Author: فرید قریشی

  • برطانیہ میں شدید بارشوں کے ساتھ طوفان کی پیشگوئی

    برطانیہ میں شدید بارشوں کے ساتھ طوفان کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات نے برطانیہ میں شدید بارشوں کے ساتھ طوفان کی پیشگوئی کر دی۔

    میٹ آفس کے مطابق برطانیہ میں طوفان فلورس پیر کو شدیدبارش اور ہواؤں کے ساتھ ٹکرائے گا۔ طوفان فلورس رواں موسم کا چھٹا اور جنوری کے بعد پہلا شدیدطوفان ہو گا۔

    طوفان کا مرکز برطانیہ کے شمالی حصے سے گزرے گا۔

    میٹ آفس کا کہنا ہے کہ جنوبی اور مغربی علاقوں میں سب سے زیادہ شدید ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے، طوفان کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا امکان ہے جب کہ کچھ علاقوں میں ہوائیں 60 سے 80 میل فی گھنٹہ کی رفتارسےچل سکتی ہیں۔

    اسکاٹ لینڈ کے ساحلی علاقوں میں جھکڑ کی شدت 85 میل فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ جنوبی برطانیہ کےاندرونی علاقوں میں40سے45میل فی گھنٹہ کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

    میٹ آفس نے کہا کہ طوفان کے باعث سفر میں خلل، درخت گرنے اور سیلاب کا خدشہ ہے ساحلی اور پہاڑی علاقوں میں خطرہ زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ویزا درخواست نہیں دی

    بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ویزا درخواست نہیں دی

    برطانیہ (یکم اگست 2025): بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں سلیمان اور قاسم نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزا درخواست نہیں دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان نے پاکستان آنے کے لیے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزے کے لیے درخواست نہیں دی ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ قاسم اور سلیمان کو ماضی میں نادرا کارڈز جاری ہو چکے ہیں اور انہوں نے اپنا پاکستان کا آخری سفر نادرا کارڈز پر ہی کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزا درخواست کے لیے قاسم اور سلیمان کو ہائی کمیشن جانے کی ضرورت نہیں۔ ویزا درخواستیں وزارت داخلہ میں براہ راست آن لائن وصول کی جا رہی ہیں۔

    پاکستانی ہائی کمیشن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیان پر ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔

    واضح رہے کہ علیمہ خان کی جانب سے آج جاری بیان میں کہا گیاتھا کہ قاسم اور سلیمان نے پاکستان آنے کے لیے ویزے کی درخواست دے دی ہے اور پاکستانی ہائی کمیشن سے رجوع کیا ہے۔

    علیمہ خان کے مطابق ویزا درخواستیں چند روز قبل لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں درخواستیں جمع کرائی گئیں اور لندن میں پاکستانی سفیر کے مطابق ویزوں کے اجرا کے لیے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کی منظوری کا انتظار ہے۔ منظوری ملنے کے بعد ہی ویزا جاری ہوگا۔

  • پاکستانی نژاد بہادر خاتون کی خطرناک شارکس کے درمیان تیراکی

    پاکستانی نژاد بہادر خاتون کی خطرناک شارکس کے درمیان تیراکی

    لندن کی پاکستانی نژاد خاتون نے بہادری کی مثال قائم کردی، بحر ہند کے گہرے سمندر میں شارکس کے ساتھ بے خوف ہوکر تیراکی کی۔

    تیراکی کے دوران سمندری بَلا شارک کے قریب جانا اپنی جان خطرے میں ڈالنے سے کم نہیں لیکن ایک خاتون نے بہت ساری شارکس کے ساتھ تیراکی کرکے خود کو خطروں کی کھلاڑی ثابت کر دکھایا ہے۔

    جنوبی لندن کی پاکستانی نژاد باہمت خاتون مہوش امتیازی نے بچوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی مہم میں بحر ہند میں خونخوار اور خطرناک شارکس کے ساتھ مسلسل 4 منٹ تک تیراکی کرکے انوکھی مثال قائم کی ہے۔

