Author: فیض اللہ خان

  • مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات

    مولانا فضل الرحمان کی حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات

    قطر: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قطر میں حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ گزشتہ روز قطر پہنچے تھے، ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ حماس رہنماؤں کے ساتھ مولانا کی ملاقات میں مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں سے ملاقات میں اظہار خیال کیا کہ اسرائیل فلسطین میں ظلم و ستم کر کے قبلہ اول کو ہیکل میں بدلنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے، ترقی یافتہ ممالک کے دعوے داروں کے ہاتھ معصوم بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو۔

    اسماعیل ہانیہ نے ملاقات میں کہا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہو جائے، انسانی حقوق کے دعوے دار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لے کر تل ابیب پہنچ رہے ہیں، امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لیے میدان میں نکلے اور اپنی ماؤں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے۔

    اسماعیل ہانیہ نے کہا مولانا فضل الرحمان پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں، حماس رہنما خالد مشعل نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچا ہے۔

  • افغان حکومت کا مہاجرین کی وطن واپسی پر زمین کی تقسیم اور آبادکاری کے لیے اہم قدم

    افغان حکومت کا مہاجرین کی وطن واپسی پر زمین کی تقسیم اور آبادکاری کے لیے اہم قدم

    کابل: پاکستان سے افغانستان جانے والے افغان باشندوں کے لیے افغان حکومت نے طریقہ کار وضع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان حکومت کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی نے وطن واپس آنے والے مہاجرین کے لیے زمین کی تقسیم اور ان کی مستقل آباد کاری کے لیے اپنا ورک مینوئل تشکیل دے دیا۔

    وزیر ہاؤسنگ و شہری ترقی شیخ حمد اللہ نعمانی کی سربراہی میں واپس لوٹنے والے مہاجرین کے لیے زمینوں کی تقسیم اور ان کی مستقل آباد کاری کے لیے کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کام کا مینول تیار کیا گیا۔ یہ کمیٹی طالبان کے امیرالمومنین کی ہدایات کے مطابق واپس لوٹنے والے مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے قائم کی گئی ہے۔

    کمیٹی اجلاس میں ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے زمین کا تعین، زمین کی آباد کاری، منصوبہ بندی، مستقل رہائش گاہوں کی تعمیر، پناہ گزینوں کی آباد کاری اور رہائش کی تقسیم وہ تمام موضوعات تھے جن پر مینول کی تیاری کے دوران جامع بحث کی گئی۔

    وزارت زراعت و لائیو اسٹاک، وزارت امور مہاجرین، وزارت پانی وبجلی، وزارت دیہی تعمیر نو و ترقی، واٹر سپلائی کمپنی، ادارہ تحفظ ماحولیات اور دی جنرل ڈائریکٹریٹ آف میونسپلٹیز اس کمیٹی بطور ممبر شامل ہیں۔

  • کراچی سے  غیر قانونی افغان باشندوں کا انخلا کیسے کیا جائے گا ؟ کمشنر نے بتادیا

    کراچی سے غیر قانونی افغان باشندوں کا انخلا کیسے کیا جائے گا ؟ کمشنر نے بتادیا

    کراچی : کمشنر سلیم راجپوت نے   کہا کہ 31 اکتوبر  کے بعد غیرقانونی مقیم غیرملکیوں  کو قانونی طور پر بھیجیں گے، انھییں ہولڈنگ پوائنٹ پرجمع کریں گے ، جس کے بعد جیکب آباد،چمن بارڈر پرسیکیورٹی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طورپرمقیم غیرملکیوں کے کراچی سے انخلا کے معاملے پر کمشنر سلیم راجپوت کی ہدایت پر افغان بستیوں اور متعلقہ علاقوں کی مساجد سے واپسی کے اعلانات کئے جارہے ہیں۔

    کمشنرکراچی سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ 31 اکتوبر تک جونہیں جائے گا اُسےقانونی طورپربھیجیں گے، غیر قانونی تارکین وطن میں شامل سوا لاکھ افراد کو رکھنے کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے۔

