Author: فیض اللہ خان

  • الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ تحریک، پی ٹی آئی آج کراچی میں ریلیاں نکالے گی

    الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ تحریک، پی ٹی آئی آج کراچی میں ریلیاں نکالے گی

    عمران خان کی الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی نے آج کراچی میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق یہ ریلیاں ماڈل ٹاؤن، منگھو پیر، مون آباد، گلشن اقبال، صفوری، حیدری اور صدر کے علاقوں سے نکالی جائیں گی۔

    ان ریلیوں میں کراچی کے تنظیمی عہدیداروں سمیت سابق ارکان قومی اسمبلی سمیت ایم پی ایز بھی شرکت کریں گے۔

  • کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ: افغانستان کی پاکستان کو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی

    کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ: افغانستان کی پاکستان کو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی

    کابل : افغان وزیر خارجہ نے بلاول بھٹو کو پاکستانی سفارتخانے پر حملے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرادی ۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے پر حملے کے بعد افغانستان کے وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

    افغان وزیر خارجہ نے پاکستانی ناظم الامور پر حملے کی مذمت کی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستانی سفارت خانے اور عملے کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائےگی۔

    افغان وزیرخارجہ نے بلاول بھٹو کو یقین دہانی کرائی کہ واقعہ میں ملوث لوگوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائےگی۔

    بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات دونوں ممالک کےتعلقات کومتاثرنہیں کرسکتے،ب کسی کوبھی اپنےمذموم مقاصدکی تکمیل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    گذشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور کو نشانہ بنایا گیا، فائرنگ سے سپاہی اسرار محمد زخمی ہوگیا تھا۔

    پاکستانی سفارتی حکام پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی چہل قدمی کررہے تھے۔

  • پاک افغان تعلقات خطے کے مفاد میں اہمیت کے حامل ہیں، امیر خان متقی

    پاک افغان تعلقات خطے کے مفاد میں اہمیت کے حامل ہیں، امیر خان متقی

    کابل : وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستانی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر  کی زیر قیادت آنے والے وفد سے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد سے اسٹار پیلس میں ملاقات کی۔

    ملاقات میں امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان مثبت اور اچھے تعلقات کو عوام اور خطے کے مفاد میں اہم قرار دیا۔

    انہوں نے پاکستان میں قید افغان قیدیوں کی رہائی، دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سہولیات کی فراہمی اور تجارت ٹرانزٹ ٹریڈ کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔

    اس کے علاوہ انہوں نے ٹاپی، ٹاپ ریلوے لائن اور دیگر بڑے منصوبوں کو شروع کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کی، انہوں نے سیاسی تعلقات، اقتصادی ترقی اور سلامتی کے حوالے سے امارت اسلامیہ کے موقف کی وضاحت کی۔

    ساتھ ہی پاکستانی وفد نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے ساتھ اچھے سلوک، سفری راستوں اور ویزوں کے حوالے سے مسائل کے حل کے لیے تعاون کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت اور ٹرانزٹ کو مضبوط اور وسعت دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

    ملاقات میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دو مسلم پڑوسی ممالک ہیں اور ان میں ثقافتی مشترکات بھی ہیں، اس لیے دونوں ممالک کی حکومتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور باہمی مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے۔

  • مفتی محمد رفیع عثمانی کراچی میں سپرد خاک

    مفتی محمد رفیع عثمانی کراچی میں سپرد خاک

    مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی کو دارالعلوم کراچی کے احاطے میں ان کے والد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی جو طویل علالت کے بعد جمعے کے روز کراچی میں انتقال کر گئے تھے انہیں دارالعلوم کراچی کے احاطے میں ان کے والد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ سینکڑوں افراد موجود تھے۔

    اس سے قبل مفتی محمد رفیع عثمانی کی نماز جنازہ مرحوم کے چھوٹے بھائی مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی جس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، حافظ نعیم الرحمٰن، اورنگزیب فاروقی سمیت علمائے کرام، سیاسی، سماجی اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: مفتی محمد رفیع عثمانی انتقال کرگئے

    مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی کا گزشتہ روز طویل علالت کے بعد انتقال ہوا تھا۔ وہ طویل عرصہ سے علیل تھے اور انتہائی نگہداشت میں تھے۔ مرحوم جامعہ دارالعلوم کراچی کے صدر اور وفاق المدارس العربیہ کے سرپرست اعلیٰ تھے۔

  • مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر امارت اسلامیہ افغانستان نے تعزیتی پیغام جاری کر دیا

    مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر امارت اسلامیہ افغانستان نے تعزیتی پیغام جاری کر دیا

