Author: فیض اللہ خان

  • پانی کی شدید قلت کا شکار کراچی والوں کے لیے بری خبر

    پانی کی شدید قلت کا شکار کراچی والوں کے لیے بری خبر

    کراچی : شہر قائد کو فراہمی آب کے بڑے منصوبے کے فور سے اگلے تین سال میں بھی پانی ملنا ناممکن ہوگیا، کے فور پراجیکٹ پر نومبر 2021 تک کام شروع ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور کا پہلا مرحلہ سال 2023 تک لٹک گیا، وزارت پانی و بجلی نے منصوبے کی ٹائم لائن وزارت منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات کو ارسال کردی۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ منصوبہ ایکنک کی منظوری کے بعد ہی شروع کیا جاسکے گا، ایکنک کی منظوری کے تین ماہ بعد رواں سال اپریل تک کنسلٹنٹ اپائنٹ کئے جاسکیں گے، کنسلٹنٹ جولائی 2021 تک منصوبے کی ڈیزائن، پی سی ون اور بڈنگ ڈاکومنٹ جمع کرائے گا۔

    کے فور پراجیکٹ پر نومبر 2021 تک کام شروع ہونے کا امکان ہے، واپڈا کو جولائی 2023 تک 20 ماہ میں منصوبے کا سول ورک مکمل کرنا ہوگا۔

    خیال رہے فراہمی آب کے بڑے منصوبے میں پہلے ہی تقریبا اٹھارہ برس کی تاخیر ہوچکی ہے اور منصوبے کا سول ورک بھی اگست 2018 سے تعطل کا شکار ہے، پہلے مرحلے کی تکمیل سے کراچی کو یومیہ اضافی 260ملین گیلن پانی مل سکے گا۔

  • دعا منگی اغوا کیس میں اہم پیش رفت

    دعا منگی اغوا کیس میں اہم پیش رفت

    کراچی : دعا منگی اغوا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، انسداددہشت گردی عدالت نے ذوہیب،محمدطارق سمیت 5ملزمان پرفردجرم عائد کر دی  اور آئندہ سماعت پرگواہوں کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداددہشت گردی عدالت میں دعامنگی اغوا کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نےذوہیب اور محمدطارق سمیت 5ملزمان پرفردجرم عائد کردی، دیگر ملزمان میں مظفرعلی ، وسیم راجہ اورفیاض سولنگی شامل ہیں۔

    عدالت نےآئندہ سماعت پرگواہوں کوطلب کرتے ہوئے مقدمےمیں مفرورملزم آغامنصورکواشتہاری قراردےدیا جبکہ تفتیشی افسراورگواہوں کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت25جنوری تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ دعا منگی کو ڈیفنس سے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا تھا، پولیس نے چالان میں تاوان کی ادائیگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ دعامنگی کے والد نے 25لاکھ تاوان کی رقم ادا کرکے بیٹی کوبازیاب کرایا۔

  • عزیر بلوچ ایک اور مقدمے میں بری

    عزیر بلوچ ایک اور مقدمے میں بری

    انسداددہشتگردی کی عدالت میں پراسیکیوشن عزیربلوچ کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام ہوگیا جس کے بعد اے ٹی سی نے مقدمے میں عزیر بلوچ اور امین بلیدی کو بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اےٹی سی نے شہر میں ہڑتال کے دوران بس جلانے کے مقدمےکا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی رہائی کا پروانہ جاری کردیا۔

    کراچی: مقدمے میں مفرور حبیب جان سمیت 7 افراد کے تاحیات وارنٹ جاری کر دیے گئے۔ مفرور ملزمان میں شیرازکامریڈ، راشد بنگالی، جبارجھینگو، ستار پیڑا ،غفار نیازی اور جمشید شامل ہیں۔

    وکیل عزیر بلوچ عابد زمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ استغاثہ ملزمان کیخلاف کوئی شواہد پیش نہیں کرسکا البتہ 7 سے زائد گواہان پیش کئے گئے لیکن ملزمان کےخلاف کسی نے بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔

     عزیر بلوچ قتل کے ایک اورمقدمے میں بری

    پولیس کے مطابق ملزمان نے 24 اپریل 2012 کو ہڑتال کےدوران بغدادی میں جلاؤ گھیراؤ کیا، ہنگامہ آرائی کے دوران منی بس کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے اور ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔

  • فردوس شمیم نقوی  نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا

    فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا

    کراچی : فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا اور کہا حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے، انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ آج اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا اور کہا بطور اپوزیشن لیڈر سندھ اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں، استعفےکی کاپی کچھ روز قبل وزیراعظم کو بھی واٹس ایپ کی تھی۔

    فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ لیڈر اپوزیشن کی ذمہ داری مجھے میری قیادت نے دی تھی ، حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔

    یاد رہے فردوس شمیم نقوی نے قائد حزب اختلاف کی نشست سےاستعفےکا اعلان کیا تھا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے تاہم ایم کیو ایم نے حلیم عادل کی نامزدگی پرتحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    خیال رہے فردوس شمیم نقوی کو وفاق میں اہم ذمے داری دیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سےاستعفیٰ طلب کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی کی بہ طور اپوزیشن لیڈر کارکردگی بہتر نہیں تھی جس پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے، ان کے متنازع بیانات سے بھی مسائل پیدا ہوئے جبکہ کچھ ایم پی ایز کو فردوس شمیم نقوی سے سخت رویے کی بھی شکایات تھیں۔

  • سندھ سے پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدوار کون؟

    سندھ سے پی ٹی آئی کے سینیٹ امیدوار کون؟

    کراچی: پی ٹی آئی سندھ میں سینٹ کے خواہش مند اراکین کے درمیان مقابلے کا طریقہ کار طے کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ سے پی ٹی آئی کے امیدوار کون ہوں گے، اس کا فیصلہ ایم پی ایز ووٹنگ کے ذریعے کریں گے۔

    امیدواروں کا نام شارٹ لسٹ کرنے کے لیے پی ٹی آئی سندھ نے پروسس آف الیمینیشن متعارف کرا دیا، ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر خواہش مند امیدواروں کے لیے پروسس آف الیمینیشن اختیار کیا جائے گا۔

    فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی تمام امیدواروں کے لیے ووٹنگ کریں گے، ہر کٹیگری پر کم ووٹ حاصل کرنے والا مرحلہ وار خارج کر دیا جائے گا۔

    سینیٹ انتخابات: پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کس کس کو ملیں گے؟

    رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ آخر میں بچ جانے والے 3 نام پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کو بھیجے جائیں گے، امیدواروں کے نام کا حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ ہی کرے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا مارچ میں تین ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کو دوبارہ سینیٹ انتخابات میں اتارنے کا ارادہ ہے، جن میں شیری رحمان، فاروق ایچ نائک اور سلیم مانڈوی والا شامل ہیں۔

    پی پی کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے نئے چہروں کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

  • سندھ کے اپوزیشن لیڈر سے مرکزی قیادت نے استعفیٰ مانگ لیا

    سندھ کے اپوزیشن لیڈر سے مرکزی قیادت نے استعفیٰ مانگ لیا

    کراچی: تحریک انصاف کے رہنما اورسندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سے مرکزی قیادت نے استعفیٰ مانگ لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سے مرکزی قیادت نے استعفیٰ طلب کرلیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کا پیغام فردوس شمیم نقوی کو پہنچایا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کی اہم بیٹھک جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی جگہ حلیم عادل شیخ کو سندھ کا اپوزیشن لیڈر بنائے جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کی جانب سے فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی فردوس شمیم نقوی سےاستعفیٰ طلب کیاگیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی کی بہ طور اپوزیشن لیڈر کارکردگی بہتر نہیں تھی جس پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جس دن سوئی گیس پر بیان دیا اسی وقت معافی کے ساتھ استعفیٰ پیش کیا تھا، پارٹی ورکر ہوں، میرا استعفیٰ چیئرمین کے پاس ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی مرضی ہے وہ منظور کریں یا نہ کریں۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اخلاقی گراونڈ پر استعفی مجھے دیا ہے، تاہم ان کے استعفی کے حوالے سے ابھی وزیر اعظم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

  • چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں بڑی پیش رفت، عدالت کا اہم فیصلہ

    چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں بڑی پیش رفت، عدالت کا اہم فیصلہ

    کراچی: کراچی کی مقامی عدالت نے چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں کالعدم بی ایل اے کے15مفرور دہشتگردوں کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چینی قونصلیٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے حملے کے الزام میں کالعدم بی ایل اے کے پندرہ مفرور دہشتگردوں کو اشتہاری قرار دیا، ساتھ ہی عدالت نے مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے، مفرور ملزمان میں حربیار مری، علی داد بلیدی اور کمانڈر شریف شامل ہیں، اس کے علاوہ راشد حسین اور سمیر بھی مفرور ملزمان میں شامل ہیں۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کےخاکے بناکر آویزاں کئے جائیں، مفرور ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد بھی ضبط کی جائے، ساتھ ہی عدالت نے گرفتار ملزمان پر فرد جرم عائد کی تاریخ مقرر کی۔

    پولیس کی جانب سے انسداد دہشت گردی عدالت کو بتایا گیا کہ چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں احمد حسنین، نادر خان، علی احمد، عبداللطیف اور اسلم گرفتار ہیں، عبداللطیف سمیت دو ملزمان اپنےجرم کا اعتراف کرچکے، دونوں ملزمان نے مجسٹریٹ کے روبرو زیر دفعہ164کا بیان قلمبند کرایا تھا

    پولیس کے مطابق ملزمان نےچینی قونصلیٹ حملےکا اعتراف کیا اور ہلاک دہشت گردوں کو سہولت فراہم کی، ملزمان نے حملہ آوروں کو اسلحہ اور دھماکا خیزمواد فراہم کیا، یہی نہیں ملزمان نے ہلاک دہشتگرد کے ساتھ وقوعے سے قبل چینی قونصلیٹ کی ریکی کی تھی، مفرور ملزمان کی گرفتاری کےلئےانٹرپول سےرابطہ کیا جائےگا۔

    پولیس نے اے ٹی سی عدالت کو آگاہ کیا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے لئے دہشت گردوں کی بھارتی ایجنسی "را” نے مالی معاونت فراہم کی۔

    یاد رہے کہ 23 نومبر 2018 میں سیکیورٹی فورسز نے چینی قونصلیٹ میں دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے چینی قونصلیٹ پر حملے کو سی پیک کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کو بےنقاب کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • ایم کیو ایم رہنماؤں‌ پر فرد جرم عائد

    ایم کیو ایم رہنماؤں‌ پر فرد جرم عائد

    کراچی: انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں پر  اشتعال انگیز تقریر سمیت 21 مقدمات میں فرد جرم عائد کردی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر مقدمات کی سماعت ہوئی۔

    عدالت نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے اکیس مقدمات میں ملزمان پر ترمیمی فرد جرم عائدکی۔

    ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار، ریحان ہاشمی، قمر منصور، جاوید رحیم، سابق میئر کراچی وسیم اختر، رؤف صدیقی اور سربراہ تنظیم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔

    ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف عزیز آباد،سچل،بریگیڈ و دیگر  تھانوں میں مقدمات درج ہیں، جن میں قمر منصور، حنید لاکھانی، ریحان ہاشمی، محفوظ یار خان، امجد اللہ، فاروق ستار، وسیم اختر، قمر منصور سمیت دیگر رہنما نامزد ہیں۔

    عدالت نے ایم کیو ایم رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے مقدمات کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کردی۔