    پیشے کے اعتبار سے مہوش امتیازی برطانوی وزارت انصاف میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں، انہوں نے یہ مظاہرہ اپنی حالیہ تعطیلات کے دوران مالدیپ کے جزیرے مافوشی کے قریب سر انجام دیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مہوش امتیازی نے بتایا کہ جیسے میں نے سمندر میں غوطہ لگایا تو ایسا محسوس ہوا کوئی شارک قریب ہی موجود ہے لیکن جب اپنی ویڈیو دیکھی تو پتہ چلا کہ وہ بہت بڑی شارک تھی جسے میں چھوٹی سی سمجھ رہی تھی اور اس نے میرے ارد گرد تین چار چکر بھی لگائے۔

    ویڈیو میں نظر آنے والے ان مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح یہ خاتون ان شارکس کے ساتھ ساتھ تیراکی کرتے ہوئے سمندر کی سیر بھی کرتی نظر آرہی ہیں۔

  • بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی : آج ہونے والا پاک بھارت میچ منسوخ

    بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی : آج ہونے والا پاک بھارت میچ منسوخ

    برمنگھم : ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ہونے والا میچ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

    کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی شاہد آفریدی "بوم بوم” بھارتیوں کے اعصاب پر سوار ہے، بھارتی کرکٹرز کی پاکستانی لیجنڈزسے نفرت کھل کر سامنے آگئی۔

    برمنگھم میں آج ہونے والا پاک بھارت مقابلہ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے منسوخ ہوا، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا یہ میچ شیڈول تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کے ڈر سے 5 بھارتی کھلاڑیوں نے میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

    جن بھارتی کھلاڑیوں نے کھیلنے سے انکار کیا ان میں یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، ہربھجن سنگھ ، سریش رائنا، یووراج سنگھ شامل ہیں۔

    بھارتی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اگر شاہد آفریدی نے پاکستان کی طرف سے کھیلا تو ہم یہ میچ نہیں کھیلیں گے، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک بھارت مقابلہ دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ بے تاب تھے۔

    یہ پڑھیں: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ کو 5 رنز سے ہرا دیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کو 5 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا، دوسرے میچ میں جنوبی افریقا چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو بال آؤٹ پر شکست دی۔

    https://urdu.arynews.tv/wcl-2025-indian-cricketers-shahid-afridi/

  • 10 سالہ سارہ شریف کا خون رنگ لے آیا، برطانیہ میں بچی کے نام سے تحفظ اطفال قانون لانے کی تیاری

    10 سالہ سارہ شریف کا خون رنگ لے آیا، برطانیہ میں بچی کے نام سے تحفظ اطفال قانون لانے کی تیاری

    برطانیہ میں سگے باپ اور سوتیلی ماں کے ہاتھوں قتل ہونے والی 10 سالہ سارہ نے برطانوی پارلیمنٹ کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سارہ قتل کیس نے برطانوی پارلیمنٹ کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے اور اب وہاں سارہ لاز کے نام سے ایک ایسے بل پر بحث کی جا رہی ہے، جو مستقبل میں بچوں کے تحفظ کے لیے قانون بننے جا رہا ہے۔

    برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد لارڈ محمد اشرف نے ’’سارہ لاز‘‘ کے نام سے ایک بل پیش کیا ہے، جس پر پارلیمنٹ میں بحث جاری ہے۔

    اگر برطانوی پارلیمنٹ یہ بل منظور کر لیتی ہے تو پھر یہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا جو برطانیہ میں سارہ جیسے گھریلو تشدد اور جنسی ہراسانی کا شکار بچوں کی حفاظت کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

    لارڈ محمد اشرف نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے اندر سارہ لاز کے نام سے ایک بل پیش کیا گیا ہے پاس ہونے کے لیے جس کا مقصد بچوں کی حفاظت ہے۔ یہ سارہ لاز کیا ہے اور یہ سارہ کون ہے جس کے نام پر یہ قانون بنایا جا رہا ہے۔

    سارہ کا تعارف:

