Author: فرید قریشی

  • ویڈیو: "لندن میں سب کچھ ہے مگر پاکستان جیسی عید کی رونق نہیں”

    ویڈیو: "لندن میں سب کچھ ہے مگر پاکستان جیسی عید کی رونق نہیں”

    برطانیہ میں مقیم پاکستانی عید کے موقع پر وطن کو بہت یاد کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ لندن میں سب کچھ ہے مگر پاکستان جیسی عید کی رونق نہیں۔

    عیدالاضحیٰ کے موقع پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے لندن میں مقیم ایک خاتون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری فیملی یہاں نہیں ہے تو وہ یاد آتی ہے، جیسے عید پر صبح صبح اٹھ کر شور ہوتا ہے، کپڑے استری کرو یا گھر میں میٹھے کی تیاری ہورہی ہوتی ہے وہ ساری چیزیں یہاں نہیں ہیں۔

    تین سال پہلے برطانیہ آنے والے جوڑے نے بتایا کہ ہم لوگ کراچی سے برطانیہ آئے تھے، ہمارے رشتے دار، بہن بھائی اور دوست سب زیادہ تر پاکستان میں ہیں، جو روایتی چیزیں ہیں ہم انھیں مس کرتے ہیں۔

    زیادہ تر لوگ عید کے موقع پر گھر میں بور ہونے کے بجائے کمیونٹی سینٹر سے ایسے ریسٹورنٹس کا رخ کرتے ہیں جہاں پاکستانیوں سمیت دوسرے افراد عید منانے اکٹھے ہوتے ہیں۔

    ایک خاتون نے بتایا کہ ہماری عید گھر والوں سے دور ہوتی ہے مگر سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہاں جتنے بھی پاکستانی، بنگلہ دیشی، بھارتی اور ایرانی ہیں ہم ان کے ساتھ کمیونٹی عید مناتے ہیں۔

  • مسلم لیگ ن نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، نواز شریف

    مسلم لیگ ن نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، نواز شریف

    لندن : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ہی ملکی دفاع کو مضبوط بنایا اور ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی۔

    برطانیہ پہنچنے کے بعد لوٹن ایئرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ پہنچ کر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

    ایون فیلڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکے مسلم لیگ نے کئے، ہم نے ہی چین کے ساتھ مل کر جے17تھنڈر طیارے بنائے تھے، جے17تھنڈر پاک چین کی مشترکہ کاوش ہے۔

    نوازشریف نے کہا کہ ہمارے زمانے میں ترقی کی شرح 7فیصد کو چھو رہی تھی، 4 سال تک روپیہ مستحکم رہا، شرح نمو 7 کو چھو رہی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بتائیں کہ اس ملک کے ساتھ کون کیا کرگیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ سیاست کے ساتھ ہمیں کام بھی کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جو ملک کا حال کیا تھا مسلم لیگ بتدریج اسے بہتر بنارہی ہے، ہر چیز اسحکام کی جانب واپس لوٹ رہی ہے، ملکی حالات بہتر ہورہے ہیں، معیشت بہتر ہورہی ہے، ہر چیز استحکام کی جانب واپس لوٹ رہی ہے۔

    قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف لندن پہنچے تھے جہاں وہ قیام کے دوران طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق میاں محمد نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعہ پاکستان سے لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچے۔

    نواز شریف کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حسن نواز اور ان کے ذاتی معالج بھی ہیں، لندن قیام کے دوران سابق وزیراعظم اپنا مکمل طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف عیدالاضحٰی بھی لندن میں منائیں گے۔

  • وہ علاقہ جہاں میئر کو تولا جاتا ہے

    وہ علاقہ جہاں میئر کو تولا جاتا ہے

    نواحی لندن میں میئر کو صرف منتخب ہی نہیں کیا جاتا بلکہ عہدہ سنبھالنے سے پہلے اسکا وزن بھی کیا جاتا ہے جس کی وجہ دلچسپ ہے۔

    اے آر وائی کی ویڈیو رپورٹ میں صدیوں پرانی اس روایت کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ میئر کو تولنے کے پیچھے آخر کیا راز ہے، لندن کے نواحی علاقے ہائی ویکیمب میں اپنی نوعیت کا یہ انوکھا میلہ کیوں سجتا ہے جبکہ شہری بھی اس منظر کا نظارہ کرنے لیے موجود ہوتے ہیں۔