    سلیم راجپوت نے بتایا کہ کراچی میں کسی ایک مقام کو ہولڈنگ پوائنٹ کا درجہ دیا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز اور سیکیورٹی ادارے افغان باشندوں کو ہولڈنگ پوائنٹ پر جمع کریں گے ، جس کے بعد غیرملکیوں کو جیکب آباد اور چمن بارڈر پرسیکیورٹی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے 5،5بسوں پر مشتمل قافلے کو سیکیورٹی میں روانہ کیا جائے گا، یکم نومبر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو نہیں رہنے دیں گے، اب تک کراچی سے 18 ہزار افراد کو بھیجاجاچکا ہے۔

  • ایف آئی اے کے سابق ڈی جی بشیر میمن کی ن لیگ میں شمولیت

    ایف آئی اے کے سابق ڈی جی بشیر میمن کی ن لیگ میں شمولیت

    لاہور : وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بشیر میمن نے مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے نواز شریف کے استقبال کیلئے سندھ میں 12 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے اور بشیر میمن کو 12 رکنی کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔

    پارٹی نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں محمد زبیر، کھیل داس کوہستانی، نہال ہاشمی بھی شامل ہیں، کمیٹی 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال میں کارکنان کی شرکت یقینی بنائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ حکومت سے اختلافات کے بعد یکم دسمبر 2019 کو اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن نے احتجاجاً اپنی ملازمت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں سال 2022 میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بشیر میمن نے شریف خاندان کے خلاف کیسز کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ان کا کہنا تھا کہ ان سے شریف خاندان کے خلاف کیسز بنانے کا کہا گیا تھا۔

    بشیر میمن

    انہوں نے کہا کہ مجھے متعدد بار مریم، نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف کیسز کا کہا گیا، میں نے جو الزامات لگائے تھے ان کی انکوائری کی بجائے مجھ ہی پر الزامات لگا دیے گئے۔

  • امارت اسلامیہ کو تسلیم نہیں کیا جا رہا اس پر افسوس ہے: آسٹرین سیاست دان

    امارت اسلامیہ کو تسلیم نہیں کیا جا رہا اس پر افسوس ہے: آسٹرین سیاست دان

    کابل: آسٹریا کی فریڈم پارٹی کے ایک رہنما جوہانس نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں کہا ہے کہ اس کے باوجود کہ امارت اسلامیہ نے گزشتہ 40 سال سے جاری بدامنی ختم کرنے میں کامیابی حاصل کی، لیکن اسے تسلیم نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کی وزارت خارجہ کے پریس آفس نے ایک خبر میں لکھا ہے کہ فریڈم پارٹی آف آسٹریا (رکن یورپی یونین) کے سینئر ارکان نے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔

    آسٹرین وفد کے سربراہ اور فریڈم پارٹی آف آسٹریا کے رہنما جوہانس نے کہا ’’مجھے افسوس ہے کہ افغانستان کی موجودہ حکومت جس نے پورے ملک میں امن قائم کر رکھا ہے اور یہاں چالیس سال کی بے ضابطگیوں کا خاتمہ کیا ہے اسے ابھی تک تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔‘‘

    جماعت کے دیگر ارکان نے بھی افغانستان کی صورت حال کو میڈیا میں رپورٹ ہونے والی صورت حال سے مختلف قرار دیتے ہوئے کہا ’’ہم نے کابل کا آزادانہ دورہ بھی کیا اور کئی افغانوں سے موجودہ صورت حال کے بارے میں بات کی، ہمیں معلوم ہوا کہ افغان عوام موجودہ صورت حال سے خوش ہیں اور خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا کہ وہ افغانستان کی موجودہ صورت حال کی حقیقی تصویر یورپ تک پہنچانے اور اسے یورپی یونین کے حکام، عوام اور رکن ممالک کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    ملاقات میں وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ’’مجھے خوشی ہے کہ آپ نے افغانستان کی صورت حال کو قریب سے اور حقیقی انداز میں دیکھا، آپ پر واضح ہو گیا کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال اس سے بہت مختلف ہے جو بتائی جا رہی ہے۔‘‘