    پاکستان سے علاقے جہلم سے تعلق رکھنے والے عرفان شریف کی شادی ایک یورپین خاتون سے ہوئی، جس سے ان کی بیٹی سارہ پیدا ہوئی۔ بعد ازاں میاں بیوی کے درمیان علیحدگی ہوگئی، جس کے بعد عرفان شریف نے بینش بتول نامی پاکستانی خاتون سے شادی کی تھی۔ سارہ کے قتل کے وقت اس معصوم کی عمر صرف 10 سال تھی۔

    سارہ قتل کیس کیا ہے اور اس میں کب کیا ہوا؟

    سارہ کی کہانی بڑی دردناک ہے۔ 2 سال قبل اگست 2023 میں 10 سالہ معصوم بچی سارہ کے قتل کا کیس سامنے آیا، جس نے برطانیہ سمیت پوری دنیا کو ہلا دیا۔ اس قتل کا سب سے دردناک پہلو یہ تھا کہ بچی کو اس کے والد عرفان شریف اور سوتیلی والدہ بینش بتول نے قتل کیا تھا اور قتل سے قبل بچی کو دو سال تک غیر انسانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔

    قتل کے بعد یہ خاندان قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے پانچ بچوں سمیت فرار ہوکر پاکستان آ گیا۔ تاہم ملزمان کو انٹرپول کے ذریعہ پاکستان واپس لایا گیا اور اس میں پنجاب پولیس نے اہم کردار ادا کیا۔ لندن ایئرپورٹ پہنچنے پر دونوں ملزمان (سارہ کے والد اور سوتیلی والدہ) کو گرفتار کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی برطانوی پولیس نے مقتول بچی کے چچا فیصل ملک کو بھی قتل کے جرم میں معاونت کرنے پر گرفتار کر لیا۔

    سارہ قتل کیس کا یہ مقدمہ لندن کی کرمنل کورٹ میں چلا اور پراسیکیوشن نے جب عدالت میں شواہد پیش کیے تو عدالت میں ہر شخص بچی پر ہونے والے مظالم کا سن کر لرز گیا۔ پراسیکیوشن کے مطابق 10 سالہ بچی کو قتل سے قبل دو سال تک مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے جسم پر کاٹنے، استری سے جلانے سمیت دیگر بھیانک تشدد کے نشانات پائے گئے۔

    عدالت نے سارہ قتل کیس میں اس کے والدین کو مجرم قرار دیتے ہوئے مرکزی مجرم والد عرفان شریف کو 40 سال قید کی سزا سنائی۔ سزا پوری ہونے پر عدالت فیصلہ کرے گی کہ وہ باہر آ سکتا ہے یا نہیں۔ اسکے ساتھ ہی عدالت نے بچی کی سوتیلی ماں بینش بتول کو 33 اور مقتول بچی کے چچا فیصل ملک کو 16 سال قید کی سزا سنائی۔

    سارہ اب واپس تو نہیں آ سکتی۔ لیکن اس کے نام سے بچوں کے تحفظ کے لیے بننے والے اس قانون کو اگر برطانوی پارلیمنٹ منظور کر لیتی ہے تو پھر اس قانون کے تحت کسی اور سارہ کو اس طرح کے انجام کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    برطانیہ میں مقیم کمیونٹی بھی اس بل کو سپورٹ کرتے ہوئے کہتی ہے کہ اس طرح سے سخت قوانین بننے چاہئیں۔ اس سے جہاں بچوں کی حفاظت ہو سکے گی، اس کے ساتھ ہی کمیونٹی میں بھی شعور پیدا ہوگا۔

     

  • لندن میں بڑا بحران، بے گھر لوگ خیموں میں رہنے لگے

    لندن میں بڑا بحران، بے گھر لوگ خیموں میں رہنے لگے

    لندن : برطانیہ کے دارالحکومت لندن کی گلیوں میں کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، شہر کے مرکزی علاقے میں لوگوں نے خیمے لگالیے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں انسانی بحران تیزی سے جنم لے رہا ہے جس کے نتیجے میں بے گھر افراد کی تعداد بڑھتی چلی جا رہی ہے۔

