Author: فیض اللہ خان

  • کراچی: پی ڈی ایم جلسہ، طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کی اچانک مرمت شروع

    کراچی: پی ڈی ایم جلسہ، طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کی اچانک مرمت شروع

    کراچی: شہرقائد میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موؤمنٹ(پی ڈی ایم) کے جلسے کے پیش نظر طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کی مرمت کا کام اچانک شروع کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے کراچی کے علاقے خداداد کالونی سے نمائش جانے والی سڑک کی اچانک مرمت شروع کردی گئی، متعلقہ اداروں کا عملہ متاثرہ سڑک کو بہتر کرنے میں مصروف عمل ہے۔

    شہریوں نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک طویل عرصے سے متاثر رہی لیکن کسی نے کوئی اقدامات نہیں کیے اور اب جلسہ ہے تو سڑک ٹھیک کی جارہی ہے کیوں کہ شرکا کو یہاں سے گزرنا ہوگا۔

    لوگوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ انتظامیہ اپنے مفادات کے لیے سڑک کی مرمت کررہی ہے اگر شہریوں کا خیال ہوتا تو اس پر پہلے ہی کام شروع کردیا جاتا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ سڑک خراب ہونے کے باعث کئی حادثات بھی پیش آچکے ہیں، علاوہ ازیں شہرکراچی کی ایسی بہت سی سڑکیں ہیں جنہیں مرمت کی ضرورت ہے لیکن صوبائی حکومت کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔

  • علما کمیٹی کا مولانا عادل کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت

    علما کمیٹی کا مولانا عادل کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت

    کراچی: علما کمیٹی نے مولانا عادل خان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق علما کمیٹی نے مولانا عادل خان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دے دی گئی، مولانا عادل خان کو گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں شہید کردیا گیا تھا۔

    اعلامیہ کے مطابق مولانا عادل کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو ہڑتال اور احتجاج کیا جائے گا، قاتلوں کی عدم گرفتاری پر ملک گیر پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج کیا جائے گا۔

    علما کمیٹی کراچی کا کہنا ہے کہ مولانا عادل کے قتل اور نماز جنازہ کے بعد پر امن ہیں، رسمی بیانات کے بجائے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں۔

    مزید پڑھیں: مولانا عادل قتل کیس میں اہم پیشرفت

    اعلامیے کے مطابق مولانا عادل خان کے ادارے سمیت دیگر علما کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں گزشتہ روز مولانا عادل خان کو ٹارگٹ کرکے شہید کردیا گیا تھا، ان کے قاتلوں کو پولیس تاحال گرفتار نہیں کرسکی ہے۔

    کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے اب سے کچھ دیر قبل ختم کردیا گیا ہے۔

  • پی ٹی آئی کی جانب سے  فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب

    پی ٹی آئی کی جانب سے فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سےاستعفیٰ طلب کر لیا۔

    ذرایع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی کی بہ طور اپوزیشن لیڈر کارکردگی بہتر نہیں تھی جس پر ان سے استعفیٰ طلب کر لیا گیا ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ فردوس شمیم نقوی کے متنازع بیانات سے بھی مسائل پیدا ہوئے، کچھ ایم پی ایز کو فردوس شمیم نقوی سے سخت رویے کی بھی شکایات تھیں، اور ان سے استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے طلب کیاگیا ہے۔

    استعفیٰ طلب کیے جانے کے بعد اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے اپنی جماعت کے ایم پی ایز سے رابطے شروع کر دیے ہیں، فردوس شمیم ایم پی ایز کی رائے اپنے حق میں کرنے اور انھیں منانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

    ذرایع کے مطابق فردوس شمیم کے استعفے کے بعد دوسرے رکن اسمبلی کو اپوزیشن لیڈر بنایا جائے گا۔

  • سانحہ بلدیہ کیس کا فیصلہ 22 ستمبر کو سنایا جائے گا

    سانحہ بلدیہ کیس کا فیصلہ 22 ستمبر کو سنایا جائے گا

    کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کا فیصلہ 22ستمبر کو سنایا جائے گا ، خوفناک آتشزدگی میں 260 کے قریب ملازمین جل کر خاکستر ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی ، ملزمان رحمان بولا اور زبیر چریا کو جیل سے پیش کیا گیا جبکہ رؤف صدیقی، عمر حسن قادری، ڈاکٹرعبدالستار سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، رینجرز پراسیکیوٹر اورملزمان کے وکلا بھی عدالت میں موجود تھے۔

