Author: فیض اللہ خان

  • عذیر بلوچ کے خلاف گواہ پیش ہونے سے کترانے لگے

    عذیر بلوچ کے خلاف گواہ پیش ہونے سے کترانے لگے

    کراچی: چاکیواڑہ تھانے کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی ہے کہ عذیر بلوچ کے خلاف گواہ پیش ہونے سے کترانے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے خلاف تین مقدمات کی سماعت ہوئی۔

    تھانہ چاکیواڑہ کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ تینوں کیسز کا ایک بھی گواہ عدالت میں پیش نہ ہو سکا۔

    رپورٹ کے مطابق 2 گواہ پولیس کانسٹیبل جمشید اور طلعت مردم شماری کی ڈیوٹی پر ہیں، گواہ سرفراز کا کہنا ہے کہ اس کی جائیداد کا تنازع چل رہا ہے جس کے لیے وہ گاؤں میں ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک گواہ خضر حیات کی رہائش گاہ تبدیل ہو چکی ہے، جب کہ ایک گواہ سائیں محمد ریٹائر ہو کر گاؤں واپس جا چکا ہے، گواہ نواز کا پنجاب پولیس میں ٹرانسفر ہو گیا ہے اس لیے وہ بھی پیش نہیں ہو سکتا۔

    تھانے کی رپورٹ کے بعد عدالت نے تمام گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، اور عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام گواہوں کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ عذیر بلوچ کے خلاف چاکیواڑہ تھانے میں 3 مقدمات درج ہیں، ان پر قتل اور پولیس مقابلے سمیت متعدد الزامات ہیں۔

  • پرویز الٰہی کا ایم کیو ایم سے رابطہ، پی ٹی آئی کا تحفظات کا اظہار

    پرویز الٰہی کا ایم کیو ایم سے رابطہ، پی ٹی آئی کا تحفظات کا اظہار

    کراچی: پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہیٰ کے ایم کیو ایم سے رابطے پر پی ٹی آئی کراچی قیادت نے تحفظات کا اظہار کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس آفتاب صدیقی کی سربراہی میں انصاف ہاؤس میں ہوا جس میں اراکین کی اکثریت سے ایم کیو ایم سے رابطہ نہ کرنے پر زور دیا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ پرویز الٰہی نے رابطہ کرلیا تھا تو بہتر ہوتا کہ کراچی قیادت کو اعتماد میں لیتے۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کراچی قیادت نے شاہ محمود قریشی کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔

    پی ٹی آئی ارکان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پی ڈی ایم کی اتحادی ہے ان سے ہاتھ نہیں ملا سکتے۔

    ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ انہیں ایم کیو ایم سے نہ کوئی مدد چاہیے نہ ہی وہ ان سے ملنا چاہتے ہیں، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات کے بعد ایم کیو ایم سے مزید رابطے نہیں کیے جائیں گے۔

  • کے فور منصوبہ تاحال نامکمل، قومی خزانے کو اربوں کا نقصان

    کے فور منصوبہ تاحال نامکمل، قومی خزانے کو اربوں کا نقصان

    کراچی: صوبہ سندھ میں شروع کیا جانے والا فراہمی آب کا منصوبہ کے فور تاحال مکمل نہ ہوسکا اور اس کے نام پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے فور منصوبے کے نام پر قومی خزانے کو 14 ارب روپے کا نقصان ہوگیا، کے فور منصوبہ مکمل نہ ہوا مگرسامان چوری ہونا شروع ہوگیا۔

    منصوبے کے ترک شدہ ڈیزائن کے لیے منگوائے گئے کروڑوں روپے کے پائپ چوری ہوگئے ہیں۔

    سنہ 2018 میں پرانے ڈیزائن پر کام رکا تو قیمتی پائپ کو بغیر نگرانی چھوڑ دیا گیا تھا، چور پائپس کو گیس کٹر کے ساتھ کاٹ کر لے جاتے رہے، انتظامیہ لاعلم رہی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ جنگ شاہی میں چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کے فور منصوبے کے نئے ڈیزائن پر واپڈا کام کر رہی ہے، نئے ڈیزائن کے، کے فور منصوبے کی لاگت 126 ارب روپے ہے۔

  • عمران خان کا جلد سندھ بھر کا دورہ کرنے کا اعلان

    عمران خان کا جلد سندھ بھر کا دورہ کرنے کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جلد سندھ کے تمام اضلاع کے دورے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے وفد کے ہمراہ زمان پارک لاہور میں ملاقات کی جس میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والے وفد میں سابق وزرائے اعلیٰ غوث علی شاہ اور لیاقت جتوئی بھی شامل تھے۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین نے سینیئر سیاستدانوں لیاقت جتوئی اور سید غوث علی شاہ کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن بنانے کا فیصلہ کیا ساتھ ہی صوبائی صدر علی زیدی کو عام انتخابات کی تیاری اور سندھ کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دینے کی ہدایات کیں۔

