یہ بات افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے چین میں افغانستان کے پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں کی، یہ افغانستان کے پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کا تیسرا اجلاس تھا جس کی میزبانی چین نے کی، جب کہ اس نوعیت کا یہ پہلا اجلاس تھا جس میں افغان وزیر خارجہ نے بھی شرکت کی۔

    خطے کے کچھ ممالک کی جانب سے خدشات کے اظہار پر داعش کے حوالے سے امیر خان متقی کا کہنا تھا کہ داعش کا مسئلہ کافی حد تک حل کیا جاچکا ہے، داعش کا وجود محض علامتی ہے۔

    انھوں نے کہا بدقسمتی سے بیرونی جانب سے داعش سے متعلق پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے داعش کے لیے حالات سازگار بنائے جاتے ہیں، اور اسے میڈیا کے ذریعے آکسیجن مہیا کیا جاتا ہے، تاہم افغان حکومت ہر ملک کے خدشے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں روس، قطر او انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ امارت اسلامیہ چاہتی ہے کہ اپنی متوازن اکانومی کے گرد گھومتی خارجہ پالیسی کے ذریعے دنیا کے ٹکراؤ سے خود کو محفوظ رکھے۔

    انھوں نے کہا امارت اسلامیہ نے کابینہ وزرا پر مشتمل ایک کمیشن تشکیل دیا ہے جو ملک کے اندر اور باہر شخصیات سے رابطے کرے گا، افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ ملک میں سیاسی تشکیل مزید جامع ہو اور سب کی اس میں شمولیت ہو۔

    متقی نے کہا اب وقت آ گیا ہے کہ افغان حکومت سے ہمہ پہلو تعاون کیا جائے، افغانستان کی مضبوطی سب کے مفاد میں ہے اور کمزوری میں سب کا نقصان۔ انھوں نے کہا افغان سرمایہ منجمد کر دیا گیا ہے، اقوام متحدہ میں اس کی سیاسی نمائندگی ایسے شخص کو دی گئی ہے جو اس کا اہل ہی نہیں ہے، وہ افغان عوام کی خدمت نہیں کر سکتا، افغان سرزمین کے سیاسی اور اقتصادی حقوق یرغمال بنا دیے گئے ہیں۔

    افغان طالبان کے لیے بڑی خبر، ماسکو میں سفارت خانہ مکمل فعال ہونے کے قریب

    ان کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ کوشش کر رہی ہے تمام سیاسی، اقتصادی اور سماجی مسائل کو تدبیر اور احتیاط سے حل کرے۔

    چینی وزیر خارجہ وانگ یی اس اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، انھوں نے افغانستان کے حوالے سے ترقی اور کامیابی کی امید ظاہر کی، اور توقع ظاہر کی کہ افغانستان میں اب کسی کے لیے چیلنجز اور خطرات نہیں ہوں گے۔ انھوں نے اجلاس میں مولوی امیر خان متقی کی شرکت کا خیر مقدم کیا اور ان کے مؤقف کو سراہا۔

    روسی وزیر خارجہ نے مولوی امیر خان متقی کی گفتگو کا شکریہ ادا کیا اور افغان عوام کی حمایت کی تاکید کی، لاوروف نے کہا مغربی ممالک کو افغانستان کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ سرگئی لاوروف نے تاکید کی کہ سابقہ انتظامیہ کے نمائندے افغانستان کی موجودہ حکومت کی نمائندگی نہیں کر سکتے، وہ اس اسٹیج کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ انھوں نے روس میں نئے سفیروں کی منظوری کی جانب بھی اشارہ کیا۔

    اجلاس کے تمام شرکا نے نئی افغان حکومت سے تعلقات کی مضبوطی کی تائید کی۔ ازبکستان اور ترکمانستان کے نمائندوں نے بڑے اقتصادی منصوبوں کی تکمیل اور افغانستان کے راستے ٹرانزٹ کے منصوبوں پر زور دیا۔ انڈونیشیا اور قطر کے وزرائے خارجہ نے افغانستان سے مزید تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

    پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا افغانستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے کا عمل پڑوسی ممالک کے اتفاق رائے سے پایہ تکمیل کو پہنچنا چاہیے۔

    اس سلسلے کا آئندہ اجلاس ازبکستان میں ہوگا، جس میں افغان وزیر خارجہ بھی شریک ہوں گے۔