    ملاقات میں قائم مقام وزیر خارجہ نے آسٹریا میں مقیم افغانوں کے مسائل کے حل، انھیں قونصلر خدمات کی فراہمی اور یورپ بالخصوص آسٹریا میں مقیم افغانوں کے لیے سہولیات کی فراہمی کے لیے فریڈم پارٹی آف آسٹریا کی قیادت سے گفتگو کی۔

  • چین نے افغانستان کے لیے اپنا سفیر تعینات کر دیا

    چین نے افغانستان کے لیے اپنا سفیر تعینات کر دیا

    کابل: چین نے افغانستان کے لیے اپنا سفیر تعینات کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے افغانستان میں اپنا سفیر تعینات کر دیا، چینی سفیر جاؤ شینگ نے اپنا تعیناتی خط ارگ میں وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند کو پیش کر دیا۔

    چینی سفیر جاؤ شینگ کو بدھ کو صدارتی محل (ارگ) میں گارڈ آف آرنر پیش کیا گیا۔

    افغانستان میں امریکی انخلا کے بعد طالبان کے ہاتھوں حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے چین کابل کے ساتھ مؤثر طریقے سے سفارتی تعلقات قائم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں چین کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے، جس سے افغانستان میں امن کے قیام میں مدد مل سکتی ہے، تاہم چین نے بھی تاحال دیگر ممالک کی طرح امارت اسلامیہ کو تسلیم نہیں کیا ہے۔

  • کراچی بندرگاہ پر افغان تاجروں کے ٹرانزٹ مسائل کے حل کے لیے افغان وزیر متحرک

    کراچی بندرگاہ پر افغان تاجروں کے ٹرانزٹ مسائل کے حل کے لیے افغان وزیر متحرک

    کابل: افغان وزیر صنعت و تجارت نے پاکستانی سفیر سے کراچی بندرگاہ پر افغان تاجروں کے ٹرانزٹ مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان وزیر صنعت و تجارت نورالدین عزیزی نے کابل میں پاکستانی سفیر عبیدالرحمن نظامانی سے ملاقات میں پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ وہ کراچی بندرگاہ پر افغان تاجروں کے ٹرانزٹ مسائل حل کریں۔

    وزارت صنعت و تجارت کے پریس آفس نے بتایا کہ وزیر صنعت و تجارت نورالدین عزیزی نے کابل میں پاکستانی سفیر عبیدالرحمٰن نظامانی سے ملاقات کی اور کراچی بندرگاہ پر افغان تاجروں کے مسائل اور تحفظات سے انھیں آگاہ کیا۔

    انھوں نے افغان تاجروں کے ٹرانزٹ سامان کے بارے میں بات کی جو کہ پاکستان کی حساس فہرست میں شامل ہیں، اور کراچی کی بندرگاہ پر تاخیر کا شکار ہیں، انھوں نے پاکستانی سفیر سے کہا کہ وہ اس مسئلے کو پاکستان کے اعلی حکام تک پہنچائے۔

    سفیر عبیدالرحمن نظامانی نے افغان وزیر کو یقین دلایا کہ وہ افغان حکام اور اس ملک کے تاجروں کے تحفظات کو جلد از جلد پاکستانی حکام سے شیئر کریں گے تاکہ اس کا حل نکالا جا سکے، اور وزیر صنعت و تجارت اس معاملے پر پاکستان کی وزارت تجارت کے حکام سے بھی بات چیت کریں گے۔

  • افغان وزیر داخلہ نے لڑکیوں کی تعلیم معاشرے کی ضرورت قرار دے دی

    افغان وزیر داخلہ نے لڑکیوں کی تعلیم معاشرے کی ضرورت قرار دے دی

    کابل: افغان وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے لڑکیوں کی تعلیم معاشرے کی ضرورت قرار دے دی، انھوں نے کہا کہ حالات کے ساتھ یہ مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے وزیر داخلہ سے اسلامی تعاون تنظیم کے وفد نے ملاقات کی ہے، اسلامی تعاون تنظیم کے اراکین نے ملک میں مجموعی امن اور استحکام کو سراہتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ دو سالوں میں مجموعی سیکیورٹی صورت حال کو مضبوط بنانے کے علاوہ مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