    عدالت نے استفسار کیا کیاعدالت لواحقین کے لیے ملزمان پرجرمانہ عائد کرسکتی ہے ؟ جس پر ملزمان کے وکلا نے کہا سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر ورثا کو جرمانہ دیا جاچکا ہے، دی گئی رقم دیت نہیں معاوضے کی تھی ، معاوضہ انشورنس کمپنی اور حکومت کی جانب سے ادا ہوا، عدالت چاہے تو ملزمان پر جرمانہ عائد کرسکتی ہے۔

    پراسیکیوٹررینجرز نے عدالت کو بتایا کہ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے معاوضہ انسانی ہمدردی کی بنیادپردیاگیا ، اے ٹی سی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پرعمل کی پابند نہیں۔

    عدالت نے سوال کیا عدالت کوبتایاجائےکتنی لاشوں کاپوسٹ مارٹم ہوا؟ تفیشی افسر نے بتایا 259لاشوں کاپوسٹ مارٹم کیا گیا تھا، کچھ انسانی عضاالگ تھے ان کا بھی پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

    دوران سماعت وکلا کے دلائل مکمل عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور کہا اےٹی سی کی جانب سے سانحہ بلدیہ کا فیصلہ 22 ستمبر کو سنایا جائے گا۔

    بلدیہ فیکٹری کیس رحمان بھولا، زبیرچریااوردیگرملزمان نامزدہیں جبکہ حماد صدیقی اور علی حسن قادری اشتہاری ہیں۔

    فروری 2017 میں اس کیس میں ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی، رحمان بھولا، زبیر چریا اور دیگر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ کیس میں 768 گواہوں کے نام شامل ہیں، جن میں 400 سے زائد گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاون میں 11 ستمبر 2012 کو خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 260 کے قریب ملازمین جل کر خاکستر ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ فیکڑی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش نہیں آیا بلکہ 20 کروڑ روپے بھتہ نہ دینے پر بلدیہ فیکٹری کو آگ لگائی گئی۔

    عبدالرحمان بھولا نے اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ اس نے حماد صدیقی کے کہنے پر ہی بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی تھی۔

  • میئر کراچی کی مدت ختم ہونے کے بعد متفقہ ایڈمنسٹریٹر لایا جائے گا

    میئر کراچی کی مدت ختم ہونے کے بعد متفقہ ایڈمنسٹریٹر لایا جائے گا

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کی مدت ختم ہونے کے بعد متفقہ ایڈمنسٹریٹر لایا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کی مدت ختم ہو رہی ہے، ان کی مدت ختم ہونے کے بعد متفہ ایڈمنسٹریٹر لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندیاں ہوں گی، نئے بلدیاتی نظام اور با اختیار میئر لانے پر کام کیا جائے گا، اس سلسلے میں سندھ اسمبلی میں بل بھی لایا جائے گا۔

    ادھر سندھ کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاق اور سندھ حکومت ایک پیج پر آ گئے ہیں، اس سلسلے میں ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب کہتے ہیں کہ کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے تین تین نمائندے ہوں گے۔

    بڑی خبر، ایک دوسرے کی شدید مخالف جماعتیں کراچی کے لیے ایک ہو گئیں

    وفاق کی نمائندگی اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، کمیٹی صوبے کے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔

    وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کراچی کے لیے سہ جماعتی اتحاد خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تینوں جماعتوں کا اتحاد کراچی کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

    واضح رہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کراچی میں لگنے والی بڑی بیٹھک میں تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی تھی، ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، اور میئر کراچی وسیم اختر شامل تھے، پی ٹی آئی کی طرف سے وفاقی وزیر علی زیدی اور اسد عمر نے شرکت کی تھی۔

  • کم سن بہنوں نے 14 اگست منفرد انداز میں منا کر مثال قائم کر دی

    کم سن بہنوں نے 14 اگست منفرد انداز میں منا کر مثال قائم کر دی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اولڈ مظفر آباد کالونی کی کم سن بہنوں نے 14 اگست منفرد انداز میں منا کر اعلیٰ مثال قائم کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں ہر سال یوم آزادی تو سبھی مناتے ہیں لیکن کراچی میں رہنے والے تین بہنوں اور ایک بھائی نے سوچا کہ اس بار پاکستان کے یوم آزادی پر کچھ ایسا کیا جائے جس سے کم از کم آس پاس کے لوگوں کو فائدہ پہنچے۔

