Author: فیض اللہ خان

  • پاکستانی اداکارہ کا فیس بک پیج ہیک

    پاکستانی اداکارہ کا فیس بک پیج ہیک

    کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ انعم تنویر کا فیس بک پیج ہیک ہوگیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی اداکارہ انعم تنویر کا فیس بک پیج ایک روز قبل ہیک ہوا، جس پر 6 لاکھ 93 ہزار سے زائد فالوورز تھے۔

    انعم تنویر نے بتایا کہ ایک روز قبل انہیں فیس بک پر نوٹی فکیشن موصول ہوا جس میں انہیں اپنے ہی پیج کے ایڈمن سے ہٹا دیا گیا تھا، بعد ازاں معلوم ہوا کہ ہیکرز اس پر پوسٹنگ کررہے ہیں۔

    اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ فیس بک پیج ہیک ہونے کی وجہ سے ذہنی اذیت کا شکار ہوگئیں ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ اب ہیکرز اس پیج کا غلط استعمال نہ کریں۔

    انعم تنویر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نامعلوم ہیکرز اُن کے پیج پر غیر اخلاقی چیزیں پوسٹ نہ کردیں کیونکہ اس سے اُن کی ساکھ بری طرح سے متاثر ہوگی۔

    اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم اور سیٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرادی جبکہ پیج کی واپسی کے لیے فیس بک حکام سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ اب اُن کا فیس بک پیج پر ہونے والی پوسٹنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

  • سیف اللہ ابڑو نے لیاقت جتوئی کو لیگل نوٹس بھیج دیا

    سیف اللہ ابڑو نے لیاقت جتوئی کو لیگل نوٹس بھیج دیا

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ ابڑو نے وکیل کے ذریعے اپنی پارٹی کے رہنما لیاقت علی جتوئی کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پارٹی سے سینیٹ ٹکٹ خریدنے کے الزام پر سیف اللہ ابڑو نے لیاقت جتوئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا، انھوں نے کہا اب عدالت میں ملاقات ہوگی۔

    سیف اللہ ابڑو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا آج لیاقت جتوئی نے مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں، لیاقت جتوئی کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا خان بہادر آپ نے کہا ہے کہ میں نے 35 کروڑ روپے دے کر سینیٹ ٹکٹ لیا، آپ کو اخلاقیات کا پتا ہی نہیں ہے۔

    پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدوار سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ کتنے دنوں سے آپ لوگ میرے خلاف لابنگ کر رہے ہیں، آج آپ کو قانونی نوٹس بھجوا رہا ہوں، اب ملاقات عدالت میں ہوگی۔

    انھوں نے ویڈیو بیان میں کہا کہ لیاقت جتوئی نے جو الزامات مجھ پر لگائے ہیں عدالت میں اس کے لیے جواب دینا پڑے گا۔

    لیاقت جتوئی کا اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام، شہباز گل کا ردِ عمل

    واضح رہے کہ آج پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی نے اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا، انھوں نے دعویٰ کیا کہ سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ ٹکٹ بیچا گیا ہے۔

    لیاقت جتوئی نے کہا گورنر ہاؤس کے ڈرائنگ روم کے فیصلے پارٹی کے لیے نقصان دہ ہیں، پیراٹروپر سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ میں سینیٹ ٹکٹ بیچا گیا، کراچی میں بیٹھے چند افراد فیصلہ کرتے ہیں، جو نقصان دہ ہے۔

    خیال رہے کہ لیاقت علی جتوئی نے ایک ایسا دعویٰ کر دیا ہے جس کے خاتمے کے لیے پی ٹی آئی جدوجہد میں لگی ہوئی ہے، جس کے تحت سینیٹ میں امیدواروں کی خرید و فروخت کو روکنے کے لیے اوپن بیلٹ انتخاب کا طریقہ کار لایا جا رہا ہے۔

  • لیاقت جتوئی کا اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام، شہباز گل کا ردِ عمل

    لیاقت جتوئی کا اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام، شہباز گل کا ردِ عمل

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی نے اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام لگا دیا ہے، انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ ٹکٹ بیچا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج لیاقت علی جتوئی نے ایک ایسا دعویٰ کر دیا ہے جس کے خاتمے کے لیے پی ٹی آئی جدوجہد میں لگی ہوئی ہے، جس کے تحت سینیٹ میں امیدواروں کی خرید و فروخت کو روکنے کے لیے اوپن بیلٹ انتخاب کا طریقہ کار لایا جا رہا ہے۔

    لیاقت جتوئی نے کہا گورنر ہاؤس کے ڈرائنگ روم کے فیصلے پارٹی کے لیے نقصان دہ ہیں، پیراٹروپر سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ میں سینیٹ ٹکٹ بیچا گیا، کراچی میں بیٹھے چند افراد فیصلہ کرتے ہیں، جو نقصان دہ ہے۔