    مذکورہ تنظیم کے ارکان نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ نے بہترین مالیاتی پالیسی کے نفاذ، خوارج کی روک تھام اور مجرمانہ واقعات پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کے استحکام کو یقینی بنایا ہے اور اس تنظیم سے کیے گئے بہت سے وعدے پورے کیے ہیں۔

    مذکورہ وفد نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے امارت اسلامیہ کے بعض احکام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ احکام وراثت کے حوالے سے خواتین پر ظلم و زیادتی روکنے اور دشمنیوں میں خواتین کے رشتے مقتول خاندان کے افراد کے ساتھ کرنے کی رسم میں روکنے کامیاب ہوئے ہیں۔

    وفد کے ارکان نے تعلیم کو مرد و خواتین کا مشترکہ حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم معاشرے کی ترقی کا باعث بنتی ہے۔

    خلیفہ سراج الدین حقانی نے کہا کہ تعلیم مسلمانوں کی مشترکہ ضرورت ہے، اس سلسلے میں صبر اور حوصلے سے کام لیں کیوں کہ لڑکیوں کی تعلیم ہمارے معاشرے کی ضرورت ہے جسے حالات کے ساتھ ہی شروع کر دیا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امارت اسلامیہ کی حکومت اس طرح نہیں ہے جس طرح دنیا کے سامنے اس کی تصویر پیش کی گئی ہے، ان کے بقول افغان حسن سلوک اور میل جول سے بھرپور لوگ ہیں۔

  • بلیک لسٹ اور مالی ذخائر کا معاملہ، افغان وفد دوحہ میں امریکی حکام سے ملاقات کرے گا

    بلیک لسٹ اور مالی ذخائر کا معاملہ، افغان وفد دوحہ میں امریکی حکام سے ملاقات کرے گا

    کابل: رہنما بلیک لسٹ ہونے اور مالی ذخائر کے معاملے پر افغان وفد دوحہ میں امریکی حکام سے ملاقات کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی سربراہی میں ایک وفد رواں ماہ کے آخر میں دوحہ کا دورہ کرے گا، جس میں امریکی حکام سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اہم امور میں افغان رہنماؤں کی بلیک لسٹ کا خاتمہ، افغانستان کے بینکوں کے ذخائر کی بحالی اور افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے موضوعات نمایاں ہیں۔

    اس دورے کے دوران افغان وفد قطر کے حکام سے دو طرفہ تعلقات پر بھی بات چیت کرے گا۔

  • ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے روٹ پر معاہدہ طے پا گیا

    ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے روٹ پر معاہدہ طے پا گیا

    اسلام آباد: ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے روٹ پر سہ فریقی اجلاس میں معاہدہ طے پا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پاکستان کے شہر اسلام آباد میں افغانستان، پاکستان اور ازبکستان کے ریلوے کے اعلیٰ حکام کے درمیان مزار شریف سے شروع ہونے والے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کے روٹ پر سہ فریقی اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں مزار شریف سے صوبہ پکتیا کے پورٹ خرلاچہ تک روٹ پر اتفاق کیا گیا ہے، نیز اس میٹنگ میں اس پروجیکٹ کو آگے لے جانے کے لیے ایک سالہ پلان پر دستخط بھی کیے گئے ہیں۔

    منصوبے کے مطابق ایک بین الاقوامی مشاورتی کمپنی اس منصوبے کے لیے ضروری معلومات فراہم کرے گی، تاکہ یہ معلومات مختلف طریقوں سے ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ شیئر کی جا سکیں، اور اس کی بنیاد پر بین الاقوامی ادارے اور ممالک اس منصوبے میں دل چسپی لیں گے۔

    ساتھ ہی اجلاس کے شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کی فیزیبلٹی کا تکنیکی اور تفصیلی مطالعہ انتہائی درستگی، اچھے معیار اور مناسب رفتار کے ساتھ کیا جائے، تاکہ جلد از جلد کام کو عملی طور پر شروع کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ اس ملاقات میں تینوں ممالک کے ریلوے کے اعلیٰ حکام کے علاوہ اسلام آباد میں افغان سفیر سردار محمد شکیب، ازبکستان کے سفیر عثمانوف، پاکستان کے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