    نئے میئر کے انتخاب پر عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی لوگ جمع ہوجاتے ہیں اور عوام کی موجودگی میں منتخب ہونے والے میئر کو تولا جاتا ہے۔

    ہائی ویکیمب میں مئیر کو تولنے کا قانون 1678 میں منظور ہوا تھا، اس دلچسپ قانون کے تحت نومنتخب میئر کا وزن عہدہ سنبھالنے سے پہلے اور بعد میں کیا جاتا ہے۔

    عہدہ سنبھالتے وقت میئر کا جتنا وزن تھا، اگر مدت پوری ہونے کے بعد میئر کا وزن اس سے زیادہ ہوجائے تو میئر کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ اس نے کام کم کیا اور کھایا زیادہ ہے۔

    اس سال بھی نئے منتخب ہونے والے میئر کونسلر ماجد حسین جن کا آبائی تعلق پاکستان سے ہے، انکا اور دیگر عہدیداران کا وزن کیا گیا۔

    مئیر پارلر کے باہر منعقد ہونے والی تقریب میں کونسلر ماجد حسین کا روایتی انداز میں وزن کرتے ہوئے انہیں مئیر شپ دی گئی۔

  • گھر میں آتشزدگی : برطانیہ میں پاکستانی نژاد ماں 3 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق

    گھر میں آتشزدگی : برطانیہ میں پاکستانی نژاد ماں 3 بچوں سمیت جھلس کر جاں بحق

    نارتھ لندن کے ایک گھر میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں پاکستانی نژاد برطانوی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں ماں اور تین بچے شامل ہیں۔

    پولیس نے قتل کےالزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ نارتھ لندن کے علاقے برینٹ میں پیش آیا۔

    جھلس کر جاں بحق ہونےوالوں میں43سالہ خاتون، 15 سالہ لڑکی، 8اور 4سال کے دو لڑکے شامل ہیں جبکہ 70سالہ خاتون اور ایک لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    جل کر ہلاک ہونے والے افراد کے ہمسایوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان 20سال قبل پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوا تھا۔

    لندن کے علاقے اسٹون برج برینٹ میں ایک گھر میں آگ لگنے سے ایک ماں اور اس کے تین بچے جل کر ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ایک 41 سالہ شخص کو قتل کے شبے میں موقع سے گرفتار کر لیا گیا ہے، اور وہ پولیس کی حراست میں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں 2 افراد بھی شدید زخمی ہی جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک 43 سالہ عورت، 15 سالہ لڑکی، 8 سالہ لڑکا، اور 4 سالہ بچہ شامل ہیں۔ یہ سب ایک ہی خاندان کے افراد تھے اور موقع پر ہی ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔ دو اور افراد، جن میں ایک بزرگ خاتون (70 سال کی) اور ایک نوجوان لڑکی شامل ہیں، اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

  • حسن نواز کی برطانیہ میں ساتوں کمپنی تحلیل

    حسن نواز کی برطانیہ میں ساتوں کمپنی تحلیل

    لندن: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کی برطانیہ میں موجود ساتوں کمپنیاں تحلیل کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حسن نواز کی برطانیہ میں موجود 7 کمپنی کو تحلیل کردیا گیا، وہ برطانیہ میں 7 کمپنیوں کے ڈائریکٹر تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن نواز کو برطانیہ میں ٹیکس ڈیفالٹر قرار دیا جاچکا ہے جبکہ 5.2 ملین پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

    حسن نواز کو اپریل 2024 میں بینک کرپٹ قرار دیا گیا تھا، اب ان کی سب سے بڑی کمپنی فلیگ شپ انویسٹمنٹس لمیٹڈ کو بھی تحلیل کردیا گیا جس کا 20 مئی سے اطلاق ہوگا۔