    عمران خان نے جلد سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام امپورٹڈ حکومت اور زرداری مافیا سے نجات چاہتے ہیں۔ پ ٹی آئی سندھ کی قیادت زرداری مافیا کے خلاف جہاد کر رہی ہے اور ووٹ کی طاقت سے اس مافیا کو شکست دیں گے۔

    سابق وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک ملک میں انقلاب کا آغاز ہے۔

  • جیل بھرو تحریک : کراچی سے کونسے رہنما  گرفتاریاں دیں گے ؟ نام طلب

    جیل بھرو تحریک : کراچی سے کونسے رہنما گرفتاریاں دیں گے ؟ نام طلب

    کراچی : جیل بھرو تحریک کیلئے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے کراچی سے گرفتاری دینے والوں کےنام طلب کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے جیل بھرو تحریک کیلئے کراچی سے گرفتاری دینے والوں کےنام طلب کرلیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے مقامی قیادت نے دو سو افراد کی فہرست مرتب کرلی ہے ، سینئر قیادت ،سابق ایم این ایز، ایم پی ایز اور دیگر عہدیداران گرفتاری دینے کو تیار ہیں ۔

    ذرائع نے کہا کہ پہلے مرحلےمیں کون سےرہنما اور عہدیداران گرفتاری دیں فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں کارکنان اور سپورٹرز گرفتاریاں پیش کریں گے، اب تک جیل بھروتحریک کیلئے چھ ہزار سے زائد کارکنان نے فارم جمع کرائے۔

  • آفتاب صدیقی کو کراچی کا صدر منتخب کر رہا ہوں، سب سپورٹ کریں: عمران خان

    آفتاب صدیقی کو کراچی کا صدر منتخب کر رہا ہوں، سب سپورٹ کریں: عمران خان

    لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پی ٹی آئی کراچی قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ میں آفتاب حسین صدیقی کو کراچی کا صدر منتخب کر رہا ہوں، سب سپورٹ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے زمان پارک میں پی ٹی آئی سندھ کے وفد کی چیئرمین عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر، سندھ کے صدر علی زیدی، جنرل سیکریٹری مبین جتوئی، حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، بلال غفار، ارسلان تاج، شہزاد قریشی، سدرہ عمران، اکرم چیمہ، آفتاب صدیقی، اسلم خان، فہیم خان، آفتاب جہانگیر اور عالمگیر خان شریک تھے۔

    اجلاس میں علی زیدی نے سندھ کی مجموعی سیاسی صورت حال سے چیئرمن پی ٹی آئی عمران خان کو آگاہ کیا، سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے نتائج سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی، عمران خان کی جانب سے آفتاب صدیقی کو کراچی کا نیا صدر مقرر کیا گیا۔

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    اجلاس میں عمران خان نے واضح کیا کہ بلال غفار مرکزی نائب صدر اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی معاشی ٹیم کا حصہ ہوں گے، عمران خان کی جانب سے خرم شیر زمان کو پی ٹی آئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر نامزد کیا گیا۔

    عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں شکست کی وجہ تنظیمی قیادت اور سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز میں کورآڈنیشن نہ ہونا تھا، میں کراچی میں تنظیمی سیٹ اپ مضبوط چاہتا ہوں، عمران خان نے نئے کراچی صدر کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن جیتنا ہے تو ڈور ٹو ڈور مہم چلانا ہوگی۔

    عمران خان نے تمام رہنماؤں کو ہدایت کی کہ کراچی کے ضمنی الیکشن کی مہم تیز کریں، عوام میں جائیں، کارنر میٹنگز کریں۔ انھوں نے کہا کہ تمام جماعتیں مل کر سیٹ ایڈجسمنٹ کر سکتی ہیں اس لیے بہت محتاط رہیں، کراچی الیکشن سے پہلے اگر میں ٹھیک ہو گیا تو جلسہ کرنے آؤں گا ورنہ ویڈیو لنک سے خطاب کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ماضی میں بھی ساری جماعتوں نے پی ٹی آئی کا مقابلہ کیا پھر بھی شکست مقدر بنی۔

  • پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار کو عہدے سے ہٹا کر آفتاب صدیقی کو پارٹی کا نیا صدر نامزد کر دیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں سندھ کے صدر کو بھی تبدیل کر دیا جائے گا۔

    پی ٹی آئی کراچی کی تنظیم میں رد و بدل کی منظوری عمران خان نے دی ہے، پارٹی چیئرمین نے کراچی سے جیتنے والے 9 ایم این ایز کو ضمنی انتخاب میں دوبارہ ٹکٹ دینے کی بھی منظوری دے دی۔