    لیاقت جتوئی کا کہنا تھا عمران خان نے نوٹس نہیں لیا تو آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے، سندھ میں ہمارے ہم خیال دوستوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    اس الزام پر معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ردِ عمل میں کہا کہ لیاقت جتوئی نے آج سینیٹ ٹکٹوں سے متعلق بے ہودہ الزام لگایا، اب لیاقت جتوئی اپنے دعوے کا ثبوت دیں، ثبوت نہ دے سکے تو پارٹی سخت ایکشن لے گی۔

    شہباز گل نے کہا سیف اللہ ابڑو لیاقت جتوئی پر ہتک عزت کا کیس کریں گے، جتوئی صاحب خود نیب زدہ ہیں اور جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ایک ویڈیو بیان میں انھوں نے کہا مراد علی شاہ کو جانتا ہوں، مجھے نہیں لگتا وہ کسی کو مروائیں گے، حلیم عادل سولو فلائٹ کر رہے تھے، جلدی اڑ رہے تھے، جو سولو فلائٹ کرتا ہے جلدی نیچے آ جاتا ہے۔

    سینیٹ ٹکٹوں کے معاملے پر چند دن قبل لیاقت جتوئی کے پارٹی چھوڑنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، جن کی انھوں نے تردید کی، انھوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگ پارٹی میں اجارہ داری قائم کر کے بلیک میلنگ کر رہے ہیں۔

  • حلیم عادل شیخ کا معاملہ، وفاقی حکومت کا  آئی جی سندھ کی تبدیلی پر غور شروع

    حلیم عادل شیخ کا معاملہ، وفاقی حکومت کا آئی جی سندھ کی تبدیلی پر غور شروع

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کی تبدیلی پرغورشروع کردیا ہے جبکہ وزرا کی جانب سے سندھ حکومت سے نہ ڈرنے والے کو آئی جی لگانے کا مطالبہ سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کے معاملے کے بعد آئی جی سندھ کی تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑگیا ، وفاقی حکومت نےآئی جی سندھ کی تبدیلی پرغورشروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی وزرا سمیت پی ٹی آئی ارکان اسمبلی میں مشاورت جاری ہے۔

    سندھ میں اکیس گریڈ کا افسر آئی جی لگانے اور کے پی، پنجاب کےافسر کوآئی جی سندھ بنانےپرغور کیا جا رہا ہے ، سندھ حکومت سے نہ ڈرنے والے کو آئی جی لگانے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اور چیف سیکرٹری کےکردارسے پی ٹی آئی سندھ مایوس ہیں ، اس حوالے سے وفاقی حکومت تک ایم این ایزوایم پی ایزکےتحفظات پہنچائے گئے، اگلے کچھ عرصے میں سندھ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

    ایم پی ایزکے اجلاس میں پہلی بارآئی جی کی تبدیلی کامطالبہ سامنےآیا تھا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نےمطالبےپرغور کرنے کی یقین دھانی کرائی تھی۔

    یاد رہے  وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا ، جس میں   عمران اسماعیل نے وزیراعظم کو حلیم عادل شیخ پرپولیس تحویل میں تشدد اور غیر انسانی برتاؤ کی تفصیل سےآگاہ کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ  سندھ پولیس آئی جی کی سربراہی میں جانبداری کامظاہرہ کر رہی ہے، آئی جی سندھ سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

  • ’جیل میں گینگ وار کا تشدد‘ : حلیم عادل شیخ طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل

    ’جیل میں گینگ وار کا تشدد‘ : حلیم عادل شیخ طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل

    کراچی: تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کو دل میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالتی حکم پر سینٹرل جیل منتقل کیے جانے والے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو سینے میں درد کی شکایت ہوئی۔

    زیرحراست رہنما نے دل کی تکلیف کے حوالے سے جیل حکام کو آگاہ کیا جس کے بعد انہیں معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اپوزیشن لیڈر کی طبیعت ناسازی کا سُن کر رکن اسمبلی راجہ اظہر این آئی سی وی ڈی اسپتال پہنچے۔ رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’حلیم عادل شیخ کے ساتھ برا سلوک کیا جارہا ہے جس کی ذمہ دار جیل انتظامیہ ہے‘۔

    مزید پڑھیں: انسداد دہشت گردی عدالت نے حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’کل جیل منتقل ہونے کے بعد حلیم عادل شیخ کو گینگ وار سمیت دیگر غنڈہ عناصر نے تشدد کا نشانہ بنایا‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر حلیم عادل شیخ کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملیر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے اپوزیشن لیڈر سندھ کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    پولیس نے عدالتی حکم پر  حلیم عادل شیخ کو ایس آئی یو منتقل کیا جہاں اُن سے تفتیش کی گئی جبکہ اپوزیشن لیڈر سندھ کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: حلیم عادل شیخ اکیلے سانپ مار رہے تھے، کسی کو مدد کے لیے نہیں بلایا، پولیس رپورٹ