    ملک میں بڑھتی مہگائی اور گھروں کے کرایوں میں ہوشربا اضافے کے سبب وسطی لندن کے علاقے ایک پارک میں بے شمار بے گھر افراد کے خیمے نصب ہیں۔

      اس ساری صورتحال میں سماجی تنظیمیں برطانوی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔

    اس حوالے سے لندن کے بلدیاتی ادارے اس بحران پر قابو پانے کیلیے ہر ممکن کوششیں کررہے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ فنڈنگ اور وسائل کی کمی کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔

    دوسری جانب فلاحی اداروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ مسئلے کی جڑ کو تلاش کرے، کسی کو اپنی زندگی سڑکوں پر نہیں گزارنی چاہیے۔

    ان کا کہنا ہے کہ جس طرح ملک میں زندگی بسر کرنے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے اگر ایکشن نہ لیا گیا تو آنے والے مہینوں میں بے گھر افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : شام میں چند دنوں میں 50 ہزار افراد بے گھر ہو گئے، اقوام متحدہ

    فلاحی اداروں کے مطابق ایمرجنسی رہائش گاہوں میں بھی جگہ کا فقدان ہے اور حکومتی امداد بھی ناکافی ہے، جس کی وجہ سے حالات پر قابو پانا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

  • پاکستان واپس ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے، نواز شریف

    پاکستان واپس ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے، نواز شریف

    مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان واپس ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے۔

    لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز بہترین کام کررہے ہیں، اللہ تعالیٰ جب حالات بہتر کرتا ہے تو اس کی رحمتیں برستی ہیں۔

    ن لیگ کے قائد نے کہا کہ شہباز شریف نے ترقی کی بنیاد رکھی، مریم نواز آگے لے کر چل رہی ہیں، ہم نے پاکستان میں کینسر اور دل کے امراض کے اسپتال قائم کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔

    نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کی مشکلات میں کمی آرہی ہے، پاکستان واپس ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے۔

    چند روز قبل سابق وزیرِ اعظم اور ن لیگ کے صدر نواز شریف نے ایران پر حملے کو اسرائیل کی بڑی غلطی قرار دیا تھا۔

    ایک بیان میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ انتہائی افسوس ناک ہے، اس سے بڑھ کر اسرائیل کی غلطی ہو نہیں سکتی، اس طرح سے حملے کرنا بہت زیادتی ہے۔

  • بلاول بھٹو نے لندن میں نوازشریف کیلیے پھولوں کا تحفہ بھجوا دیا

    بلاول بھٹو نے لندن میں نوازشریف کیلیے پھولوں کا تحفہ بھجوا دیا

    پاکستانی سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے لندن میں نوازشریف کیلئے پھولوں کا تحفہ بھجوا دیا۔

    بلاول بھٹو نے برطانیہ سے یورپ روانگی سے قبل نیک خواہشات کیساتھ نوازشریف کے لیے پھول بھیجے۔ پاکستان ہائی کمیشن کےعملے نے پھول ایون فیلڈ ہاؤس پہنچائے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں 3روز تک قیام کیا جس میں انہوں نے پارلیمنٹ، تھنک ٹینکس اور میڈیا سے ملاقاتیں کیں۔

    بلاول بھٹو پاکستان ہاؤس اور پاکستان ہائی کمیشن بھی گئے جب کہ انہوں نے برطانوی دفتر خارجہ کا بھی دورہ کیا۔

    بلاول بھٹو اور وفد نے برطانوی پارلیمنٹ کےاسپیکر سے بھی ملاقات کی تاہم مصروفیات کی وجہ سے وہ نوازشریف سے ملاقات نہ کرسکے،

    بلاول بھٹو نے یورپ روانگی سے قبل نوازشریف کی صحتیابی کی دعا کیساتھ پھولوں کا تحفہ بھیجا۔