    حسن نواز کو لندن کی عدالت نے دیوالیہ قرار دے دیا

    حسن نواز کی 2007 سے قائم کمپنی کوئینٹ پیڈنگٹن لمیٹڈ بھی 20 مئی کو تحلیل ہوگی، ان کی چار کمپنیاں 3 دسمبر 2024 اور ایک کمپنی 2016 میں تحلیل ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ مارچ 2024 کے دوران اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت نے نواز شریف کے بیٹوں حسین نواز اور حسن نواز کو فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں بری کیا تھا۔ پاکستان میں ان دونوں پر پانامہ پیپرز سے جڑے مبینہ بدعنوانی کے مقدمات قائم ہوئے تھے۔

  • پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کرنے والا انتہا پسند بھارتی نژاد نکلا

    پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کرنے والا انتہا پسند بھارتی نژاد نکلا

    اتوار کے روز پاکستانی ہائی کمیشن لندن پر حملہ کرنے والے انتہاپسند کی شناخت ہو گئی۔

    پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ کرنے والا انتہا پسند بھارتی نژاد نکلا۔ بھارت کی دوسرے ممالک میں ماورائے عدالت قتل عام کے بعد سفارتی دہشت گردی بھی سامنے آگئی۔

    ترجمان کنگسٹن و چیلسی کی میٹروپولیٹن پولیس نے حملہ آور بھارتی کی شناخت ظاہر کر دی۔ 41 سالہ انکیت لوو پر اتوار کو مجرمانہ نقصان کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    ترجمان میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ انکیت لوو کو آج ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، انکیت لوو نے لونڈس اسکوائر میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کھڑکیوں کو توڑا تھا۔

    حالیہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستانی کمیونٹی آج بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے والی ہے جس کیلیے ان میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

    دو روز قبل ہائی کمیشن کی عمارت کے سامنے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا جس میں پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا تھا۔

    گزشتہ روز پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار نے احتجاج کرنے والے بھارتی ہندو انتہا پسندوں کو چائے کا کپ اور ابھینندن کی تصویر دکھا کر لاجواب کر دیا تھا۔

  • لندن: پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر حملہ، ایک شخص گرفتار

    لندن: پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر حملہ، ایک شخص گرفتار

    لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر حملہ کر کے کھڑکیوں کے شیشے توڑنے کے جرم میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ہائی کمیشن کی عمارت پر پتھر پھینک کر کھڑکیوں کے شیشے توڑے گئے جبکہ بلڈنگ کے اوپر ہندو مذہب سے منسلک زعفرانی رنگ بھی پھینکا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار نے بھارتی انتہا پسندوں کو ‘چائے کا کپ’ دکھا کر لاجواب کردیا

    لندن پولیس نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر ایک شخص کو گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا، پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم کہا جا رہا ہے کہ اس کا تعلق ہندو انتہا پسندوں سے ہو سکتا ہے جنہوں نے اس سے قبل ایک پولیس افسر کو نسلی تعصب کا نشانہ بنایا تھا۔

    حالیہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستانی کمیونٹی آج بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے والی ہے جس کیلیے ان میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

    دو روز قبل ہائی کمیشن کی عمارت کے سامنے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا جس میں پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا تھا۔

    گزشتہ روز پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار نے احتجاج کرنے والے بھارتی ہندو انتہا پسندوں کو چائے کا کپ اور ابھینندن کی تصویر دکھا کر لاجواب کر دیا تھا۔

  • میری صحت بالکل ٹھیک ہے، غلط خبر پھیلائی گئیں، نواز شریف

    میری صحت بالکل ٹھیک ہے، غلط خبر پھیلائی گئیں، نواز شریف

    لندن : مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میری صحت بالکل ٹھیک ہے، اس حوالے سے غلط خبر پھیلائی گئی۔

    لندن میں صحافیوں سے گفتگو اور ن لیگی ورکرز سے ملاقات کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان درست سمت میں چل پڑا ہے، وزیراعظم شہباز شریف بہترین کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، شہباز شریف نے گرتی معیشت کو اپنےپاؤں پر کھڑا کردیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب میں ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں، پاکستان میں ہرکام میرٹ پر ہورہا ہے، وہ پنجاب میں کوئی بھی کام میرٹ کے خلاف نہیں کر رہیں۔