    اس سلسلے میں اولڈ مظفر آباد کی آمنہ نے بہن کے ساتھ مل کر 14 اگست کو علاقے کا کچرا صاف کیا، اس علاقے میں صفائی کا بڑا مسئلہ ہے، اس لیے کم سن بہنوں نے اسی مسئلے کا حل نکالنے کے لیے عملی قدم اٹھایا۔

    اپنے عمل سے پاکستانی پرچم کے رنگ میں ملبوس بہنوں نے بڑوں کو سبق دے دیا، بچیوں نے ماسک لگا کر کرونا کے حوالے سے بھی پیغام دیا۔

    واضح رہے کہ اولڈ مظفر آباد کالونی میں پانی اور کچرے سمیت بجلی کی عدم فراہمی کے مسائل ہیں، صفائی کے حوالے سے ان تمام بچوں کی عادتیں مثالی ہیں، 2 سال قبل یہ چار بہن بھائی جب سوات گئے تو انھوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ مینگورہ اتنا خوب صورت ہے مگر لوگ اس کو گندا کرتے ہیں۔

    یہ دیکھ کر انھوں نے فیصلہ کیا کہ کسی بھی اسپاٹ پر جائیں گے تو اپنے ساتھ 2 بڑے بڑے شاپنگ بیگز بھی لے کر جائیں گے اور وہاں لوگوں کا پھینکا گیا کچرا ضرور اٹھائیں گے اور مناسب جگہ پر واپس لا کر ڈمپ کریں گے۔

    اس سلسلے میں کالام میں انھوں نے 6 گھنٹے گزارے اور وہاں سے جوس کے ڈبے، چپس کے پیکٹس، پلاسٹک کی بوتلوں سے بھرے چار بڑے شاپنگ بیگز کا کچرا جمع کر کے واپس مینگورہ لاکر ڈمپ کیے۔

    یہ عادت ان بھائی بہنوں میں اتنی پختہ ہو چکی ہے کہ جہاں جاتے ہیں کوڑا سمیٹ کر ڈمپ کرنا نہیں بھولتے، 14 اگست کے دن بھی انھوں نے اپنی گلی کی صفائی کی، اس دوران بھائی ویڈیو بناتا رہا اور یہ دو بہنیں کچرا جمع کرتی رہیں۔

    واضح رہے کہ آمنہ کے چاچا عامر گزشتہ برس فیکٹری میں قواعد کے خلاف مبینہ تجربے کے دوران جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی سندھ میں تعیناتی، خیبر پختونخوا حکومت کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا

    مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی سندھ میں تعیناتی، خیبر پختونخوا حکومت کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا

    پشاور : مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کی خدمات واپس خیبرپختونخوا حکومت کو دینے کی درخواست کردی گئی ، ضیاء الرحمان کو صوبہ سندھ میں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے بھائی کی سندھ میں تعیناتی کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا اور ضیاء الرحمان کی خدمات واپس خیبرپختونخوا حکومت کو دینے کی درخواست کردی۔

    کے پی حکومت نے موقف میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں میں کیڈر افسران کی کمی کا سامنا ہے۔

    ضیاء الرحمان کو صوبہ سندھ میں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا تھا اور ضیاء الرحمان جان اس وقت کراچی ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر تعینات ہے۔

    ضیاء الرحمان کی خیبرپختونخوا سے سندھ میں تعیناتی پر سیاسی جماعتوں نے شدید احتجاج کیا تھا، ضیاء الرحمن کا تعلق پرونشل مینجمنٹ سروسز خیبرپختونخوا سے ہے۔

    سپریم کورٹ نے ڈیپوٹیش پر تعیناتیوں کو چند سال قبل غیر قانونی قرار دیا تھا۔

  • جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مفتی نعیم انتقال کرگئے

    جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مفتی نعیم انتقال کرگئے

    کراچی: جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتتم اور معروف عالم دین مفتی نعیم انتقال کرگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی نعیم کراچی میں انتقال کرگئے، مفتی نعیم دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

    مفتی نعمان نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں طبیعت بگڑنے پر اسپتال لے جایا جارہا تھا والد کا انتقال راستے میں ہوا، و ہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مفتی نعیم کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر ادا کی جائے گی.۔