  • بھارتی رہنماؤں کے بیانات امن کے نہیں جنگ کے ہیں، بلاول بھٹو

    بھارتی رہنماؤں کے بیانات امن کے نہیں جنگ کے ہیں، بلاول بھٹو

    لندن : پاکستانی سفارتی وفد کے سربراہ اور چیئرمیں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیز فائر کے باوجود بھارت کی طرف سے جو بیانات آرہے ہیں، وہ امن کے نہیں جنگ کے ہیں۔

    لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دنیا کا خیال تھا یہ سیز فائر ہے لیکن بھارت صدر ٹرمپ اور عالمی برادری کو اہمیت نہیں دینا چاہتا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں یہ بات عام ہے کہ انہیں پاکستانی فوج اور ایئرفورس کے ہاتھوں بڑی شکست ہوئی ہے، بھارت اپنی شکست کے اثرات زائل کرنے کے لیے جھوٹا بیانیہ بنارہا ہے۔

    بلاول بھٹو نے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن کشمیر سے بھی ملاقات کی، میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہورہا ہے جنگ سے زیادہ نقصان کشمیر کا ہوتا ہے۔

    لندن سے نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو کی زیرقیادت پاکستانی سفارتی وفد کی جانب سے ویسٹ منسٹر میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ کو بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ کا مقصد پاک بھارت کشیدگی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر کرنا تھا
    اس موقع پر اے پی پی جی برائے جموں و کشمیر کے چیئرمین عمران حسین نے وفد کا استقبال کیا۔

    وفد نے بریفنگ کے دوران بھارتی فوجی جارحیت، شہری علاقوں پر حملوں اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر اظہار تشویش کیا۔ پاکستانی سفارتی وفد کا کہنا تھا کہ بھارت کارویہ بین الاقوامی قوانین اور خطے کےامن کے لیے خطرہ ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ جموں وکشمیر تنازع خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے،5اگست2019کے بھارتی اقدامات، آرٹیکل370کی منسوخی نے کشیدگی میں اضافہ کیا۔

    کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی، اظہار رائے پر پابندی اور جبرعالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے، پاکستانی سفارتی وفد نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمدکی حمایت کرے۔

    پاکستانی سفارتی وفد نے کشمیریوں کے حقوق کیلئے آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، وفد نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پردوٹوک مؤقف اختیار کرتےے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    وفد میں شیری رحمان، حنا ربانی کھر، مصدق ملک، خرم دستگیر، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم شامل ہیں۔
    سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ بھی پاکستانی سفارتی وفد کاحصہ ہیں
    بریفنگ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹرمحمد فیصل بھی شریک ہوئے۔

  • برطانیہ اگر جیٹ طیارے دے تو ان کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں، بلاول بھٹو

    برطانیہ اگر جیٹ طیارے دے تو ان کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں، بلاول بھٹو

    پاکستان کے پارلیمانی وفد کی قیادت کرنے والے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ برطانیہ اگر جیٹ طیارے دے تو ان کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں۔

    بلاول بھٹوزرداری نے برطانوی تھنک ٹینک آئی آئی ایس ایس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں بھارت کشمیر کی آئینی حیثیت کی تبدیلی کا فیصلہ واپس لے پاکستان بھارت سے غیرمشروط مگر جامع مذاکرات چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مودی پاکستان کے عوام کا دشمن ہے پانی کی بندش اس کا ثبوت ہے، کشمیر کا مسئلہ تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے بھارت کی جانب سےپانی بندکرنےکی دھمکی قابل مذمت ہے۔

    اس سے قبل غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جارحانہ رویے اور سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ معطلی پر شدید تحفظات ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا، اور ایسا کوئی بھی اقدام عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تصور ہوگا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا اعلان جنگ کے مترادف ہوگا، پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور ہمیشہ امن کے پیغام کا علمبردار رہا ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا مستقل اور پائیدار حل مسئلہ کشمیر سے جڑا ہوا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ سفارت کاری سے مسائل کے حل کی بات کی۔ لیکن پانی جیسے بنیادی انسانی حق پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