  • بغیر علامات والے کرونا مریضوں کی تعداد کا کچھ پتا نہیں: عذرا پیچوہو

    بغیر علامات والے کرونا مریضوں کی تعداد کا کچھ پتا نہیں: عذرا پیچوہو

    کراچی: صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ ہمارے پاس کرونا مریضوں کے اعداد و شمار وہ ہیں جن کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، بغیر علامات والے مریضوں کی تعداد کا کچھ پتا نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کرونا کی موجودہ لہر جون جولائی کے مقابلے میں تین سے چار گنا بڑی ہو سکتی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ کرونا کا مرض ہزاروں کی تعداد میں پھیل رہا ہے، سندھ میں یومیہ 16 سے 18 ہزار تک ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، سردیوں کی موجودہ لہر عین ممکن ہے گرمیوں سے کئی گنا زیادہ بڑی ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرونا مریضوں کی جو موجودہ تعداد ہے وہ ٹیسٹ کروانے والوں سے متعلق ہے، لیکن کرونا کے ایسے مریض بھی ہیں جن میں کوئی علامات نہیں ہوتیں، اس لیے وہ ٹیسٹ بھی نہیں کرواتے، ان کی تعداد کتنی ہے کچھ کہا نہیں جا سکتا۔

    کرونا کے وار جاری، 24 گھنٹے میں مزید 71 مریض دم توڑ گئے

    عذرا پیچوہو نے کہا کہ کراچی میں دستیاب وینٹی لیٹرز کی تعداد 237 ہے، ایچ ڈی یو بیڈز کی تعداد 828 ہے، جب کہ آئسولیشن وارڈز میں 1536 بیڈز کی سہولت موجود ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 729 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ کو وِڈ نائنٹین کے انفیکشن کے باعث مزید 71 مریض جاں بحق ہوئے۔

  • کراچی کی نجی یونیورسٹی کے استاد نے کمال کردیا

    کراچی کی نجی یونیورسٹی کے استاد نے کمال کردیا

    کراچی : نجی یونیورسٹی کے نوجوان استاد میں گھر میں تجربہ گاہ قائم کرکے نہ صرف طلبہ کی مفت تعلیم و تربیت کا آغاز کرکے اعلیٰ مثال قائم کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معاشی حب کراچی سے تعلق رکھنے والے استاد علم دوستی اور حب الوطنی کا ثبوت اپنے گھر میں قائم کردہ تجربہ گاہ کے ذریعے دے دیا۔

    انجیئنر محمد عمیر عارف نامی استاد نے اپنے گھر میں ایسی تجربہ گاہ بنائی ہے جہاں انہوں نے نہ صرف اپنے رفقاء کے ہمراہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) ٹیکنالوجی پر کام شروع کیا بلکہ طلبہ کو مفت تعلیم بھی فراہم کررہے ہیں اور ساتھ ساتھ انہیں ہنر سے بھی نواز رہے ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی کا کہنا ہے کہ محمد عمیر عارف نے اپنے گھر میں قائم کردہ تجربہ گاہ میں اب تک کئی آلات بھی تیار کرچکے ہیں۔

    محمد عمیر عارف کی قائم کردہ تجربہ گاہ میں کم لاگت اور سفری استعمال میں آسان وینٹی لیٹر بنایا گیا ہے، اسی طرح ایسے سیکیورٹی کیمروں پہ بھی کام کیا گیا ہے جو غیر متعلقہ شخص کی تصاویر عکس بند کرکے فوراً موبائل فون پر بھیج دیتے ہیں۔

    نجی یونیورسٹی کے استاد کی تجربہ گاہ میں ایسے ڈرون بھی بنائے گئے ہیں جو دور دراز مقامات پہ ادویات کی ترسیل کرسکتے ہیں اور اس کام کے لیے کسی فرد کی نہیں بلکہ ایک خود کار کمپیوٹر پروگرام کی ضرورت ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک نوجوان نے بتایا کہ انہیں تعلیم کیساتھ تجربات کا بھی موقع مل رہا ہے جو مستقبل میں ان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