    تین روز قبل عدالتی پیشی کے موقع پر حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کے کمرے سے زہریلا سانپ برآمد ہوا، جسے انہوں نے خود ہی مار دیا تھا۔

  • انسداد دہشت گردی عدالت نے   حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    انسداد دہشت گردی عدالت نے حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کو ساتھیوں سمیت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشر گردی کی عدالت میں حلیم عادل شیخ اوردیگر کے خلاف مقدمات پر سماعت ہوئی ، حلىم عادل شیخ اورساتھىوں کو غیر قانونی فارم ہاؤسز گرانے کے خلاف احتجاج پر عدالت مىں پیش کیا گیا۔

    حلیم عادل شیخ اورسمیرشیخ کےوکیل نے کہا سندھ گورمنٹ کے ساتھ ملکر کىس مىں چالاکى کى گئى ، دو دن کا رىمانڈ تھا ،پھربھی دہشت گردی کی نئی دفعات لگائی گئیں، ،یہ پہلےدن سےغلط بیانى کررہے ہیں۔

    جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ میرے پاس کیوں لائے،جس پرافسر نےبتایاکہ مزید تفتیش کرنى ہےساتھیوں کى معلومات درکارہیں، ہمارےدوپولیس اہلکارزخمى ہیں،ان پرتشدد ہوا جس کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔

    جج نے حلیم عادل شیخ کے وکیل سے استفسار کیا کہ سانپ کے سرپر رکھ کر ماردیتے،جس پر وکیل نے جواب دیا کہ وہى کیا،سانپ کوماردیا ، عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا مقدمے مىں شامل لوگو ں کے نام کس نے بتائے ؟ جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہمارے 2پولیس اہلکار زخمى ہىں ،ان پرتشدد ہوا ، اقبال اور رفیع نامى اہلکار ڈنڈے اورپتھر لگنے سے زخمى ہوئے۔

    وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا جو مقدمات بنائے گئے ہىں وه قابل ضمانت ہىں ، دوران سماعت گرفتار کارکنوں مىں میکنک ، ڈرائیور ،مزدور شامل ہیں ،سب نے اپنے پیشےعدالت کو بتائے، جس پر تفتیشی افسر نے عدالت میں مؤقف میں کہا حلیم عادل شیخ اور سب ساتھىوں کا ریمانڈ چاہیے۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حلىم عادل شیخ کو ساتھىوں سمیت جىل بھیجنے کا حکم دے دیا اور کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

  • اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس:  مفرورملزم منظور پشتین اورمحسن داوڑکے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم

    اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس: مفرورملزم منظور پشتین اورمحسن داوڑکے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس میں مفرورملزم منظور پشتین اور محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کےکیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے منظور پشتین سمیت 3مفرورملزمان کے وارنٹ جاری کردئیے۔

    مفرور ملزمان میں منظور پشتین، یاسین اور سفیان شامل ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے 9مارچ تک پیش کیا جائے۔

    دوران سماعت اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس میں پیشرفت ہوئی ، عدالت نے مفرور ملزم منظورپشتین اور محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا شناختی کارڈ بلاک کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

    بعد ازاں انسداددہشت گردی عدالت میں سماعت 9مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

  • انسدادِ دہشت گردی عدالت کا  حلیم عادل شیخ  کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کا حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

    کراچی : انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حلیم عادل شیخ کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ اور شریک ملزمان کو ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت میں وکلا نے حلیم عادل کے کمرے سے سانپ نکلنے کےواقعے سے عدالت کو آگاہ کیا۔

    عدالت نے استفسار کیا سانپ کیا کررہا تھا وہاں ؟ حلیم عادل شیخ نے کہا میرے کمرے میں منصوبہ کے تحت سانپ چھوڑا گیا ، جس پر جج نے سوال کیا سانپ کے منہ میں دانت دیکھے تھے آپ نے ؟

    تفتیشی افسر نے حلیم عادل شیخ کا 3 مارچ تک ریمانڈ مانگا ، جس پر وکیل حلیم عادل شیخ نے کہا سیاسی انتقام کا کیس ہےدہشتگردی کا نہیں ،حلیم عادل پر حملہ ہوا گاڑی پرفائرنگ ہوئی ، سیون اے ٹی اے لگانا بدنیتی پر مبنی ہے۔

    حلیم عادل نے کہا مجھے قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے ، جس پر جج نے کہا آپ سیاسی باتیں باہر جاکر کریں یہاں نہیں ، آپ کو جیل بھیج رہے ہیں وہاں آپ محفوظ رہیں گے۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ اور دیگر ملزمان کوعدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو 25 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کو حکم دیا۔

    عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر 22 فروری کو دلائل طلب کرلئے۔

    یاد رہے حلیم حادل شیخ کو ملیر پی ایس88 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن کے احکامات نہ ماننے پر گرفتار کیا گیا تھا ، پولنگ کے دوران پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ مسلح محافظوں کے ساتھ حلقے میں گشت کررہے تھے۔

    بعد ازاں حلیم عادل شیخ کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا اور عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا2روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کرتے ہوئے جمعےکوپیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • سندھ سینیٹ ٹکٹ، وزیراعظم نے اراکین کے تحفظات دور کردیے، امیدوار فائنل

    سندھ سینیٹ ٹکٹ، وزیراعظم نے اراکین کے تحفظات دور کردیے، امیدوار فائنل

    کراچی / اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کے تحفظات دور کرتے ہوئے سندھ سے فیصل واؤڈا اور سیف اللہ ابڑو کے ناموں کی بطور سینیٹ‌ امیدوار حتمی منظوری دے دی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت سندھ کے اراکین اسمبلی کا ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں اراکین نے سینیٹ امیدواروں کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

    ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے لیے فیصل واؤڈا اور سیف اللہ ابڑو کے ناموں کو حتمی قرار دیا۔

    اجلاس میں رکن اسمبلی علی جی جی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سندھ حکومت نے ہم سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے، اراکین اسمبلی نے وزیراعظم سے آئی جی سندھ کی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا۔

    مزید پڑھیں: سینیٹ الیکشن: سندھ اسمبلی میں نمبر گیم کس کے حق میں؟

    اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’بطور انسان غلطی ضرور ہوسکتی ہے مگر جان بوجھ کر غلط فیصلہ نہیں کروں گا، آپ لوگ یقین رکھیں ملک و قوم کے مفاد میں بہتر فیصلے کروں گا‘۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’آئندہ انتخابات میں سندھ سے اچھے امیدوار میدان میں لانے پر ابھی سے کام کررہے ہیں، سندھ کےلوگوں میں شعور سیاسی بڑھ رہا ہے،آئندہ الیکشن کےحوالےسے انتخابی مہم کی خود نگرانی کروں گا‘۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف نے جنرل نشست پر رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واؤڈا اور ٹیکنوکریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا جس پر اراکین اسمبلی سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

  • حلیم عادل شیخ کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، جمعے کو پیش کرنے کا حکم

    حلیم عادل شیخ کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، جمعے کو پیش کرنے کا حکم

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کا2روزہ جسمانی ریمانڈمنظور کرتے ہوئے جمعےکوپیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ اور ان کے ساتھیوں کو انسداد دہشت گردی میں پیش کیا گیا ،ملزمان میں غلام مصطفیٰ، عبدالحسیب، محمود ،رمضان بھی شامل ہیں۔

    وکیل حلیم عادل نے بتایا کہ حلیم عادل شیخ کوایف آئی آرنمبر48پرعدالت پیش کیا گیا، پولیس نےاستدعاکی کہ15دن کاریمانڈدیاجائے، جس پر عدالت نے 2 دن کا ریمانڈ دیا ہے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ ہم نےکہایہ کیس اے ٹی سی کا نہیں بنتا، 2 دن کے ریمانڈ کے بعد جمعہ کو دوبارہ پیش کیا جائے گا۔

    خیال رہے حلیم عادل شیخ پر ضمنی الیکشن میں ہنگامہ آرائی ،فائرنگ کے الزامات ہیں ، انھیں گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا تھا جبکہ حلیم عادل اور ساتھیوں کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کےتحت مقدمہ درج ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمہ سرکارکی مدعیت میں درج کیاگیا ، جس میں کارسرکارمیں مداخلت،ہنگامہ آرائی،ہوائی فائرنگ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ حلیم عادل شیخ اپنے ساتھی سمیرشیخ اور3 سے4مسلح افراد کےساتھ گھوم رہےتھے، ان کےساتھ پولنگ اسٹیشن آنے والوں کےپاس لاٹھیاں بھی تھیں۔

    متن میں کہا تھا کہ حلیم عادل شیخ کےساتھ موجود مسلح افراد نےدہشت پھیلانے کےلیےفائرنگ کی، ہوائی فائرنگ سےعلاقے میں خوف وہراس پھیلا،اوربھگڈر مچ گئی، مسلح افراد نےڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کوتشدد کانشانہ بنایااور وردیاں پھاڑ دیں۔

    مقدمے میں کہا گیا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی ہدایت پرپولیس موبائل پرفائرنگ کی گئی،شیشےبھی توڑ دیےگئے، چاروں مقدمات تھانہ میمن گوٹھ کےایس ایچ او خالد عباسی کی مدعیت میں درج کیے۔