    پی ٹی آئی کراچی کی صدارت بلال غفار سے لیے جانے کا امکان

    ذرائع کے مطابق یہ فیصلے پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات میں کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے گزشتہ روز خبر دی تھی کہ زمان پارک میں پی ٹی آئی کراچی کی قیادت اور سابق ایم این ایز کے بلائے گئے اجلاس میں بلال غفار کو عہدے سے ہٹائے جانے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

  • پی ٹی آئی کراچی کی صدارت بلال غفار سے لیے جانے کا امکان

    پی ٹی آئی کراچی کی صدارت بلال غفار سے لیے جانے کا امکان

    کراچی: پی ٹی آئی کراچی کی صدارت بلال غفار سے لیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ضمنی انتخابات کے معاملے پر عمران خان نے پی ٹی آئی کراچی کی قیادت اور سابق ایم این ایز کو لاہور طلب کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی کی صدارت بلال غفار سے لے کر آفتاب صدیقی کو دیے جانے کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔

    اجلاس میں عمران خان کو کراچی ضمنی انتخابات کی تیاریوں پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس آج 4 بجے عمران خان کی قیادت میں زمان پارک میں ہوگا۔

    ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق سابق ایم این ایز کو ضمنی الیکشن میں مختلف ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، چیئرمین پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کے حوالے سے اہم فیصلہ کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کراچی کی صدارت بلال غفار سے لے کر آفتاب صدیقی کو دینے کا بھی اعلان کر سکتے ہیں۔

  • جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی جوائنٹ اسٹریٹجی کمیٹی ناکام ہو گئی

    جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی جوائنٹ اسٹریٹجی کمیٹی ناکام ہو گئی

    کراچی: بلدیاتی نتائج کے خلاف جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی جوائنٹ اسٹریٹجی کمیٹی ناکام ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر کراچی بنانے کا مشن متوقع اتحاد بننے سے پہلے ہی کھٹائی میں پڑ گیا ہے، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف جوائنٹ اسٹریٹجی کمیٹی ناکام ہو گئی۔

    بلدیاتی نتائج کے خلاف دونوں جماعتوں نے ساتھ چلنے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی تھی، 4 رکنی کمیٹی فارم 11 کا ایکسچینج کر سکی نہ کام مکمل کیا جا سکا۔

    دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی 10 سے زائد نشستوں پر جیت کی دعوے دار بن گئی ہیں، ضلع وسطی، ضلع شرقی، ضلع کیماڑی کی متعدد نشستوں پر دونوں جماعتیں جیت کی دعوے دار ہیں۔

    کمیٹی نے ایک ہفتے میں فارم گیارہ ایکسچینج کر کے حکمت عملی بنانی تھی، لیکن کام ادھورا رہ گیا اور دونوں جماعتیں اپنی اپنی شکایتیں لے کر الیکشن کمیشن پہنچ گئی ہیں۔

    الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے ایک دوسرے کے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رکھا ہے، یاد رہے کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے ساتھ چلنے کے لیے مشترکہ پریس کانفرنس پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں 21 جنوری کو کی تھی۔

  • کراچی : تحریک انصاف اور ٹی ایل پی کارکنان میں تصادم

    کراچی : تحریک انصاف اور ٹی ایل پی کارکنان میں تصادم

    کراچی پریس کلب کے باہر تحریک لبیک اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے، اس دوران دونوں جانب سے لاتیں اور گھونسے چل پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اسی سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام ایک ریلی پریس کلب پہنچی تاہم اس سے قبل وہاں پر تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

    اچانک کسی بات پر پریس کلب کے باہر تحریک لبیک اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیچ بچاؤ کروایا اور ریلی لے کر واپس چلے گئے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کی قیادت کیخلاف ریلی پر حملے کا مقدمہ درج کرائیں گے۔

    بعد ازاں پی ٹی آئی کے رہنما راجہ اظہر، عطاءاللہ، بلال غفار، آفتاب جہانگیر تھانے پہنچ گئے اور پولیس کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے پرامن کارکنان پر تحریک لبیک کے کارکنوں نے دھاوا بولا۔

    بلال غفار کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے کارکنان نے پہلے پی ٹی آئی ساؤنڈ سسٹم پر حملہ کیا، کشیدگی کے دوران پی ٹی آئی کا ایک کارکن زخمی بھی ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ حالات پُرامن رکھنے کی ذمہ داری پولیس پر عائد ہوتی ہے، تحریک لبیک کے کارکنان نے پی ٹی آئی ورکر کو زخمی کیا۔