    نوازشریف کا کہنا تھا کہ لاہور کی بحالی کیلئے بہت سے منصوبے چل رہے ہیں، لاہور کو اس کی اصلی حالت میں بحال کریں گے۔

    قائد ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ قومی ائیر لائن پی آئی اے بند کرانے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے، پاکستان موجودہ حالات کا شکار غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہوا۔

  • لندن: نواز شریف کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار گلفام حسین کو مشروط ضمانت مل گئی

    لندن: نواز شریف کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار گلفام حسین کو مشروط ضمانت مل گئی

    لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی رہائش گاہ ایون فیلڈ کے قریب سے گرفتار پی ٹی آئی حامی شہری گلفام حسین کو مشروط ضمانت مل گئی۔

    12 اپریل 2025 کو لندن پولیس نے گلفام حسین کو مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ برطانیہ کے چیئرمین خرم بٹ کی شکایت پر حراست میں لیا تھا۔

    خرم بٹ نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی حامی شہری نے شریف فیملی کو دھمکیاں دی تھیں، تاہم گلفام حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ میں نے کوئی دھمکی نہیں دی اور نہ ہی گالم گلوچ کی۔

    یہ بھی پڑھیں: لندن پولیس نے پی ٹی آئی ورکر کو حراست میں لے لیا

    جمعرات کو ذرائع نے بتایا کہ لندن پولیس نے پی ٹی آئی حامی شہری پر فرد جرم عائد کر دی۔

    اب گلفام حسین کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ نے 2 ہزار پاؤنڈ پر مشروط ضمانت دی، ان کو وینڈز ورتھ جیل منتقل کر دیا گیا جبکہ رہائی منگل کو متوقع ہے۔

    پی ٹی آئی حامی شہری کا مقدمہ 16 مئی 2025 کو کراؤن کورٹ میں شروع ہوگا۔

    عدالت نے گلفام حسین کو تمام ضمانتی شرائط پر عملدرآمد کا پابند کیا ہے جبکہ ان کے پاؤں میں الیکٹرک ٹیگ لگایا جائے گا۔

    گلفام حسین پر پابندی ہے کہ وہ نواز شریف اور ذکریا حسین نواز سے رابطہ نہیں کریں گے اور سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے گرد کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

  • حکومت پاکستان کا آزاد کشمیر میں ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ

    حکومت پاکستان کا آزاد کشمیر میں ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے مطالبے پر آزاد جموں وکشمیر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے پر وفاقی حکومت نے آزاد جموں وکمشمیر میں بین الاقوامی ایئرپورٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اس حوالے سے کچھ عرصہ قبل وزیراعظم شہباز شریف کو اس سلسلے میں کشمیری نژاد برطانوی ممبران پارلیمنٹ کا لکھا گیا ایک خط بھی منظر عام پر آیا ہے جس میں اس مطالبے کی حمایت کی گئی ہے۔

    برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر آزاد کشمیر میں ایئرپورٹ کی تعمیر پر زور دیا تھا۔

    اوور سیز پاکستانیوں کے پرزور مطالبہ کے بعد وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسلام آباد میں ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس منصوبے کے لیے کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کرنے کا اشتہار بھی جاری کر دیا ہے۔

    حکام کے مطابق اہل کنسلٹنٹس طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ٹینڈر کے عمل میں حصہ لے سکتے ہیں۔

    دریں اثناء اوورسیز پاکستانیوں کا پہلا سالانہ کنونشن آج اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ اس کنونشن کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قومی معیشت میں شراکت کو تسلیم کرنا ہے۔

    حکومت نے کنونشن میں شرکت کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں کو ریاستی مہمانوں کا درجہ دے دیا ہے۔

    اوورسیز پاکستانیز کنونشن ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ حکومتی نمائندے اور قومی ادارے ایک چھت کے نیچے اکٹھے ہوں گے۔

    اس کی سہولت کے لیے مختلف سرکاری محکموں کے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کو ایک ہی جگہ پر معلومات، رہنمائی اور خدمات فراہم کی جا سکیں۔

    ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی آراء اور تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

    وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانی عون چوہدری نے پاکستان کی معیشت میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے دل پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں۔