    کابل: مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر امارت اسلامیہ افغانستان نے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے جید عالم دین مفتی محمد رفیع عثمانی کی وفات پر امارت اسلامیہ افغانستان نے تعزیتی پیغام میں نہایت دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    پیغام میں کہا گیا کہ نہایت دکھ اور پریشانی کے ساتھ یہ خبر ملی کہ پاکستان کے جید عالم دین اور جامعہ دار العلوم کراچی کے مہتمم مفتی محمد رفیع عثمانی انتقال کر گئے۔

    مرحوم نے تمام عمر علم دین کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی اور نہایت احسن طریقے سے اپنی ذمہ داری سر انجام دی، انھوں نے علم دین کی بہترین خدمت کی، اور پس ماندگان میں ہزاروں شاگرد سوگوار چھوڑ گئے۔

    مفتی رفیع عثمانی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

    پیغام میں کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان مرحوم کی وفات پاکستان سمیت تمام امت مسلمہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان سمجھتی ہے۔

    پیغام میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے اور اعلیٰ علیین میں مقام عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس غیر معمولی مصیبت میں خاندان، متعلقین اور شاگردوں سمیت تمام علمی دنیا کو صبر جمیل اور اجر عظیم نصیب فرمائے۔

  • ویڈیو: ملا عمر کی قبر کہاں ہے، طالبان نے 9 سال بعد نشان دہی کر دی

    ویڈیو: ملا عمر کی قبر کہاں ہے، طالبان نے 9 سال بعد نشان دہی کر دی

    زابل: امارت اسلامیہ افغانستان کے مؤسس ملا عمر کہاں دفن ہیں، طالبان نے 9 سال بعد نشان دہی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق 2013 میں انتقال کرنے والے ملا عمر کی قبر افغان صوبے زابل کے ضلع سیوری میں ہے، ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ویڈیو جاری کر دی۔

    ویڈیو میں طالبان وزیرِ اعظم ملا حسن اخوند اور افغان کابینہ کے اراکین کو قبر پر فاتحہ خوانی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    افغان عوام کے محسن امیرالمؤمنین ملا محمد عمر مجاہد کی قبر زیارت عام کے لیے منکشف کی گئی ہے، عوام نے بھی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور دعا مانگی۔

    ختم قرآن اور دعائیہ تقریب میں وزیر اعظم ملا محمد حسن، وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد، وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی اور ملا عمر کے خاندان کے افراد نے شرکت کی۔

  • پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار پر بکرا پیڑی روڈ پر حملہ

    پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار پر بکرا پیڑی روڈ پر حملہ

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر بلال غفار پر بکرا پیڑی روڈ پر حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔

    ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بلال غفار پر حملہ کر کے زخمی کیا گیا، انھیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    عمران اسماعیل اور علی زیدی نے الزام لگایا ہے کہ بلال غفار پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور حکیم بلوچ کے بیٹے ایم پی اے سلیم بلوچ نے تشدد کیا۔ علی زیدی نے کہا کہ بلال غفار پر حملے کی ایف آئی آردرج کرائیں گے۔

    رہنما پی ٹی آئی بلال غفار نے ملیر کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت انتخابات کے نتائج فکس کرنا چاہتی ہے۔

    انھوں نے کہا یہ ضمنی الیکشن حقیقی آزادی کی جدوجہد کا حصہ ہے، پی پی حکومت الیکشن کو متنازع بنانے سے باز رہے، انھوں نے کہا ووٹرز اپنے ووٹ کی حفاظت کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود رہیں۔

    بلال غفار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت الیکشن کا ماحول انتشار میں بدل کر دھاندلی آسان کرنا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن سندھ حکومت کی دھاندلی کا نوٹس لے۔

  • سندھ حکومت کی کراچی کے بلدیاتی الیکشن 2 مراحل میں کرانے کی تجویز

    سندھ حکومت کی کراچی کے بلدیاتی الیکشن 2 مراحل میں کرانے کی تجویز

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے بلدیاتی الیکشن 2 مراحل میں کرانے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کراچی کے بلدیاتی انتخابات دو مراحل میں کرانا چاہتی ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن تک تجاویز پہنچا کر رائے مانگی جائے گی۔

    یہ تجویز پولیس نفری کی سیلاب زدہ علاقوں میں موجودگی کے سبب سامنے آئی ہے، تجویز کے مطابق پہلے میسر اہل کار ایک مرحلے میں تعینات کیے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں پھر انھی اہل کاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

    تجویز میں کہا گیا ہے کہ 2 مراحل میں الیکشن کرانے سے سندھ حکومت کو سہولت ہوگی۔

    وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے اس سلسلے میں آج نئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے احکامات پر سندھ حکومت کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے تیار ہے۔

  • سیاسی، عسکری، اقتصادی افغانستان انگڑائی لے کر بیدار ہو رہا ہے

    سیاسی، عسکری، اقتصادی افغانستان انگڑائی لے کر بیدار ہو رہا ہے

    کابل: افغان وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری شعبوں کے علاوہ اقتصادی حوالے سے بھی امارت اسلامیہ نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    ایک بیان میں افغان وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان نے سخت حالات میں محدود وسائل میں بھی بہتر کارکردگی دکھا کر ترقی کا سفر جاری رکھا۔