  • افغان طالبان کے لیے بڑی خبر، ماسکو میں سفارت خانہ مکمل فعال ہونے کے قریب

    افغان طالبان کے لیے بڑی خبر، ماسکو میں سفارت خانہ مکمل فعال ہونے کے قریب

    چین: روس کی جانب سے ماسکو میں افغان سفارت خانہ مکمل فعال کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں چین میں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی روسی وزیر خارجہ سرگی لاوروف سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کے لیے افغان وزیر خارجہ متقی اس وقت چین میں ہیں، انھوں نے روسی ہم منصب سے ملاقات کی اور عالمی فورمز پر روس کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

    مولوی امیر خان متقی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ماسکو نے افغان سفارت خانے کے لیے مقرر کردہ نئے سفیر کو تسلیم کر لیا ہے۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ اسی طرح ماسکو میں واقع افغان سفارت خانہ بھی مکمل فعال کیا جائے گا۔ انھوں نے گزشتہ دنوں روسی وفد کی کابل آمد کا خیر مقدم کیا اور اسے تعلقات کی بہتری کے لیے اچھا قدم قرار دیا۔

    روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کے حوالے سے فعال کردار ادا کرنا چاہیے اور افغان حکومت کو تسلیم کرنے کا مسئلہ جلد از جلد حل کر دینا چاہیے۔

    سرگی لاوروف کا کہنا تھا افغان عوام سے تعاون ہمارے لیے اہم ہے، افغان سفیر ماسکو آ چکے ہیں، ہماری کوشش ہوگی ماسکو میں افغان سفارت خانہ پوری طرح فعال ہو۔

  • طالبان کی چین کو ’تمام خدشات‘ دور کرنے کی یقین دہانی

    طالبان کی چین کو ’تمام خدشات‘ دور کرنے کی یقین دہانی

    کابل: افغان طالبان نے چین کو ‘تمام خدشات’ دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان نے جمعرات کو کہا ہے کہ انھوں نے بیجنگ کے سینئر سفارت کار کو ان خدشات کے بارے میں یقین دہانی کرائی ہے جو چین کے خیال میں ‘افغان سرزمین سے ابھر سکتے ہیں۔’

    چینی وزیر خارجہ وانگ یی خصوصی دورے پر آج کابل پہنچے، جن کا استقبال ان کے افغان ہم منصب مولوی امیر خان متقی نے کیا، دونوں رہنماؤں نے وزارت خارجہ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی، جس میں سیاسی، اقتصادی، ٹرانزٹ، فضائی روٹ، خشک میوہ جات کی تجارت، اسکالرشپس، ویزوں کے اجرا، معدنیات کے شعبے میں کام کے آغاز، سی پیک منصوبے میں افغانستان کے حصے اور دیگر اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔

    وانگ یی نے اپنے دورے کو ہمہ پہلو تعلقات میں بہتری کا ذریعہ قرار دیا، انھوں نے کہا جس طرح چین اور افغانستان کے تاریخی تعلقات ہیں ہم چاہتے ہیں کہ یہ مزید مضبوط اور وسیع ہوں۔

    وانگ یی نے کہا کہ جمہوریہ چین کی پالیسی ہے کہ وہ افغانستان کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرتا نہ اس طریقے سے اپنے مفادات کا تحفظ چاہتا ہے۔ وانگ یی نے اپنی گفتگو میں افغانستان پر لگنے والی سیاسی اور اقتصادی پابندیوں کی بھی مخالفت کی۔

    چینی وزیر خارجہ نے نئی حکومت کے ساتھ ملک میں آنے والی تبدیلیوں کو سراہا، افغانستان کے ساتھ انسانی امداد اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کے ساتھ دیگر شعبوں میں امداد کا بھی یقین دلایا۔ انھوں نے آئندہ ہفتے چین میں پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کو اہم قرار دیا اور اس میں افغان وزیر خارجہ کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔

    مولوی امیر خان متقی نے چینی وزیر خارجہ کے دورے کا خیر مقدم کیا، اور اسے افغان عوام اور پوری دنیا کے لیے مثبت پیغام قرار دیا، انھوں نے چین کی جانب سے دی جانے والی امداد کا شکریہ ادا کیا اور چین میں گرنے والے طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    مولوی متقی نے کہا کہ نئی حکومت کے ساتھ آنے والی تبدیلیوں نے چین سمیت پوری دنیا کو یہ مواقع فراہم کیے ہیں کہ وہ آ کر یہاں سرمایہ کاری کریں اور اس طرح اپنے مالی مفادات کے ساتھ افغان عوام کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں تعاون کریں، اس مقصد کے لیے افغان حکومت ان سے مکمل تعاون کرے گی۔

    امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان کا استحکام خطے اور پوری دنیا کے مفاد میں ہے، اب ہم اس ہدف تک پہنچ گئے ہیں، دنیا کی ذمہ داری ہے کہ اس استحکام کو سیاسی اور اقتصادی حوالے سے مضبوط کرے۔

  • سیاسی بحران ،  پاکستان تحریک انصاف  نے سیلف ڈیفنس فورس تیار کرلی

    سیاسی بحران ، پاکستان تحریک انصاف نے سیلف ڈیفنس فورس تیار کرلی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے کسی بھی انتشار اورحملے سے بچنے کے لیے سیلف ڈیفنس فورس تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق موجودہ سیاسی بحران میں پاکستان تحریک انصاف نے سیلف ڈیفنس فورس تیار کرلی، اس حوالے سے پی ٹی آئی سینیر نائب صدر سندھ راجہ اظہر نے ویڈیو جاری کردی ہے۔

    راجہ اظہر نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کسی بھی انتشار اور حملہ سے بچنے کے لیے سیلف ڈیفنس فورس تیار کی، کراچی سے سو سے زائد جوان اس فورس کا حصہ ہیں۔

    پی ٹی آئی سینیر نائب صدر سندھ کا کہنا تھا کہ پر امن لوگ ہیں لیکن اگر مخالفین نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے، پی پی کارکنان گورنر ہاوس یا قصر ناز گئے تو ہم سی ایم ہاوس اور بلاول ہاوس بھی جانا جانتے ہیں۔

  • میں نیوٹرل ہوں حق اور سچ کا ساتھ دوں گا،عامر لیاقت

    میں نیوٹرل ہوں حق اور سچ کا ساتھ دوں گا،عامر لیاقت

    کراچی : قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن عامر لیاقت نے کہا ہے کہ میں نیوٹرل ہوں، حق اور سچ کا ساتھ دوں گا، یہ بات انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    حکومت اپنے اتحادیوں سمیت پی ٹی آئی اراکین کی ناراضگیاں دور کرکے انہیں منانے کیلئے تگ و دو میں مصروف ہے تاہم ابھی پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکے۔

    اسی سلسلے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن عامر لیاقت سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ سیاسی معاملات پر گفتگو کی۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران وسماعیل نے کہا کہ میں روٹھے ہوئے کو منانے نہیں بلکہ اپنے بھائی کے گھر چائے پینے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے عامر لیاقت انمول ہے اس کے ضمیر کو کوئی نہیں خرید سکتا۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں اس وقت خریدو فروخت کا بازار لگا ہوا ہے، لوگ اپنے ضمیر کی قیمتیں لگارہے ہیں، خریدنے والے لوگ تصور نہیں کرسکتے کہ عامر لیاقت حسین کی قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے،

    اب ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ اصل گم ابسولوٹلی ناٹ کا ہے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو ایبسلوٹلی ناٹ کہنے کی ضرورت کیا تھی؟ شہباز شریف نےچیہ بات اپنی تمام غیرت کو الگ رکھ کر کہی،

    عامرلیاقت حسین پیسوں پر بکنے والا شخص نہیں ہے، سندھ ہاؤس میں سودے ہورہے ہیں، ہماری ایجنسیوں کو علم ہے وہ وزیراعظم کو ہرچیز پہنچارہے ہیں۔،

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نھے مزید کہا کہ سب کی فائلیں بن رہی ہیں، عمران خان کامیاب ہوکر باہر نکلے گا تو چھوڑے گا نہیں چن چن کر مارے گا۔

    اس حوالے سے عامر لیاقت حسین کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات سے قبل کہا گیا تھا کہ حلقے سے منتخب ہونے والے ممبر صوبائی اسمبلی علی جی جی اس موقع پر شریک نہیں ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق عامر لیاقت کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایم پی اے علی عزیز جی جی ملاقات سے غیر حاضر رہے، علی عزیز جی جی کو فون کرکے عامر لیاقت کے گھر آنے سے روک دیا گیا تھا، ملاقات میں حلقے سے منتخب دوسرے ایم پی اے جمال صدیقی موجود تھے۔

     علاوہ ازیں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی جی جی نے کہا کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ورکر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ گہری وابستگی ہے، آج بھی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پولیس کمانڈوز تعیناتی پر قرارداد جمع کرائی ہے۔

    علی جی جی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے ہارس ٹریڈنگ کی لعنت نے سر اٹھا لیا ہے، اسمبلی اراکین کو وفاداریاں بدلنے کے لیے منافع بخش آفرز کی جارہی ہیں۔