    واضح رہے کہ کرونا کے پیش نظر مفتی نعیم نے بھی بیان دیا تھا اور عوام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی تھی، انہوں نے پلازمہ کی خریدوفروخت کو بھی حرام قرار دیا تھا۔

    خیال رہے کہ رواں سال مئی میں سوشل میڈیا پر مفتی نعیم کے کرونا میں مبتلا ہونے کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں تاہم ان کے ترجمان نے تردید کردی تھی۔

    جامعہ بنوریہ میڈیا نے اپنے جاری بیان میں کہا تھا کہ مفتی نعیم دل کے عارضہ کے باعث اسپتال منتقل ہوئے تھے تاہم اب صحت یاب ہوکر گھر منتقل ہوگئے ہیں۔

    جامعہ بنوریہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں خی تردید کی گئی تھی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری زندگی اسلام کی درس و تدریس میں گزری، مفتی نعیم نے جامعہ بنوریہ کو عالمی معیار کی درسگاہ بنایا۔

    پارلیمانی سیکریٹری برائےمذہبی امورآفتاب جہانگیراور جے یو آئی رہنما علامہ راشد سومرو، اسلم غوری نے مفتی نعیم کےانتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

  • پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن نجیب ہارون نے استعفیٰ دے دیا

    پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن نجیب ہارون نے استعفیٰ دے دیا

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نجیب ہارون نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا اور کہا کراچی نے منتخب کیا، لیکن اب تک کراچی کیلئے کچھ نہیں کرسکے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہو گئے ہیں،  نجیب ہارون کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا بانی رکن ہونے کے باوجود انہیں فیصلوں میں شامل نہیں کیاجاتا، وزیراعظم عمران خان کواستعفیٰ بھجوادیا ہے۔

    نجیب ہارون کاکہنا تھا کہ انہیں کراچی نے منتخب کیا، لیکن اب تک کراچی کیلئے کچھ نہیں کرسکے، میں نہ تنخواہ لیتاہوں نہ کسی قسم کی مراعات اورالاؤنس لیے۔

    خیال رہے کہ نجیب ہارون تحریک انصاف کے بانی اراکین میں شامل ہیں اور وہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے منتخب ہوئے تھے۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے اپنی ذمہ داری سے استعفی دے دیا تھا اور  وزیر اعظم عمران خان نے ان کا استعفی منظور کر لیا تھا ۔

    پی ٹی آئی سینئر رہنما افتخار درانی کا شمار  وزیر اعظم کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے ، انھوں نے پانامہ کیس، فاٹاالیکشن کیلئےپارٹی میں بھر پور کردار ادا کیا جبکہ عام انتخابات میں بھی پارٹی کیلئےبھر پور خدمات سرانجام دیں، افتخار درانی کےپی کے معاملے پر بھی وزیر اعظم کی ہدایات پر کردار ادا کرتے  رہے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن : ٹیکسٹائل فیکٹری نے700 سے زائد ملازمین کو نکال دیا

    لاک ڈاؤن : ٹیکسٹائل فیکٹری نے700 سے زائد ملازمین کو نکال دیا

    کراچی : سائٹ ایریا میں قائم ٹیکسٹائل فیکٹری سے700 سے زائد ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا گیا، متاثرہ ملازمین نےفیکٹری کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث فیکٹری مالکان نے ملازمین کو نوکری پر مزید رکھنےسے انکار کردیا، اس حوالے سے سائٹ ایریا میں قائم ٹیکسٹائل فیکٹری کے سات سو سے زائد ملازمین اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    ذرائع کے مطابق ٹیکسٹائل فیکٹری انتطامیہ نے اپنے ملازمین کو تنخواہ دینے کیلئے بلایا اور یہ کہہ کر تنخواہ دی گئی کہ اب آپ ملازم نہپں رہے، آپ فارغ ہو اب گھر جاؤ، اس کے علاوہ گزشتہ مہینے کی تنخواہ بھی کاٹ کر ادا کی گئی۔

    اس صورتحال سے ملازمین پریشان ہوگئے، فیکٹری کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کرنے والے ملازمین میں خواتین، بوڑھے اور جوان شامل تھے۔

    مذکورہ ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اس موقع پر کچھ افراد دھاڑیں مار کر رورہےتھے۔