    انھوں نے امارت اسلامیہ کی حالیہ چند نمایاں کامیابیاں گنواتے ہوئے کہا کہ قطر میں امارت اسلامیہ کی وزرات خارجہ، وزارت دفاع اور انٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ حکام پر مشتمل اعلی سطحی وفد نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کا عمل دوبارہ بحال کرنے کے سلسلے میں بڑی کامیابی حاصل کی۔

    امریکا کے ساتھ، مذاکرات کے واضح ایجنڈے سمیت سیکیورٹی مسائل سے لے کر اقتصادیات، سفارتی خدمات، انسانی امداد، اور سیاسی تعلقات کو معمول پر لانے کے طریقوں پر مفید بات چیت ہوئی۔

    انھوں نے کہا افغانستان کے لیے امریکا کے ناظم الامور کرن ڈگر کا واضح الفاظ میں یہ کہنا کہ امریکا آئندہ کسی صورت افغانستان میں عسکری مقاصد کے لیے واپسی کا ارادہ نہیں رکھتا، ایک اور نمایاں سفارتی کامیابی ہے۔

    افغانستان میں عسکریت پسندی کے حوالے سے بھی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے، امارت اسلامیہ نے پوری کوشش کر کے ملک میں امن و امان کی صورت حال قائم کی ہے اور ایک بہتر نظام حکومت پیش کیا ہے، جس کی وجہ سے مخالف شخصیات بھی یہ سمجھنے لگی ہیں کہ امارت اسلامیہ کے خلاف اب مسلح جدوجہد نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتی، اس سلسلے میں اعتراف پر مبنی عطا محمد نور کا حالیہ بیان ایک مثال ہے۔

    روس کے ساتھ خوراک اور ایندھن کے معاہدوں پر دستخط اور پڑوسیوں کے ساتھ تجارت اور درآمدات و برآمدات کو بہتر بنانے کے اقدامات سے ایک نئے اقتصادی افغانستان کی تشکیل ہو رہی ہے، افغانستان کی منڈیوں پر ان اقدامات کا براہ راست اثر پڑا ہے اور قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

    افغان وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ پوری کوشش کی گئی کہ افغان کرنسی کی قدر نہ گرے، بلکہ ماضی کی بہ نسبت اس کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔

    ان اقدامات کے علاوہ تباہ شدہ شہروں کی تعمیر نو کی سرگرمیاں بھی بڑھ گئی ہیں، پھلوں اور دیگر فصلوں کی مارکیٹ پہلے سے زیادہ بہتر ہوئی ہے، جس کے لیے پڑوسیوں کے ساتھ راستے کھلے رکھے گئے، تاکہ معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں۔

  • کنڑ میں حملے میں کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر عبداللہ باجوڑی 2 ساتھیوں سمیت زخمی

    کنڑ میں حملے میں کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر عبداللہ باجوڑی 2 ساتھیوں سمیت زخمی

    کابل: افغانستان کے صوبے کنڑ میں ایک حملے میں کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر عبداللہ باجوڑی 2 ساتھیوں سمیت زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان صوبے کنڑ میں کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر پہ حملہ ہوا ہے، جس میں عبداللہ باجوڑی 2 ساتھیوں حمزہ اور حکومت بابا سمیت زخمی ہو گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے علاقے باجوڑ سے تعلق رکھنے والے کالعدم تنظیم کے کمانڈر عبداللہ کی گاڑی پہ حملہ ہوا ہے، یہ حملہ آئی ڈی کے ذریعے کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں عبداللہ باجوڑی کی رہائش گاہ پر افغان طالبان نے چھاپا بھی مارا تھا اور گھر کا گھیراؤ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے کئی اراکین ڈرون سمیت مختلف کاروائیوں میں مارے جا چکے ہیں، جن میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی شامل ہیں۔

    تحریک طالبان کے اہم کمانڈرز شیخ خالد حقانی، سابق ترجمان خالد بلتی المعروف محمد خراسانی اور نائب سربراہ عمر خالد خراسانی بھی اسی طرح ٹارگٹ کلنگ اور آئی ڈی دھماکوں کا نشانہ بنے ہیں۔

    ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد تحریک طالبان کے سربراہ نور ولی محسود نے حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے غیر ضروری سفر اور ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔

    افغانستان میں کنٹر اور ننگر ہار میں تحریک طالبان کے مضبوط ٹھکانے قائم ہیں، جہاں سے کئی بار پاکستانی فورسز پہ حملے کیے جا چکے ہیں، جس پر پاکستان نے افغان حکومت سے احتجاج بھی کیا۔